ایک چمچ چینی؟

مشہور محاورہ ہے کہ اس کو چھٹی نہ ملی جس نے سبق یاد کیا؛ مگر آج کے اس ترقی یافتہ دور میں اسلامی جمہوریہ پاکستان میں یہ سب الٹ ہو گیا ہے مثلا بڑے بوڑھے کہتے تھے کہ پڑھو گے لکھو گے بنو گے نواب کھیلو گے کودے گے ہوگے خراب، اب پڑھنا لکھنا تو درکنار کھیل یی کھیل میں وہ بھی ہارنے کے باوجود لاکھوں کا انعام ملے ۔ ویسے بھی پڑھنے میں کیا رکھا ہے پہلے تو ڈگری چیک ہونے کا ڈر بھی تھا اب وہ بھی نہیں ہے ، اسمبلی کا ممبر بننے کے لیئے گریجویٹ کی شرط بھی ختم ہو گئی اور تیسری چیز ہے قائداعظم کی تصویر والے کاغذ ، جب تک جیب میں یہ باقی ہے تب تک کوئی کام رک نہیں سکتا۔ اسی بات پر ایک واقعہ یاد آگیا آپ سب بھی سنئےاور سر دھنیئے۔
گذشتہ دنوں کی بات ہے ھمارے ایک دوست کا کام کسی سرکاری ادارے میں پھنس گیا وہ صاحب بہت پریشان ہوئے کہ کس طرح اس کام کو حل کیا جائے جب کہ انہوںنے سنا ہوا تھا کا اس ادارے کا اعلٰی افسر رشوت نہیں لیتا اور بہت ہی متقی اور پرہیزگار بندہ ہے۔ بالآخر ایک دن وہ اس افسر کے پاس پہنچ گئے سلام دعا کے بعد انہوں نے تمام احوال سنا اور کہا کوئی بات نہیں ابھی ہوا جاتا ہے کچھ دیر انتیظار فرمایئے ھم چائے پی کر آپ کا کام کردیں گے ھمارے دوست (احمد صاحب) کہاں ٹہرنے والے تھے جھٹ پول پڑے چائے ھماری طرف سے ہوگی ۔ افسر موصوف نے کہا چلیں پھر ایسا کریں کہ ھم آپ کا کام کرتے ہیں اور آپ ھمیں چائے نیچے روڈ پر بنے کیبن سے بھجوادیجئے بس اس کو کہیئے گا کہ چینی ایک چمچ وہ سمجھ جائے گا ، بھائی احمد کام ہوجانے کی خوشی میں چل پڑے نیچے آکر انہوں نے چائے کا آڈر دیا چائے والے نے پوچھا کہ چینی کتنے چمچ انہوں نے کہا کہ ایک چمچ بتایا ہے چائے والے نے کہا کہ دس ہزار روپے دے دیں ۔ اس اچانک مطالبہ سے احمد بھائی کی تو حالت عجیب تھی کاٹو تو بدن میں خون نہیں سر پکڑ کر بیٹھ گئے اب اس مقام پر کھڑے تھے کہ انکار بھی نہیں کرسکتے تھے اور اقرار کی ھمت نہیں تھی بہرحال ھم اور ھمارے ایک اور دوست نے ان کو سنبھالا اور اس ایک پیالی چائے کی قیمت ادا کی تاکہ ان کا کام پایۂ تکمیل کو پنہچے، ھم حیران تھے کہ کس طرح ایک کام بغیر رشوت کے ہوگیا ھمارے وھم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ اس قدر خفیہ اور مبہم طریقے سے رشوت کھانے کا سامان بھی ہو سکتا ہے ۔

13 thoughts on “ایک چمچ چینی؟”

  1. جناب جعفرحسین بھائ ، سلامت رھیں

    ایک چمچ چینی =10000روپیز ۔ اس میں حیرانی کیسی مملکت خداداد میں رشوت خوری اور حرام خوری کی وبا نے ھر ایک کو اپنی گرفت میں لے لیا ھے۔ دھیرے دھیرے بدی، آھستہ آھستہ نیکی کےچراغوں کو گل کررھی ھے ۔کچھہ رشوت خور کھلے عام رشوت لیتے ھیں اور کچھہ چھپ چھپا کر یہ کام کررھے ھیں ۔جیسے حالات ھیں اس کو دیکھتے ھوۓ کہا جاسکتا ھے کہ ابھی اس موذی مرض کا کو‏ئ علاج دریافت نیہن ھوا ھے ، اللہ کرے کوئ روحانی حکیم اس مرض کو ختم کرنے کا طریقہ بھی بتاۓ ۔

  2. السلام علیکم
    محترم جناب جعفر حسین صاحب ، ایسے واقعات اس سے پہلے بھی بہت سنے ہیں ، اور ہر ایک نرالہ ہی ہوتا ہے ، اللہ ہمیں اور ہمارے بھائیوں کو ہدایت دے ، اب اس سے زیادہ کیا کہا جاسکتا ہے ۔
    آصف احمد بھٹی

  3. جعفر بھائی قوموں پر یونہی تو عذاب نازل نہیں ہوا کرتے .. جو آج کل ہو رہا ہے اور جو ہوتا نظر آتا ہے اس کے پس منظر میں ایک نہیں کئی چائے کے چمچے ہیں جو اللہ کے غضب کو روزانہ آواز دیتے ہیں .. قانون قدرت اور فطرت کبھی نہیں بدلا .. گھن کے ساتھ گہیوں کو پسنا ہی ہوتا ہے .. سو ہم چائے کے ساتھ کبھی گھل رہے ہیں توکبھی گھن کے ساتھ پس رہے ہیں .. اللہ کریم و رحیم ہی کا آسرا ہے جو ہم بے سہاروں پر کرم فرما دے ..آمین

  4. کسی کا شعر شائد یوں ہے کہ :
    مکتبِ عشق کا دستور نرالا دیکھا
    اس کو چھٹی نہ ملی جس نےسبق یاد کیا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    آج سی این این نے یہ خبر سنائی ہے کہ بھارت میں کئی جعلی سند والے پائلٹ (مسافروں کے ) ہوائی جہاز وں کو اڑاتے ہو ئے پکڑے گئے ہیں ۔ ان کی تربیت دینے والے اداروں کے منیجروں نے اقرار کیا کہ حکومت کے متعلقہ شعبے کی افسران بھی “ایک چمچ چینی “ کے بدلے میں جعلی پائلٹوں کے لائسنس اجرا کرتے ہیں۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    شائد پاکستان میں بھی اسی قسم کے “ایک چمچ چینی “ والے پائلٹ اپنے اپنے کاموں میں مشغول ہیں۔ یہ بات تفتیش طلب ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    دوسرے ممالک میں بھی کم و بیش اس قسم کی وبا ضرور پھیلی ہوئی ہے مگر پاکستان کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے جہاں حاجیوں تک کو نہیں بخشا جاتا ۔
    ۔۔۔۔۔
    “خدا وندا یہ تیرے سادہ دل بندے کدھر جائیں
    کہ درویشی بھی عیاری ہے سلطانی بھی عیاری “
    اقبال
    ۔۔۔۔۔۔۔
    حعفر حسین صاحب کا انداز بیاں بہت ہی خوب ہے ۔ بڑے دنوں کے بعد ایسے لطیف انداز میں اس قدر سنجیدہ قصہ پڑھنے میں آیا ۔

  5. اسلام علیکم دوستو اللہ آپ سب کو خوش رکھے ۔
    بات بالکل صحیح ہے کہ کچھ نیا نہیں ہے مگر نہ معلوم کیوں ایسی باتیں پڑھ کر دکھ اتنا ہی شدید ہوتا ہے جتنا کسی پہلی رشوت کی خبر پر ہوا تھا ،بلکہ شاید یہ قصہ پڑھ کر تو درد کچھ سوا ہو گیا ہے ۔
    کہ ہم کسی تعمیری کام میں نئی سوچیں نہیں لارہے بلکہ رشوت کے نئے نئے انداز اپنا رہے ہیں ،اب افسوس کہنے کو بھی دل نہیں چاہتا ،
    کاش ہم میں ایسے سورما پیدا ہوں جو ایک چمچی چینی ڈالنے کے بجائے ایسی جگہ سے اپنی فائل اُٹھا لائیں ۔بس جس دن ہمارے اندر یہ ہمت آگئی ہم ایسے متقیوں ایسے پرہیز گاروں سے شاید نجات پالینگے ۔ سوچنے میں کیا حرج ہے ؟
    بہت اچھے پیرائے میں بہت تکلیف دہ بات کی نشاندہی کی ہے ۔ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔
    گو دعا بہت پرانی ہے مگر بقول میرے محترم شمس جیلانی بھائی اس کے بعد اور کسی نے اس سلسلے میں کچھ کہا ہی نہیں اس لئے جعفر حسین بھائی کے لئے یہ ہی دعا خلوصِ دل سے پیش کر رہی ہوں ۔
    عالم آرا

  6. چہرہ بہت ھی سادہ ھے دل میں فتور ھے
    کیا کہیے کہ جس طرف نظر اٹھاؤ ایک کرپشن آندھی وطوفان برپا کیئے ھوئے ھے یہ وہ دور ھے جب انسان اپنے آپ سے شرمندہ ھےھم وہ
    قوم ھیں ھر بد اور بیکار چیز پر خوب صورت ریپر چڑھا کر اسے مرکزی مقام دیتے ھیں اور اس میں سر فہرست ھمارے معاشرے کا انسان ھے جسکو ھم کردار کی کسوٹی کے بجائے اسُکی شان وشوکت کو ترجیح دیتے ھیں اس نے یہ شان وشوکت کیسے بنائی رشوت لوٹ مار کی
    کسی کے حق کو غصب کیا ھمیں کچھ لینا دینا نہیں برے کو برا نہ سمجھنے کی عادت نے ھمیں تباہی کے اس کنارے پر لا کر کھڑا کر دیا کہ
    نیکی وبدی کی پہچان مٹ گئ ھمارے یہاں خود بھی کھاؤ اور دوسرے کو بھی کھانے دو کے فلسفے نے یہ رشوت کا بازار گرم کیا ھے کسی
    اصول پسند نیک آدمی کو تو ھم برداشت ھی نہیں کرتے یہ جملہ اکتر سننے کو ملتا ھے ارے فلاں صاحب جب تک سیٹ پر ھیں نہ خود کھائیں
    گے نہ کھانے دیں گے تو ابھی تو شوگر فری کے ریٹ کا انتظار کیجئے

  7. کتنی صحیح حقیقت لکھی ہے ،زرّہ برابر بھی شک کی گنجائش نہیں ہے ،اب سے 30 برس پہلے میرے ساتھ یہی واقعہ پیش آ یا ،گھر میں بجلی کا کچھ ایسامسئلہ چل رہا تھا کہ کچھ دیر کے لئے بند ہوجاتی اور پھر خود بخود آجاتی تھی ،میرے شوہر صاحب نے اپنے ایک دوست کی معرفت سے محکمے میں بات کی ایک صاحب آئے اور میٹر پر کچھ دیکھ بھال کر چلے گئے ،مسئلہ اور بڑھ گیا کہ کچھ سہولت سے بھی گئے ،میرے شوہر نے پھر دوست سے بات کی تو دوست صاحب کہنے لگے کیا آپ کی مسز نے ان کی چائے کا بندوبست نہیں کیا تھا ،
    پھر ہم نے ان کی چائے کا معقول بندوبست کیا تب جا کر ہم بجلی کی سہولت سے فیضیاب ہوئے ،،
    ہمارے دین میں رشوت دینا اور لینا دونوں کتنے بڑے جرم ہیں مگر ہم کیا کریں کہ رشوت دینے کے اس گناہ میں نا چاہتے ہوئے بھی ملوّث ہوتے ہیں اللہ پاک ہم پر رحم کرے

  8. محترم جناب جعفر صاحب ،

    گریجوایشن کے بعد میں نے اپنی فیلڈ میں برطانیہ رہنے کے ہزار جتن کئے مگر ٹوری سرکار ، تب مارگریٹ تھیچر کی سربراہی میں ٹوری پارٹی بر سرِ اقتدار تھی ، نے ایک نہ چلنے دی ۔ بالآخر قسمت نے ساتھ دیا مجھے یہاں برمنگھم قونصلیٹ میں نوکری مل گئی ، جو جلد ہی چھوڑ کر میں واپس پاکستان چلا گیا تھا ۔ ساتھ کام کرنے والوں میں دو سٹاف ممبرز بڑے چلتے پرزے اور اہم ڈیوٹیوں پہ مامور تھے ۔ وہ دونوں جب بھی کاغذات وصول کرکے ایک دوسرے کے حوالے کرتے تو بڑے رازدارانہ لہجے میں ایک دوسرے کو بتایا کرتے کہ ان پہ ’ گول مہر لگ چکی ہے ‘ ۔ اور یہ گول مُہر بھی ’ ایک چمچ چینی ‘ ہی تھی جسے ہم نے کبھی ’ سیوا ‘ ، کبھی ’ عیدی ‘ ، کبھی ’ چائے پانی ‘ ، کبھی ’ قائدِ اعظم ‘ تو کبھی ڈھٹائی سے ’ ھذا من فضل ربی ‘ کہہ کر سرکاری ملازمین کو بدنام کیا لیکن کبھی گریبان میں نہ جھانکا کہ یہ کینسر پھیلانے کا ذمے دار کون ہے ؟

    اور آپ نے بھی یہ کہہ کر خود ہی اس کی نشاندہی بھی کر دی ہے کہ ، ” قائداعظم کی تصویر والے کاغذ ، جب تک جیب میں یہ باقی ہے تب تک کوئی کام رک نہیں سکتا “

    بس یہی ہے اس ’ ایک چمچ چینی ‘ کا راز ، کہ سارا معاشرہ جس کا خود ذمہ دار ہے ۔ جب لوگ دوسرے کی حق تلفی ، دوسرے کو پیچھے دھکیل کر خود پہلے بھگتائے جانے ، ناجائز کو جائز کروانے، غلط کو صحیح اور صحیح کو غلط ثابت کرنے کو کوئی عار نہ سمجھیں تو چہار سُو ’ ایک چمچ چینی‘ کے بازار کھل جاتے ہیں ۔ اوپر سے جب حکمرانوں کے منہہ میں بھی ’ ایک چمچ چینی ‘ ہی بھر جائے تو شوگر کے اس موذی مرض کو پھیلنے سے کون روک سکتا ہے ؟

    محترمہ عالم آراء صاحبہ نے کیا خوبصورت بات کی ہے کہ ، ” کاش ہم میں ایسے سورما پیدا ہوں جو ایک چمچی چینی ڈالنے کے بجائے ایسی جگہ سے اپنی فائل اُٹھا لائیں “

    برائی کے خاتمے کے لئے برائی سے جہاد کی ضرورت ہے ۔ اگر ہم نمبروں کا کاروبار ترک کردیں ، جعلی ڈگریوں کے پیچھے بھاگنا چھوڑ دیں ، دوسرے کی حق تلفی نہ کریں ، اپنے ناجائز کام کی خاطر دوسرے کا جائز کام نہ بگاڑیں ، اپنے غلط کو دوسرے کے صحیح پہ فوقیت دینا چھوڑ دیں اور معلم کو نبمر بیچنے ، عالم کو فتوے بیچنے ، قانون دان کو قانون بیچنے ، قاضی کو عدل بیچنے ، ڈاکٹر کو پیشہ بیچنے اور سرکاری ملازم کو اپنی ڈیوٹی اور فرض بیچنے پہ مجبور نہ کریں تو یقین کریں کہ چائے بھی ’ ایک چمچ چینی ‘ کی بجائے ’ ٹی وِد آؤٹ شوگر ‘ ہوجائے ۔

  9. شاہین باجی سلامت رہیں
    آپ نے بجا فرمایا اس مملکت خداداد میں کچھ بھی ہوسکتا ہے آپ کی اس دعا پر ”اللہ کرے کوئ روحانی حکیم اس مرض کو ختم کرنے کا طریقہ بھی بتاۓ “ آمین کہتے ہیں
    —————————————-
    نگھت آپی آپ نے بھی کیا خوب کہا ہے
    قوموں پر یونہی تو عذاب نازل نہیں ہوا کرتے . اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم رحمت اللعالمین نہ ہوتے (معاذاللہ) تو اس قوم پر بھی اللہ کا عذاب نازل ہو چکا ہوتا دوسری قوموں کی طرح۔
    ————————————-
    منظور قاضی بھائی سدا خوش رہیں ۔ شکریہ ھماری بے تکی باتیں پسند کرنے کا اور یہ بالکل درست ہے کہ پاکستان کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے کہ یہاں حاجیوں تک کو نہیں بخشا جاتا ۔
    ——————————
    عالم آرأ بہن سلامت رہیں کاش ۔۔۔۔ کاش ایسا ہو جائے ”کاش ہم میں ایسے سورما پیدا ہوں جو ایک چمچی چینی ڈالنے کے بجائے ایسی جگہ سے اپنی فائل اُٹھا لائیں ۔بس جس دن ہمارے اندر یہ ہمت آگئی ہم ایسے متقیوں ایسے پرہیز گاروں سے شاید نجات پالینگے“ ۔

    بہت شکریہ اتنی دعاؤں کا آپ سب کی دعا سے ہی بندہ ناچیز کچھ کہنے کی جسارت کرلیتا ہے ورنہ اس طفلِ مکتب کی کہاں اتنی ھمت کہ عالمی اخبار کے جید قلم کاروں اور بہترین نقادوں کے سامنے قلم اٹھا سکے
    ——————————————
    فاطمہ ابرار صاحبہ آپکا کہنا بھی بجا ہے کہ ”برے کو برا نہ سمجھنے کی عادت نے ھمیں تباہی کے اس کنارے پر لا کر کھڑا کر دیا“
    برے کی برائی کو آگے بتانا چاہیئے تاکہ دوسرے اس سے بچ سکیں
    —————————————————–
    سّیدہ زائرہ بجو اسلام علیکم
    آپ نے درست فرمایا کہ ہمارے دین میں رشوت دینا اور لینا دونوں کتنے بڑے جرم ہیں مگر ہم کیا کریں کہ رشوت دینے کے اس گناہ میں نا چاہتے ہوئے بھی ملوّث ہوتے ہیں
    ھمارے ساتھ بھی ایک ایسا ہی واقعہ رونما ہوچکا ہے 7 سال پہلے کی بات ہے ھم نے اپنا گھر تبدیل کیا تھا ھم نارتھ کے علاقے سے گلشن کے علاقے میں سکونت پذیر ہوئے ، یہاں پر آکر فون کے لیے درخواست جمع کروائی ، ڈیمانڈ نوٹ آگیا چالان جمع کروا کر متعلقہ محکمہ میں جمع کروادیا ۔ دو دن بعد فون والے آئے کہ ھم فون لگانے آئے ہیں ھم سے ڈیمانڈ نوٹ اور شناختی کارڈ کی کاپی مانگی ھم نے دے دی تو فرمانے لگے بس آپ لال کا انتظام کردیں تو آپ کی لائن کھل جائے گی ان دنوں گرمی کے دن تھے ھم نے جھٹ لال شربت بنوا دیا کہنے لگے یہ وہ لال نہیں ہے تب ھم نے ان کو لال کاغذ (سو سو کے نوٹ) دیئے اسی دن شام کو ھمیں نمبر مل گیا مگر اس لال نوٹ کا اثر یہ ہوا کہ جب تک وہ لائن مین اس علاقے میں رہا ھمارا فون کبھی خراب نہیں ہوا
    ———————————————-
    محترم کیانی صاحب سو فیصد درست ہے کہ
    سارا معاشرہ اس رشوت بازار کا خود ذمہ دار ہے ۔ جب لوگ دوسرے کی حق تلفی ، دوسرے کو پیچھے دھکیل کر خود پہلے بھگتائے جانے ، ناجائز کو جائز کروانے، غلط کو صحیح اور صحیح کو غلط ثابت کرنے کو کوئی عار نہ سمجھیں تو چہار سُو ’ ایک چمچ چینی‘ کے بازار کھل جاتے ہیں ۔ اوپر سے جب حکمرانوں کے منہہ میں بھی ’ ایک چمچ چینی ‘ ہی بھر جائے تو شوگر کے اس موذی مرض کو پھیلنے سے کون روک سکتا ہے ؟
    مگر اب تو عالم یہ ہے کہ ہر وہ شخص جو کسی اھم مسند پر براجمان ہے کچھ لیے دیے بغیر کام کرنے کو تیار ہی نہیں ہے یہ رشوت کا ناسور اس پوری قوم کی رگوں میں پھیل چکا ہے جسے بقول شاہین باجی کے کہ کوئ روحانی حکیم ہی اس مرض کو ختم کرنے کا طریقہ بھی بتا سکتا ہے
    کاش ہم اپنے نفس سے بیگانے ہو کر صرف اور صرف آخرت کی فکر کریں؟؟؟؟؟

  10. اسلام علیکم دوستو اللہ ہماری اآوازوں کو وہ گونج عطا کرے جو معا شرے کے ناصوروں کو ختم کرنے میں مدد گار ہو آمین ۔
    پاکستان میں رہہنے والے لوگوں میں شاید ہی کوئی ایسا ہو جو ان گِدھوں سے بچا ہو ۔بڑے معاملات تو ایک طرف چھوٹے چھوٹے کاموں میں بھی یہ لعنت موجود ہے ،اور بقول بجو کے ہم سب اس گناہ کو جانتے ہوئے بھی اس سے بچ نہیں پاتے ۔
    معا شرتی اقدار جس تیزی سے ختم ہو رہی ہیں اس کے پیچھے وہ سوچ ہے جو ہمیں تباہ کرنے پر تلی ہے ۔پہلے گھروں سے سبق ملتا تھا کہ قناعت اور ایمانداری مسلمان کا خاصہ ہے ،اب ہم دیکھتے ہیں کہ بچوں میں بس کسی بھی صورت اچھی سے اچھی پر تعیش ذندگی گزارنے کا رحجان پیدا کیا جا رہا ہے ، اور یہ تمیز مٹ رہی ہے کہ یہ عیش کس طرح حاصل کیا جا رہا ہے ،
    مجھے لگتا ہے کہ جب تک ہم اُس تعلیم کی طرف متوجہ نہیں ہونگے جو اخلاق اور کردار سنوارنے کے لئے ہو ،ہم ان ازیتوں سے گزرتے رہینگے ،اور اس کا بوجھ ہم سب ہی اُٹھائینگے ۔
    مجھے خوشی ہے کہ کم از کم ہم اآواز تو اُٹھاتے ہیں اور کہتے ہیں آوازیں جب بہت ساری اٹھیں تو ایسا شور بن جاتی ہیں کہ اسے ہر کوئی سنتا ہے ۔
    اللہ ہمیں ایسی ازیتوں سے بچنے کی توفیق عطا کرے ۔آمین
    عالم آرا

  11. کاش ہم بجلی سے بیگانے ہوکر صرف اورصرف اپنی آخرت کی فکر کریں
    کاش ہم پانی سے بیگانے ہوکر صرف اور صرف اپنی آخرت کی فکر کریں
    اے کاش ہم کو پاکستان کے بجائے جنّات کی بستیوں میں پیدا کیا ہوتا
    یا ہم کوسر بہ فلک کرّو بیاں کی صف میں اللہ اللہ کرنے کو ڈ ال دیا ہوتا
    توآج ہم بھی پاکستان کے غلام بادشا ہوں کے غلام بن کر دنیا کی علّتوں میں گرفتار نا ہوتے

  12. و علیکم واسّلا م میرے بیٹے جعفر حسین
    بیٹا انسانی ضروریا ت اور نفس فطرت کی بلکل جدا صورتیں ہیں انسان اپنے نفس کے تمام تقاضوں کو اپنے حالات کے مطا بق تابع کر کے چل سکتا ہے ،مثال کے طور پر ایک کنسرٹ میں آپ کو شرکت کا بلاوہ آیا ہے اور آپ کا دل بھی بہت چاہ رہا بڑے اچھّے سنگرز آ رہے ہیں یہ بھی آپ کو معلوم ہو چکا ہے،،،،
    مگر ایک مرتبہ دل کو یہ ترغیب مل گئ ہے کہ گانا سننا ،گانا گانا سب کچھ گنا ہ ہے تو بس آ پ اپنے نفس کو فوراً سمجھا لیں گے کہ وہاں جانا ٹھیک نہیں ہے تو آپ کے اندر کی بے چینی خود بہ خود ہی دور ہو جائے گی اور آپ پرسکون ہو جائیں گے
    لیکن ضروریا ت کو نفسانی خواہشات میں شامل نہیں کیا جاسکتا ہے ہاں ترجیحات بدلتی رہتی ہیں ہمارے وقت میں لائٹ نہیں تھی تو ہم لا لٹین کی روشنی میں ہی لکھنے پڑھنے کے عادی تھے ،سردی گرمی کا ہر موسم لائٹ کے بغیر ہی تھا ان حلا ت میں بھی جینے کے سامان تھے ،،
    قررتی گیس نہیں تھی تب بھی کھانا پک رہا تھا ،
    لیکن ہوتا یہ ہے کہ انسان مزاجی طور پر حالات کے سانچے میں ڈھل جاتا ہے اب ہم سہولتوں کے سانچے ڈھل گئے ہیں ،دستبردار نہیں ہو سکتے ہیں اور جب ہمارے لئے جائز حصول زرائع مفقود کر دئے گئے ہیں تو ہم ناجائز کے زریعے کا م کرنے پر مجبور ہیں
    خدا ہمارے حال پر رحم کرے کہ ہم میں وہ برائیاں در آئ ہیں جن کے سبب قومیں نابود ہو جایا کرتی ہیں

  13. اسلا م و علیکم
    جعفر بھائ کیسے ہیں. پہلے تو یہ دعا کرنی چا ہیے کہ اللہ ایسے لوگوں کو ھدایت دے ورنھ ایسے لوگ ایک چمچ چینی کھا کر شوگر سے مریں…….آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *