پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز کے تاریخی میدان میں پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 75رنز سے ہراکر چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میںایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔پاکستان کی جانب سے یاسرشاہ نے نہایت شاندار بولنگ کی اور چار وکٹیں اپنے نام کی، اسطرح اس میچ میں انھوں نے دونوں اننگز میں ملاکر دس وکٹیں حاصل کیں، انھیں مین آف میچ قرار دیا گیا۔یاسر شاہ کے علاوہ راحت علی نے تین، محمد عامر نے دو جبکہ وہاب ریاض نے ایک وکٹ لی۔
انگلش ٹیم 75.5اوورز میں 207بناکر آئوٹ ہوگئی ۔چائے کے وقفے کے بعد بریسٹو48 اور ووکس23کی بیٹنگ کے باعث پاکستانی کیمپ میں کچھ پریشانی ہویدا تھی، مگر اس موقع پر یاسر شاہ نےدونوں سیٹ بیٹسمینوں کو پویلین روانہ کرکے صورتحال میں اچانک ڈرامائی تبدیلی کردی۔ جسکے بعد بقیہ انگلش ٹیم جم کر نہ کھیل سکی اور یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے ۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان الیسٹر کک 19، الیکس16،جوروٹ9، جیمز ونس42 ،گیری بیلنس43،معین علی 2 ،براڈ ایک اور جیک بال تین رنز بناسکے ۔جبکہ فن چار رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
واضح رہے کہ یہ 1996 کے بعد پاکستان کی اس گرائونڈ میں پہلی کامیابی ہے،قومی ٹیم نے آخری بار 1996 میں اس میدان پر انگلش ٹیم کو ہرایا تھا