|
طیارے کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دنیا بھر سےاور اندرون ملک تعزیت کا سلسلہ جاری ہے
29.07.2010, 10:50am , جعمرات (GMT+1)
عالمی اخبار مرکزی بیورو
افسوسناک سانحے پر ملک بھر میں سوگ منایا جارہا ہے ۔ حکومت کیجانب سے ایک روزہ سوگ اور قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔جن شہروں میں اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین ہیں وہاں صورتحال زیادہ دلگرفتہ و غمگین ہے ۔
طیارے کے حادثے میں اتنی بڑی تعداد میں جانوں کے ضیاع پر اندرون اور بیرون ملک افسوس اور تعزیت کا سلسلہ جاری ہے
امریکہ یورپی یونین ، برطانیہ، افغاستان اور بھارت سمیت عالمی برادری نے پاکستان میں مسافر طیارے کے حادثے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
امریکی صدر براک اوباما نے صدر آصف علی زرداری کو فون کر کے طیارے کے حادثے پر افسوس اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہ وہ مرنے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکہ عوام اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
برسلز سے یورپی یونین کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں طیارے کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاں پر دلی افسوس ہے، اور وہ پاکستانیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
برطانوی ہائی کمیشن سے جاری بیان میں برطانوی حکومت کی جانب سے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیاگیا ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی نے صدر آصف علی زرداری کو فون کر کے دکھ کا اظہار کیا۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے نے بھی المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیاہے۔
اسلام آباد سے کوثر ثمرین نامہ نگار عالمی اخبار کے مطابق وفاقی وزیر برائے بہبود آبادی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان جو عمرے پر سعودی عرب گئی ہوئی ہیں ۔انہوں نے وہاں سے ٹیلی فون پر اے پی پی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان سے دور ہوںلیکن دل پوری قوم کیساتھ دھڑ کتا ہے ۔طیارے کے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے عمرے کے دوران خصوصی دعائیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئٹہ میں ہونے والی دو سو دوکانوں کی تباہ کاری اور متاثرہ خاندانوں کی تباہ کاری کی خبر سن کر میرا دل بہت افسردہ ہوا۔جبکہ دہشت گردی کے خلاف فعال کردار ادا کرنے والے میاں افتحار حسین کے صاحبزادے کی شہادت پر دل بہت افسردہ ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹارگٹ کلنگ میںہو دوکانیں اور بسیں جلائیں جائیں یا قومی املاک کو نقصان پہنچایا جائے ۔ان سب کے ساتھ ساتھ بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والوں کو نشانہ بنایا جائے تو ہر پاکستانی کی پلکیں نم ہو جاتی ہیں انہوں نے کہا کہ میری ساری ہمدردیاں متاثرہ افراد اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے لیکن پاکستانی بہادر عوام ہر قدم پر حکومت کا ساتھ دیکر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو مضبوط بنا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی قیادے میں حکومت ،فوج اور عوام ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں نے یہاں مقدس مقامات کی زیارت کے دوران زمینِ وطن کیلئے ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے بے شمار دعائیں کی ہیں اور اس پورے گلوبل ویلج میں دہشت گردی ،تعصب،نفرت اور ہر طرح کے منفی رجحانات کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں کی ہیں اور کرتی رہوں گی۔
کراچی میں طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے دو بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ،نماز جنازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے قریبی رشتہ داروں کے علاوہ عام افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
نجی ایئر لائن ایئر بلو کا مسافر بردار طیارہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شمال میں مارگلہ پہاڑیوں پر گر کر تباہ ہوا۔طیارے میں ایک سو چھیالیس مسافر اور عملے کے چھ اہلکار سوار تھے ، مسافروں میں تین غیر ملکی شہریت رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔
|