اسامہ اوباما کی اس دہشت گردی کی جنگ میں ہماری پاکستانی فوج کیا جنگ کر رہی ہے اس پر سے مصباح بھائی نے اس خوبصورتی سے پردہ اٹھایا ہے کہ ان کی شجاعت پر داد دئے بغیر کوئی نہیں رہ سکے گا . مجھ تک پہنچنے والی تمام تحریروں میں اشاروں کنایوں میں سب نے درپردہ فوج کے ملوث ہونے کا عندیہ دیا ہے لیکن ایک مکمل کالم صرف مصباح بھائی ہی کا موصول ہوا ….
وہ خود اپنے کالم کے بارے میں لکھتے ہیں ….
” زیر نظر سطور ہم نے پاکستان کی عسکری قیادت کی سوئی ہوئی غیرت کو جگانے کے لئے رقم کی ہیں اور انکا محور و مرکز پاکستان سے غیر متزلزل لگاؤ اوروابستگی ہیں اسی محبت کے جذبے نے ہمیں وطن سے وفاداری سکھائی ہے۔ ۔۔اور ہمیں امید ہے کہ یہ نسخہ ہائے وفا ضرور کام دکھائیں گے۔ کیونکہ اگر ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے اے ساقی۔۔۔ یہ اس سلسلے کی پہلی تحریر ہے۔ اگر ضرورت رہی تو ہم ضرب کلیم جاری رکھیں گے، انشاء اللہ ۔
مزید پڑھنے اور رائے کے لیئے یہاں کلک کریں

مصباح بھائی
یہ کوئی نئی بات نہیں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت کے احتجاج کا جواب امریکا کی طرف سے پھر مل گیا ایبٹ آباد آپریشن کے بعد امریکی فوج نے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں ڈرون طیاروں سے میزائل کی بارش کردی ،ڈرون حملوں کے ساتھ ساتھ امریکی عہدیداروں کے زبانی حملے اور الزام تراشیاں بھی جاری ہیں، واقعات کے تسلسل سے ظاہر ہوجاتا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر جاری امریکی جنگ کے اصل عزائم اب بھی پردے میں ہیں۔ پاکستانی قوم اب سیاسی قیادت سے تو مایوس ہوہی چکی ہے اب وہ عسکری قیادت سے سوال کررہی ہے کہ کیا پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا یہی مطلب ہے ۔
ناٹو کے فوجیوں نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چند سپاہیوں کو ہلاک کیا تو فوجی قیادت نے سخت ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے جانے والی رسد کو بند کرنے کی دھمکی دی، لیکن امریکا مسلسل پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کررہا ہے اور عسکری قیادت کا ردعمل اس سے زیادہ نہیں ہے کہ ”اب کے مار کے دیکھو….“ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی اور ایبٹ آباد آپریشن کے بعد جو حقیقت ظاہر ہوئی ہے وہ یہ ہے کہ پاکستان عملاً امریکا کا مقبوضہ علاقہ ہے ۔ عراق اور افغانستان تو ایسا مقبوضہ ملک ہے جہاں کے عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ لیکن پاکستان میں امریکی دہشت گردی بھی جاری ہے اس کے باوجود پاکستان کے حکمران ”خود مختاری“ کا راگ بھی الاپ رہے ہیں۔
آخر آئی ایس آئی کے سربراہ کی پاکستان میں سی آئی اے کے اسٹیشن چیف سے ملاقات کا کیا مطلب ہے ۔پاکستان میں سی آئی اے کے مقامی سربراہ کے ہونے کا کیا مطلب ہے ۔ اب تک پاکستان کے حکمران ”بلیک واٹر“ کی موجودگی کی تردید کرتے رہے ہیں، لیکن اب سی آئی اے کے دفاتر کی پاکستان میں موجودگی کی تصدیق کے بعد قومی آزادی کا تصور فریب سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا ۔عجیب بات ہے کہ سیاسی قیادت تو گم سم ہے لیکن عسکری قیادت بھی ایسے بیانات دے رہی ہے جن سے ظاہر ہے کہ اسے کوئی جواب نہیں سوجھ رہا ۔ ایئر چیف مارشل کا تازہ بیان آیا ہے کہ 2 مئی کو ریڈار جام نہیں تھے،بند تھے، افغانستان کی طرف سے پاکستان کے شہری علاقوں کے لیے خطرات کا علم نہیں تھا۔ اس کے بعد انہوں نے بھی یہی دوہرایا کہ اب کے مار کے دیکھ ۔ بس یہی ہوتا رہے گا اور آپ اور ہم اس شرمناک ذلت پر اپنے آپ سے نظریں چراتے رہیں گے
غنیم وقت کے حملے کا مجھ پہ خوف رہتا ہے
میں کاغذ کے سپاہی کاٹ کر لشکر بناتا ہوں
جناب عرفان صدیقی صاحب لکھتے ہیں
ہاری ہوئی لشکر گاہ کی طرح ہمارے ہاں انتشار‘ افراتفری اور توتکار کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹی وی چینلز پر ٹاک شوز کی رونقیں دو چند ہوگئی ہیں۔ کوئی حکومت کے دفاع میں ہاتھ پاؤں ماررہا ہے۔ کوئی آئی ایس آئی اور فوج کا وکیل بن گیا ہے۔ کوئی دونوں پر تبریٰ بھیج رہا ہے۔ ایک کہتا ہے کہ حکومت کیا کرے‘ مشرف کے دور سے ”وارآن ٹیرر“ کی باگ ڈور فوج کے ہاتھ میں ہے جو اپنی ترجیحات خود بناتی اور خارجہ پالیسی کو من مانے سانچوں میں ڈھالتی ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ آئی ایس آئی اور فوج تو حکومت سے پوچھے بغیر سانس بھی نہیں لیتے‘ بس سر جھکا کر حکومتی تابعدار ی میں لگے رہتے ہیں‘ ان کا کیا قصور؟اس سارے تماشے سے ہٹ کر‘ ایبٹ آباد کا واقعہ پاکستانیوں کے دلوں میں دور اندر تک پیوست ہوگیا ہے اور لہو کی دھار تھمنے میں نہیں آرہی۔ ایک ہفتہ ہوچلا۔ ابھی تک پاکستانی قوم بلکہ ساری دنیا کے سامنے تصویر کاوہی رخ ہے جو امریکہ نے پیش کیا۔ ہم سب مجبور ہیں کہ امریکیوں کی بیان کردہ کہانی کو تمام تر تضادات سمیت من وعن تسلیم کرلیں۔ اس لئے کہ اس کہانی کو جھٹلانے والا کوئی نہیں۔ ایسا صرف پاکستان کے عسکری اور سیاسی ذمہ داران کرسکتے ہیں لیکن کم از کم امریکی داستان کے حوالے سے وہ مہر بہ لب ہیں۔ یوں لگتا ہے جیسے پاکستان کے اندر نظم و ضبط کے سانچے میں ڈھلا کوئی ریاستی ڈھانچہ سرے سے موجود ہی نہیں۔ ایک کٹا پھٹا ساگروہ ہے جس نے ”پانچ سال پورے کرنے ہیں“ کاپرچم تھام رکھا ہے۔ اقتدار کا گھوڑا تو ہے لیکن نہ کسی کے ہاتھ باگ پر ہیں نہ پاؤں رکاب میں۔ اس بے نیاز ٹولے کو اندازہ ہی نہیں کہ پاکستان اپنی سلامتی کے حوالے سے کس قدر سنگین صورت حال میں گھر گیا ہے۔ اس عالم میں بھی بے ثمر غیر ملکی دورے تھمنے میں نہیں آرہے۔ ایک آتا ہے تو دوسرا روانگی کے لئے تیار کھڑا ہوتا ہے۔
ایبٹ آباد واقعے کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری کا خوش آمدیدی بیان اگلے ہی دن معروف امریکی اخبار ”واشنگٹن پوسٹ“ کی زینت بن گیا۔ اس عجلت کی کیا ضرورت تھی‘ ایسے کسی بھی واقعہ پر باضابطہ سرکاری ردعمل کی ذمہ داری وزیر اعظم کی تھی جنہیں کابینہ‘ عسکری ذرائع اور دفتر خارجہ سے مشاورت کے بعد اپنا موقف پیش کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ہی وکی لیکس کا یہ انکشاف بھی سامنے آگیا کہ صدر زرداری نے امریکیوں کو اس نوع کے سرجیکل آپریشن کی اجازت دے رکھی تھی۔ اور پھر دفتر خارجہ کئی گھنٹوں کی گہری نیند سے جاگا تو یہ عجوبہٴ روز گار بیان تخلیق کیا کہ ”امریکہ نے یہ آپریشن اپنی طے شدہ پالیسی کے مطابق کیا ہے“۔ وزیراعظم گیلانی نے بھی طوطے کی طرح یہی جملہ دہرا دیا اور کسی سے نہ پوچھا کہ اس کا مفہوم کیا ہے؟ یہ بیان تو صدر اوباما‘ لیون پینٹا‘ اسٹیٹ آفس یا پینٹاگان کی طرف سے آنا چاہئے تھاکہ ”ایبٹ آبادآپریشن ہماری اعلان کردہ پالیسی کے عین مطابق تھا“۔ زخم خوردہ قوم تو یہ جاننے کے لئے بے تاب تھی کہ اگر کوئی ملک دن کے اجالے یا رات کی تاریکی میں‘ ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتا ہوا‘ تین گن شپ ہیلی کاپٹرز کے ساتھ ایک سو بیس کلو میٹر اندر تک گھس آئے‘ اُس کے چالیس کمانڈوز زمین پر اتریں‘ چالیس منٹ تک بہ صد اطمینان اپنی کارروائی مکمل کریں اور پھر ایک سو بیس کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے اپنی کمین گاہ میں واپس چلے جائیں تو پاکستان کی ”طے شدہ پالیسی“ کیا ہے؟ اس سوال کا جواب ابھی تک نہیں آیا۔ وزیراعظم نے قوم کے زخموں پر مٹھی بھر نمک چھڑکتے ہوئے فرمایا۔ ” یہ فتح عظیم ہے“۔ یہ جملہ کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں میں خنجر کی طرح ترازو ہوگیا۔
کور کمانڈرز کا اجلاس اور وقوعہ کے چار دن بعد آئی ایس پی آر کا جاری کردہ اعلامیہ بھی دلوں کو آسودگی نہیں دے سکا۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ عسکری قیادت کو عوام کی تشویش کا احساس نہ ہو جو غم و غصہ کی حدوں کو چھونے لگی ہے۔ میں جی ایچ کیو میں صحافیوں کو دی گئی عالی مرتبت بریفنگ کا حصہ نہیں تھا‘ لیکن دوستوں نے بتایا کہ پریشانی جرنیلوں کی پیشانیوں پر رقم تھی۔
کورکمانڈر اجلاس کی ٹی وی کوریج میں عسکری قیادت کی ”بدن بولی“ بھی شکستگی کا تاثر دے رہی تھی۔ شاید اس موقع پر اعلامیے کے لئے زیادہ بہتر ڈرافٹ تیار کیا جاسکتا تھا۔ کہا گیا ”آئندہ ایسا نہیں ہونے دیں گے“۔ سلامتی اور دفاع کے حساس معاملے میں نہ کوئی گزرا ہوا کل ہوتا ہے نہ کوئی ”آئندہ“۔ بس لمحہ موجود ہی ہوتا ہے اور ساری تاریخ اُسی ایک لمحے کی لوح پر لکھی جاتی ہے۔
رفتم کہ خار از پاکشم‘ محمل نہاں شداز نظر
یک لحظہ غافل گشتم و صد سالہ راہم دورشد
(لمحہ بھر کے لئے میں پاؤں سے کانٹا نکالنے کے لئے ایک طرف کو گیا اور محمل نگاہوں سے اوجھل ہوگیا۔ صرف ایک لمحے کی غفلت سے میں اپنی راہ سے بھٹک کر سینکڑوں سال کی مسافت کی دوری پر چلا گیا)۔اعلامیے میں کہاگیا کہ ”ہمارے ایٹمی اثاثے کوئی دفاعی نظام سے عاری سویلین احاطہ (UNDEFENDED COMPOUND) نہیں“۔ لیکن معاملہ محض ایک سویلین احاطے کا نہیں جہاں مبینہ طور پر شیخ اسامہ مقیم تھا۔ معاملہ تو پاکستان کے ایک شہر کا‘ چھاؤنی کی حدود میں واقع ایک گھر کا ہے جو ملٹری اکیڈمی سے ”پتھر پھینک“ فاصلے پہ ہے۔ دو سوچالیس کلومیٹر دو طرفہ فضائی فاصلے کا ہے جس میں تیرتے ہوئے گن شپ ہیلی کاپٹرز آئے اور گئے۔ کیا یہ سب کچھ ”غیر حفاظتی کمپاؤنڈ“ کے زمرے میں آتا ہے؟ اور کیا سویلین احاطوں کا تحفظ‘ مسلح افواج کی ذمہ داریوں سے خارج ہے؟ انٹیلی جنس کوتاہی کی تحقیقات بجا لیکن عوام کے لئے کہیں زیادہ پریشان کن سوال یہ ہے کہ پاکستان کا ایئر ڈیفنس سسٹم‘ پاکستان کی فضائیہ‘ پاکستان کی زمینی فوج اور دفاع وطن سے متعلق تما م کل پرزے کیوں غافل رہے کہ پاکستان پر حملہ ہوگیا ہے اور ایک غیر ملکی فوج دور اندر تک گھس آئی ہے؟ عوام کے شکست خوردہ اعتماد کی بحالی کے لئے اس بنیادی سوال کا جواب کون دے گا؟ کیا اس کی تحقیقات بھی ہوگی؟ اس کی ذمہ داری کا تعین بھی ہوگا؟۔
امریکی رعونت زہریلے شیش ناگ کی طرح پھن پھیلائے پھنکاررہی ہے۔ جس دن ”آئندہ“ والا عسکری اعلامیہ اخبارات میں آیا‘ اُسی دن شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل پر ایک اور ڈرون حملہ ہوا جس میں اٹھارہ افراد جاں بحق ہوگئے۔ لوگ نماز جمعہ کی تیاری کررہے تھے کہ ایک گاڑی اور ایک مکان پر مسلسل آٹھ میزائل داغے گئے۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے باضابطہ بیان جاری ہوچکا ہے کہ ضرورت پڑی تو آئندہ بھی ایسے حملے کئے جائیں گے۔ ذمہ دار امریکی عہدیداروں نے کہنا شروع کردیا ہے کہ ایمن الظواہری اور ملا محمد عمر بھی پاکستان ہی میں ہیں۔ اُدھر شیخ اسامہ کی زیر حراست بیگمات کے حوالے سے ایک نئی اطلاع یہ سامنے آئی ہے کہ 2005ء کے موسم سرما میں‘ بلال ٹاؤن ایبٹ آباد منتقل ہونے سے پہلے اسامہ اور دیگر افراد خانہ‘ ہری پور کے قریب ایک گاؤں چک شاہ محمد خان میں مقیم تھے۔ یہاں انہوں نے اڑھائی سال کا عرصہ گزارا۔ گویا اسامہ کم وبیش آٹھ برس سے ہری پور اور ایبٹ آباد میں رہائش پذیر تھا۔
ہم جو دس برس سے چیخ رہے ہیں کہ یہ بے ننگ و نام جنگ‘ پاکستان کے لئے سرطان بن جائے گی‘ وہ اب سچ ثابت ہورہا ہے۔ کل تک ہم ملزم تھے‘ مبینہ طور پر ایبٹ آباد میں اسامہ کی موجودگی (جس کی ہم تردید نہیں کررہے) کے بعد امریکہ نے ہمیں مجرم بناکر عالمی کٹہرے میں کھڑا کردیا ہے۔ ہم یہاں بیٹھ کر‘ ٹی وی ٹاک شوز میں جو جی چاہے کہتے اور دلائل کے طوطے مینا اڑاتے رہیں‘ حالات ٹھیک نہیں۔ بلاشبہ زرداری حکومت تمام تر خرابیوں کے باوجود پاکستانی حکومت ہے‘ بے شک آئی ایس آئی اور فوج‘ تمام تر لغزشوں اور کوتاہیوں کے باوجود ہمارے ادارے ہیں۔ لیکن اس وقت مسئلہ کسی ایک پر سارا ملبہ گرا دینے اور دوسرے کو معصوم قراردینے سے حل نہیں ہوگا۔ یہ بے چہرہ جنگ مشرف کا ترکہ ہے۔ جو صدر بھی تھا اور آرمی چیف بھی۔ سو قانون وراثت کے تحت صدر زرداری اور فوج دونوں نے اس ترکے سے حصہ پایا۔ دونوں نے واشنگٹن سے تعلقات کی استواری کے لئے ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر وفاداری اور خدمت شعاری کی کوششیں کی۔ نہ کسی لمحے صدر زرداری نے پاؤں میں پڑی بیڑیاں کاٹنے کی کوشش کی نہ فوج نے ہتھکڑیوں سے نجات کے لئے کسی سنجیدگی اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بھینس کے دودھ کی تقسیم پر توتکار کرتے رہے لیکن دونوں میں سے کسی نے کبھی غور نہ کیا کہ دودھ کے چند قطروں کے لئے ہمیں کیا کیا کچھ اس بھینس کی کھرلی میں ڈالنا پڑرہا ہے۔سانجھے دودھ کی طرح ذمہ داری بھی سانجھی ہے اور نجات کا راستہ بھی سانجھے عزم و عمل سے نکلے گا
رات جل اٹھتی ہے جب شدت ظلمت سے ندیم
لوگ اس وقفہء ماتم کو سحر کہتے ہیں۔
” زیر نظر سطور ہم نے پاکستان کی عسکری قیادت کی سوئی ہوئی غیرت کو جگانے کے لئے رقم کی ہیں “
مصباح صاحب ، سوئی ہوئی غیرت تو کبھی نہ کبھی جاگ اٹھے گی لیکن مری ہوئی غیرت کا کیا ہوگا ؟ اس کا تو محض جنازہ پڑھنا ہی باقی ہے ۔
بدقسمت ملک کا بد نصیب شہری !
مجھے تو وہ دس سالہ لڑکی نہیں بھولتی جس کے والدین وزیرستان کی حالیہ بمباری کے نشانہ بنے اور اور وہ تنہا اپنے سے بھی چھوٹے 3 بہن بھائیوں کو خوف وہراس کی فضا میں پال رہی ہے . ایک حالیہ ڈاکومینٹری کو دیکھتے ہوئے جانے کتنی بار میری آنکھیں ابل پڑی اور دل کتنی بار دکھ سے پاکستانی حکمرانوں اور فوجیوں کو بدعائیں دینے لگا ..وہ کس بےدردی سے امریکہ کی رچائی ہوئی جنگ میں اپنے بے گناہ بے قصور معصوم مسلمان بہن بھائیوں کو ختم کر رہے ہیں . وہ معصوم بچی جس سے ان لوگوں نے اس کا بچپن چھین لیا .. ہوس کی دنیا میں بے سر و سامان کر دیا .. نہ چھت رہی نہ آسرا .. وہ بچی صبح سویرے اٹھتی ہے .. دور کہی نہر سے پانی لے کر آتی ہے .. پھر نازک نازک ہاتھوں سے ٹہنیاں اکھتی کرتی ہے .. کچھ بیچتی ہے کچھ جلانے کو گھر لے آتی ہے .. پھر اپنے بہن بھائیوں کے لئے جو اسے آتا ہے بناتی ہے اور سب کو دلاسہ تسلی دیتے رو پڑتی ہے .. اسی طرح وہ سہمے ہوئے بچے ایک دوسرے سے لپٹ کر ٹوٹے گھر میں سو جاتے ہیں …
کیا یہ بچے میرے ملک ہیں .. کیا ہم واقعی پاکستانی مسلمان ہیں … مجھے شرم آتی ہے اپنی مجرمانہ خاموشی پر ..
مجھے ایسے فوجی جوان نہیں چاہئے جو میرے ملک کے بچوں کو نہ بچا سکیں ..
مجھے ایسے حکمران نہیں چاہئے جو میرے ہم وطنوں کو دو گھڑیاں سکون کی نہ دے سکیں ..
مصباح بھائی
احمد بھائی
مجھے تو یہی سمجھ نہیں آتا کہ انہیں چین کیسے آتا ہے انہیں نیند کیے آتی ہے .. وہ ڈاکومینٹری کیوں نہیں دیکھتے ..
میرے ابا جی کے دوست ” وارثی انکل ” ہم سب سے کہا کرتے تھے موت برحق کے ساتھ ” برق ” بھی ہے . کوئی اس سے بچ نہیں پایا ہے ..
دعائے ربی ہے کہ ایسے کمین فطرت بے ضمیر عوام فروش حکمرانوں ، فوجیوں اور عدلیہ آج اسی لمحے غارت کردے ..
جو ہمیں دکھ دے کر ..بے اماں کر کے ہمیں چند ڈالروں کے عوض بیچ کر جو عیاشیاں کر رہے ہیں انہیں برباد کر دے ..نیست و نابود کر دے ..
میرے وطن کے ہر بچے کو سایبان اور آسرا دے مالک ..
ان سے ان کے سارے دکھ دور کر دے .. ان کے ماں باپ ان کے سر پر تا حیات رکھنا مالک ..
آمین ثمہ امین
انگریزی کی ایک کہاوت ہے جو بار بار ستا رہی ہے ، آپ کی نذر کرتا ہوں :
CHAOS
……………..
for want of a NAIL , the SHOE was lost
for want of a SHOE , the HORSE was lost
for want of a HORSE , the RIDER was lost
for want of a RIDER , the BATTLE was lost
for want of a BATTLE , the KINGDOM was lost
ایسی قومیں جن کی کوئی منزل ہی نہ ہو !
آدھا ملک ہم پہلے ہی گنوا چکے ہیں ، کیا اب بھی منزل کا تعین کر لیا گیا ہے ؟
اسلام علیکم
ہم نے اپنی غیرت اور حمئیت کو ایسی افیم کہھلاکر سلایا ہے جس کا توڑ کب ملے گا پتہ نہیں ۔ہمیں اپنا درد کبھی نہیں تھا ۔ ہم ہمیشہ دوسروں کے ہمدرد رہے ہیں ، اب اس سے بڑھ کر کیا ثبوت ہے کہ ہم اور آپ جیسے لاکھوں درد مند لوگ ششدر ہیں کہ انتہاء کی بھی کوئ انتہاء ہے ۔ نہ ہماری سمجھ میں آرہا ہے کہ حکومت کہاں تھی کہاں ہے ؟ نہ ہماری سمجھ میں آرہا ہے کہ فوج کو کیا کہیں ؟ بیان ایسے ایسے آرہے ہیں کہ شرمندگی بھی شرمندہ ہے کی کیا کہوں ۔
جب تک ہم کاسہ نہیں توڑینگے یہ دکھ کم نہیں ہونگے ، اللہ کی مدد انہیں ہی ملتی ہے جو اس کی دی ہوئی نعمتوں سے فائدہ ا ٹھاتے ہیں کاسہ لے کر دردر نہیں پھرتے ۔
ہماری ایک خاتون وزیر کہتی ہیں کہ ہمارے زخموں پر نمک نہ چھڑکو ،ہم حیران ہیں ، بات ان کی صحیح لگتی ہے کہ یہ کام تو ان کا ہے ہمارے زخموں پر نمک چھڑکنے کا جو وہ بلا جھجک چھڑکتی ہیں ،کہتی ہین نہ فوج کو کچھ کہو نہ اداروں کو کچھ کہو بس جو کہنا ہے خود کو کہو کہ ہم تمہارے ووٹوں سے ہی آئے ہیں ،اب اس کا خمیازہ کب تک بھگتنا ہے نہ آپ جا نتے ہیں نہ ہم ۔
بس دعا ہے کہ اللہ ہمارے حال پر کرم کرے ۔ہمارے ملک کو بچائے رکھے ۔میرے جوانوں کے حوصلے بلند رکھے ،نئی نسل کی حفاظت فرمائے ۔ آ مین
عالم آرا
باجی آپ کے اٹھائے ہوئے سوالات’’کیا ہم واقعی پاکستانی مسلمان ہیں … مجھے شرم آتی ہے اپنی مجرمانہ خاموشی پر ..
مجھے ایسے فوجی جوان نہیں چاہئے جو میرے ملک کے بچوں کو نہ بچا سکیں ..مجھے ایسے حکمران نہیں چاہئے جو میرے ہم وطنوں کو دو گھڑیاں سکون کی نہ دے سکیں ..
مصباح بھائی،احمد بھائی
مجھے تو یہی سمجھ نہیں آتا کہ انہیں چین کیسے آتا ہے انہیں نیند کیے آتی ہے .. وہ ڈاکومینٹری کیوں نہیں دیکھتے ..‘‘
کا ہمارے پاس اس کے سوا کوئی جواب نہیں کہ
اِنَّ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا سَوَآ ءٌ عَلَیۡہِمْ ءَاَنۡذَرْتَہُمْ اَمْ لَمْ تُنۡذِرْہُمْ لَا یُؤْمِنُوۡنَ ﴿۶﴾ خَتَمَ اللہُ عَلٰی قُلُوبِہِمْ وَعَلٰی سَمْعِہِمۡ وَعَلٰۤی اَبْصَارِہِمْ غِشَاوَۃٌ ۫ وَّلَہُمۡ عَذَابٌ عَظِیۡمٌ ’’
بیشک وہ جن کی قسمت میں کفر ہے (ف۱۰) انہیں برابر ہے چاہے تم انہیں ڈراؤیا نہ ڈراؤ وہ ایمان لانے کے نہیں،اللّٰہ نے ان کے دلوں پر اور کانوں پر مہر کردی اور ان کی آنکھوں پر گھٹاٹوپ ہے (ف۱۱) اور ان کے لئے بڑا عذاب ہے‘‘
یہ صرف کاغذ کے شیر ہیں جو بیانات کی بڑکیں مار کر میدان کے غازی بنتے ہیں ان کا تازہ ترین واردات دیکھئے
صدر‘ وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکہ کو رسمی طور پر یہ پیغام دیا جائے گا کہ مستقبل میں کسی بھی یکطرفہ فوجی آپریشن پرسخت ردعمل ہوگا‘
اجلاس میں پاکستان پر امریکی الزام تراشی کا بھی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان پر عدم اعتماد کے بارے میں احتجاج کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کے اندر جماعتوں کو ایبٹ آباد کے آپریشن کے بارے میں اعتماد میں لیں گے اس
حوالے سے پالیسی بیان دیں گے دونوں ممالک کے درمیان اس ماہ میں جو سٹریٹجک مذاکرات ہوئے ہیں ان سے پہلے امریکہ کو پاکستانی قوم کے جذبات سے آگاہ کیا جائے گا اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عسکری قیادت سیاسی قیادت کو ساری صورت حال پر اعتماد میں لینے کے لئے تیار ہے۔
آئی این پی کے مطابق ”ٹرائیکا“ کے اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے واضح اور دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت اور خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا، پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف کسی بھی ملک سے کہیں زیادہ قیمت چکائی ہے، پاکستان کے خلاف الزام تراشیوں کی مذموم مہم بند ہونی چاہئے،پاکستان کے بارے میں شکوک و شبہات افسوسناک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے امریکہ کی طرف سے دہشتگردی کےخلاف جنگ میں حلیف ہونے کے باوجود پاکستان کو اس کارروائی سے لا علم رکھنے پر سخت افسوس کا اظہار کیا حالانکہ اسے اسامہ بن لادن تک پہنچنے میں تمام معلومات آئی ایس آئی نے بھی فراہم کی تھیں۔
پاکستان پر امریکی میڈیا اور امریکی سینیٹ اور کانگریس کے بعض حلقوں کی طرف سے کی جانے والی الزام تراشیوں پر بھی سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ امریکہ کو آج تک دہشتگردی کےخلاف جتنی بھی کامیابیاں ملی ہیں سب پاکستان کی مرہون منت ہیں۔
پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف 30 ہزار سے زیادہ شہریوں اور 5 ہزار سے زائد فوجی جوانوں کی قربانی دی ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہے، الزام تراشیاں کرنا انتہائی افسوسناک امر ہے۔
پاکستان کھل کر ردعمل ظاہر کرے گا۔
ٹرائیکا کی اس ملاقات کے بعد ایوان صدر سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں ایبٹ آباد کے واقعہ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ ایوان صدر کے ترجمان نے تین سطری روایتی اعلامیہ جاری کیا۔
اس اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدارتی ترجمان کے مختصر بیان کے مطابق تینوں شخصیات نے موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے غیر ملکی دورے پر بھی بریفنگ دی۔ جبکہ تینوں شخصیات کی یہ میٹنگ دو گھنٹے سے زائد دیر جاری رہی۔
صدر ، وزیر اعظم اور آرمی چیف نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ امریکہ نے پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی کی اور یک طرفہ آپریشن کرکے پاکستان پر عدم اعتماد کیا گیا۔ عسکری و سول قیادت کا موقف تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی نیت اور کردار پر کوئی شک نہ کیا جائے،کسی بھی ہمسائیہ ملک کی طرف سے اگر اس طرح کا کوئی اقدام کیا گیا تو اسکا بھر عوام کی اُمنگوں کے مطابق پاکستان کے قومی مفاد کا تحفظ کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے فرمایا کہ ملک کے عوام کے احساسات کے مطابق پاکستان کے بالادست قومی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔
دیکھا آپ نے عملی اقدامات سے عاری کاغذی بیانات ہم ان سے کیا توقع رکھیں ؟
بالکل سچ کہا اور جنرل صاحب نے بات مانی بھی یہ ہی ہے
انہوں نے چوہدری شجاعت اور شجاعت سے بھرپور الطاف بھائی کو وزارتیں دے کر نئی داستانیں رقم کیں ہیں
اور ہمارے ریڈار اس لیے بند تھے کہ لوڈ شیڈنگ تھی
اور ہمارے جہاز اس لیے نہیں اڑے کہ پٹرول نہیں تھا
مجھے نور جہاں کے داماد کا یہ گیت بڑا یاد آ رہا ہے جنرل صاحب
ہر گھڑی تیار کامران ہیں ہم ، پاکستانی فوج کے جوان ہیں ہم
اپنے ملک و قوم کے نگہبان ہیں ہم ، پاکستانی فوج کے جوان ہیں ہم
جو بات سچ ہے وہ اشارے کنایوں میں بیان نہیں ہوتی مجھ سے ÷ ÷ ÷ ÷
اسلام علیکم
جیسا کہ ترازی بھائ نے لکھا ؛
پاکستان نے دہشتگردی کےخلاف 30 ہزار سے زیادہ شہریوں اور 5 ہزار سے زائد فوجی جوانوں کی قربانی دی ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہے، الزام تراشیاں کرنا انتہائی افسوسناک امر ہے۔
پاکستان کھل کر ردعمل ظاہر کرے گا۔
ٹرائیکا کی اس ملاقات کے بعد ایوان صدر سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں ایبٹ آباد کے واقعہ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔ ایوان صدر کے ترجمان نے تین سطری روایتی اعلامیہ جاری کیا۔
اس اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدارتی ترجمان کے مختصر بیان کے مطابق تینوں شخصیات نے موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے غیر ملکی دورے پر بھی بریفنگ دی۔ جبکہ تینوں شخصیات کی یہ میٹنگ دو گھنٹے سے زائد دیر جاری رہی۔
بس ان سے یہ ہی توقع رکھی جا سکتی ہے میرے بھائ اگر یہ کچھ کر سکتے تو آج ہمیں یہ رسوائی نہ اثھانی پڑتی ۔
خبر ہے کہ امریکہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسامہ کی موجودگی کا علم نہیں تھا ، اب آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا ۔ ؟
اللہ میرے ملک کا نگہبان ہو ۔
عالم آرا
اسّلام علیکم ،ساتھیوں ،
یقین جانئے ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے بدن سے لہو نچوڑلیا گیا ہے ،امّید کی کرنیں بھی معدوم ہو گئیں ہیں ،
کس کو معلوم کہ آنے کل میں ،بلکل اسی طرح ، جس طرح ہسپانیہ کو اس کے مسلمان بادشاہ نے عیسائ بادشاہت کے حوالے کیا تھا سی طرح کسی صبح ہم کو بھی اخبارات سے پتا چلے گا کہ پاکستان کے سار ے فوجی اور سیاسی بادشاہپاکستان کو امریکہ کے حوالے کر کے لندن یں پناہ گزین ہو گئے ہیں ،
خدا کرے میرے دکھی دل کا یہ خیال غلط نکلے ،
السلام علیکم
میرا خیال ہے کہ ہمارے عوام حکومت اور فوج کو دوست اور دشمن کی پہچان نہیں تھی. ہماری قیادت چلا چلا کر دہشت گردی کی جنگ میں ساجھے داری کی دعوے کرتی تھی. اُسامہ والے ڈرامے نے امریکہ کو ہمارے دوستوں کی صف سے نکال کر دشمنوں میں کھڑا کر دیا ہے. اب شاید ساری قوم کا یہی نعرہ ہو گا
امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے
ہمیں اپنی ترجیحات کو از سرِ نو طے کرنا ہو گا. عسکری قیادت ک غلطی صرف یہ ہے کہ اُس نے سمجھا کہ ہمیں افغانستان کی جانب سے کوئی خطرہ نہیں اس لئے ریڈار سو رہے تھے. حالانکہ برِ صغیر کی تاریخ گواہ ہے کہ یہاں حملہ آور ہمیشہ اسی جانب سے آئے.
اب تو معلوم ہو گیا کہ ہمیں چوکس رہنے کی ضرورت ہے. دیکھئے ہمارے وزیرِ اعظم کیا فرماتے ہیں؟
والسلام
زرقا
جب ہم امریکہ سے بھیک مانگ رہے ہیں، امریکہ کا نمک کھارہے ہیں، امریکہ سے ہتھیار لے رہے ہیں، امریکہ ہمیں آکسیجن دے رہا ہے، ہم امریکہ کے مقروض ہیں تو ہم امریکہ کو کیسے آنکھیں دکھا سکتے ہیں۔ امریکہ کی بلِی امریکہ سے کیسے میاؤں کرسکتی ہے۔ جبتک ہم علم کے میدان میں مغرب کا مقابلہ نہیں کریں گے اُسوقت تک ہم غلام ابنِ غلام بنے رہیں گے۔
خدا وند عالم جبّار قہّا ر ہمارے حا کموں کے گھروں کو اور انکے ظلم میں شریک تمام حواریوں کے گھروں کو انکے مال و متاع سمیت اسی طرح ویران اور برباد کردے جس طرح سے وہ کھلے بندوں بے وزیرستان کے بے گناہ مسلمانوں کے گھر ویران کر رہے ہیں ،اور اپنے ہی فوجیوں کے خون ناحق سے ہاتھ رنگ رہے ہیں
پاڑہ چنار ہو یا ڈی آئ خان ہو یا مزارات ہوں ، ہر، ہر جگہ کے لئے ہمارے ہی غدّار اور ننگ وطن حاکموں نے صرف ڈالر کی بھیک کے خزانے اپنے خزانوں کو بھرنے کے لئے کھلے عام پاکستان کے بے گناہو ن کے خون کو ارزاں کر دیا ہے ،
جتنے چاہو،،،جیسے چاہو مار لو ڈالر کی بھیک بند نہیں کرنا عورتوں کو اٹھا لو بلکہ ہم خود دے دیں گے
یہ ہیں ہمارے آقا ،زردار، گیلانی ،کیانی ،شر یفا ن وطن ،اور ان کے سرپرست مشرّف دجّال اور ضیا ءالحق آل سعود کی پیداوار
ظفر بھائی کی بات سے میں سو فیصد متفق ہوں ..جبھی تو انگریزوں نے سب سے پہلے اسکول بمباری سے اڑائے تھے …اور بچے کھچے اسکولوں کو رفیوج کیمپ میں بدل دیا گیا اور بےچارے بچے علم سے دور ہوئے اور جو جوان بمباری میں نہیں مرے انہیں مہنگائی اور غربت نے مار دیا … ہمیں مغرب کا مقابلہ کرنے کے لئے علم حاصل کرنا ہوگا .. ٹیکنولوجی پر عبور حاصل کرنا ہوگا .. نہ کہ صرف موبائل کی خریدوفروخت پر ..
نگھت بہن
جب 1799 میں انگریزوں نے ٹیپو سلطان کو شہید کیا اُسوقت انڈیا میں شرح خواندگی 94 فیصد تھی یعنی 94 فیصد لوگ لکھ پڑھ سکتے تھے۔ جب 1947 میں انگریزوں نے برِ صغیر چھوڑا اُسوقت شرح خواندگی صرف 13 فیصد تھی۔
آسٹریلیا بھی امریکہ کا الائ ہے۔ آسٹریلیا کی سیکیورٹی امریکہ کے ہاتھ میں ہے۔ جاپان مغربی یورپ اور کینیڈا کی سیکیورٹی بھی امریکہ کے ہاتھ میں ہے۔ فرق یہ ہے کہ ان ممالک کو عوام کا اعتماد حاصل ہے۔
یہ تو ہمارے ہی اس وقت کے مذہبی رہنما تھے ناں جنہوں نے فتوٰے جاری کئے کہ انگریز کی نوکری حرام ہے ،انگریزی پڑھنا حرام ہے ۔کہیں یہ اس وقت کے زردار تو نہیں تھے جنہوں نے اسوقت کی دولت کے خزانے لے کر قوم کی بربادی کے معاہدے طے کئے اگر دیکھا جائے تواس وقت ساری دنیا کا مانا ہوا اصول ہے کہ ریاست میں کچھ بھی ہو رہا ہو تعلیم پر آنچ نا آنے دی جائے ،
کیونکہ علم کا ہتھیار ہی ایک ایسی دولت اور نعمت ہے جس کے زریعے ساری دنیا کو تسخیر کیا جا سکتا ہے
ہم نے علم کا دامن چھوڑا تو بد قسمتی ہماری ہم رکاب ہو گئ ،اور در در کی زلّتیں ہم مسلّط ہو گئیں ،تعلیم جسے اللہ تعالٰی نے فرض قرار دیا عورت کے لیے اس کو جرم بنا کر کہا گیا کہ اسے لکھنا نہیں آنا چاہئے ورنہ یہ اپنے آشنا کو خط لکھے گی ،
یہ کون سے نقاب پوش ہیں جو دین کے نا م پر ہما رے قومی وجود میں جگہ بنا کر ہم کو پارہ پارہ کرتے ہیں زرا سا سوچنے کا مقام ہے ،آج اسکولوں کو آگ لگا کر بھی اسی پالیسی کا تسلسل جاری ہے بس پالیسی بدل کر اتنی ہو گئ ہے کہ یہ نہیں کہا جا رہا ہے کہ آشنا کو خط لکھے گی بلکہ اسکولوں کو تباہ کر کے پیغام دیا جارہا ہے ادھر مت آنا ورنہ تمھاری بھی خیر نہیں ہے