ہم کو عرشی لباسِ جنوں چاہیے


اسلام آباد میں مقیم منفرد لہجے اورایک الگ سی ڈکشن کی شاعرہ ارشاد عرشی ملک 60 کے عشرے کے اواخر اور ستر کے عشرے کے اوائل میں جامعات کے شعرا میں صف اول کی شاعرہ رہی ہیں اور پھر ایک طویل عرصے تک خاموش رہنے کے بعد اب پھر سے بحر تخلیق موجزن ہے۔ عالمی اخبار کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ادبی صفحے میں انکا الگ صفحہ مختص ہے۔ یہ اعزاز بھی عالمی اخبار کا ہے انکی کسی بھی تخلیق کی پہلی صوتی بصری تشکیل عالمی اخبار نے تیار کر کے یو ٹیوب پر جاری کی ہے۔ چند روز بعد ایک بلاگ انکے مکمل تعارف کا ہو گا۔اسوقت انکی وڈیو غزل دیکھئے،سنیئے اور پڑھیئے اور اپنی رائے سے نوازیئے۔

تہمتِ عشق پرناز ہم نے کیا،یہ تو تمغہ ہے ہم عاشقوں کے لئے
سر بچایا نہیں بارشِ سنگ سے،آئینے وقف ہیں پتھروں کے لئے

اہلِ دل کے ادب کی نشانی ہے یہ ،بے ادب سے بھی صبر و تحمل کریں
بے رُخی اور رعونت یہاں جرم ہے ضابطے اور ہیں دل جلوں کے لئے

میں ہوں تانبا ،اگر تو کرے کیمیا، یہ ترا فضل ہے میرے رب الوریٰ
منہ خزانوں کے تیرے ہمیشہ کھلے، میرے جیسے تہی دامنوں کے لئے

جس جگہ بولنا فرض تھا اس جگہ ، میں نے جرمِ خموشی کیا بارہا
جو تھے منصور وہ رونقِ دار ہیں ،کیا ہے ارشاد ہم بزدلوں کے لئے

یہ گذارش ہے اے میرے چارہ گرا،اپنے نسخے میں لکھ ایک حرفِ دعا
ہاتھ ہے میرے مالک کا دستِ شفا،دل کے رستے ہوئے آبلوں کے لئے

ہم زمیں کی کشش میں تھے جکڑے ہوئے، خلد کو چھوڑ کر اس جگہ آبسے
نفرتیں ظلم وکینے یہاں عام ہیں یہ زمیں وقف ہے پستیوں کے لئے

وقت کے ہاتھ سے جو بھی چرکے لگے،رائگاں کب گئے ،شاعری میں ڈھلے
یہ امانت ہے محفوظ اوراق میں آنے والے نئے موسموں کے لئے

بہتے پانی پہ پابندیاں مت لگا،فکر کے طائروں پر نہ پہرے بٹھا
کوئی رستہ تو رہنے دے ظالم کھلا،میرے جذبوں کی جولانیوں کے لئے

سر ورق پر کہاں ڈھونڈتے ہو ہمیں،ہم سے گمنام زیرِ ورق بھی نہیں
ہم نہ عنواں،نہ حرفِ جلی، نہ متن ،ہم تو لکھے گئے حاشیوں کے لئے

عمرِ رفتہ کو دیکھا تو دھچکا لگا،چندبوسیدہ،بے روح ابواب ہیں
وہ بھی سیلن زدہ اور دیمک لگے، گویا رکھے ہیں آتش کدوں کے لئے

ساری رسموں رواجوں کی بخیہ گری، ایک جھٹکا لگا تو ادھڑجائے گی
ہم کو عرشی لباسِ جنوں چاہیے جو بنا ہے ہمیں من چلوں کے لئے

وڈیو میں آخری مصرعہ الگ طرح سے ریکارڈ ہے۔

51 thoughts on “ہم کو عرشی لباسِ جنوں چاہیے”

  1. ارشاد عرشی ملک صاحبہ
    آداب عرض ھے
    اتفاقاً کچھ تلاش کرتے ھوئے عالمی۔اخبار کے پیج پر پہنچ گیا۔ آپ کی شاعری انتہائی پراثر اور مقناطیسیت کی حامل ھے پہلا مصرعہ پڑھا تو پوری نظم پڑھنے پر مجبور ھوگیا۔ آپ کے ھر شعر پر داد و تحسین کے ڈونگر برساتے ھوئے ۔اس خوبصورت اور پراثر نظم کے دو اشعار اپنی وال پر آپ کے نام کیساتھ آویزاں کئے ھیں۔
    میری طرف سے اتنی خوبصورت دلوں میں اتر جانے والی اور سادہ ترین الفاظ میں کی گئی خوبصورت شاعری پر خراج تحسین و عقیدت قبول فرمائیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *