فرانس کی اعلیٰ ترین انتظامی عدالت نے حال ہی میں متعدد ساحلی شہروں میں برُقینی پر عائد کردہ پابندی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے اسے ختم کر دیا ہے۔
فرانس میں تقریبا تیس کے قریب بلدیاتی حکومتیں تیراکی کے دوران جسم ڈھانپنے کے لیے استعمال ہونے والے مکمل لباس بُرقینی کے پہنے جانے پر پابندی عائد کر چکی تھیں۔
انسانی حقوق کے دو گروپوں کے وکلاء کی طرف سے بُرقینی پر عائد پابندی کے خلاف اس اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔
ان وکلاء کا کہنا تھا کہ برقینی پر پابندی عائد کرنے سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور اس معاملے میں متعلقہ مئیرز نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔