|
مدر ٹریسا کی صد سالہ یومِ پیدائش کی تقریبات
26.08.2009, 04:30pm , بدھ (GMT+1)
ایڈیٹر عالمی اخبار
نوبل انعام یافتہ مدر ٹریسا کی ننانویں سالگرہ کولکتہ میں روایتی انداز سے منائی گئی۔اِس موقع پر اُن کے قائم کردہ ’ مشنریز آف چیرٹی’ میں خصوصی دعا کی گئی اور ‘مدر ہاؤس’ میں ماس (دعا) کا انعقاد کیا گیا۔
‘مشنریز آف چیرٹی’ کی سربراہ سسٹر میری پریما نے کہا کہ مدر ٹریسا کی پیدائش کا دِن دنیا بھر کے لیے اہم دِن بن چکا ہے۔ اُن کی سالگرہ ہمیں اُنھیں اور اُن کی تعلیمات کو یاد رکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
سسٹر پریما نے یہ بھی کہا کہ اُنھوں نے ہمیں یہ تعلیم دی ہے کہ خدا نے ہمیں دوسروں سے محبت کرنے اور اُن کی محبت پانے کے لیے تخلیق کیا ہے۔
کولکتہ کے آرچ بشپ ہینری ڈی سوزا نے بتایا کہ بدھ کے دن سے مدر ٹریسا کی صد سالہ سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ تقریبات اگلے سال 26اگست کو اختتام پذیر ہوں گی۔
مدر ٹریسا کی پیدائش البانیہ میں 1910ء میں ہوئی تھی اور وہ 18برس کی عمر میں خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر کولکتہ چلی آئی تھیں۔ اِس شہر میں اُنھوں نے غریبوں اور مجبوروں کی خدمت کے لیے ادارہ ‘مشنریز آف چیرٹی’ قائم کیا تھا۔ آج سو سے زیادہ ممالک میں اِس ادارے کی شاخیں پھیلی ہوئی ہیں۔
مدر ٹریسا پانچ ستمبر 1997ء میں اِس دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔
بشکریہ۔وائس آف امریکہ
|