تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے، پنڈی میں پُل آیا لیکن ڈرائیور نے کنٹینر نہیں روکا، عمران خان سمیت کنٹینر پر سوار لوگوں نے جھک کر جان بچائی۔
عمران خان کچہری چوک پر کنٹینر پر چڑھے تو لڑکھڑا گئے، راستے میں دھکا لگنے سے گرتے گرتے بچے، ریلی سے پہلے ڈی جے بٹ کے ساؤنڈ سسٹم کے ٹرک میں آگ لگ گئی۔
ہفتے کو ریلی کے دوران عمران خان ایک نہیں دو مرتبہ کنٹینر پر حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گئے، پہلی مرتبہ وہ کنٹینر پر کھڑے تھے کہ توازن برقرار نہ رکھ سکے اور لڑکھڑا گئے۔
اس کے بعد وہ پارٹی کی پوری قیادت کے ساتھ کنٹینر پر کھڑے تھے کہ سامنے مریڑ چوک فلائی اوور آ گیا، ڈرائیور نے شاید یہ سمجھا کہ وہ کار چلا رہا ہے، اس لیے وہ بغیر رکے ڈرائیو کرتا رہا، فلائی اوور کو قریب آتا دیکھ کر پہلے عمران خان جھکے، پھر ان کے ساتھی، مگر پھر بھی کنٹینر پر رکھا کچھ سامان فلائی اوور سے ٹکرا ہی گیا۔
فلائی اوور آیا تو ڈرائیور گاڑی چلاتا رہا، لوگوں نے آوازیں بھی دی ہوں گی مگر وہ ڈرائیو کرتا رہا، سب لوگوں نے اپنے سر نیچے کر لیے اور یوں حادثے سے بچ گئے۔
کنٹینر سے عمران خان کی ناخوش گوار یادیں بھی وابستہ ہیں،2013ءمیں الیکشن ریلی سے چند روز پہلے وہ اسٹیج پر جاتے ہوئے نیچے گر کر بری طرح زخمی ہو گئے تھے۔
کنٹینر پر سفر کے دوران عمران خان تو حادثے سے بچے ہی لیکن ریلی شروع ہونے سے پہلے بھی ایک حادثہ ہوا کہ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں تحریک انصاف کے ساؤنڈ سسٹم کے ٹرک میں آگ لگ گئی ۔
ڈی جے بٹ نے بتایا کہ جنریٹر میں لگنے والی آگ بڑھتی گئی اور اس نے ساؤنڈ سسٹم اورایمپلی فائرکو بھی لپیٹ میں لے لیا تاہم کچھ دیر بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔