اللہ کا بندہ یا جی ایم سید کا بندہ

کل رات ھمارے ساتھ ایک عجیب واقعہ ہوا ۔ ھم آجکل آفس سے دیر سے گھر آتے ہیں یعنی رات کو ۹ اور ۱۰ بجے کے درمیان۔ کل بھی ھم ۹بجے کے بعد گھر پہنچے اور آتے ہی غسل سے فارغ ہو کر نماز پڑھنے لگے ابھی اھم محوِ عبادت ہی تھے کہ کچھ خوف زدہ آوازیں قوتِ سماعت سے ٹکرایئں ھم نے جلدی سے دفترِمناجات سمیٹا اور کمرے سے باہر آئے تو عجیب منظر تھا سب گھر کی خواتین (ھماری بیگم ، بہن اور دونوں بھابیاں پریشان حال ایک جگہ جمع تھیں اور بچے الگ خوفزدہ تھے کسی کی آواز نہیں ننکل رہی تھی مختصر احوال یہ کہ دروازے پر ہونے والی دستک پر پوچھا گیا کہ کون ہے تو باہر سے جواب آیا دروازہ کھولو، ھماری بیگم اس معماملے میں کافی ہوشیار ثابت ہوئی ہیں انہوں نے دروازہ نہیں کھولا اتنے میں ھمارے بڑے بھائی صاحب بھی اوہر والی منزل سے آگئے انہوں نے جب آواز لگائی تو باہر سے کہا گیا دروازہ کھول ابھی تجھے گراتا ہوں بڑے بھائی نے کہا ٹھیہر ابھی آتا ہوں جب تک وہ باہر نکلے وہ بندہ مین دروازہ کی طرف بھاگا ھم اور اقبال بھائی (پڑے بھائی صاحب) بھی اس کے پیچھے دوڑے جب میں گیٹ پر آئے تو گارڈ نے کہا کہ کچھ پاگل لگ رہا تھا اور کہہ رہا تھا کہ میں جی ایم سید کا آدمی ہوں تو ھم نے (گارڈ نے) اس کو بھگا دیا ، ھم نے ان کو بتایا کہ وہ بندہ ھمارے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور جب دروازہ نہیں کھولا تو گھر والوں کو تڑیاں دے کر آیا ہے ، خیر کچھ ہی دوری کے فاصلے پر ھم نے اور محلے کے کچھ بندوں نے اس کو پکڑ لیا(حلیے سے وہ غریب لگ رہا تھا مگر باتیں پورے ہوش و ہواس میں کر رہا تھا اس سے پوچھا کہ تو کون ہے؟ مسلمان ہے؟ تو اس نے کہا کہ ہاں مگر نام نہیں بتایا مگر جب اس کی کچھ ٹھکائی ہو گئی تو کہنے لگا کہ مچھے مت مارو میں شریف آدمی ہوں، کافی پوچھ تاج کے بعد وہ اگلا کہ وہ ہندو ہے اور ہائی وے کو پاس کچی آبادی (جہاں سب ہندورہتے ہیں) میں رہتا ہے اور اصل میں جی ایم سید کا کوئی آفس تلاش کر رہا ہے جب ھم نے پوچھا کہ وہ ایسا کیوں کر رہا ہے تو اس نے کہا کہ میں جی ایم سید کا بندہ بننا چاھتا ہوں کیوں کہ جی ایم سید کے بندے کسی کی نہیں سنتے نہ حکومت سے ڈرتے ہیں نہ پولیس اور فوج سے اپنی ہی حکومت بناتے ہیں اور خوب عیش کرتے ہیں، اس بات پر اقبال بھائی نے اس کو دو ہاتھ اور رسید کئے اور پھر پوجھا کہ اللہ کا بندہ بننا چاہتا ہے یا جی ایم سید کا مزید مار کے خوف سے اس نے کہا کہ مجھے چھوڑ دو میں اللہ کا شریف بندہ بننا چاہتا ہوں بالآخر اس کو دو لڑکوں کے ھمراہ اس کے گوٹھ کی ظرف روانہ کیا اور تنبیح کی کہ آئندہ ادھر نہ نظر آنا۔
میں آج ابھی تک یہ سوچ رہا ہوں کہ لوگ غربت سے تنگ آکر کیا کچھ نہیں کرنے کو تیار ہو جاتے اس بے حال شخص نے بھی یہ ہی سوچا ہو گا کہ ایسا کام کرو کہ یا تو بدماشی سے کچھ ہاتھ لگ جائے یا پھر لوگ خود اس کو پولس کے حوالے کردیں کہ وہاں سے پھر پکا بدماش ہو کر نکلے؟؟؟؟؟؟؟؟؟

14 thoughts on “اللہ کا بندہ یا جی ایم سید کا بندہ”

  1. بالکل صحیح کہا آپ نے ، ایسا ہی ہو رہا ہے ، یہاں کوئی بھی اللہ کا بندہ نہیں بننا چاہتا ، کوئی الطاف کا بندہ ہے تو کوئی جی ایم سید کا ، کوئی اے این پی کا ہے تو کوئی پی پی کا کوئی ن لیگ کا ہے کوئی بگارا لیگ کا . .. .

    اور یہ بےچارے پیٹ کی خاطر سب کچھ کر گزرتے ہیں ، اور سر پر اپنے آقا کا ہاتھ سمجھتے ہیں ، مگر یہ ہی آقا جب ضرورت سمجھتے ہیں تو انہیں شہید کروا کر انکی لاش پر سیاست چمکاتے ہیں ، وہ ساحر لدھیانوی نے کیا خوب کہا تھا

    صدیوں سے رہا ہے یہ شیوہ سیاست
    جب جواں ہو بچے تو ہو جائیں قتل

    مگر کیا کریں ، پاپی پیٹ کا سوال ہے ، اور آکاس بیلیں ایسے ہی پھلتی پھولتیں ہیں ، مگر نہ تو آکاس بیل کو احساس ہوتا ہے کہ وہ درخت کو کھا رہی ہے ، اور نہ درخت کو کہ یہ بیل جو مجھ سے لپٹی ہے وہ مجھے ہی چوس رہی ہے . . .. .

  2. السلام علیکم
    نبی آخر الزمان ، مخبر برحق ، الصادق و المصدوق صلی اللہ علیہ و سلم کا فرمان عالیشان ہے کہ ( ’’ کاد الفقر ان یکون کفرا‘‘ او کما قال علیہ السلام ) فقر کفر تک پہنچانے کا سبب بن سکتا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ و سلم اپنی دعاؤں میں جس طرح کفر اور عذاب قبر سے پناہ مانگا کرتے تھے اسی طرح فقر سے بھی پناہ مانگتے تھے اور ہمیں بھی یہی دعائیں سکھا کر گئے ہیں۔
    اس سے یہ عیاں ہو جاتا ہے کہ فقر، غربت واقعی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ الا من رحم ربی
    غربت کے ہاتھوں مجبور انسان بہت کچھ کرنے پر تیار ہو جاتا ہے ایسے کام بھی جن کو عام حالات میں کرنے کا وہ سوچ بھی نہیں سکتا۔
    اسی غربت اور فقر کے منفی نتائج سے بچنے کے لیے اسلام نے زکوٰۃ و صدقات کا ایک پورا نظام بنایا ہے، اور تاریخ گواہ ہے کہ جب یہ نظام اپنی حقیقی روح کے ساتھ نافذ تھا تو دینے والے آوازیں لگاتے تھے اور لینے والا کوئی نہ تھا۔
    اس کے ساتھ ساتھ اسلام نے تجارت کے ایسے زریں اصول بتائے ہیں کہ ارتکاز دولت کا امکان ختم ہو جائے۔ اور آج ہم نے ان اصولوں سے صرف نظر کر کے سرمایا دارانہ نظام کو اپنایا ہوا ہے اور جدید بنکنگ کے ذریعے سود در سود کی لعنت میں ملوث ہو کر ساری دولت چند ہاتھوں اور چند خاندانوں کے لیے محفوظ کر دی ہے۔
    سود کی وجہ سے جہاں مالی طور پر معاشرے عدم توازن کا شکار ہوتے ہیں وہیں اس سود کے استعمال سے کچھ اخلاقی اور اندرونی برائیاں بھی جنم لیتی ہیں، انسان میں لالچ اور ہوس بڑھتی ہے، اپنے حق سے زیادہ لینے اور غریبوں کا حق چھین لینے کی طرف رغبت پیدا ہوتی ہے، انسانی ہمدردی اور مروت کے جذبات ناپید ہو جاتے ہیں۔۔
    اور یہ سب کچھ آج ہم اپنی آنکھوں سے اپنے ارد گرد دیکھ رہے ہیں۔

    اس غربت کا شکار پھر وہ بھی کرتے ہیں جس کا ذکر ہمارے محترم جعفر حسین صاحب نے کیا ہے۔
    انسان جب دیکھتا ہے کہ شرافت کی زندگی میں تو یہاں جینا ہی دو بھر ہو چلا ہے، اور جو چھینا چھپٹی اور مار ماری کر رہے ہیں وہ پر تعیش زندگی گزار رہے ہیں تو انسان اسی راہ پر چلنے میں ہی عافیت سمجھتا ہے۔۔۔ اور پھر کبھی جئے سندھ اور کبھی ایم کیو ایم اور کبھی کسی اور لیگ میں شمولیت کی کوشش کرتا ہے۔
    یاد رہے غربت کے ہاتھوں تنگ آ کر جو لوگ اس طرح کے گروہ میں شمولیت اختیار کرتے ہیں وہ معاشرے کے لیے بہت زیادہ نقصان دہ ہوتے ہیں۔ تھوڑے وقت میں بہت کچھ پانے کے لیے وہ کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں۔ کسی کی جان لینا، کسی کی عزت سے کھیلنا ان کے لیے معمول کا کھیل بن جاتا ہے۔۔

    اور ہماری سب سے بڑی بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں ہر طرف جئے سندھ، ایم کیو ایم، پی پی، اور مختلف لیگز ہی ایک عرصہ سے برسر اقتدار ہیں اور لوگ انہی سے انسپائریشن لے رہے ہیں اور ویسا ہی بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    جب یہی سب کچھ زندگی کا مقصد بن جائے تو پھر اللہ کسے یاد رہتا ہے۔ پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے انسان کسی کا بھی بندہ بن جاتا ہے۔

    المیہ یہ ہے کہ ان ناگفتہ بہ حالات کے باوجود اصلاح احوال کی فکر کسی کو نہیں ، انفرادی طور پر یقینا کچھ افراد مصروف عمل ہوں گے لیکن اصل ذمہ داری تو ریاست کی ہے۔ اگر اربوں روپے کی زکوٰۃ اور کھربوں کے ٹیکس اور دیگر محصولات کے باوجود بھی ایک شہری اس حالت میں ہے ایسی حکومت کو برسر اقتدار رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ۔۔۔۔۔۔۔ لیکن یہاں کی سیاست میں شاید بہت سے لوگ ’‘’اخلاق‘‘ کے لفظ سے بھی نا آشنا ہوں۔

  3. اس موقع پر کچھ پوچھنے کی جسارت کروں گا

    اس شخص کے ساتھ کیا گیا سلوک مثبت ہے یا منفی ۔؟؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اس کے کیا نتائج متوقع ہیں ؟؟ ۔۔
    اس طرح کے افراد کے ساتھ معاملہ کرنے کا مثالی طریقہ کیا ہونا چاہیے؟؟

    اگر ہم ان سوالوں پر کھلے ذہن سے غور کریں تو شاید کسی مثبت رویے اور رد عمل کی طرف نشاندہی ہو جائے جو ہمیں ہماری زندگی میں کام آ سکے۔

    شکریہ
    و السلام
    راجہ اکرام

  4. کہتے ہیں فقر کفر لاتا ہے ،اللہ کی پناہ مانگنی چاہئے کہ انسان اپنی احتیاجات سے اتنا بھی مجبور ہوجائے

  5. پیٹ نے تو مدرسے بھرے ہیں ۔۔پیٹ نے دہشت گردی کو فروغ دیا ہے ۔ یہ پیٹ ہی جس کو پالنے کے لئے انسان دوسرے انسان کی جیب بھی کاٹ دیتا ہے اور گلہ بھی ۔ یہ پیٹ سے پیار ہی ہے کہ انسان اپنی اولاد بیچنے پر مجبور ہوجاتا ہے ۔ ھضرت آدم نے جب پیٹ کے لئے گندم کے دانے کو جا پنگا لیا تھا تو باقی انسان کس کھاتے میں ہیں ۔۔ جب پہلا انسان جو خدا کے اتنا قریب تھا وہ پیٹ کے لئے اس کی بندگی سے بے وفائی کر گیا توآج کا انسان تو خدا سے بہت صدیاں دور نکل آیا ہے ۔۔ وہ اگر خدا کا بندہ نہیں بنتا تو یقین رکھئے وہ کسی جی ایم سید یا الطاف یا نوا کا بندہ بھی نہیں ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وہ بندہ ہے صرف پیٹ کا ۔

  6. سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایسا کیا جائے کہ ہماری کوششیں صدقہ جاریہ بن جائیں اور کسی کو فقر اور فاقے سے بچا لیں … چلئے اس نہج پر سوچتے ہیں

  7. میں تو آپی سوچنے کو تیار ہوں ۔۔۔۔۔۔۔لوگ سوچ پر بھی شک کرتے ہین ۔ ایسے میں کوئی نیک کام کرنے کا سوچے بھی تو کفر ۔

  8. راجہ اکرام آپ نے بالکل درست فرمایا کہ انسان جب دیکھتا ہے کہ شرافت کی زندگی میں تو یہاں جینا ہی دو بھر ہو چلا ہے، اور جو چھینا چھپٹی اور مار ماری کر رہے ہیں وہ پر تعیش زندگی گزار رہے ہیں تو انسان اسی راہ پر چلنے میں ہی عافیت سمجھتا ہے۔۔۔ اور پھر کبھی جئے سندھ اور کبھی ایم کیو ایم اور کبھی کسی اور لیگ میں شمولیت کی کوشش کرتا ہے
    آپ نے سوال اچھے کیے ہیں
    اس شخص کے ساتھ کیا گیا سلوک مثبت ہے یا منفی ۔؟؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اس کے کیا نتائج متوقع ہیں ؟؟ ۔۔
    اس طرح کے افراد کے ساتھ معاملہ کرنے کا مثالی طریقہ کیا ہونا چاہیے؟؟
    پہلی بات تو یہ ہے کہ اگر معلوم ہو جائے کہ یہ غریب آدمی ہے اور اس کی مدد کرنی چاہیے تو ہر بندہ ایسا کر سکتا ہے
    دوسری بات یہ کہ گھر پر آکر اگر کوئی بھی شخص کوئی منفی رویہ اختیار کرتا ہے تو اس کے ساتھ مثبت رویہ کرنا مشکل امر ہوتا ہے
    جاری ہے ۔۔۔

  9. زائرہ بجو سلام
    آپ نے فرمایا ہے کہ ”کہتے ہیں فقر کفر لاتا ہے ،اللہ کی پناہ مانگنی چاہئے کہ انسان اپنی احتیاجات سے اتنا بھی مجبور ہوجائے“
    معذرت کے ساتھ عرض کریں گے کہ ھم کو اس بات سے اختلاف ہے فقر اگر کفر لانے کی علامت ہوتا تو آج کسی اولیأ اللہ اور ولی اور ولیوں کے قربتداروں کا کوئی وجود نہ ہوتا فقر قناعت پسند بھی تو بنا سکتا ہے اگر انسان میں خودی زندہ ہو تو ؟؟؟
    ———————————————————
    روبینہ جی پیٹ تو واقعی مدرسے بھرے ہیں ، پیٹ ہی نے دہشت گردی کو فروغ دیا ہے پیٹ ہی بھائی کو بھائی کا دشمن بنایا ہے اور جیسے خالی ذہن شیطان کا گھر ہوتا ہے اسی طرح خالی پیٹ بھی شیطان کی آماج گاہ بن جاتا ہے اور شیطان بندے سے ہر کام کرواسکتا ہے
    رہ گئی بات حضرت آدم علیہ السلام کی تو اس کے لیے ایک الگ بلاگ چاہیئے بحث کے لیے یہ واقعہ قرآن میں موجود ہے مجھے آپ کی اس پات سے اتفاق نہیں کہ” جب پہلا انسان جو خدا کے اتنا قریب تھا وہ پیٹ کے لئے اس کی بندگی سے بے وفائی کر گیا“
    جنابِ آدم نے پیٹ کی خاطر گندم نہیں کھایا تھا اس کے کچھ اور اسباب تھے۔
    البتہ آپ کی یہ بات بالکل درست ہے کہ ”وہ اگر خدا کا بندہ نہیں بنتا تو یقین رکھئے وہ کسی جی ایم سید یا الطاف یا نواز کا بندہ بھی نہیں ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وہ بندہ ہے صرف پیٹ کا “۔
    ———————————————————–
    آپی آپ نے پوچھا ہے کہ ”سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایسا کیا جائے کہ ہماری کوششیں صدقہ جاریہ بن جائیں اور کسی کو فقر اور فاقے سے بچا لیں … چلئے اس نہج پر سوچتے ہیں
    سوچنے پر پابندی نہیں ہے مگر عمل پے باندیاں ہیں آپ پوچھیں گی کہ کس طرح چلیں ھم بتاتے ہیں
    ۱- ھمارے ملک میں بھوک ، افلاس غربت اتنی بڑھ گئی ہے کہ آپ کوئی نیکی کرنا بھی چاہیں تو نہیں کرسکتیں پاکستان میں 2008 میں مجموعی آبادی کا 17.2 فیصد حصہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہا تھا ، 2010 میں یہ بڑھ کر 22.8 فیصد ہو گیا ایسی صورت میں ھم کیا سوچ سکتے ہیں کسی کی مدد کرنا۔
    ۲- ھمارے ملک میں بہروپیے بہت ہیں جس کے پاس پیسہ ہے وہی سب سے زیادہ بھوکا نظر آتا ہے وہ گدھ کی طرح سے مردار بھی نہیں چھوڑتا ھمارے پاس مثالیں بہت ہیں پر ابھی اختصار ملحوظِ خاطر ہے
    ۳- اگر کسی فقیر (بھکاری ) کو مثال بنا لیں (ھم کراچی کی بات کر رہے ہیں ) کراچی کی مشہور شاہراہ آئی آئی چندریگر روڈ پر کئی مقام پر یہ بھکاری بیٹھتے ہیں اس روڈ پر دن میں (صرف صبح اور شام ) اوسطاً 40 سے 50 ہزار افرا د گزرتے ہیں اگر 50 فیصد لوگ بھی خیرات دیں اور ایک روپیہ بھی لگائیں تو ایک بھکاری کی روزانہ کی آمدنی 20 ہزار سے زائد ہی ہوتی ہے
    ایسی صورت میں یہ بھکاری کہاں رہے مگر دوسرے روز وہ پھر اسی جگہ بھیک مانگتے نظر آتا ہے
    ————————-
    اوپر کے تبصرے میں ایک نہایت غیر مہذب بات ہو گئی ہے ھم سے ، راجہ اکرام صاحب کے نام کے ساتھ صاحب لکھنا رہ گیا اس کے لیئے معذرت چاہتے ہیں

  10. وعلیکم السّلام بھیّا جعفر حسین،
    بھیّا ،میری سوچ کے مطابق اور مشاہدے کے مطابق ولیوں کی فقیری اور عام انسان کی فقیری میں بڑا فرق ہوتا ،ہمارے سامنے آج ایدھی کی مثال ہے ،اربوں کے مالک کا لباس اور طور طریقے کیا ہیں،
    قرون اولٰی سے لے کر آج تک دیکھتے جائیں اور کام بھی دیکھتے جائیں تو یہی درس ملتا ہے کہ ایک ولی، شمس تبریزی بھی ہوتا ہے ،جس کی داڑھی میں تنکے الجھے ہوئے ہوتے ہیں جس کا لبادہ بھی میلا ا ور کچیلا ہوتا ہے اس کو سر دربار بیٹھنے کی جگہ بھی نہیں ملتی ہے اوراجازت بھی نہیں ہوتی ہے پھر بھی وہ تالاب سے سوکھی کتاب نکال کر ،بادشاہ کو اپنے عشق میں گرفتار کر کے بے نیازی سے چلتا بنتا ہے
    تو کہیں یہی فقیر ولی سلطان الہند کے نام سے پانی کا ایک کٹورا بھری جھیل سے پینے کے لیئے لیتا ہے تو بھری جھیل خشک ہو جاتی ہے اور اس کو در بدر کرنے کے لئے آنے والے سپاہی خوف ذ دہ ہو کر الٹے پیروں لوٹ جاتے ہیں ،
    عالی جناب،یہ تو وہ ولی ہیں،جن کی حیات کا کوئ گوشہ ہم پر آشکار ہو گیا ،تو ز را سو چیں کہ وہ کون ہوں گے جن کے لئے کائنات کو خلق کیا گیا ،
    اس لئے عام انسان کے لئے فقر ،کفر کا باعث ہے ،تو ان ہستیوں کے لئے یہی فقر ،بارگاہ ربّ العالمین میں صبر ،شکر اور روحانی تونگری کا باعث ہے ،عام انسان اپنی احتیاجات پوری نا ہونے کے باعث بد دل ہو کر بہت کچھ کر بیٹھتا ہے ،
    بہر حال یہ میرے اپنے نظریات ہیں کسی بھی فرد کا ان سے متّفق ہونا ضروری نہیں ہے

  11. جعفر بھائی بات یہ ہے کہ یہ دنیا فراعین سے بھری پڑی ہے جہاں ہر کوئی اپنی اپنی بساط کے مطابق نظام کائینات میں خلل انداز ہے۔ اب مخلوق میں کچھ بندے اپنے قد کے مطابق خدا دنیا کی سپر پاورز میں جا ڈھونڈتے ہیں اور کچھ اپنے لئے خدا اپنی دھرتی میں ڈھونڈتے ہیں۔ جو اسلام آباد میں بیٹھا ہے اسکا اپنا خدا تو کہیں باہر ہے لیکن وہ خود بھی کسی کا خدا ہے۔ جس کا وہ خدا ہے، وہ پھر کسی اور کا خدا بنا ہوا ہے۔ دیکھا جائے تو ہم نے صرف بت چھوڑے ہیں، باقی خدا در خدا کا نظام تو وہی چلا آ رہا ہے جو لاطینی، ہندو اور مصری تواریخ میں بطور دیومالا محفوظ ہے۔ کوئی صبح کا خداتو کوئی رات کا، کوئی گھاس کا اور کوئی گائے کا۔
    جو باقی انسانوں سے آزاد ہوا اس نے اپنے نفس اور اپنی انا کو بت بنا ڈالا۔ کسی نے اپنی قومیت کو اور کسی نے زبان کو، کسی نے اپنے من چاہے نظریات کو اور کسی نے دھن دولت کو معبود بنا رکھاہے۔ اسی لئے قبال نے کہا کہ
    یہ دور اپنے براھیم کی تلاش میں ہے
    صنم کدہ ہے جہاں لا الہ الا اللہ
    اگر چہ بت ہیں جماعت کی آستینوں میں
    مجھے ہے حکم آذاں لا الہ الا اللہ۔
    سو آپ نے جو بلاگ لکھا ہے وہ یہی سنت اقبال میں صدائے لا الہ الا اللہ ہے۔
    بس فرق اتنا ہے کہ اس شخص نے جس سے آپ کو واسطہ پڑا، اس نے اس بات کا اعلان کردیا کہ وہ کس کا بندہ بننا چاہتا ہے۔ باقی ہر کوئی اپنا اپنا خدا چپکے سے پوجتا ہے۔
    بہر کیف دعا ہے کہ آپ اور آپ کے تمام خانوادے کو اللہ تبارک و تعالیٰ تمام شر انگیزوں کے فساد اور شرارتوں سے محفوظ رکھے۔ آمین۔

  12. محترمہ روبینہ فیصل صاحبہ نے لکھا
    ’’حضرت آدم نے جب پیٹ کے لئے گندم کے دانے کو جا پنگا لیا تھا تو باقی انسان کس کھاتے میں ہیں‘‘

    کیا انبیاء علیہم السلام کے بارے میں یہ الفاظ استعمال کرنا ہمیں زیب دیتا ہے؟
    کسی جانب سے نہ اعتراض ہوا اور نہ ہی اصلاح کی کوشش ……..

  13. راجہ صاحب آپ نے شائد ھمارا تبصرہ نہیں پڑھا ھم نے روبینہ فیصل صاحبہ کی اس بات کا جواب دیا ہے ہاں اس بات پر ھمیں بھی حیرت تھی کہ کسی اور ساتھی نے اس بات پر کوئی اعتراض نہیں کیا ، یقیناً انبیاء علیہم السلام کے بارے میں یہ الفاظ استعمال کرنا ہمیں زیب نہیں دیتا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *