چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، کہتے ہیں کسی کو جواب نہیں دیں گے، وہ خوش فہمی میں نہ رہیں ہم انہیں قانون کے دائرے میں لائیں گے۔
وزیراعظم لندن سے پاکستان پہنچے اور عمران خان پاکستان سے لندن پہنچ گئے۔عمران خان نے لندن میں ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پاناما لیکس کے ایک نکتے پر ایک ساتھ کھڑی ہیں، 20 جولائی کو ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعظم نے پی آئی اے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا اور غریب قوم کا پیسہ خرچ کیا،قوم کا پیسہ خرچ کرنے پر وزیراعظم کے خلاف عدالت جائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف خوش فہمی میں نہ رہیں ہم ان کو قانون کے دائرے میں لائیں گے،جمہوریت میں سب کو جواب دینا پڑتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے بچے میری جان ہیں ، صرف بچوں سے ملنے آیا ہوں ،شوکت خانم اسپتال کے لیے عبدالستار ایدھی نے میری مدد کی،افسوس ہوا کہ ایدھی کے جنازے میں شریک نہ ہو سکا، بچوں کی وجہ سے پلان چینج نہیں کر سکا۔
عمران خان کہتے ہیں کہ کرپشن کر کے پیسہ منی لانڈرنگ سے باہر بھیجا جاتاہے ،پی این اے کی طرح ہم ایک نکتے پاناما معاملے پر ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نون لیگ کو 30سال میں وزیراعظم کی جگہ لینے کے لیے کوئی نہیں ملا،شہباز شریف کا بیٹا سی پیک کی میٹنگ میں شرکت کرتا ہے، نوازشریف کی بیٹی ان کی جگہ بیٹھ جاتی ہیں