پاکستان کے مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر انٹرنیشنل پروفیشنل سلور ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔اس جیت کے ساتھ ہی محمد وسیم عالمی پروفیشنل باکسنگ کی رینکنگ میں چوتھے نمبر آگئے ہیں۔
جنوبی کوریا کے شہر سیول میں ہونے والا مقابلہ 12ویں راؤنڈ تک جاری رہا، جس کے دوران محمد وسیم نے حریف پر تابڑ توڑ حملے کیے، ججز نے متفقہ طور پر محمد وسیم کو فاتح قرار دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے محمد وسیم کو ڈبلیو بی سی کاسلورٹائٹل جیتنے پر مبارکباددی ہے اور کہا ہے کہ محمد وسیم نےدنیامیں ملک اور صوبے کا نام روشن کیاہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیرکھیل میرمجیب الرحمان نے محمد وسیم کی کامیابی پر خوشی کااظہارکرتے ہوئےپانچ لاکھ روپےانعام کا اعلان کیا ہے۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنےوالے 28سالہ محمد وسیم پاکستان کےپہلے باکسر ہیں جس نے ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل پروفیشنل ٹائٹل جیتا ہے۔
محمد وسیم کامن ویلتھ گیمز، کمبیٹ گیمز چائنا، کنگز کپ، بنکاک، جنوبی ایشائی گیمزبنگلہ دیش ،پریذیڈنٹ کپ انڈونیشیا،بےنظیر بھٹو انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سمیت متعدد ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے ہیں۔
آج ہونے والی فائٹ کےلئے انہوں نے دو ماہ امریکا اور جاپان میں خصوصی تربیت حاصل کی
محمد وسیم 2015میں اپنی پہلی پروفیشنل فائٹ میں اپنے مدمقابل باکسر کو ناک آوٹ کرنےکااعزاز حاصل کرچکے ہیں۔