فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاناما لیکس میں سامنے آنے والے افراد کو آمدنی کی تفصیلات جمع کروانے کے نوٹس جاری کر دیئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے وزیر اعظم کے بچوں حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز شریف سمیت 350 سے زائد افراد کو نوٹس جاری کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق سیف اللہ برادران عثمان سیف اللہ، انورسیف اللہ، سلیم سیف اللہ، ہمایوں سیف اللہ سمیت سابق وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک کو بھی نوٹس جاری کیے گئے۔
ایف بی آر کے ترجمان ڈاکٹر اقبال کا تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے قریبی رشتہ دار الیاس معراج، ثمینہ درانی کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے۔
ایف بی آر نے ملک ریاض کے بیٹے علی ریاض، بزنس مین صدرالدین ہاشوانی، اعظم سلطان، مرتضی ہاشوانی، سلطان علی الانہ، گل محمد تابا، ذوالفقار لاکھانی اور عقیل حسین سے بھی تفصیلات طلب کی ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام افراد کو 15 روز میں جواب دائر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایف بی آر نے 2001 کے انکم ٹیکس آرڈیننس 176 کے تحت جاری کیے گئے، ایف بھی آر کے مطابق نوٹسز میں بیرون ملک آف شور کمپنیوں سے متعلق تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ تمام افراد سے آف شور کمپنیوں کی ملکیت کی تصدیق مانگی گئی ہے جبکہ ایف بی آر نے آف شور کمپنیوں کی مالیت اور سرمایہ کے ذرائع کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔
نوٹس میں پراپرٹیز کے ایڈریس اور ان کی ملکیت رکھنے والے افراد کے شناختی کارڈ نمبرز بھی مانگے گئے ہیں۔