“جاننا اور ماننا”

“کچھ باتیں جاننے کے لیے ہوتی ہیں، اور کچھ ماننے کے لیے!
جہاں جانا جاتا ہے وہاں سوال نہ کریں تو جاننا فضول ہے۔
اور جہان مانا جاتا ہے، وہاں سوال نہیں کیا کرتے…. کہ یہ کیوں ہے یا وہ کیوں نہیں ہے!
بس مان لیا نا! یہی بڑی بات ہے. پھر جان خود بخود عطا ہو تی جاتی ہے.
جو لوگ سب جاننا چاہتے ہیں وہ کچھ بھی جانے بغیر چلے جاتے ہیں.
اور جن لوگوں نے بس مان لیا ان کو نہ صرف ایمان مل گیا پر آج ان کے ناموں پر یونیورسٹیاں قائم ہیں.”
یہ باتیں تھیں جو وہ فقیر بابا اکثر کیا کرتا تھا.
اور میرا اس سے جھگڑا ہوتا رہتا تھا.
کہ کہاں ہے خدا؟
ہے بھی یا نہیں؟
لیکن وہ کہتا تھا، “بابا مان لو، جان بعد میں عطا ھوگی…”
لیکن میں رکنے والا کہاں تھا؟ بابا کو بار بار یہی سوال کرتا. کہ آپ کہتے ہیں کہ سورج زمیں کے اطراف چکر کاٹتا ہے، لیکن ھم تو سائنس میں یہ نہیں پڑھتے! اصل میں تو زمیں سورج کا طواف کرتی ہے! پر بابا کہتا کہ “بیٹا! ایسا نہیں ہے….. بس جو قرآن پاک میں کہا گیا ہے وہ ہی صحیح ہے….. آج نہیں تو کل، لیکن سائنس بھی یہی کہے گی.”
لیکن میری وہ ہی بچکانہ حرکت.. بہت تنگ کیا اسے! اور جب ایک دن اسے تپا کہ رکھ دیا تب بولا: “آپ اپنے باپ کا نام تو بتادیں؟” میں نے بتادیا. تب وہ بولا: “اوئے کبھی اپنی ماں سے پوچھا کہ یہی ھے یا کوئی اور؟ اگر یہی ہے تو کیوں؟ جب ایک عورت نے جو تمہاری ماں ہے، اس نے جو کہا وہ مان لیا، بغیر جانے تو یہ لاکھوں رسول کروڑہا اولیاءاللہ کہ رہے ھیں کہ “وہ” ہے تو اس پر یہ جاننے کا بھوت کیوں؟….
یہاں بھی تو ثبوت مانگو نا؟”
اور میری بولتی بند ھوگئی.

6 thoughts on ““جاننا اور ماننا””

  1. بھیا میں آپ کو یہاں عالمی اخبار کے بلاگ کے حصے میں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، ایک واقعہ میرے ساتھ بھی ہوا تھا جب میں نویں تھا تو کسی نے مجھے ایک تفسیر کی کتاب تحفتا دی جب پڑہی تو کہیں پر لکھا تھا یہ زمین ایک بیل کے دو سینگوں پر کھڑی ہے بیل ایک سینگ ہلاتا ہے تو زلزلہ آتا ہے وہ دن اور آج کا دن پھر سے میں نے اس کتاب کو ہاتھ لگایا۔ اسی طرح ایک سوال میں نے ایک مولوی سے کیا تھا تو جواب کہا کہ تمہیں تو کسی مفتی کے گھر میں پیدا ہونا چاہیے تھا مگر جواب نہیں دیا۔

  2. اچھا بھلا میں آپ کو بلاگ لکھنے پر خوش آمدید کہوں؟ کبھی اپنے گھر آنے والے کو بھی خوش آمدید کہتے ہی؟ یہ تو آپکا اپنا بلاگ ہے۔جی آیاں نوں۔ فیاض جی۔ اب ہو گا ملاکڑا۔ آتے ہی چھا گئے ہو بھائی۔ کیا زبردست موضوع ہے۔اسے کہتے ہیں سائیں ایک ہزار پروفیسر کی اور ایک فقیر کی۔ دیکھو جی سوال کرنا اور سوالی ہونا دو الگ الگ باتیں ہیں۔ ہمارے معاشرے میں حاکموں سے لیکر عوام کی بڑی اکثریت تک سب کسی نہ کسی صورت میں سوالی ہیں مگر سوال کرنے والے خال خال ہیں۔
    مولائے متقیان ، باب العلم علی علیہ السلام مسجد کوفہ میں منبر پر ہر خطبے سے پہلے فرمایا کرتے تھے۔۔۔۔اب (موقعہ ہے) جو چاہو مجھ سے پوچھ لو پیشتر اس کے کہ مجھے نہ پاؤ۔ اس ذات کی قسم! جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے تم اس وقت سے لے کر قیامت تک کے درمیانی عرصے کی جو بات مجھ سے پوچھو گے میں بتاؤں گا۔”۔۔۔یہ مسلمان اس وقت بھی سوال نہیں کرتا تھا۔ مولا کا فرمان بھی ہے اور حضور کی حدیث بھی ہے کہ ”سوال آدھا علم ہے”۔ لیکن کئی ایسے کڑے مقامات ہیں جہاں سوال ساکت و جامد ہو جاتا ہے۔ سوال کی کوئی حیثیت ہی نہیں رہتی۔
    رہی بات ملا کی تو اسے تو سوال سے ایسے ڈر لگتا ہے جیسے مرگی کے مریض کو پانی سے۔

  3. فیاض عالمی بلاگ پر خوش آمدید!!!!
    ویسے اسلام میں جستجو کا بھی حکم ہے!!! اور اللہ کی نشانیوں پر غور کرنے کا بھی!!!
    صرف آنکھ بند کر کے سب کچھ مان لینے کا نہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ ہر بات کی کچھ شرائط ہیں!

  4. میں شعیب صفدر صاحب سے متفق ہوں، اسلام نے غور و فکر کرنے اور تحقیق و جستجو کرنے کا حکم دیا ہے، یہ حکم عقائد کے لیے ہے، دلائل، شواہد اور ثبوت مل جانے کے بعد جب جان لیا تو ماننا واجب ہو جاتا ہے، لیکن ۔ ۔ ۔
    احکامِ شریعت میں ماننا ضروری ہے، یہاں چون و چرا کی گنجائش نہیں، مثلاً فجر کی دو، مغرب کی تین اور باقی چار چار رکعات کی کیا وجہ ہے ؟ یہ سوال نہ صرف یہ کہ غیر ضروری بلکہ معقول بھی نہیں کہلائے گا۔
    پہلی جماعت کا ایک بچہ پہلے ہی دن مدرسہ آ کر استاد سے یہ بحث شرع کر دے کہ ” کیا دلیل ہے کہ یہ الف ہے اور وہ ب؟ وہ الف اور یہ ب کیوں نہیں؟” تو ایسے بچے کو استاد وہی جواب دے گا جو برادرم فیاض کے فقیر بابا نے انہیں دیا تھا کہ “بابا مان لو، جان بعد میں عطا ھوگی…”

  5. محترمی صفدر ھمٰدانی صاحب، اپنا ہی گھر ہے۔ ھم سب کا۔ سو گلے مل کر ایک دوسرے کو خوش آمدید کہینگے تو کوئی حرج نہیں۔ آپ کا احسان ہے یہ سب ۔
    رھی بات سوال یا سوالی کی تو سرکار، جواب دینے والا بھی کبھی سوالی بنا تھا۔ یہی فطرت ہے۔
    اب محترم شعیب صفدر اور عبدالمناف صاحبان کے لیے! صاحبو، آپ کا میں جھکے سر ممنون ہوں کہ ذرہ نوازی کی۔ جناب آپ بجا فرماتے ہیں۔ بلکل اسلام ہی واحد مالک کا عطا کیا مذھب ہے جس میں جاننے کے بہت سارے مواقع ہیں۔ جس کا نمونہ سرکار ھمٰدانی صاحب نے مولائے کائنات کا حوالہ اوپر دے دیاہے۔ رھی بات آپ کے غور وفکر کی تو حضرات آپ پھر بلاگ پڑھیں۔ فقیر سائیں کس بات کے لیے مصر تھے کہ پہلے مان لو، جان پھر عطا ہوگی ۔۔۔۔ عقیدے کی بات ہے حضور! پہلے مانا جاتا ہے، پھر جستجو انعام ہوتی ہے۔ کیونکہ جستجو خود بڑی عطا ہے۔ جو ماننے والوں کو ہی انعام میں ملتی ہے۔ اور ماننے کے لیے جاننا قطعا ً ضروری نہیں ہوتا۔

  6. قرآن پاک میں اللہ پاک کا ارشاد ہے کہ دانے اور گٹھلی کو پھاڑنے والا اللہ ہے۔ وہی زندہ کو مردہ سے نکالتا ہے اور وہی مردہ کو زندہ سے نکال لانے والا ہے۔ یہ ہے اللہ تو کہاں پھرے جاتے ہو؟ وہی صبح نکالنے والا ہے۔ رات کو سکون کی چیز اُسی نے بنایا ہے اور سورج اور چاند ایک حساب سے رکھے ہیں۔ یہ اُسی زبردست قدرت اور علم رکھنے والے کے ٹھیرائے ہوئے انداز ہیں۔ وہی ہے جس نے تمھارے لیے تارے بنائے تاکہ صحرا اور سمندر کی تاریکیوں میں اُن سے رہنمائی حاصل کرو۔ ہم نے اپنی نشانیاں اُن لوگوں کے لیے کھول کر بیان کر دی ہیں جو جاننا چاہیں۔

    وہی ہے جس نے تمھیں ایک جان سے پیدا کیا ہے، پھر ہر ایک کے لیے ایک جگہ قرار ہے اور اُس کے سپرد خاک کیے جانے کی جگہ بھی۔ ہم نے اپنی نشانیاں اُن لوگوں کے لیے کھول کر بیان کر دی ہیں جو سمجھنا چاہیں۔ وہی ہے جس نے آسمان سے پانی برسایا، پھر اُس سے ہر چیز کے انکھوے ہم نے نکالے، پھر اُس سے سرسبز شاخیں اٹھائیں جن سے ہم تہ بر تہ چڑھے ہوئے دانے پیدا کر دیتے ہیں۔ اور کھجور کے شگوفوں سے لٹکتے ہوئے گچھے (بھی اِسی سے پیدا ہوتے ہیں) اور انگوروں کے باغ اور زیتون اور انار بھی (ہم نے اِسی سے پیدا کیے ہیں)، جن کے پھل ایک دوسرے سے ملتے جلتے بھی ہیں اور الگ الگ بھی۔ (اِن میں سے) ہر ایک کے پھل کو دیکھو، جب وہ پھلتا ہے اور اُس کے پکنے کو دیکھو، (جب وہ پکتا ہے)۔ اِن کے اندر اُن لوگوں کے لیے بڑی غیر معمولی نشانیاں ہیں جو ماننا چاہتے ہیں۔

    ان آیات مبارکہ میں بھی اللہ پاک کا واضح فرمان اپنی نشانیوں کے جاننے اور پھر ماننے کی طرف ہے ۔۔۔۔

    جب یہ ثابت ہوا کہ ماننے کے لئیے پہلے جاننا ضروری ہے تو پھر ہم بغیر جانے کیوں اندھا دھند ماننا شروع کر دیتے ہیں ۔۔۔ کیوں یہ مٹی کے مادھو اور جاہل ملا ہمارے لئیے اتنے اہم ہو جاتے ہیں کہ ہم ان کا بیان کیا ہوا جانے بغیر ہی مان لیتے ہیں ۔۔۔۔۔۔ کچھ سوچئیے گا ضرور ۔۔۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *