25 اگست کو لگنے والے اس بلاگ کو مقبولیت کی وجہ سے ایک بار پھر سر فہرست لایا جا رہا ہے۔۔۔۔انتظامیہ
نعت صلعم ( از جوش ملیحآبادی )
اے مسلمانو مبارک ہو نویدِ فتح یا ب
لو وہ نازل ہورہی ہے چرخ سے ام الکتاب
وہ اٹھے تاریکیوں کے بامِ گردوں سے حجاب
وہ عرب کے مطلعِ روشن سے ابھرا آفتاب
گم ضیائے صبح میںشب کا اندھیرا ہوگیا
وہ کلی چٹکی ، کرن پھوٹی سویرا ہوگیا
خسروَ خاور نے پہنچا دیں شعائیں دور دور
دل کھلے شاخیں ہلیں ، شبنم اڑی ، چھایا سرور
آسماں روشن ہوا ، کانپی زمیں پر موج ِ نور
پَو پھٹی ، دریا بہے، سنکی ہوا ، چہکے طہور
نورِ حق فاران کی چوٹی کو جھلکا نے لگا
دلبری سے پرچمِ اسلام لہرانے لگا
گرد بیٹھی کفر کی ، اٹھی رسالت کی نگاہ
گرگئے طاقوں سے بُت، خم ہوگئی پشتِ گناہ
چرخ سے آنے لگی پیہم صدائے لا الہٰ
ناز سے کج ہوگئی آدم کے ماتھے پر کلاہ
آتے ہی ساقی کے ، ساغر آگیا ، خم آگیا
رحمتِ یزداں کے ہونٹوں پر تبسم آگیا
آگیا جس کا نہیں ہے کوئی ثانی وہ رسول (ص)
روحِ فطرت پر ہے جس کی حکمرانی وہ رسول ( ص)
جس کا ہر تیور ہے حکمِ آسمانی وہ رسول ( ص)
موت کو جسن بنا یا زندگانی وہ رسول (ص)
محفلِ سفاکی و وحشت کو برہم کردیا
جس نے خون آشام تلواروں کو مرہم کردیا
فقر کو جس کے تھی حاصل کج کلاہی وہ رسول (ص)
گلہ بانو ں کو عطا کی جس نے شاہی وہ رسول ( ص)
زندگی بھر جو رہا بن کر سپاہی وہ رسول ( ص)
جس کی ہر اک سانس قانونِ الٰہی وہ رسول (ص)
جس نے قلبِ تیرگی سے نور پیدا کردیا
جس کی جاںبخشی نے مُردوں کو مسیحا کردیا
واہ کیا کہنا ترا اے آخری پیغامبر
حشر تک طالع رہے گی تیرے جلووں کی سحر
تونے ثابت کردیا اے ہادیء نوعِبشر
مرد یوں مہریں لگا تے ہیں جبین ِ وقت پر
کروٹیں دنیا کی تیرا قصر ڈھا سکتی نہیں
آندھیا ں تیرے چراغوں کو بجھا سکتی نہیں
تیری پنہا ں قوتوں سے آج بھی دنیا ہے دنگ
کس طرح تو نے مٹا یا امتیازِ نسل و رنگ
ڈال دی تونے بِنائے ارتباطِ جام و سنگ
بن گیا دنیا میں تخیل ِ اخوت ذوقِ جنگ
تیرگی کو روکشِ مہرِ درخشاں کردیا
تونے جس کانٹے کو چمکا یا گلستا ں کردیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں اس بلاگ میں نعتو ں کا سلسلہ شروع کررہا ہوں ۔ کوشش یہی ہوگی کہ معروف شعرا کی نعتیں پیش کروں ۔
اگر کوئی قاری اس بلاگ میں اپنی یا کسی معروف شاعر کی نعت شامل کرے تو ا س بلاگ کی رونق اور افادیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
میں امید کرتا ہوں کہ زرقا مفتی صاحبہ اور امین ترمذی صاحب اور تلمیذ فاطمہ صاحبہ ان نعتوں میں لکھے ہوئے مشکل الفاظ ، استعارات اور تلمیحات کی تشریح فرما کر تمام پڑھنے والوں کےعلم میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ اس طرح ہم سب کو نہ صرف صحیح اردو سیکھنے اور سکھانےکا موقعہ ملے گا بلکہ تاریخ ِ اسلام کو بھی سمجھنے کا موقعہ ملے گا۔
میرے خیال میں اس طرح ہم سب کے ذہن ایک دوسرے کی اردو پر نکتہ چینی کی بجائے ” صحیح ” اردو پر توجہ دے سکینگے ۔
یہ ایک تعمیری اور مثبت بلا گ ہے ۔ انشااللہ اس مقدس مہینے ( رمضان ) میں اور اسکے بعد بھی ہم سب اس بلاگ کے علم سے مستفید ہوسکینگے ۔
فقط :
ایک سیدھا سادہ مسلمان
منظور قاضی از جرمنی

آںجہا نی جنا ب پرو فیسر جگن ناتھ آذاد تلوک چند محروم کے خلفِ رشید تھے
ا س بلاگ کی ابتدا میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے اپنی طرف سے دو مرتبہ رسولِ مقبول ( صلعم ) پر اپنی نعت کے پھول پیش کیے ، اب اس بلا گ میں مزید خواتین کے نعتیں پیش کی جاتی ہیں: اگر کوئی شاعرہ محترمہ اس بلا گ کو پڑھ رہی ہیں اور اگرانہوں نے کوئی نعت لکھی ہو تو وہ اس بلا گ مین شامل کرکے اس بلاگ کی رونق میں اضافہ کرسکتی ہیں:
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عزیزجہاں ادا جعفری بدایونی کی لکھی ہوئی نعت کے چند اشعار :
یہ حسنِ نواز ش ، یہ اوجِ سعادت
یہ دل اور مجالِ سلامِ عقیدت
یہ سر اور دہلیز ِ سرکارِ عالم
یہ جاں اور جمالِ حریمِ محبت
یہی آستاں ، آستانِ تمنا
یہی رہگذر ہے خیابانِ جنت
ادھر چشمِ پُر آب آئینہ ساماں
ادھر ناز فرما ہے طغیانِ رحمت
تری یاد دل کو متاعِ گرامی
ترا نام لب پر کمالِ عبادت
چراغاں چراغاں نقوشِ کفِ پا
یہی ماہ تاباں یہی مہر طلعت
یہی حرفِ اول یہی حرفِ آخر
بہ تعبیرِ قرآں زبانِ صداقت
شہِ دین و دنیا نگاہِ ترحم
نگاہِ ترحم ! سپہرِ نبوت
یہ ناز ِ نوازش ، یہ شانِ عنایت
عطا ہوپھر اذنِ سلامِ عقیدت
مظہر انسا سعیدہ عروج مظہر کی لکھی ہوئی نعت کے چند اشعار :
کس نے کھولی ہے زباں کون ہو ا دل کا قریں
کیسی آواز ہے ؟ کیوں بھیگ رہی ہے یہ جبیں ؟
کس نے چھیڑی ہے یہ لئے ، لحنِ عرب میں یارب
جھنجھنا کر جو اٹھی روح مری بہرِ ادب
کوئی یوں بول رہا ہے رگِ جاں کے اندر
جیسے الفاظ ہوں پوشیدہ زباں کے اندر
دست بستہ ہیں ، جھکا ئے ہوئے سر محفل میں
چیخ بن جائے گر ے سوئی اگر محفل میں
کس کی آمد ہے کہ خوشبو کی لپٹ آتی ہے
جسم میں روح کے گلزار کو چٹکا تی ہے
سنسنا ہٹ سی ہے دل جھوم رہا ہو جیسے
نام ( ص) جو لب پہ ہے دل چوم رہا ہو جیسے
میرے مولا ( ص) ، مرے آقا(ص) ، مرے سرور (ص) صدقے
جان و دل صدقے ترے پاوں پہ یہ سر صدقے
وحیدہ نسیم کی لکھی ہوئی نعت کے چند اشعار:
لفظ قرآن کے، تری تحسین
تو ہی طٰہٰ ہے اور تو ہی یٰسین
تو مزمل ہے تو مدثر ہے
تو ہی طیب ہے تو ہی طاہر ہے
تو ہی تکمیل ہے نبوت کی
تو ہی معراج آد میت کی
سرِ منبر تو انبیا کا امام
تجھ پہ بھیجے ہیں تیرے رب نے سلام
نغمہ ء سرمدی پیام ترا
سِدرتہ المنتہیٰ مقام ترا
صاحب تاج صاحبَ معراج
ہم نگاہِ کرم کے ہیں محتاج
ایک وضاحت:
جناب امین ترمذی صاحب نے آج مجھے ٹیلیفون پر یہ بات کہی کہ ابجد کے عددوں کے حساب کو علم ِ جُمل کہا جاتا ہے ۔
قارئین کو یاد ہوگا کہ میں نے اپنے تبصرےمیں ابجد کے عدود کی قوت کے علم کو علمِ رمل کہا تھا اس لیے کہ لغت میں رمل کو ہندسوں کے زریعہ غیب کی بات دریافت کرنےکے علم کو علم رمل بتا یا گیا ہے۔
ترنذی صاحب کی تصحیح کا شکریہ۔ اس لیے کہ ابجد کے عدود کے حساب کو علم جُمل ہی کہا جاتا ہے علم رمل نہیں ۔
نعت رسول مقبول از سعد اللہ شاہ
یقین کچھ بھی نہیں ہے ، گمان کچھ بھی نہیں
جو تو نہیں ہے تو سارا جہا ن کچھ بھی نہیں
ترے ہی نام سے پہچان ہے مرے اقا
وگرنہ اپنا تو نام و نشان کچھ بھی نہیں
لبوں پہ نام ۔ محمد (ص) ہے زمزمہ پیرا
ہمارے فکر کی ورنہ اڑان کچھ بھی نہیں
ترے ہی دم سے منور ہیں بام و در دل کے
جو تو نہیں ہے مکیں تو مکان کچھ بھی نہیں
تجہی سے پائ ہے تہذیب آدمیت نے
وگرنہ خاک ہے یہ خاک دان کچھ بھی نہیں
یہ پیارا نام لہو میں اگر نہیں ہے رواں
یہ جسم کچھ بھی نہیں ہے یہ جان کچھ بھی نہیں
دل و زباں پہ رہے بس ہمیشہ صل ۔ علیٰ
وگرنہ سعد یہ دل اور زبان کچھ بھی نہیں
نعت رسول مقبول از سعد اللہ شاہ
عدود کی بجاے اعداد پڑھیے : شکریہ
ماشااللہ ، جزاک اللہ سعد اللہ شاہ کی تحریر کردہ نعت کو مسعود قاضی نے شامل کرکے اس بلاگ کی رونق کو اور بڑھادیا ۔
یہ بلاگ اس عظیم شخصیت ( ص) کے متعلق ہے جس کے متعلق سعداللہ شاہ نے صحیح کہا ہےکہ:
ترے ہی نام سے پہچان ہے مرے آقا (ص)
وگرنہ اپنا تو نام و نشان کچھ بھی نہیں
بے شک ۔
وگرنہ ” میرا ” تو نام و نشان کچھ بھی نہیں
سیدہ مسرت جہاںشفیق نوری کی لکھی ہوئی نعت کے چند اشعار:
میں کروں ثناءِ احمد(ص) ، ہوا غیب سے اشارا
نہ قلم میںتاب و طاقت، نہ زبان کو ہے یارا
مرے ذہن و نطق حیراں ،کہ کہوں تو کیا کہوں میں
کروںکسیے مدح اس کی جو خدا کو خود ہے پیارا
یہی فخر میری عزت، تری ذات سے ہے نسبت
مری زندگی کا حاصل ترے عشق کا شرارا
وہ نبی ( ص) تمام رحمت ، جو ہے غمگسارِ امت
کئے ہم پہ اتنے احساں نہ اٹھے گا سر ہمارا
نہیں کوئی اس جہاں میں جو شریکِ رنج و غم ہو
ہے خدا کے بعد اے دل، اسی ذات کا سہارا
ہو قبول نعت میری، مجھے اذنِ حاضری ہو
درِ قدس کے ہوں جلوے، یہ نظر ہو اور نظارا
ہے دعا کہ روزِ محشر کہیں مجھ سے میرے آقا
یہ ہراس کیوں ہے نوری ، تو نہیں ہے بے سہارا
۔۔۔۔۔
ماشااللہ ،اس نعت کے آخری شعر میں انتہائی سوز بھی ہے اور عقیدت کے اظہا ر کی انتہا بھی ۔ اس دعا پر آمین ثم آمین کہنا ہی پڑتا ہے۔
خواتین شا عرا ت کا ذکر آیا ہے تو شبنم شکیل کی نعت کے دو شعر
تیرے سوا جہاں میں بڑائی نہں کوئی
تجھ سے بڑی جہاں میں اکائی نہیں کوئی
تجھ سے ہمیں ثبوتِ وجودِ خدا ملا
اس سے بڑی دلیل تو آئی نہیں کوئی
درِ شہوار نرگس کی لکھی ہوئی نعت کے چند اشعار:
اے دل اگر ہے تجھ کو محبت رسول(ص) کی
شیوہ بنا لے اپنا اطاعت رسول ( ص) کی
وہ سر کٹے نہ جس میں ہو سودا رسول ( ص) کا
وہ دل مٹے نہ جس میں ہو عزت رسول ( ص) کی
ظلمت جہاں سے کفر کی کافو ر ہو گئی
روشن ہوئی جو شمع رسالت رسول ( ص) کی
گھبرائیں کیوں گنا ہ کے بارِ گراں سے وہ
کافی ہے عاصیوں کو شفاعت رسول ( ص) کی
عاصی ہوں ، روسیاہ ہوں، جو کچھ بھی ہوں مگر
بندی خدا کی اور ہوں امّت رسول ( ص) کی
علی اصغر روحی کی تحریر کردہ نعت کے چند ا شعار:
کچھ ابتدا ہی نہیں انتہا بھی نازاں ہے
بنا کے نقشِ رسالت خدا بھی نازاں ہے
وہ آیا سب کے لئے رحمتِ خدا بن کر
تمام عالمِ ہستی کا رہنما بن کر
رسولِ حق ( ص) سے نئے دور کا ہوا آغاز
نوائے وقت بنی انقلاب کی آواز
مچی ہے دھوم کہ حق کا امین آیا ہے
وہ اپنےساتھ خدا کی کتاب لا یا ہے
عطا ہوا تھا محمد( ص) کو علم قرآنی
عمل سے ہوگئی معراج فکر انسانی
یہ نازشِ بنی آدم ہیں نازِ آدم بھی
یہ انبیاء کے ہیں رہبر بھی اور خاتم بھی
نعت کے چند اشعار : از شمیم جالندھری
آج وہ دن ہے کہ برسا آسماں سے ابرِ نور
آج کے دن جوش پر تھی رحمتِ ربِّ غفور
آج یثرب میں کیاشاہ ِ دو عالم ( ص) نے ظہور
ہوگیا روشن خدا کے نور سے نزدیک و دور
ہل گئے ایوانِ شاہی زلزلہ سا آگیا
سطوتِ بعثت تھی ایسی اک جہاں تھرّا گیا
نعرہ ء اللہ اکبر کی صدا آنے لگی
برقِ وحدت کفر کے خرمن کو جھلسانے لگی
فاطمہ فاروقی تبسّم کی تحریر کردہ نعت کے چند اشعار:
آ پ ( ص) ہیں نورِ مجسم آپ فخرِ دو جہاں
یو ں بشر کہنے کو ہیں لیکن خدا کے راز داں
آپ ( ص) لے کر آگئے دنیا میں فرمانِ خدا
حکم کے تا بع رہیں گے حشر تک پیر وجواں
کتنے احساں کرچکے اور کس قد ر کرنے کو ہیں
آپ ( ص) ہی تو ہوں گے روز حشر ہم پہ مہرباں
رونقِ عالم ! نگاہِ لطف مجھ پہ کیجئے
زندگی سے دور ہوجائے ، مری دورِ خزاں
دیکھنا ہے گر تبسّم شمسِ طیبہ دیکھ لے
ہے مدینہ میں وہ محبوبِ خدا عنبر فشاں
نہنیت النسا ء( بیگم ڈاکٹر محی الدین قادری زور ) تہنیت کی تحریر کردہ نعت کے چند اشعار :
جب سے الطاف و کرم ہرجا نظر آنے لگے
سب میں محبوبِ ( ص) خدا یکتا نظر آنے لگے
رازِ ہستی بے نقاب اس طرح دنیا پر کیا
وہ سراپا رحمتِ دنیا نظر آنے لگے
جیسے جیسے سوئے طیبہ ہم سفر بڑھتے گئے
اپنی ہستی سے بھی بے پروا نظر آنے لگے
وقتِ رخصت ہم پہ جو گذری ابھی تک یاد ہے
چھوڑتے ہی ان کا در تنہا نظر آنے لگے
خوبئی قسمت سے اپنی وہ ( ص) حرم میں جابجا
تہنیت ہم پہ کرم فرما نظر آنے لگے
سیدہ سردار بیگم اختر حیدرآبادی کی لکھی ہوئی نعت کے چند اشعار:
سلام اے سرورِ کونین ( ص) اے مقصودِ یزدانی
سلام اے جلوہ ء توحید و شمعِ بزمِ روحانی
سلام اے وہ کہ تیری ٹھوکروں میں تاجِ شاہانہ
سلام اے وہ کہ تیرے فقر میں تھی شانِ سلطانی
سلام اے وہ کہ تو ہے جانِ انصاف و رواداری
سلام اے وہ کہ تجھ سے جات اٹھی روحِ انسانی
تری چشم ِ توجہ کی طلب ہے آدمیت کو
زمانہ چاہتا ہے پھر ترے الطافِ رحمانی
کرم اے پیکرِ لطف و نوازش نوعِ انساں پر
کہ حد سے بڑھ گئی ہے گمرہی کی آ ج ارزانی
اس بلاگ کے پڑھنے والوں سے عرض ہے کہ میں نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ نعت کے موضوع پر یہ اردو کا بلاگ چلتا رہے ۔ اب میں کوشش کرونگا کہ
پنجابی زبان میں لکھی ہوئی نعتو ں کے نمونے پیش کروں اگر چیکہ پنجابی کمپوز کرنا بے حد مشکل کام ہے ، پھر بھی کوشش کرونگا کہ کوئی کوتاہی دانستہ طور پر نہ ہو۔ ( اللہ معاف کرے ) ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سید وارث شاہ رح کی لکھی ہوئی نعت کے چند اشعار:
دوجی نعت رسول ( ص) مقبول والی جہڑی موجب ہے کا اڈنبراں دا
کائنات د ا سو ہجھ تے فخرِ عالم سلطان ہے دھرت تے انبراں دا
جناں بندیا دا مرشد پیر کامل سردار ہے پیغمبراں دا
ہادی مسجداں تے آتش خانیا ں دا ٹھا گردواریاں گرجیاں مندراں دا
نور نار سندی خبر دین والا چمکیڈراں کالیاں اندراں دا
کنجی خُلق عظیم دی گھت بیجے توڑن والڑا کفر دے جندراں دا
پھڑ کے لآدی تیزتلوار ہتھیں بھن چھڈیان بُت مچھندراں دا
وڈے زور والے ہوئے آن حاضر جہڑے ماردے بَل سکندراں دا
جنہاں کفر کیتا اوہدے نال او نہال مزا چکھیا رچھ تے بندراں دا
جنہاں صدق دے نال ایمان آندا لیا مرتبہ اُ چیا ں نمبراں دا
او ہلے بیٹھ کے کملی پوش ماہی لیا بھیت جو کُھندراں کھندرا ں دا
دتا ونڈ چو پاتیا ں جام ساقی نشہ پھبیا کُل قلندراں دا
جتھے کفر سندی بدبو آہی اوتھے ڈھیر توحید دیاں عنبراں دا
ہلیا آن حکیم محبوب وارث گیا روگ ناسور بھگندرا ں دا
۔۔۔۔۔
کاش کہ کوئی پنجابی قاری اس نعت کا اردو میں ترجمہ کردے ۔ ( کنول خان صاحبہ اس کی ماہر ہیں مگر پتہ نہیں انہوںنے ان بلاگوں میں آنا کیوں بند کردیا ۔ اگر وہ وارث شاہ کی نعت کی خاطر ہی اس بلاگ میں آکر اس نعت کا اردو ترجمہ پیش کریں تو مہربانی ہوگی )
پتہ نہیں عمران چوہدری صاحب آج کل کہاں ہیں وہ وارث شاہ کی اس پنجابی نعت کا اردو ترجمہ کر سکتے ہیں۔
بہرحال ۔ اب میں کوشش کرونگا کہ سید بلھے شاہ قادری شطاری قصوری کی لکھی ہوئی پنجابی نعت کو بھی مستقبل قریب میں پیش کروں ۔
رمضان میں یہ نیک کام مکمل ہوجائے تو زہے نصیب ۔
سید بُلّھے شاہ قادری شطاری قصوری رح کی لکھی ہوئی پنجابی نعت کے چنداشعار :
سَیو ہُن میں ساجن پائیونی
ہر ہردے وچ سمائیونی
اَنا احد دا گیت سنائیو
اَنا احمد ( ص) ہوں پھر فرمائیو
اَنا عرَب بے عین بتائیو
پھر نام رسول (ص) دہرائیو نی!
۔۔۔۔۔۔
تو آئیو تے میں تہ آئی
گنج مخفی دی تیں مرلی بجائی
اکھ الست گرا جی چاہی
او تھے قالو ا بلیٰ سنائیو نی
۔۔۔۔۔۔۔
پرگٹ ہو کر نور سدائیو
احمد (ص) تو موجود کرائیو
نابودوں کر بود دکھائیو
فنفخت فیہ سنائیونی
۔۔۔۔۔۔۔۔
بھر کے وحدت جام پلائیو
منصورے نو ں مست کرائیو
اس توں انا الحق آپ کہائیو
پھر سولی پکڑ چڑھائیو نی
۔۔۔۔۔۔۔
ولَقد کرّمنا یاد کرائیو
لا الٰہ دا پردا لاہیو
الا اللہ کہو چھاتی پائیو
پھر بُلّھا نام دہرائیونی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیو ہن میں ساجن پائیونی
ہر ہر دے وچ سما ئیونی ُ
مولوی منظور احمد کوثر سندیلوی کی تحریر کردہ نعت کے تین اشعار :
مجھ کو خاکِ درِ محبوبِ (ص) خدا ہوناہے
خاک ہونا ہے مگر خاکِ شفا ہونا ہے
اک کریم ایک رحیم ایک محب اک محبوب
حشرہونا ہے ، مگر حشر میں کیا ہونا ہے
مدد اے رحمتِ عالم (ص)! مدد اے شافع محشر
میں گنہگا ر ہوں اور روزِ جزا ہونا ہے
قاضی صاحب۔ آپکا بلاگ نظر بد دور عالمی اخبار بلاگ کا تبصروں کی مناسبت سے ریکارڈ بنا رہا ہے لیکن اس امر کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ اسمیں ننانوے فیصد آپ کی تنہا مساعی شامل ہے۔ نعتوں کا انتخاب ہی تو آپکے مزاج کی نشاندہی کرتا ہے۔
میں ذاتی طور پر شرمندہ ہوں کہ رمضان کی وجہ سے نہیں بلکہ اخبار کی روزانہ کی مصروفیات کی وجہ سے تسلسل سے اس بلاگ میں اپنا حصہ نہیں ڈال سکا۔لیکن یہ کہنے میں قطعی طور پر ایک لمحے کو بھی نہیں خاموش رہوں گا کہ کچھ احباب نے تو عشق رسول کے دعووں کے باوجود اس بلاگ کا رخ نہیں کیا۔ لیکن سچ تو یہ ہے کہ یہ توفیق کی بات ہے۔
لیجئے ایک نعت مرحوم اقبال عظیم کی کہ مجھے انکے ساتھ پاکستان میں واہ کے نعتیہ مشاعروں میں پڑھنے کا فخر حاصل رہا ہے مرحوم یوں تو ظاہری بینائی سے محروم تھے لیکن دل و فکر عشق محمد کے نور سے منور تھی۔ آپ صاحب علم و فکر پروفیسر وقار عظیم کے بھائی تھے جن کو اب اہل علم و ادب بھی بھول چکے ہیں۔
مدینےکا سفر ہے اور میں نم دیدہ نم دیدہ
جبیں افسردہ افسردہ ، قدم لغزیدہ لغزیدہ
چلا ہوں ایک مجرم کی طرح میں جانبِ طیبہ
نظر شرمندہ شرمندہ بدن لرزیدہ لرزیدہ
کسی کےہاتھ نے مجھ کو سہارا دے دیا ورنہ
کہاں میں اور کہاں یہ راستے پیچیدہ پیچیدہ
غلامانِ محمّد دور سے پہچانےجاتےہیں
دل گرویدہ گرویدہ، سرِ شوریدہ شوریدہ
کہاں میں اور کہاں اُس روضۂ اقدس کا نظارہ
نظر اُس سمت اٹھتی ہے مگر دُزدیدہ دُزدیدہ
بصارت کھو گئی لیکن بصیرت تو سلامت ہے
مدینہ ہم نےدیکھا ہے مگر نادیدہ نادیدہ
وہی اقبال جس کو ناز تھا کل خوش مزاجی پر
فراق طیبہ میں رہتا ہے اب رنجیدہ رنجیدہ
(اقبال عظیم)
“>اقبال عظیم کی ایک نعت وڈیو میں۔۔۔۔
خالد علیم کی لکھی ہوئی نعت شریف حاضر ہے
ترے فراق کا غم ہے مجھے نشاط انگیز
یہی ہے راہرو شوق کے لیے مہمیز
اِسی کے نم سے ہے باقی مری نگاہ کا نور
اِسی کے سوز سے ہے ساز دل نوا آمیز
اِسی کا جذب خوش آہنگ ہے نظر میں کہ آج
مرا کدو ہے مئے سلسبیل سے لبریز
یہی ہے نغمہ‘ دل افروز ساز جاں کے لیے
اِسی سرود سے پیدا ہے جوہر تبریز
اِسی کی ضرب سے تارِ ربابِ جاں میں سرور
اِسی کا لحن ہے دل کے لیے سکوں آمیز
مرے کلام میں تاثیر اِسی کے دم سے ہے
اِسی سے فکر کی بنجر زمین ہے زرخیز
یہ آرزو ہے بہشت حجاز میں پہنچے
یہی زمین ہے خالد کو خلد عنبر بیز
مرے کریم! کرم ہو کہ پھر زمانے میں
حریف ملت اسلام ہے جہان ستیز
ہو کوئی چارہ کہ غارت گری ہے شیوہ کفر
بپا ہے ارض مقدس پہ فتنہ چنگیز
اسی سے لرزہ براندام خاک بوسنیا
اسی کے شر سے دل سرب تھا شرار انگیز
نظر فروز ہو آئینہ نگاہ ترا
کہ کھا گئی ہے بصارت کو دانش انگریز
جہان کفر اسی کی عطا سے زندہ ہے
اسی کے فیض سے اب تک ہے جام جم لبریز
اُدھر یہود و نصاریٰ کے بڑھ رہے ہیں قدم
اِدھر ہوئی تری امت کے دل کی دھڑکن تیز
یہ تیرے چاہنے والے‘ یہ تیرے اہل صفا
کریں گے اور کہاں تک جہاد حق سے گریز
نعتیہ کلام حضرت پیر نصیر الدین نصیرشاہ صاحب گولڑہ شریف
محجھ پہ چشمِ کرم اے میرے آقا کرنا
حق تو میرا بھی ہے رحمت کا تقاضہ کرنا
میں کہ زرہ ہوں محجھے وسعتِ صحرا دےدے
کہ تیرے بس میں ہے قطرے کو دریا کرنا
میں ہوں بےکس تیرا شیوہ ہے سہارہ دینا
میں ہوں بیمار تیرا کام ہے اچھا کرنا
تو کسی کو بھی اٹھاتا نہیں اپنے در سے
کہ تیری شان کے شایاں نہیں ایسا کرنا
تیرے صدقے وہ اُسی رنگ میں خود ہی ڈوبا
جس نے جس رنگ میں چاہا محجھے رسوا کرنا
یہ تیرا کام ہے اے آمنہ کے درِ یتیم
ساری امت کی شفاعت تنِ تنہا کرنا
کثرتِ شوق سے اوصاف مدینے میں ہیں گم
نہیں کُھلتا کہ محجھے چاہیے کیا کیا کرنا
شاملِ مقصدِ تخلیق یہ پہلو بھی رہا
بزمِ عالم کو سجا کر تیرا چرچا کرنا
بصراحت وارفعنالاک ذکرک میں ہے
تیری تعریف کرنا تجحھے اونچا کرنا
تیرے آگے وہ ہر اک منظرِ فطرت کا ادب
چاند سورج کا وہ پہروں تحجھے دیکھا کرنا
تبِ اقدس کے مطابق وہ ہواؤں کا خیرام
دھوپ میں دوڑ کے وہ ابر کا سایہ کرنا
کنکروں کا تیرے اعجاز سے وہ بول اٹھنا
وہ درختوں کا تیری دید پہ جھوما کرنا
وہ تیرا درس کہ جھکنا تو خدا کے اگے
وہ تیرا حکم کہ خالق کو ہی سجدہ کرنا
چاند کی طرح تیرے گرد وہ تاروں کا ہجوم
وہ تیرا حلقہ اصحاب میں بیٹھا کرنا
کعبہ قوسین کی منزل پہ یکایک وہ طلب
شبِ اصرا وہ بلانا تحجھے دیکھا کرنا
دشمن آجائے تو اٹھ کر وہ بچھانا چادر
حسنِ اخلاق سے غیروں کو بھی اپنا کرنا
کوئی فاروق سے پوچھے کہ کسے آتا ہے
دل کی دنیا کو نظر سے تہہ وبالا کرنا
اُن صحابہ کی خشت وار نگاہوں کو سلام
جن کا مسلک تھا طوافِ رخِ زیبا کرنا
محجھ پہ محشر میں نصیر اُن کی نظر پڑھ ہی گئی
کہنے والے اسے کہتے ہیں خدا کا کرنا
قصیدہ بردہ شریف
قصیدہ ء بردہ شریف (عربی:قصيدة البردة) ایک شاعرانہ کلام ہے جوکہ مصر کے معروف صوفی شاعر ابو عبد اللہ محمد ابن سعد البوصیری (1211ء-1294ء) نے تحریر فرمایا۔ آپ کی تحریر کردہ یہ شاعری پوری اسلامی دنیا میں نہایت معروف ہے۔
تصوف اور ولیوں کے ماننے والے مسلمانوں نے شروع ہی سے اس کلام کو بے حد عزت و توقیر دی۔ اس کلام کو حفظ کیا جاتا ہے اور مذہبی مجالس و محافل میں پڑھا جاتا ہے اور اس کے اشعار عوامی شہرت کی حامل عمارتوں میں مسجدوں میں خوبصورت خطاطی میں لکھے جاتے ہیں۔ کچھ مسلمانوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر قصیدہ بردہ شریف سچی محبت اور عقیدت کے ساتھ پڑھا جائے تو یہ بیماریوں سے بچاتا ہے اور دلوں کو پاک کرتا ہے۔ اب تک اس کلام کی نوے (90) سے زائد تشریحات تحریر کی جاچکی ہیں اور اس کے تراجم فارسی، اردو، ترکی، بربر، پنجابی، انگریزی، فرینچ، جرمنی، سندھی و دیگر بہت سے زبانوں میں کئے جا چکے ہیں۔
مولاي صلــــي وسلــــم دائمـــاً أبــــدا
علـــى حبيبــــك خيــر الخلق كلـم
أمن تذكــــــر جيــــــرانٍ بذى ســــــلم
مزجت دمعا جَرَى من مقلةٍ بـــــدم
َمْ هبَّــــت الريـــــحُ مِنْ تلقاءِ كاظمــةٍ
وأَومض البرق في الظَّلْماءِ من إِضم
فما لعينيك إن قلت اكْفُفاهمتـــــــــــــــا
وما لقلبك إن قلت استفق يـــــــــم
أيحسب الصب أن الحب منكتـــــــــــم
ما بين منسجم منه ومضطــــــــرم
لولا الهوى لم ترق دمعاً على طـــــللٍ
ولا أرقت لذكر البانِ والعلــــــــــمِ
فكيف تنكر حباً بعد ما شـــــــــــــهدت
به عليك عدول الدمع والســـــــــقمِ
وأثبت الوجد خطَّيْ عبرةٍ وضــــــــنى
مثل البهار على خديك والعنــــــــم
نعم سرى طيف من أهوى فأرقنـــــــي
والحب يعترض اللذات بالألــــــــمِ
يا لائمي في الهوى العذري معـــــذرة
مني إليك ولو أنصفت لم تلــــــــــمِ
عدتك حالي لا سري بمســــــــــــــتتر
عن الوشاة ولا دائي بمنحســـــــــم
محضتني النصح لكن لست أســـــمع
إن المحب عن العذال في صــــــممِ
إنى اتهمت نصيح الشيب في عـــــذلي
والشيب أبعد في نصح عن التـــتـمِ
احمد رضا بریلوی
رونقِ بزمِ جہاں ہے عاشقانِ سوختہ
کہہ رہی ہے شمع کی گویا زبانِ سوختہ
جس کو قرصِ مہر سمجھا ہے جہاں اے منعمو
ان کے خوانِ جود سے ہے ایک نانِ سوختہ
ماہِ من یہ نیرِ محشر کی گرمی تابکے
آتشِ عصیاں میں خود جلتی ہے جانِ سوختہ
برقِ انگشتِ نبی چمکی تھی اس پر ایک بار
آج تک ہے سینہِ مہ میں نشانِ سوختہ
مہرِ عالم تاب جھکتا ہے پئے تسلیم روز
بیشِ ذراتِ مزار بیدلانِ سوختہ
کوچہ گیسوئے جاناں سے چلے ٹھنڈی نسیم
بال وپر افشاں ہوں یارب بلبلانِ سوختہ
بہر حق اے بحر رحمت اک نگاہ لطف بار
تابکے بے آب تڑپیں ماہیانِ سوختہ
روکش خورشید محشر ہو تمہارے فیض سے
اک شرار سینہ ٴ شیدائیانِ سوختہ
آتش تر دامنی نے دل کئے کیا کیا کباب
خضر کی جان ہو جِلا دو ماہیانِ سوختہ
آتش گلہائے طیبہ پر جلانے کیلئے
جان کے طالب ہیں پیارے بلبلانِ سوختہ
لطف برق جلوہٴ معراج لایا وجد میں
شعلہ جوالہ ساں ہے آسمانِ سوختہ
اے رضا مضمون سوزِ دل کی رفعت نے کیا
اس زمینِ سوختہ کو آسمانِ سوختہ
نمی دانم چہ منزل بود، شب جائے کہ من بودم
ابو الحسن یمین الدین امیر خسرو رحمۃ اللہ علیہ کا نامِ نامی کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ ان جیسی نابغہِ روزگار، کثیر الجہتی، ہمہ گیر اور متنوع شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ یہاں فارسی غزلیاتِ خسرو کا انتخاب، اردو نثری ترجمے اور اردو منظوم ترجمے کے ساتھ پیش ہے۔
منظوم ترجمہ جناب مسعود قریشی صاحب نے کیا ہے جو کہ کتاب خسرو شیریں بیاں مطبوعہ لوک ورثہ اشاعت گھر سے لیا گیا ہے۔
امیر خسرو کی ایک مشہور و معروف نعتیہ غزل پیشِ خدمت ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ غزل امیر خسرو کے پانچوں دواوین میں نہیں ملتی لیکن یہ بات سب تذکرہ نگاروں میں متفق ہے کہ یہ غزل امیر خسرو کی ہی ہے۔ اور اسکے پسِ منظر میں عالمِ روحانیت کا ایمان افروز واقعہ بھی مروی ہے۔
شعرِ خسرو
نمی دانم چہ منزل بود، شب جائے کہ من بودم
بہ ہر سُو رقصِ بسمل بود، شب جائے کہ من بودم
اردو ترجمہ
مجھے نہیں معلوم کہ وہ کون سی جگہ تھی جہاں کل رات میں تھا، ہر طرف وہاں رقصِ بسمل ہو رہا تھا کہ جہاں میں کل رات کو تھا۔
منظوم ترجمہ مسعود قریشی
نہیں معلوم تھی کیسی وہ منزل، شب جہاں میں تھا
ہر اک جانب بپا تھا رقصِ بسمل، شب جہاں میں تھا
شعرِ خسرو
پری پیکر نگارے، سرو قدے، لالہ رخسارے
سراپا آفتِ دل بود، شب جائے کہ من بودم
اردو ترجمہ
پری کے جسم جیسا ایک محبوب تھا، اس کا قد سرو کی طرح تھا اور رخسار لالے کی طرح، وہ سراپا آفتِ دل تھا کل رات کہ جہاں میں تھا۔
منظوم ترجمہ مسعود قریشی
پری پیکر صنم تھا سرو قد، رخسار لالہ گُوں
سراپا وہ صنم تھا آفتِ دل، شب جہاں میں تھا
شعرِ خسرو
رقیباں گوش بر آواز، او در ناز، من ترساں
سخن گفتن چہ مشکل بود، شب جائے کہ من بودم
اردو ترجمہ
رقیب آواز پر کان دھرے ہوئے تھے، وہ ناز میں تھا اور میں خوف زدہ تھا۔ وہاں بات کرنا کس قدر مشکل تھا کل رات کہ جہاں میں تھا۔
منظوم ترجمہ ۔ مسعود قریشی
عدو تھے گوش بر آواز، وہ نازاں تھا، میں ترساں
سخن کرنا وہاں تھا سخت مشکل، شب جہاں میں تھا
شعرِ خسرو
خدا خود میرِ مجلس بود اندر لا مکاں خسرو
محمد شمعِ محفل بود، شب جائے کہ من بودم
اردو ترجمہ
اے خسرو، لا مکاں میں خدا خود میرِ مجلس تھا اور حضرت محمد اس محفل کی شمع تھے، کل رات کہ جہاں میں تھا۔
منظوم ترجمہ ۔ مسعود قریشی
خدا تھا میرِ مجلس لا مکاں کی بزم میں خسرو
محمد تھے وہاں پر شمعِ محفل، شب جہاں میں تھا
ماشا اللہ ، سبحان اللہ ، جزاک اللہ ۔
عالمی اخبار کی انتظامیہ ( صفدرھمدانی صاحب اور نگہت نسیم صاحبہ نے اس مقدس بلاگ کو صفح اول پر شایع کرکے اس عظیم ترین ہستی ( ص) کی مہربانی اور محبت اور قربت حاصل کرلی جس کے لیے دنیا تڑپتی رہتی ہے۔
میں تو اکیلا ہی اپنے آنسووں کا تحفہ لیے حضور ( ص) کی خدمت میں اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کررہا تھا مگر مجھے یقین تھاکہ میں اکیلا نہیں ہو ں ، میرے ساتھ بہت سارے قارئین بھی اپنے اپنے دلوں میں حضور سے لو لگائے ہوئے ہیں۔
اس بلاگ کو بار بار شروع سےپڑھتا ہوں تو کئی عاشقانِ رسول (ص) کے تبصرے نظر آتے ہیں جن میں نعتوں کا خزانہ موجود ہے۔ جزا ک اللہ
زرقا مفتی صاحبہ نے فراز کی نعت لکھی جس کے یہ دواشعار میری اور سب کے دل کی ترجمانی کرتے ہیں کہ:
مرے رسول ( ص) کہ نسبت تجھے اجالوں سے
میں تیر ا ذکر کروں صبح کے حوالوں سے
نہ میری نعت کی محتاج ذات ہے تیری
نہ تیری مدح ہے ممکن مرے خیالوں سے
۔۔۔۔
اب تک جتنی بھی نعتیں پیش ہوئی ہیں وہ سب اس عظیم ترین ہستی ( ص) کی نعت اور مدح کا حق ادا نہیں کرسکتیں۔ وہ ہستی (ص) جس پر خدا اور فرشتے اور تمام ملائک اور انبیا درود اور سلام بھیجتے ہیں ۔
میں عالمی اخبار کی انتظامیہ اور خاص طور پر صفدر ھمدانی صاحب کا اور ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ میرےزندگی کے اس آخری دور میں مجھے یہ مبارک موقعہ عطا کیا کہ میں نبی کریم حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر نعت کا بلاگ لکھ سکوں ۔
یہ بلاگ ایک تاریخی دستاویز کی طرح ہے جسے ہر ایک عاشق رسول (ص) اپنے پاس محفوظ رکھکر بار بار پڑھ سکتا ( سکتی ) ہے ۔
اس بلاگ میں صفدر ھمدانی صاحب نے اقبال عظیم کی لکھی ہوئی نعت کا ویڈیو شامل کرکے اس بلا گ کی رونق او را ہمیت اور افادیت میںاضافہ کردیا ۔
جزا ک اللہ ۔
اب جب کہ یہ بلا گ پھر صفح اول پر آگیا ہے ، امید کہ اسکے پڑھنے والے اس میں اپنی یا اپنی نہ سہی تو کسی اور کی نعت کو ( اس کے مصنف کے نام کے ساتھ ) شامل کرسکینگے ۔
اگر کسی کے پاس یہ نعت موجود ہے تو براہ کرم یہاں لکھدے:
جس کا یہ مصرعہ میرے ذہن میں بار بار آتا ہے کہ :
یہ سب تمھارا کرم ہے مولا (ص) کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے۔
اور یہ مصرعہ بھی کہ :
تمھیں سے مانگا ہے تم ہی دو گے، تمھارے در سے ہی لو لگی ہے
فقط:
ایک سیدھا سادہ مسلمان
منظور قاضی از جرمنی
لیجئے منظور بھائی آپ کی فرمائش پر آپ کی پسندیدہ اور میری پسندیدہ ترین نعت شریف حاضر ہے ۔۔ اس میں واقعی کوئی شک نہیں بھائی کہ یہ بلاگ نعتوں کے حوالے سے ایک تاریخی دستاویز بن گیا ہے ۔۔ اور اسے تاریخی دستاویز آپ کی محنت اور محبت رسول نے بنایا ہے ۔۔ اللہ پاک ہم سب کی کوششوں کو سرکار دوعالم کے صدقے قبول فرما ئے ۔۔آمین
کوئی سلیقہ ہے آرزو کا ، نہ بندگی میری بندگی ہے
یہ سب تمھارا کرم ہے آقا(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم) کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے
کسی کا احسان کیوں اٹھائیں کسی کو حالات کیوں بتائیں
تمہی سےمانگیں گےتم ہی دو گے، تمھارے در سے ہی لو لگی ہے
عمل کی میرے اساس کیا ہے، بجز ندامت کے پاس کیا ہے
رہے سلامت بس اُن کی نسبت، میرا تو بس آسرا یہی ہے
عطا کیا مجھ کو دردِ اُلفت کہاں تھی یہ پُر خطا کی قسمت
میں اس کرم کےکہاں تھا قابل، حضور کی بندہ پروری ہے
تجلیوں کےکفیل تم ہو ، مرادِ قلب خلیل تم ہو
خدا کی روشن دلیل تم ہو ، یہ سب تمھاری ہی روشنی ہے
بشیر کہیے نذیر کہیے، انھیں سراج منیر کہیے
جو سر بسر ہے کلامِ ربی ، وہ میرے آقا کی زندگی ہے
یہی ہے خالد اساس رحمت یہی ہے خالد بنائے عظمت
نبی کا عرفان زندگی ہے، نبی کا عرفان بندگی ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے پیر نصیرالدین نصیر شاہ صاحب ( گولڑھ شریف ) کی نعت لکھکر مجھے ان لمحات کی یاد دلادی جب کئی سال پہلےاسلام آباد میں مجھے اپنی بھانجی کی شادی کی تقریب میں ان سے ملنے کااور انکی نیک باتیں سننے کا شرف حاصل ہوا تھا ۔ اللہ مغفرت کرے نہایت ہی متبرک ہستی تھی ۔ انکی اچانک قبل از وقت وفات کا مجھے بے حد غم ہے۔ ایسے عالمِ با عمل اس دنیا میں بہت ہی کم پائے جاتے ہیں۔
انہوں نےکتنی بصیرت افروز بات کہی تھی کہ:
مجھ پہ محشر میں نصیر انکی نظر پڑھ ہی گئی
کہنے والے اسے کہتے ہیں خدا کا کرنا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے خالد کی بہت ہی مخلصانہ نعت اس بلاگ میں لکھکر مجھے روحانی تحفہ دے دیا ۔ ( شاید اس کو سید ناصر جہاں نے ترنم سے پیش کیا تھا ۔ )
جزا ک اللہ ڈاکٹر صاحبہ ۔ آپ نے وقت پر اس بلاگ کی رونق اور بڑھادی ۔
ایک بات آپ سے پوچھنا یہ ہے کہ کیا اس نعت کے لکھنے والے شاعر خالد صاحب وہی تھے جن کا نام عبدالعزیز خالد تھا ؟
۔۔۔
آپ سب کی ہمت افزائی کا شکریہ
اصل میں مبارکباد کے آپ سب انتظامیہ کے احباب مستحق ہیں کہ ہم سب کو یہاں پر لکھنے پڑھنے کا موقعہ مل رہا ہے۔ ورنہ دل کی بات دل ہی میںرکھکر ہم سب دنیا سے چلے جاتے۔
تو روحِ کائنات ہے تو حسن کائنات
پنہاں ہیں تیری ذات میں رب کی تجلیات
ہر شے کو تیری چشمِ عنایت سے ہے ثبات
ہر شے میں تیرے حسنِ مکمل کے معجزات
کونین کو ہے ناز تیری ذاتِ پاک پر
احسان مند ہیں تیری ہستی کے شش جہات
پژ مردہ صورتوں کو ملی تجھ سے زندگی
نقطہ وروں کو سہل ہوئیں تجھ سے مشکلات
ظلمت کدوں میں نور کے چشمے ابل پڑے
رحمت سے تیری ٹل گئی ظلم و ستم کی رات
تاروں کو ضو فشانیاں تجھ سے ہوئیں نصیب
پھولوں کی نازکی پہ تیری چشمِ التفات
ہر شے میں زندگی کی کرن تیری ذات سے
افشا یہ راز کر گئی معراج کی وہ رات
اپنے دل و نگاہ کے آئینے صاف رکھ
گر دیکھنے کی چاہ ہے تجھ کو نبی کی ذات
کن الجھنوں میں پڑ گیا واعظ خدا سے ڈر
بالا ہے تیری سوچ سے سرکار کی حیات
انکی محبتوں کا گزر ہے خیال میں
یونہی نہیں ہیں آس کی ایسی نگارشات
سعادت حسن آس
مولانا احمدرضا خاں ، رضا بریلوی کی تصنیف کردہ نعت کے چند اشعار:
واہ کیا جود و کرم ہے شہِ (ص) بطحیٰ تیرا
نہیں سنتا ہی نہیں مانگنے والا تیرا
فیض ہے یا شہِ تسنیم (ص) نرالا تیرا
آپ پیاسوں کی تجسّس میں ہے دریا تیرا
میں تو مالک ہی کہونگا کہ ہو مالک کے حبیب
یعنی محوب و محب میں نہیں میرا تیرا
ایک میں کیا ، مرے عصیاں کی حقیقت کتنی
مجھ سے سو لاکھ کو کافی ہے اشارا تیرا
تیرے ٹکڑوں سے پلے، غیر کی ٹھوکر پہ نہ ڈال
جھڑکیاں کھائیں کہاں چھوڑ کے صدقا تیرا
خوار و بیمار و خطا وار و گنہگار ہوں میں
رافع و دافع و شافع ، لقب آقا تیرا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
علامہ اقبال رح کے نعتیہ کلام کے چند اشعار:
قلب و نظر کی زندگی دشت میں صبح کا سماں
چشمہ ء آفتاب سے نور کی ندیا ں رواں
۔۔۔۔
عقل و دل و نگاہ کا مرشدِ اولیں ہے عشق
عشق نہ ہوتو شرع ودیں بتکدہ ء تصورات
صدقِ خلیل( ص) بھی ہے عشق صبرحسین ( ع)بھی ہے عشق
معرکہ ء وجود میںبدر وحنین بھی ہے عشق
لوح بھی تو ، قلم بھی تو ، تیرا وجود الکتاب
گنبدِ آبگینہ رنگ تیرے محیط میں حباب
عالمِ آب و خاک میں تیرے ظہور سے فروغ
ذرہ ء ریگ کو دیا تونے طلوعِ آفتاب
شو ق ترا اگر نہ ہو میری نماز کا امام
میرا قیام بھی حجاب ، میرا سجود بھی حجاب
تیری نگا ہِ ناز سے دونوں مراد پاگئے
عقلِ غیاب و جستجو ، عشقِ حضور و اضطراب
تیزہ و تار ہے جہاں گردشِ آفتاب سے
طبعِ زمانہ تیز کر جلوہ ء بے حجاب سے
تازہ مرے ضمیر میں معرکہ ء کہن ہوا
عشق تمام مصطفےٰ ( ص) ، عقل تمام بو لہب
گاہ بحیلہ می برد ، گاہ بزور می کشد
عشق کی ابتدا عجب، عشق کی انتہا عجب
۔۔۔۔۔۔۔
علامہ اقبا ل کے نعتیہ کلام کے دو اشعار:
و ہ دانائے سُبل ختم الرُسل ( ص) مولائے کُل جس نے
غبارِ راہ کو بخشا فروغِ وادیِ سینا
نگاہِعشق و مستی میں وہی اول وہی آخر
وہی ( ص) قرآں، وہی فرقاں ، وہی یٰسیں وہی طا ہہٰ
۔۔۔۔۔
درود وسلام صلی اللہ علیہ و سلم : از بہزاد لکھنوی
مبتدا منتہا ( ص) درود و سلام
مظہر کبریا ( ص) درود وسلام
حق نظر ، حق نگاہ ، حق آگاہ
حق ادا ، حق نما ، درود و سلام
صادق و عابد و امین و سخی
زاہد و پارسا درود و سلام
صبحِ عرفاں نواز و عشق افروز
شامِ ایماں فزا درود وسلام
کعبہ ء آرزوئے قلبِ حزیں
قبلہ ء شوقِ ما، درود وسلام
مظہر ِ اولیں و ختم رسُل
خاتم الانبیا درود وسلام
اے جہاں تاب اے جہاں پرور
اے جہاں آشنا ، درود وسلام
اے تمنا و آرزو و مراد
مقصد و مدعا درود و سلام
فخر۔ نوح (ع) و کلیم ( ع) و آدم ( ع) و خضر ( ع)
نازشِ انبیا درود وسلام
ایسا بہزاد کو بنا دیجیے
بھیجے صبح و مسا درود و سلام
میری نعت : ( جلیل مانکپوری کی ایک غزل کی زمین میں ) :
اس شان سے وہ آج شہِ دو جہاں ( ص) چلے
قدموں کو ان کے چومنے کون و مکاں چلے
آقا ( ص) تمھارے نام پہ قربان میری جاں
مولا (ص) تمھارے دم سے دلِ ناتواں چلے
ہردم تمھارا ذکر ہی وردِ زبان ہے
ہر دم تمھاری یاد میں اشکِ رواں چلے
میری یہی دعا ہے خدائے کریم سے
سوئے مدینہ آج مرا کارواں چلے
منظور روزِ حشر کا عالم تو دیکھیے
سب امتی چلے شہِ بطحیٰ (ص ) جہاں چلے
فقط:
ایک سیدھا سادہ مسلمان
منظور قاضی از جرمنی
آسلآم علیکم،
واہ واہ واہ ،جزا ک اللہ ہمنظور قا ضی صآ جب بھآ ی پآ شآ آپ کی نعت اللہ قبو ل فر مآے آ مین
begummoina@hotmail.com
abusarmad@hotmail.com
سبحان اللہ منظور بھائی کیا مرصع نعت شریف کہی آپ نے ۔ جی خوش ہو گیا ۔۔ اللہ پاک اپنے حبیب کے صدقے میں اسے قبول کرے ۔ آمین
میں اپنی کاوشوں کی تعریفی کلمات سنتا ہوں تو بے اختیار چشمِ نم کے ساتھ خالد کی نعت کا یہ مطلع یاد آتا ہے :
کوئی سلیقہ ہے آرزو کا، نہ بندگی میری بندگی ہے
یہ سب تمھارا کرم ہے آقا (ص) کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے
۔۔۔۔
میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی ہمت افزائی کا ہمیشہ کی طرح ممنون و مشکور ہوں۔
۔۔۔۔۔۔
مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ قطر سے میری بھتیجی معینہ زرین اور انکے شوہرِ نامدار جناب پرویز صلاح الدین خان صاحب نے اپنے تبصرے میں میری دعا وں پر آمین کہا۔
۔۔۔۔۔۔
میں اس بلاگ کے پڑھنے والے ان تمام سخنوروں سسے جنھوں نے اب تک اس بلاگ میں اپنا نعتیہ کلام شامل نہیں کیا ، گذارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے نعتیہ کلام سے اس بلاگ کی رونق اور اہمیت میں اضافہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔
فقط:
منظور قاضی از جرمنی
معینہ زرین اور انکے شوہرِ جناب پرویز صلاح الدین خان صاحب کو عالمی اخبار کے بلاگ میں خوش آمدید ۔۔ بھائی آپ آئے ہیں تو آتے جاتے رھئے گا ۔۔ آپ سب کررمضان کی بہت بہت مبارک ۔ ہم سب کو اپنی دعاؤں میں یا درکھئے گا ۔
“>کاش کہ میرے پاس پیر نصیرالدین نصیر مرحوم کی کتاب “دیں ہم اوست ” ہوتی تو انکی عربی ، فارسی ، اردو اورپنجابی نعتوں کے نمونے اس بلاگ میں پیش کردیتا۔
بہر حال:
مولاناحسن رضا خاں حسن بریلوی رح کی لکھی ہوئی نعت کے چند اشعار حاضر ہیں:
تم ( ص) ذاتِ خدا سے نہ جدا ہو نہ خدا ہو
اللہ کو معلوم ہے کیاجانیے کیا ہو
ٹوٹے ہوئے دم َ جوش پہ طوفاِن معاصی
دامن نہ ملے ان ( ص) کا تو کیا جانیے کیا ہو
مٹی نہ ہو برباد پسِ مرگ الٰہی
جب خاک اڑے میری ،مدینہ کی ہوا ہو
قدرت نے ازل میں یہ لکھا ان ( ص ) کی جبیں پر
جو ان( ص) کی رضا ہو وہی خالق کی رضا ہو
اللہ یوں ہی عمر گذر جائے گدا کی
سر خم ہو درِ پاک پہ اور ہاتھ اٹھا ہو
“>
منظور قا ضی بھآی پآشآ صاحب
آز جآمئ بے چآ رہ رسآ ںید سلآ مے بر درگآ ھ
دربآرے رسو ل مد نی رآ
آگر آس سلآ م کے آشعآ ر مل جآے تو بژآ کر م ھو گآ
طآلب د عآ
پرویز صلاح الدین خان
میں عالمی اخبار کی انتظامیہ کا مشکور ہوں کہ اس نے پیر نصیرالدین نصیر مرحوم کی ویڈیو لنک اس بلاگ میں لگا کر اس کی رونق اور بڑھادی۔
پیر نصیرالدین نصیر مرحوم کی روح خوش ہورہی ہوگی کہ انکا کلام ( نعت اور سلام ) اس بلاگ میں شامل ہے۔
اب میرے لیے یہ مشکل ہوگیا ہے کہ اس سے بہتر اس بلا گ میں کیا پیش کروں۔
کوشش کرونگا کہ اس بلاگ کے موضوع کے شایانِ شان ، رمضان کے اختتام تک مختلف شعرا کا کلام اس بلاگ میں پیش کروں۔
اللہ مالک ہے۔
صلاح الدین خان صاحب نے مولانا نور الدین عبدالرحمٰن جامی کے فارسی کلام کی فرمائش کی جو میرےپاس نہیں ہے ۔ شائد اس بلاگ کے پڑھنے والوں میں سے کوئی دانشور اس فرمائش کو پورا کرسکیں۔
جامی کی لکھی ہوی ایک فارسی نعت کے چند اشعار حاضر ہیں:
یا شفیع المذنبیں (ص) بارِ گنا ہ آوردہ ام
بر درت ایں بار با پشتِ دو تاہ آوردہ ام
چشمِ رحمت بر کشا ء موئے سفیدِ من نگر
گرچہ از شرمندگی روئے سیاہ آوردہ ام
آں نمی گویم کہ بودم سالہا در راہِ تو
ہستم آن گمرہ کہ اکنوں روبراہ آوردہ ام
عجز و بے خویشی و درویشی و دل ریشی و درد
ایں ہمہ بر دعویٰ عشقت گواہ آوردہ ام
دولتم ایں بس کہ بعد از محنت و رنجِ دراز
برحریم ِ آستانت می نہم روئے نیاز
سیدنامحی الدین عبدالقادر جیلانی رح ( الغوث الا اعظم ) کی لکھی ہوئی فارسی نعت ک چند اشعار:
غلامِ حلقہ بگوشِ رسول ( ص) ساداتم
زہے نجات نمودن حبیب و آیا تم
کفایت است ز روحِ رسول ( ص) اولادش
ہمیشہ وردِ زباں جملہ ء مہمّاتم
زِ غیر آلِ نبی ( ص) حاجتے اگر طلبم
رو ا مدار یکے از ہزار حاجا تم
دلم ز عشقِ محمد( ص) پُر است و آل مجید
گواہ حال من است این ہمہ حکا یا تم
کمینہ خادمِ خدّامِ خاندان ِ تو
ز خادمیِ تو دائم بود مناجاتم
سلام گویم و صلوات بر تو ہر نفسے
قبول کن بہ کرم ایں سلام و صلواتم
نعت ک چند اشعار : از خواجہ معین الدین حسن چشتی سنجری اجمیری رح
درجاں چو کرد منزل ، جانانِ محمد ( ص)
صد ر کشادہ در دل ، از جانِ ما محمد ( ص)
ما بُلبُلیم نالاں در گلستان احمد ( ص)
ما لو لو ئیم و مرجا ں ، عمّانِ ما محمد ( ص)
ما طالبِ خدائیم ، بردین مصطفائیم
بر در گہش گدائیم ، سلطانِ ما محمد (ص)
از دردِ زخم ِ عصیاں مارا چہ غم چو سازد
از مرہمِ شفا عت ، درمانِ ما محمد ( ص)
در باغ و بوستانم دیگر مخواں معینی
باغم بس است قرآں ، بستانِ ما محمد (ص)
خواجہ معین الدین چشتی رح کی نعت کے پہلے مصرعہ میں جانانِ ما محمد ( ص ) پڑھیے : شکریہ
حکیم ضمیر حسن خاں دل شاہجہاں پوری کی تحریرکردہ نعت کے چند اشعار:
صد شکر مستحق ہوں ریاضِ نعیم کا
وردِ زباں ہے نام رسولِ کریم ( ص) کا
روزِ جزا کہوں گا حضورِ رسولِ (ص) پاک
میں بھی امید وار ہوں لطفِ عمیم کا
ہو کاش وقتِ نزع مرا خاتمہ بخیر
پیشِ نظر ہے مرحلہ امید و بیم کا
خاکِ مزارِ دل ہو مشرف پسِ فنا
یثرب کو لے اڑے کوئی جھونکا نسیم کا
September 12, 2009 بوقت 3:09 pm
مندرجہ ذیل عبادات ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے اپنی بہن سے حاصل کرکے اپنے بلاگ میں پیش کی تھیں۔ یہ اگرچیکہ تئیسویں رمضان کے متعلق تھیں لیکن ان عبادتوں کا اطلاق ( میرے خیال میں ) رمضان کی ستاویسویں تاریخ تک ہوسکتا ہے ، اس لیے میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی اس نہایت ہی مبارک اور معلوماتی تحریر میں سے تئیسویں تاریخ کو حذف کرکے پیش کررہا ہوں ، ٌخاص طور پر اس لیے کہ ان کا تعلق ”ام الکتاب : قرآن مجید” سے ہے :
” شب قدر کی عبادات :
1شب کو چار رکعت نماز دوسلام سے پڑھے اور ہر رکعت میں بعد سورہ فاتحہ کے سورہ قدر ایک ایک سورہ اخلاص تین تین مرتبہ پڑھے ،
پھر بعد سلام کے ستر مرتبہ دورود پاک پڑھے ۔ انشا اللہ مغفرت کے واسطے یہ نماز بہت افضل ہے۔
2 شب کو اٹھہ رکعت نماز چار سلام سے پڑھنی ہے اور ہر رکعت میں بعد سورہ فاتحہ کے بعد سورہ قدر ایک ایک دفع سورہ اخلاص ایک ایک بار پڑھے ۔
3 ستر مرتبہ کلمہ تمجید (تیسرا کلمہ ) پڑھیں اور اللہ پاک سے اپنے گناہوں کی بخشش طلب کریں ۔
4 شب کوسورہ یٰسین ایک مرتبہ اور سورہ رحمن ایک دفع پڑھنی بہت افضل ہے ”
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ : اگر ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ اور انکی بہن میرے اس تبصرے میں کچھ ترمیم کرنا چاہیں تو وہ ضرور اس میں ترمیم اور تصحیح کردیں : مہربانی ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
چوتھی شب قدر ۔۔ستاسویں شب قدر
1اس شب قدر کو بارہ رکعت نماز تین سلام سے پڑھے ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ قدر ایک مرتبہ اس کے بعد سورہ اخلاص پندرہ مرتبہ پڑھے پھر سلام کے بعد ستر مرتبہ استغفار پڑھے ۔
2 اللہ پاک اس نماز کو پڑھنے والے کو نبیوں کی عبادت کا ثواب عطا فرمائے گا ۔انشا اللہ العظیم
3 اس بڑی برکتوں والی رات میں دو رکعت نماز پڑھے ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد سورہ قدر تین تین دفعہ اس کے بعد سورہ اخلاص پانچ مرتبہ پڑھے ،سلام کے بعد ستائیس مرتبہ پڑھے کر گناہوں کی مغفرت کی دعا کرے ۔اللہ تعالیٰ اس کے تمام پچھلے گناہوں کومعاف فرما دے گا (آمین )
4 اس رات کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھنی ہے ، ہر رکعت میں بعد سورہ فاتحہ کے سورہ تکاثرایک ایک بار اس کے بعد سورہ اخلاص تین تین مرتبہ پڑھنی ہے ۔اس نماز کو پڑھنے الے پر اللہ پاک کی موت کی سختی آسان ہوجاے گی ۔انشا اللہ تعالی اس پر عذاب قبر بھی معاف ہوجاے گا۔
5 اس شب قدر کو ساتوں حم پڑھے یہ ساتوں حم عذاب قبر سے نجات اور مغفرت گناہ کے لے بوہت افضل ہیں ۔
6 ستاسویں شب قدر کو سورہ ملک ساتھ مرتبہ پڑھنے ہے واسطمغفرت بہت فضیلت والی ہے ۔
(میری بہن نزہت نسیم نے لندن سے ارسال کی ہیں )
تفہیم القرآن جلد ششم میں سورتہ القدر مکیہ کا اردو ترجمہ :
بسم اللہِ الرّحمٰنِ الرّحِیم:
“ہم نے اس ( قرآن ) کو شب قدر میں نازل کیا ہے۔
اور تم کیا جانو کہ شبِ قدر کیا ہے؟
شب قدر ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے۔
فرشتے اور روح اُس میں اپنے رب کے اِ ذن سے ہر حکم لے کر اُترتے ہیں۔
وہ رات سراسر سلامتی ہے طلوعِ فجر تک ۔ ”
۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکڑ نگہت نسیم صاحبہ اور انکی بہن نزہت نسیم صاحبہ کا شکریہ کہ انہوں نے اس مقدس شب کی عبادات کا ذکر کیا۔
جزاک اللہ ۔
۔۔۔