چشم گریہ سے چاکٍ ماتم تک .. محرم الحرام

محرم اسلامی تقویم کا پہلا مہینہ ہے۔ اسے محرم الحرام بھی کہتے ہیں۔ اسلام سے پہلے بھی اس مہینے کو انتہائی قابل احترام سمجھا جاتا تھا۔ اسلام نے یہ احترام جاری رکھا۔ اس مہینے میں جنگ و جدل ممنوع ہے۔ اسی حرمت کی وجہ سے اسے محرم کہتے ہیں۔ اس مہینے نئے اسلامی سال کا آغاز ہوتا ہے۔

یقینا محرم الحرام کا مہینہ عظمت والا مہینہ ہے ، اسی ماہ سے ھجری سال کی ابتداء ہوتی ہے اوریہ ان حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے جن کے بارے میں اللہ رب العزت کا فرمان ہے : یقینا اللہ تعالی کے ہاں مہینوں کی تعداد بارہ ہے اور( یہ تعداد ) اسی دن سے ہے جب سے آسمان وزمین کواس نے پیدا فرمایا تھا ، ان میں سے چارحرمت وادب والے مہینے ہیں ، یہی درست اورصحیح دین ہے ، تم ان مہینوں میں اپنی جانوں پرظلم وستم نہ کرو ، اورتم تمام مشرکوں سے جہاد کرو جیسے کہ وہ تم سب سے لڑتے ہیں ، اورجان رکھو کہ اللہ تعالی متقیوں کے ساتھ ہے –

التوبۃ ( 36 ) اورابوبکر رضي اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

( سال کے بارہ میں مہینے ہیں جن میں سے چارحرمت والے ہیں ، تین تومسلسل ہیں ، ذوالقعدہ ، ذوالحجۃ ، اورمحرم ، اورجمادی اورشعبان کے مابین رجب کامہینہ جسے رجب مضرکہا جاتا ہے )
صحیح بخاری حدیث نمبر ( 2958 ) ۔

اللہ سبحانہ وتعالی کا یہ فرمان :
لہذا تم ان میں اپنی جانوں پرظلم وستم نہ کرو } اس کا معنی یہ ہےکہ :
یعنی ان حرمت والے مہینوں میں ظلم نہ کرو کیونکہ ان میں گناہ کرنا دوسرے مہینوں کی بنسبت زيادہ شدید ہے ۔

ابن عباس رضي اللہ تعالی عنہما سےاس آيت { لھذا تم ان مہینوں میں اپنے آپ پرظلم وستم نہ کرو } کے بارہ میں مروی ہے :
تم ان سب مہینوں میں ظلم نہ کرو اورپھر ان مہینوں میں سے چارکو مخصوص کرکےانہيں حرمت والے قراردیا اوران کی حرمت کوبھی بہت ‏عظيم قراردیتے ہوئے ان مہینوں میں گناہ کاارتکاب کرنا بھی عظیم گناہ کا باعث قرار دیا اوران میں اعمال صالحہ کرنا بھی عظيم اجروثواب کاباعث بنایا ۔

قتادہ رحمہ اللہ تعالی اس آیت : { لھذا تم ان مہینوں میں اپنے آپ پر ظلم وستم نہ کرو } کے بارہ میں کہتے ہيں

حرمت والے مہینوں میں ظلم وستم کرنادوسرے مہینوں کی بنسبت یقینا زيادہ گناہ اوربرائي کا باعث ہے ، اگرچہ ہرحالت میں ظلم بہت بڑي اور عظيم چيز ہے لیکن اللہ سبحانہ وتعالی اپنے امرمیں سے جسے چاہے عظيم بنا دیتا ہے :

قتادہ رحمہ اللہ کہتے ہيں :
بلاشبہ اللہ سبحانہ وتعالی نے اپنی مخلوق میں سے کچھ کواختیارکرکے اسے چن لیا ہے : فرشتوں میں سے بھی پیغبر چنے اورانسانوں میں سے بھی رسول بنائے ، اورکلام سے اپنا ذکر چنا اورزمین سے مساجد کواختیار کیا ، اورمہینوں میں سے رمضان المبارک اورحرمت والے مہینے چنے ، اورایام میں سے جمعہ کا دن اختیارکیا ، اورراتوں میں سے لیلۃ القدر کوچنا ، لہذا جسے اللہ تعالی نے تعظیم دی ہے تم بھی اس کی تعظیم کرو ، کیونکہ اہل علم وفہم اورحل وعقد کے ہاں امور کی تعظیم بھی اسی چيز کےساتھ کی جاتی ہے جسے اللہ تعالی نے تعظيم دی ہے ۔

تفسیر ابن کثیر اور تفسیر ابن کثیر سورۃ التوبۃ آیت نمبر ( 36 ) میں ہے ۔
محرم الحرام کے مہینہ میں کثرت سے روزے رکھنے کی فضیلت :

ابوہریرہ رضي اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہيں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
( رمضان المبارک کے بعدافضل ترین روزے اللہ تعال کے مہینہ محرم الحرام کے روزے ہيں )
صحیح مسلم حدیث نمبر ( 1982 ) ۔

یکم محرم الحرام کے اہم واقعات

1. آغاز ایام عزاء
محمد و آل محمد (ص) کے حزن واندوہ کا پہلا دن ہے ۔ تمام انبیاء و ملائکہ ، تمام اہل اسلام کے لئے غم اندوہ کا دن ہے ۔

2. یکم محرم الحرام کے دن خلیفہ ثانی سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ شہید ہوئے
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ، خلیفۂ اوّل حضرت ابوبکرصدیق رضی اللہ تعالی عنہ کے بعد مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ تھے۔آپ ان دس صحابہ میں سے ہیں جن کو جنت کی خوشخبری دی گئی۔آپ کے دور میں اسلامی مملکت 28 لاکھ مربع میل کے رقبے پر پھیل گئی۔

نام ونسب
آپ کا نام مبارک عمر ہے اور لقب فاروق، کنیت ابو حفص، لقب و*کنیت دونوں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے عطا کردہ ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہ کا نسب نویں پشت میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے جا ملتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی نویں پشت میں کعب کے دو بیٹے ہیں مرہ اور عدی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم مرہ کی اولاد میں سے ہیں، جبکہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ عدی کی اولاد میں سے ہیں۔

ابتدائی زندگی
آپ رضی اللہ تعالی عنہ مکہ میں پید ا ہوۓ اور ان چند لوگوں میں سے تھے جو لکھ پڑھ سکتے تھے۔ جب حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے لوگوں کو اسلام کی دعوت دی تو حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سخت مخالفت کی۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی دعا سے حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے اسلام قبول کر لیا۔ اس لے آپ کو مراد رسول بھی کہا جاتا ہے.

ہجرت
ہجرت کے موقعے پر کفار مکہ کے شر سے بچنے کے لیے سب نے خاموشی سے ہجرت کی مگر آپ کی غیرت ایمانی نے چھپ کر ہجرت کرنا گوارہ نہیں کیا.آپ نے تلوار ہاتھ میں لی کعبہ کا طواف کیا اور کفار کے مجمع کو مخاطب کر کے کہا ” تم میں سے اگر کوئی شخص یہ چاہتا ہو کہ اس کی بیوی بیوہ ہوجائے اس کے بچے يتيم ہوجائیں تو وہ مکہ سے باہر آکر میرا راستہ روک کر دیکھ لے” مگر کسی کافر کی ہممت نہ پڑی کہ آپ کا راستہ روک سکتا۔

عمر ابن الخطاب ، رسول کريم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نظر میں
ایک اور موقع پرآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمايا “جس راستے پر عمر ہو وہاں سے شیطان راستہ بدل لیتا ہے۔” [صحیح بخاری، ج 2 ، رقم الحدیث 880 ]

مزید ایک موقع پر فرمايا ” اللہ نے عمر کی زبان پر حق کو جاری کردیا ہے۔

حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ کے زندگی کے اہم واقعات
آپ ایک انصاف پسند حاکم تھے۔ یک مرتبہ آپ مسجد میں منبر رسول پر کھڑے خطبہ دے رہے تھے کہ ایک غریب شخص کھڑا ہوگیا اور کہا کہ اے عمر ہم تیرا خطبہ اس وقت تک نہیں سنیں گے جب تک یہ نہ بتاؤ گے کہ یہ جو تم نے کپڑا پہنا ہوا ہے وہ زیادہ ہے جبکہ بیت المال سے جو کپڑا ملا تھا وہ اس سے بہت کم تھا۔تو عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے کہا کہ مجمع میں میرا بیٹا عبداللہ موجود ہے، عبداللہ بن عمر کھڑے ہوگئے۔ عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ نے کہا کہ بیٹا بتاؤ کہ تیرا باپ یہ کپڑا کہاں سے لایا ہے ورنہ قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے میں قیامت تک اس منبر پر نہیں چڑھوں گا۔ حضرت عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ نے بتایا کہ بابا کو جو کپڑا ملا تھا وہ بہت ہی کم تھا اس سے ان کا پورا کپڑا نہیں بن سکتا تھا۔ اور ان کے پاس جو پہننے کے لباس تھا وہ بہت خستہ حال ہو چکا تھا۔ اس لئے میں نے اپنا کپڑا اپنے والد کو دے دیا۔

ابن سعد فرماتے ہیں کہ ہم لوگ ایک دن حضرت امیر المؤمنین رضی اللہ عنہ کے دروازے پن بیٹھے ہوۓ تھے کہ ایک کنیز گزری ۔ بعض کہنے لگے یہ باندی حضرت کی ہے۔ آ پ (حضرت عمر رضی اللہ عنہ) نے فرمایا کہ امیر المؤمنین کو کیا حق ہے وہ خدا کے مال میں سے باندی رکھے۔ میرے لیۓ صرف دو جوڑے کپڑے ایک گرمی کا اور دوسرا جھاڑے کا اور اوسط درجے کا کھانا بیت المال سے لینا جائز ہے۔ باقی میری وہی حیثیت ہے جو ایک عام مسلمان کی ہے۔

جب آپ کسی بزرگ کو عامل بنا کر بھیجتے تھے تو یہ شرائط سنا دیتے تھے :
1-گھوڑے پر کبھی مت سوار ہونا۔
2-عمدہ کھانا نہ کھانا۔
3-باریک کپڑا نہ پہننا۔
4-حاجت مندوں کی داد رسی کرنا۔
اگر اس کے خلاف ہوتا تو سزائیں دیتے۔

شہادت
یکم محرم کو ایک ایرانی مجوسی غلام ابولولو فیروز نامی بدبخت نے آپ کو اس وقت شہید کردیا جب آپ نماز پڑھارہے تھے۔آپ کے بعد اتفاق رائے سے حضرت عثمان کو امیر المومنین منتخب کیا گیا۔

3. آج جناب زکریا علیہ السلام کی دعا قبول ہوئی

4. واقعہ شعب ابی طالب (ع)
مولوی شبلی صاحب نے لکھا ہے کہ اہل قریش تدبیر سوچی کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے خاندان کو محصور کرکے تباہ کر دیا جائے چنانچہ تمام قبائل نے ایک معاہدہ مرتب کیا کہ کوئی شخص خاندان بنی ہاشم سے نہ قرابت کرے نہ ان کے ہاتھ خرید و فروخت کرے نہ ان سے ملے نہ ان کے پاس کھانے پینے کا سامان جانے دے جب تک وہ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو قتل کے لئے حوالے نہ کر دیں ۔ یہ معاہدہ منصور ابن عکرم نے لکھا اور در کعبہ پر آویزاں کردیا گیا ۔ ابوطالب مجبور ہو کر تمام خاندان بنی ہاشم کے ساتھ شعب ابو طالب میں پہاڑ کا ایک درہ تھا جو خاندان ہاشم کا موروثی تھا پناہ گزیں ہئے تین سال تک بنی ہاشم نے اس حصار میں بسر کی یہ زمانہ ایسا سخت گزرا کہ پتے کھا کھا کے بسر کرتے تھے ابن سعد کی روایت ہے کہ بچے جب بھوک سے روتے تھے تو باہر آواز آتی تھی قریش سن سن کر خوش ہوتے تھے ۔(سیرت النبی ،ج/۱ص/۱۸)

علامہ حلبی نے لکھا ہے :
”حضرت ابو طالب (ع) یہ معمول بنا لیا تھا کہ ہررات حضرت رسول خداصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے فرماتے کہ میرے پاس میرے ہی فرش پر سو رہو پھر جب سب لوگ سو جاتے تھے تو آپ حضرت کو اس جگہ سے ہٹا دیتے اور اپنے بیٹوں یا حقیقی بھائیوں یا چچا زاد بھائیوں سے کسی کو حکم دیتے کہ رسول خداصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جگہ پر سو رہے اس خوف سے کہ شب کو کوئی دشمن دھوکے سے حضرت کو قتل نہ کر دے“ ( سیرت حلبیہ ،ج/۱ص/۳۴۲)

قریش کے بائیکاٹ ختم ہونے کی وجہ
اس شعب سے نکلنے کی بھی جو صورت ہوئی وہ جناب ابو طالب (ع)کے کمال ایمان کی دلیل ہے جب شعب میں تقریبا تین برس ہو گئے تو ایک روز حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے جناب ابو طالب سے کہا: اے چچا مجھ پر وحی نازل ہوئی ہے کہ عہد نامہ قریش کے وہ تمام الفاظ جو ظلم اور قطع برادری پر مشتمل تھے کیڑوں نے کھا لئے اور اس میں سے صرف وہ ٹکڑا باقی رہ گیا ہے جس پر خا کا نام لکھا ہوا تھا”و کان ابو طالب لا یسک فی قولہ “ جناب ابو طالب (ع) کا یہ حال تھا کہ حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم جو خبر یا وحی بیان کرتے تھے اس میں ذرہ برابر شک نہیں کرتے تھے یہ سنتے ہی اس پر بھی یقین کر لیا اور شعب سے نکل کر قریش کے پاس گئے اور کہا : کہ جو تم نے عہد نامہ لکھا ہے اسے کیڑا کھا گیا ہے اور خدا کے نام کے سوائے اس کا کوئی مضمون باقی نہیں رہا ۔

محمد (ص) نے مجھ سے ایسا بیان کیا ہے اس کا کاغذ کو منگا کر دیکھو اگر میرے بھتیجے کی خبر صحیح ہو کہ تم سب ہم لوگوں پر ظلم و قطع رحم کر رہے ہو اور اگر ان کی خبر جھوٹ نکلے تو ہم سب لوگ جان جائیں گے کہ تم لوگ ہی حق پر ہو اور ہم لوگ باطل پر ہیں یہ سن کر سب کے سب جلدی گھڑے ہو گئے اور اس عہد نامہ کو اتار لائے دیکھا تو معلوم ہوا کہ حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے جو فرمایا ہے بالکل صحیح ہے ۔
اب تو ابو طالب کا نفس خوب مضبوط ہو گیا ان کی آواز میں بھی طاقت آگئی کہنے لگے اب تو تم لوگوں پر اچھی طرح واضح ہو گیا کہ اس معاملہ میں تم ہی لوگ ظلم و ستم کرتے اورقطع رحمی کا ارتکاب کر رہے ہو اس پر ان سب نے اپنے اپنے سر جھکالئے پھر اس عہد نامے کے توڑ نے کو آمادہ ہو گئے ۔

4. جنگ ذات الرقاع
یہ واقعہ ۴ ء ہجری کا ہے ، مدینہ منورہ کے اطراف میں جو کفار (قبیلہ انمار ، ثعلبہ اور غطفان ) رہتے تھے وہ لوگ مدینہ کا محاصرہ کرنا چاہتے تھے لیکن رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اپنے چار سو یا سات سو افراد کے ساتھ مدینہ کے باہر تشریف لے گئے جہاں پر ان کفار سے جنگ ہوئی ، یہ جنگ تین دن تک ہوتی رہی آخر کار اسلام کو کامیابی حاصل ہوئی۔ایک قول کی مطابق یہ جنگ ماہ جمادی الاول ۴ ھء میں دشمن مدینہ پر حملہ کرنا چاہتا ھتا لہٰذا آنحضرت (ص) نے اصحاب کو لیکر ان کی پیش قدمی کو روکنے کے لئے آگے بڑھے لیکن وہ سامنے نہ آئے اور بھاگ کھڑے ہوئے۔

5. اسلام میں زکات اصول کرنے کی ابتداء

6. یزید کے خلاف اہل مدینہ کا قیام۔

7. یکم محرّم الحرام، کفّار قریش کااصحاب و انصار سےاقتصادی بائیکاٹ
بعض مورخین کے بقول ہجرت نبوی (ص) سے 6 سال قبل یکم محرم کے دن ، حضور اکرم (ص) اور آپ (ع) کے اصحاب و انصار کے بائیکاٹ کے لئے کفّار قریش نے معاہدہ کیا ۔ کفّار کے سرغنے اسلام کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے گھبرا گئے تھے ، اسی لئے انہوں نے اسلام کی تبلیغ کو روکنے اور مسلمانوں کو ستانے کے لئے ان کا اقتصادی بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ۔

اس معاہدے کی روسے ، کسی کو یہ حق حاصل نہیں تھا کہ وہ مسلمانوں سے کسی قسم کالین دین کرے ۔ اس معاہدے کے تحت حضور اکرم (ص) اور آپ (ص) کے انصار واجبات تین سال تک مکے کے نزدیک ایک درے میں محصور رہے جسے شعب ابی طالب کہتے ہیں ۔

8. حضور اکرم (ص) اور مسلمانوں کو اس مدت میں سختیاں جھیلنی پڑیں ، لیکن آپ (ص) کے باوفا اصحاب نے اسلام کا دامن نہیں چھوڑا ، شعب ابی طالب میں محاصرے کے دوران ، پیغمبر اکرم (ص) کے عزیز چچا حضرت ابوطالب اور شریک حیات حضرت خدیجۃ الکبری (ع) نے وفات پائی ۔

قریش کے بعض سردار جو مسلمانوں سے خونی رشتہ رکھتے تھے ، ان پر ڈھائے جانے والے مظالم سے نادم ہوگئے اور انہوں نے حضور اکرم (ص) اور مسلمانوں کا محاصرہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا لیکن جب وہ معاہدے کا متن دیکھنے گئے تو وہ انگشت بدنداں رہ گئے ، پوری تحریر کو سوائے خداوند عالم کے نام کے دیمک نے چاٹ لیا تھا ۔اس طرح مسلمانوں کا بائیکاٹ ہجرت سے تین سال قبل 15 رجب کو ختم ہوگیا ۔

9. یکم محرم سنہ 19 ہجری قمری کو اسلامی لشکر نے مصر کو فتح کیا

یہ سرزمین اس وقت رومی بادشاہت کے زیر قبضہ تھی اور اہل مصر رومی بادشاہوں کے ظلم و ستم سے تنگ آچکے تھے اور وہ دلی طور پر مسلمانوں کی کامیابی چاہتے تھے ۔ آخر کار اسلامی لشکر نے رومی فوج کو شکست دے کر مصر کے شہر یکے بعد دیگرے فتح کرلئے اور یہ ملک بھی اسلامی حکومت کے دائرے میں شامل ہوگیا ۔

10. یکم محرم سنہ 1011 ہجری قمری کو مشہور مسلمان عالم دین شیخ حسن بن زین الدین نے وفات پائی

وہ عظیم مرجع تقلید شہید ثانی کے فرزند تھے ۔شیخ حسن 959 ہجری قمری میں جنوبی لبنان میں واقع شہر جیل عامل میں پیدا ہوئے تھے ۔انہوں نے بچپن سے ہی قرآن کریم اور دیگر دینی علوم حاصل کرنا شروع کئے ۔ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے وہ حوزہ علمیہ نجف اشرف گئے ۔ آپ نے قوی حافظے اور بھر پور صلاحیتوں کی بنا پر بہت جلدی دینی علوم پر عبور حاصل کرلیا ۔ انہوں نے متعدد کتابیں تحریر کیں ۔ ان کی مشہور ترین کتاب” معالم الدین و ملاذ المجتہدین “ہے ۔ اس کتاب کی وجہ سے وہ صاحب معالم کے لقب سے مشہور ہوئے ۔

پہلی محر م کی رات کے اعمال

کتاب اقبال میں اس رات کی چندنمازیں ذکر فرمائی ہیں :

۱۔ سو رکعت نماز کہ ہر رکعت میں سورہ حمد اور سورہ توحید پڑھے :

۲۔ دو رکعت نماز کہ پہلی رکعت میں سورہ الحمد کے بعد سورہ انعام اور دوسری رکعت میں سورہ الحمد کے بعد سورہ یاسین پڑھے :

۳۔ دورکعت نماز کہ ہر رکعت میں سو رئہ الحمد کے بعد گیارہ مرتبہ سورہ توحید پڑھے

پہلی محر م کادن
یہ سال کا پہلا دن ہے اور اس کے لئے دوعمل بیان ہوئے ہیں ۔

۱۔ روزہ رکھے اس ضمن میں ریان بن شبیب نے امام علی رضا سے روایت کی ہے ۔کہ جوشخص پہلی محر م کاروزہ رکھے اور خدا سے کچھ طلب کر ے تو وہ اس کی دعا ء قبو ل فرما ئے گا۔ جیسے حضرت زکر یا علیہ السلام کی دعاء قبو ل فر مائی تھی ۔

۲۔ امام علی رضا علیہ السلام سے روایت ہے کہ حضرت رسول اللہ پہلی محرم کے دن دو رکعت نمازادا فرماتے اورنماز کے بعداپنے ہاتھ سو ئے آسما ن بلند کر کے دعاء پڑھتے تھے :

شیخ طوسی نے فرمایا کہ محرم کے پہلے نو دنوں کے روزے رکھنا مستحب ہے ۔ یو م عاشور کا روزہ مکروہ ہے اور بعض کے نزدیک حرام ہے ۔
حوالہ جات

1. ^ ابن عساکر
2. ^ ابن عساکر
3. ^ دمع السجوم ص 252
4. ^ خصائص الکبریٰ ، الصواحق المحرقہ
5. ^ بخاری شریف، مشکوٰۃ ، مستدرک الحاکم، خصائص الکبریٰ
6. ^ صحیح البخاری
7. ^ ترمذی شریف
التماس دعا

113 thoughts on “چشم گریہ سے چاکٍ ماتم تک .. محرم الحرام”

  1. جب ہر ایک یک بعد دیگرے شہید ہوچکا،جب امام نے دیکھا کہ اب کوئی نہیں جو حرم رسول ۖ کی حفاظت کرے، اب کوئی نہیں جو حسین کی حمایت کرے،جو مددگار تھے وہ سب کہ سب اپنے خون میں غوطہ ور ہوچکے ہیں،جو حامی تھے وہ سب کہ سب اپنی جان کو فدا کرچکے ہیں، دوست واحباب بھی ساتھ چھوڑ کر چل بسے ہیں، اعزاء واقرباء بھی تنہا کرچکے ہیں،اب کوئی نہیں جو حسین کی نرغۂ اعداء میں دشمنوں سے حفاظت کرے،اب کوئی نہیں جو حسین کی اس مظلومی پر کچھ ترس کھائے۔

    فرزند مصطفیۖ کربلا کے جنگل میں بے یارو مددگار گیاہے، دلبند زہرا نینوا کے بن میں اکیلا ہوگیا ہے، غریب الوطنی میں کوئی ملجا نہیں ہے، پردیسی کے عالم میں کوئی ماویٰ نہیں ہے فقط ایک جان ہے جو بدن میں باقی تڑپ رہی ہے گویاوہ بھی درد والم سے جسم کو چھوڑنا چاہتی ہے پھر ایسے عالم میں امام آخری وداع کے لئے خیمے میں آکر آواز دیتے ہیں: یَا سَکِیْنَةُ یَا فَاطِمَة ویَا زَیْنَبُ یَا اُمَّ کُلْثُوْمَ عَلَیْکُنَّ مِنِّی السَّلاَمُ۔ اے سکینہ وفاطمہ اور اے زینبۖ وام کلثوم تم پہ حسین کا آخری سلام ہو۔

    یوسف زہرا کا آخری دیدار کرلو اور فرزند فاطمہ کو ایک نظر محبت دیکھ لو یہ آخری ملاقات ہے اس کے بعد پھر حسین کو نہ دیکھ سکوگی۔اب زہرا کا چاند صحرائے کربلا میں چھپ جائے گا اور خورشید امامت میں گرہن لگ جائے گا۔جناب سکینہ نے آواز دی: اَاَسْتَسْلَمْتَ لِلْمَوْتِ فَاِلیٰ مَنِ اتَّکَلْنَا؟کیا بابا آپ موت کے لئے آمادہ ہوگئے ہیں؟ اب کوئی چارہ نہیں ہے۔بابا جب آپ شہادت کے لئے تیار ہوگئے ہیں تو پھر ہمیں کس کے حوالے کررہے ہیں؟آنکھوں میں آنسو آگئے وَقَالَ:یَا نُوْرَ عَیْنِیْ! کَیْفَ لَا یَسْتَسْلِمُ لِلْمَوْتِ مَنْ لَا نَاصِرَ لَہُ وَلَا مُعِیْنَ؟وَرَحْمَةُ اللّٰہِ وَنُصْرَتُہُ لَا تُفَارِقُکُمْ فِیْ الدُّنْیَا وَلَا فِی الْآخِرَةِ، فَاصْبِرِیْ عَلیٰ قَضَائِ اللّٰہِ وَلَا تَشْکِیْ، فَاِنَّ الدُّنْیَا فَانِیَة وَالْآخِرَةُ بَاقِیَة۔میری لعل وہ کیسے موت کے لئے آمادہ نہ ہو کہ جس کے پاس کوئی یارومددگار نہیں ہے۔ وہ کیسے اپنی زندگی کی امید کرسکتا ہے کہ جو دشمنوں کے بیچ اکیلا وتنہا رہ گیا ہے؟ پروردگار کی رحمت اور اس کی نصرت دنیا وآخرت میں تم سے جدا نہیں ہوگی پس تم پروردگار کے فیصلے پر صبر کرو اور شکوہ نہ کرو بیشک دنیا فانی اور جنت باقی ہے۔ تو دیکھ رہی ہے میری لال کہ اب نہ تو تیرا بھیا اکبر باقی ہے اور نہ ہی تیرے چچا عباس اس دنیا میں رہ گئے ہیں۔ موت سے انسان کو کہاں چھٹکارا ہے لیکن وہ موت کتنی اچھی ہے میری لال کہ جو اپنے پروردگار کی راہ میں شہادت کی صورت میں ہو۔ نہ جانے کتنے سورماؤں کو موت نے زمین کے اندر کردیا ہے اور نہ جانے کتنے بلوانوں کو زمین نے نگل لیا ہے۔ موت سے کسی کو کہاں فرار ہے۔جناب سکینہ نے کہا:رُدَّنَا اِلیٰ حَرَمِ جَدِّنَا۔بابا پھر آپ ہمیں مدینہ پہونچادیں، ہمیں یہاں پہ اکیلا نہ چھوڑیں۔امام نے کہا:ھَیْھَاتَ لَوْتُرِکَ الْقَطَا لَنَامَ۔ دور ہے میری لال اگر صیاد مرغ قطاکو چھوڑ دیتا تو وہ اپنے آشیانے میں آرام کی نیند سوتاپھر اس شعر کو پڑھا:

    لَقَدْ کَانَ الْقَطَاةُ بِاَرْضِ نَجْدٍ

    قَرِیْرَ الْعَیْنِ لَمْ یَجِدِ الْغَرَامَاً

    تَوَ لَّتْہُ الْبُرَاةُ فَھَیَّمَتْہُ

    وَلَوْ تُرِکَ الْقَطَا لَغَفَا وَنَامَا

    امام اپنی بیٹی سکینہ کو بہت چاہتے تھے جیسا کہ فرمایا ہے:

    لَعَمْرُکَ اِنَّنِیْ لَاُحِبُّ دَاراً

    تَکُوْنُ بِھَا سُکَیْنَةُ وَالرُّبَابُ

    اُحِبُّھُمَا وَاَبْذُلُ جُلَّ مَالِیْ

    وَلَیْسَ لَعَاتِبٍ عِنْدِیْ عِتَابُ

    مجھے وہ گھر پسند ہے کہ جس میں سکینہ اور رباب رہتی ہیں میں ان دونوں کو چاہتا ہوں اور اپنی دارائی کو ان کی راہ میں خرچ کرتا درحالیکہ کوئی مجھ پر حق تندی نہیں رکھتا۔(ناسخ التواریخ،ج١،ص٣٦١)

    امام نے تمام عورتوں ، بچوں اور بچیوں کو اپنے پاس بلایا اور ہر ایک کو صبر وحلم کی تلقین کی۔ غمزدہ دلوں کو آخرت کی نا تمام نعمتوں سے تسلی دی۔

    ہر ایک امام کو گھیر کر کھڑا ہے اور امام وصیتیں کررہے ہیں۔ زبانیں تو بیبیوں کی خاموش ہیں لیکن ان کی آنکھوں سے اشکوں کے قطرات جاری ہیں۔ہائے کیسا وقت آیا کہ فرزند مصطفیۖ زندگی سے ناامید ہوکر مرنے کے لئے اپنے آپ کو آمادہ کرتے ہوئے بی بیوں سے آخری وداع کررہے ہیں، زمانے نے کیسا ستم توڑ دیا ہے کہ دونوں جہان کا شہنشاہ اپنے بعدخواتین کو اسیری کی خبر دے رہے ہیں۔

    ہر ایک کی نگاہیںمنبع اشک بن گئی ہیں کیونکہ دلبند زہرا مرنے جارہے ہیں، لخت دل مصطفیۖ قتل ہونے جارہے ہیں۔

    فاطمہ کے لال کا آخری دیدار ہے

    حشر کا ہنگامہ برپا ہے میان اہلبیت

    سر شہیدان محبت کے ہیں نیزوں پر بلند

    اور اونچی کی خدانے قدر وشان اہلبیت

    ایسے میں جناب سکینہ نے آواز دی: بابا آپ ہمیں کس کے حوالے کرکے جارہے ہیں آپ نہ ہوں گے تو ہمارا کیا ہوگا بابا آپ نہ ہوں گے تو یہ ظالم ہمیں قیدی بنالیں گے بابا اگر انہوں نے ہماری چادریں چھین لی تو ہمارا کون مددگار ہوگااگر انہوں نے ہمیں تازیانہ لگائے تو پھر ہمارا کون پرسان حال ہوگا، کون ہوگا جو ہماری رہنمائی کرے گا کون ہوگا جو ہماری مصیبتوں پہ رحم کھائے گا، دنیا ہم پہ تاریک ہوجائے گی بابا، زمانہ ہم پہ دگر گون ہوجائے گا بابا۔

    بچی کے بین نے باپ کے بدن کو لرزا دیا آنکھوں سے پرنالے کی طرح آنسو جاری ہوگئے۔ آواز دی: میری لال!

    خدا سب کا مددگار ہے۔ وہی ہے غریبوں پہ رحم کرنے والا اور وہی ہے یتیموں کی دیکھ بھال کرنے والا، وہی مالک حشر ونشر ہے اور اسی کی بارگاہ میں سب کو جانا ہے۔ اس کی رحمت دنیا وآخرت میں تمہارے ساتھ ہے بیٹی۔

    قضائے پروردگار پر صبر کرنا سکینہ، مقدر کے نوشتہ پہ شکیبا رہنا سکینہ اگر ظالم تجھے طمانچے لگائے تو بیقرار مت ہوجانا میری لال،اگر رسیوں میں جکڑ کے باندھ دیں تو نڈھال نہ ہوجانا میری لال، آفت وبلا میں گرفتار ہوکر دم نہ توڑ دینا سکینہ، مصائب وآلام میں مبتلا ہوکر جان نہ دینا میری جان۔ یہ ہمیشہ یاد رکھنا کہ خداتمہیں دیکھ رہا ہے اور تمہاری فریادوں کو سن رہا ہے یہ دنیا ہے جو عنقریب فنا ہوجائے گی اور اس کی لذتیں بھی اس کے ساتھ مٹ جائیں گی اور اس کے درد والم بھی اسی کے ساتھ ختم ہوجائیں گے مگر وہ آخرت ہے جہاں اس کی نعمتیں ہمیشہ رہیں گی کیونکہ وہ زوال نا پذیر ہیں ان کے اندر فنا نہیں ہے۔میری لال سختیوں کو تحمل کرلینا مگر کبھی بھی بد دعا نہ کرنا کہ تمہارے اخروی درجے میں کمی کا باعث بنے،رنج وتکلیف کو سہ لینا لیکن کبھی بھی نفرین نہ کرنا کہ تمہارے درجے کو گھٹا دے۔

    اگر خدا راضی وخوشنو ہے تو پھر یہ دنیا ناراحت و ناراض ہوکے کیا کرے گی اور اگر وہی ناراحت وناراض ہے تو پھر یہ دنیا راضی وخوشنو ہوکے کیا کرے گی ۔ اپنے صبر وحلم سے مرضی خدا کو جذب کرنا سکینہ اور اپنی بردباری سے خدا کو خوش کرنا سکینہ۔الغرض امام سب سے رخصت ہوکے خیمے سے نکل رہے ہیں۔

    شبیر برآمد ہوئے یوں خیمے کے در سے

    جیسا کہ نکلتا ہے جنازہ کسی گھر سے

    امام جب خیمے سے نکلنا چاہتے ہیںتو ان کے ہمراہ بی بیاں بچے بھی روتے ہوئے آرہے ہیں، سب جانتے تھے کہ اب حسین پلٹ کر نہیں آنے والے ہیں لہٰذا ہر ایک حسرت بھری نگاہوں سے مولا کو دیکھ کر آنسو بہا رہا تھا، صدائے فریاد آسمان کو چھو رہی تھی، نالہ وشیون سے زمین کربلا ہل رہی تھی، گریہ وبکا نے پہاڑوں کے اندر شگاف کردیا تھا، بچوں کا بلبلانا اور عورتوں کا گڑگڑانا حشر کا ہنگامہ برپا کئے ہوئے تھا، شدت غم سے حیوانوں میں بھی اداسی چھائی تھی، کوہ الم نے نباتات کو بھی پژمردہ کردیا تھا، درد ورنج نے جمادات کو بھی رلا دیا تھا، حشرات الارض بھی محوفغاں تھے اس لئے کہ حجت خدا کا سایہ سر سے اٹھنے والا تھا اور زہرا کا لال قتل ہونے کے لئے جانے والا تھا۔سہ سالہ بچی خیمے کے در کو گھیر کر کھڑی ہے، آنسوؤں سے چہرا بھیگ چکا ہے۔وہ انتظار کررہی ہے کہ اگر بابا میدان میں جانا چاہیں گے تو نہیں جانے دوں گی اور ان سے اپنی پیاس کی شکایت کروں گی عرض کروں گی :بابا ہمیں مدینہ پہونچا کر ان دشمنوں کے سامنے جانا،تم مر گئے تو میں بابا کسے کہوں گی تم کٹ گئے تو ہماری مرادیں کون پورا کرے گا۔میرے ارمانوں کی دنیا اجڑ جائے گی میرے پیار کی نگری ختم ہوجائے گی۔

    جب امام نے خیمے سے نکلنا چاہا تو اس بچی نے باپ کے دامن کو پکڑ کر اپنی بہن کو آواز دی: آؤ بہن بابا کے دامن کو پکڑ لیتے ہیں تاکہ بابا میدان میں نہ جاسکیںہم جہاں رہیں بابا ہمارے ساتھ رہیں،ہمیں اس بن میں اکیلا نہ چھوڑیں۔

    بچی کے اس جملے نے امام کے دل میں اضطراب پیدا کردیا۔بے ساختہ آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔فرط محبت سے بچی کو گلے لگا لیاآواز دی: میری لال کون اس دنیا میں ہمیشہ رہنے کے لئے آتا ہے اور کون اس جہان میں جاودانہ زندگی کرتا ہے آج نہیں تو کل ہر ایک کو اس کی بارگاہ میں پلٹ کے جانا ہے۔

    اب حسین بچی کو تسلی دے رہے ہیں اس کو سمجھا رہے ہیں ،پھسلا رہے ہیں تاکہ اس کا بے قرار دل اپنی جگہ پہ آجائے اور اس کو کچھ سکون مل جائے آواز دے رہے ہیں: میری لاڈلی پیاس بہت تیز لگی ہے نہ، ہاں بابا پیاس کی شدت سے منھ سوکھ چکا ہے ایسا لگ رہا ہے جیسے کلیجہ منھ کو آگیا ہے۔آواز دی:اِجْلِسِیْ عِنْدَ الْخَیْمَةِ لَعَلِّیْ آتِیْکِ بِالْمَائِ۔

    میری لال خیمے کے پاس بیٹھ جاؤ شاید میں تیرے واسطے پانی لاسکوںلیکن وہ بچی کسی بھی صورت سے اپنی باہوں کو امام کے گلے سے باہر نہیں کرتی تھی جتنا امام تسلی دیتے تھے اتنا ہی اس کی گریہ میں اضافہ ہوتا تھاایسا تڑپ کے رو رہی تھی کہ اس کے رونے سے سنگدل اہل زمانہ کی بھی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔(٥٥٥ سحاب رحمت)فوج کفار میں بھی اک ہل چل مچ گئی تھی۔

    یہی وجہ تھی کہ جب یزید نے شمر سے پوچھا یہ تو بتا کہ کربلا میں تیرا دل کبھی حسین پر نرم ہوا ہے؟کہاں ہاں اک جگہ ایسی تھی کہ جہاں میرا دل حسین کی مظلومی پہ رقت بار ہوا تھا۔

    اس وقت کہ جب حسین آخری وداع کے لئے خیمے کے در پہ کھڑے تھے اور ان کی بچی اپنی باہوں کو حسین کے گلے میں ڈال کر ایسے رو رہی تھی کہ اس کے رونے سے اہل زمین کی آنکھیں بھی آنسوؤں سے پر ہوگئی تھیں۔اتنا دل خراش بین کر رہی تھی وہ کہ اس کے بین سے اشیائے کائنات بھی محو فغاںہوگئی تھی جیسے زمین ہل رہی تھی اور آسمان لرز رہا تھاایسا معلوم ہورہا تھا کہ جیسے پہاڑوں میں بھی شگاف ہورہا ہو۔

    اور وہ بچی یہی کہہ رہی تھی کہ بابا ہمیں مدینہ پہونچا دیجئے ہمیں ان ظالموں کے درمیان ایسے نہ چھوڑیئے اور حسین جواب دے رہے تھے۔

    سَیَطُوْلُ بَعْدِیْ یَا سَکِیْنَةُ فَاعْلَمِیْ

    مِنْکِ الْبُکَائُ اِذِ الْحَمَامُ دَھَانِیْ

    لَاتُحْرِقِیْ قَلْبِیْ بِدَمْعِکَ حَسْرَةً

    مَادَامَ مِنِّیِ الرُّوْحُ فِیْ جُثْمَانِیْ

    وَاِذَا قُتِلْتُ فَاَنْتِ اَوْلیٰ بِالَّذِیْ

    تَبْکِیْنَہُ یَاخَیْرَةَ النِّسْوَانِیْ

    بِجَمْعِھَا فَالْجَزَائُ فِی الْبَعْثِ غُفْرَانُ

    وَاِنْ یَّشُقَّ عَلَیْھَا سَیْرُ قَائِدِھَا

    فَاسْتَرْفِقِیْہِ وَاِنْ عَازقَکِ اِحْسَانُ

    وَاسْتَسْقِ مِنْ خَصِیْمِکِ الْمَائَ اِنْ شَکَتْ

    عَطَشاً فَرُبَّمَا رَقَّ اِنَّ الشَّطَّ مَلَآنُ

    ھَذَا عَلِیّ اَبُوْھَا اِنْ دَعَتْ بِاَبٍ

    وَالْمُوْمِنُوْنَ لَھَا فِی اللّٰہِ اِخْوَانُ

    ١۔ائے خواہر!اے دختر زہراۖ! میرے قتل ہونے کی وجہ سے اپنے رخساروں پر طمانچے نہ لگانا،اگرچہ تمہارا غم واندوہ بہت زیادہ ہوگا،بہن جب میں قتل ہوجاؤں تو میرے غم میں اپنے چہرے کے اوپر سیلی نہ لگانا۔

    ٢۔اور نہ ہی بہن میری مصیبت میں اپنے جامہ کو پارہ کرناتاکہ تمہارا بدن مکشوف نہ ہو اور نہ ہی اپنے بالوں کو پریشان کرنا تاکہ باعث رسوائی نہ ہو۔

    ٣۔لیکن اے خواہر مہربان جب میں زمین پر گرجاؤں اور مجھے شہید کردیں اور میرے بدن کو پارہ پارہ کرکے زمین پر پھینک دیںتو جیسے کبوتر درخت کی شاخ کے اوپر بیٹھ کے نالہ کرتاہے اور جیسے آشکار بادل اپنی آنکھوں سے پے در پے آنسو بہاتا ہے ویسے ہی حسین کی مظلومی پر تم بھی آنسو بہا لینا۔

    ٤۔جب میرے یتیم بچے اس بیابان میں ظالموں کے خوف سے متفرق ہوجائیں تو تم ان کی مادری کرنا اور ان کو ایک جگہ پر جمع کرنا کہ قیامت کے دن یہ آمرزش کا باعث ہے۔

    ٥۔٦۔اے بہن! اگر اسیری کے وقت ظالم تمہیں سختی ا ور تندی کے ساتھ لے جائیں تو ان سے التماس کرنا کہ نرمی کے ساتھ پیش آئیں اگر چہ میں جانتا ہوں کہ ان کے دلوں میں رحم نہیں ہے اور احسان ومہربانی ان سے واقع نہیں ہوسکتی۔

    ٧۔بہن! اگر میرے بچے پیاسے ہوجائیں تو ان کے واسطے پانی مانگتا شاید ان کے اوپر وہ رحم کریں اور انہیں پانی پلادیں اس لئے کہ اس صحرا میں کہیں پانی نہیں ہے فقط شط فرات ہے کہ جو پانی سے پُر ہے۔

    ٨۔بہن! اگرمیرے یتیم بچے اپنے باپ کو تلاش کریں تو یہ میرا بیٹا علی ان کے لئے باپ ہے اور اگر بھائی کو تلاش کریں تو یہ مومنین ان کے لئے بھائی کی جگہ پر ہیں۔

    بھائی کے کلام کو سنتے ہی بہن کا چہرہ متغیر ہوگیا، دل تڑپ گیا،لبوں پہ فریاد آگئی: بھیا !کیا زینب اسی دن کے لئے زندہ تھی، ائے کاش اس دن سے پہلے تیری بہن کو موت آگئی ہوتی!اے کاش اس دن سے پہلے یہ تیری زینب خاک کے اندر دفن ہوگئی ہوتی۔

    وَااَخَاہُ لَیْتَ السَّمَائَ اِنْطَبَقَتْ عَلیٰ الْاَرْضَ وَلَیْتَ الْجِبَالَ تَدَکْدَکَتْ عَلیٰ السَّھْلِ۔(٦٠٣)

    اے وائے بھائی! کاش یہ آسمان زمین کے اوپر گر پڑتا،کاش یہ پہاڑ ٹکڑے ٹکڑے ہوکر بیابانوں میں بکھر جاتا،کیوں نہیں زمین پھٹ جاتی اور کیوں نہیں فضا میں آندھیا چل جاتیں، سمندروں میں تلاطم کیوں نہیں برپا ہوتا،نظام ہستی میں خلل کیوں نہیں واقع ہوتا ،مظلوم کربلا اس دکھیاری کو سمجھا رہے ہیں،غمزدہ دل کو تسلی دے رہے ہیں: بہن اپنے کو اسیری کے لئے آمادہ کرلواورجو لباس اسیری کے لائق ہے اسے زیب تن کرلو۔

    اِسْتَعِدُّ لِلبَلاَئَ واعْلَمُوْا اَنَّ اللّٰہَ حَافِظُکُمْ وحَامِیْکُمْ وَسَیُنْجِیْکُمْ مِنْ شَرِّ الْاَعْدَائِ وَیَجْعَلُ عَاقِبَةَ اَمْرِکُمْ اِلیٰ خَیْرِ وَیُعَذِّبُ اَعَادِیْکُمْ بِاَنْوَاعِ الْبَلاَئِ وَیُعَوِّضُ کُمُ اللّٰہُ عَنْ ھٰذِہِ الْبَلِیَّةِ اَنْوَاعَ النِّعَمِ وَالْکَرَامَةِفَلَا تَشْکُوْا وَلَا تَقُوْلُوا بِاَلْسِنَتِکُمْ مَا یَنْقُصُ قَدْرَکُمْ۔(٥٩٣ سحاب رحمت)

    بہن مصیبت وآلام کے لئے آمادہ ہوجاؤمگر یہ ذہن میں بات رہے کہ خدا تمہارا محافظ ومددگار ہے وہ عنقریب تمہیں دشمنوں کے شر سے نجات دے گا اور تمہارے اعمال کی عاقبت کو ختم بخیر کرے گا، تمہارے دشمنوں کو گونا گون عذابوں میں مبتلا کرے گا، تمہاری اس مصیبت کے بدلے تمہیں مختلف نعمتوں اور کرامتوں سے نوازے گا،بہن !دامن صبر کو ہاتھوں سے مت چھوڑنا اور کبھی بھی اپنی زبان سے ایسی باتیں نہ کرنا جو تمہاری قدر ومنزلت کو گھٹا دے اور تمہارے مقام میں کمی کا باعث بنے۔

    بھائی وصیتیں کرکے بہنوں اور بی بییوں کو تسلی دے کے میدان کی طرف جانا چاہ رہا ہے،ہر ایک اشکبار روتے دلوں سے الوداع اور الفراق کی صدائیں بلند کرہے ہیں۔ بچوں کی فریادیں اور عورتوں کے آہ وبکاء نے قیامت کاسماں پیش کر رکھا ہے، امام کا ایک ایک قدم جیسے میدان کی طرف بڑھ رہا ہے ویسے ویسے ان کے دلوں میں اضطراب کا عالم بڑھا جارہا ہے۔

    ابھی تھوڑی دو رپہونچے تھے کہ بہن کو ماں کی وصیت یاد آگئی،بھائی کو آواز دینا چاہتی ہے تو صدا نکل ہی نہیں رہی ہے۔ شدت آہ وزاری نے گلے کو جام کر رکھا ہے جب بہن نے دیکھا کہ آواز ساتھ نہیں دے رہی ہے تو خود ہی بھائی کے پیچھے چل پڑیں، بھائی نے جب آہٹ محسوس کی تو دیکھا کہ بہن روتے ہوئے پیچھے پیچھے چلی آرہی ہے اور آواز دے رہی ہے:

    مَھْلاًیَا اَخِیْ تَوَقَّفْ حَتّی اَتَزَوَّدَ مِنْ نَظَرِیْ

    اِلَیْکَ فَھٰذَا وِدَاعُ لَا تَلاَقَ بَعْدَہُ

    فَمَھْلاً یَا اَخِیْ قَبْلَ الْمَمَاتِ ھُنَیْئَةً

    لِتَبْرُدَ مِنِّیْ لَوْعَةُ وَغَلِیْلُ

    (٥٦٠ سحاب رحمت)

    بھائی جلدی نہ کرو۔ تھوڑا سا رکو ذرا میں جی بھر کے تمہیں دیکھ لوں اور تیرے دیدار سے اپنے بے چین دل کو تسلی دے لوں اس لئے کہ یہ آخری وداع ہے پھر اس کے بعد زینب کو تمہاری ملاقات نصیب نہ ہوگی۔

    بھائی تھوڑا صبر کرو اس سے پہلے کہ تیرے دیدار سے محروم ہووں، سوزش دل کو تیرے نظارہ سے کچھ تسکین کرلوں۔

    آواز دی: بہن کیا ہوا کہ تم خیمے سے باہر نکل پڑی؟ ابھی تو تیرا بھائی زندہ ہے، ابھی تو حسین کی روح اس کے بدن میں باقی ہے، بہن اپنے کو اتنا زیادہ پریشان مت کرو۔ آج نہیں تو کل ہر ایک کو ایک دوسرے سے جدا ہونا ہے۔آخر موت نے کسی کو چھوڑا ہے۔آخر مرگ نے بھی کسی کو مہلت دی ہے!بہن نے آواز دی: بھائی زینب اپنے خیمے سے باہر نہ آتی مگر کیا کرے اماں کی وصیت یاد آگئی۔اک دن تھا جو شبیہ عاشورا تھا،فراق کا عالم تھا ماں نے آواز دی: میری لال! میں تو نہ رہوں گی مگر ہاں اک وقت آئے گا کہ جب میرا حسین نرغۂ اعدا میں گھرا ہوگا،دشمن اس کے خون کے پیاسے ہوں گے، ایسے میں وہ تم سے وداع کے لئے آئے گا تو میری لال بھولنا نہیں،بوسہ گاہ رسول کو میری طرف سے چوم لینا،بھائی یہ بہن آئی ہے تاکہ ماں کی وصیت کو پورا کردے۔ (٥٦٦ سحاب رحمت)

    بیکسی کے عالم میں ماں کی یادنے حسین کو تڑپا دیا،بے ساختہ دل کی گہرائیوں سے پکار اٹھے ۔ماں! ائے کاش تم کربلا میں ہوتی تو دیکھتی یہ نانا کی امت اس کے نواسے کے ساتھ کیسا سلوک کررہی ہے۔ ماں اگر آج تم اس جنگل میں ہوتی تو دیکھتی کہ یہ اشقیا حسین کو کیسا تڑپا کر مار رہے ہیں۔

    حسین کی مظلومی پہ تمہاری آنکھوں سے آنسو نہیں رکتاماںاور تجھے اپنے لال کی غریبی پہ سکون نہیں ملتا ماں، تمہاری آنکھیں خون کے آنسو بہاتیں،تمہاری فریادیں زمین کربلا کو ہلا دیتیں۔

    بہن نے ماں کی وصیت کو پورا کیا،آشکبار آنکھوں سے بھائی کے چہرے کو دیکھا،آواز دی: بھائی جارہے ہو…… جاؤ خداحافظ مگر یاد رکھنا آپ کے بعد اس بہن کی زندگی پہ خاک ہے۔آپ کے بعد اس زندگی کو سکون نہیں ملے گا بھائی۔

    یہ آنکھیں تیری جدائی میں اشکبار ہیں بھیا،یہ جان تیرے فراق میں غمخوار ہے بھیا،حسرت بھری نگاہوں نے ایک دوسرے کو دیکھا اور آنسو ؤں کے ارمغان کے ساتھ دونوں ایک دوسرے سے جدا ہوگئے۔

    وَلِمِثْلِھِمْ فَلْتَذْرَفِ الدُّمُوْعُ وَالْیَبْکِ الْبَاکُوْنَ وَلْیَنْدُبِ النَّادِبُوْنَ وَلْیَصْرُخِ الصَّارِخُوْنَ وَیَضِجَّ الضَّاجُّوْنَ وَیَعِجَّ الْعَاجُّوْنَ۔(٥٦٦ سحاب رحمت)

    آنسوؤں کو ان کے اوپر اور ان کے مانند کے اوپر جاری ہونا چاہیئے، بکاء کرنے والوں کو ان کے اوپر گریہ کرنا چاہئے ،بین کرنے والوں کوان کی مصیبتوں کو بیان کرنا چاہیئے، فریاد کرنے والوں کو ان کے اوپر رونا چاہیئے، غم کے ماروں کو انھیں یاد کرنا چاہیئے،سوگواروں کو ان کے غم میں نالۂ وشیون کرنا چاہئے۔ (نوحہ پڑھنے والوں کو ان کے اوپر نوحہ پڑھنا چاہیئے اور ماتم کرنے والوں کو ان کے اوپر ماتم کرنا چاہئے۔)

    مرحوم نوری میرزایحیی نے ابھری سے نقل کیا ہے کہ انہوں نے عالم رؤیا میں علامہ مجلسی کو دیکھا کہ حضرت سید الشہدائ کے صحن مطہر میں درس دے رہے ہیں،شاگردوں کا ہجوم ہے کہ جن کی جمعیت تقریباً پانچ سو افراد پر پھیلی ہوئی تھی اور علامہ مجلسی منبر پر بیٹھ کر درس دے رہے تھے،اثنائے درس میں موعظہ کیا اور جب چاہا کہ مصائب پڑھے تو کسی نے آکے کہا :بی بی فاطمہ فرما رہی ہیں:اُذْکُرِ الْمَصَائِبَ الْمُشْتَمِلَةَ عَلیٰ وِدَاعِ وَلَدِیْ الْحُسَیْنِ الشَّہِیْد۔(٥٦٧سحاب رحمت)

    میرے فرزند شہید کے وداع کے مصائب کو پڑھو، ان مصیبتوں کو پڑھو جب میرا بیٹا حسین خیمے میں بی بییوں سے خدا حافظی کررہا تھا،جدائی کے وقت حسین پہ کیا گزر رہی تھی ذرا اس کیفیت کو بیان کرو،فراق کے وقت بی بییوں اور بچوں کا کیا عالم تھا ذرا اس منظر کو سناؤ۔علامہ مجلسی نے بی بی کی فرمایش کے مطابق امام کے وداع کو پڑھا۔جمعیت کے اندر تاب تحمل نہ رہی ،صدائے فریاد سے ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے فضا بھی ان کے ہمراہ نالۂ وشیون میں مشغول ہے۔ایسی پر شکوہ مجلس ابھی تک میری نظروں کے سامنے نہیں ہوئی تھی،مجھے آج بھی وہ منظر یاد ہے اور جب تک عمر باقی رہے گی وہ منظر یاد رہے گا۔

    اربعین حسینیہ میں امام صادق سے روایت ہے کہ انہوں نے مظلوم کربلا کے وداع میں بہت ہی دردناک جملات بیان کئے اور بے انتہا آنسو بہائے۔

    اور آواز دی افسوس ہے اس پر کہ جو امام حسین کے وداع کو سنے اور محزون نہ ہو، تف ہے اس پر کہ جو مظلوم کربلا کی جدائی سنے اور اس کا دل غمزدہ نہ ہو۔

    یوں تو سبھی مصیبتیں دلوں کو محزون کردیتی ہیں اور آنسوؤں کو جاری کر دیتی ہیںمگر حسین کا وداع اور حسین کی آخری ملاقات وہ مصیبت ہے جو نہ فقط دلوں کو محزون کرتی ہیں اور نہ فقط آنسوؤں کو جاری کرتی ہیں بلکہ غمزدہ دلوں میں آگ لگا دیتی ہے۔

    اور عاشقوں کی زبان پر فریاد جاری کرد یتی ہے یہی تو وہ مقام ہے جہاں حسین کی مظلومیت پر آسمان کے ملائکہ نے آنسو بہایا ہے اور یہی وہ جگہ ہے کہ جہاں پر ظالموں کو بھی صبر حسین پر تعجب ہوا ہے،فرشتوں نے بھی اپنی انگلیوں کو شگفتی کے عالم میں اپنے دانتوں کے تلے دبایا ہے اور جناتوں نے بھی صبر حسین پر نوحہ پڑھا ہے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں پر ارواح انبیاء کے درمیان ہمہمہ مچ گیا ہے، اشیائے کائنات بھی مرجھا گئی ہے یہی وہ مقام ہے جہاں کیلئے امام نے فرمایا ہے:لَقَدْ عَجِبَتْ مِنْ صَبْرِکَ مَلَائِکَةُ السَّمٰواتِ۔ یا ابا عبد اللہ الحسین تیرے صبرپر تو آسمان کے ملائکہ کو بھی تعجب ہوا ہے۔

    عجب عالم تھا امام کا آخری دیدار بہت ہی دردناک تھا، ہماری زبانیں بیان سے قاصر ہیں،کوئی کیسے بیان کرے، کوئی کیسے اس منظر کو اپنی زبان پر ڈھالے،اس زبان کے اندر وہ توانائی نہیں اور نہ ہی خامہ کے تحریر کرنے کی تاب ہے۔

    ذرا انسان تصور توکرے، ذرا انسان تفکر تو کرے،عالم تخیلات میںاپنی فکر کو گردش تو دے اور اپنی فکری نگاہ سے دیکھے تو سہی کہ وہ کیسا منظر رہا ہوگا کہ جب بی بیاں بچے ہر ایک مانند پروانوں کے شمع امامت کو گھیر کر آنسو بہا رہے تھے، ہر ایک فریاد کررہا تھا امام کو سب تسلی دے رہے تھے ایک کو سمجھاتے تو دوسرا چیخ مار کے روتا تھا،آنسوؤں کے قطرات بارش کی طرح ان کے رخساروں پر سے گزر رہے تھے اور ایسے میں امام صبر وحلم کی وصیت فرما رہے تھے کبھی بچوں سے مخاطب ہوتے تھے تو کھی بی بیوں سے اور کبھی روکر فرماتے تھے:وَکَاَنِّیْ بِکُمْ غَیْرَ بَعِیْدٍ کَالْعَبِیْدِ یَسُوْقُوْنَکُمْ اَمَامَ الرِّکَابِ وَیَسُوْمُوْنَکُمْ سُوْئَ الْعَذَابِ۔

    بہن گویا میں دیکھ رہا ہوں کہ بہت جلد تم لوگوں کو یہ ظالم غلاموں اور کنیزوں کی طرح اسیر کرکے اپنے گھوڑوں کے سامنے دوڑا رہے ہیں اور تازیانوں سے مار رہے ہیں اور بہت ہی دردناک طریقے سے تم لوگوں کو لے جارہے ہیں۔

    کبھی بیبیوں سے مخاطب ہوکر فرما تے تھے کہ اب اسیری کے لئے اپنے آپ کو آمادہ کرلو اور اپنے لباسوں کو بدل کے پھٹے پرانے کپڑوں کو زیب تن کرلو،جو کپڑے اسیری کے لائق ہے اسے پہن لو۔

    امام کے اس جملے نے بیبیوں کے اندر اک کہرام مچا دیا، ہر ایک کی زبان پر فریاد ہے اور ہر ایک کے لب پہ بین، جب صدائے گریہ بہت بلند ہوگئی تو امام نے آواز دی:مَھْلاً مَھْلاً فَاِنَّ الْبُکَائَ اَمَامَ کُنَّ۔صبر کرو چپ ہوجاؤ ابھی تم لوگوں کو بہت رونا ہے ابھی گریہ تو تمہارے سامنے ہے،ابھی فریادیں تمہارا انتظار کر رہی ہیں۔

    اِیْتُوْنِیْ بِثَوْبٍ عَتِیْقٍ لَا یُرْغَبُ فِیْہِ اَجْعَلُہُ تَحْتَ ثِیَابِیْ لَئَلّاَ اُجِرَّ دَ بَعْدَ قَتْلِیْ۔فَاِنِّیْ مَقْتُوْل مَسْلُوْب۔بہن کوئی کہنہ پیراہن لاؤ کہ جس میں کسی کو رغبت نہ ہو، میں اس کو اپنے کپڑوں کے نیچے پہن لیتا ہوں شاید میرے قتل کے بعد مجھے برہنہ نہ کریں اس لئے کہ جیسے ہی میں قتل ہوں گا میرا لباس بھی یہ لوگ میرے بدن سے اتار لیں گے۔

    بہن نے ایک پھٹا پرانہ جامہ دیا،امام نے اس جامے کو بھی کئی جگہ سے پارہ کیا اس کے بعد اسے زیر لباس پہن لیا۔

    فَلَمَّا قُتِلَ جَرَّ دُوْہُ مِنْہُ.لیکن جب حسین شہید ہوگئے تواس جامے کو بھی لعینوں نے بدن سے اتار لیا اور حسین کا بدن تپتی زمین پر عریان چھوڑ دیا، اپنے مقتولوں کو دفن کردیا مگر فرزند مصطفیۖ کو ویسے ہی بے گوروکفن کربلا کے جنگل میں چھوڑ دیا۔

    مَنْ مُخْبِرُ الزَّھْرَائِ اَنَّ حُسَیْنَ ھَا

    بَیْنَ الْوَریٰ عَارٍ عَلیٰ تَلْعَاتِھَا

    وَرُؤُوْسُ اَبْنَاھَا عَلیٰ سُمْرِالْقَنَا

    وَبَنَاتُھَا تُھْدِیْ اِلیٰ شَامَاتِھَا

    یَا فَاطِمَةُ الزَّھْرَائُ قُوْمِیْ وَانْدُبِیْ

    اَسْرَاکِ فِی اَشْرَاکِ ذُلِّ عِدَائِھَا

    (٥٦٢سحاب رحمت)

    کون ہے جو زہراۖ کو بتائے کہ اس کے حسین کو عریان بیابانوں کے درمیان پھینک رکھا ہے۔

    کون ہے جو زہراۖ کو خبر دے کہ اس کے بچوں کے سروں کو نیزے پر چڑھا کے، اس کی بچیوں کو شام لے جایا جارہا ہے۔

    ائے بی بی فاطمہ ۖ اٹھیں روئیں اور نوحہ پڑھیں اپنے غریب اور اسیر بچوں پر کہ جو دشمنوں کے مکرو فریب میں مبتلا اور ذلت وخواری میں گرفتار ہوگئے ہیں۔

    جناب علی ثمری اپنی کتاب شرح شمع میں لکھتے ہیں کہ امام نے اپنے اہل حرم سے سات بار وداع فرمایا:

    امام کا پہلا وداع اور آنحضرت کا مدد طلب کرنا

    جب دشمنوں کا شور وغل حد سے زیادہ بڑھ گیا اور محاصرہ کافی تنگ ہوگیا تو امام نے سپاہ اعداء پر حملہ کیا اور تلۂ زینبیہ کو اپنا محل استقرار بنایا۔ پھر دشمنوں کے قلب لشکر پر حملہ کیا جب سب پراکندہ ہوگئے تو امام دوبارہ اپنے محل استقرار (تلۂ زینبیہ) پر آئے اور نیزہ کو زمین پر مارکر اتمام حجت کے لئے بلند آواز میں فرمایا:ھَلْ مِنْ ذَابٍّ یُذُبُّ عَنْ حَرَمَ رَسُوْلِ اللّٰہِ؟ھَلْ مِنْ مُوَحِّدٍ یَخَافُ اللّٰہَ فِیْنَا؟ھَلْ مِنْ مُغِیْثٍ یَرْجُوْ اللّٰہَ فِی اِغَاثَتِنَا؟ھَلْ مِنْ مُعِیْنٍ یَرْجُوْ مَا عِنْدَ اللّٰہِ فِیْ اَغَاثَتِنَا؟

    کوئی ہے جو حرم رسول کا دفاع کرے؟ کوئی خدا پرست ہے جو خڈا سے ڈرے اور ظلم وستم کو ہم سے دور کرے ؟کوئی دیندار ہے جو ہماری فریاد رسی کرکے خدا سے اس کی پاداش چاہے؟کوئی ہے جو ہماری مدد کرکے خداوند علم کے اجر وثواب کی امید رکھے۔

    امام کی نصرت کے واسطے جنی قبائل کا آنا

    طریحی نے اپنے منتخب میں لکھا ہے کہ جیسے ہی امام نے صدائے استغاثہ بلند کی، جنی قبائل حضرت کی خدمت میں حاضر ہوئے اور کہا:یا ابا عبد اللہ ہم سب آپ کے انصار ہیں۔ اگر اجازت دیں ہم میدان میں جائیں اور ان کافروں کو درک واصل کریں اس طرح سے کہ کوئی بھی زندہ باقی نہ بچے۔ امام نے انھیں اپنی دعائے خیر میں یاد کرتے ہوئے فرمایا:اِنِّیْ لَا اُخَالِفُ قَوْلَ جَدِّیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ، حَیْثُ اَمَرَنِیْ بِالْقُدُوْمِ عَلَیْہِ عَاجِلاً۔ وَاِنِّیْ الْآنَ لَقَدْ رَقَدْتُ سَاعَةً، فَرَأیْتُ جَدِّیْ رَسُوْلَ اللّٰہِ قَدْ ضَمَّنِیْ اِلیٰ صَدْرِہِ وَقَبَّلَ مَا بَیْنَ عَیْنَیَّ وَقَالَ لَیْ:یَا حُسَیْنُ! اِنَّ اللّٰہَ عَزَّ وَجَلَّ قَدْ شَائَ:اَنْ یَّرَاکَ مَقْتُوْلاً،مُلَطَّخاً بِدِمَائِکَ، مُخَضِّباً شَیْبُکَ بِدَمَائِکَ، مَذْبُوْحاً مِنْ قَفَاکَ، فَقَدْ شَائَ اللّٰہُ! اَنْ یَّرَیٰ حَرَمَکَ سَبَایَا عَلیٰ اَقْتَاالْمَطَایَا،وَاِنِّیْ وَاللّٰہِ سَاَصْبِرُ حَتّٰی یَحْکُمَ اللّٰہُ بِاَمْرِہِ وَھُوَ خَیْرُ الْحَاکِمِیْنَ۔میں رسول خداۖ کے فرمان کی مخالفت نہیں کروں گا۔انہوں نے شتابانہ مجھے طلب فرمایا ہے،ابھی تھوڑی دیر پہلے میں سوگیا تھا کہ خواب میں دیکھا،آنحضرتۖ نے مجھے گلے لگایا اور میری پیشانی کو بوسہ لیتے ہوئے فرمایا:حسین ! خداوند عالم چاہتا ہے کہ تجھے مقتول اپنے خون میں لت پت دیکھے۔ تیرا سر تن سے جدا اور تیرے محاسن کو تیرے خون میں خضاب ہوتے دیکھے۔ وہ چاہتا ہے کہ تیرے اہل بیت کو اسیر اور انھیں بے کجاوہ اونٹ پر بیٹھتے دیکھے۔میں بھی قضائے پروردگار پر راضی ہوں اور جس چیز پر اس نے حکم دیا ہے اس پر صابر ہوں کیونکہ وہ بہترین حکم کرنے والا ہے۔(ناسخ التواریخ، ج١، ص٣٥٨)

    مقتل خوارزمی میں لکھا ہے کہ رسول خداۖ نے امام حسین سے فرمایا: اِنَّ لَکَ فِی الْجَنَّةِ دَرَجَةً لَنْ تَنَالَھَا اِلَّا بِالشَّھَادَةِ۔ تیرے واسطے جنت میں ایک مقام ہے کہ جسے بغیر شہادت کے حاصل نہیں کرسکتے لہٰذا روز طف تیر وسناں کے زخموں پر صابر رہنا۔

    یہی وہ امام کی وہ صدائے استغاثہ تھی کہ جسے سنتے ہی سید سجاد بستر علالت کو چھوڑ دیتے ہیں اگرچہ ناتوانی کی وجہ سے اتنی طاقت نہیں تھی کہ تلوار ونیزہ اٹھاتے لیکن پھر بھی نیزہ پکڑ کر اور دوسری روایت کے مطابق تلوار اٹھا کر گرتے پڑتے میدان کی راہ جانے لگے جناب ام کلثوم نے انھیں پیچھے سے آواز دی: بھتیجے! پلٹ آؤ۔فَقَالَ:یَا عَمَّتَا! ذَرِیْنِیْ اُقَاتِلْ بَیْنَ یَدَیْ ابْنِ رَسُوْلِ اللّٰہِ ۔پھوپھی اماں! مجھے چھوڑدیں تاکہ فرزند پیغمبرۖ کے سامنے جہاد کروں۔ فَقَالَ الْحُسَیْنُ: یَا اُمَّ کُلْثُوْمَ! خُذِیْہِ لَئَلَّا تَبْقیٰ الْاَرْضُ خَالِیَةً مِنْ نَسْلِ آلِ مُحَمَّدٍ۔ امام حسین نے فرمایا:ام کلثوم اسے خیمے میں لے جاؤ تاکہ زمین نسل آل محمدۖ سے خالی نہ ہو۔(ناسخ التواریخ،ج١،ص٣٥٩)

    ادھر امام کے استغاثہ کا بلند ہونا تھا ادھر ان کی غربت پر اہل حرم کا دامن صبر ہاتھوں سے چھوٹ جاتا تھا ،نالۂ وشیون کی صدا سربفلک گونج اٹھی خیام حسینی میں ایک کہرام مچ گیا ۔بعض نے لکھا ہے کہ یہی وہ وقت تھا جب شیر خوار نے اپنے آپ کو گہوارے سے گرایا تھا بے زبان بچے کا خود جھولے سے گرادینا مزید بیبیوں کے آہ وزاری کا سبب بنا کیونکہ بیبیاں سمجھ گئیں کہ یہ بھی اپنے مولا کی اتنی کمسنی کے باوجود امداد کرنا چاہتا ہے۔بیبیوں کے دلخراش بین نے مجبور کیا کہ امام پھر خیمہ میں جاکر ان کی احوال پرسی کریں۔

    امام کا دوسرا وداع اور شیر خوار کی شہادت

    امام در خیمہ پر آئے،بیبیوں کی دلداری فرمائی، عازم میدان ہوتے وقت امام کو شیر خوار کی یاد آئی فرمایا: نَا وِلُوْنِیْ بِوَلَدِیَ الرَّضِیْعَ حَتّٰی اُوَدِّعَہُ۔میرے شیر خوار کو لاؤ تاکہ اس سے بھی وداع ہولوں۔جب جناب علی اصغر کو امام کے پاس لایا گیا ۔ کیا دیکھا کہ شدت عطش سے بچے کے اندر رمق بھی باقی نہیں ہے بالکل بے آب مچھلیوں کی طرح کبھی منھ کو بند کرتے ہیں تو کبھی کھولتے ہیں۔ دل تڑپ گیا ،آنکھوں سے آنسوں ٹپک پڑے، پھر پدری نے جوش مارا، فرط محبت سے بچے کو اپنی عبا کے دامن میں چھپایا۔ کہیں ایسا نہ ہو کڑکتی دھوپ سے بچہ جاں بلب نہ ہوجائے۔ بیٹے کی حالت نے سوال آب پر مجبور کردیا، دل کہہ رہا ہے کہ پانی نہیں ملے گا لیکن وہیں پر امید کہہ رہی ہے ہو سکتا ہے کہ کسی کے دل میں رحم آجائے اور وہ اصغر کو پانی پلادے۔اگر کسی نے پانی نہیں پلایا تو کم از کم اپنی طرف سے حجت تو تمام ہوچکی ہوگی۔ بچے کو عبا کے دامن میں لپیٹے ہوئے فوج اشقیاء کی طرف بڑھے۔ حمید بن مسلم نقل کرتا ہے:ہم نے سمجھا کہ حسین قرآن لا رہے ہیں تاکہ ہمیں قرآن کی قسم دیں لیکن جب انہوں نے عبا کے دامن کو ہٹایا تو سب نے دیکھا کہ وہ اپنے شیر خوار کو ہاتھوں پر سنبھالے ہوئے لائے ہیں۔فوج اشقیاء کو خطاب کرکے فرمایا:یَا قَوْمِ! اِنْ لَمْ تَرْحَمُوْنِیْ فَارْحَمُوْاھٰذَا الطِّفْلِ اَمَا تَرَوْنَہُ کَیْفَ یَتَلَظّیٰ عَطَشاً۔ائے لوگو!اگر تم مجھ پر رحم نہیں کرتے ہو تو کم سے کم اس بچہ پررحم کرو۔ کیا نہیں دیکھ رہے ہو کہ شدت عطش سے یہ کس طرح بے آب مچھلیوں کی طرح تڑپ رہا ہے۔ اس منظر کو دیکھ کر فوج اشقیاء میں بھی ہلچل مچ گئی بعض نے کہا ایک چلو پانی پلا دینے سے کیا ہوجائے گا قریب تھا کہ ان کے تفرقہ ہوجائیں کہ اتنے میں عمر سعد نے حرملہ سے کہا: تو کیوں نہیں حسین کی باتوں کا جواب دیتا۔ فَرَمَاہُ حَرْمَلَةُ بْنُ کَاھِلِ الْاَسَدِیْ بِسَھْمٍ فَذَبَحَہُ مِنَ الْاُذُنِ اِلیٰ الْاُذُنِ فِی حِجْرِ الْحُسَیْنِ۔(شرح شمع،ص٢٣٨)

    پس حرملہ نے بچے کو ایسا تیر کا نشانہ بنایا کہ ششماہہ باپ کی آغوش میں ذبح ہوگیا۔بیٹے کا ہاتھوں پر منقلب ہوجانا باپ کو بے قرار کردیتا ہے۔ پانی کے سوال پر کیا جواب ملا کہ بیٹے کو پوری زندگی پامال ہوگئی بے ساختہ ہاتھ جانب آسمان بلند ہوگئے:اَلّٰلھُمَّ احْکُمْ بَیْنَنَا وَبَیْنَ قَوْمٍ دَعَوْنَا لِیَنْصُرُوْنَا فَقَتَلُوْنَا۔پروردگار تو ہمارے اور اس قوم کے درمیان فیصلہ کر کہ انہوں نے ہمیں دعوت دی تاکہ ہماری مدد کریں اور اب ہمیں کو قتل کررہے ہیں۔ابن جوزی کہ جو اہل سنت والجماعت کے مشہور ومعروف علماء میں سے ہیں ان کی روایت کے مطابق اس وقت آواز غیب آئی:دَعْ یَا حُسَیْنُ فَاِنَّ لَہُ مُرْضِعاً فِی الْجَنَّةِ۔حسین ! تم علی اصغر کو ہم پر چھوڑ دو ہم نے بہشت میںاس کے لئے ایک دائی کا انتظام کردیا ہے۔(ناسخ التواریخ،ج١،ص٣٦٤)

    امام نے فرمایا: ھَوَّنَ مَا نَزَلَ بِیْ اِنَّہُ بِعَیْنِ اللّٰہِ تَعالیٰ اَلّٰلھُمَّ لَا یَکُوْنَ اَھْوَنَ عَلَیْکَ مِنْ فَصِیْلٍ، اَلّٰلھُمَّ اِنْ کُنْتَ َ حَبَسْتَ عَنَّا النَّصْرَ فَاجْعَلْہُ لِمَا خَیْر مِنْہُ وَانْتَقِمْ لَنَا مِنَ الظَّالِمِیْنَ وَاجْعَلْ مَاحَلَّ لَنَا فِی الْعَاجِلِ ذَخِیْرَةَ فِی الْآجِلِ۔ پروردگارا چونکہ تو دیکھ رہا ہے لہٰذا جو بھی مجھ پر گذرے سب آسان ہے۔ معبود میرا شیر خوار تیرے نزدیک ناقۂ صالح سے کم نہیں تھا اگر تونے اس وقت ہماری مدد کرنے میں مصلحت نہیں سمجھی تو ہمارا انتقام اس ظالم قوم سے لینا اور جو دنیا میں ہمارے ساتھ ہورہا ہے اسے آخرت میں ہمارے لئے ذخیرہ قرار دینا۔

    امام کاتیسرا وداع اور ان کا بہر فرات میں داخل ہونا

    بیٹے کی دردناک شہادت نے سخت صدمہ پہونچایا۔ طریحی کا بیان ہے:اس وقت حسین کبھی کھڑے ہوتے تھے تو کبھی بیٹھ جاتے تھے۔ شاید بیٹے کے سوگ نے باپ کو ناتوان کردیا تھا یا بیٹے کا پچھلا زمانہ یاد آگیا تھا، اصغر کا ہمک کر گود میں آنا اور آغوش میں محاسن کے ساتھ کھیلنا یا پھر روز عاشورہ شدت تشنگی سے لبوں کو کھولنا بند کرنا اور تیر سہ شعبہ کا نشانہ بن جانا نظروں میں گھوم رہا تھا۔ پھر ایک بار غضبناک شیر کی طرح لشکر کے مد مقابل آکر عمر سعد کو طلب کیا آواز دی: تین فیصلوں میں سے ایک کو انتخاب کرو۔

    ایک: تو ہمیں چھوڑدے تاکہ ہم مدینہ جائیں اور اپنے نانا رسول خداۖ کے دیار میں رہیں؟ عمر سعد نے کہا: یہ نہیں ہوسکتا۔

    دو: ہمیں پانی دے کہ شدت عطش سے ہمارا جگر منھ کو آگیا ہے؟عمر سعد نے کہا: یہ بھی ممکن نہیں۔

    تین:میں تنہا ہوں اور تم سے تنہا جنگ کر رہا ہوں تم بھی یک بعد دیگرے تنہا تنہا مجھ سے نبرد کرو؟ عمر سعد نے کہا:یہ ہوسکتا ہے۔بس شیر خدا کے شیر نے میدان قتال میں قدم رکھا، شجاعت حیدری پورے وجود میں سماگئی، بی بی زہراۖ کا پاک وپاکیزہ لہو رگوں میں دوڑ گیا۔رسول اعظمۖ کی گھٹی میں چوسی ہوئی زبان کی جلوہ گری ہوئی اور پھر ان کے آتشیں خطبوں کی طرح رجز کی صورت میں یوں گویا ہوئی:

    اَنَا ابْنُ عَلِیِّ الطُّھْرِمِنْ آلِ ھَاشِمٍ

    کَفَانِیْ بِھٰذَا مُفْخَراً حِیْنَ اَفْخَرُ

    وَجَدِّیْ رَسُوْلُ اللّٰہِ اَکْرَمُ مَنْ مَشیٰ

    وَنَحْنُ سِرَاجُ اللّٰہِ فِی الْاَرْضِ یَزْھَرُ

    وَفَاطِمُ اُمِّیْ مِنْ سُلَالَةِ اَحْمَدِ

    وَعَحَّیْ یُدْعیٰ ذَا الْجَنَاحَیْنِ جَعْفَرُ

    وَفِیْنَا کِتَابُ اللّٰہِ اُنْزِلَ صَادِقاً

    وَفِیْنَا الْھُدیٰ وَالْوَحْیُ بِالْخَیْرِ یُذْکِرُ

    وَنَحْنُ اَمَانُ اللّٰہِ لِلنَّاسِ کُلِّھِمْ

    نُسِرُّ بِھَذَا فِی الْاَنَامِ وَنُجْھِرُ

    وَنَحْنُ وُلَاةُ الْحَوْضِ نَسْقِیْ مُحِبَّنَا

    بِکَاسِ رَسُوْلِ اللّٰہِ مَا لَیْسَ یُنْکَرُ

    اِذَا مَا أَتیٰ یَوْمَ الْقِیَامَةِ ظَامِئاً

    اِلیٰ الْحَوْضِ یَسْقِیْہِ بِکَفَّیْہِ حَیْدَرُ

    اِمَام مُطَاع اَوْجَبَ اللّٰہُ حَقَّہُ

    عَلیٰ النَّاسِ جَمْعاً وَالَّذِیْ کَانَ یَنْظُرُ

    وَشِیْعَتُنَا فِی النَّاسِ اَکْرَمُ شِیْعَةٍ

    وَمُبْغِضُنَا یَوْمَ الْقِیَامَةِ یَخْسَرُ

    فَطُوْبیٰ لِعَبْدٍ زَارَنَا بَعْدَ مَوْتِنَا

    بِجَنَّةِ عَدْنٍ صَفْوُمَالَا یُکَدَّرُ

    حضرت سید الشہداء کے رجز سے ذہن ملتا ہے، چونکہ کوفیوں نے ان سے کہا تھاکہ ہم تمہارے باپ کے کینہ کی وجہ سے تمہیں قتل کررہے ہیں۔ آنحضرتۖ نے اپنے رجز میں اپنے باپ کے فضائل ومناقب بیان کرکے بتانا چاہا ہے کہ تمہاری آنکھیں اندھی ہوں مجھے ایسے باپ پہ بہت فخر ہے۔

    ١۔میں پاک وپاکیزہ علی کا بیٹا خاندان بنی ہاشم سے ہوں۔ اگر میں اس پر فخر ومباہات کروں تو یہ میرے افتخار کے لئے بس ہے۔

    ٢۔بعض مقاتل نے مشی کی جگہ مضی لکھا ہے۔من مشی سے کنایہ تمام لوگ ہیں اور من مضی سے مراد گذشتگان ہیں۔

    ٣۔میری ماں فاطمہۖ دختر خاتم الانبیاء ہیں اور میرے چچا جعفر کو ذوالجناحین(دوبال وپر والا) کہا جاتا ہے۔ چونکہ جناب جعفر کے دونوں بازوجنگ موتہ میں شہید ہوگئے تھے لہٰذا نبی کریمۖ نے ان کے متعلق فرمایا تھا کہ جعفر کو خدا نے دو بال وپر عطا کئے ہیں کہ جن کے ذریعہ وہ فرشتوں کے دوشادوش پرواز کرتے ہیں۔ جبھی سے ان کا لقب ذوالجناحین پڑگیا۔

    ٤۔بیشک کتاب خدا ہماری شان میں نازل ہوئی ہے اور ہدایت وحی ہمارے متعلق خیر ونیکی کے ساتھ یاد کیا جاتا ہے۔

    ٥۔ہم تمام لوگوں کے لئے عذاب خدا سے اللہ کی پناہ ہیں اس مطلب کو ہم کبھی لوگوں سے چھپاتے ہیں تو کبھی آشکار کرتے ہیں۔(یا اس لئے ہم کبھی لوگوں میں چھپے ہیں تو کبھی آشکار ہیں)

    ٦۔ہم حوض کوثر کے مالک ہیں ہم رسول خداۖ کے جام سے اپنے چاہنے والوں کو سیراب کریں گے یہ وہ سخن ہے کہ جس کا انکار ناممکن ہے۔

    ٧۔جب ہمارے چاہنے والے تشنہ کام حوض کی طرف آئیں گے میرے بابا حیدر کرار خود انھیں اپنے ہاتھوں سے پانی پلائیں گے۔

    ٨۔وہ امام ہیں اور رہبر کہ جن کے حق کو خداوند عالم نے تمام لوگوں پر واجب قرار دیا ہے وہی کہ جو سب کا نگہبان ہے۔

    ٩۔ہمارے پیرو ہمارے شیعہ لوگوں کے درمیان بہترین پیرو ہیں اور ہمارے دشمن قیامت کے دن اہل خسران، نقصان اٹھانے والے ہیں۔

    ١٠۔پس سعادتمند ہے وہ بندہ کہ جو ہماری موت کے بعد ہماری زیارت کرے اور بدلے میں بہشت بریں کو حاصل کرے کہ جس کی خالص نعمتیں کبھی خراب نہیں ہوں گی۔

    رہوار کو ایڑ لگائی اور تلوار سے غلاف ہٹلائی،مرتجزنے کبھی دلکی کبھی طوفانی چال سے فضا کو گردوغبار کا بھنور بنادیا، قرار داد کے مطابق یک بعد دیگرے میدان میں آکر اپنی حرب وضرب کا جلوہ دنیا پر عیاں کریں۔ سب سے پہلے تمیم بن قحطبہ کہ جو شام کے نامی گرامی پہلوانوں میں سے تھا ہاتھی کی طرح دہاڑتا اور چیتے کی طرح چنگھاڑتا ہوا میدان کا رزار میں اترا۔ اس بے خبر کو نہیں معلوم تھا کہ جب بجلیاں کڑک کر گرتی ہیں تو موت پہلے آتی ہے اور موت کا احساس بعد میں ہوتا ہے۔ابھی وہ اپنے فیل ہیکل پر اترا ہی رہا تھا کہ شیر ذوالجلال کے شیر ببر نے ایسا برق خاطف کی طرح اسے اپنی زد میں لیا کہ سر پہلے ہوا میں اڑا اور دم بعد میں راہیٔ عدم ہوا۔ پھر یک بعد دیگرے باری باری مشہور ومعروف پہلوانوں کو موت میدان میں کھینچتی رہی اور وہ سب کے سب سالار شہیدان کے ہاتھوں دار البوار کا ایندھن بنتے رہے۔ یہاں تک کہ صحرائے لق ودق لالہ زار میں تبدیل ہوگیا اور مقتولین کی تعداد ، شمار کے باہر ہوگئی۔ عمر سعد سمجھ گیا کہ دشت خلقت کی وسعتوں میں کسی کے اندر اتنی تاب وتوان نہیں کہ جو حسین کے ساتھ تنہا مقابلہ کرسکے۔ اگر ایسے ہی نوبت دار سپاہی ان سے نبرد پر جاتا رہے تو پورا لشکر ہی تار ومار ہوجائے گا لہٰذاعہد شکنی کا بیڑا اٹھایا اور اپنے قول سے مکرتا ہوا لشکر والوں پر بانگ لگانے لگتا ہے:وَقَالَ:وَیْل لَکُمْ،أَتَدْرُوْنَ لِمَنْ تُقَاتِلُوْنَ؟ھٰذَا ابْنُ الْاَنْزَعِ الْبَطِیْنِ ھٰذَا ابْنُ قُتَّالِ الْعَرَبِ،فَاحْمِلُوْا عَلَیْہِ مِنْ کُلِّ جَانِبٍ۔کہا:تف ہو تم لوگوں پر! کیا تمہیں معلوم ہے کہ تم کس سے پیکار کررہے ہو! وہ انزع بطین(مولائے کائنات کا لقب ہے انزع:جس کے دوطرف پیشانی پر بال نہ اگا ہو، بطین:جس کا شکم بزرگ ہو)غالب کل غالب علی بن ابی طالب کا فرزند ہے یہ اس کا بیٹا ہے کہ جس نے عرب قوم کے کسی شجاع ودلیر کو باقی نہیں چھوڑا ہے بلکہ سب کو تن تنہا تہ تیغ کیا ہے۔ لہٰذا ایک ساتھ مل کر اس پر حملہ کرو۔ تیس ہزار کا لشکر،دریا کی طغیانی کی طرح حرکت میں آیا۔ حسین کہ جو یگانۂ شہسوار عرب وعجم کے بیٹے شمشیر پروردہ تھے اپنے بابا کی طرح اپنی جگہ پر ثابت کھڑے رہے۔ اسلحوں میں غرق امنڈتا ہوا تیس ہزارہ لشکری طوفان، حسین کے قدم کو ڈگمگانہیں سکا اور نہ ہی سورج کی حرارت ، بھوک وپیاس کی شدت، بال بچوں کی رقت اور صبح سے لے کر عصر عاشورہ تک کی تھکاوٹ، حسین کے قدم کو ہلا سکی، بس دشت نینوا میں حسین تھے اور نرغۂ اعداء ،صحرائے کربلا میں زہراۖ کا لال تھا اور چاروں طرف اشقیائ، جبیں پر غضب کی سلوٹیں چڑھیں، شیروں کی طرح زئیری آواز میں یوں رجز پڑھا:

    کَفَرَ الْقَوْمُ وَقِدْماً رَغِبُوْا

    عَنْ ثَوَابِ اللّٰہِ رَبِّ الثَّقْلَیْنِ

    قَتَلَ الْقَوْمُ عَلِیّاً وَابْنَہُ

    حَسَنَ الْخَیْرِ کَرِیْمُ الطَّرَفَیْنِ

    حَنَقاً مِنْھُمْ وَقَالُوْا اَجْمِعُوْا

    اُحْشِرُوْا النَّاسَ اِلیٰ حَرْبِ الْحُسَیْنِ

    یَالْقَوْمٍ مِنْ اُنَاسٍ رُذَّلِ

    جَمَعُوْا الْجَمْعَ لِاَھْلِ الْحَرَمَیْنِ

    ثُمَّ سَارُوْا وَتَوَاصَوْا کُلُّھُمْ

    بِاجْتِیَاحِیْ لِرِضَائِ الْمُلْحِدِیْنِ

    لَمْ یَخَافُوْا اللّٰہَ فِی سَفْکِ دَمِیْ

    لِعُبَیْدِ اللّٰہِ نَسْلِ الْکَافِرَیْنِ

    وَابْنُ سَعْدٍ قَدْرَ مَانِیْ عَنْوَةٍ

    بِجُنُوْدٍ کَوُکُوْفِ الْھَاطِلَیْنِ

    لَالِشَیْئٍ کَانَ مِنِّیْْ قَبْلَ ذَا

    غَیْرِ فَخْرِیْ بِضَیَائِ الْفَرْقَدَیْنِ

    بِعَلِیِّ الْخَیْرِ مِنْ بَعْدِ النَّبِی

    وَالنَّبِیِّ الْقُرَشِیِّ الْوَالِدَیْنِ

    خَیْرَةُ اللّٰہِ مِنَ الْخَلْقِ اَبِیْ

    ثُمَّ اُمِّیْ فَاَنَا ابْننُ الْخَیْرَ تَیْنِ

    فِضَّة قَدْ خَلَصَتْ مِنْ ذَھَبٍ

    فَاَنَا الْفِضَّةُ وَابْنُ الذَّھَبَیْنِ

    مَنْ لَہُ جَدّ کَجَدِّیْ فِی الْوَرَی؟

    اَوْ شَیْخِیْ فَاَنَا ابْنُ الْعَلَمَیْنِ

    فَاطِمُ الزَّھْرَائُ اُمِّیْ وَاَبِیْ

    قَاصِمُ الْکُفْرِ بِبَدْرٍ وَحُنَیْنِ

    عَبَدَ اللّٰہَ غُلَاماً یَافِعاً

    وَقُرَیْْش یَعْبُدُوْنَ الْوَاثَیْنِ

    یَعْبُدُوْنَ الْلاَتَ وَالْعُزّیٰ مَعاً

    وَعَلِیّ کَانَ صَلّٰی الْقَبْلَتَیْنِ

    فَاَبِیْ شَمْس وَاُمِّیْ قَمَر

    وَاَنَا الْکَوْکَبُ وَابْنُ الْقَمَرَیْنِ

    وَلَہُ فِیْ یَوْمِ أُحْدٍ وَقْعَة

    شَفَتِ الْغِلَّ بَغَضِّ الْعَسْکَرَیْنِ

    ثُمَّ فِی الْاَحْزَابِ وَالْفَتْحِ مَعاً

    کَانَ فِیْھَا حَتْفُ اَھْلِ الْفَیْلَقَیْنِ

    فِی سَبِیْلِ اللّٰہِ مَاذَا صَنَعَتْ

    اُمَّة السُّوْئِ مَعاً بِالْعِتْرَتَیْنِ؟

    عِتْرَةُ الْبِرِّ النَّبِیِّ الْمُصْطَفیٰ

    وَ عَلِیِّ الْوَرْدِ یَوْمَ الْجَحْفَلَیْنِ

    حضرت سید الشہداء کے اشعار کا ترجمہ ایک ایک شعر کا جداگانہ کیا ہے مگر جہاں پر دو اشعار کے درمیان معنوی ارتباط ہے ان دونوں اشعار کا ترجمہ ایک ہی شمارہ میں کیا ہے۔

    ١۔یہ قوم بے دین ہوگئی اور پہلے ہی سے خداوند عالم کہ جو جن وانس کا پروردگار ہے اس کے ثواب سے روگردان ہوگئی۔

    ٢۔اس قوم نے بغض وکینہ کی وجہ سے علی کو اور اس کے نیک بیٹے حسن کو کہ جس کے ماں باپ دونوں برزگوار ہیں قتال کیا اور کہا:محکم ارادہ کرو اور حسین سے جنگ کرنے کے لئے لوگوں کو جمع کرو۔(بعض مقاتل میں آخری مصراع”نفسک الان جمیعاً بالحین”) ذکر ہوا ہے۔

    ٣۔ائے قوم! فریاد تو ان پست وحقیر لوگوں سے ہے کہ جو اہل مکہ ومدینہ پر گروہ گروہ لوگوں کو جمع کیا۔

    ٤۔پھر روانہ ہوئے اور دو بے دین(یزید وابن زیاد) کی خوشنودی کے لئے مجھے قتل کرنے کی ایک دوسرے سے سفارش کی۔

    ٥۔دوکافر زادہ عبید اللہ کی خاطر میرے خون بہانے میں وہ لوگ خدا سے نہیں ڈرے۔

    ٦۔اس شعر کا دو معنی کیا جاسکتا ہے۔(١)پسر سعد مجھ پر ظلم وستم کرنے کے لئے تیز بارش کی طرف ایک لشکر لے کر مجھ پر ٹوٹ پڑا۔(٢)پسر سعدظلم وستم کرنے کے لئے ایک لشکر کے ساتھ بارش کی طرح مجھے سخت تیر باران کیا۔معنائے اول کی بنا پر حرف(بائ) تعدیہ کے لئے ہے اور رمانی سے متعلق ہے اور دوسرے معنی کی بنا پر وہ(مع) کے معنی میںاس تیر کی طرف اشارہ ہے جو عمر سعد صبح عاشور امام کی طرف کی تھی۔

    ٧۔(ان کا کینہ میرے متعلق) کوئی(گناہ وجنایت) کی وجہ سے نہیں ہے کہ جو مجھ سے پہلے ہوا ہو بلکہ فقط میرا افتخار کرنا ان تابان دوستاروں کی روشنی پر ہے:ایک پیغمبرۖ کہ جن کے ماں باپ قریشی ہیں اور دوسرے علی کہ جو پیغمبرۖ کے بعد بہترین فرد ہیں۔

    ٨۔لوگوں کے درمیان خدا کا پسندیدہ اور محبوب میرے بابا اور پھر میری ماں ہیں پس میں خدا کے دو محبوب کا بیٹا ہوں۔

    ٩۔(فضہ کہ جس کے معنی چاندی کے ہیں اس سے مراد خودآنحضرتۖ ہیں اور ذھ

  2. شاہین حیدر رضوی۔اسی کو تو تحقیق کہتے ہیں ورنہ یہی ذرائع کیا دوسرے لوگوں کو میسر نہیں؟ اللہ پاک بھی تو کلام پاک میں ارشاد فرماتا ہے کہ کوئی بھی بات بلا تحقیق نہ کرؤ۔ ماشااللہ

  3. سب لوگوں نے بہت محنت کی بلاگ کے میدان میں۔ آج عاشورہ ہے۔ میں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت میں ان پر پوری تفصیل سے لکھا ہے اور جو پوری سیرت کاحاصل ہےاور اس کے آخر میں ایک قطعہ کہا تھا وہ یہاں دوبارہ درج کرکے اپنے ساتھ شامل ہونے کی اجازت دیجئے۔
    سنتے ہیں ان کو آیا تھا نانا (ص) سے اک پیام
    مقتل میں خود چلے گئے جو حضرت ِامام (ع)
    اس راز کو سمجھنا ، فقط ہے ولی کا کام
    سمجھے گا اس کو خاک جو ہو عقل کا غلام

  4. نگہت بہن

    روز گار اور مجالس کی مصروفیت کی وجہ سے کچھ دنوں میں عالمی اخبار سے ناداستہ طور پر دور رہا اسلئے آپکا یہ بلاگ پڑھنے سے قاصر رہا۔ اب اس پر نظر پڑی ہے۔ ماشاء اللہ ہر محرم کی طرح اس محرم میں بھی آپنے کربلا کا حق ادا کیا ہے۔ اللہ آپکو اس کی جزا ضرور دیگا۔ آجکل انگریزی میں جو ذاکر مجالس پڑھ رہے ہیں وہ گرانقدر معلومات سے بھر ہوئ ہیں۔ میں انگریزی مجالس میں عمار نقشوانی سے بیحد متاثر ہوا ہوں۔ عمار نقشوانی سے جب ملاقات ہوئ تو میں نے انکی تعریف کے۔ عمار نقشوانی نے فرمایا کہ انہوں نے سب سے زیادہ فیض علامہ طاہرالقادری سے حاصل کیا ہے۔

  5. جناب قاضی صاحب

    یزید اور محمد ابنِ عبدالوہاب نجدی جیسے لوگ نہ مسلمان ہوتے ہیں نہ کافر۔ یہ لوگ منافق اور آستین کا سانپ ہوتے ہیں ۔ حضور نے فرمایا تھا کہ نجد کی طرف سے میری طرف گرم ہوائیں آتی ہیں۔ میں انگریزی مجالس میں عمار نقشوانی سے بیحد متاثر ہوا ہوں۔ عمار نقشوانی سے جب میری ہیوسٹن میں ملاقات ہوئ تو میں نے انکی تعریف کی۔ عمار نقشوانی نے فرمایا کہ انہوں نے سب سے زیادہ فیض علامہ طاہرالقادری سے حاصل کیا ہے۔

  6. سنتے ہیں ان کو آیا تھا نانا (ص) سے اک پیام
    مقتل میں خود چلے گئے جو حضرت ِامام (ع)
    اس راز کو سمجھنا ، فقط ہے ولی کا کام
    سمجھے گا اس کو خاک جو ہو عقل کا غلام
    ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
    ان چار مصرعوں میں جیلانی انکل نے تمام بحث کو سمیٹ دیا ھے ،
    بلاشبہ “راز کربلا اور حقیقت ولایت حسین (ع) ” کو رھنما مان کو بحث کرنا بھی ھدایت کی راھیں کھول کے دکھاتی ھے ۔
    جبکہ فقط بحث براۓ بحث سے نہ کوئ روحانی دریچہ کھلتا ھے اور نہ ھی عقلی طور پر کوئ کامیابی مل پاتی ھے۔ ۔ ۔
    کربلامیں روحانیت کےموضوع کونثر میں بیان کرنا بہت مفصل عنوان ھے جس کے لیۓ علم و عرفان کی بلند منازل طے کرنا ضروری ھیں ۔ ۔تاھم ایک ادنی طالب علم کی حیثیت سے اس موضوع کو ایک آزاد نظم میں کہنے کی سعی ناتمام کی ھے۔ جو کہ پیش خدمت ھے ۔ ۔
    ۔
    ۔
    ۔
    اک قلندر مہرو
    _________
    از : ارم نقوی

    ریت کے مصلے پر اک قلندر مہرو فجر کی اذاں کے وقت
    ساته چند مریدوں کے کہہ رها تها یہ رب سے

    اے خداۓ ابراهیم !
    بچپنے کا اک وعدہ آج میں نبهاؤں گا
    صبر کی هر اک حد سے بڑھ کے آگے جاؤں گا
    یعنی لاشہ اکبر (ع) هاتھ پہ اٹهاؤں گا
    پهر بهی برسر نیزہ آیتیں سناؤں گا

    فجر کا جو دعوی تها عصر کو تمام هوا
    ریت کے مصلے کا وہ قلندر مہرو
    اب هزار تیروں کی جاۓ نماز پر تنہا
    کہہ رها تها یہ رب سے

    اے خداۓ درویشاں !
    عشق کی صلیب پہ میں موت کے گلے لگ کر
    اک سوال پوچهتا هوں

    کیا تصوف شبیر (ع) کو زمانہ سمجهے گا؟
    یا فقط صلیب حق یاد کر کے روۓ گا ؟

    جب خداۓ یزداں نے
    یہ فغان عشق سنی تو کہا قلندر سے

    اے قلندر مہرو !
    عکس انبیا (ع) هے تو
    فقر مصطفی (ص) هے تو
    فخر مرتضی (ع) هے تو
    زهد فاطمہ(ع) هے تو
    عجز مجتبی(ع) هے تو

    اور کیا کہوں تجھ کو شان کبریا هے تو
    تو میرا سپاہی هے
    تو میری گواہی هے
    تجھ سے منحرف هونا
    عمل روسیاهی هے

    جو تیرا تصوف ھے جو تیری طریقت ھے
    پیشواۓ دین ھے تو ، اور یہی شریعت ھے
    تجھ سے منسلک رھنا عشق کی ضرورت ھے

    کربلاۓ دوراں میں
    یہ تیرا تصوف هی ، لاکهوں حر بناۓ گا
    هاں مگر تیرے غم میں اشک جو بہاۓ گا
    وہ بهی تو بلا مذہب
    تیرے هی مریدوں کی صف میں آتا جاۓ گا

    اور پهر سر محشر
    تو هی ان مریدوں کو ، آکے بخشواۓ گا
    اور تیرا خداۓ احد سب سے کہتا جاۓ گا
    جاؤ سب کو بخشا هے جاؤ سب کو بخشا هے

    عرش کے مصلے پر
    اب قلندر مہرو اقتدا کراۓ گا
    اور ایک جم غفیر اقتدا میں آۓ گا
    کوئ شمر یہ هو گا کوئ ظلم نہ هو گا
    جنت المعید میں وہ قلندر مہرو سلطنت چلاۓ گا
    ـــــــــــــــــــــــــــــــــــ

  7. تجھے سلام کربلا ،ائے تاجدار کربلا
    ظلمتوں کی کہر میں ،
    آندھیوں کے شہر میں
    فاسقوں کو رد کیا ،
    فاجروں کو رد کیا
    تین دن کی بھوک میں
    تین دن کی پیاس میں
    سر کٹا دیا مگر
    مگر بیعت نا کر کے کہ دیا
    حسینیت شعور ہے
    حسینیت ظہور ہے
    حسینیت ہی نور ہے
    حسینیت ہے زندگی
    حسینیت ہے بندگی
    ائے تاجدار کربلا
    تجھے سلام کربلا
    ہائے پیاسے کربلا والو میرا سلام ہو تم پر
    شاعرہ ء اہل بیت زائرہ عابدی

  8. اس وقت کینیڈا میں گیارہ محرّم کی صبح ہے اور میں چشم گریاں سے کربلا کا وہ منظر دیکھنے پہنچ گئ ہوں جہاں مقتل کربلا سے کچھ فاصلے پر جلے ہوئے خیمے ہیں اور ان خیام اہل بیت سے زرا سے فاصلے پر ان بیوا ؤں کا ہجوم ہے جن کے پیارے مقتل میں بے گوروکفن سر بریدہ سورج کی تپتی دھوپ میں پڑے ہیں
    یہ تمام کے تمام آل ابراہیم سے ہیں جن کے قبیلے کا ایک معزز نام ہے بنو ہاشم،
    اس قبیلے کے مردوں میں اب صرف عابد بیمار باقی بچے ہیں باقی سب قتیل کربلا ہو کر جنّت یزدانی کی جانب کوچ کر گئے ہیں ،
    پچاس کے قریب بچّے بھوک و پیاس سے نڈھا ل ہیں مگر کوئ بچّہ موت کو اتنے قریب دیکھ کر نا بھوک کا نام لیتا ہے نا پیاس کا زکر کرتا
    ہے اور ابھی تو جلتی ریت پر سوتے ہوئے کئ بچّے ابھی نیند سے بیدار بھی نہیں ہوئے ہیں کہ ابن زیاد کے خونخوار سپاہی رسیّاں لئے ہوئے لاوارثوں کے سر پر آ پہنچے ہیں
    قیدیوں ہاتھ بندھواؤ مقتل کربلا میں خونخوار درندہ و حیوان نما انسان کی آواز گونجی اور سپاہی جونہی بیبیو ں کی جانب بڑھے ،
    قافلہ سالار زینب کی آواز گونجی ،خبردار کو ئ آل نبی کی بیٹیوں کو ہاتھ نا لگائے ہم اپنے ہاتھ خود باندھیں گے

  9. کارازر کربلا کے بعد گیارہ محرّم کی صبح کی منظر کشی کرتے ہوئے میں نے یہ مرثیہ بی بی سکینہ کی جانب سے کہا تھا جو لکھا ہوا تو موجود رہا لیکن میری غریب الوطنی کی نذر ہو گیا ،بس یہ دو شعر جو حافظے میں رہ گئے وہی تحریر کر دئے ہیں

    میں جاتی ہوں قید میں اچھّا میرے بابا
    کب جانے ملاقات کا سامان ہو با با

    گہوارے میرے چھین لئے شمر لعیں نے
    مارے ہیں طمانچے مجھے کیوں شمر لعیں نے

    کانو ں سے لہو رستا ہے بابا مجھے دیکھو
    دامن میں لگی آگ تمھی آ کے بجھا دو

    میں جاتی ہوں اب قید میں اچھّا میرے بابا
    کب جانے ملاقات کا سامان ہو بابا

  10. آپ احباب کی نذر تازہ کلام ۔۔۔ میرے اشعار میں شبیر کا رنگ ہوتا ہے ۔۔ مولا حسین علیہ السلام قبول فرمائیں الہی آمین

    ‫زکر شبیر سے جو فرد بجنگ ہوتا ہے
    صرف دنیا نہیں آخر میں بھی ننگ ہوتا ہے

    زکر شبیر جو سنتا ہے مگر روتا نہیں
    ایسا دل ، دل نہیں ہوتا ہے وہ سنگ ہوتا ہے

    فکر ہوتی ہے مدینے کی مرے شعروں میں
    کربلا کا مرے اشعار میں رنگ ہوتا ہے

    ایک پہچان منافق کی یہی کافی ہے
    مجلس آل محمد سے وہ تنگ ہوتا ہے

    رات دن کرتا ہے ہے جو زکر حسینی وہ نسیم
    سب کی قسمت نہیں ، یہ کار ملنگ ہوتا ہے

    ڈاکٹر نگہت نسیم
    سڈنی
    سترہ نومبر دوہزار تیرہ

  11. ظفر بھائی اس بلاگ کو سجانے میں سب کی مدد شامل ہے ۔۔ اللہ پاک ہم سب کی اس ادنی سی مساعی کو
    قبول فرمائے۔۔۔ الہی آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *