سرظفر اللہ خان کی وفات
٭2 ستمبر 1985ء کو پاکستان کے نامور ماہر قانون اور سابق وزیر خارجہ سر ظفر اللہ خان لاہور میں وفات پاگئے اور ربوہ ضلع جھنگ میں آسودۂ خاک ہوئے۔
سر ظفر اللہ خان 6 فروری 1893ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے۔ قیام پاکستان سے پہلے وائسرائے ہند کی مجلس عاملہ کے رکن اور قیام پاکستان کے بعد پاکستان کے پہلے وزیر خارجہ مقرر ہوئے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی اور جنرل اسمبلی کے صدر اور عالمی عدالت انصاف کے جج کے منصب پر فائز رہے۔ ان کی خودنوشت سوانح عمری تحدیث نعمت کے نام سے اشاعت پذیر ہوچکی ہے
------------------------------------------------------------------------------------------
مینا شوری کی وفات
٭2 ستمبر 1987ء کو پاکستان کی مشہور فلمی اداکارہ مینا شوری کا لاہور میں انتقال ہوگیا۔
مینا شوری کا اصل نام خورشید جہاں تھا اور وہ 1920ء میں رائے ونڈ لاہور میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے فلمی کیریئر کا آغاز بمبئی میں سہراب مودی کی فلم سکندر سے ہوا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد فلمی صنعت کے دروازے مینا شوری کے لئے کھل گئے۔اس زمانے میں بننے والی ان کی دیگر فلموں میں پھر ملیں گے، پتھروں کا سوداگر، شہر سے دور، پت جھڑ، چمن اور ایک تھی لڑکی کے نام شامل ہیں۔ ایک تھی لڑکی میں ان پر فلمائے ہوئے ایک نغمے کے بول کی وجہ سے ان کا نام لارا لپا گرل پڑ گیا۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے پہلے کراچی اور پھر لاہور میں سکونت اختیار کی۔ پاکستان میں ان کی مشہور فلموں میں مس 56، سرفروش، بڑا آدمی، ستاروں کی دنیا، جمالو، مرزا جٹ اور میرا گھر میری جنت کے نام سرفہرست ہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 83 فلموں میں کام کیا جن میں 29 فلمیں بھارت میں اور 54 فلمیں پاکستان میں فلمائی گئی۔ مینا شوری نے پانچ شادیاں کیں مگر اولاد کی نعمت سے محروم رہیں۔ وہ لاہور میں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں