وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال کی تبدیلی کی افواہوں کو مسترد کردیا ، کراچی میں امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جارہا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بیرسٹر اویس شاہ کی بہ حفاظت بازیابی اور امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری حکومت کیلئے بڑا چیلنج ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ کے مطابق امن وامان سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ڈی جی رینجرز اور آئی سندھ کو ہدایت کی کہ رینجرز اور پولیس ، دیگر ایجنسیز کی مدد سے ان دونوں کیسز کو حل کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں۔
ڈی جی رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن، امجدصابری کے قتل اور اویس شاہ اغوا کیس میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ آئی جی سندھ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ امجد صابری کیس میں بعض گرفتاریاں کی ہیں جن کے بعد ایسے شواہد ملے ہیں جن کی مدد سے جلد قاتلوں تک پہنچ جائیں گے۔
آئی جی نے بریفنگ میں بتایا کہ اویس شاہ کی بہ حفاظت بازیابی کیلئے قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے مربوط کوششیں کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے ضلعی سطح پر امن کمیٹیاں قائم کرنے کی ہدایت کی ۔