ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان میں تعینات ہندوستانی ہائی کمشنر کو پشاور جیل میں ہندوستانی قیدی کی جان کی حفاظت کرنے کی ہدایت کی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور سینڑل جیل میں ساتھی قیدیوں کی جانب سے ہندوستانی قیدی حامد نہال انصاری پر تین بار حملے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2012 میں ممبئی کا رہائشی حامد نہال انصاری ایک لڑکی سے ملنے کے لیے غیر قانونی طور پر افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا تھا، پشاور سینٹرل جیل میں قیدیوں نے ان کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے۔
حامد نہال انصاری پر تشدد کی رپورٹ کے حوالے سے ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ‘2012 سے پشاور کی جیل میں قید حامد نہال انصاری پر حملوں کے بارے میں سن کر مجھے بہت دکھ ہوا، یہ غیر انسانی عمل ہے‘۔