میرا دسمبر سے عجیب رشتہ ہے .. یاد کا بہانہ ہو جاتا ہے .. آج جانے صبح سے مجھے کیا کیا یاد آئے جا رہا ہے .. تصویریں بن رہی ہیں بگڑ رہی ہیں .. ہاں ایک تصویر ٹھہر سی گئی ہے .. منظر کچھ یوں تھا .. دوہزار آٹھ کی سردیوں کے دن تھے .. میری ڈیوٹی ” اولڈ ایج سائکاٹری ” یعنی بوڑھوں کے امراض نفسیات کا شعبہ میں تھی اور مجھے یہاں چھ ماہ ڈیوٹی کرنی تھی .. دل ہر روز کئی پہلوؤں سے تڑپ جا تا تھا .. گھر آ کر سوچتی کہ انہی جیسا کبھی میرا مستقبل بھی ہو سکتا ہے ..
ایسے میں مجھے صبح کی میٹنگ میں جولی جو میرے ساتھ نرس کے فرائض انجام دیتی تھی اس نے بتایا کہ ہمیں آج “ہوم وزٹ” یعنی کسی کو گھر دیکھنے جانا ہے ..
کیوں بھلا .. شائد معذور ہو یا پھر دماغی توازن صحیح نہ ہو یا پھر یاداشت کا مسلہ نہ ہو …
ابھی میں سوچ ہی رہی تھی کہ جولی نے کیس ہسٹری بتاتے ہوئے کہا کہ کل پولیس اسٹیشن سے فون آیا تھا کہ فئیر فیلڈ ہائٹس کے فلیٹ نمر دو میں 65 سالہ “میری کرسٹل ” رہتی ہے جو روزانہ پولیس اسٹیشن فون کرتی ہے اور کہتی ہے کچھ لوگ اسے تنگ کر رہے ہیں اور اس کے فلیٹ کا دروازہ رات کو بجا کر بھاگ جاتے ہیں اور اسے کوئی سونے نہیں دیتا … اس سلسلے میں اس کی مسلسل درخواستوں پر پولیس نے چھاپے بھی مارے ہیں لیکن کوئی وہاں نہیں پایا گیا .. سو گمان ہے کہ میری کرسٹل ہوش حواس کھو بیٹھی ہے ..
ہم لوگ فئیر فیلڈ ہائٹس کے فلیٹ نمر دو کے سامنے کھڑے تھے .. جولی نے دروازے پر ہلکی سی دستک دی .. دروازہ کھولتے وقت میری کرسٹل نے اپنا تعارف دیتے ہوئے ہمیں اندر آنے کو کہا .. .. نیلے پھولوں والے سلیپنگ سوٹ میں ملبوس میری کو دیکھ کر لگتا تھا جیسے وہ اچھے وقتوں کی یادگار ہو .. اس نے بتایا کہ اس کے ماں باپ مر چکے ہیں . اس کا صرف ایک بھائی ” رابرٹ ” ہے جو کوئینز لینڈ میں رہتا ہے ..اس سے میری کا تعلق صرف خطوں کے زریعے ہے اور وہ بھی زیادہ تر وہی لکھتی ہے .. اس نے شادی نہیں کی تھی .. کوئی اولاد بھی نہیں تھی .. تن تنہا گورمنٹ کے دئے ہوئے فلیٹ میں گورمنٹ ہی کی آمدنی پر گزارا کرتی ہے ..
میں نے اس سے لوگوں کی روازنہ رات کو ڈرانے دھمکانے والی بات شروع کرتے ہوئے پوچھا کہ اسے رات کو ڈر تو لگتا ہو گا .. جس پر میری نے بڑے سکون سے کہا کہ ” نہیں ” .. کیونکہ اس کی بلی ” بلیکی ” اس کے ساتھ رہتی ہے .. اپنا نام سنتے ہی ایک کالی سی چمکیلی آنکھوں والی بلی میری کی گود میں آ کر بیٹھ گئی .. میری کبھی اسے پیا رکرتی تو کبھی اسے نصحتیں کرتی کہ یہاں نہ جاؤ وہاں نہ جاؤ .. تو کبھی اسے کچھ کھلانے بیٹھ جاتی .. ایک وقت ایسا بھی آیا کہ وہ دونوں ایک دوسرے میں مگن ہم لوگوں کو بھول چکی تھیں ..
میں نے کمرے میں اپنے اطراف پر ایک نظر ڈالی .. جس کی بے ترتیبی بتا رہی تھی کہ گھر کا مکین بیمار ہے .. میں نے میری کی توجہ ایکبار پھر اس کی پولیس کو بھیجی ہوئی درخواستوں کی طرف دلائی تو اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے .. اب بلیکی کی بے چینی قابل دید تھی .. کبھی اچک کر اس کے گالوں پر اپنے گال رکھ دیتی تو کبھی اپنی بانہوں کو اس کے اطراف گھیرا ڈالنے کی کوشش کرتی .. غمگساری کی یہ انوکھی تصویر تھی جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی ..
اپنی دلدار مالکن کو بے قرار دیکھ کر بلیکی دوڑ کر اندر والے والے کمرے میں گئی اور جانے کہاں سے نیلا اور سرخ دھاری دار ادھ بنا سویٹر گھسیٹتی ہوئی اٹھا لائی جس میں پھنسی سلائیاں دیکھ کر میری نے لپک کر نیلا اور سرخ دھاری دار اون کا گولہ اس کے منہ سے نکالا .. میری نے اپنی بلی کی اس دلجوئی کے بدلے اسے پھر کھانے کو کچھ دیا .. اب بلیکی نے میری کو سویٹر بنتا دیکھ کراس کے پیروں پر سکون سے سر رکھ کر اپنی آنکھیں موندھ لی تھیں …
میری بتا رہی تھی کہ یہ سوئٹر وہ اپنی پڑوسن لنڈا کے لئے بنا رہی ہے ” تھینکس جمپر” یعنی شکریہ کے طور پر سویٹر بن کر دے رہی ہے ..
اچھا .. کیوں .. کیسا شکریہ .. جولی نے مسکراتے ہوئے پوچھا ..
میری کرسٹل کی بوڑھی آنکھوں میں ایک چمک سی آ گئی اور اس کے چنٹوں والے لبوں پر ایک حسین سے مسکراہٹ پھیل گئی …. وہ کہہ رہی تھی کہ پچھلے ماہ جب وہ لیورپول ہوسپٹل میں تھی تو لنڈا اس کی عیادت کو آتی تھی … پھر اس کی آنکھوں میں ایک نمی سی اتر آئی اور آواز میں حسرت ….وہ کہہ رہی تھی .. شکریہ محبت کی تشریح ہے .. .. شکریہ کی وسعت کا اندازہ انسان اپنے ظرف کے مطابق کرتا ہے ….
میری نے ایک گہری سی سانس لی اور سوئٹر پر نظریں جمادی … وہ جیسے خود سے باتیں کر رہی تھی .. لنڈا کا احسان میں زندگی بھر نہیں اتار سکتی ..دیکھو تو میں کتنی نادان ہوں ..سمجھ بیٹھی ہوں لنڈا کا احسان جیسے اتار ہی لونگی … بھلا محبت اور احسان کا شکریہ کبھی کسی سے ادا ہوا ہے … اس کی آواز بھرا گئی …
ہاں یہ سویٹر میں اس کے احسان کو دن رات یاد کرتے ہوئے ایک سال سے بنا رہی ہوں .. میرا جی چاہتا ہے کہ یہ سوئٹر کبھی مکمل نہ ہو …
اور وہ دستکیں جو روزانہ تمہارے دروازیں پر ہوتیں ہیں ۔۔وہ ۔۔ میں نے ایکبار پھر میری کو اپنے آنے کا مدعا بیان کرنا چاہا ۔۔۔ وہ ایک لمحے کے لئے چپ ہو گئی ۔۔ سوئیٹر بنتے ہاتھ جیسے رک گئے تھے ۔۔۔ اس کی آنکھوں میں انسوؤں کی نمی تیر گئی اور اس کی آواز جیسے صرف مجھے ہی سنائی دے رہی تھی ۔۔ وہ کہہ رہی تھی ۔۔ تنہائیوں کے دروازے پر یادوں کے علاوہ کون دستک دے سکا ہے ۔۔۔ میں کچھ اور بھی سنتی کہ اچانک باہر ہلکا سا شور ہوا .. پھر دروازے پر دستک .. چالیس سالہ لنڈا جو ساتھ والے فلیٹ میں اکیلی ہی رہتی تھی .. اپنی نوکری سے ابھی ابھی لوٹی تھی … میری کے فلیٹ کا دروازہ کھلا دیکھ کر اپنے گھر جانے کی بجائے میری کے پاس ہی آگئی .. لنڈا کو دیکھ کر بلیکی نے وہی سے ایک جست لگائی اور میاؤں میاؤں کرتی ہوئی لنڈا کے پیروں سے لپٹ گئی .. اس نے بڑھ کر بلیکی کو گود میں لے لیا اور میری کے ساتھ والی کرسی پر ہی بیٹھ گئی .. پھر .. باتیں .. قہقہے .. دن بھر کی تفصیل ..
اب کمرے میں صرف ..لنڈا … بلیکی اور میری رہ گئے تھے … تین زندہ روحیں ایک دوسرے کو سانسیں بانٹ رہی تھیں …
دوہزار آٹھ کی سردیوں کا وہ دن میری زندگی کا بہت ہی عجیب دن تھا … جب میری کرسٹل کے بوسیدہ گھر کے اسی بے ترتیب کمرے میں پولیس کی بھیجی ہوئی درخواستوں .. نفسیاتی تجزیوں ..اور نسخوں نے میرے سامنے دم توڑ دیا تھا ….

لنڈا..بلیکی اور میری……ایک خوبصورت مختصر افسانہ ہے. ڈاکٹر نگہت کی قلمی زندگی کے بہت سے رخ ہیں لیکن وہ میرے نزدیک بنیادی طور پر افسانہ نگار ہیں اور انکے افسانوں کی انفرادیت کے بارے میں تفصیل سے میں انکے افسانوں کے دوسرے مجموعے میں لکھ چکا ہوں.
مختصر افسانہ ستر کے عشرے میں متعارف ہوا تھا اور پھر اسمیں ظفر خان نیازی،جناب جدون،بانو قدسیہ،عبیدہ سید اور ایسے ہی بہت سے نام آئے.
خود میرے نزدیک طویل افسانہ لکھنے قدرے آسان ہے بنسبت مختصر افسانے کے کہ اسمیں اختصار کے باوجود آپ کو افسانے کے تمام عناصر اور عوامل کو سامنے رکھنا پڑتا ہے.
مجھے یہ بھی اعتراف ہے کہ عالمی اخبار کے کام کی وجہ سے ڈاکٹر نگہت کی افسانہ نگاری خاصی متاثر ہوئی ہے لیکن اس افسانے کو پڑھ کر تسلی ہوئی کہ ان کے اندر کی افسانہ نگار بیدار اور چوکس ہے
زندگی بہت سے رنگوں سے مل کے بنتی ہے یادیں بھی بہت سے ایسے ہی واقعات سے بنتیں ہیں جیسا کے آپی نے لکھا بعض باتوں میں کُچھ بھی خاص نہیں ہوتا ایسا ہم کو لگتا ہے مگر وہ ہی باتیں جب ہمیں ساری زندگی یاد آتی رہتی ہیں تب ہم جانتے ہیں کہ بظاہر عام سے کگنی والی بات بھی اپنے اندر کیسی کشش رکھتی ہے آپی کے قلم کو خدا نے بہت نوازا ہے خدا اور ترقی دے یہ مختصر افسانہ کتنا کُچھ خود میں سمیٹے ہوئے ہیں تنہائی کا قرب ، کسی کے توجہ کی طلب —
بہترین بات کی میری نے کہ
شکریہ محبت کی تشریح ہے
بھلا محبت اور احسان کا شکریہ کبھی کسی سے ادا ہوا ہے
واہ کیا بات کی۔
آپی اس افسانے کو جتنی تشریحات دے لیں اتنی ہی ممکن ہیں کہ زندگی خود ایک افسانہ ہے، اک خواب ہے، اک معمہ ہے اور ایک تمثیل ہے، لیکن یہ سب کچھ حقیقت بھی تولگتا ہے ناں، جو کبھی کبھی کھلی کتاب بن کر ہمیں دھوکہ دے جاتی ہے۔۔۔۔!
دائروں کے اندر سفر کرنے والی زندگی کبھی باہر کے دائرے کو ماضی سمجھتی ہے اور کبھی اندر کے دائرے کو۔ یہ تو سمت سفر ہے جو ماضی و حال کو منقسم کر دیتی ہے۔ ورنہ دائرے تو دائرے ہی ہیں، ایک نہیں تو دوسرا مدار سہی۔ گھڑی کے رخ پر چلیں تو سب ٹھیک، لیکن اگر انہی دائروں میں سفر گھڑی کے خلاف رُخ پر شروع کر دیں تو کون سمجھے کہ یہ نسخوں سے بھری پرچیاں کیا کہتی ہیں۔ کوئی ہاتھ میں ماضی کی کرچیاں لئے کھڑا ہو تو وہ سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا ہیولا بنانا چاہتا ہے، چہ جائیکہ اگر کوئی مستقبل کی کرچیاں ہاتھ میں لیکر تصویریں جوڑنا شروع کر دے۔ ایسے میں نسخوں، دوائیوں اور پولیسی تفتیشوں کے بس میں کیا رہ جاتا ہے۔۔۔۔صرف چند پرچیاں، جو خود کو بھی ترتیب نہیں دے پاتیں کہ پہلے کون آئے گی۔۔۔۔۔
کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی۔۔۔
“شکریہ محبت کی تشریح ہے .. .. شکریہ کی وسعت کا اندازہ انسان اپنے ظرف کے مطابق کرتا ہے”
یہ جملہ شاید نچوڑ ہے پورے افسانے کا، بہت سبق آموز کہانی ہے، جس طرح شکریہ کی وسعت کا اندازہ انسان اپنے ظرف کے مطابق کرتا ہے اسی طرح کسی بات یا واقعہ سے سبق بھی انسان اپنے اپنے ظرف کے مطابق اخذ کرتے ہیں، یہ بہن جی کی اعلیٰ ظرفی ہی ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کے ایک دن کے ایک واقعہ سے اس طرح سبق لیا، اس کو اس خوبصورت انداز میں کاغذ پر منتقل کیا، یا انٹرنیٹ کے ان صفحوں پر بکھیر کر دوسروں کی توجہات کو بھی اس سبق کی طرف مبذول کرنے کی کوشش کی۔
افسانے کو “ سچے واقعہ “ کی شکل میں پیش کرنا بڑے ہی کمال کی بات ہے جس کے لیے افسانہ نگار ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ تعریف کی مستحق ہیں ۔
مگر “سچے واقعہ “ کو “افسانے “ کا نام د ے کر پیش کرنا بھی کمال کی بات ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایں سعادت بزورِ بازو نیست
تانہ بخشد خدائے بخشندہ
آپ سب کا فردا فردا بہت بہت شکریہ … سلامت رہیں میرا مان بڑھانے کے لئے ..
مصباح بھائی آپ نے کمال خوبصورتی سے میری توجہ مناسب متبادل لفظ کی طرف دلائی ہے یقین جانئے میرے زہن میں بھی یہی تھا لیکن وہ لفظ مجھ سے منسوب ہوتے ہوئے بھی میرا نہیں ہوا .. جزاک اللہ .. میں نے ” دوائی کی پرچیوں ” کو ” نسخوں” میں بدل دیا ہے … میں کتنی خوش نصیب ہوں کہ مجھے سنوارنے والے میسر ہیں .. اپنی بہن سے ڈھیروں دعائیں لیجئے ..
بہن نگہت بہت ہی خوبصورت تخلیق ہے اپنے سب مختصر افسانوں کو جنہیں آپ نے زندگی کا رنگ دیا ہے کتابی شکل میں شا ئع کر دیں تو بہت بہتر ہوگا۔ر یہ رنگ آپ کا اچھو تا ہے اور مجھے پہلی دفعہ پڑھنے کا اتفاق ہوا ہے۔میری طرف دلی مبارکباد قبول فر ما ئیے
شمس بھائی آپ کی پسندیدگی میرے لئے سند کا درجہ رکھتی ہے ۔۔ میری کتاب کے اجراء کے لئے اگر آپ یہاں آئیں تو ایک ماہ میں کتاب لکھ لونگی انشاللہ ۔۔ ورنہ شمس بھائی میں تو اس معاملے میں بحر کاہل ہوں ۔۔۔
پیاری بیٹی ، اتنے حسین افسانے پر کچھ لکھنے کو بھی ایک پورا افسانہ چاہئے جو میرے اوپر ادھار رہا
بہت سی دعاؤ ں کے ساتھ
اللہ حافظ
تمہاری بجّو
ڈاکٹر صاحبہ، بہت خوب، ایک مختصر سے افسانے میں آپ نے جیسے دریا کو کوزے میں یند کردیا، کیا خوبصورت انراز ہے …….
میری نے ایک گہری سی سانس لی اور سوئٹر پر نظریں جمادی … وہ جیسے خود سے باتیں کر رہی تھی .. لنڈا کا احسان میں زندگی بھر نہیں اتار سکتی ..دیکھو تو میں کتنی نادان ہوں ..سمجھ بیٹھی ہوں لنڈا کا احسان جیسے اتار ہی لونگی … بھلا محبت اور احسان کا شکریہ کبھی کسی سے ادا ہوا ہے … اس کی آواز بھرا گئی …
پڑھ کر واقعی بہت مزا آیا، اللہ زور قلم کرے اور زیادہ، دعاوں کا طالب ناچیز انور ظہیر رہبر، یرلن
آپ لکھیں شاءع کراءیں اگر حیات رہا تو انشا اللہ میں آوّنگا یہ ایک مومن کا وعدہ ہے اور منتظر رہوں گا کہ آپ اپنا وعدہ جلدی سے پورا کریں
انشااللہ شمس بھائی میں مارچ کے بعد کتاب پر اپنا کام مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرونگی .. انشاللہ آپ سے ضرور ملاقات ہو گی . اللہ کریم آپ کا سایہ پر شفقت ہم سب پر تا حیات رکھے .. آمین
بہن جی آپ نے یہ تو بتایا ہی نہیں کہ . . .
وہ لوگ جو میری صاحبہ کو پریشان کرتے تھے وہ پکڑے گئے یا نہیں ؟؟
وہ تھے بھی یا نہیں ؟؟
افسانے سے ہٹ کر ہی سہی لیکن بتائیے تو
مناف بھائی” میری ” پاگل تھی .. اسے وہم تھا اور اسے آوازیں آیا کرتی تھیں ..حقیقیت میں کچھ نہیں تھا … تنہائی انسان کو اس قدر پریشان اور ویران کر سکتی ہے کہ وہ کسی وقت بھی پاگل ہو سکتا ہے اور اسی تنہائی نے میری کو پاگل کیا اور اسی تنہائی نے لنڈا کو میری کا دوست بنایا اور ان دونوں کی نقطہ خوشی بلیکی کا چہکنا تھا .. اس پورے افسانے کی ایک پنچ لائن ہے اور وہ یہ ہے “اب کمرے میں صرف ..لنڈا … بلیکی اور میری رہ گئے تھے … تین زندہ روحیں ایک دوسرے کو سانسیں بانٹ رہی تھیں … ” زندہ روحیں وہ ہوتی ہیں جو ایک دوسرے کی تنہائی بانٹتی ہیں ..خبر گیری کرتی ہیں .. دکھ سکھ بانٹتی ہیں اور ایک دوسرے کے لئے آکسیجن ہوتی ہیں … جو انسان زندہ ہوتے ہوئے بھی ایسا نہیں کرتے وہ در اصل مردہ ہوتے ہیں .. ان کا ہونا نہ ہونا ایک جیسا ہے .. یہی اس افسانے کا بنیادی خیال تھا .. اور اس کی اساس ایک سچی کہانی ہے اور میں اس کی چشم دید گواہ ..
انور بھائی بہت بہت شکریہ .. دیر لگی آنے میں پر صد شکر کہ آپ آئے تو ..
زہے نصیب بجو .. بابا کہتے ہیں کہ جو تحریر کسی اور سے ویسی ہی تحریر لکھو الے وہ اس تحریر کی کامیابی کی سند ہوتی ہے .. آپ کا کہنا ہی مجھے مغرور کر رہا ہے .. مجھ جیسے تو آپ سے سیکھتے ہیں .. آپ نے مجھے اشکبار کر دیا بجو .. بہت بہت شکریہ
میں نے اس لیے پوچھا تھا کہ کبھی یوں بھی ہوتا ہے کہ جس شخص کو دنیا پا گل سمجھ رہی ہوتی ہے وہ در حقیقت پاگل ہوتا ہی نہیں،
یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ ہر پاگل کی نظر میں باقی کی تمام دنیا ہی دراصل پاگل ہے،
کیا آپ نے وہ فلم دیکھی ہے ؟
One Flew Over The Cuckoo’s Nest
میں صرف یہ جاننا چاہ رہا تھا کہ کہیں ایسا تو نہیں ہوا کہ میری صاحبہ کو پاگل سمجھ کر یا تنہائی کا مریض سمجھ کر ان کی شکایت پر زیادہ توجیہ نہ دی گئی ہو اور کوئی واقعی چھپ کر شرارت کر رہا ہو۔