وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر سینیٹرسعید غنی کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ آج یا کل حل کرلیا جائے گا، تبدیلی آگئی ہے ، جو وزرا وقت پرنہیں پہنچے،ان سے بازپرس کی جائےگی،قائم علی شاہ سینیٹر شپ کا انتخاب نہیں لڑیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے محنت سینیٹر سعید غنی نے سندھ سیکریٹریٹ میں واقع محکمہ کے دفتر پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز اختیارات اور قیام سے متعلق معاملات ایک دو روز میں حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر سے کرپشن کے ناسور کو بھی ختم کیا جائے گا۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ جو وزراء وقت پر دفتر نہیں پہنچے، ان سے باز پرس کی جائے گی اور وقت پر حاضری کوہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی سندھ سیکریٹریٹ پہنچے اور عملے کی حاضری چیک کی اوردیر سے پہنچنے والے افسران اور ملازمین کی سرزنش کی ۔
وزیرا علیٰ کے سندھ سیکریٹریٹ کے دورے پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد وسیم نے ان کا استقبال کیا جبکہ ایم پی اے منظور وسان نے وزیر اعلیٰ سے ون آن ون ملاقات کی۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناءاللہ عباسی نے وزیر اعلیٰ کو سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ سے متعلق بریفنگ دی