مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا بلوچستان سے متعلق بیان پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے ۔
سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ نریندرمودی کا بیان بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہے، بھارت ’را‘ کے ذریعے بلوچستان میں دہشت گردی کرارہا ہے ،نریندرمودی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔
مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بلوچستان سے متعلق بیان پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے بلوچستان کا حوالہ دیا جو پاکستان کا حصہ ہے، مودی کا بیان بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی کا ثبوت ہے، بھارت را 'کے ذریعے بلوچستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، بھارتی جاسوس کل بھوشن نے تسلیم کیا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔
مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مودی مقبوضہ کشمیر کے المیے سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے ہزاروں نوجوان حق خودارادیت کے لیے روزانہ احتجاج کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں 70 بے گناہ کشمیریوں کو مارا گیا اور وہاں مسلسل کرفیو اور 37 دن سے میڈیا بلیک آؤٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خود ارادیت کی تحریک اندرونی ہے، بھارت کو کشمیر کے اہم مسئلے کو تسلیم کرنا چاہیے، مسئلہ کشمیر گولیوں سے حل نہیں کیا جاسکتا، یہ تنازع سیاسی حل کامتقاضی ہے۔