ہم کو عرشی لباسِ جنوں چاہیے


اسلام آباد میں مقیم منفرد لہجے اورایک الگ سی ڈکشن کی شاعرہ ارشاد عرشی ملک 60 کے عشرے کے اواخر اور ستر کے عشرے کے اوائل میں جامعات کے شعرا میں صف اول کی شاعرہ رہی ہیں اور پھر ایک طویل عرصے تک خاموش رہنے کے بعد اب پھر سے بحر تخلیق موجزن ہے۔ عالمی اخبار کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ادبی صفحے میں انکا الگ صفحہ مختص ہے۔ یہ اعزاز بھی عالمی اخبار کا ہے انکی کسی بھی تخلیق کی پہلی صوتی بصری تشکیل عالمی اخبار نے تیار کر کے یو ٹیوب پر جاری کی ہے۔ چند روز بعد ایک بلاگ انکے مکمل تعارف کا ہو گا۔اسوقت انکی وڈیو غزل دیکھئے،سنیئے اور پڑھیئے اور اپنی رائے سے نوازیئے۔

تہمتِ عشق پرناز ہم نے کیا،یہ تو تمغہ ہے ہم عاشقوں کے لئے
سر بچایا نہیں بارشِ سنگ سے،آئینے وقف ہیں پتھروں کے لئے

اہلِ دل کے ادب کی نشانی ہے یہ ،بے ادب سے بھی صبر و تحمل کریں
بے رُخی اور رعونت یہاں جرم ہے ضابطے اور ہیں دل جلوں کے لئے

میں ہوں تانبا ،اگر تو کرے کیمیا، یہ ترا فضل ہے میرے رب الوریٰ
منہ خزانوں کے تیرے ہمیشہ کھلے، میرے جیسے تہی دامنوں کے لئے

جس جگہ بولنا فرض تھا اس جگہ ، میں نے جرمِ خموشی کیا بارہا
جو تھے منصور وہ رونقِ دار ہیں ،کیا ہے ارشاد ہم بزدلوں کے لئے

یہ گذارش ہے اے میرے چارہ گرا،اپنے نسخے میں لکھ ایک حرفِ دعا
ہاتھ ہے میرے مالک کا دستِ شفا،دل کے رستے ہوئے آبلوں کے لئے

ہم زمیں کی کشش میں تھے جکڑے ہوئے، خلد کو چھوڑ کر اس جگہ آبسے
نفرتیں ظلم وکینے یہاں عام ہیں یہ زمیں وقف ہے پستیوں کے لئے

وقت کے ہاتھ سے جو بھی چرکے لگے،رائگاں کب گئے ،شاعری میں ڈھلے
یہ امانت ہے محفوظ اوراق میں آنے والے نئے موسموں کے لئے

بہتے پانی پہ پابندیاں مت لگا،فکر کے طائروں پر نہ پہرے بٹھا
کوئی رستہ تو رہنے دے ظالم کھلا،میرے جذبوں کی جولانیوں کے لئے

سر ورق پر کہاں ڈھونڈتے ہو ہمیں،ہم سے گمنام زیرِ ورق بھی نہیں
ہم نہ عنواں،نہ حرفِ جلی، نہ متن ،ہم تو لکھے گئے حاشیوں کے لئے

عمرِ رفتہ کو دیکھا تو دھچکا لگا،چندبوسیدہ،بے روح ابواب ہیں
وہ بھی سیلن زدہ اور دیمک لگے، گویا رکھے ہیں آتش کدوں کے لئے

ساری رسموں رواجوں کی بخیہ گری، ایک جھٹکا لگا تو ادھڑجائے گی
ہم کو عرشی لباسِ جنوں چاہیے جو بنا ہے ہمیں من چلوں کے لئے

وڈیو میں آخری مصرعہ الگ طرح سے ریکارڈ ہے۔

51 thoughts on “ہم کو عرشی لباسِ جنوں چاہیے”

  1. ارشاد عرشی کے خیالات اتنے اچھوتے مگر سادگی سے دل میں اتر جانے والے ہیں کہ ہر غزل یا نظم کو پڑھ کر یہی گمان ہوتا ہے کہ واقعی کمال کردیا اور اب اس سے بڑھ کر کیا کہہ پائیں گی- لیکن حقیقت یہی ہے کہ اگلا فن پارہ پڑھ کر بھی ْْزہے خوبْ کہے بِنا چارہ نہیں رہتا- ماشاء اللہ- اللہ کرے زور قلم اَور زیادہ-

  2. جس جگہ بولنا فرض تھا اس جگہ ، میں نے جرمِ خموشی کیا بارہا
    جو تھے منصور وہ رونقِ دار ہیں ،کیا ہے ارشاد ہم بزدلوں کے لئے

    ّعرشی ملک جو میری آپا بھی ہیں ۔۔ اتنی محبت سے لکھتی ہیں کہ جی چاھتا ہے کہ بس انہیں ہی پڑھاجائے اور انہیں لکھاجائے ۔۔ ایک عرصے کے بعد اتناخوبصورت شعر سنا ہے ۔۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ان کی تخلیقات عالمی اخبار کی زینت ہیں ۔ ابھی بس اتنا ہی کہ میں ہوسپتل میں ہوں ۔ ۔۔ اور میرے ارد گرد سٹاف ک اہجوم ۔۔ اور وہ مجھے حیران ہو کہ دیکھ رہے ہیں کہ میں کونسی زبان میں اتنی تیزی سے لکھ رہی ہوں ۔۔ عرشی آپا اب یقین ہوا آپ کو کہ آپ کے آنے سے ہم سب کتنے خوش ہیں ۔۔ بابا یہ وڈیو کام نہیں کر رہی کہیں یہ میرے کمپیٹر کا کمال تو نہیں ہے یا کسی کے پاس بھی نہیں آرہی ۔۔۔

  3. السلام علیکم
    محترمہ عرشی ملک صاحبہ کی شاعری ہم اکثر عالمی اخبار کے شعبہ ِ انگریزی و اردو ادب میں پڑھتے رہتے ہیں اور ہر بار بے اختیار داد دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں ، میر یبد قسمتی ہے کہ میرے پاس ( کسی تکنیکی خرابی کے سبب ) وڈیو نہیں چل سکتی ، اور محترم صفدر ہمدانی صاحب نے یہ بہت اچھا کیا کہ ساتھ ہی تحریری طور پر بھی پیش کر دیا ، ایک ہی دُعا ، اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔
    آصف احمد بھٹی

  4. مرحبا ، سبحان اللہ ، ماشا اللہ :
    بہت دنوں کے بعد ایک اچھی غزل پڑھنے اورسننے میں آئی : دل خوش ہوگیا۔
    ہر شعر سادہ بھی ہے اور گہرا بھی اور ہم جیسوں کی زندگی کا عکاس بھی ۔
    کیا خوب کہا ہے کہ :
    عمرِ رفتہ کو دیکھا تو دھچکا لگا،چندبوسیدہ،بے روح ابواب ہیں
    وہ بھی سیلن زدہ اور دیمک لگے، گویا رکھے ہیں آتش کدوں کے لئے
    بے شک عرشی صاحبہ :
    خوش رہیں اور عالمی اخبار میں آتی رہیں ، ہم آپ کو اسی طرح چاہتے ہیں جس طرح ہم ڈاکٹر پنہاں کو پسند کرتے ہیں۔ اتنے اچھے سخنور اب بہت کم دیکھنےمیں آتے ہیں۔
    ۔۔۔۔
    مقطع میں عرشی صاحبہ نے من چلوں کا قا فیہ استعمال کیا ، صفدر ھمدانی صاحب نے اپنی ویڈیو میں اسے سر پھروں پڑھا ۔
    دونوں قافیے ایک سے بڑھکر ایک ہیں ۔
    مجھ جیسا کم علم انسان اگر یہاں “ دل جلوں“ کا قافیہ استعمال کرے تو کیسا رہے گا ؟
    ساری رسموں رواجوں کی بخیہ گری، ایک جھٹکا لگا تو ادھڑجائے گی
    ہم کو عرشی لباسِ جنوں چاہیے جو بنا ہے ہمیں “ دل جلوں “ کے لئے ؟؟؟؟؟؟!!!!!1
    ۔۔۔۔۔۔

  5. قاضی صاحب آپ بادشاہ ہیں سرکار جو بھی لکھیں گے مناسب ہی ہو گا۔ بس اتنا عرض ہے کہ میں نے وہاں یہ نوٹ نیچے لکھا ہوا ہے کہ۔۔۔۔۔۔۔وڈیو میں آخری مصرعہ الگ طرح سے ریکارڈ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔
    مزید یہ بھی عرض کرنا ہے کہ وڈیو میں نے متعدد بار چیک کی ہے بالکل درست چل رہی ہے. تا ہم یہ یوٹیوب اور فیس بک میں بھی موجود ہے.

  6. سب دوستوں نے جس خلوص اور محبت سے اس عاجزکؤ سراھا ہے اس کے لے شکر گزار ہوں
    عرشی ملک

  7. ارشاد عرشی صاحبہ۔ میں عالمی اخبار کے تمام ساتھیوں،دوستوں،قلم کاروں، ناقدین اور ادارتی عملے کی جانب سے آپ کو بلاگ فیملی میں خوش آمدید کہتا ہوں اس یقین کے ساتھ اب آپ اس بلاگ فیملی کا حصہ ہیں۔ بس اتنا عرض کر دوں کہ یہ ہمرا ہائیڈ پارک ہے اور احباب خوب کھل کر اپنی فکر اور سوچ کا اظہار کرتے ہیں۔ اس میں شمس جیلانی،امین ترمذی اور قاضی منظور جیسے قابل احترام بزرگ بھی موجود ہیں اور نادیہ بخاری، ناصر زیدی اور آصف بھٹی جیسے نوجوان بھی۔ اور ہم شامل باجہ تو ہیں ہی۔
    یوں تو خوش آمدید کہنے کا فریضہ ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کا ہے اور وہ بھی اپ کو بلاگ پر خوش آمدید کہیں گی لیکن میں تاخیر کا قائل نہیں کہ سانس کے آنے جانے کا کس کو علم،اس لیئے چند جملے لکھ دیئے۔
    آپ کا یہاں آتے رہنا نئے لکھنے والوں کے ساتھ ساتھ ہم جیسے طالب علموں کے لیئے بھی بہت کارآمد ہو گا۔

  8. السلام علیکم
    محترمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ ، یوں تو جناب صفدر ہمدانی صاحب نے آپ کو ہماری بلاگ فیملی میں خوش آمدید کہہ دیا ہے مگر میں پھر بھی آپنے اور اپنے تمام محترم احباب کی طرف سے خوش آمدید کہتا ہوں ، اور اُمید کرتا ہوں کہ آپ کے علم سے کچھ ہم کو بھی سیکھنے کا موقع ملے گا ۔
    آصف احمد بھٹی

  9. لیجئے جی میں اٹھارہ گھنٹے کی ڈیوٹی کرنے کے بعد گھر آ چکی ہوں اور میرے پاس رات کے بارہ بج رہے ہیں۔ مجھے عرشی آپا کو باقائدہ اکیس توپوں کے ساتھ خوش آمدید کہناہے ۔۔ جی آیاں نوں ۔۔سلامت رہیں جو اتنے تحفے اشعار کی صورت لائی ہیں ۔۔ ہم سے تو یہ سنبھالے ہی نہیں جا رہے ۔۔ دیکھئے تو سب کتنا خوش ہورہے ہیں ۔۔

  10. بھئی آپ سب کے خلوص و محبت نے تو مجھے آبدیدہ کر دیا ہے۔سمجھ میں نہیں آرہا کہ کن الفاظ میں آپ کی گرم جوشی کا شکریہ ادا کروں۔ مجھے تو نثر میں کچھ لکھنا بھی نہیںآتا۔
    میں نے تو برسوں سے گوشہ نشینی اختیار کر رکھی ہے اب آپ سب کی محبت دیکھ کر یہی کہنے کو جی چاہتا ہے کہ
    جلتے صحراوں میں چشمہ دیکھ لیا
    دور دیس میں کوئی اپنا دیکھ لیا
    سُونے دل پر سپنوں کی یلغار ہوئی
    اس کی آنکھ میں اپنا چہرہ دیکھ لیا
    ساری بھیڑ کو چیر کے میری سمت بڑھا
    اس نے مجھ کو خود سا تنہا دیکھ لیا
    جانے اب اس سپنے کی تعبیر ہو کیا
    آنچل کو کانٹوں سے الجھا دیکھ لیا
    میرا اس کا ساتھ ہے عرشی برسوں کا
    اس نے مجھ میں آج نیا کیا دیکھ لیا
    عرشی ملک

  11. ماشااللہ برجستہ کلام ہے. اب میں کیا کہوں، باقی سب لوگ میرے حصے کی باتیں بھی کہ چکے ہیں.

  12. دل کے اندر اپنا کعبہ دیکھ لیا
    ہم نے عرشی تیرا جلوہ دیکھ لیا

  13. واہ عرشی آپا محبت بھی ایسی کہ کہ خود پر ناز ہونے لگے ۔۔ واہ واہ ۔۔ کیا کہنے ۔۔

    سُونے دل پر سپنوں کی یلغار ہوئی
    اس کی آنکھ میں اپنا چہرہ دیکھ لیا

  14. کلام ماشاءاللہ سادہ اورپرخیال ہے ۔۔۔اللہ ذورقلم کرے اوربھی زیادہ ۔۔۔۔
    گزشتہ ایک دوبلاگز میں بھاری بھرکم شاعری اور پھر اس پر بمبارقسم کی تنقیدپڑھ پڑھ کر یہ کلام تازہ ہواکے جھونکے کی مانند محسوس ہوا۔۔
    کیا خوب کہاگیاہے۔۔

    سر ورق پر کہاں ڈھونڈتے ہو ہمیں،ہم سے گمنام زیرِ ورق بھی نہیں
    ہم نہ عنواں،نہ حرفِ جلی، نہ متن ،ہم تو لکھے گئے حاشیوں کے لئے

    ۔۔۔وارفتگی میں لکھا گیا کلام بھی جذبات کا بھرپورعکاس ہے

    میرا اس کا ساتھ ہے عرشی برسوں کا
    اس نے مجھ میں آج نیا کیا دیکھ لیا

  15. ساری بھیڑ کو چیر کے میری سمت بڑھا
    اس نے مجھ کو خود سا تنہا دیکھ لیا
    جانے اب اس سپنے کی تعبیر ہو کیا
    آنچل کو کانٹوں سے الجھا دیکھ لیا
    میرا اس کا ساتھ ہے عرشی برسوں کا
    اس نے مجھ میں آج نیا کیا دیکھ لیا

    بہت خوب.واہ واہ،مکرر ارشاد. یہاں اپنی بلاگرز فیملی کو ایک بات بتاتا ہوں.فی الحال تو اختصار سے تفصیل سے اگلے چند روذ میں جب عرشی صاحبہ کے بارے میں بلاگ لکھوں گا.
    60 کے عشرے کے اوخر میں اور ستر کے عشرے کے آغاز میں جب ہم بین الکلیاتی مشاعروں میں مقابلوں کے لیئے جایا کرتے تھے تو اکثر کانٹے کا مقابلہ عرشی اور انکی ٹیم کے ساتھ ہوا کرتا تھا. سچ پوچھیں اسوقت بھی عرشی کی شاعری کو ئی کالج یونیورسٹی والی نہیں تھی بلکہ عرشی اوراق اور فنون جیسے ادبی جریدوں میں شائع ہوا کرتی تھیں.
    اچھا بتانا یہ چاہتا تھا کہ جب عرشی اسٹیج پر غزل سنانے آتی تھیں اور کہتی تھیں کہ سامعین غزل پیش کر رہی ہوں تو آدھے لڑکے زور سے کہتے ”ارشاد” اور آدھے آواز لگاتے”عرشی”. ہاہاہاہاہا

  16. بابا آپ کب لکھیں گے وہ بلاگ ۔۔ اب تو شوق بھی انتظار میں ہے ۔۔ ۔۔ بس جلدی سے لکھ لیں اب ۔۔ آپ بھی تو بتایئے نا کہ آپ کونسی آواز میں شامل تھے ۔۔ ۔۔؟؟

  17. السلام علیکم
    سبحان اللہ ، ہر ہر شعر بہت خوب ہے مگر اِس شعر نے تو دل ہی جیت لیا ۔
    ساری بھیڑ کو چیر کے میری سمت بڑھا
    اس نے مجھ کو خود سا تنہا دیکھ لیا
    اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔
    آصف احمد بھٹی

  18. Arshi Malik sahiba
    Bahut powerful aur khoobsurat ghazl hay.Jazboon ka izhaar baday munasib aur umda lafzon main kia gia hay.Safdar Hamdani ki khoobsart awaz nay char chand laga diay hain.Isay pesh bhi baday saleeqay aur takhleeqi andaz main kia gia hay.Tasweerain,sketches aur painting ghazl k taasur main izafa karty hain.Bahut khushi hooi.Mubarikbaad.Mansha Yaad

  19. It is a fine ghazal, with new approach of thought contents. Images have been designed for the EXACT synchronization with the words.The text has a sense of revolution and also an elemnt of (HAMD- a poetic expression in the praise of God).The ghazal also invited and encouraged the listeners, to raise voice, where required for a change in the civic and other systems. Safdar Hamadani narrated superb, considering STRESS, PAUSES and VARIATIONS in tones. Safadr is a great broadcaster. Khalid Asghar.

  20. محترم منشا یاد بھائی اور خالد اصغربھائی آپ کا اس محفل میں شریک ہونا ہم سب کو مغرور کر گیا ہے .. آپ دونوں کو بلاگ فیملی کی طرف سے خؤش آمدید .. جی آیاں نوں .. بیٹھئے نا بھائی .. بس اب آپ دونوں نے کہیں جانا نہیں ہے .. عرشی آپا کی غزلیں سنیں .. ویسے بھائی ایک مزے کی بات بتاؤں آپ کو .. جب ہم لوگ اسکول میں تھے تو میری امی جی ہمیں ہر وقت رسالے اور اخباریں پڑھنے پر بہت ڈانٹتی تھیں .. تب ہم بہن بھائی ان سے کہا کرتے تھے کہ امی بس بھی کریں .. آپ تو بس ہر وقت غزلیں سنانا شروع کر دیتی ہیں .. جب سے اب تک ہم ڈانٹ کو غزل کہتے ہیں ..

    لیکن میں اس غزل کی بات کر رہی ہوں جو خالص عرشی آپا سے منسوب ہے .. اور اس نے تقریبا ہمارے ہوش اڑا رکھے ہیں .. کیابےساختگی اور سادگی ہے .. ماشاللہ

  21. اتنی طویل بحر میں ایسی مرصع غزل کی شاعرہ یقیناً قابلِ مبارکباد ہے جسکے لئے توصیفی کلمات نہ صرف ہماری محفل کے احباب نے بلکہ دور دیش سے معروف اہلِ قلم نے بھی لکھے ہیں۔ میری کم علمی ہے کہ میں خالد اصغر صاحب سے واقف نہیں ہوں جسے میں دیارِ ادب سے دوری کی لعنت ہی کہہ سکتا ہوں۔ لیکن منشا یاد صاحب گزشتہ نصف صدی سے میدان ادب کا وہ قابل فخر شہسوار ہیں جن کا قلم اردو ادب کی ایک نمایاں پہچان ہے۔ تین سال قبل اپنے بیٹے سے ملنے ڈیلس تشریف لائے تھے تو ایک شاندار محفل میں شہرِ ڈیلس کے میر کی جانب سے انہیں شہر ڈیلس کی چابی عطا کی گئی تھی جو کسی اردو مصنف کے لئے ہمارے شہر کی ایک اچھوتی مثال تھی۔ اُس محفل میں منشا یاد صاحب کی تعریف و توصیف میں مقالہ لکھنے اور پڑھنے کا اعزاز مجھے حاصل ہوا تھا جسے انہوں نے پسند کیا تھا۔ میں ان کا ممنون ہوں کہ انہوں نے ہماری محفل کی عزت بڑھائی۔اس غزل کی یہ خوبی نہ بتانا بھی بخل ہوگا کہ ہمدانی بھائی نے اس پر بگھار بھی شاندار لگایا ہے۔ ان کی آواز کے زیر وبم کی فنکاری کے لئے یہی کہا جاسکتا ہے کہ دو پشت سے ہے پیشہء آبا میرا یہی۔۔۔ ایک طالب علم۔

  22. محترم امین ترمذی۔
    پہلے ارشاد عرشی صاحبہ کے مزید دو شعر

    صرف جُبے عمامے ہیں مُلا کا دیں ،دل میں ذوقِ یقیں ہے نہ علم الیقیں
    مسئلے بیچتے ان کو صدیاں ہوئیں،حیف ہے ایسے سوداگروں کے لئے

    جو غرورِ عبادت جبیں میں لئے، بندگانِ خدا سے نہ گھل مل سکے
    ان کے سجدے یہیں خاک میں رہ گئے،خاک باقی ہے پیشانیوں کے لئے

    اور اب بات خالد اصغر کی …. وہ کہتے ہیں نا کہ سخن گو سے زیادہ اہم سخن شناس۔ تو خالد اصغر سخن شناس ہیں اور نہایت اچھے اور پکے گلوکار۔
    میرا انکا ساتھ 1974 سے لاہور ریڈیو پر رہا اور انہوں نے ہی مجھے موسیقی کی ریکارڈنگ سکھائی۔ خالد اصغر دو سال پہلے لاہور ریڈیو کے اسٹیشن ڈائریکٹر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔ شعر کو جس طرح خالد سمجھتے ہیں میں نے بہت کم غزل کے گلوکاروں کو ایسا پایا ہے اور میں اس امر کا عینی شاہد ہوں کہ شہنشاہ غزل مہدی حسن کو میں نے اپنی آنکھوں سے خالد سے مصرعے کی بانٹ پوچھتے دیکھا ہے۔
    خالدنے موسیقی کی دنیا میں یوں تو بے شمار لوگوں کو متعارف کروایا ہے لیکن انکی اہم ترین دریافت گلوکارہ ناہید اختر ہیں جنکو سب سے پہلی بار ملتان ریڈیو پر خالد نے ہی متعارف کروایا اور انکے ساتھ ایک دوگانا بھی گایا۔
    مجھے یہ فخر حاصل ہے کہ خالد اصغر نے ستر کے عشرے میں ہی میری ایک غزل کو اپنی خوبصورت آواز کا روپ دیا تھا جو آج بھی پاکستان اور پاکستان سے باہر بے حد مقبول ہے۔
    ”سارے دکھ سہہ گئیں آنکھیں میری”۔

  23. ویسے تو ہر تبصرہ نگار کا تبصرہ ہی تنِ شاعر میں وہ سیروں خون دوبارہ پیدا کر دیتا ہے

    جو ایک مصرعِ تر لکھنے میں خشک ہو چکا ہوتا ہے لیکن اساتذہ کی شاباش کی بات ہی کچھ اور ہوتی ہے۔

    سو میں منشا یاد صاحب اور خالد اصغر صاحب کی خصوصی طور پر شکر گزار ہوں۔

    اس میں کوئی شک نہیں کہ سخن شناس ہی سخن گو کو لکھنے کے لئے متحرک کرتا ہےاور پھر سخن گو ،سخن شناس کو دھمال ڈالنے پرمجبورکرتا ہے۔

    یہ آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔کسی نے سچ کہا ہے

    کھڑک سنگھ کے کھڑکنے سے کھڑکتی ہیں کھڑکیاں

    کھڑکیوں کے کھڑکنے سے کھڑکتا ہے کھڑک سنگھ

    جس سخن گو کو برسوں تک کوئی سخن شناس نہ ملے اس کا سخن مرنے لگتا ہے

    سخن گو کا سخن شناس سے کیا رشتہ ہے

    عاشق کا وفا سے جو رشتہ

    سائل کا عطا سے جو رشتہ

    بخشش کا خطا سے جو رشتہ

    دکھیا کا دعا سے جو رشتہ

    بارش کا گھٹا سے جو رشتہ

    کلیوں کا صبا سے جو رشتہ

    لفظوں کا صدا سے جو رشتہ

    روگوں کا دوا سے جو رشتہ

    عورت کا حیا سے جو رشتہ

    سجنی کا پیا سے جو رشتہ

    سجدے کا دعا سے جو رشتہ

    بندے کا خدا سے جو رشتہ

    مچھلی کا جل سے جو رشتہ

    مشکل کا حل سے جو رشتہ

    پانی کا کنول سے جو رشتہ

    عرشی کا غزل سے جو رشتہ

    بھئی کچھ غلط سلط لکھا گیا ہو تو معاف کیجئے گا۔ہم اس محفل کو فقیروں کا ڈیرا سمجھ کر آئے ہیں،

    امیروں کا ڈرائینگ روم سمجھ کر نہیں

  24. آپ صحیح جگہ پر ہیں آپا .. یہ فقیروں کا ہی ڈیرا ہے .. میں تو ابھی تک آپ کے کل والے شعر کے سحر میں ہوں .. واہ ..واہ .. کیا خوب کہا ہے ..
    اگر سائل ہے تُو عرشی تو پھر اوقات میں رہنا
    کہ سائل عرض کر سکتے ہیں فرمایا نہیں کرتے

    سلامت رہیں

  25. لو بھئی نگہت پھر پورا قطعہ ہی سن لو۔تا کہ ’’سحر‘‘ ایک آدھ دن تک اور طاری رہے ۔

    جہاں بے چارگی اور عاجزی کا مول پڑتا ہو

    وہاں تو عجز ہی زیبا ہے اترایا نہیں کرتے

    اگر سائل ہے تُو عرشی تو پھر اوقات میں رہنا

    کہ سائل عرض کر سکتے ہیں فرمایا نہیں کرتے

    اسی زمین میں ایک اورقطعہ سنا دیتی ہوں۔یاد رکھنا کسی سخی سے پالا پڑا تھا

    خدا کے سامنے عقل و خرد مت پیش کر ناداں

    درِ اقدس پہ ناقص چیز لے جایا نہیں کرتے

    زمیں جس شہر کی عرشی زرِ خالص سے بڑھ کر ہو

    ڈلی سونے کی لے کر اس جگہ جا یانہیں کرتے

  26. بے شک یہ فقیروں اور قلندروں کا ڈیرا ہی ہے مگر اس میں ارشاد عرشی ملک صاحبہ ، زرقا مفتی صا حبہ اور ڈاکٹر پنہاں صاحبہ جیسی ہستیاں آکر اس ڈیرے کو ایک شاندار محل میں بدل دیتی ہیں۔

    ہم اس بلاگ میں اب تک زرقا مفتی صاحبہ کی جوہر شناسی کا ذکر نہیں کرسکے کہ انہوں نے24 دسمبر 2009 سے عرشی کے کلام کو عالمی اخبار کے شاعری کے سیکشن میں شایع کرنا شروع کردیا اور عرشی صاحبہ کی غزلوں ، نظموں اور قطعات کو
    باغ وبہا ر قسم کے مناظر سے مزین کرکے پیش کیا۔

    یہ عالمی اخبار کی خوش قسمتی ہے کہ زرقا مفتی صاحبہ ابھرتے ہوئے سخنوروں کے ساتھ ساتھ دنیائےادب اور شاعری کے مستند شعرا اور شاعرات کے کلام سے عالمی اخبار کومزین کرکے اسے شاعری اور ادب کا خزانہ بنا چکی ہیں۔جس پر عالمی اخبار جتنا ناز کرے اتنا کم ہے۔

    خدا بھلا کرے صفدر ھمدانی صاحب کا کہ انہوں نے عرشی صاحبہ کی غزل کو تحت الفظ پڑھکر سنایا ، اور اس بلاگ کو شروع کیا ۔

    یقینی طور پر ہم سب خوش نصیب ہیں کہ عرشی صاحبہ کا کلام بھی پڑھ رہے ہیں اور ان کی توجہ کا مرکز بھی بن رہےہیں۔ یہ عالمی اخبار کی خوش نصیبی ہے کہ عرشی صاحبہ کے کلام کے شیدائی دنیا کے گوشوں سے اس بلاگ میں تشریف لارہے ہیں اور عرشی صاحبہ کوانکے کلام پر داد دے رہےہیں۔

    یہ صفدرھمدانی صاحب کے اس بلاگ کا ہی طفیل ہے کہ عرشی صاحبہ کے کلام کے قدر داں انکے کلام سےمحظوظ ہورہےہیں ۔ اور اسکی عظمت کے قائل ہورہے ہیں ورنہ عرشی صاحبہ کا کلام “ کس نہ می پرسد کہ عرشی کون ہو “ کی حالت میں صرف شاعری کے سیکشن میں بغیر کسی تبصرے کے خاموش پڑا رہتا ۔ ( ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سوائے چند ایک قدر دانوں کے( جن میں صفدر ھمدانی صاحب ، ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ اور اسحاق ساجد صاحب نمایاں ہیں) شاعری کے سیکشن میں شعرا اور شاعرات کے کلام کو کوئی پڑھتا ہی نہیں اور اگر پڑھتا ہے تو اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرتا ۔ اور جب وہ کلام بلاگوں کی زینت بنتاہے تو پھر تعریفوں کا تانتا لگ جاتا ہے ( ثبوت کے لیے شاعری کےسیکشن کا اور پھر اسکے ساتھ ساتھ اس بلاگ کا مطالعہ کیا جاسکتا ہے ) ( یہ ایک برسبیل تذکرہ قسم کی بات تھی ۔ )
    ۔۔۔۔۔۔
    میرا علم اتنا وسیع اور عمیق نہیں ہے کہ میں عرشی صاحبہ کے کلام پر کوئی تبصرہ کرسکوں ۔ میں ان کے کلام کو پڑھتا جارہا ہوں اور لطف لیتا جارہا ہوں ۔
    بعض بعض مقامات پر مجھے انکی کمپوزنگ اور تحریر کے سمجھنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ جسے میں یہاں پر صرف اپنے تجسس کو دور کرنے کے لیے لکھنا چاہتا ہوں ( خدا کے واسطے میرے اس نیک مقصد کا کوئی غلط مطلب نہ نکالا جائے ) : ۔

    خود بخود عرشی مہک اٹھیں گے سارے راستے
    تم سدا پھولوں کی رنگوں خوشبووں کی سوچنا

    سوال : کیا اس مصرعہ میں رنگوں ہے یا رنگیں ہے ؟
    ۔۔۔۔۔۔
    سوال اس شعر میں بھانبڑ کا کیا مطلب ہے ؟

    خود بھڑکا یا درد کا بھانبڑ اشکوں کے چھڑکا و سے
    پانی سے یہ آگ لگاتے ، کتنے موسم بیت گئے

    ( پانی سے آگ لگانے کی ترکیب دلچسپ ہے )
    ۔۔۔۔۔۔
    جاناں کھڑکی کھول بھی دو اب جان لبوں تک آ پہنچی
    اس چوکھٹ سے سر ٹکراتے ، کتنے موسم بیت گئے

    ( کھڑکی کی چوکھٹ سے سر ٹکرانے کی ترکیب بھی دلچسپ ہے )
    ۔۔۔۔۔۔۔
    جانی پہچانی تھیں راہیں ، تیرے مکھ کا چانن بھی
    پھر بھی گرتے ٹھوکر کھاتے ، کتنے موسم بیت گئے

    ( اس میں چانن کا مطلب سمجھ میں نہیں آیا )
    ۔۔۔۔۔
    آپ کےاک دو مبہم فقرے میری عمر کا حاصل ہیں
    ہت پھر کر ان کو دہراتے ، کتنے موسم بیت گئے

    ( یہا ں ہت پھر ہے یا ِ ہر پھر ہے ؟ )
    ۔۔۔۔۔۔
    آپ نے اک دن یونہی مڑ کر مجھ کم ظرف کو دیکھا تھا
    اس دن سے خود پر اتراتے ، کتنے موسم بیت گئے

    ( کم ظرف میں کچھ زیادہ کسر نفسی کا عنصر معلوم ہوتا ہے ، شائد ناچیز یا احقر بھی کہا جاسکتا تھا )
    ۔۔۔۔۔۔۔
    باز کے ظالم پنجرے میں میں زخمی سہمی چڑیا ہوں
    چو ں چوں کرنا بھول گئی ، فریا د سنا نا بھول گئی

    ( سوال : کیا کمپوزنگ کی عنایت کے باعث یہاں پر پنجے کی بجائے پنجرے کا لفظ تحریر ہوگیا ہے ؟ اس لیے کہ باز کا کوئی پنجرہ نہیں ہوتا، پنجہ ہی ہوتا ہے جس میں ایک زخمی چڑیا پھنس جاتی ہے )
    ۔۔۔۔۔۔
    اور بھی کئی الفاظ اور شاعرانہ ترکیبیں ( جو مجھے دلچسپ لگیں ) عرشی صاحبہ کے اشعار میں ہیں ( جو شاعری کے سیکشن میں شامل ہیں ) ہوسکا تو ان پر بھی میں آ یندہ کبھی لکھ سکو نگا ۔ ذ( اگر عرشی صاحبہ اجازت دیں تو اور اگر وہ اس بلا گ میں نہیں تو مجھے میرے ای میل پر لکھیں یا اپنی ای میل کا پتہ مجھے اپنے برقی خط میں دیدیں )

    میں عرشی صاحبہ سے انتہائی خلوص اور عقیدت کے ساتھ عرض کرتا ہوں کہ میں نے یہ چند باتیں صرف اپنے علم کی وسعت کے لیے لکھی ہیں ان کے کلام پر تنقید کے لیے نہیں ۔ وہ اگر اس تبصرے پر کوئی تبصرہ کریں تو انکی مرضی ورنہ میں انکےکلام کی عظمت کا معتقد ہی ہوں اور رہونگا۔
    ۔۔۔۔
    آئندہ کے تبصروں میں میں عرشی صاحبہ کے ان اشعار کو پیش کرونگا جنھٰیں میں بار بار پڑھ رہا ہوں ۔
    فقط:
    علم کا خواہاں اور عرشی صاحبہ کے کلام کا شیدائی
    منظور قاضی
    جرمنی سے
    manzoorquazi@gmail.com

  27. جاناں کھڑکی کھول بھی دو اب جان لبوں تک آپہنچی
    اس چوکھٹ سے سر ٹکراتے کتنے موسم بیت گئے۔
    میری ناچیز رائے میں اس شعر کا مطلب شاید یوں ہے۔ کی عاشق محبوب کے در پر مدتوں سے اس کے دیدار کا متمنی کھڑا ہے۔ اور اس انتظار میں شاید کافی عرصہ یا کئی موسم بیت گئے ہیں اور وہ ملتجی ہے۔ کہ اب اس انتظار میں تو میری جان لبوں تک آپہنچی ہے۔ اب تو اپنے گھر کی کھڑکی کھول کر مجھے دیکھ لو اورا پنے شربت دیدار سےسیراب کرو
    اور وہ کہتا ہے کہ۔۔۔ جاناں کھڑکی کھول بھی دو اب جان لبوں تک آپہنچی
    اب مجھےاور نہ تڑپاؤ۔ اس چوکھٹ سے سر ٹکراتے کتنے موسم بیت گئے۔
    تو وہ چوکھٹ کھڑکی کی نہیں بلکہ محبوب کے در کا ہے۔ایسا ہی ایک شعر
    آپ کا سنگِ در نہیں چمکا
    ہم جبنیں سیاہ کربیٹھے
    چن پنجابی میں چاند کو کہتے ہیں ہر زبان میں اظہار کے لئے مختلف الفاظ استعمال ہوتے ہیں مثلاً اردو میں کہا جائے گا کہ چاند نکلا ہوا ہے جبکہ پنجابی میں اس کے لئے کہا جائے گا۔”چن چڑھیا اے”
    کاش کوئی ایسی صورت ہوتی کہ اس تبصرے میں میرا نام نہ آتا۔
    میں تو اپنا شعر بھی اپنا کبھی کہتا نہیں
    دوسرے کے نام سے شاید تمہیں اچھا لگے
    اس لفظ ” چن” پر ایک لطیفہ یاد آیا ہو سکتا ہے پنجابی سمجھنے والے اس سے لطف اندوز ہوں۔ کراچی میں ایک پنجابی فلم آئی جس کا نام تھا”تی رانی” اب اس کا صحیح تلفظ اہلِ زبان ہی درست ادا کرسکتے ہیں جو آرٹسٹ سینما کے پوسٹر بنا رہا تھا اس کو جو نام سمجھ میں آیا اس نے لکھا۔ اور اس نے لکھا ” دھی رانی ” مجھ سے کسی اہل زبان نے کہا اوے دھی رانڑی کی ہوندا ای۔ میں آکھیا کیوں وئی جدوں چن مکھناں ہو سکدا اے تے دھی رانی کیوں نہیں ہوسکدا۔

  28. محترم قاضی صاحب
    سوال : کیا اس مصرعہ میں رنگوں ہے یا رنگیں ہے ؟
    اسمیں رنگوں ہی درست ہے.
    سوال اس شعر میں بھانبڑ کا کیا مطلب ہے ؟
    اسکا مطلب آگ کا دہکتا ہوا الاؤ ہے
    ( اس میں چانن کا مطلب سمجھ میں نہیں آیا )
    چانن کا مطلب چاندنی ہے لیکن یہاں مرآد روشنی ہے
    ( یہا ں ہت پھر ہے یا ِ ہر پھر ہے ؟ )
    میرے خیال میں یہ ”ہر پھر” ہے اور ٹائپ کی غلطی ہے لیکن بہتر وضاحت اسکی اور باقی استفسارات کی عرشی صاحبہ خود کر دیں گی

  29. اللہ کے فضل و کرم سے عرشی صاحبہ اب اس بلاگ پر توجہ دے ہی رہی ہیں تو اگر انہیں ہی اپنےاشعار کے متعلق صراحتوں کا موقعہ دیا جائے تو ہماری خوش قسمتی کے ساتھ ساتھ ہمارے علم میں بھی اضافہ ہوجاےگا۔

    دنیا ئے اردو ادب اگر سخنور کی زندگی ہی میں اس کے علم سے استفادہ کرے تو اچھا ہے ورنہ اسکے غیاب میں اور ( خدا نخواستہ ) اسکے چلے جانے کے بعد “ میری ناچیز رائے میں اس شعر کا مطلب شاید یوں ہے۔“ کہکر تشریحات لکھی جاسکتی ہیں ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    شعر میں لفظ چانن ہے چن نہیں ۔ کیا چانن کا مطلب پنجابی میں چاند ہے ؟ یا یہ چاندنی کا مخفف لفظ ہے ؟ اگر یہ چاندنی ہے تو اس کے لیے تیرے مکھ “کی “ چانن بھی کہنا ہوگا ۔
    شعر یوں ہے :
    جانی پہچانی تھیں راہیں، تیرے مکھ کا چانن بھی
    پھر بھی گرتے ٹھوکر کھاتے ، کتنے موسم بیت گئے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    جاناں کھڑکی کھول بھی دو اب جان لبوں تک آپہنچی
    اس چوکھٹ سے سر ٹکراتے ، کتنے موسم بیت گئے
    اس شعر میں :
    “اس “ چوکھٹ سےسر ٹکراتے کا اشارہ دروازے کی چوکھٹ سے ہے تو پھر “ کھڑکی “ کھولو کی التجا کچھ عجیب معلوم ہوتا ہے :
    کیا یہ نہیں کہا جاسکتا ؟ کہ :
    جاناں اب دروازہ کھولو، جان لبوں تک آپہنچی
    اس چوکھٹ سے سر ٹکراتے ، کتنےموسم بیت گئے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    فقط :
    جان کی امان پانے کی درخواست کے ساتھ
    عرشی صاحبہ کی شاعری کا معتقد
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  30. صفدر ھمدانی صاحب کی تشریحات سر آنکھو ں پر ۔
    اب دیکھتے ہیں کہ عرشی صاحبہ کیا فرماتی ہیں ۔
    میرے اوپر کے تبصرے پر “ نظر ثانی “ کرتے وقت اگر صفدر ھمدانی صاحب میری کسی بات سے متفق نہ ہوں تو مہربانی فرما کر اس بات کو حذف کردیں۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    “ خیال خاطر احباب چاہیے ہر دم
    انیس ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔“
    ۔۔۔۔۔
    علم کا خواہاں
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  31. بھئی مجھے اشعار کی جراحت کبھی پسند نہیں آتی ۔۔ آپ لوگ پتہ نہیں کیوں سرجن بن جاتے ہیں ۔۔ میں نہیں سمجھتی کہ عرشی آپا کو کسی قسم کی وضاحت دینہ چاھیئے کہ انہوں نے یہ لفظ کیوں استعمال کیئے ہیں ۔۔ ۔۔ ہم لوگ بلا تمیز یہ کہ کس کاشعر ہے اس کا پوسٹ مارٹم کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔۔ خد اکے لیئے میری آپا کو چھوڑ دیجیئے اور آپ لوگوں کو تنقید کا ایتنا ہی شوق ہے تو مجھ پر کر لیجیئے اور دل کھول کر کیجیئے ۔۔ پر یہ طے ہے کہ میری آپا کو کوئی کچھ نہیں کہے گا کہ یہ لفظ کیوں لکھا اور اگر یہ لکھتی تو زیادہ بہتر تھا ۔۔ ان کی شان میں محترم منشا یاد صاحب کا تبصرہ ان کی شاعری کے لیئے سند نہیں ہے کیا ۔۔ ان کو مشورہ جب دیجیئے جب وہ آپ سے مانگیں ۔۔ ۔۔ سوچیں ہم ایک طرف توان سے سیکھنے کا دعوی بھی کررھے ہیں اور دوسری طرف ان کی اصلاح کی کوشش بھی جن کی نہ تو ان کو کوئی ضرورت ہے اور نہ ہی س میں ان کی خوشی ہے ۔۔۔ ہمیشہ کہتی ہوں آج پھر کہونگی سیکھنے کی پہلی سیڑھی “ادب“ ہے ۔۔۔ مجکھے یقین ہے کہ میرے احباب میری گزارش سمجھ رہے ہیں ۔۔

  32. ارے ! نگہت تم مجھے اتنی اونچی کرسی پر نہ بٹھاو،میں فقیر منش انسان ہوں دری پر ہی ٹھیک ہوں۔یہاں بندہ ذرا آرام سے پاوں پسار کر بیٹھ سکتا ہے۔

    اور ہاں سب کو تنقید کے چھینٹے اڑانے کی کھلی چھٹی ہے اس طرح محفل میں ذرا رونق رہتی ہے۔یہ با ادب ،با ملاحظہ، ہوشیار والا طریق ہم فقیروں کو پسند نہیں۔

    اور ہاں منظور قاضی صاحب آپ مجھے بہت دور اندیش لگتے ہیں۔آپ کو خوب علم ہے کہ سخن ور کسی بھی وقت لڑھک سکا ہے

    اس لئے خود اسی سے اس کے اشعار میں پائی جانے والی اشکال کے بارے میں پوچھ لینا چاہیے۔تو میں عرض کر دوں کہ صفدر ہمدانی صاحب نے بالکل درست فرمایا ہے کہ ’’چانن ‘‘ کا مطلب یہاں روشنی ہے اور ’’بھانبھڑ‘‘ کا مطلب الاو ہے

    اور جہاں تک کھڑکی کھولنے کا اصرار ہے اور چوکھٹ سے سر ٹکرایا جا رہا ہے تو اس کی غالباً یہ وجہ ہو سکتی ہے کہ سر ٹکرانے والے کا قد چھوٹا ہونے کی وجہ سے کھڑکی تک نہیں پہنچتا تھا۔اس لئے اس نے چوکھٹ سے ہی ٹکرا لیا۔کیونکہ اسے یہ پتہ تھا کہ دروازہ تو کھلے گا نہیں،

    لیکن یہ امید بھی تھی کہ شائد محبوب کھڑکی کھول کر جھانک لےکہ کون کم بخت ٹکریں مار کر ڈینٹ ڈال رہا ہے۔

    اور ’’ہت پھر‘‘ ٹائپ کی غلطی ہے یہ’’ ہر پھر‘‘ ہی ہے۔اور ہاں آپ نے فرمایا ہے کہ

    ’’آپ نے اک دن یونہی مڑ کر مجھ کم ظرف کو دیکھا تھا

    میں کم ظرف کا لفظ زیادہ ہی کسر نفسی ظاہر کر ہے اگر یہاں ناچیز یا احقر کے جیسا لفظ ہوتا تو بہتر تھا۔تو عرض یہ ہے کہ جب سخن ور اپنی کم ظرفی سے اچھی طرح واقف ہو تو اسے وہی لفظ استعمال کرنا چاہیے جو اس کی شخصیت کا پورا اظہار کرتا ہو،اور ہاں امین ترمزی صاحب آپ نے بہت اچھا شعر سنایا۔۔۔۔۔۔آپ کا سنگ در نہیں چمکا۔۔۔ہم جبینیں سیاہ کر بیٹھے واہ واہ

  33. میں خود اسی نظریے کا قائل ہوں کہ ہر شاعر کے شعر کو اگر ہم یہ کہیں کہ اس طرح بہتر ہوتا تو پھر وہ اس شاعر کا شعر نہیں رہتا۔
    دوسرے یہ کہ اردو خود چونکہ کثیر اللسان زبان ہے اس لیئے اسمیں دوسری زبانوں خاص طور پر اپنی علاقائی زبانوں کے الفاظ استعمال ہونے اچھے لگتے ہیں۔
    ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ شاعر سے اگر سارا وقت ہم وضاحت طلب کرتے رہیں گے تو وہ ہماری عدالت میں موجود رہے گا اور ہمارے سوالات کے جواب دیتا رہے گا۔ یہ عمل ایک آدھ بار تو درست ہے لیکن تواتر سے کیا جائے تو اُبکائی سی آتی ہے۔
    ہاں یہ بھی درست ہے کہ جینوئین شاعر دوسرے شاعر کے استعمال کردہ الفاظ کی نشست وبرخاست کو ننانوے فیصد تک درست سمجھ سکتا ہے۔
    قاضی صاحب آپ نے فرمایا کہ۔۔۔۔گر صفدر ھمدانی صاحب میری کسی بات سے متفق نہ ہوں تو مہربانی فرما کر اس بات کو حذف کردیں۔۔۔۔ حضور میرے بارے میں جو بھی آپ لکھیں میں کبھی حذف نہیں کرتا کہ میری کھال گینڈے کی ہے۔ آپ تو اس فقیر کے بارے میں نہایت ادب سے لکھتے ہیں جو لکھتے ہیں یہاں تو آپ گواہ ہیں کہ اگر کسی نے مجھ کو گالی بھی دی ہے تو میں نے اسے حذف نہیں کیا کیونکہ اس سے فریق ثانی کی تہذیب اور ظرف معلوم ہوتا ہے۔ اس لیئے آپ بے فکر رہیں اور خاطر جمع رکھیں۔
    میں ایک بات عرض کرؤں کہ شاعری یعنی جیموئین شاعری کا یہ کمال ہے کہ لکھنے والا دنیا کے ایک کونے میں لکھتا ہے اور دوسرے کونے میں اسے پڑھنے والا یہ سمجھتا ہے کہ ۔۔۔میں نے یہ جانا کہ گویا یہ بھی میرے دل میں تھا”۔ شاعر اپنے لمحہ موجود کی کیفیت میں کچھ کہتا ہے اور پڑھنے والا اپنے لمحہ موجود میں پڑھتا ہے۔ اب اگر لکھنے اور پڑھنے والے کا لمحہ موجود ایک ہی ہو جائے تو شعر قبول عام کی سند پاتا ہے ورنہ اپنی موت خود مر جاتا ہے اور اسی کو پیغمبرانہ صفت کہا جاتا ہے۔
    میں یہ نہیں کہتا کہ شاعر سے قاری کو استفسار کا حق نہیں لیکن ہر ایک لفظ اور ہر ایک خیال اور ہر ایک شعر کی تفسیر اور تفصیل شاید شاعر کو منشی بنا دے وہ شاعر نہ رہے۔میرا برسوں پرانا ذاتی فلسفہ ہے جسکی میں نرانر تشہیر کرتا رہتا ہوں کہ شاعر ہونا اور شعر کہنا دو الگ الگ باتیں ہیں اور اسی میں تمیز کرنے والے کوسخن شناس کہا جاتا ہے ورنہ وہ سخن شنید ہوتا ہے

  34. سب سے پہلے میں ڈاکٹر نگہت نسیم بہن کا مشکور ہوں کہ انہوں نے بڑے ہی مدبرانہ انداز میں مجھے خاموش رہنے کی تاکید کی۔

    میں اسی کے ساتھ محترمہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کا بھی مشکور ہوں کہ انہوں نے میری انتہائی بے لوث اور مودبانہ تحریر پر ناراض نہیں ہوئیں اور انتہائی وسیع القلبی سے میرے سوالات کا جواب دیے ۔ انکو اس بات کا احساس ہے کہ میں ایک انتہائی کم علم انسان انکے کلام کی اصلاح کرنے کی جسارت اور اہلیت اور صلاحیت نہیں رکھتا ۔

    مگر جب خدا بندے کی باتیں سن سکتا ہے تو وہ بھی تو“ عرشی “ ہیں اس لیے انہوں نے میری باتوں کو سن لیا اور اپنے مشفقانہ انداز میں مجھے اپنے جوابات سے نوازا ۔ ( اگر کوئی مورخ یہ بلاگ پڑھ رہا ہے تو وہ ضرور عرشی صاحبہ کی ان تشریحات کو نوٹ کررہا ہوگا تاکہ “ میری ناچیز رائے میں اس شعر کا مطلب “ شاید “ یوں ہے “ کہکر کوئی نام نہاد نقاد الٹی سیدھی توضیحات انکے غیاب میں ، نہیں پیش کرے گا۔ )

    عرشی صاحبہ نے میری دور اندیشانہ بات کہ “سخنور کسی وقت بھی لڑھک سکتا ہے“ کو تسلیم کیا ۔ مگر اس سلسلے میں میں یہ بھی کہنا ضروری سمجھتا ہوں کہ مبصر بھی “ بھی کسی وقت لڑھک سکتا ہے “ اس لیے تمام غلط فہمیوں کا مبصر کی زندگی ہی میں ازالہ ہوجانے میں کیا مضائقہ ہے ؟

    میرےپاس صرف فیروزالغات ( فیروز سنز لاہور والوں کی ) ہے اور میں اسی سے نئی نئی تراکیب اور الفا ظ کا مطلب جاننے کی کوشش کرتا ہوں ۔ اس میں اگر مجھے بھانبڑ یا بھانبھڑ کا لفظ نظر نہ آئے تو پھر مجھے تشویش لگی رہتی ہے کہ سخنور نے اس لفظ کو کس وجہ سے استعمال کیا ہوگا ؟
    عرشی صاحبہ کا شکریہ کہ انہوں نے اس تشویش کو دور کردیا ( اس سے پہلے صفدر ھمدانی صاحب نے بھی اس کی تشریح کرکے میر ے علم میں اضافہ کردیا تھا )

    جہاں تک کھڑکی اور چوکھٹ کا تعلق ہے اس کی عرشی صاحبہ نے انتہائی مدلل اور قابلِ فہم تشریح کرکے مجھے مطمئن کردیا :شکریہ

    چانن کا مطلب روشنی ہی ہے تو پھر “ کی “ چانن ہونا چاہیے تھا یا “ کا“ چانن ؟ اگر اس کی تشریح بھی عرشی صاحبہ لکھدیں تو مہربانی ہوگی ۔
    ۔۔۔۔۔۔
    عرشی صاحبہ کی پوری تحریر انتہائی معلوماتی ہے اس کے لیے مشکو ر ہوں۔
    ۔۔۔۔۔
    ویسے میرے سوالات میں باز کے پنجرے کے متعلق بھی ایک سوال تھا اس کا جواب بھی اگر مل جائے تو مہربانی ہوگی : یہ لفظ پنجرے ہے یا پنجے ہے ؟
    ۔۔۔۔۔۔
    میرے اس تبصرے پر عرشی صاحبہ کا جواب ملنے کے بعد میں پھر کوئی ایسی بات نہیں لکھونگا جس کی تشریح کی عرشی صاحبہ کوضرورت پڑے ۔
    اگر انکے دوسرے اشعار کو پڑھکر میرے ذہن میں کوئی سوالات آئیں تو انکو اپنی حد تک محدود رکھکر خاموش بیٹھا رہونگا۔

    “ ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں“
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    آخر میں عرشی صاحبہ نے امین ترمذی صاحب کے اس شعر پر داد دی :
    آپ کا سنگِ در نہیں چمکا
    ہم جبینیں سیا ہ کر بیٹھے
    یقینی طور پر یہ شعر تعریف کا مستحق ہے ۔ اس تعریف کو امین ترمذی صاحب سونے کے حروف سے لکھ سکتے ہیں ۔
    امین ترمذی صاحب اسی طرح کے اشعار لکھکر یہ کہتےہیں کہ وہ کسی اور کا شعر ہے انکا نہیں ہے ، اس لیے کہ: جیسا کہ انہوں نے کہا :
    میں تو اپنا شعر بھی اپنا کبھی کہتا نہیں
    دوسرے کے نام سے شائد تمھیں اچھا لگے

    امین ترمذی صاحب کو یہ روش اور اعزاز مبارک ہو۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    فقط :
    عرشی صاحبہ کی شاعرانہ عظمت کا معتقد:
    منظور قاضی از جرمنی

  35. اوپر کے تبصرے میں “ انہوں نے میر ی “ کی بجاے وہ میری : پڑھیے : شکریہ
    اور بھی کوئی کمپوزنگ کی غلطیاں نظر آئیں تو معافی کا خواستگار :
    منظور قاضی

  36. واہ ہمدانی صاحب اس کو کہتے ہیں سو سنار کی ایک لوہار کی
    آپ کی دھڑلے دار گفتگو سن کر لطف آگیا

    چوکھٹ پہ پڑے ہیں تری ہم خاک نشیں ہیں
    ہم اہلِ تذبذب نہیں ہم اہلِ یقیں ہیں
    جو کچھ بھی لکھا دل کی گواہی سے لکھا ہے
    ہم اہلِ قلم حرف کی حرمت کے امیں ہیں

  37. منظور قاضی صاحب وہ لفظ’’ پنجے ‘‘ہی ہے’’ پنجرے ‘‘نہیں

  38. ہم اہلِ تذبذب نہیں ہم اہلِ یقیں ہیں
    واہ واہ واہ۔۔۔ہاں یاد آیا کہ یہ واہ واہ ہماری ”واہ واہ کلب” کی طرف سے ہے۔
    میں اکثر کہتا بھی ہوں اور لکھتا بھی ہوں کہ ہم تخلیق کار ایسے مظلوم لوگ ہیں کہ آسمانوں کی سزا زمین پر بھگت رہے ہیں۔ اسکی مصلحت وہی جانے کہ اس نے ہم جیسوں کو ایسے معاشرے میں پیدا کیا جہاں جینوئن ادب اور ادیب کسی فہرست میں نہیں آتا۔ نمبر دو کی حکومت ہے اور اس نے نمبر ایک کو گھروں میں مقید کردیا ہے۔ یہ وہ جابر معاشرہ ہے جہاں شاعر کو پاگل،مصور کو پینٹر اور فلسفی کو دیوانہ اور سنکی کہتے ہیں۔ جہاں میٹرک پاس کو اور حاشیہ بردار شاعروں کو سرکاری ادبی اور فنی اداروں کا سربراہ بنا دیا جاتا ہے۔
    ایسے میں کچھ لوگ اگر ”انالحق” کی بات کر رہے ہیں اور شب سیاہ کو شب سیاہ کہہ رہے ہیں تو جیسے نا کردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں۔
    صفدر مرا مزاج قصیدہ نہیں رہا
    میں نوحہ لکھ رہا ہوں غریبوں کے شہر کا

  39. ارشاد عرشی ملک صاحبہ کا شکریہ کہ انہوں نے اپنے اس شعر کے متعلق لکھا ہے کہ اس میں لفظ “ پنجے“ ہی ہے “ پنجرے “ نہیں :
    باز کے ظالم پنجے میں میں زخمی سہمی چڑیا ہوں
    چوں چوں کرنا بھول گئی ، فریاد سنانا بھول گئی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    صفدر ھمدانی صاحب نے جو کچھ ارشاد فرمایا وہ بالکل صحیح ہے ۔

    اگر وہ میرے سوالات کی افادیت کو بھی تسلیم کرتے تو انکی “دھڑلے دار گفتگو “ میں “ ایک لوہار کی مار “ کی ضرورت موجود نہیں رہتی ۔۔
    میں تو شروع ہی سے اپنی کم علمی کا اعتراف کرچکا ہوں ۔ اور عرشی صاحبہ کی عظمت اور حرمت کا اعتراف کرتے ہوئے یہ بھی کہ چکا ہوں کہ :
    اپنےدل میں اپنا کعبہ دیکھ لیا
    ہم نے عرشی تیرا جلوہ دیکھ لیا
    ۔۔۔۔
    ان کو اور عرشی صاحبہ کو شائد یہ علم ہوگیا ہوگا کہ میرے سوالات کی وجہ سے عرشی صاحبہ کے چند اشعار میں کمپوزنگ کی غلطیوں کا ازالہ ہوگیا ۔
    اگر ایسا نہ ہوتا تو قارئین کے ساتھ ساتھ ، نقاد اور مورخ ان کے اشعار میں کمپوزنگ کی غلطیوں سے بے بہرہ رہتے ۔
    “ ہِر پھِر “ کو“ ہت پھر “ پڑھتے
    “ پنجے“ کو“ پنجرے “ پڑھتے
    تیرے مکھ “ کی “ چانن کو تیری مکھ “ کا “ چانن پڑھتے
    پھولوں“ کے “ رنگوں کی بجائے پھولوں“ کی “ رنگو ں ہی پڑھتے ۔
    ۔۔۔۔۔۔
    میرا مقصد “ اہل قلم “ سے محاذ آرائی ہر گز نہیں تھا ۔ اسی لیے میں نے اپنے اوپر کے ایک تبصرہ میں اپنےای میل کا پتہ لکھدیا تھا کہ میرے سوالات کے جوابات اگر بلاگ سے دور رہکر ہی مل جاتے تو میری معلومات میں اضافہ ہوجاتا ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    جیسا کہ میں اوپر کہیں لکھ چکا ہوں : میں عرشی صاحبہ کے کلام کا جو عالمی اخبار کے شاعری کے سیکشن میں چھپ چکا ہے ، مطالعہ کرکے انکے چند اشعار کو یا تو اس بلاگ میں یا پھر عالمی اخبار کی انتظامیہ کی اجازت سے ایک الگ بلاگ میں بلا کسی تبصرے کے پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں ۔ اور اگر مجھے کمپوزنگ کی کوئی غلطیا ں نظر بھی آئیں تو انکو اس بلاگ میں پیش نہیں کرونگا ۔
    یہ صرف اس لیے کہ شاعری کے سیکشن میں ہر شاعر اور ہر شاعر ہ کا کلام دنیا کی نظروں سے دور ہوکر زیادہ پڑھا نہیں جاتا مگر بلا گ میں لوگ پڑھکر اشعار کا لطف بھی لے سکتے ہیں۔اور اگر سخنور نے اجازت دی تو اسکے کلا م پر تبصرہ بھی کرسکتے ہیں۔ ( شاعری کے سیکشن میں یاتو رومن طرز پر یا پھر انگریزی میں یا پھر کٹ اورپیسٹ کرکے اردو فانٹ میں تبصرے کیے جاسکتے ہیں۔ مگر بلا گ میں یونی کوڈ اردو فانٹ میں تبصروں کی آسانی رہتی ہے )
    بہرحال :
    فقط:
    عرشی صاحبہ کی شاعری کی عظمت کا معترف
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  40. آج میں اپنے آپ کو دنیا کے خوش قسمت ترین انسانوں میں شمار کررہا ہوں کہ مجھے ارشاد عرشی ملک صاحبہ نے اپنی برقی عنایت نامے نوازا ۔اور میری ہمت افزائی بھی کی اور ساتھ ہی ساتھ مجھے ایک ایسی نعمت عطا کی جس کو پاکر میرا وہی حال ہوا جیسے “ ویرانے میں چپکے سے بہار آجائے“ ۔

    انہوں نے اپنی ایک نظم ( جو ہر لحاظ سے انتہائی پر اثر ہے ) اس برقی خط میں شامل کرکے یہ بھی لکھدیا کہ یہ ایک غیر مطبوعہ نظم ہے ۔
    اب میں انکے اس احسان اور انکی دی ہوئی نعمت کو اپنے پاس رکھتے ہوئے ڈرتا ہوں کہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں ۔ اگر میں“ لڑھک گیا “ تو اس عظیم نعمت کا کیا ہوگا۔ ( میری جرمن بیوی کو تو اردو کا ایک لفظ بھی نہیں آتا اور وہ عالمی اخبار کے بلاگوں سے بالکل واقف نہیں ، وہ سمجھ بھی نہیں پائے گی کہ اس میں کیا لکھا ہے ) ۔

    میں عرشی صاحبہ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنا سمجھا اور مجھے جھڑک کر چپ رہنے کی تاکید نہیں کی ، اسکے برعکس انہوں نے ایک نظم کا تحفہ دیا جس میں “ایک ماں کا خود سے مکالمہ “ قلم بند کیا گیا ہے ۔ ( میں اس سے زیادہ کچھ لکھونگا تو شائد اپنے حدود سے تجاوز کر جاونگا ) ۔

    میں عرشی صاحبہ کا دل و جان سے شکریہ عطا کرتے ہوئے درخواست کرتا ہوں کہ اردو شاعری پر احسان کرتے ہوئے وہ اپنی اس نظم کو زرقا مفتی صاحبہ اور ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کو ضرور بھجوادیں اس لیے کہ وہ بھی ماں کی مامتا سے واقف ہیں اور وہ جلد از جلد اس انتہائی پر اثر نظم کو عالمی اخبار کے شاعری سیکشن کی زینت بنادینگے۔ ( ہاں : اس کی کاپی ( نقل ) صفدر ھمدانی صاحب کو بھی بھجوادیں تاکہ وہ بھی اس نظم کو پڑھ سکیں۔)

    میں اس نظم کو اس بلاگ میں اس لیے نہیں پیش کرسکتا کہ یہ ایک غیر مطبوعہ نظم ہے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ مجھے اس کی مصنفہ کا دل سے احترام مقصود ہے۔

    اللہ عرشی صاحبہ کو حیات ِ دوام بخشے اور انکے کلام کو قبولیت عوام عطا کر تا رہے : آمین
    فقط:
    عرشی صاحبہ کے کلام کی عظمت کا معتقد
    منظور قاضی
    میونخ کے ایک قریبی گاوںسے

  41. شکریہ عطا کرتےہوئے کی بجائے شکریہ ادا کرتے ہوئے : پڑھیے : شکریہ

  42. میں عرشی صاحبہ کی اس غزل کو شاعری کے سیکشن سے نکال کر یہاں پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہا ہوں اسلیے کہ یہ غزل پاکستان کےموجودہ المیہ کی عکاسی کرتی ہے:
    امید کہ عرشی صاحبہ کے کلام کے شیدائیوں کو یہ غزل پسند آئے گی :
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    عرشی ملک

    محفوظ نہیں گھر بندوں کے، اللہ کے گھر محفوظ نہیں
    اس آگ اور خون کی ہو لی میں ، اب کو ئی بشر محفوظ نہیں

    شعلوں کی تپش بڑھتے بڑھتے ہر آنگن تک آ پہنچی ہے
    اب پھول جھلستے جا تے ہیں ، پیڑوں پہ شجر محفو ظ نہیں

    کل تک تھا سکوں جن شہروں میں، وہ موت کی دستک سنتے ہیں
    ہر روز دھما کے ہو تے ہیں ، اب کوئی نگر محفو ظ نہیں

    دن رات بھڑکتی دوزخ میں جسموں کا ایندھن پڑتا ہے
    کیا زکر ہو عام انسانوں کا ، خود فتنہ گر محفو ظ نہیں

    آ باد مکاں اک لمحے میں ویران کھنڈر بن جاتے ہیں
    دیوار و در محفوظ نہیں، اور زید و بکر محفوظ نہیں

    شمشان بنے کوچے گلیاں، ہر سمت مچی ہے آہ و فغاں
    فریاد ہے ماﺅں بہنوں کی، اب لخت جگر محفو ظ نہیں

    انسان کو ڈر انسانوں سے، انسان نما حیوانوں سے
    محفو ظ نہیں سر پر شملے، شملوں میں سر محفوظ نہیں

    پہرے ہیں کلا شنکو فوں کے، ہر ایک گلی کے نکڑ پر
    آنگن میں شجر محفوظ نہیں، شانوں پر سر محفو ظ نہیں

    مہنگا ہو اگر آ ٹا عر شی اور خو د کش جیکٹ سستی ہو
    پھر موت کا بھنگڑ ا ہوتا ہے، پھر کوئی بشر محفو ظ نہیں

    اک استغفا ر کا نسخہ ہے اس کو بھی برت لو نادانو
    مت ناز کرو تدبیروں پر ، یہ راہ گذر محفو ظ نہیں

    اے کاش کہ قوم یو نسؑ کی تقلید کی ہو تو فیق ہمیں
    وہ آہ سحر محفو ظ نہیں ، وہ دیدئہ تر محفو ظ نہیں

    جب با نجھ ہوںآنکھیں ا شکوں سے دل قبر کی صورت ویراں ہوں
    جب پست ہو مقصد جینے کا ، تب حسن بشر محفو ظ نہیں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  43. امیدکہ ارشاد عرشی ملک صاحبہ کی یہ غزل بھی سب کو پسند آئے گی ۔
    اس میں میں پنجرے کو پنجے میں ( عرشی صاحبہ کے کہنے پر ) تبدیل کرچکا ہوں ( باقی کا کلام جوں کا توں شاعری کے سیکشن سے اس بلاگ میں (کاپی ۔پیسٹ کے عمل سے) منتقل کررہا ہوں :
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    ارشاد عرشی ۔ملک اسلام آباد

    دروازے کی جانب پل پل آنا جانا بھول گئی
    تنگ قفس میں رہتے رہتے پر پھیلانا بھول گئی

    بازکے ظالم پنجے میں میں زخمی سہمی چڑیا ہوں
    چوں چوں کرنا بھول گئی فریاد سنانا بھول گئی

    اس نے اتنے ظلم سے اتنے روکھے پن سے وار کئے
    گم سُم اس کو تکتی ہوں چوٹیں سہلانا بھول گئی

    نہ پتھر کا دل ہوتا ہے نہ آنکھیں نہ کان نہ لب
    جب یہ جانا دیواروں سے سر ٹکرانا بھول گئی

    اُس چہرے کی بے رحمی تو میری ہمت توڑ گئی
    دبی دبی فریاد تو کی اس کو دھرانا بھول گئی

    اتنا بھی احساس سے عاری ہونا شائد ممکن ہے
    اس کی نفرت برسوں کا وہ ساتھ پرانا بھول گئی

    ریل کے ڈبے میں جس طرح دو انجانے بیٹھے ہوں
    ایسے جیون کاٹا ہے میں ہنسنا گانا بھول گئی

    آتے آتے لب سی کر جینے کا سلیقہ آ ہی گیا
    ہونٹوں پر اب قفل لگا میں بات بنانا بھول گئی

    من کے زخموں کو دھونے میں اپنا جیون بیت گیا
    تن کا تب سے ہوش نہیں میں خود کو سجانا بھول گئی

    برسوں پہلے مہماں بن کر یہ تنہائی آئی تھی
    ایسی جم کر بیٹھی دل میں واپس جانا بھول گئی

    سب مجھ سے ناراض ہیں میں کیا اپنی صفائی پیش کروں
    رسموں ماری دنیا میں میں رسم نبھانا بھول گئی

    اب تو دل پر جو بھی گذرے کہہ دیتی ہوں لکھ دیتی ہوں
    پے در پے جب زخم لگے میں چوٹ چھپانا بھول گئی

    اُس سے میری سوچ جدا ہے عرشی میرا جرم ہے یہ
    اپنی رائے رکھی ہاں میں ہاں کو ملانا بھول گئی

    ——————————————————————————–

    :

  44. میں عرشی صاحبہ کا منتخبہ کلا م جوں کا توں عالمی اخبار کی شاعری سکیشن سے اس بلاگ میں منتقل کررہا ہوں : اسکی دو وجوہات ہیں : ایک یہ کہ شاعری کے سیکشن میں کسی نے اس کو شائد پڑھا ہی نہیں اور اگر پڑھا بھی ہے تو اس پر کوئی تبصرہ نہیں لکھا ۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ اس بلاگ میں سب کے سب عرشی صاحبہ کے کلام کو نمایاں طور پر دیکھسکتے ہیں اور چاہیں تو یونی کوڈ میں ( یا رومن طرز تحریر میں یا انگریزی میں ) تبصرے بھی لکھ سکتے ہیں۔
    چونکہ صفدر ھمدانی صاحب نے یہ بلاگ شروع کر ہی دیا ہے تو کیوں نہ اس میں ہی عرشی صاحبہ کا منتخبہ کلام پیش کیا جائے تاکہ سب پڑھ بھی سکیں اور اگر دل چاہے تو : واہ واہ ، سبحان اللہ ، ماشااللہ ، مرحبا ، جزاک اللہ ، بہت اچھے ، بہت خوب، کہ کر داد دے سکیں۔؟
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    ارشاد عرشی ملک۔اسلام آباد
    منتخب قطعات
    عنوان :
    اس ہار سنگھار کو آگ لگے

    ترے عشق میں سُدھ بُدھ کھو بیٹھوں ، چشمِ ہشیار کو آگ لگے
    غارت ہوں یہ دھندے دنیا کے ، اس کاروبار کو آگ لگے
    بے کار عبادت عر شی جی ، گر چاہ نہیں اخلاص نہیں
    جو دل نہ پیا کا جیت سکے ، اُس ہار سنگھار کو آگ لگے
    ٭٭٭٭٭

    لکھنے نہیں دیتا

    اُسے دنیا کے دھندوں میں کبھی کُھبنے نہیں دیتا
    جِسے وہ زندگی بخشے اُسے مرنے نہیں دیتا
    میں اُس دربار میں نغمہ سرا ہوں ہر گھڑی عرشی
    کسی بھی ا ور موضو ع پر وہ اب لکھنے نہیں دیتا
    ٭٭٭٭٭

    پر کُتر دیتا ہے

    مرے ٹوٹے ہوئے دل کو کبھی جڑنے نہیں دیتا
    کسی بھی اور جانب وہ مجھے مڑنے نہیں دیتا
    وہ جس طائر کو بھی اپنی منڈیروں کے لیے چُن لے
    پھر اس کے پر کُتر دیتا ہے وہ اُ ڑنے نہیں دیتا
    ٭٭٭٭٭
    سہیلی

    رُوح تنہا اداس اکیلی ہے
    زندگی ان کہی پہیلی ہے
    اجنبی ہوں میں اس جگہ عرشی
    اک اداسی مری سہیلی ہے
    ٭٭٭٭٭
    الف

    ترے ہی در پہ بے کس دل مرا رہ رہ کے جھکتا ہے
    تُو سر پر ہاتھ جب رکھ دے تو سیلِ اشک رکتا ہے
    تہی دامن ہوں میں عرشی الف کی طرح خالی ہوں
    کہ جس پرجزم نہ تشدید نہ حرکت نہ نُقطہ ہے
    ٭٭٭٭٭
    اُداسی

    اتنے اُداس نہ سہی تاہم اداس تھے
    خوشیاں تھیں آس پاس مگر ہم اداس تھے
    تم سے ملے تو اور غمِ دل سوا ہوا
    پہلے بھی تھے اداس مگر کم اداس تھے
    ٭٭٭٭٭
    چاک پر

    بیٹھنا ہے تجھ کو فرشِ خاک پر
    پر نظر رکھنی ہے ہفت افلاک پر
    تیری مٹی خام ہے جلدی نہ کر
    گھوم تھوڑی دیر عرشی چاک پر
    ٭٭٭٭٭

    دبے پاؤں

    جنم لینے سے پہلے ہی جو مرجاتی تو اچھا تھا
    میں عرشی دھول کی صورت بکھر جاتی تو اچھا تھا
    بہت شور و شغب اشعار لکھ لکھ کر مچایا ہے
    میں دنیا سے دبے پاوں گزر جاتی تو اچھا تھا
    ٭٭٭٭٭
    اک خواب ہے دنیا

    اک خواب ہے دنیا کہ عدم جس کی ہے تعبیر
    اور موت کا لقمہ ہیں سبھی طفل و جواں ،پیر
    انسانوں سے پُر روئے زمیں ،زیرِ زمیں ہے
    دونوں طرف اس خاک کے ورقے پہ ہے تصویر

    ——————————————————————————–

  45. مجھے عرشی صاحبہ کی یہ غزل بھی دل سے پسند ہے: مجھے یقین ہے کہ سب پڑھنے والے اسے پسند کرینگے 🙁 میں اس غزل میں عرشی صاحبہ کی اجازت سے ہت پھر کو ہر پھر میں تبدیل کرچکا ہوں :

    ارشاد عرشی ملک۔اسلام آباد
    آپ کے در پر آتے جاتے ،کتنے موسم بیت گئے
    آپ کو دل کےزخم دکھاتے،،کتنے موسم بیت گئے

    من کے بنجر صحرا میں دن رات بگولے رقصاں ہیں
    ہم کو اپنی خاک اُڑاتے ،کتنے موسم بیت گئے

    خود بھڑکایا درد کا بھانبڑ اشکوں کے چھڑکاو سے
    پانی سے یہ آگ لگاتے ،کتنے موسم بیت گئے

    جاناں کھڑکی کھول بھی دو اب جان لبوں تک آ پہنچی
    اس چوکھٹ سے سر ٹکراتے ،کتنے موسم بیت گئے

    درد چھپایاآنسو پونچھے،چہرے پر مسکان سجی
    ان رمزوں سے جی بہلاتے ،کتنے موسم بیت گئے

    شائد آج وہ پٹ کھولیں گے ،شائدآج وہ درشن دیں
    ہر شب دل کی آس بندھاتے ،کتنے موسم بیت گئے

    آپ کے لب سے نکلی ہوں ہاں،اپنے دل کا روگ بنی
    ’ہوں ہاں ‘ کو معنی پہناتے ،کتنے موسم بیت گئے

    آپ نے اک دن یونہی مڑ کر مجھ کم ظرف کو دیکھا تھا
    اس دن سے خود پر اتراتے، کتنے موسم بیت گئے

    ماتمِ ہستی اتنا پھیلا ، جیون شامِ غریباں ہے!!!۔
    خود روتے اوروں کو رلاتے ، کتنے موسم بیت گئے

    ہجر نہ جس کا جھیلا جائے ،جس کی ہر پل راہ تکوں
    ہائے اسے مجھ سے کتراتے، کتنے موسم بیت گئے

    فرصت میں سب زخم کھرچنا،اپنا شوق پرانا ہے
    دل کے سوئے درد جگاتے ، کتنے موسم بیت گئے

    آپ کے در پر آ تو گئے پر عرضِ تمنا کر نہ سکے
    یونہی جھجکتے اور شرماتے ، کتنے موسم بیت گئے

    کملی، جھلی، اور سودائی،جگ نے کیا کیا لقب دئے
    عشق میں تیرے نام رکھاتے ، کتنے موسم بیت گئے

    آپ کے اک دو مُبہم فقرے میری عمر کا حاصل ہیں
    ہِر پھر کر ان کو دہراتے ، کتنے موسم بیت گئے

    جانی پہچانی تھیں راہیں ،تیرے مُکھ کا چانن بھی
    پھر بھی گرتے ٹھوکر کھاتے ، کتنے موسم بیت گئے

    اب بھی حُبِ دنیا کی کچھ چھینٹیں دل پر پڑتی ہیں
    آ نچل سے یہ داغ چھڑاتے ، کتنے موسم بیت گئے

    درد ہی اپنا سنگی ساتھی، درد ہی اپنا جیون ہے
    عرشی درد کے نغمے گاتے ، کتنے موسم بیت گئے

    ——————————————————————————–

    :

  46. منظور قاضی صاحب نےقارئین پر مجھ ناچیز کی غزلوں کی بمبارمنٹ کر دی ہے۔

    اسی لئے غالباً میدان خالی ہو گیا ہے اور سب منہ سر لپیٹ کر سو گئے ہیں

  47. محترمہ عرشی صاحبہ. بات یہ ہے کہ اگر لزیز سے لزیز کھانا بھی حد سے یا ضرورت سے زیادہ کھا لیا جائے تو معدہ قبول نہیں کرتا اور بدہضمی کی شکایت ہوتی ہے.

  48. ہم سب کو یاد ہے کہ صفدر ھمدانی صاحب نے اپنے اس بلاگ کے شروع میں یہ اعلان کیا تھا کہ :
    “چند روز بعد ایک بلاگ انکے مکمل تعارف کا ہوگا “
    ۔۔۔۔۔۔۔
    اس بلاگ کی پذیرائی سے سب کو اندازہ ہوگیا ہوگا کہ “ زعفران “ کی کیسی “ قدر “ ہورہی ہے ۔۔
    جیا کہ عرشی صاحبہ نے فرمایا:
    “منظور قاضی صاحب نےقارئین پر مجھ ناچیز کی غزلوں کی بمبارمنٹ کر دی ہے۔
    اسی لئے غالباً میدان خالی ہو گیا ہے اور سب منہ سر لپیٹ کر سو گئے ہیں“
    صفدر ھمدانی صاحبہ نے عرشی صاحبہ سے مخاطب ہوکر کیا خوب بات کی ہے کہ:
    “ محترمہ عرشی صاحبہ. بات یہ ہے کہ اگر لزیز سے لزیز کھانا بھی حد سے یا ضرورت سے زیادہ کھا لیا جائے تو معدہ قبول نہیں کرتا اور بدہضمی کی شکایت ہوتی ہے.“
    سوال یہ ہے کہ کیا کسی نے یہ لذیذ کھانا چکھا بھی ہے ؟
    معدہ تو جب قبول نہیں کرے گا اگر لذیذ سے لذیذ کھانا حد سے یا ضرورت سے زیادہ کھالیا جائے۔
    یہاں تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گھوڑے کو پانی کے پاس لا یا تو جاسکتا ہے لیکن کوئی اسے پانی پینے پر مجبور نہیں کرسکتا۔
    صفدر ھمدانی صاحب کے وعدے کے مطابق اگر ایک الگ بلاگ عرشی صاحبہ کے “ مکمل تعارف “ کی خاطر شایع ہوجائےتو ممکن ہے کہ “ منہ سر لپیٹ کر سونے والے “ جاگ جائنگے ۔
    میں تو عرشی صاحبہ کی نظم “ ما ں کا خود سے مکالمہ “ اس بلاگ میں دیکھنے کا منتظر ہوں۔
    اگر عرشی صاحبہ حکم کریں تو میں اس غیر مطبوعہ نظم کو اس بلاگ میں شایع کرسکتا ہوں۔
    یہ نظم اتنی پر اثر ہے کہ اسکے عالمی اخبار کے شاعری کے سیکشن میں یا اس بلاگ میں شایع ہونے سے عالمی اخبار کی افادیت اور منزلت میں حد سے زیادہ اضافہ ہوگا۔
    فقط:
    عرشی ملک کی شاعری کی عظمت کا معترف
    منظور قاضی
    جرمنی سے

  49. افسوس کہ یہ بلاگ نظروں سے اوجھل ہوتا جارہا ہے اور اسی کے ساتھ عرشی صاحبہ کا کلام بھی آنکھوں سے دور ہوتا جارہا ہے مگر وہ دل سے دور نہیں ہوسکے گا:
    میں عالمی اخبار کے شاعری کے سیکشن سے عرشی صاحبہ کی وہ غزل یہاں منتقل کررہا ہوں جس کی زمین میں ایک غزل عرشی صاحبہ نے پہلے بھی نخلیق کی تھی اور جس کو صفدر ھمدانی صاحب نے اس بلاگ کے آغاز میں تحت الفظ سنائی تھی،:
    عرشی صاحبہ کی اس غزل کے انتہائی منفرد مضامین کا انداز بھی محسوس کرنے کے قابل ہے:
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    پھر بھی اپنی گواہی قلم بند کر!
    از : ارشاد عرشی ملک۔اسلام آباد

    ہاتھ میں ہے ہمارے دعا کا عصا،اس نئے دور کے ساحروں کے کئے
    لے کے آ ئیں نئی رسیاں سوٹیاں ، ہے یہ پیغام جادو گروں کے لئے

    شوق سے اپنے ڈھنڈورچی بھیج دو،سارے افسوں گروں کو اکٹھا کرو
    کیوں ہراساں ہو تم ہار سے اس قدر،دن مقرر کرو فیصلوں کے لئے

    یہ زمانہ ہے شداد ونمرود کا ، دھونس کا ،دھاندلی اور بارود کا
    کوئی فرعون ہے کوئی ہامان ہے ،خوب موقعے ہیں غارت گروں کے لئے

    تیرہ باطن گریزاں رہے نور سے، وہ ہیں مانوس ظلمت کے دستور سے
    شب گزیدہ کو کیا روشنی کی طلب ،دن توآفت ہے چمگادڑوں کے لئے

    صرف جُبے عما مے ہیں مُلا کا دیں ،دل میں ذوقِ یقیں ہے نہ علم الیقیں
    مسئلے بیچتے ان کو صدیاں ہوئیں،حیف ہے ایسے سوداگروں کے لئے

    جو غرورِ عبادت جبیں میں لئے، بندگانِ خدا سے نہ گھل مل سکے
    ان کے سجدے یہیں خاک میں رہ گئے،خاک باقی ہے پیشانیوں کے لئے

    ہم موّحد ہیں رسمی مقلد نہیں ،خود گھڑے ضابطوں کے مقید نہیں
    ہم کو جکڑو نہ رسموں کے زندان میں، یہ تو تنکے ہیں ہم سر پھروں کے لئے

    بیچ کرہم نے خود کو خدا پا لیا ، منزلِ گم شدہ کا پتہ پا لیا
    جھکنے والوں نے ہے کیا سے کیا پا لیا،رفعتیں وقف ہیں عاجزوں کے لئے

    ہم کو دنیا نے جو کچھ دیا لے لیا، درد کا پیرہن ان سلا لے لیا
    اپنے حصے سے ہم نے سوا لے لیا ،کچھ نہ باقی بچا دوسروں کے لئے

    اپنے الفاظ کیا اپنے جذبات کیا، عرشی بے نوا تیری اوقات کیا
    پھر بھی اپنی گواہی قلم بند کر آنے والے نئے منصفوں کے لئے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    کاتب ( کمپوزر ) کے الفاظ:
    ماشااللہ ، سبحان اللہ ، جزاک اللہ ، مرحبا عرشی صاحبہ آپ کی حق گوئی و بےباکی پڑھنے کے قابل ہے :
    آپ کی اس غزل کا ہرشعر دلوں کو چھولینے والا ہے اورحالاتِ حاضرہ کی عکاسی کرتا ہے :
    یہ شعر:
    یہ زمانہ ہے شداد ونمرود کا ، دھونس کا ،دھاندلی اور بارود کا
    کوئی فرعون ہے کوئی ہامان ہے ،خوب موقعے ہیں غارت گروں کے لئے

    اور یہ شعر :

    تیرہ باطن گریزاں رہے نور سے، وہ ہیں مانوس ظلمت کے دستور سے
    شب گزیدہ کو کیا روشنی کی طلب ،دن توآفت ہے چمگادڑوں کے لئے

    اور یہ شعر :

    صرف جُبے عما مے ہیں مُلا کا دیں ،دل میں ذوقِ یقیں ہے نہ علم الیقیں
    مسئلے بیچتے ان کو صدیاں ہوئیں،حیف ہے ایسے سوداگروں کے لئے

    اور یہ شعر :

    جو غرورِ عبادت جبیں میں لئے، بندگانِ خدا سے نہ گھل مل سکے
    ان کے سجدے یہیں خاک میں رہ گئے،خاک باقی ہے پیشانیوں کے لئے

    اور یہ شعر بھی :

    ہم موّحد ہیں رسمی مقلد نہیں ،خود گھڑے ضابطوں کے مقید نہیں
    ہم کو جکڑو نہ رسموں کے زندان میں، یہ تو تنکے ہیں ہم سر پھروں کے لئے
    ۔۔۔۔۔۔۔
    عرشی صاحبہ : اللہ آپ کو ایسی صاف گوئی کےلیے صحت و تندرستی کے ساتھ ہمیشہ سلامت رکھے۔ آمین
    ۔۔۔۔۔
    فقط :
    اچھے کلام کا شیدائی
    منظور قاضی
    میونخ کے ایک قریبی گاوں سے

  50. جناب منظور قاضی صاحب۔۔ اسلام علیکم۔۔۔۔سب سے پہلے تو میری معذرت قبول کریں کہ میں قابل صد احترام محترمہ ارشاد عرشی صاحبہ کی بہت اچھی اور دیر تک سماعتوں میں زندہ رھنے والی شاعری کو پڑھ کر محظوظ ھوتی رھی ۔۔اور جب جب داد دینے کی غرض سےتبصرہ کیا۔۔۔اسی وقت کسی نٹ پرابلم کے باعث یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ھوسکا۔۔۔میں خود بھی اتنی خوبصورت اشعار کہنے والی اس عظیم الشان شخصیت کی کیا تعریف کروں ۔۔ ماشا اللہ ھر ھر شعر سجا ھوا۔۔فکری اعتبار سے قابل غور۔اس میں خوش بیانی ھے، وسعت کے ساتھہ ایک چونکا دینے والی بصیرت بھی ھے۔۔ میرا تو دل چاھ رھا ھے کہ سب سے پہلے محترم صفدررضا صاحب کا شکریہ ادا کیا جاۓ کہ انھون نے اتنی خوبصورت شاعری کرنے والی ایک منفرد شاعرہ سے متعارف کرایا۔۔۔میں کیا میری بساط کیا۔۔جس طرح آپ سب نے ان کو سراھا ھے دل خوش ھوا۔۔ یہ ستائیش کس طرح شاعر کو زندہ کر دیتی ھے ارشاد عرشی صاحبہ آپ نے عالمع اخبار کی بزم سخن میں چار چاند لگا دیۓ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ۔۔اللہ پاک آپ کو سلامت رکھے۔۔محترم منظور قاضی صاحب۔۔اتنے اچھے بلاگ پر میری دلی مبارک باد قبول فرمائے۔۔بہت خوب انتخاب ھے۔۔بلاگ ابھی بند نہ کریں۔۔۔ ابھی تشنگی باقی ھے۔۔
    ھم کو مزیذ ارشادات عرشی عطا کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *