چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ بلیم گیم سے نکل آئیں ، نظام عدل سنگین حملے کی زد میں ہے، وکلا اورججوں کو گمنام دشمن کے خلاف کھڑے ہونا ہے۔
لاہورمیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی زیر صدارت اعلی ٰ اور ماتحت عدالتوں میں سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا ۔ چیف جسٹس کا کہناتھا کہ ہمیں مثبت انداز میں آگے بڑھنا ہے ہم حالت جنگ میں ہیں، جو سہولتیں دستیاب ہیں انہی کے ساتھ آگے چلنا ہے ۔
ان کا کہناتھاکہ پنجاب کی تمام عدلیہ کیلئےیکساں سکیورٹی پلان مرتب کرنا ہے۔ نظام عدل کو مثبت انداز میں چلاکر دہشت گردوں کو انکے عزائم کی ناکامی کاثبوت دینا ہے ۔
اجلاس میں ہائیکورٹ سمیت پنجاب کی تمام عدالتوں میں داخلے کےلیے اصل شناختی کار ڈ دکھانے کی تجویز پیش کی گئی اور وکلاء کی چیکنگ لازمی قرار دینے پر اتفاق کیا گیا ۔
چیف جسٹس نے رجسٹر ارلاہورہائیکورٹ کی سربراہی میں سیکورٹی کمیٹی بھی تشکیل دیدی جو ہر پندرہ روز بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔چیف جسٹس نےپنجاب بارکونسل اور بارایسوسی ایشنزکی سیکورٹی بھی سخت بنانے کا حکم دیا ۔