زیارت ریذیڈنسی کا نام تبدیل ہوا
٭30 جولائی 1978ء کو حکومت پاکستان نے زیارت (بلوچستان) کی اس ریذیڈنسی کا، جس میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری ایام بسر کئے تھے نام تبدیل کرکے ’’قائداعظم ریذیڈنسی‘‘ رکھ دیا۔
زیارت کوئٹہ سے ایک سو بائیس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور سطح سمندر سے 2453 میٹر بلند ہے۔ اس کا مقامی نام غوسکی تھا تاہم یہ مقام حضرت ملا طاہر رحمت اللہ بابا خرواری کے مزار کی نسبت سے زیارت کے نام سے مشہور ہوگیاتھا۔یہ مزار زیارت سے آٹھ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ قائد اعظم ریزیڈنسی اسی وادئ زیارت کے خوبصورت اور پر فضامقام پر واقع ہے۔ لکڑی سے تعمیر کی گئی یہ خوبصورت رہائش گاہ اپنے بنانے والے کے اعلیٰ فن کی عکاس ہے۔ یہ رہائش گاہ 1892ء میں تعمیر کی گئی تھی۔ اس سے نوسال قبل1883 میں انگریز پولیٹیکل ایجنٹ نے زیارت کو اپنا گرمائی مرکز قرار دیا تھا۔ اوریہاں ایک سینی ٹوریم بنانے کے احکامات جاری کیے تھے۔قیام پاکستان کے بعد اس رہائش گاہ کی تاریخی اہمیت میں اس وقت اضافہ ہوا جب14جولائی1948کو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ناسازئ طبع کے باعث یہاں تشریف لائے۔ قائد اعظم نے13 اگست 1948ء تک اسی ریزیڈنسی میں قیام کیا۔ ریزیڈنسی میں موجود کمروں میں سے ایک کمرا محترمہ فاطمہ جناح اورایک قائد اعظم کے ذاتی معالج کرنل الٰہی بخش کے لیے تھا، جبکہ ایک کمرا قائد اعظم کے ذاتی معتمد کے لئے مختص کیا گیا تھا۔ یہ عمارت آج بھی قائد اعظم کی بارعب شخصیت کا احساس دلاتی ہے۔اس تاریخی عمارت کی تصویر پاکستان کے سو روپے کے بینک نوٹ کے عقبی رخ پر بھی موجود ہے۔سات جنوری 1977ء کو سینٹ آف پاکستان نے زیارت ریزیڈنسی کو قومی ورثہ قرار دینے اور اس کانام قائد اعظم ریزیڈنسی رکھنے کی منظوری دی تھی۔ 30 جولائی 1978ء کو حکومت پاکستان نے اس فیصلے پر عمل درآمد کرنے کا اعلان کردیا۔ 15 جون 2013 ء کو بلوچستان لبریشن آرمی نے اس ریزیڈنسی کو بم دھماکوں سے تباہ کردیا اور یوں قائد اعظم سے نسبت رکھنے والی یہ تاریخی عمارت تاریخ کا حصہ بن گئی۔
------------------------------------------------------------------------------------------
ساجدہ شاہ دنیا کی سب سے کم عمر کرکٹر بنیں
٭30 جولائی 2000ء کو ڈبلن میں آئر لینڈ کے خلاف کھیلے گئے ویمن ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ساجدہ شاہ 12 سال 179 دن کی عمر میں اپناپہلا ٹیسٹ میچ کھیل کردنیا کی سب سے کم عمر خاتون ٹیسٹ کرکٹر بن گئیں۔ ساجدہ شاہ ایک ہفتہ قبل 23 جولائی 2000ء کو آئر لینڈ کے خلاف اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیل کر دنیا کی سب سے کم عمر ایک روزہ خاتون کرکٹر کا اعزاز بھی حاصل کرچکی تھیں۔
------------------------------------------------------------------------------------------
محکمہ ڈاک کی صوفی سینٹ سیریز میں پیر مہر علی شاہ کے یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجرأ
تیس جولائی 2013ء کو پاکستان کے محکمہ ڈاک نے پاکستان کے عظیم صوفی بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یادگاری ڈاک ٹکٹوں کی ایک سیریز کا آغاز کیا اور اس سیریز کا پہلا ڈاک ٹکٹ نامور عالم دین پیر مہر علی شاہ کی یاد میں جاری کیا۔ اس ڈاک ٹکٹ پر پیر مہر علی شاہ کا ایک خوب صورت پورٹریٹ بنا تھا۔ آٹھ روپے مالیت کا یہ ڈاک ٹکٹ عادل صلاح الدین نے ڈیزائن کیا تھااوراس پر انگریزی میں SUFI SAINT
اور
PIR MEHER ALI SHAH 1859 1937
کے الفاظ تحریر تھے۔