یہ لکھتے ہوئے مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ماشاللہ ہم سب مطالعے کے شوقین ہیں اور جتنا وقت بھی مل جائے اسے کچھ نہ کچھ پڑھتے لکھتے گزار دیتے ہیں ۔۔ میں جب بھی کوئی کتاب لینے جاؤں یا کوئی رسالہ دیکھوں یانیٹ پر ہی کوئی تحریر پڑھوں ۔۔ لکھنے والے میں ایک بات ضرور ڈھونڈتی ہوں اور وہ یہ کہ ۔۔۔۔۔۔ ؟
نہیں پہلے آپ سب بتائیں کہ آپ کو تحریر میں سب سے زیادہ کیا بات متاثر کرتی ہے ۔۔۔

بہن نگہت آپ نے سب کو امتحان میں ڈالدیا ہے ؟ اسی وجہ سے آپ کا بلاگ ابھی تک بلا تبصرہ رہا مجھے ایک ناخو شگوار حیرت ہو ئی کہ نگہت کا بلاگ اتنی دیر بلا تبصرہ کیوں ہے۔ میرے خیال میں اس میں لوگ پہل نہیں کر نا چاہ رہے ہیں ؟ شاید یہاں پنجا بی کا وہ محاورہ حا ئل ہو کہ “جو بولے وہ بوا کھو لے “حالانکہ اس سوال کی افا دیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ چلیئے میں شروع کر تا ہوں۔میں کسی مصنف کو پڑھنے سے پہلے یہ دیکھتا ہوں کہ اس کی تحریر میں کو ئی ندرت ہے یا نہیں اور مواد انٹر نیٹ سے کاپی تو نہیں کیا گیا ہے۔ اس کی وجوہات یہ ہیں کہ اگر ندرت نہ ہو تو ہر قاری نے اتنی باری پڑھا اور سنا ہوا ہو تا تو پڑھنا ہی پسند کرتا ایک نظر ڈال کر گزر جاتا ہے۔جیسے کہ مشاعروں میں کسی مقبول کلام کو سننے بعد لوگ انگڑائیاں لینے لگتے ہیں ۔ اب رہا انٹر نیٹ اس میں بھی یہ ہی خرابی ہے ؟ ایک تو یہ مشہور مقولہ ہے کہ نقل میں عقل نہیں ہوتی دوسرے مواد سطحی ہو تا ہے یا جانبداری ہو تی ہے لہذا اس سے تحقیقی مضمون نہیں لکھا جا سکتا۔
اسلام علیکم ساتھیو
اپنے محترم بھائی کے تبصرے کے بعد لکھنا بہت ہمت کی بات ہوتی ہے ۔کیونکہ ان کا تبصرہ اتنا جامع ہوتا ہے کہ پھر لکھنے کو کچھ نہیں بچتا ۔
مگر کیونکہ رائے دینے کی بات ہے اس لئے مجھے وہ تحریریں پسند ہیں جن میں کچھ سوچنے سمجھنے کو ملے ۔کیونکہ میری سوچ ہے کہ تحریر آپ کی شخصیت کی آئینہ دار ہوتی ہے ،میں تحریر میں سچائی اور خلوص تلاش کرتی ہوں ۔مجھے بلا وجہ اور بے معنی تنقیدی تحریریں اچھی نہیں لگتیں ۔ مجھے مزاحیہ تحریریں بھی بہت پسند ہیں مگر اس میں بھی ایسا مزاح اچھا لگتا ہے جو ہنسی کے ساتھ ساتھ چونکاتا بھی ہو ۔ مجھے شروع سے صاف ستھری تحریریں پسند ہیں اس لئے صرف اپنی طبیعت سے مطابقت رکھتی تحریریں پڑھنے میں دلچسپی رکھتی ہوں ۔
آج کل اپنے ملک سے متعلق تحریریں پڑھنا اولین ترجیح ہوتی ہے ،لیکن اس میں بھی مجھے وہ تحریریں پسند ہیں جو واقعئی دل سے لکھی گئی ہوں ۔صرف صفحے کا پیٹ بھرنے کو نہیں ۔
مجھے تنقیدی تحریریں اس وقت اچھی لگتی ہیں جب واقعئی تنقید کرنے والا ایمانداری سے لکھ رہا ہو ۔آج کل کچھ بھیڑ چال سی ہے ۔لہٰذا بہت سوچ کر کتاب خریدتی ہوں ۔ اچھی تحریریں نعمت ہیں ۔
انٹر نیٹ پر بہت زیادہ مواد ہے جس میں اپنی پسند تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے ۔اس لئے وقت ضائع نہیں کرتی بس جو میرے پسندیدہ شعبے ہیں ان پر وقت صرف کرتی ہوں ۔
بہن نگہت ایک اور اچھا بلاگ لکھنے پر مبارکباد ۔خوش رہو ۔
اللہ ہمارے بہترین علم میں اضافہ فر مائے ۔
عالم آرا
ویل ڈن شمس بھائی ۔۔ آپ ہمیشہ میری بات سمجھ جاتے ہیں ۔۔ یہ جو آج کل لکھنے کا فیشن ہو گیا ہے اور کبھی کبھی تو وبا کی شکل بھی اختیار کر جاتا ہے اور مجھ غریب کم علم کو اس امتحان سے گاہے گاہے گزرنا پڑتا ہے کہ ان کا لکھا مجھے کیسا لگا تو سمجھ نہیں آتا کہ کیسے ایسے کہوں کہ اس کو بتا بھی دوں کہ کیا لکھنا ہے اور اس کا دل بھی نہ ٹوٹے ۔۔
بہت سوچا تو یہ بات سمجھ آیہ کہ یہ بلاگ شروع کیا جائے تاکہ ہم نئے لکھنے والوں کی اصلاح بھی ہوتی جائے اور اپنے بڑوں کی راہنمائی بھی حاصل کرتے جائے ۔۔
میں اس بلاگ کوانتہائی اہم بلاگ یعنی ایک تربیت گاہ بنانا چاہتی ہوں ۔۔۔
آپا جی کیا ہی بات ہے آپ کی ۔۔ خوش کیا ۔۔
اقبال نے کیا خوب کہا ہے کہ :
آئین جوانمرداں : حق گوئی و بے باکی
اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی
مجھے اس شعرپر عمل کرنےوالوں کی تحاریر سب سے زیادہ متاثر کرتی ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس کے پہلے جناب شمس جیلانی صاحب نے اوراس کے بعد محترمہ عالم آرا صاحبہ نے اس کا اظہار کردیا کہ انکو کس کی کونسی بات سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میرا خیال ہے کہ میں تحریر کو پڑھتے وقت یہ معلوم کرنا چاہتا ہوں کہ لکھنے والا کون ہے اور اسکے قول و فعل میں تضاد تو نہیں ہے۔ اور اس فرد کی شخصیت میں کوئی کینہ ، بغض اور تعصب اور عناد کا عنصر تو نہیں ہے ۔
مثال کے طور پر آصف زرداری اور بابر اعوان جیسی شخصیات کی کوئی بھی بات مجھے “سب سے زیادہ متاثر “ نہیں کرسکتی اس لیے کہ انکے قول و فعل کا اعتبار نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اقبال کے شعر کے مطابق َ انسان میں “ لومڑی پن “ نہیں ہونا چاہئے ۔ اس کو چاہیے کہ حق گوئی اور بے باکی سے کام لے۔
مگر اس کے لیے انسان کو انسان بننا ضروری ہے:
حالی نے کہا ہے کہ :
فرشتوں سے بڑھکر ہے انسان بننا
مگر اس میں لگتی ہے محنت زیادہ
اگر اس طرح کی شخصیت کوئی بات کہے تو اسکی ہر بات مجھے سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے۔
فقط:
خیر اندیش
منظور قاضی
جرمنی سے
منظور بھائی آپ نے میرے خیال میں بلاگ کو صحیح طرح سے پڑھا نہیں .میں نے پوچھا ہے کہ کسی کی تحریر ( قلمکار) یعنی کالم ، افسانہ ، شاعری اور تحقیقہی مضامین غرض تحریروں میں کیا ڈھونڈھتے ہیں .. آپ کے تبصرے سے یہ احساس ہوا کہ آپ تحریر سے زیادہ لکھنے والی کی شخصیت میں دلچسپی رکھتے ہیں … آصف زرداری اور بابر اعوان جیسے لوگ بھی کتاب لکھ سکتے ہیں اور لکھتے رہیں ہیں .. ان کے لکھے ہوئے تجربات میں میں بھی کوئی چونکا دینے والی بات ہو ہی سکتی ہے ..
میری تبصرہ لکھنے والوں سے درخواست ہے کہ صرف تحریروں کے محاسن پر بات کی جائے …. لکھنے والے کی ذاتیات پر کوئی بات نہیں کیونکہ لکھنے والے بھی انسان ہیں اور انہیں انسان ہی سمجھنا سمجھنا چایئے …
یہ سوال ہر شخص کے لئے مختلف جواب رکھتا ہے۔ مثلا کوئی کہانیوں اور افسانوں میں رومانیت کا متلاشی ہے اور کوئی ان کی تمثیل و حقیقت کے ربط کی تلاش میں ہے۔ کوئی محض انداز تحریر میں ربط و ضبط کا قائل ہے تو کوئی جنون و فسوں سے پُر تحریر کو سچی تحریر کہتا ہے۔
میری نظر میں کوئی بھی تحریر جس میں راقم کے اپنے جذبات کی عکاسی ہو رہی ہو، وہ درست تو ہو سکتی ہے لیکن عمومیت کے معیار پر نہیں رہتی۔ مثلا آجکل لوگ پاکستانی سیاستدانوں کو خوب لتاڑنا ایک فن سمجھتے ہیں اور کچھ لوگ آگے بڑھ کر اب عوام کو کوسنا زیادہ مُہم گردانتے ہیں۔ یہی کچھ کیفیت خود میری بھی ہوتی ہے، لیکن وہ تحریریں جن کے نقش آئیندہ صدیوں پر بھی ثبت ہو سکیں وہ ذاتیات کی بجائے حقائق، مسائل اور انکے تدارک و حل کی طرف اپنی توجہات مبذول رکھتی ہیں۔
آج میں دیکھتا ہوں کہ اکثر لکھاری حضرات اتنی رفتار سے لکھتے ہیں کہ شاید اتنا مواد انہوں نے خود پرھا نہ ہوگا جسقدر پیدا کر رہے ہیں۔ ایک محض بسیار نویسی ہے جو بعض اوقات صرف میں ہوں کی صدا کے سوا کچھ معنی نہیں رکھتیں۔ اچھی تحریر کے لئے صاحب تحریر کو سب سے پہلے اپنے خیالات کو مجتمع کر کے خود یہ اندازہ لگانا چاہئے کہ آج میرا مدعا ہے کیا اور آیا کہ میں اپنی اس تحریر سے وہ مدعا پا بھی لوں گا یا نہیں۔
میں کسی بھی تحریر میں سب سے پہلے زبان کی شائیستگی و لطافت ڈھونڈتا ہوں تا کہ میری سکتِ مطالعہ پر وہ بوجھ نہ بنے۔زبان اور املاء کی صحت کے سبب اگر تحریر پڑھے جانے کے لائق ہے تو پھر جس چیز کی تلاش ہے وہ حق ہے۔ اگر صاحب تحریر محض نمک دانی کا حق ادا کررہا ہے تو ایسی تحریریں خود رو جنگلی پیداوار سے زیادہ کچھ نہیں ہوتیں۔
میں نے پہلے ہی کہا کہ اس سوال کا جواب ہر شخص کے لئے یکساں زوائیے سے نہیں ہوگا، اس میں مزید اضافہ کردوں کہ میری نظر میں اس سوال کا جواب ہر شخص کے لئے متعدد زوایاہ رکھتا ہے، اور ہر تحریر کی مناسبت سے جواب بھی مخلتف ہو جاتا ہے۔
مثلا ادبی تحریروں کے لئے زبان کے بعد تلامیح و استعارات اور محاورہ جات کا استعمال بھی قاری کی ایک طلب ہوتا ہے۔ کہیں کسی تحریر کا حُسن غلط العام الفاظ سے نکھرتا ہے تو کہیں آپ کو انتہائی مرفع و با محاورہ جملے کہنے پڑتے ہیں۔ اس میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ قاری کون ہے؟ مجھے ایک نہایت محترم بزرگ کی بات یاد آگئی کہ کوئی بھی خط جہاں لکھاری کے مزاج کا عکاس ہوتا ہے وہیں یہ بھی طے کرتا ہے کہ موصول الیہ کا مزاج و مقام کیا ہے۔ اگر موصول الیہ کوچوان ہے تو زبان اور ہوگی اور اگر موصول الیہ استاد ہےتو لب و لہجہ اور ہوگا۔ آگے چل کر وہ کہتے ہیں کہ یہی قرآن اپنی زبان کے سبب سے ایک طرف خدائے بزرگ و برتر کی جلالت اور اس کے مزاج ِ کلام کا عکاس ہے تو دوسری طرف موصول الیہ ( نبی ء پاک ص) کی عظمت کا راز بھی آشکار کرتا ہے۔
اس لئے ہر تحریر میں لکھاری اور قاری کی بنیاد پر معیار بھی تبدیل ہوتا چلا جاتا ہے۔
طوالت کے لئے معذرت خواہ ہوں۔
مصباح بھائی دیکھئے تو آپ کے تبصرے سے کتنی ساری باتیں ہم سب کو پتہ لگی جو ہمیں لکھتے وقت یاد آئیں گی .. خوش ریئے میرے بلاگ لکھنے کا مقصد بخدا یہی ہے کہ ہم اپنی تحریروں کو سنواریں اور اچھا اور یادگار لکھنے والوں میں اپنا شمار کروا سکیں اور یہ اس وقت ہی ممکن ہے جب ہم محنت کریں اور بسیار نویسی سے پرہیز کریں .. مطالعہ اور مشاہدے کو فوقیت اور اولیت دیں ..
بھائی آپ سے اس بلاگ کی نظامت میں معاونت کی درخواست بھی ہے .. پلیز ..
السلام علیکم
نگہت جی بہت اچھا موضوع ہے. میں ایک عام قاری کی حیثیت سے اس پر لکھتی ہوں
میں شعوری طور کسی تحریر میں کسی خصوصیت کی متلاشی نہیں ہوتی . لیکن کتاب کا ایک صٍفحہ پڑھنے کے بعد ہی مجھے معلوم ہو جاتا ہے کہ میں اسے پڑھ سکوں گی یا نہیں. میرا ذاتی خیال ہی کہ ایک اچھا مصنف بننے کے لیے پہلے ایک اچھا قاری بننا ضروری ہے . میرے لیے اچھی کتاب وہی ہے جس کا طرزَ بیاں دلچسپ ہو اور ایک دلکش روانی رکھتا ہو جس کا مطالعہ شروع کرنے کے بعد مجھے کسی اور کام کی فرصت نہ ملے. کہانی بننا ہر کسی کے بس کی بات نہیں اس کے لیے مصنف کو چاہیئے کہ اپنے پلاٹ پر تنہائی میں سوچ بچار کرے . اچھی طرح سوچے کہ اسے کس مقام سے شروع کرنا مناسب ہو گا اور واقعات کو کتنا ڈرامائی رنگ دینا مناسب ہو گا. کیونکہ مجھ جیسے قاری حقیقت سے بہت دور جانا بھی حماقت ہی سمجھتے ہیں.
کچھ لوگ ادھر اُدھر سے ٹکڑے جوڑ لیتے ہیں جو طبعیت پر سخت ناگوار گزرتے ہیں. اسی طرح کچھ لوگ واقعات سے زیادہ اپنے محسوسات کو کہانی میں شامل کرتے ہیں جس سے قاری کی دلچسپی ختم ہوجاتی ہے. کردار سازی ایک بہت اہم پہلو ہے . ایک اچھا مصنف اپنے کرداروں کو ایسے ڈھالتا ہے کہ پڑھنے والا اُنہیں جیتا جاگتا تصور کرتا ہے . کرداروں کا رویہ ایسے تحریر کرتا ہے کہ قاری کو وہ بالکل قدرتی محسوس ہوتا ہے .
شاید کچھ قاری غیر محسوس طور پر کردار کی جگہ خود کو رکھ کر اس کے رویے کو جانچتے ہیں اور پھر اس کے لیے پسندیدگی محسوس کرتے ہیں.
کالم نویسی کی طرف آجکل بہت لو گ مائل ہیں شاید اسے بہت آسان سمجھتے ہیں. میرے خیال میں حالات اور مسائل کا ادراک تو ہر ایک کو ہوتا ہے مگر حالات کا تجزیہ ، ان کے پس پردہ عوامل، مقتدر ہستیوں کے فیصلوں کے دور رس اثرات کو جانچنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں. تاریخ، قومی اور بین الاقوامی سیاست، معیشت اور اخلاقیات سے آگاہی رکھنےوالوں کو ہی کالم نویسی کی جانب آنا چاہیئے. اکثر لکھنے والوں کے پاس سوائے رونا رونے اور تصویر کا سیاہ رُخ دکھانے کے علاوہ کچھ نہیں.
قلم کی حُرمت کا پاس رکھنا اسے سُرخرو کرنا ہر کسی کے حصے میں نہیں آتا. میں سمجھتی ہوں کہ خراب ترین حالات میں بھی اُمید کو زندہ رکھنا بھی اہلِ قلم کے فرائض میں شامل ہے.
والسلام
زرقا
” میرا ذاتی خیال ہی کہ ایک اچھا مصنف بننے کے لیے پہلے ایک اچھا قاری بننا ضروری ہے ” .. زرقا اتنی خوبصورت بات لکھنے کا بہت بہت شکریہ .. تم نے بے حد سچائی سے لکھنے والوں کو زریں اصول بتا ئے ہیں .. ایک ایک جملہ معلم ہے .. سچ بہت خوشی ہوئی تبصرہ پڑھ کر .. خوش رہو اپنے گھر میں سکھ سلامتی سے رہو ..آمین
آپی ابھی گھر آیا تو آپ کا حکم دیکھا، سو سر آنکھوں پہ۔
زرقاء بہن کی بات سے مجھے صد فیصد اتفاق ہے۔ کالم نویسی کو آسان سمجھ کر اکثریت اس طرف راغب نظر آتی ہے، لیکن عملاَ یاس پھیلائی جا رہی ہے، جس کا سبب کم علمی اور تجزیہ نگاری کا فقدان ہے۔ حقیقت میں اہل قلم کو امید کی شمع بہر حال روشن ہی رکھنا ہوتی ہے۔ ایک در بند ہو تو اہل دانش ہی کا کام ہے کہ کوئی اور در کھول کر دکھائیں۔
میں زرقا مفتی صاحبہ اور جناب سید مصباح حسین جیلانی کی تمام باتوں سے بالکل متفق ہوں ۔
میر ا اپنا موقف ابھی تک یہی ہے کہ کسی مصنف کی یا کالم نگار یا بلاگ نگار کی تحریر پڑھتے وقت مجھے اس کی اپنی ذات کے تعصبات اور پسند یا نا پسندیدگی کو بھی سمجھنا ضروری ہے ۔
مثال کے طور پر امریکہ میں خاص طور پر فاکس نیوز نیٹ ورک کے تمام ادیب اور کالم نگار صرف اور صرف اپنی اپنی پارٹی کا ہی پروپگنڈا کرتے ہیں اور انتہائی فریب اور مکاری سے اپنی پی پارٹی کی ہر بات کو درست ثابت کرنے کی کوشش کرتےہیں۔ اس لیے بھی کہ ان کو اپنے سرپرست ادارے اور اپنے سرپرست شخص ( روپرٹ مرڈاک ) کی مالی اعانت حاصل ہے۔
پاکستان میں بھی اسی طرح کے کالم نگار اور مضمون نگار موجود ہیں جو اپنی تحریروں میں صرف اپنے ہی سرپرستوں کا راگ الاپتے ہیں ۔ جنگ اخبار کے اردو کالم نگاروں کو پڑھکر بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے کہ ان کے انداز بیان میں کس کی تعریف اور کس کی برائی کی جاتی ہے۔ اور وہ کس کس سرپرست کے ممنونِ احسان ہیں ۔ ( ان میں چند ایک ہی افراد ایسے ہیں جو غیر جانبدار ہیں اور صرف پاکستان کی بقا اور ترقی کےلیے لکھتے ہیں )
اب رہا غیر سیاسی تحریروں کا تو ان میں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ان کا لکھنے والا کون ہے ۔ اگر وہ مذہب یا مسلک کے بارے میں لکھرہا ہو یا لکھ رہی ہو تو پھر خود اس مصنف یا مصنفہ کے ذاتی خیالات اور ذاتی مشاہدات اور نظریات سے بھی واقف ہونا ضروری ہے ۔
ہاں اگر خالص ادبی تحریروں کی بات ہے تو اسکے لیے بھی ہمیں مصنف اور مصنفہ کے بارے میں معلوم کرنا ضروری ہوگا۔
سعادت حسن منٹو کے تحریر کے موضوعات کچھ اور تھے اور عصمت چغتائی اور قرتہ العین حیدر کے موضوعات کچھ اور تھے ۔
ان سب دانشوروں نے اپنے اپنے انداز میں معاشرہ ، سماج اور ماحول کی عکاسی کی ہے ۔
یہی بات ہم کسی شاعر کے کلام کے متعلق کہ سکتے ہیں۔ اقبال کا کلام پڑھتے وقت اسکی اپنی زندگی اور اسکی اپنا فلسفہ اور پیغام سمجھنا ہوگا اور اسی طرح مزاحمتی اور انقلابی اور احتجاجی شاعروں ( فیض، جالب اور فراز ) کے پس منظر کو اور انکی اپنی زندگی کے تلخ و شیرین تجربات کو بھی معلوم کرنا ضروری ہوگا۔ اس لیے کہ شاعر کی ذات سے اسکی شاعری ہمیشہ منسلک ہوا کرتی ہے۔
ہاں اگر رومانی شاعری کا تعلق ہے تو اسکے لیے بھی شاعر کی اپنی زندگی اور اسکے اپنے تلخ و شیریں تجربات ، مشاہدات اور تاثرات کو محسوس کرنا ہوگا ۔
ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ سے یہ ہی عرض ہے کہ میں نے اپنے خیال کے مطابق انکے بلاگ کےموضوع کو سمجھکر اپنی رائے لکھ دی : انکا یہ کہنا سر آنکھو ں پر کہ :
“ آپ کے تبصرے سے یہ احساس ہوا کہ آپ تحریر سے زیادہ لکھنے والی کی شخصیت میں دلچسپی رکھتے ہیں … آصف زرداری اور بابر اعوان جیسے لوگ بھی کتاب لکھ سکتے ہیں اور لکھتے رہیں ہیں .. ان کے لکھے ہوئے تجربات میں میں بھی کوئی چونکا دینے والی بات ہو ہی سکتی ہے ..“
مییرا ان سے اور تمام مبصروں سے یہی کہنا ہے کہ آصف زرداری اور بابر اعوان جیسے لوگوں کی کتابوں میں جو چونکا دینے والی باتیں موجود ہونگی تو وہ تمام باتیں انہی کے ذاتی خیالات اور ذاتی شخصیات اور ذاتی تاثرات اور ذاتی مفاد کے آئینہ دار ہونگی ۔ اور یہ سب جانتے ہیں کہ انکا کردار اور انکا ماضی اور حال کس قسم کا ہے اور انکے کارناموں سے پاکستان کا نام دنیا میں کس قدر اونچا یا نیچا ہوگیا ہے ۔
میں اس بلاگ کے موضوع کو بے حد اہم سمجھتے ہوئے ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کے اس اقدام کی تعریف کرتا ہوں کہ انہوں نے یہ ایک نہایت ہی اہم بلاگ تحریر کیا ۔۔۔۔
فقط:
خیر اندیش
منظور قاضی
جرمنی سے
اسلام علیکم ساتھیو اللہ آپ سب کو خوش رکھے ۔
میرا خیال ہے کہ جب ہم کسی کی تحریر پڑھتے ہیں تو اس کی شخصیت خود بہ خود سامنے آجاتی ہے ۔کیونکہ آپ کی تحریر میں آپ کی سوچ ،آپ کی پسند نا پسند ،صداقت ،منافقت ،ہمت ۔اور جھکاؤ سب کچھ کھل جاتا ہے ۔کیونکہ لکھنے کا سبب تحریک ہوتی ہے کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں ۔ کیا پیغام ہے ۔کس مسئلے پر توجہ ہے ۔اور اس کو کس طرح دیکھتے ہیں ۔
اگر تحریر میں سچائی ہو تو پڑھنے والا خود بہ خود اس کی طرف جاتا ہے ۔ ،
کہ دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے
یہ بھی حقیقت ہے کہ آپ اسی کو پڑھنا چاہتے ہیں جو آپ کو پسند ہو ۔جو آپ کے دل کی بات لکھ رہا ہو ،جو آپ کی سوچ سے مطابقت رکھتا ہو ۔
اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ جنہیں ہم پڑھتے ہیں ان میں سے کسی سےملاقات نہیں ہے مگر ان کی ایک شخصیت ہمارے ذہن میں ضرور بنتی ہے ۔جو ان کی تحریروں ہی سے وجود مین آتی ہے ۔
میں اس بات سے بالکل اتفاق کرتی ہوں کہ ایک شبیہ ذہن میں ضرور بنتی ہے ۔جو مجھے تحریر کی طرف راغب کرتی ہے ۔اور یہ تحریر ہی کا کمال ہوتا ہے ۔
اللہ ہم سب کی صلاحیتوں میں اضافہ فرمائے ۔
عالم آرا
میں محترمہ عالم آرا صاحبہ کے مندرجہ بالا تبصرے کو بار بار پڑھکر ان کی باتون کی سادگی کے ساتھ ساتھ انکی باتوں کی گہرائی کو بھی محسوس کرنے کی کوشش کررہا ہوں ۔ انکے تبصرے کا یہ جملہ کافی معنی خیز ہے کہ:
“میرا خیال ہے کہ جب ہم کسی کی تحریر پڑھتے ہیں تو اس کی شخصیت خود بہ خود سامنے آجاتی ہے ۔کیونکہ آپ کی تحریر میں آپ کی سوچ ،آپ کی پسند نا پسند ،صداقت ،منافقت ،ہمت ۔اور جھکاؤ سب کچھ کھل جاتا ہے ۔کیونکہ لکھنے کا سبب تحریک ہوتی ہے کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں ۔ کیا پیغام ہے ۔کس مسئلے پر توجہ ہے ۔اور اس کو کس طرح دیکھتے ہیں “
عالم آرا صاحبہ نے اس جملے میں تحریر فرمایا ہے کہ “ آپ کی تحریرمیں آپ کی سوچ ، آپ کی پسند ناپسند ، صداقت ، منافقت ، ہمت اور جھکائو سب کچھ کھل جاتا ہے “
میں نہایت ہی ادب سے عالم آرا صاحبہ سے کے اس جملے کے بیشتر حصہ سے اتفاق کرتےہوئے یہ سوال پیش کرنا چاہتا ہوں کہ :
یہ بات بالکل سچ ہے کہ لکھنے والے ( والی ) کی تحریر اسکی “پسند نا پسند، صداقت ، ہمت اور جھکائو “ کی عکاسی ضرور کرتی ہے مگر اس لکھنے والے یا لکھنے والی کی تحریر سے اسکی “منافقت“ کا پہلو کیسے اجاگر ہوسکتا ہے ؟
یہاں پر یہ بات بھی لکھنا ضروری ہے کہ :
لفظ “ منافقت “ انتہائی پر اسرار اصطلاح ہے جس کے لغوی معنی ہیں:“باطن کا ظاہر کے خلاف ہونا ؛ریا کاری ؛مکّاری ، ظاہر میں دوستی باطن میں دشمنی “۔
فقط:
عالم آرا صاحبہ کی محبت بھری شخصیت سے عقیدت کے ساتھ :
منظور قاضی
جرمنی سے
محترم جناب قاضی صاحب!
کیا ہی اچھا ہو کہ اس سوال کا جواب بھی آپ ہی عطا کر دیں تاکہ معمہ آسان ہو جائے۔ اور بات بڑھانے سے کئی گرھیں کھُلیں گی بھی اور ہم سب آپ کے تجربے سے مستفیض بھی ہو سکیں گے۔
السلام وعلیکم۔
میں کسی کی تحریر پڑھ کر جھوٹ سے بے حد متاثر ہوتا ہوں ۔ جی چاہتا ہے اس تحریر کو دیوار پر دے ماروں۔
کیا یہ لکھنے والے کا مجھ پر اثر نہیں۔
وسلام
آویز برمنگھم
اسلام علیکم محترم بھائی منظور قاضی اللہ اپ کو خوش رکھے ۔
میں خود ہی اپنی بات کا جواب دے دوں ۔بات یہ ہے کہ اول تو یہ تحریریں یا تبصرے میرا خیال ہے کہ ہمارے اپنے لئے نہیں ہیں بلکہ ایک عام بات ہے یعنی ہر لکھنے والا ۔اور ہمارا شمار تو خاص کر میرا ان پائے کے لکھنے والوں میں ہوتا ہی نہیں ۔اس لئے میری اس تحریر کو کوئی بھی اپنے اوپر نہ لے ۔
دوسری بات منافقت میرے نزدیک وہ کمزوری ہے جو ہم تعریف کرتے ہوئے یا تنقید کرتے ہوئے روا رکھتے ہیں ۔میری بات صرف آج کل کے رویوں پر ہے ۔میں پڑھتی ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ ہماری ذاتی رائے کسی بھی بارے میں انصاف کے ساتھ ہونی چاہئے ۔یہ نہیں کہ اگر ایک بات یا ایک انسان کو سب برا کہہ رہے ہیں تو ہم بھی برا کہنے لگیں ،بلکہ ضروری ہے کہ پہلے تحقیق کر لی جائے
مجھے لگتا ہے کہ لکھنے والے پر بہت بڑی زمے داری ہوتی ہے ،کہ وہ سوچ کو کدہر لے جاتا ہے ،
اور آج کل ہمیں مثبت رویوں اور مثبت سوچ کی بہت ضرورت ہے ،تاکہ ہم اس اختلاف کو دور کر سکیں ۔جو ہم اکثر بے سبب پیدا کر لیتے ہیں ۔اختلاف حق ہے اور ہونا چاہئے ،لیکن بڑھنا نہیں چاہئے ۔
کیونکہ ہم سب آزاد ہیں اور اپنی اپنی رائے دے سکتے ہیں ،یہاں تحریروں کی بات تھی ۔تو وہ ہماری تحریریں تو نہیں ہیں بلکہ ان کی تحریریں ہیں جنہیں پڑھ کر ہم خود لکھنے کے قابل ہوئے ۔
میں نے بھی اسی تناظر میں لکھا تھا ۔اگر کچھ بھی بار خاطر ہو تو کم علم سمجھ کر در گزر کر دیں ،
منظور بھائی اور مصباح بھائی آپ لوگوں کی تحریریں مجھے بہت ہمت دیتی ہیں کہ ہم ایک دوسرے کی تصیح کرنے سے نہیں چوکتے اور یہ ہی وہ کردار ہیں جو کردار بناتے ہیں ،
اللہ ہم سب کے خلوص اور محبت کو قائم رکھے ،اور مجھے آپ جیسے عزیز بھائی ہمیشہ حوصلہ دیتے رہیں ۔
وا لسلام
عالم آرا
آویز بھائی کی بات دل کو لگی ہے ۔۔ لکھنے والے اب سوچ لیں کہ کہیں کہانی کے ساتھ ان کا سر بھی نہ دیوار سے لگا ہو ۔۔ بہت بہت شکریہ آویز بھائی کم از کم میں تو بہت محتاط ہو کر لکھونگی ۔۔
آپا سو باتوں کی ایک بات جو آپ نے کہی ہے “ ۔اختلاف حق ہے اور ہونا چاہئے ،لیکن بڑھنا نہیں چاہئے “ ۔۔ واللہ جواب نہیں ۔۔
میں سمجھتی ہوں کہ لکھنے والے کو ہر موضوع پر لکھنا چاھیئے ۔۔ صداقت ، منافقت ، ہمت ۔۔ میر اایک خیال اور بھی ہے کہ اگر کوئی لکھنے والا آپ کو یہ منوا ہی نہیں سکا کہ اس کا فلاں کردار منافق تھا تو اس کے لکھنے کا فائدہ ہی کیا ہوا ۔۔ اگر اس کے منافق کردار سے کوئی پڑھنے والا لکھنے والے کو منافق سمجھ رہا ہے تو میرے نزدیک یہ لکھنے والے کی جیت ہے ۔۔ میرا خیال ہے کہ جو لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ تحریریں لکھنے والے کی شخصیت کا سو فیصد آئینہ ہوتی ہیں وہ غلطی کر رہے ہیں ۔۔ آپ لکھنے والے کی تحریر سے صرف اس کا بنیادی رجحان جان سکتے ہیں ۔۔ کردار کی گھتیاں نہیں سلجھ ئی جا سکتی ۔۔۔
اس لئے کیا ہی بہتر ہو کہ صرف یہ پڑھا جائے کہ کیا لکھا ہے یہ نہ دیکھا جائے کہ کس نے لکھا ہے اور اگر لکھنے والے کا مقصد سمجھنے کی کوشش کی جائے تو زیادہ مناسب ہو گا ۔۔۔ میں ایک عمومی بات کر رہی ہوں اور صرف ادب لکھنے والوں کی بات کر رہی ہوں ۔۔
میں اس بلا گ کے عنوان ““آپ کو کسی کی تحریر میں کونسی بات سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے” سے ہٹ کر کوئی بات نہیں کرنا چاہتا تھا مگر لفظ “ منافقت “ کو اس بلاگ میں دیکھکر میرے ذہن میں جو سوال پیدا ہوا وہ میرے مندرجہ بالا تبصرے میں موجود ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے اس بات کی توضیح کردی ہے کہ :
“ اس لئے کیا ہی بہتر ہو کہ صرف یہ پڑھا جائے کہ کیا لکھا ہے یہ نہ دیکھا جائے کہ کس نے لکھا ہے اور اگر لکھنے والے کا مقصد سمجھنے کی کوشش کی جائے تو زیادہ مناسب ہو گا “
اور ڈاکٹر صاحبہ (بلاگ نویس صاحبہ ) نے یہ بھی فرمایا کہ “ ۔۔۔ میں ایک عمومی بات کر رہی ہوں اور صرف ادب لکھنے والوں کی بات کر رہی ہوں ۔۔“
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں قدرت اللہ شہاب مرحوم کے افسانے پڑھکر یہی سمجھتا تھا کہ انہوں نے حقیقت بیانی کی مگر ا س کو افسانوں کا نام دیا۔
قدرت اللہ شہاب نے ہر قسم کے کردار کو اپنی تحریر وں میں اجاگر کیا مگروہ تمام تحریریں بالکل افسانوی انداز میں لکھی گئیں ( سواے انکی اس تحریر کے جو انہوں نے اپنی ماں کے بارے میں لکھی ) ۔
ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ ایک افسانہ نویس کی حیثیت سے ہر قسم کے کرداروں کی عکاسی کرسکتی ہیں ان کرداروں میں حق گو وبے باک قسم کے کردار بھی شامل ہیں اور منافقت کرنے والے کردار شامل ہیں ۔
افسانہ نویسی کا کمال یہی ہے کہ اس کے ذریعے افسانوی کردار کی اصلی روح اجاگر ہوسکے ۔
یہ تو صرف “ادب “ کی بات ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مگر تاریخ گواہ ہے کہ : دنیا وی معاملات میں انسان کا تعلق انسان سے ہی ہوا کرتا ہے اور اگر ایک سادہ دل انسان کسی “منافق “ کے فریب میں آکر اس کی ہر تحریر کی “ہربات سےمتاثر ہوکر “ اسکے ہر منافقانہ پیغام کو سچ مان لے تو اسکا انجام نقصان کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
یہ ایک ذیلی موضوع ہے جس کا اس بلاگ سے کوئی تعلق نہیں ۔
اسلام علیکم محترم ساتھیو اللہ اپ سب کو خوش و خرم رکھے
مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہمیں یہ ضرور پتہ ہے کہ ۔افسانہ تخیلات پر مشتمل ہوتا ہے ،سچی کہانیاں اگر پڑھیں تو یہ پتہ ہوتا ہے کہ ان کہانیوں کی اساس سچ پر رکھی گئی ہے کہانی پڑھتے ہیں تو ہمیں خبر ہے کہ یہ کہانی ہے سچ بھی ہوسکتی ہے اور تخیلاتی بھی ۔اسی طرح ہر ادب اپنی توجیہ پیش کرتا ہے ،اور ہم اپنی سمجھ اور سوچ کے مطابق اس سے متاثر ہوتے ہیں یا اسے رد کر دیتے ہیں ۔
سیاسی تحریر کی بات یوں نہیں کرونگی کہ اس پر ہر کوئی اپنا عندیہ دیتا ہے اور کسی سے بھی توقع نہیں رکھتا کہ وہ اس کی بات سے متفق ہوگا یا نہیں ،
ہم پڑھنے والے جانتے ہیں کہ ہمیں کیسی تحریر پسند ہے اور ہم کیا پڑھنا چاہتے ہیں ، اس پر کسی کی بھی پسند یا نا پسند صرف اس کی اپنی ہے ۔
ہاں تحریر اثر انداز ضرور ہوتی ہے ۔ اور لکھنے والے کی سوچ اور اس کے افکار کی ترجمان بھی ہوتی ہے ۔ ادب ایک ایسا دریا ہے جس سے جو جس طرح چاہے سیراب ہوتا ہے ۔
لکھنے والے کی بہت بڑی زمے داری ہے کہ وہ کیا پیش کر رہا ہے ۔
میں اس بات سے بالکل متفق ہوں منظور بھائی
مگر تاریخ گواہ ہے کہ : دنیا وی معاملات میں انسان کا تعلق انسان سے ہی ہوا کرتا ہے اور اگر ایک سادہ دل انسان کسی “منافق “ کے فریب میں آکر اس کی ہر تحریر کی “ہربات سےمتاثر ہوکر “ اسکے ہر منافقانہ پیغام کو سچ مان لے تو اسکا انجام نقصان کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
یہ ایک ذیلی موضوع ہے جس کا اس بلاگ سے کوئی تعلق نہیں ۔
اللہ ہم سب کو ہر قسم کی منافقت اور کدورت سے بچائے رکھے ۔
کوئی بھی بات مجھ کم فہم کے لکھنے میں کمی کا شکار ہوگئی ہو تو در گزر کی درخواست ،کہ یہ ایک صرف سوچ جاننے کے لئے بلاگ ہے ۔اور میری سوچ میں بہت کچھ کمی ہوسکتی ہے ۔
عالم آرا
محترمہ عالم آرا صاحبہ کی باتیں ہمیشہ کی طرح معنی خیز ہیں اور ادب اور افسانہ نویسی کے متعلق انکی گہری معلومات کی عکاسی کرتی ہیں ۔
کیا ہی اچھا ہوگا اگر وہ بلاگ نویسہ ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کے اس بات پر بھی اپنی رائے دیں کہ :
“میر اایک خیال اور بھی ہے کہ اگر کوئی لکھنے والا آپ کو یہ منوا ہی نہیں سکا کہ اس کا فلاں کردار منافق تھا تو اس کے لکھنے کا فائدہ ہی کیا ہوا ۔۔ اگر اس کے منافق کردار سے کوئی پڑھنے والا لکھنے والے کو منافق سمجھ رہا ہے تو میرے نزدیک یہ لکھنے والے کی جیت ہے “
جہاں تک میرے تبصرے کا تعلق ہے ، میں ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کی اس منطق کو سمجھ نہ سکا کہ :
میرا ان سے یہ سوال ہے کہ :
“اگر اس کے ( یعنی لکھنے والے کے ) تخلیق کردہ منافق کردار سے کوئ پڑھنےوالا لکھنے والے کو منافق سمجھ رہا ہے “ تو اس میں لکھنےوالے کی جیت کیسی ہوسکتی ہے؟
فقط:
عزت و احترام کے ساتھ
منظور قاضی ‘
جرمنی سے
میرے اوپر کے تبصرے میں جو سوال ہے اس کو آسان بنانے کے لیے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ :
اگر کوئی پڑھنےوالا ، لکھنے والے کے تخلیق کردہ منافق کردار سے متاثر ہوکر ،“ لکھنے والے کو ہی منافق سمجھنے“ لگے تو یہ لکھنے والے کی جیت نہیں بلکہ پڑھنے والے کی دانشمندی کی ہار ہوگی ۔
اگر کسی کو“ منافقت“ کی تازہ مثال معلوم کرنی ہو تو وہ وکی لیکس سے فاش ہونے والی خط و کتابت کو پڑھ لے کہ کس طرح ایران کے پڑوسی عرب ممالک نے بظاہر تو ایران سے دوستی اور ہمدردی کا اظہار کیا مگر ساتھ ہی ساتھ اندرونی طورپر امریکہ کو یہ بھی لکھا کہ وہ ایران کی جوہری توانائ کے کارخانے کو تباہ کردے ۔
انتہائی قابلِ احترام منظور قاضی بھائی اسلام علیکم ۔
محترم بھائی میں کسی کی بھی سوچ پر تبصرہ کرنے کے قابل خود کو نہیں سمجھتی ۔بس میری تو سمجھ میں جو بات آتی ہے انتہائی ایمانداری سے لکھنے کی کوشش کرتی ہوں ۔
آپ سب کے تبصرے مجھے اس تحریر کی بابت آگاہ کرتے ہیں کہ میں کہاں صحیح اور کہاں غلط ہوں ۔اور انتہائی ایمانداری سے بتا رہی ہوں کہ مجھے ان تبصروں سے بہت سیکھنے کو ملتا ہے ۔
جہاں تک منافقت کا تعلق ہے اس کے بارے میں کسی کی بھی رائے حتمی نہیں ہوسکتی ۔کیونکہ ہر کوئی منافقت کا مطلب اپنی سوچ اور سمجھ کے مطابق لیتا ہے ۔ہو سکتا ہے جسے میں تحریر کی منافقت سمجھتی ہوں وہ کسی دوسرے کے لئے منافقت نہ ہو ۔
اس لئے یہ صرف اور صرف اپنی ذات کی بات ہے کہ آپ کسی تحریر کی منافقت کہاں محسوس کرتے ہیں ۔
جہاں تک نگہت نسیم کی بات کا تعلق ہے ۔ان کی بات پر تبصرہ کرنا میرا امتحان ہوگا ،کیونکہ ان کی تحریر میں ان کی سوچ میں اور ان کے جزبات میں صداقت ہوتی ہے ۔جس میں ان کا علم جو نفسیات سے متعلق ہے وہ بھی شامل ہوتا ہے ۔وہ اس میدان کی بہت ہی چاق و چوبند اور چست کھلاڑی ہیں ۔ان کا قلم ہر موضوع پر رواں ہے ۔یہ ان کی سوچ ہے ۔اس سے کسی کو اختلاف بھی ہوسکتا ہے اوراتفاق بھی ۔
لیکن یہاں بات ادب سے متعلق ہے کہ تحریریں جو ہمیں بہت کچھ دے سکتی ہیں ،ان کے پڑھنے کے لئے آپ کا معیار کیا ہے ،؟
تو چلئے واپس ادب ہی کی طرف آجاتے ہیں ،کہ ہمیں کیسی تحریریں اچھی لگتی ہیں ؟
اللہ آپ کو ذندگی اور صحت کے ساتھ خوش و خرم رکھے آمین
عالم آرا