ہجر !!

موسمِ ہجر میں یہ بارش کا برسنا کیسا ؟
اے میرے دل!
نہ پریشان ھو تنہا ھو کر…
وہ تیرے ساتھ چلا کب تھا، بچھڑنا کیسا ؟؟
لوگ لکھتے ہیں گلشن کی تباہی دیکھو…
میں تو ویران سا جنگل تھا، اجڑنا کیسا ؟؟
دیکھنے میں تو کوئی درد نہیں
دکھ بھی نہیں
پھر یہ آنکھوں میں یوں
اشکوں کا ابھرنا کیسا ؟؟

18 thoughts on “ہجر !!”

  1. !! میری ادھوری محبت !!
    تم سے میری اس
    ادھوری محبت کے نام
    میری تمام ادھوری سانسیں‌..
    جو اب تک میں لے نہیں سکی
    اور
    اپنے طور جیتے ھوئے بھی
    جی نا سکی
    اس خوش فہمی میں مبتلا رہی ھوں
    کہ
    تمھارے بنا شاید مر چکی ھوں میں
    تمھارے بنا شاید دنیا تک ٹھکرا چکی ھوں میں
    مگر
    ایسا کہاں ممکن ھے میری جان !!
    جی بھی رہی ھوں اور
    دنیا کو گھونٹ گھونٹ پی بھی رہی ھوں
    میرا یہی ادھورا سا جینا اور مرنا
    تم سے
    میری اس ادھوری محبت کے نام ….

  2. محبت سچی ہو تو ہجر کی نوبت نہیں آتی
    کہ میں تنہائی میں ہردم تہمارے ساتھ ہوتا ہوں
    کوئی بھی اشک میری آنکھوں کے لب پر نہیں آتا
    کہ تیرا عکس تیری روشنی ان میں مزین ہے
    کوئی جنگل کوئی ویرانہ اور کوئی بھی طوفاں
    میری جذبوں کی شدت سے
    تمہاری چاہتوں کی حدتوں سے
    اس طرح روشن ہے
    کہ تیرے ہونے یا نہ ہونے کا
    دکھ ہی نہیں ہوتا

  3. محبت انسان کو ایک نیا جنم دیتی ھے — ایسا کچھ ماننا میرا ھے ۔۔

    “نیا جنم”

    وہ
    جو سایہ مہرباں، مانند صبا وبہار ھے
    اندھیروں میں جگنو اور پتھروں میں پھول ھے
    کیسے بتاؤں
    کہ
    وہی
    رقیبٍ جاں اور شاعر ھے میرا
    جو
    بے اختیاریوں کے موسم میں بھی
    وعدوں کی طرح رکھتاھے مجھے
    اور
    یاد سے ھر شام
    دیئےکی طرح روشن کرتا ھے مجھے
    سوچتی ھوں
    آج
    اسے
    ایک خط لکھ ھی دوں
    اور یہ بھی بتا ھی دوں
    کہ
    جو بیعت کے جگنو تھے وہ سب بجھ رھے ھیں
    سکوت نیم شب کےوعدے اب بکھر رھے ھیں
    اور
    میں
    بارگاہ جمال میں معجزہ پڑھ رھی ھوں
    جیسے
    دست شفا تیرا کہیں ڈھونڈ رھی ھوں
    میرے ساحر
    سنو
    بڑے مان سے لکھ رھی ھوں
    اب آنا تو مانند صبا آنا
    قرض سارے جاں کے اتار جانا
    اور
    مجھے
    ایک نیا جنم دے جانا ۔۔!

  4. ماشااللہ نگیت جی کمال کی محبت ھے
    اب آنا تو مانند صبا آنا
    اور
    مجھے
    ایک نیا جنم دے جانا ۔۔ بیت خوب جیو جیو !!

  5. یہ سب جو کچھ ہے
    کتاب محبت کی آیات ہیں
    جنکے ایک ایک حرف میں ابدیت کا راز مضمر ہے
    اس کتاب محبت کی ہر سورہ دراصل سورہ رحمان کی تفسیر ہے
    سورہ یوسف کی توضیح ہے
    سورہ والقلم کا عکس ہے
    سورہ والیل کی آگاہی ہے
    سورہ والنجم کی روشنی ہے
    سورہ کوثر کا اختصار ہے
    سورہ بقرہ کی طوالت ہے
    اس کتاب محبت کے ہر پارے میں میری اس محبت کا ذکر ہے
    جس نے نیلے سمندروں کو روانی دی ہے
    سوکھے شجر کو جوانی دی ہے
    چشم پُر نم کو حیرانی دی ہے
    اور
    اس دلِ پُر درد کو سوختہ جانی دی ہے
    اسی کتابِ محبت کی سورہ محبت کی قسم
    چلو کوہِ مرآد پر آیہ محبت کی تفسیر لکھ آئیں

  6. میں تنہا جس گھر میں رہتا ہوں
    وہ صرف تمھاری یادوں سے بنا ہے
    آؤ جلدی سے میرے پاس
    ساتھ محبت کی دیواریں لے کر
    جو میری حفاظت کرسکیں

  7. وہ آسماں سے اُتر رہی ہے وہ اک پری ہے

    محبتوں کا شباب جیسے
    وہ آیتوں کا نصاب جیسے
    بہت مقدس کتاب جیسے
    وہ اک پری ہے
    وہ آسماں سے اُتر رہی ہے وہ اک پری ہے۔

  8. محبت جب پاس ہوتی ہے
    بارشوں جیسی برستی ہے
    محبت جب پاس نہیں ہوتی
    بارشوں جیسا کر جاتی ہے

  9. سیدہ ثنا شاہ صاحبہ۔اگر آپ اس نظم کی خالق کا نام لکھ دیتیں تو سب کے لیئے آسانی ہو جاتی۔یہ نظم ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی ہے۔ دنیا بھر میں اردو ادب میں جو مختصر اور مکمل نظمیں لکھی گئی ہیں یہ ان میں سے ایک ہے۔ کبھی وقت ملا تو مختصر نظموں کے حوالے سے ضرور لکھوں گا۔
    میری اپنی ایک مختصر ترین نظم ہے۔
    ”اسکی شاخِ بدن سے جو پھول توڑا تھا
    اب بھی کمرے میں
    اسکی مہک باقی ہے”

  10. بہت شکریہ بابا اتنی پزیرائی کی ۔۔یوں سمجھیں اللہ پاک نے مجھے امیر ترین کر دیا تھا جب ثنا نے لگائی تھی ۔۔

  11. اچھا یہ آپ کی ھے نگہت جی ماشااللہ ! میں نے یہ کہیں پڑھی تھی ،بہت اچھی لگی یہاں لکھ دی 🙂 پر وہاں ساتھ نام نہیں لکھا تھا غالباً

  12. نگھت نسیم صاحبہ اور سیدہ ثناء شاہ صاحبہ
    بہت شکریہ اتنی پزیرائی کا۔

  13. اتنی اچھی نظم بعنوان ” ہجر ” اس بلاگ کے شروع میں موجود ہے مگر اس کے خالق کا نام کہیں بھی نظر نہیں آتا۔ صرف اتنا معلوم ہوتا ہے کہ یہ نظم برمنگھم سے کسی نے بھجوائی تھی۔ وہ کون تھا ( تھی) اس کا نام معلوم ہوجائے تو جستجو ختم ہوجائے گی۔

    جس کسی نے وہ نظم لکھی ہے بہت خوب کہی ہے۔ مگر اس کے بعد کی نظموں نے اس بیچاری نظم کو اپنی آوازوں کی مدد سے نقار خانہ میں طوطی کی آواز بنادیا۔ :
    ” موسم ہجر میں بارش کا برسنا کیسا ؟
    اے مرے دل نہ پریشان ہو تنہا ہوکر
    وہ ترے ساتھ چلا کب تھا ، بچھڑنا کیسا؟
    لوگ کہتے ہیں گلستاں کی تباہی دیکھو
    میں تو ویران سا جنگل تھا اجڑنا کیسا؟
    دیکھنےمیں تو کوئی درد نہیں دکھ بھی نہیں
    پھر ان آنکھوں میں اشکوں کا ابھرنا کیسا؟ ”
    کاش کہ اس نظم کے خالق کا نام معلوم ہوجائے تو اس کو سلام کرکے گلے لگا لوں اور مبارکباد پیش کروں۔

    کمپوزنگ کی کوتاہیوں کی معافی کےساتھ:
    اچھی شاعری کا دلدادہ :
    منظور قاضی از جرمنی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *