ریو اولمپکس میں پاکستانی دستے کی قیادت شوٹر غلام مصطفیٰ نے کی، یہ اولمپک کی تاریخ میں پاکستان کا سب سے چھوٹا دستہ ہے جو صرف سات ایتھلیٹس پر مشتمل ہے۔
ریو اولمپکس میں امریکا کا دستہ سب سے بڑا ہے جس میں 552 ایتھلیٹس ہیں جبکہ پاکستان اُن ممالک میں شامل ہے جو سب سے چھوٹے دستے کے ساتھ کھیلوں کے سب سے بڑے میلے میں شرکت کررہا ہے۔
دستے میں دو شوٹرز، دو پیراک، دو ایتھلیٹس اور ایک جوڈوکا شامل ہیں، ریو اولمپکس میں پاکستانی دستے کی قیادت کے معاملے پر جو تنازع ہوا تھا اُس میں جیت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی ہوئی جس نے قومی پرچم تھامنے کے لیے شوٹر غلام مصطفیٰ کا نام تجویز کیا تھا۔
اس سے پہلے دستے کی قیادت کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ نے جوڈوکا شاہ حسین شاہ کا نام دیا تھا لیکن آخری لمحات میں یہ فیصلہ تبدیل ہوا اور شوٹر غلام مصطفیٰ نے دستے کی قیادت کی۔