دشمن کے مکر و فریب سے بچنے کی دعا آزاد نظم کی صورت

تیرہ صدیوں سے صحیفہ سجادیہ زاہدین و صالحین کا مونس و انیس اور مشاہیر علماء و مصنفین کا مرجع و ملجا رہا ہے۔جس کی سند امام زین العابدین علیہ السلام تک جاپہنچتی ہے، علماء اور اصحاب امامیہ کے نزدیک متواترات [اور قطعیات] میں سے ہے؛ کیوں کہ اس کہ خصوصیت یہ ہے [كہ تمام اصحاب و علماء نے اپنے استادوں سے] تمام رجالی طبقات اور تمام ادوار و اعصار میں اس کی نقل و روایت کی اجازت دیتے ہو‏ئے حاصل کرکے اسے نقل کیا ہے ۔

صحیفہ کی شہرت کا درجہ اس قدر اونچا ہے کہ (علامہ محمد باقر مجلسی صاحب بحار الانوار کے والد ماجد) مرحوم علامہ محمد تقی مجلسی نے دعوی کیا ہے کہ ان کے پاس صحیفہ کی نقل و روایت کے حوالے سے 10 لاکھ اسناد و ثبوت موجود ہیں۔

علماء اہل سنت نے بھی صحیفہ سجادیہ کی روایت کی ہے۔ مثال کے طور پر ابن جوزی نے خصائص الائمۃ میں اور حافط سلیمان بن ابراہیم القندوزی (متوفی 1294) نے ‏ینابیع المودت میں صحیفہ سجادیہ کا ذکر کیا ہے اور اس کی بعض دعائیں نقل کی ہیں۔
‏
آج ایک بار پھر اللہ کریم و رحیم نے مجھے صحیفہ سجادیہ کی ایک دعا سے ماخوز آزاد نظم قلمبند کرنے کی سعادت عطا فرمائی ہے ۔۔۔ آپ سب کی نظر ہے ۔ آپ سب سے دعاؤں کی قبولیت کے لئے آمین کی التجا ہے ۔۔ جزاک اللہ

” دشمن کے مکر و فریب سے بچنے کی دعا آزاد نظم کی صورت ”

اعوذ باللہ من الشیطٰن الرجیم
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اے میرے معبود!
بےشک
تو نے میری رہنمائی کی مگر میں غافل ہی رہی
تو نے پند ونصیحت کی مگر میں سخت دل ہی رہی
اور کبھی متاثر نہ ہوئی
تو نے مجھے عمدہ نعمتیں بخشیں ، مگر میں نے نافرمانی کی
پھر
تو نے مجھے گناہوں کی معرفت عطا کی اور میرا رخ موڑ دیا
اور میں نےگناہوں کی برائی کو پہچان کر توبہ واستغفار کی
جس پر تو نے مجھے معاف کر دیا
ہائے میں سنبھل کر بھی پھر گناہوں کی مرتکب ہوئی
پر تو نے میری پردہ پوشی سے میرا بھرم رکھا لیا
اے میرے معبود!
تیرے ہی لیے ہے ساری حمد وثناء
بے شک میں ہلاکت کی وادیوں میں اور تباہی وبربادی کی گھاٹیوں میں ہوں
ان ہلاک خیز گھاٹیوں میں تیری قہرمانی سخت گیریوں
اوران میں در آنے سے تیری عقوبتوں کا سامنا ہے
پر میرے معبود
تیری بارگاہ میں میرا وسیلہ تیری وحدت ویکتائی کا اقرار ہے
اور میرے پاس بھلا اس کے سوا کیا ہے
کہ
میں نے کسی چیز کو تیرا شریک نہیں جانا
اور تیرے ساتھ کسی کو معبود نہیں ٹھہرایا
میں اپنی جان کو لئے تیری رحمت ومغفرت کی جانب رواں ہوں
اے میری معبود
ایک گنہگار تیری ہی طرف بھاگ کر آئی ہے
ایک ایسی گنہگار جو اپنے حظ ونصیب کو ضائع کر چکی ہو
وہ تیرے ہی دامن میں پناہ نہ لے تو کہاں جائے گی
اے میری معبود
تیرے علاوہ کون جان سکتا ہے
کتنے ہی ایسے میرے دشمن تھے
جنہوں نے شمشیر عداوت کو مجھ پر بے نیام کیا
میرے لیے اپنی چھری کی دھار کو باریک اور اپنی تندی وسختی کی باڑ کو تیز کیا
پانی میں میرے لئے مہلک زہروں کی آمیزش کی
اور
کمانوں میں تیروں کو جوڑ کر مجھے نشانہ کی زد پر رکھ لیا
ان کی تعاقب کرنے والی نگاہیں مجھ سے ذرا غافل نہ ہوئیں
وہ دل میں میری ایذا رسانی کے منصوبے باندھتے اور تلخ جرعوں کی تلخی سے مجھے پیہم تلخ کام بناتے رہے
اے میرے معبود!
تو نے اور صرف تو نے
ان رنج وآلام کی برداشت سے میری کمزوری کو طاقت بنایا
اور
مجھ پر آمادہ پیکار ہونے والوں کے مقابلہ میں
انتقام سے میری عاجزی
کثیر التعداد دشمنوں ایذا رسانی کے لیے
گھات لگانے والوں کے مقابلہ میں
میری تنہائی کو اپنی نظر میں رکھا
جس کی طرف سے میں غافل اور بے فکر تھی
تو نے
میری مدد میں پہل اور اپنی قوت اورطاقت سے میری کمر مضبوط کی
پھر
میرے دشمنوں کی تیزی کو توڑدیا
اور
اس کے کثیر ساتھیوں کو منتشر کرنے کے بعد اسے یکہ وتنہا کر دیا
اور مجھے اس پر غلبہ وسر بلندی عطا کی
اور جو تیر اس نے اپنی کمان میں جوڑے تھے وہ اسی کی طرف پلٹا دیئے
پھر یوں ہوا کہ میرے دشمن کو اس حالت میں تو نے پلٹا دیا
کہ
نہ تو وہ اپنا غصہ ٹھنڈا کر سکااور نہ اس کے دل کی تپش فرو ہو سکی
اس نے اپنی بوٹیاں کاٹیں اور پیٹھ پھرا کر چلا گیا
اوراس کے لشکر والوں نے بھی اسے دغا دیا
اور کتنے ہی ایسے ستمگر تھے
جنہوں نے اپنے مکروفریب سے مجھ پر ظلم و تعدی کی اور اپنے شکار کے جال میرے لیے بچھائے
اوراپنی نگاہ جستجو کا مجھ پر پہرا لگا دیا
اوراس طرح گھاٹ لگا کر بیٹھ گئے جس طرح درندہ اپنے شکار کے انتظار میں موقع کی تاک میں گھاٹ لگا کر بیٹھتا ہے
جبکہ وہ میرے سامنے خوشامدانہ طور پر خندہ پیشانی سے پیش آتے
اوردرپردہ انتہائی کینہ توز نظروں سے مجھے دیکھتے
تو اس وقت اے خدائے بزرگ وبرتر
تو نے صرف تو نے
ان کی بد باطنی وبد سرشتی کو دیکھا تو انہیں سر کے بل انہی کے گڑھے میں الٹ دیا
اور انہیں انہی کے غار کے گہرائی میں پھینک دیا
وہ جس جال میں مجھے گرفتار دیکھنا چاہتے تھے
خود ہی غرور وسر بلندی کے نشے میں ذلیل ہو کر اس کے پھندوں میں جا پڑے
اور سچ تو یہ ہے
کہ
اگر تیری رحمت میری شریک حال نہ ہوتی تو کیا بعید تھا
کہ جو بلا و مصیبت ان پر ٹوٹ پڑی ہے وہ مجھ پر ٹوٹ پڑتی
اور کتنے ہی ایسے حاسد تھے
جنہیں میری وجہ سے غم وغصہ اور غیظ وغضب کے گلو گیر پھندے لگے
وہ اپنی تیز زبانی سے مجھے اذیت دیتے رہے
اور اپنے عیوب کے ساتھ مجھے متہم کرکے طیش میں دلاتے رہے
میری آبرو کو اپنے تیروں کا نشانہ بنایا
جن بری عادتوں میں وہ خود ہمیشہ مبتلا رہے
وہ میرے سر منڈھ کر اپنی فریب کاریوں سے مجھے مشتعل کرتے رہے
اپنی دغا بازیوں کے ساتھ میری طرف پر تولتے رہے
تو میں نے
اے میرے معبود کریم و رحیم
تجھ سے فریاد رسی چاہتے ہوئے
تیری جلد حاجت روائی پر بھروسا کرتے ہوئے
تجھے پکارا
کیونکہ میں یہ جانتی تھی
جو تیرے سایہ حمایت میں پناہ لے گا وہ شکست خوردہ نہیں ہو گا
جو تیرے انتقام کی پناہ گاہ محکم میں پناہ گزیں ہوگا و ہ ہراساں نہیں ہو گا
سو اے میرے معبود
تو نے اپنی قدرت سے ان کی شدت وشرانگیزی سے مجھے محفوظ کر دیا
کتنے ہی مصیبتوں کے ابر جو میرے افق زندگی پر چھائے ہوئے تھے تو نے چھانٹ دیئے
کتنی ہی رحمت کی نہریں بہا دیں اور کتنے ہی صحت و عافیت کے جامے پہنا دیے
کتنی ہی آلام وحوادث کی آنکھیں جو میری طرف نگران تھیں تو نے بے نور کر دیں
کتنے ہی غموں کے تاریک پردے میرے دل پر سے اٹھا دیئے
کتنے ہی اچھے گمانوں کو تو نے سچ کر دیا
کتنی ہی تہی دستیوں کا تو نے چارہ کیا
کتنی ہی ٹھوکروں کو تو نے سنبھالا
کتنی ہی ناداریوں کو تو نے ثروت سے بدل دیا
اے میرے معبود
یہ سب تیری طرف سے مجھ گنہگار پر انعام واحسان ہے
میں ان تمام واقعات کے باوجود تیری معصیتوں میں ہمہ تن منہمک رہی
لیکن اے میرے معبود
میری بد اعمالیوں نے تجھے اپنے احسانات کی تکمیل سے روکا نہیں
اور
نہ تیرا فضل واحسان مجھے ان کاموں سے جو تیری ناراضگی کا باعث ہیں باز رکھ سکا
بےشک اے میرے معبود
جو کچھ تو کرے اس کی بابت تجھ سے پوچھ گچھ نہیں ہو سکتی
پر تیری ذات کی قسم !
جب بھی تجھ سے مانگا گیا تو نے عطا کیا
اور جب نہ مانگا گیا تو تو نے از خود دیا
جب تیرے فضل وکرم کے لیے جھولی پھیلائی ،تو نے بخل سے کام نہیں لیا
اے میرے معبود
تو نے کبھی احسان وبخشش اورتفضل وانعام سے دریغ نہیں کیا
اور
میں تیرے محرمات میں پھاندتی
تیری حدود واحکام سے متجاوز ہوتی
تیری تہدید وسرزنش سے ہمیشہ غفلت کرتی رہی
اے میرے معبود!
تیرے ہی لئے حمد ستائش ہے
توایسا صاحب اقتدار ہے جو مغلوب نہیں ہو سکتا
ایسا بردبار ہے جو جلدی نہیں کرتا
یہ اس گنہگار کا موقف ہے جس نے تیری نعمتوں کی فراوانی کا اعتراف کیا ہے
اور ان نعمتوں کے مقابلہ میں کوتاہی کا اعتراف کیا ہے
اور اپنے خلاف اپنی زیاں کاری کی گواہی دی ہے
اے میرے معبود !
میں محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی منزلت بلند پایہ
اور
علی علیہ السلام کے مرتبۂ روشن ودرخشاں کے واسطے
تجھ سے تقرب کی خواستگار ہوں
اے میرے معبود
ان دونوں کے وسیلے سے میں تیری طرف متوجہ ہوں
اے میرے معبود
مجھے ان چیزوں کی برائی سے پناہ دے جن سے پناہ طلب کی جاتی ہے
بے شک
یہ تیری تونگری و وسعت کے مقابلہ میں دشوار نہیں
اورتیری قدرت کے آگے کوئی مشکل کام نہیں
بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے
اے میرے معبود
اے تمام رحم کرنے والوں میں سب سے بڑھ کر رحم کرنے والے
تو اپنی رحمت اور دائمی توفیق سے مجھے بہرہ مند فرما
تاکہ
میں تیری رضا مندی کی سطح پر بلند ہوسکوں
اور تیرے غیض و غضب سے محفوظ رہ سکوں
آمین ثمہ آمین
(نگہت نسیم .سڈنی )

20 thoughts on “دشمن کے مکر و فریب سے بچنے کی دعا آزاد نظم کی صورت”

  1. ایں سعادت بزور بازو نیست۔تا نا بخشد خدائے بخشندہ
    ماشااللہ۔اجرکم اللہ
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    جو تیرے سایہ حمایت میں پناہ لے گا وہ شکست خوردہ نہیں ہو گا
    جو تیرے انتقام کی پناہ گاہ محکم میں پناہ گزیں ہوگا و ہ ہراساں نہیں ہو گا
    سو اے میرے معبود
    تو نے اپنی قدرت سے ان کی شدت وشرانگیزی سے مجھے محفوظ کر دیا
    کتنے ہی مصیبتوں کے ابر جو میرے افق زندگی پر چھائے ہوئے تھے تو نے چھانٹ دیئے
    کتنی ہی رحمت کی نہریں بہا دیں اور کتنے ہی صحت و عافیت کے جامے پہنا دیے
    کتنی ہی آلام وحوادث کی آنکھیں جو میری طرف نگران تھیں تو نے بے نور کر دیں
    کتنے ہی غموں کے تاریک پردے میرے دل پر سے اٹھا دیئے

  2. میری مسیحا بیٹی،سلامت رہو،آمین،
    تمھاری یہ روحانی تحریر یں اندھیروں میں روشنی کی کرن بن کر قلب و نظر کی تسکین کا باعث بنتی ہیں اور یہ یقین کامل ہو جاتا ہے کہ ہم درماندہء و حرماں نصیب لوگوں کا بھی کو ئ دمساز موجود ہے
    اس خوبصورت دلسوز دعاء کے ہر، ہر حرف کے بدلے تم کو اللہ پاک کریم و رحیم معبود ،بحقّ اہلبیت اطہار دنیا اور عقبٰی میں جزائے عظیم عطا کرے آمین
    تمھاری زائرہ بجّو

  3. ماشااللہ …….بہت خوب
    اللہ تعالیٰ قبول فرماےء
    آمین

  4. اللہ آپ کی صلاحیتوں میں اضافہ ‌فرمائے ۔
    جزاک اللہ خیر
    عالم آرا

  5. کیا کہنے۔ سبحان اللہ۔ دل خوش ہو گیا۔
    یہ صحیفہ میری پسندیدہ ترین کتب میں سے ایک ہے اور آپ نے اس خاص دعا کو منظوم کرکے اردو میں پڑھنے کا لطف دوبالا کر دیا۔
    اجرکِ الی اللہ۔ خدا قبول فرمائے۔ آمین۔

  6. اے میرے معبود
    مجھے ان چیزوں کی برائی سے پناہ دے جن سے پناہ طلب کی جاتی ہے
    بے شک
    یہ تیری تونگری و وسعت کے مقابلہ میں دشوار نہیں
    اورتیری قدرت کے آگے کوئی مشکل کام نہیں
    بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے
    اے میرے معبود
    اے تمام رحم کرنے والوں میں سب سے بڑھ کر رحم کرنے والے
    تو اپنی رحمت اور دائمی توفیق سے مجھے بہرہ مند فرما
    تاکہ
    میں تیری رضا مندی کی سطح پر بلند ہوسکوں
    اور تیرے غیض و غضب سے محفوظ رہ سکوں
    آمین ثمہ آمین
    ——————————-
    سبجان اللہ آپی کیا خوب پر تاثیر نثری نظم تخلیق کی ہے مولا (ع) ہی جزا دیں گے ھماری دعا ہے کہ
    اللہ کرے زورِ قلم ہو اور زیادہ

  7. سبحان اللہ۔ اجرکم اللہ۔ جو صحیفہء سجادیہ تک آ گیا، گویا اسے اپنے معبود بر حق سے بات کرنا آ گیا۔ اس عظیم دعا کو آپ نے نہایت خوبصورتی سے منظوم کیا ہے۔ یہ کام یقیناً تائید الٰہیہ کے بناء نہیں ہوتے۔ اس حوالے سے آپ بہت خوش قسمت ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کی توفیقاتِ عالیہ میں مزید اضافہ فرمائے اور ہم سب کو اس دعا کی معنویت سے فیضیاب ہونے کی توفیق ِ خیر عطا فرمائے۔ آمین بجاہ محمد و آلہ الطاہرین۔

  8. اجرکُم اللہ
    بے شک دعا مومن کا ھتیار ھے اور یہ وقت جو شورش وآفات سے بھرا ھوا ھے ان میں آئمہ طاہرین علیہ سلام کی دعائیں ڈھال ھیں

  9. پیاری زائرہ بجو .. آپ کی محبت اور شفقت پر اشکبار ہوں .. آپ کی ہر دعا پر آمین

  10. پیاری سائرہ ..سلامت رہو خوش و خوشحال رہو ..آمین

  11. قمر بھائی یہ سب آپ کی دعاؤں کے طفیل ہے .. آپ کی دعاؤں کی مجھے ہمیشہ ضرورت رہتی ہے ..

  12. جعفر بھائی .. جزاک اللہ ..اللہ کریم و رحیم ہم سب پر اپنا فضل بنائے رکھے ..آمین

  13. مصباح بھائی میں تو اس در پاک کی خاک کے برابر بھی نہیں .. بس جب اپنی اوقات کی طرف دیکھتی ہوں تو رو پڑتی ہوں اور جب ان کی مہربانیوں کو دیکھتی ہوں تو ندامت اور شرمندگی سے نظر نہیں اٹھتی .. بس اصل بات یہ ہے کہ یہ سب ان کا کرم ہے جو بات اب تک بنائی ہوئی ہے .. دعا ئے ربی ہے وہ ہم سب کی بات یونہی بنائے رکھے اور ہمیں آخرت میں بھی اپنی شفاعت اور عنایت عطا فرمائے .آمین ثمہ آمین

  14. پیاری زرقا .. خوش رہو — اللہ زندگی تندرستی عطا فرمائے ..آمین

  15. پیاری بہن فاطمہ … آپ کی باتیں آپ ہی کی طرح پیاری اور نیاری ہیں .. سلامت رہیں .. مجھ گنہگار کو دعاؤں میں یاد رکھئے گا .. پلیز پلیز پلیز .. جزاک اللہ

  16. السلام و علیکم
    ہماری بہن ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ نے حضرت سید سجاد علیہ السلام کا صحیفہ سجادیہ عالمی اخبار میں لکھ کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کے دل میں اپنے مسلمان بہنوں اور بھائیوں کے کے لئے کتنا درد ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ ہم سب اللہ کے عذاب سے محفوظ رہیں‌ اور اللہ کی بارگاہ میں‌ ہماری دعائیں مقبول ہوں۔ ہماری بہن کی بے شمار کاوشوں میں ایک اور کاوش کا اضافہ یہ ہے کہ آپ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر پہ پختہ یقین رکھتی ہیں اور یہ کاوش اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہدایت یقیناً اللہ ہی کی طرف سے ہوتی ہے مگر وسیلہ بھی اللہ کی ہی تخلیق ہے۔ انبیاء ، اہلبیت رسول صلعم ، نبی پاک کے صحابہ اور دیگر خدا کے نیک بندے ہماری ہی ہدایت کے لئے اللہ نے بھیجے ہیں۔ باجی کا شمار بھی اللہ کے نیک بندوں میں ہوگا۔
    دعائے کمیل ، دعائے توصل اور صحیفہ ء سجادیہ میں لکھی دعائیں یقیناً ہم کو یہ بتاتی ہیں کہ اللہ کی بارگاہ میں دعا کیسے کرنی ہے۔
    باجی ! اللہ تعالیٰ اس دعا کے صدقے میں‌ آپکی دعاؤں کو قبول فرمائے اور آپکی توفیقات میں‌ اضافہ فرمائے- آمین ۔

  17. مرحبا ڈاکٹر صاحبہ ، بہت خوب ۔ اللہ تعالیٰ قبول فرمائے ، آمین ۔

  18. دل سے جو نکلتی ہے اثر رکھتی پے
    بے شک
    دل سے نکلنے والی ہر دعا اثر رکھتی ہے
    آمین ثمہ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *