بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں ایک عسکری کمانڈر کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں سات مظاہرین ہلاک جب کہ کم از کم 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
علیحدگی پسند عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے ایک اہم رہنما برہان وانی کو گزشتہ روز کشمیر کے جنوب میں ایک جھڑپ کے دوران ہلاک کر دیا گیا تھا۔ جب کہ اسی تناظر میں ہفتے کے روز وادی بھر میں کرفیو نافذ رہا۔
تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کرفیو کی پابندیاں توڑتے ہوئے ہزاروں افراد نے احتجاج کیا۔ اے ایف پی کے مطابق وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر کے ایک بڑے حصے میں موبائل فون سروس بھی معطل کر دی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔