18.10.2026, 12:57am , اتوار (GMT+1)
 
وفاقی کابینہ کا بھارتی سرجیکل اسڑائیک کا دعوی مسترد،کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کو سیز فائر کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ; ایل او سی کی پہلی دفاعی لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے تتہ پانی سیکٹر میں بھارتی فوج کے اہلکار بھی ہلاک ; بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ،انیسویں سارک سربراہ کانفرنس نومبر میں اسلام آباد میں ہونی تھی، بھارت کا شرکت سے انکار ; پاک بھارت کشیدہ تعلقات ۔ بھارت نے کہا ہے کہ وہ نومبر میں اسلام آباد میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔ ; امریکی صدارتی مباحثوں کی تاریخ میں ایک مرد اور خاتون امیدوار کے درمیان پہلامباحثہ ۔ ۔دنیا بھر دس کروڑ لوگوں نے یہ مباحثہ براہ راست دیکھا
        [تفصیلی تلاش]
 
 
 
عالمی اخبار ادبیات
 

اُسے فرصت نہیں ملتی۔۔۔۔از۔۔۔۔ محمد احمد
13.01.2016, 06:33am , بدھ (GMT+1)

محمد احمد
ایسا مہینے میں ایک آدھ بار تو ضرور ہی ہوتا ہے کہ ہمیں چاہتے ہوئے یا نہ چاہتے ہوئے اُن کے آگے سر جھکانا ہی پڑتا ہے پھر بھی موصوف ہماری اس سعادت مندی کو ہرگز خاطر میں نہیں لاتے بلکہ خاطر میں لانا تو ایک طرف جناب تو ہماری طرف دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتے ۔ اس سے پہلے کے آپ کے ذہن میں ہمارے اور اُن کے بارے میں طرح طرح کے وسوسے سر اُٹھائیں ہم آپ کو بتا ہی دیں کہ آج ہم اپنے زلف تراش کا رونا رو رہے ہیں۔ زلف تراش کی ترکیب شاید آپ کو اچھی نہ لگے یا پھر آپ کو اس میں تصنّعُ کا پہلو نظر آئے۔ لیکن کیا کیجے کہ اس مقام پر ہم بھی بے حد مجبور ہیں کہ یا تو ’ ہئیر ڈریسر ‘ لکھ کرزبانِ غیر میں شرح ِ آرزو کے مجرم ٹھہریں یا ’حجام‘ جیسا کریہہ لفظ استعمال کرکے اپنے ہی ہاتھوں ، مطلب اُن کے ہاتھوں اپنی حجامت کا بندوبست کریں۔ گو کہ ہم یہاں اسی واسطے آتے ہیں لیکن آپ تو جانتے ہیں کہ ہم کس قسم کی حجامت کے ذکر ِ شر سے خوفزدہ ہیں۔


یہاں آپ کو شاید اتنی ہی اہمیت ملے جتنی زرداری صاحب کو چائنہ میں ملی، یا شاید اس سے تھوڑی سی زیادہ مل جائے ، لیکن اس سے زیادہ کی توقع مت رکھیے گا کہ نام تو موصوف کا ’ویلہ ہیئر ڈریسر‘ ہے لیکن مجال ہے جو کبھی آپ کو ویلے(فارغ) نظر آئیں۔ آپ جب بھی پہنچیں کوئی نہ کوئی اُن کے زیرِ عتاب نظر آئے گا ۔ اول تو آپ اُنہیں نظر ہی نہیں آئیں گے لیکن اگر انہوں نے آپ کو دیکھ لیا تو پھر آپ کی خیر نہیں فوراً اُسترا ہاتھ میں لئے بیٹھنے کا اشارہ کریں گے ۔ اُن کے جان لیوا تیور اور اُسترے کی چمک دمک دیکھ کر آپ چاہیں بھی تو یہ پوچھنے کی ہمت نہیں کر سکیں گے کہ آپ کو کب تک اُن کے تختہٗ مشق تک رسائی ہوسکے گی ۔ چار و نا چار انتظار گاہ یعنی سہ افرادی نشست پر براجمان ہونے کے علاوہ آپ کے پاس کوئی چارہ نہیں ، بشرط کہ وہاں آپ کے لئے جگہ بھی ہو۔

کہتے ہیں زبان بند رہے تو دماغ اچھی طرح کام کرتا ہے ، یہاں آپ کو بھی اسی کلیہ کا استعمال کرنا ہوگا۔ پہلے سے موجود انتظار کنندگان کی تعداد اور اُن کے تاثُرات سے آپ بخوبی اندازہ لگا لیں گے کہ آپ کو کب تک انتظار کی راہ دیکھنی ہوگی۔ لیکن بے فکر رہیے انتظار کتنا ہی طویل کیوں نہ ہو یہاں آپ بیزار ہرگز نہیں ہوں گے۔ چائے کا کپ مکھیوں سمیت اُٹھا کے اُس کے نیچے سے آج کا تازہ اخبار نکال لیجیے ۔ ارے رے رے ! ذرا دھیان سے ۔کہیں چائے کی باقیات آپ کو بھی ’داغ تو اچھے ہوتے ہیں ‘ کا راگ الاپنے پر مجبور نہ کردے۔ بس یوں کیجیے ، اخبار کو اس کے دائیں بائیں کونوں سے تھامیئے اور چائے کو کششِ ثقل کے حوالے کردیجیے۔ لیجیے جناب اب آپ آرام سے بیٹھ کر اپنا فشارِ خون اپنی خودی سے بھی بلند کرسکتے ہیں۔بس پڑھتے جائیں ، کوئی بات نہیں اگر آپ کی تیوریاں چڑھ جائیں یا کانوں سےدھواں نکلنا شروع ہو جائے۔ کوئی بات نہیں! جو دل میں آرہا ہے کہہ دیجیے ، پر دل میں ہی کہئے گا کہ آپ کے اخلاق کو آپ سے بہتر کوئی اور نہ سمجھ سکے۔

اگر آپ پہلے سے بلند فشارِ خون جیسے مرض میں مبتلا ہیں تو پھرتا زہ اخبار آپ کے لئے ہرگز موزوں نہیں ۔ فکر نہ کیجیے، یہ لیجے ’اخبارِ جہاں‘ پڑھیئے، بالکل نیا ہے ابھی دو سال پہلے ہی ردی والے سے خریدا گیا ہے۔ کیا! بیچ کا صفحہ غائب ہے، ارے نہیں ! ایسا نہیں ہے، بس ذرا سامنے دیکھیے ۔ جی آئینہ کے اُوپر ! جی بالکل! دوکان میں آتے ہی آپ بیچ کے صٖفحے کی زیارت بلکہ تٖفصیلی معائنہ کر چکے ہیں ۔ کوئی بات نہیں اس میں اور بھی بہت کچھ ہے ’تین عورتیں،تین۔۔۔۔‘ اچھا اچھا! آپ ’کٹ پیس‘ تک پہنچ گئے ہیں۔ اچھا ہے ، ’کٹ پیس‘ اپنے گرد وپیش سے بےخبر رہنے کے لئے اچھی چیز ہے۔ لیکن بہت زیادہ بے خبر بھی مت رہیے ۔ کم از کم اتنا ضرور یاد رکھیے گا کہ آپ کے بعد کون کون آیا ہے ورنہ اقربا پروری تو کہیں بھی راہ نکال لیتی ہے۔

’ویلہ ہئیر ڈریسر ‘ کی انتظار گاہ صرف دار المطالعہ ہی نہیں درس گاہ بھی ہے ۔ وہ کیا کہا ہے کسی نے کہ ’سیانوں کے ساتھ ایک گھنٹے کی ملاقات دس مہینے کتابیں پڑھنے سے بہتر ہے‘۔یہاں بھی آپ کو ایسی ایسی گفتگو سُننے کو ملے گی کہ آپ دس مہینے تو کیا دس سال بھی کتابیں پڑھتے رہیں تو وہ سب کچھ نہیں سیکھ سکیں گے۔ لیکن ذرا دھیان رہے کہ یہ سب کچھ آپ سیکھ تو سکتے ہیں پر کسی کو سکھانے کی کوشش مت کیجیے گا کہ یہ کام سیانوں کا ہے اور وہ اپنا کام خوب جانتے ہیں ۔

اب ذرا سنبھل جائیں کہ آپ کی زلفِ دراز کی دست درازیوں کو لگام دینے کا وقت آگیا ہے۔ یعنی اب جگر تھام کے خود کو اُن کے حوالے کر دیجیے بلکہ زیادہ بہتر ہو گا کہ اللہ کے حوالے کردیجیے کیونکہ عین ممکن ہے کہ زلف تراش کا تیز اور چمکدار اُسترا بھی یہی کچھ کرنا چاہے۔ زلف تراش کسی سے بات کرے یا نہ کرے لیکن اپنے فتراک کے نخچیر (یہاں مراد تختہٗ مشق تک پہنچ جانے والے سورما سے ہے ) سے ضرور ہم کلام رہتا ہے۔ ہم سے بھی مکالمہ رہا اور کچھ یوں رہا۔

"ارے بھائی ! اس دفعہ بال کچھ زیاد ہی نہیں بڑھ گئے آپ کے" پانی کی بوچھار کے ساتھ پوچھا گیا۔
"جی کچھ مصروفیت زیادہ رہی، ویسے پچھلی دفعہ سے آپ کے ریٹس (نرخ) بھی تو بڑھ گئے ہیں" باقی ماندہ جملہ دل میں کہا گیا۔
’دل میں جو بات ہے ، کہہ دو‘ اچانک کسی نے کیسٹ پلئر کھول دیا اور ایسا لگا کہ شاید دل کا چور پکڑا گیا لیکن اگلا مصرع اطمینان بخش رہا کہ زبانِ افرنگ میں تھا اورسمجھ میں آگیا کہ نہیں سمجھ آئے گا۔
ابھی تک قینچی ہوا میں چل رہی ہے ، شاید ہمیں ذہنی طور پر تیار کیا جا رہا ہے ۔ چمچماتا ہو ا اُستر ا بھی آنکھوں کو خیرہ کئے دے رہا ہے۔ اور ہم اپنے خطاہوتے ہوئے اوسان کی دھوپ چھاؤں میں آنکھیں پٹپٹارہے ہیں اور اس کار گزاری کی گاڑی کے جلدی سے گزر جانےکی دعامیں لگے ہیں کہ اچانک سامنے نگاہ پڑتی ہے۔
"یہ صاحب کون ہیں جو مجھے احمقوں کی طرح گھور رہے ہیں " ہم نے زلف تراش کو مخاطب کرکے سامنے اشارہ کیا۔
زلف تراش کے چہرے پرپہلے حیرانی اور پھر مسکراہٹ نے ڈیرہ جمالیا تاہم وہ اپنے کام میں مصروف رہا۔ اور ہم آئینہ دیکھ اپنا سا منہ لے کر رہ گئے۔


:دیگر مضامین
(11.01.2016) دل بدلتے ہی بدل جاتی ہے گھر کی صورت از زرقا مفتی
(10.01.2016) سامورائے ....... از. ...... سیمی برلاس
(08.01.2016) سہ روزہ جشن ریختہ 2016 پر منظوم تاثرات از احمد علی برقی
(06.01.2016) وراثت....  از.... ڈاکٹر نگھت نسیم
(06.01.2016) معروف شاعرہ فہمیدہ ریاض کمال فن ایوارڈ اور انعام کی حقدار قرار
(05.01.2016) ہم کو دینی ہے امن و اماں کی اذاں از عزیز بلگامی
(04.01.2016) پوٹھوہار آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ایک یادگار نعتیہ مشاعرہ
(02.01.2016) لے کے آئے سالِ نو مہرو محبت کا پیام از احمد علی برقی
(01.01.2016) نئے برس کا پہلا لمحہ از ڈاکٹر نگہت نسیم
(01.01.2016) مرنے کو ہے تیار رواں سال کا سورج... از... صفدر ھمدانی
(30.12.2015) برقی سفر حیات کا دُشوار ہی رہا از احمد علی برقی
(28.12.2015) چاہتیں ہیں فقط فسانوں میں .....از..... زرقا مفتی
(27.12.2015) بے نظیر کے لئے ایک آنسو از راحت نسیم ملک
(26.12.2015) دل ڈھونڈتا ہے پھر وہی دسمبر کے رات دن ۔از؛ ثنا اللہ خان احسان 
(26.12.2015) اے قائد ہم شرمندہ ہیں از صفدر ھمدانی
(24.12.2015) محمد مصطفی ص محبوب داور..... سرور عالم
(23.12.2015) جن و انسان و ملک کو ہے بھروسا تیرا از حسن رضا بریلوی
(22.12.2015) جبیں کو دولت سجدہ در یقیں سے ملی از عزیز بلگامی
(21.12.2015) خوشا ہر گوشۂ سیرت منّور ہے محمدؐ کا از ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل
(20.12.2015) نور ہی نور ہے رحمت کی گھٹا چھائی ہے از محمد اعظم عظیم اعظم



 
تمام خبریں  
مضامین/تجزیات   
عالمی خبریں   
عالمی اخبار تازہ ترین   
پاکستان/ بھارت   
ایشیا/یورپ/آسٹریلیا   
مشرق وسطیٰ/افریقہ   
اعلان و انتخاب آجکا دن   
رپورٹس/ملٹی میڈیا   
عالمی اخبار کھیل   
صحت/سائینس   
شخصیات، انٹرویوز   
عالمی اخبار ادبیات   
Reports,Naheed Gallery   
Pak/India/Gulf   
International/Sports   
 
 

  عالمی اخبار  کے ادارتی عملے میں مختلف عالمی اداروں کے اپنے اپنے شعبے کے ماہرین شامل ہیں اور اس اخبار میں خبروں،تبصروں اور کالموں کے علاوہ ہر موضوع اور ہر کسی کے لیئے مواد موجود ہے۔ عالمی اخبار کی پالیسی صاف ستھری ،آزادانہ اور بے لاگ صحافت ہے۔
. رابطہ ٹیلی فون:  لندن447796515479+ ،  آسٹریلیا 61425201035+ ،  ای میل:  رابطہ@عالمی اخبار۔کوم۔  جملہ حقوق بحق عالمی اخبار۔کوم محفوظ ہیں