شیخ ایاز….. (“سائوتھ ایشیا کے مستقبل کا شاعر” بقول فیض احمد فیض)

اے سندھ تو میری ماں ہے،
میں تیری دھرتی سے شاعری کے الہام ایسے لیتا ہوں،
جیسے تھر کی لال گائے کے تھنوں سے،
اس کا بچھڑا دودھ پیتا ہے!

47 thoughts on “شیخ ایاز….. (“سائوتھ ایشیا کے مستقبل کا شاعر” بقول فیض احمد فیض)”

  1. سندھ ماں کا نام پڑہ کر دل بہار ہوگیا، امید ہے اسی طرح کی شاعری پیش کرتے رہیں گے۔
    میں ایک بے ذوق بندہ ہوں اس لئے اس فہم کو سمجھنا کافی مشکل ہے۔ ہمیں بقول قاضی بھائی کے شیخ ایاز کے کلام کو بھی آگے لانا چاہیے اور امر بھائی نے اس سلسلے کی کڑی آج سے شروع کی ہے۔

  2. عشق ہی سب کچھ نہیں،
    حسن بھی سب کچھ نہیں!
    بس اضطراب ہی
    سب کچھ ہے!
    (“شاعریء جو سجدو” سے انتخاب)

  3. یا رب!
    ہر کسی کو عزت بھی تو ہی دیتا ہے،
    اور ذلت بھی تو ہی دیتا ہے.
    مجھ میں وہ صلاحیت پیدا کر کہ:
    عزت دیکھ کر، نہ اڑوں،
    اور ذلت دیکھ کر دل شکستہ نہ بنوں!

    (”شاعریء جو سجدو” سے انتخاب)

  4. یا رب!
    جہاں غور و فکر کی پہنچ نہیں،
    جہان رازی اور ابنٍ رشد نہیں پہنچ پاتے!
    جہاں جبرائیل کے پر جل جاتے ہیں!
    اور رومی و اقبال سر بسجود ہیں،
    جہاں شاعری، عاجزی سے بر تر نہیں!
    تیرا، وہاں ہی آستانہ ہے…

    (”شاعریء جو سجدو” سے انتخاب)

  5. یا رب!
    تو کسی بھی انسان کو میری وجہ سے سزا نہ دے!
    مجھے وہ قوت عطا کر،
    کہ میں اپنے ہمسائے سے خود جیسا پیار کروں!

    (”شاعریء جو سجدو” سے انتخاب)

  6. یا رب!
    میری محبت کو آفاقی بنادے!
    تو، میں ھر انسان کو اپنا بھائی سمجھوں،
    میرے خون میں سے قابیل کا عنصر نابود کردے!
    مجھے اپنا رحم عنایت کر،
    اور اپنے اخلاق کی بھیک عطا کر…

    (”شاعریء جو سجدو” سے انتخاب)

  7. فیاض امر صاحب مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے شیخ ایاز پر یہ بلاگ بھی شردع کردیا اور اس میں شیخ ایاز کے اردو کلام کوبھی پیش کیا۔
    میں حمایت علی شاعر کے مقا لے سے ایاز شیخ کی ایک اردو غزل پیش کررہا ہوں:
    غزل
    آج مستِ مئے وصال ہیں ہم
    صد صنم خانہ ء خیال ہیں ہم

    تار و پودِ حیات انساں سے
    اِک الجھتا ہو سوال ہیں ہم

    ایک واماندہ مسکراہٹ ہیں
    خست تن ہیں ، تباہ حال ہیں ہم

    ہر زمانے کی ناشنا سی سے
    زخم خوردہ ہیں ۔با کمال ہیں ہم

    حسرت آمیز ہے نگا ہِ ایاز
    محوِ نیرنگ ، ماہ و سال ہیں ہم
    ۔۔۔۔۔۔
    شیخ ایاز کی سوانح عمری اور اسکی کتابوں پر بھی فیاض امر صاحب روشنی ڈالیں تو اس بلاگ کی افادیت اور بھی بڑھ جاے گی۔
    ۔۔۔
    حمایت علی شاعر کے مقالے میں آفاق صدیقی نے شیخ ایاز کے چند سندھی دوہو ں کا اردو میں ترجمہ یوں کیا :

    ہیر جلی اور بجھ گیا رانجھا ، سارا جھنگ تباہ
    راکھ یں اپنی کافی ڈھونڈے بیٹھا وارث شاہ

    پاوں ہوئے پنوں کے اوجھل ، راکھ ہوا بھنبھور
    ہائے سسی یہ تیرے دکھڑے اور ہوا کا شور

    سانجھ ہوئی اور پنچھی گھر لوٹے اور کبیرا روئے
    اپنی اپنی جنم بھوم سے پریم سبھی کو ہوئے

    سمجھ کے میرے مدھ کو میلا جام مرا ٹھکرایا
    اپنے من کے میلے پن کا دھیان تجھے کب آیا ؟

    پھر نہ ملے گی اس مورت کو مٹی میں مت رول
    مندر کے در کھول پجاری ، مندر کے در کھول

    مہک پون میں برکھا رت کی اور نہ گھٹا گھنور
    کہیں کہیں اس اجڑے تھر میں بول رہا ہے مور

    کوٹھی کھول کلا ل پیارے من ہے مالا مال
    پیار نہ ہو تو گلی گلی میں ملیں گے سب کنگال
    ۔۔۔۔۔
    فقط :
    منظور قاضی از جرمنی

  8. سندھی زبان اور کلچر بہت rich ہے اور اسے بولنے اور اسے نا سمجھنے والوں کی برِ صغیر میں اکثریت ہے۔ اسلئے فیاص امر صاحب اردو اور سندھی کے بیچ ایک پُل ثابت ہو رہے ہیں۔ مندرجہء بالا کلام دل موہ لیتا ہے۔ اتنے اختصار کے ساتھ اتنی بڑی باتیں کہنا انہی کا طرہء امتیاز ہے۔ خدا انکو عمرِ خضر عطا کرے۔ آمین

  9. یا رب!
    مشرق کا علمی خزانہ کتنا وسیع ہے!
    نہیں جانتا کیوں، ہمارا نیا نسل اس سے فائدہ کیوں نہیں لے رہا؟
    اسے توفیق دے.
    ———————————
    یا رب!
    میں تیری ترتیب کا زندہ ثبوت ہوں.
    ——————————
    یا رب!
    کیا یہ میرا تہجد ہے؟
    جو میں روز صبح چار بجے اٹھ کر لکھتا ہوں!
    گر ہاں تو، میری اس عبادت کی انفرادیت پر غصہ مت کھانا!
    ————————
    اے خدا،
    مجھ پر بجلی گرادے!
    قبل اس کے کہ میں کسی کا گھر جلائوں!
    ————

    اے آدمی!

    گر تم موت کی حقیقت نہ سمجھ سکے ہو تو زندگی کی حقیقت کیسے سمجھ پائوگے؟
    —————
    موت تمہیں بلی کی طرح گھور رہا ہے، اور تم، کبوتر کی مانند آکھیں موند بیٹھے ہو!
    ————-
    میں نے جب ایک کتے کو روٹی کا ٹکڑہ پھینکا، تب اس کی آنکھوں میں بھی میں نے اظہارٍ تشکر کی جھلک دیکھی تھی!
    لیکن اے اشرف المخلوقات کی اولاد! تم تو کتے سے گر جاتے ہو!
    ————
    تم خدا سے نہیں ڈرتے، تو کم از کم اس جہنم سے تو ڈرو جو تمہارے اندر جل رہا ہے!
    ————
    جو ہے بھی نہیں، تب تم اس کو نہ منوانے کے لیے کیوں اتنی محنت کر رہے ہو؟
    ————
    خدا کو نکال دو تو کائنات کی حقیقت کیا ہے؟
    ————
    اپنی سالگرہ کے دن، اپنے مرنے کا دن منائو، کیونکہ تمہاری زندگی سے ایک اور برس کم ہوا!
    ————
    اے راہزن! تمہاری زندگی کے مشاہدے نے تو مجھے خدا سے دوستی کرائی!
    میں تمہارا احسانمند ہوں.
    کتا اگر نہ بھونکے تو اس کا کلیجہ پھٹ پڑے.
    ————-
    الو سے کسی پوچھا کہ کبھی کوئل دیکھی ہے؟
    تو بولا:
    دیکھی تو نہیں، ہوگی مجھ جیسی!
    ———–
    میری شاعری، میری دھرتی کے لیے دیوارٍ چین کی مانند ہے.
    اس کو کوئی مٹا نہیں سکتا!
    اور یاد رکھو، تمہاری سرحد تیری سیاست نہیں، ثقافت ہی بچاسکتی ہے!
    ———–
    اے شاھجہاں!
    میں نیا تاج محل بنا رہا ہوں، اس کے لیے مجھے کسی ممتاز محل کی ضرورت نہیں!
    ———
    کسی کے سر پر ہاتھ رکھ کے تو دیکھو!
    ساری کائنات تمہارے ہاتھ میں آجائے گی.
    ———
    عشق تجھے نئی آکھیں، نئے کان، اور نئی زباں دے گا، تم عشق کر کے تو دیکھو!
    ——–
    سچی بات کہ کر، دھوپ میں کھڑے ہوجائو!
    سائباں میں آنے کے لیے جھوٹ مت بولو!
    ———
    جب بچھو اپنی فطرت سے باز آگیا، تب کائنات بدل جائیگی!
    ———
    شیر اپنا حصہ لے کر ہی رہتا ہے!
    پھر وہ شیر، آمر ہو یا جمہوری نمائندہ!
    ———-
    علامہ اقبال نیل کے ساحل سے کاشغر کی خاک تک کیا دیکھ رہا تھا؟
    مجھے تو ایک ویراں رستے پہ ایک لٹا ہوا قافلہ نظر آرہا ہے، جس کے سب سالار مر چکے ہیں!
    ———–
    معاف کرنا، خدا کی صفت ہے. یہ صفت جتنی تم اندر پیدا کروگے، اتنا تم اس کے قریب آئوگے!
    ———

    (”شاعریء جو سجدو” سے انتخاب)

  10. فیاض امر صاحب یہ بھی لکھدیں کہ شیخ ایاز نے‌یہ کتاب ” شاعری، جو سجدو ” اردو زبان میں لکھی تھی؟ اگر نہیں تو اسکا اردو ترجمہ کس نے کیا؟
    ماشااللہ شیخ ایاز کی شاعری میں کافی ندرت ہے ۔
    اس شاعر کی مختلف سوانح عمری بھی لکھدیجئے تاکہ اس شاعر کی شاعری کے محرکات کا اندازہ ہوسکے۔
    اس شاعر کو جیل کیوں بھیجدیا گیا تھا؟ اس نے کتنی قید کاٹی ؟
    اسکی اردو اور سندھی تصانیف کی فہرست بھی لکھدیں تو معلومات میں اضافہ ہوگا ۔

  11. فیاض امر بھائی واہ بہت خوب اتنی اچھی اچھی باتیں
    اتنا خوب انتخاب زبردست پڑھ کے دل خوش ھو گیا، اس میں سے بہت سی باتیں میں نے اپنی ڈایری میں لکھنی شروع کر دی ہیں !
    سدا جیو !
    اور سندھ کی اتنی شان پڑھ کے تو ویسے تو پاکستان میں اتنا عرصہ رہتے ھوئے کبھی سندھ جانے کا اتفاق نہیں ھوا پر اب ٹھان لی ھے کے اس بار انشااللہ پاکستان جا کے سندھ ضرور دیکھنا ھے 🙂

  12. سبحان اللہ ۔۔ ھر ھر جملے پر لکھنے کو دل کرتا ھے ۔۔ فیاض بھائی اللہ آپکو عمر دراز عطا کرے جو ھمارے لیئے زندہ رھ جانے کا سامان کر رھے ھیں ۔

  13. بھئی واقعی سبحان اللہ۔ اے کاش ہم شیخ ایاز کی یہ شاعری اصل زبان میں بھی سمجھ سکتے ہوتے۔ تمام کلام ہی امر ہے۔ فیاض صاحب کی فیاضی علم کے ہم قائل ہو گئے ہیں۔ ان کے دیگر بلاگ بھی دیکھے اور حسن کلام و حسن انتخاب بھی دیکھے۔ ماشاء اللہ۔ اس دور کے چلتے پھرتے عارف معلوم ہوتے ہیں۔ اللہ پاک چشم بد سے محفوظ رکھے۔ آمین۔ ۔۔۔۔
    علامہ اقبال نیل کے ساحل سے کاشغر کی خاک تک کیا دیکھ رہا تھا؟
    مجھے تو ایک ویراں رستے پہ ایک لٹا ہوا قافلہ نظر آرہا ہے، جس کے سب سالار مر چکے ہیں!۔۔۔۔۔واہ واہ واہ۔
    اگر منظور قاضی صاحب کے اٹھائے ہوئے سوالات کا جواب بھی مل جائے تو کچھ ہمیں بھی شیخ ایاز سے تعارف حاصل ہوجائے گا۔
    نا چیز۔

  14. منظور قاضی صاحب، سیدہ ثناء شاہ صاحبہ، سیدمصباح حسین صاحب، ظفر جعفری صاحب، شعیب صفدر صاحب، سولنگی صاحب، اور سب سے بڑہ کر آپا نگہت (جنہوں نے میرے بلاگ میں پہلی بار لب کشائی کی ہے)
    آپ سب کا تہٍ دل میں مشکور ہوں، جنہوں نے میری ہمت بڑھائی جو میں نے یہ کام اپنے سر ایسے لیا جیسے، حضرت سلیمان کے اس غلام جن نے کہا تھا کہ “سرکار! ایک آنکھ نہیں جھپکے گی کو سامنے صبا سے حضرت بیبی بلقیس کا تخت یہاں ہوگا!
    اب کچھ وضاحتیں:
    میرے سامنے شیخ صاحب کی اس وقت دو کتابیں “شاعری جو سجدو” (شاعری کا سجدہ) اور، “ٹکرا ٹٹل صلیب جا” (ٹکڑے ٹوٹے صلیب کے) پڑے ہوئے ہیں۔ اس وقت میں گھر سے دور نوکری پر ہوں، افسوس کہ وہ تمام بکس جو شیخ صاحب کی ہیں اور میرے گھر پڑی ہوئی ہیں، میرے ساتھ نہیں، ان سے ترجمہ کرکے آپ سب کے سامنے پیش کرنے سے قاصر ہوں۔ خیر، تک آپ ان سے محفوظ ہوں۔
    جو میں نے اوپر شیخ صاحب کی نثری کاوشیں آپ کے لیے حاضر کی ہیں، ان کو اردو میں ترجمہ کرنے کی میں نے ہی جسارت کی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ میرے ہاتھ کانپ رہے ہیں جب میں اپنے دماغ میں سندھی سے اردو تک کا تصور کر رہا ہوں کہ کہیں کسی کیفیت سے نا انصافی نہ ہو۔
    حضرات، اگر کہیں آپ کوئی جھول محسوس کر رہے ہوں تو آپ سب کے سامنے اپنی جھولی پھیلا کر بندہ معافی بھی چاہ رہا ہے۔

    دوسری بات کہ شیخ صاحب کی زندگی کے بارے میں آہستہ آہستہ میں عرض کرتا چلونگا۔ اتنے بے صبر بھی نہ بنیں۔
    (بس یہ بھی دیکھیں کہ خاکسار کو اردو ٹائیپنگ کا تجربہ اتنا ہے جتنا ھمارے وطنٍ عزیز کو ایک سچی جمہوریت کا! (جو کہ نہیں ہے)

  15. اب کچھ شیخ ایاز صاحب کی کاوشوں سے ان کا انتخاب، جس مٰیں اس نے دنیا کے دوسرے شعراء کا تذکرہ کیا ہے!
    (یاد رہے کی ابھی آپ لوگ اس کی صرف دو کتابوں کی سیاحت کر رہے ہیں۔ ترجمہ کرنےکی جسارت میں ہی کر رہا ہوں۔ (یا مولا یا صاحب الزمان! مجھے ہمت دے۔۔۔ آمیں)

  16. جوش ملیح آبادی نے ایک پوربی لوک گیت کی استھائی
    “نیم کی نمکولی پکی، ساون آیا رے” کیا گنگنائی!
    اس کی آنکھین بھر آئیں!
    میں جانوں ہوں،
    کہ دھرتی کے سب موتی
    ان اشکوں کی کیا قیمت بھرینگے،
    جو وہ پی گیا تھا،
    جو اس نے دھرتی پر نہ گرائے تھے!

  17. بلہے شاھ سے بھٹائی تک،
    اور سلطان باہو سے سچل تک!
    اس کائنات میں کوئی کوچہ نہ رہا،
    جو مجھ میں نہیں ہے اے ناداں!

  18. جو ابھی تک پیدا بھی نہیں ہوئے،
    ان کے لیے جینا بھی
    اتنا ہی بے معنی ہے،
    جتنا، مردوں کے لیے جینا؟
    کیا، “غالب” کی “میں عندلیبٍ گلشن نا آفریدہ ہوں”
    بات بکواس ہے؟

  19. کیا ٹئگور کے جیون میں
    کوئی بنودنی آئی تھی؟
    کیا ایسا تو نہیں کہ
    وہ بنودنی خود ٹئگور ہی تھا!

  20. لورکا!
    تو اور میں،
    جڑواں بھائی ہیں۔
    ازل کی کوکھ سے آئے ہیں
    اور ابد کی کوکھ میں جائینگے!
    اور سندھ سے ہسپانیہ تک
    فاصلہ!
    ازل اور ابد کے درمیاں
    بس ایک انگشت کا تو ہے!

  21. ایک ذاتی نوٹ:

    یاد آرہا ہے وہ وقت جب میرے دو قریبی ساتھی نصیر مرزا (آج کل ریڈیو پاکستان حیدرآباد میں ڈائریکٹر) اور سندہ کا بہترین ناول نگار طارق عالم ابڑو لاہور گئے اور وہاں پر اردو کے بہترین ناول نگار اور کہانی نویس محترم انتظار حسین کو جب انہوں نے شیخ ایاز کا ایک کتاب تحفہ دیا تب انتظار حسین صاحب کے تاثرات کیا تھے شیخ صاحب کے متعلق ، لیجیے آپ سن لیں:
    “ہمارے ایک ھم سخن دوست نے سندھی زبان اس لیے سیکھی کہ وہ شیخ ایاز کو سندھی میں ہی پڑھنا چاہتا تھا۔ اور جب اس نے سندھی میں شیخ صاحب کو پڑھا تب ایک دن میرے پاس آئے، بڑے غصے میں تھے اور بولا: آپ نے ایاز کے عکس دیکھے ہیں، اگر آپ اس کو سندھی میں پڑھیں تب آپ کا یے خیال کہ فیض احمد فیض بڑا شاعر ہے، بدل جائےگا۔۔۔”

    (اس گفتگو کی رکارڈنگ آج بھی میرے دوست طارق عالم کے پاس محفوظ ہے۔)

  22. دو آئینے ایک دوسرے کے روبرو ہیں!
    اور دونوں میں ایک دوسرے کی شبیہ ہے،
    اور، عکس پہ عکس،
    جہاں ان کی گنتی ممکن نہیں!
    اور جو دوسرے میں دیکھ رہا تھا،
    وہ ہی پہلا بھی دیکھ رہا تھا!

    تم زرا دور رہو!
    تم کیوں ان کے درمیاں حائل ہو رہے ہو؟
    اگر عکس ٹوٹ گئے تو تمہیں کیا ملیگا؟

  23. منظور قا ضی نے کہا ہے:
    May 14, 2009 بوقت 7:59 pm
    جب شاہ عبد اللطیف بھٹائی کا ذکر آتا ہے تو اردو داں محفلوں میں شیخ ایاز جیسے عظیم سندھی شاعر کا نام بھی لیا جاتا ہے جس نے شاہ لطیف بھٹائی کے مجموعہ کلام ” شاہو جو رسالو ” جیسی عظیم اور ضخیم کتا ب کو اردو میں منتقل کیا ۔

    بقول حمایت علی شاعر ( جو اس نے شیخ ایاز پر اپنے مقالے میں لکھا ) ” شیخ ایاز نے سن 1956 میں یہ ترجہ شروع کیا تھا جو ڈیڑھ یا دو سال کے عرصے میں تکمیل کو پہنچا ، بعد ازاں چھ ہزار دوسو تینتیس اشعار ( 196 ) وائیوں کا یہ مجموعہ سندھ یونیورسٹی سے 1963 میں شایع کیا گیا۔ ”

    حمایت علی شاعر کے اس مقالہ میں شیخ ایاز کے ادبی کارناموں میں یہ ہے کہ ” شیخ ایاز نے نہ صرف شاہ صاحب کے کلام کا ( اردو میں ) ترجمہ کیا بلکہ سچل سرمست اور چین رائے ممامی ، میر عبدلحسین سانگی اور سچل سرمست کے کلام کو بھی اردو کا جامہ پہنا یا ‘

    اسکے علاوہ شیخ ایاز نے ڈھولا مارو کے دوہوں کو بھی اردو سے متعارف کروایا ۔ اور قاضی قاضن ، شاہ کریم اور شاہ لطیف کے دوہوں کو اردو میں منتقل کیا ۔
    حمایت علی شاعر کے مقالہ میں مندرجہ بالا معلومات کے علاوہ یہ بھی ہے کہ فہمیدہ ریاض نے شیخ ایاز کی کئی سندھی نظموں کا اردو میں ترجمہ کیا ۔

    شیخ ایاز اپنی زندگی میں فراز اور جالب اور فیض کی طرح جیل بھی گیا اور وہاں جاکر بھی اپنی شاعری کو جاری رکھا۔

    شیخ ایاز 1923 میں پیدا ہوا تھا ۔ اسکی زندگی کے متعلق تو سندھی حضرات ہی کچھ کہ سکتے ہیں مگر اس عظیم شاعر کی شاعری کو پاکستان کی شاعری میں ایک ممتاز مقام حاسل ہے ۔اور اسکا مقام فیض اور جالب اور فراز سے کم نہیں۔

    حمایت علی شاعر کے اس مقالہ میں شیخ ایاز کی ایک اردو نظم بھی ہے :
    جانتا ہوں کہ وہ وقت بھی آئے گا ۔۔۔
    جب مری شاعری کو اچانک کبھی
    چاند آکاش گنگا میں نہلائے گا

    جانتا ہوں کہ وہ وقت بھی آئے گا
    جب زباں کا تعصب نہ ہوگا کہیں
    میری خوشبو سے ہراک مہک جائے گا

    جانتا ہوں کہ وہ وقت بھی آئے گا
    جب فکر اور ڈگر ایک ہوجایینگے
    میرا آدرش جب مجھ کو اپنائے گا

    جانتا ہوں کہ وہ وقت بھی آئے گا
    میر ی مدفون مٹی پہ رووگے تم
    کوئی راہی مرا گیت جب گائے گا
    ۔۔۔۔۔
    فقط :
    سندھی شعرا کو احترام کے ساتھ
    منظور قاضی از جرمنی

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ ۃ میرا یہ تبصرہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے بلاگ میں موجود ہے مگر یہ بلا گ جناب فیاض امر صاحب نے میری درخواست پر شیخ ایاز کی شاعری اور اسکی شخصیت پر شروع کردیا ہے اس لیے میں اپنے مندرجہ تبصرے کو یہاں منتقل کردیا ہوں تاکہ پڑھنے والے شیخ ایاز کے متعلق کچھ باتیں جو شیخ ایاز کے دوست اور مداح حمایت علی شاعر نے اپنے مقالے میں تحریر کیے تھے ، انہیں پڑھ لیں۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    فیاض امر صاحب جس کمال کے ساتھ شیخ ایاز کی سندھی شاعری کو اردو میں منتقل کررہے ہیں ا س کو پڑھکر فیاض امر صاحب کی سندھی اور اردو زبان پر قدرت کا مظاہرہ ہورہا ہے ۔ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    خادم : منظور قاضی از جرمنی

  24. “تم نے وان گوگ کا نام سنا ہے؟”
    “نہیں”
    “نجنسکی تو سنا ہوگا؟”
    “نہیں”
    “بھلا نذرالاسلام کا نام تو سنا ہوگا؟”
    “ہاں”
    “اے جاہل قوم کی جاہل اولاد!
    میں اس سرحد پر پہنچ گیا ہوں
    جو نذرالاسلام پار کر چکا تھا۔
    کوئی ازلی قوت مجھے اس سرحد کو پار کرنے سے روک رہی ہے!

  25. منظور قاضی صاحب!
    آپ کے احسان ہیں، ورنہ میں کہاں ہوں اس لائق۔۔۔
    ڈیوٹی ہے سرکار میری یہ!

  26. یہ بھی کوئی بات ہوئی کہ
    اس خلائی پروازوں کے دور میں،
    تم اس بات پہ فخر کرو کہ،
    تمہاری زباں میں
    “اونٹ” کے لیے چالیس الفاظ ہیں!

  27. واھ استاد فیاص کیا کام کیا ہے تم نے یار۔۔۔۔۔

  28. شیخ ایاز 2 مارچ 1923 کو شکارپور شہر کی ایک محترم شخصیت شیخ غلام حسین کے گھر میں پیدا ہوا. اس کا بچپن میں مبارک علی رکھا گیا، جو آگے چل کر ادبی دنیا میں شیخ ایاز کے نام سے ظاہر ہوا.

    3 مارچ 1928 ، جس دن اس نے سندھی الف بے پڑھنا شروع کیا، وہ سفر مختلف مدارس سے گذرتا ہوا، 1948 تک قانون کی ڈگری تک چلا.
    وہ جب بیس برس کا تھا، تب اس کو استاد کھیلداس فانی کی صحبت نصیب ہوئی، جس نے ایاز کی زندگی میں ایک نیا موڑ دے دیا، اب وہ ترقی پسند خیالات کا حامی اور نوجوان شاعر کی حیثیت سے جانا مانا جاتا تھا.
    1955 میں سہ ماہی “مہران” مین اس کے تیس کے لگ بھگ نظمیں چھپی. جس سے اس وقت کی رجعت پسند گروہ کو کافی دھچکا سا لگا.

    شیخ صاحب کا پہلا شعری مجموعہ “بھنور بھری آکاس” جیسے ہی مارکیٹ میں آیا تو سندھ کے کونے کونے سے اس کی صدا ابھرنے لگی.
    اس کتاب نے شیخ صاحب کو سیاسی شخصیت بھی بنادیا، اور اسی روش کی بدولت اور ترقی پسندی اور دھرتی پرستی کی وجہ سے 1965 میں حکومت نے اسے ایک خطرناک انسان قرار دیکر سکھر جیل بھیج دیا، 1968 میں اسے ساہیوال جیل منتقل کیا گیا.اور وہ تب تک وہاں رکھا گیا جب تک ایوب حکومت اقتدار میں رہی. 1970 میں شیخ صاحب نے مجیب الرحمان کی عوامی لیگ میں شمولیت اختیار کی. ایاز مجیب کی گرفتاری اور بنگلادیش کی آزادی تک جیل میں رہا.
    شیخ صاحب بعد میں بھٹو دور میں سندھ یونیورسٹی کا وائیس چانسلر بنا.
    ایاز صاحب کی اس وقت 52 سے زیادہ کتابیں مارکیٹ میں دستیاب ہیں.
    شیخ صاحب نے نثر میں بھی کہانیاں اور اپنی ڈائریاں لکھی ہیں، اور نظم میں تو اس کا نام برٍ صغیر کےاونچے پائے کے شعراء میں لکھا جاتا ہے.

    زندگی کے آخری ایام میں شیخ صاحب کو قلب کا مرض لاحق ہوگیا. اور وہ بعد میں 28 دسمبر 1997 کو اپنے مالکٍ حقیقی سے جا ملا.
    شیخ صاحب کی میت کو 29 دسمبر، شاھ عبداللطیف بھٹائی کے آغوش میں “کراڑ جھیل” کے کنارے پر دفنایا گیا.

  29. افسوس! کہ ماھیے گاتے تم
    بھگت سنگھ کو بھول گئے ہو!

    (“ٹکڑے ٹوٹے ہوئے صلیب کے” سے ایک انتخاب)

  30. جرمنی نے ایک صدی میں،
    کانٹ، ہیگل، فیورباخ اور مارکس پیدا کیے!
    اور دوسری صدی میں!
    ہٹلر، ہرمن، گوئرنگ، گوبلر اور بورمئن پیدا کیے!

    “قومی کردار” بے معنی الفاظ ہیں۔

  31. میرا دل
    ایک زخمی فاختہ کی طرح
    تڑپ رہا ہے،
    تیرے لیے!
    اور تم؟
    مجھ پہ رحم کھا کر،
    اپنے تیر نکال کر،
    واپس ترکش میں ڈال لیے۔

  32. کیا، یہاں آزادی نہیں ہے!
    گیدڑ آزاد ہیں،
    مکھیاں آزاد ہیں،
    یہاں کے دانشور آزاد ہیں،
    شعراء ٹی وی پر نعتیہ مشاعرے کر رہے ہیں۔
    یے ہاری آزاد ہیں،
    جب چاہیں، وہ اپنے سر سے جوئیں نکال سکتے ہیں۔
    سب تو آزاد ہیں،
    اس چھید چھید دھرتی پر،
    چھید، جن میں اب سانپ بستے ہیں!
    اور درندے اپنے بچے پال رہے ہیں!

  33. فیاض امر صاحب نے شیخ ایاز کی سوانح لکھکر اس بلاگ کو مکمل کردیا ۔ شکریہ
    فیاض امر صاحب کی اردو اتنی اچھی ہے کہ یہ امتیاز کرنا مشکل ہوگیا ہے کہ وہ خود اپنا کلام لکھرہے ہیں یا شیخ ایاز کے سندھی اشعار کا اردو میں ترجمہ کررہے ہیں۔
    میری ان سے یہ درخواست ہے کہ وہ ہر تبصرے کے شروع میں یا آخر میں یہ لکھدیا کریں کی ان اشعار کا خالق کون ہے ۔
    شکریہ :

  34. جناب منظور قا ضی صاحب!
    میری آنکھیں نم ہو گئی آپ کے ان الفاظ پر۔۔۔۔
    میں ان کے قدموں کی خاک بھی بن جائوں، تو میری معراج ہوگی۔
    یے آپ کا بڑا پن ہے۔۔ میں کچھ بھی نہیں۔
    آپ بس آئینہ دیکھ رہے ہیں۔۔۔۔ مجھے نہیں!

  35. یقین مانیے فیاض امر صاحب آپ کے تبصروں میں یہ معلوم کرنا میرے لیے مشکل ہوگیا کہ کیا وہ اس بلاگ کے موضوع شیخ ایاز کی اردو شاعری ہے یا اس عظیم شاعر شیخ ایاز کی سندھی شاعری کا اردو ترجمہ آ پ کررہے ہیں۔
    میںاس بلاگ کے ‌آئینہ میں آپ کو اور شیخ ایاز کو ہی دیکھنا چاہتا ہوں ۔
    ماشااللہ بہت ہی اچھا بلاگ آپ نے ترتیب کیا ہے ۔
    اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *