ہندوستان نے کپتان ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔
انٹیگا میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ہندوستان کو پہلا نقصان 14 کے مجموعے پر مرلی وجے کی صورت میں اٹھانا پڑا جبکہ چتیشور پجارا 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس موقع پر شیکھر دھاون اور ویرات کوہلی نے 105 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 179 تک پہنچا دیا، دھاون 84 رنز بنانے کے بعد دویندرا بشو کی وکٹ بنے۔
دوسرے اینڈ پر موجود ویرات کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 12ویں سنچری مکمل کی۔
اجنکیا راہانے اچھی فارم میں نظر آ رہے تھے لیکن 22 رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔
اس کے بعد روی چندرہ ایشون کپتان کا ساتھ نبھانے وکٹ پر پہنچے اور دن کے اختتام تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔
جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو ہندوستان نے چار وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنائے تھے، ویرات کوہلی 16 چوکوں کی مدد سے 143 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ ایشون بھی 22 رنز بنا چکے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے بشو نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔