شہادتِ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام 25 رجب 183 ھ

images2حضرت امام موسٰی کاظم علیہ السلام تسبیحِ امامت کی ساتویں کڑی ہیں آپ حصرت امام جعفر صادق علیہ السلام

کے فرزند ہیں ۔ آپ کا اسم مبارک موسیٰ ، کنیت ابوالحسن اور لقب کاظم تھا اسی لیے آپ کاظم کے نام سے مشہور ہوئے۔ آپ کی والدہ ماجدہ حمیدہ خاتون تھیں
آپ کی ولادت ۷ صفر سن 128 ھ میں ہوئی ، اگرچہ آپ کے دو بڑے بھائی اسماعیل اور عبداللہ اس دنیا میں تشریف لا چکے تھے مگر بہ امرِ الہٰی جنابِ موسیٰ علیہ السلام سے نسلِ امامت چلنی تھی اس لیئے امامت آپ کے حصہ میں آئی۔ آپ نے عمر کے ۲۰ سال اپنے والد امام جعفر صادق علیہ السلام کے سایہ تربیت گزارے آپ نے اپنا بچپن اور جوانی کا کافی حصہ اس مقدس آغوش میں گزارا جس کو علمِ لدنی اپنے والد سے اور سلسلہ وار اپنے جدِ امجد حضرت محمد (ص) سے ورثے میں ملا تھا، آہستہ آہستہ آپکے فضائل اور کمالات تمام دنیا کے سامنےروشن ہوگئے یہاں تک کے امام جعفر صادق علیہ السلام نے آپ کو اپنا جانشین مقرر فرمادیا۔ 148 ھ میں امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت کے بعد آپ (ع) منصبِ امامت پر فائض ہوئےاس وقت سلطنتِ عباسیہ کے تخت پر منصورِ دوانقی بادشاہ تھا یہ وہی ظالم بادشاہ تھا جو سادات کا جانی دشمن تھا اور لاتعداد سادات کو قتل کرواچکا تھا یہاں تک کے امام جعفر علیہ السلام کے خون سے بھی ہاتھ رنگنے والا یہی بدبخت بادشاہ تھا

158ھ کے اخر میںمنصور دوانقی دنیا سے رخصت ہوا تو اس کا بیٹا مہدی تحت سلطنت پر بیٹھا . شروع میں تو اس نے بھی امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام کے عزت واحترام کے خلاف کوئی برتاؤ نہیں گیا مگر چند سال کے بعد پھر وہی بنی فاطمہ کی مخالفت کاجذبہ ابھرا اور 164ھ میں جب وہ حج کے نام سے حجاز کی طرف ایاتو امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام کو اپنے ساتھ مکہ سے بغدادلے گیا اور قید کردیا . ایک سال تک حضرت اس کی قید میں رہے . پھر اس کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور حضرت علیہ السّلام کو مدینہ کی طرف واپسی کاموقع دیا گیا , مہدی کے بعد اس کابھائی ہادی تخت سلطنت پر بیٹھا اور صرف ایک سال ایک مہینے تک اُس نے سلطنت کی . اس کے بعد ہارون رشید کازمانہ ایا جس میں پھر امام موسیٰ علیہ السّلام کاظم علیہ السّلام کو آزادی کے ساتھ سانس لینا نصیب نہیں ہوا۔

حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام اسی مقدس سلسلہ کے ایک فرد تھے جس کو خالق نے نوع انسان کے لیے معیار کمال قرار دیا تھا .ا س لیے ان میں سے ہر ایک اپنے وقت میں بہترین اخلاق واوصاف کا مرقع تھا .بے شک یہ ایک حقیقت ہے کہ بعض افراد میں بعض صفات اتنے ممتاز نظر اتے ہیں کہ سب سے پہلے ان پر نظر پڑتی ہے , چنانچہ ساتویں امام علیہ السّلام میںتحمل وبرداشت اورغصہ کوضبط کرنے کی صفت اتنی نمایاں تھی کہ آپ کالقب ” کاظم علیہ السّلام “ قرار پایا گیا جس کے معنی ہیں غصے کو پینے والا . آپ کو کبھی کسی نے ترش روئی اور سختی کے ساتھ بات کرتے نہیں دیکھا اور انتہائی ناگوار حالات میں بھی مسکراتے ہوئے نظر ائے . مدینے کے ایک حاکم سے آپ کو سخت تکلیفیں پہنچیں . یہاں تک کہ وہ جناب امیر علیہ السّلام کی شان میں بھی نازیبا الفاظ استعمال کیا کرتا تھا مگر حضرت علیہ السّلام نے اپنے اصحاب کو ہمیشہ اس کے جواب دینے سے روکا . جب اصحاب نے اس کی گستاخیوں کی بہت شکایات کیں اور یہ کہا کہ ہمیں ضبط کی تاب نہیں . ہمیں اس سے انتقام لینے کی اجازت دی جائے تو حضرت علیہ السّلام نے فرمایا کہ “میں خود اس کاتدارک کروں گا ” اس طرح ان کے جذبات میں سکون پیدا کرنے کے بعد حضرت علیہ السّلام خود اس شخص کے پاس ا سکی زراعت پر تشریف لے گئے اور کچھ ایسا احسان اور سلوک فرما یا کہ وہ اپنی گستاخیوں پر نادم ہوا ا ور اپنے طرزِ عمل کو بدل دیا . حضرت علیہ السّلام نے اپنے اصحاب سے صورت حال بیان فرماکر پوچھا کہ جو میں نے اس کے ساتھ کیا وہ اچھا تھا یا جس طرح تم لوگ اس کے ساتھ کرنا چاہتے تھے . سب نے کہا , یقیناً حضور علیہ السّلام نے جو طریقہ استعمال فرمایا وہی بہتر تھا . اس طرح آپ نے اپنے جدِ بزرگوار حضرت امیر علیہ السّلام کے اس ارشاد کو عمل میں لا کر دکھلایا جو اج تک نہج البلاغہ میں موجود ہے کہ اپنے دشمن پہ احسان کے ساتھ فتح حاصل کرو کیونکہ یہ دو قسم کی فتح میں زیادہ پرلطف کامیابی ہے. بیشک اس کے لیے فریق ُ مخالف کے ظرف کاصحیح اندازہ ضروری ہے اور اسی لیے حضرت علی علیہ السّلام نے ان الفاظ کے ساتھ یہ بھی فرمایا ہے کہ ”خبردار یہ عدم تشدد کاطریقہ نااہل کے ساتھ اختیار نہ کرنا ورنہ اس کے تشدد میں اضافہ ہوجائے گا“ یقیناً ایسے عدم تشدد کے موقع کو پہچاننے کے لیے ایسی ہی بالغ نگاہ کی ضرورت ہے جیسی امام علیہ السّلام کو حاصل تھی مگر یہ اس وقت میں ہے جب مخالف کی طرف سے کوئی ایسا عمل ہوچکا ہو جو اس کے ساتھ انتقامی جواز پیدا کرسکے لیکن اس کی طرف سے اگو کوئی ایسا اقدام ابھی ایسا نہ ہوا تو یہ حضرات بہر حال ا س کے ساتھ احسان کرنا پسند کرتے تھے تاکہ اس کے خلاف حجت قائم ہو اور اسے اپنے جارحانہ اقدام کے لیے تلاش سے بھی کوئی عذر نہ مل سکے .بالکل اسی طرح جیسے ابن ملجم کے ساتھ جو جناب امیر علیہ السّلام کو شہید کرنے والا تھا . اخری وقت تک جناب امیر علیہ السّلام احسان فرماتے رہے . اسی طرح محمد ابنِ اسمٰعیل کے ساتھ جو امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام کی جان لینے کاباعث ہوا , آپ برابر احسان فرماتے رہے , یہاں تک کہ اس سفر کے لیے جو اس نے مدینے سے بغداد کی جانب خلیفہ عباسی کے پاس امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام کی شکائتیں کرنے کے لیے کیا تھا . ساڑھے چار سو دینار اور پندرہ سو درہم کی رقم خود حضرت ہی نے عطا فرمائی تھی جس کو لے کر وہ روانہ ہوا تھا . اپ کو زمانہ بہت ناساز گار ملا تھا . نہ اس وقت وہ علمی دربار قائم رہ سکتا تھا جوامام جعفر صادق علیہ السّلام کے زمانہ میں قائم رہ چکا تھا نہ دوسرے ذرائع سے تبلیغ واشاعت ممکن تھی . بس آپ کی خاموش سیرت ہی تھی جو دنیا کو الِ محمد کی تعلیمات سے روشناس کراسکتی تھی . آپ اپنے مجمعوں میں بھی اکثر بالکل خاموش رہتے تھے یہاں تک کہ جب تک آپ سے کسی آمر کے متعلق کوئی سوال نہ کیا جائے آپ گفتگو میںابتدا بھی نہ فرماتے تھے . اس کے باوجود آپ کی علمی جلالت کا سکہ دوست اور دشمن سب کے دل پر قائم تھا اور آپ کی سیرت کی بلندی کو بھی سب مانتے تھے , اسی لیے عام طور پر اپ کو کثرت عبادت اور شب زندہ داری کی وجہ سے ”عبد صالح“ کے لقب سے یاد جاتا تھا . آپ کی سخاوت اور فیاضی کابھی خاص شہرہ تھااور فقرائے مدینہ کی اکثر پوشیدہ طور پر خبر گیری فرماتے تھے ہر نمازصبح کی تعقیبات کے بعد آفتاب کے بلند ہونے کے بعد سے پیشانی سجدے میں رکھ دیتے تھے اور زوال کے وقت سراٹھاتے تھے . قرآن مجید کی تلاوت فرماتے ہوئے پاس بیٹھنے والے بھی آپ کی اواز سے متاثر ہو کر روتے تھے . ہارون رشید کی خلافت اور امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام سے مخالفت 170ھ میں ہادی کے بعد ہارون تخت ُ خلافت پر بیٹھا . سلطنت عباسیہ کے قدیم روایات جو سادات بنی فاطمہ کی مخالفت میں تھے اس کے سامنے تھے خود اس کے باپ منصور کارویہ جو امام جعفر صادق علیہ السّلام کے خلاف تھا اسے معلوم تھا اس کا یہ ارادہ کہ جعفر صادق علیہ السّلام کے جانشین کو قتل کر ڈالاجائے یقیناً اس کے بیٹے ہارون کو معلوم ہوچکا ہوگا . وہ تو امام جعفر صادق علیہ السّلام کی حکیمانہ وصیت کا اخلاقی دباؤ تھا جس نے منصور کے ہاتھ باندھ دیے تھے اور شہر بغداد کی تعمیر کی مصروفیت تھی جس نے اسے اس جانب متوجہ نہ ہونے دیا تھا اب ہارون کے لیے ان میںسے کوئی بات مانع نہ تھی . تخت سلطنت پر بیٹھ کر اپنے اقتدار کو مضبوط رکھنے کے لیے سب سے پہلے تصور پیدا ہوسکتا تھا کہ اس روحانیت کے مرکز کو جو مدینہ کے محلہ بنی ہاشم میںقائم ہے توڑنے کی کوشش کی جائے مگر ایک طرف امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام کامحتاط اور خاموش طرزِ عمل اور دوسری طرف سلطنت کے اندرونی مشکلا ت ان کی وجہ سے نوبرس تک ہارون کو بھی کسی کھلے ہوئے تشدد کا امام علیہ السّلام کے خلاف موقع نہیں ملا . اس دوران میں عبدالله ابن حسن علیہ السّلام کے فرزند یحییٰ کاواقعہ درپیش ہوا ور وہ امان دیے جانے کے بعد تمام عہدو پیمان کوتوڑ کردردناک طریقے پر پہلے قید رکھے گئے او رپھر قتل کئے گئے . باوجودیکہ یحییٰ کے معاملات سے امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام کو کسی طرح کا سروکار نہ تھا بلکہ واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ حضرت علیہ السّلام ان کو حکومت وقت کی مخالفت سے منع فرماتے تھے مگر عداوت بنی فاطمہ کاجذبہ جو یحییٰ ابن عبدالله کی مخالفت کے بہانے سے ابھر گیا تھا اس کی زد سے امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام بھی محفوظ نہ رہ سکے . ادھر یحییٰ ابن خالد بر مکی نے جو وزیر اعظم تھا امین (فرزند ہارون رشید) کے اتالیق جعفر ابن محمد اشعث کی رقابت میں اس کے خلاف یہ الزام قائم کیا کہ یہ امام موسی علیہ السّلام کاظم کے شیعوں میںسے ہے اور ان کے اقتدار کاخواہاں ہے . براہ راست اس کا مقصد ہارون کو جعفر سے برگزشتہ کرنا تھالیکن بالواستہ ا س کا تعلق حضرت امام موسی علیہ السّلام کاظم کے ساتھ بھی . اس لیے ہارون کو حضرت علیہ السّلام کی ضرر رسانی کی فکر پیدا ہوگئی.اسی دوران میںیہ واقعہ ہو اکہ ہارون رشید حج کے ارادہ سے مکہ معظمہ میں آیا .اتفاق سے اسی سال امام موسی کاظم علیہ السّلام بھی حج کو تشریف لائے ہوئے تھے . ہارون نے اپنی آنکھ سے اس عظمت اور مرجعیت کا مشاہدہ کی جو مسلمانوںمیں امام موسی کاظم علیہ السّلام کے متعلق پائی جاتی تھی . اس سے بھی اس کے حسد کی اگ بھڑک اٹھی اس کے بعد اس میں محمد بن اسمٰعیل کی مخالفت نے اورا ضافہ کر دیا . واقعہ یہ ہے کہ اسمٰعیل امام جعفر صادق علیہ السّلام کے بڑے فرزند تھے اور اس لیے ان کی زندگی میں عام طور پر لوگوں کا خیال یہ تھا کہ وہ امام جعفر صادق علیہ السّلام کے قائم مقام ہوں گے . مگر ان کا انتقال امام جعفر صادق علیہ السّلام کے زمانے میں ہوگیا اور الوگوں کا یہ خیال غلط ثابت ہوا . پھر بھی بعض سادہ لوح اصحاب اس خیال پر قائم رہے کہ جانشینی کاحق اسمٰعیل میں منحصر ہے . انھوں نے امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام کی امامت کو تسلیم نہیں کیا چنانچہ اسماعیلیہ فرقہ مختصر تعداد میں سہی اب بھی دنیا میں موجود ہے- محمد ان ہی اسمٰعیل کے فرزند تھے اور اس لئے امام موسٰی کاظم علیہ السلام سے ایک طرح کی مخالفت پہلے سے رکھتے تھے مگر چونکہ ان کے ماننے والوں کی تعداد بہت کم تھی اور وہ افراد کوئی نمایاں حیثیت نہ رکھتے تھے اسی لئے ظاہری طور پر امام موسٰی کاظم علیہ السلام کے یہاں آمدورفت رکھتے تھے اور ظاہر داری کے طور پر قرابت داری کے تعلقات قائم کئے ہوئے تھے- ہارون رشید نے امام موسٰی کاظم علیہ السلام کی مخالفت کی صورتوں پر غور کرتے ہوئے یحییٰ برمکی سے مشورہ لیا کہ میں چاہتا ہوں کہ اولاد ابوطالب علیہ السّلام میں سے کسی کو بلا کر اس سے موسٰی بن جعفر علیہ السّلام کے پورے پورے حالات دریافت کروں- یحییٰ جو خود عداوتِ بنی فاطمہ میں ہارون سے کم نہ تھا اس نے محمد بن اسمٰعیل کا پتہ دیا کہ آپ ان کو بلا کر دریافت کریں تو صحیح حالات معلوم ہو سکیں گے چنانچہ اسی وقت محمد بن اسمٰعیل کے نام خط لکھا گیا- شہنشاهِ وقت کا خط محمد ابن اسمٰعیل کو پہنچا تو انہوں نے اپنی دنیوی کامیابی کا بہترین ذریعہ سمجھ کر فوراً بغداد جانے کا ارادہ کر لیا- مگر ان دنوں ہاتھ بالکل خالی تھا- اتنا روپیہ پاس موجود نہ تھا کہ سامان سفر کرتے- مجبوراً اسی ڈیوڑھی پر آنا پڑا جہاں کرم و عطا میں دوست اور دشمن کی تمیز نہ تھی- امام موسٰی کاظم علیہ السلام کے پاس آ کر بغداد جانے کا ارادہ ظاہر کیا- حضرت علیہ السّلام خوب سمجھتے تھے کہ اس بغداد کے سفر کی بنیاد کیا ہے- حجت تمام کرنے کی غرض سے آپ نے سفر کا سبب دریافت کیا- انہوں نے اپنی پریشان حالی بیان کرتے ہوئے کہا کر قرضدار بہت ہو گیا ہوں- خیال کرتا ہوں کہ شاید وہاں جا کر کوئی صورت بسر اوقات کی نکلے اور میرا قرضہ ادا ہو جائے- حضرت علیہ السّلام نے فرمایا- وہاں جانے کی ضرورت نہیں ہے- میں وعدہ کرتا ہوں کہ تمہارا تمام قرضہ ادا کر دوں گا- افسوس ہے کہ محمد نے اس کے بعد بھی بغداد جانے کا ارادہ نہیں بدلا-چلتے وقت حضرت علیہ السّلام سے رخصت ہونے لگے- عرض کیا کہ مجھے وہاں کے متعلق کچھ ہدایت فرمائی جائے- حضرت علیہ السّلام نے اس کا کچھ جواب نہ دیا- جب انہوں نے کئی مرتبہ اصرار کیا تو حضرت علیہ السّلام نے فرمایا کہ” بس اتنا خیال رکھنا کہ میرے خون میں شریک نہ ہونا اور میرے بچوں کی یتیمی کے باعث نہ ہونا“ محمد نے اس کے بعد بہت کہا کہ یہ بھلا کون سی بات ہے جو مجھ سے کہی جاتی ہے, کچھ اور ہدایت فرمایئے- حضرت علیہ السّلام نے اس کے علاوہ کچھ کہنے سے انکار کیا- جب وہ چلنے لگے تو حضرت علیہ السّلام نے ساڑھے چار سو دینار اور پندرہ سو درہم انہیں مصارف کے لئے عطا فرمائے- نتیجہ وہی ہوا جو حضرت علیہ السّلام کے پیش نظر تھا- محمد ابن اسمٰعیل بغداد پہنچے اور وزیر اعظم یحییٰ برمکی کے مہمان ہوئے اس کے بعد یحییٰ کے ساتھ ہارون کے دربار میں پہنچے مصلحت وقت کی بنا پر بہت تعظیم و تکریم کی گئی- اثنائ گفتگو میں ہارون نے مدینہ کے حالات دریافت کئے- محمد نے انتہائی غلط بیانیوں کے ساتھ وہاں کے حالات کا تذکرہ کیا اور یہ بھی کہا کہ میں نے آج تک نہیں دیکھا اور نہ سنا کہ ایک ملک میں دو بادشاہ ہوں- اس نے کہا کہ اس کا کیا مطلب؟ محمد نے کہا کہ بالکل اسی طرح جس طرح آپ بغداد میں سلطنت قائم کئے ہوئے ہیں- اطراف ملک سے ان کے پاس خراج پہنچتا ہے اور وہ آپ کے مقابلے کے دعوے دار ہیں- یہی وہ باتیں تھیں جن کے کہنے کے لئے یحییٰ برمکی نے محمد کو منتخب کیا تھا ہارون کا غیظ و غضب انتہائی اشتعال کے درجے تک پہنچ گیا- اس نے محمد کو دس ہزار دینار عطا کر کے رخصت کیا- خدا کا کرنا یہ کہ محمد کو اس رقم سے فائدہ اٹھانے کا ایک دن بھی موقع نہ ملا- اسی شب کو ان کے حلق میں درد پیدا ہوا- صبح ہوتے ہوئے وہ دنیا سے رخصت ہو گیا- ہارون کو یہ خبر پہنچی تو اس نے اشرفیوں کے توڑے واپس منگوا لئے مگر محمد کی باتوں کا اثر اس کے دل میں ایسا جم گیا تھا کہ اس نے یہ طے کر لیا کہ امام موسٰی کاظم علیہ السلام کا نام صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے- چنانچہ 179 ھ میں پھر ہارون رشید نے مکہ معظمہ کا سفر کیا اور وہاں سے مدینہ منورہ گیا- دو ایک روز قیام کے بعد کچھ لوگ امام موسٰی کاظم علیہ السلام کو گرفتار کرنے کے لئے روزانہ کئے- جب یہ لوگ امام علیہ السّلام کے مکان پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ حضرت علیہ السّلام روضئہ رسول پر ہیں- ان لوگوں نے روضہ پیغمبر علیہ السّلام کی عزت کا بھی خیال نہ کیا- حضرت علیہ السّلام اس وقت قبر رسول (ص) کے نزدیک نماز میں مشغول تھے- بے رحم دشمنوں نے آپ کو نماز کی حالت میں ہی قید کر لیا اور ہارون کے پاس لے گئے- مدینہ کے رہنے والوں کی بے حسی اس سے پہلے بھی بہت دفعہ دیکھی جا چکی تھی- یہ بھی اس کی ایک مثال تھی کہ رسول (ص) کا فرزند روضئہ رسول سے اس طرح گرفتار کر کے لے جایا جا رہا تھا مگر نام نہاد مسلمانوں میں ایک بھی ایسا نہ تھا جو کسی طرح کی آواز بطور احتجاج بلند کرتا- یہ بیس شوال 179 ھ کا واقعہ ہے- ہارون نے اس اندیشے سے کہ کوئی جماعت امام موسٰی کاظم علیہ السلام کو رہا کرنے کی کوشش نہ کرے دو محملیں تیار کرائیں- ایک میں حضرت امام موسٰی کاظم علیہ السلام کو سوار کیا اور اس کو ایک بڑی فوجی جمعیت کے حلقے میں بصرہ روانہ کیا اور دوسری محمل جو خالی تھی اسے بھی اتنی ہی جمعیت کی حفاظت میں بغداد روانہ کیا- مقصد یہ تھا کہ آپ کے محل قیام اور قید کی جگہ کو بھی مشکوک بنا دیا جائے یہ نہایت حسرت ناک واقعہ تھا کہ امام علیہ السّلام کے اہل حرم اور بچے وقت رخصت آپ کو دیکھ بھی نہ سکیں اور اچانک محل سرا میں صرف یہ اطلاع پہنچ سکی کہ حضرت علیہ السّلام سلطنت وقت کی طرف سے قید کر لئے گئے اس سے بیبیوں اور بچوں میں کہرام برپا ہو گیا اور یقیناً امام علیہ السّلام کے دل پر بھی اس کا جو صدمہ ہو سکتا ہے وہ ظاہر ہے- مگر آپ کے ضبط و صبر کی طاقت کے سامنے ہر مشکل آسان تھی- معلوم نہیں کتنے ہیر پھیر سے یہ راستہ کیا گیا تھا کہ پورے ایک مہینہ سترہ روزکے بعد سات ذی الحجہ کو آپ بصرہ پہنچائے گئے- کامل ایک سال تک آپ بصرہ میں قید رہے- یہاں کا حاکم ہارون کا چچا زاد بھائی عیسٰی ابن جعفر تھا شروع میں تو اسے صرف بادشاہ کے حکم تعمیل مدنظر تھی بعد میں اس نے غور کرنا شروع کیا- آخر ان کے قید کئے جانے کا سبب کیا ہے- اس سلسلے میں اس کو امام علیہ السّلام کے حالات اور سیرت زندگی اور اخلاق و اوصاف کی جستجو کا موقع بھی ملا اور جتنا اس نے امام علیہ السّلام کی سیرت کا مطالعہ کیا اتنا اس کے دل پر آپ کی بلندی اخلاق اور حسن کردار کا قائم ہو گیا- اپنے ان تاثرات سے اس نے ہارون کو مطلع بھی کر دیا- ہارون پر اس کا الٹا اثر ہوا کہ عیسٰی کے متعلق بدگمانی پیدا ہو گئی- اس لئے اس نے امام موسٰی کاظم علیہ السلام کو بغداد میں بلا بھیجا- فضل ابن ربیع کی حراست میں دے دیا اور پھر فضل کا رجحان شیعیت کی طرف محسوس کر کے یحییٰ برمکی کو اس کے لئے مقرر کیا- معلوم ہوتا ہے کہ امام علیہ السّلام کے اخلاق واوصاف کی کشش ہر ایک پر اپنا اثر ڈالتی تھی- اس لئے ظالم بادشاہ کو نگرانوں کی تبدیلی کی ضرورت پڑتی تھی-

سب سے آخر میں امام علیہ السّلام سندی بن شاہک کے قید خانے میں رکھے گئے یہ شخص بہت ہی بے رحم اور سخت دل تھا- آخر اسی قید میں حضرت علیہ السّلام کوانگور میں زہر دیا گیا- 25 رجب 183 ھ میں 55 سال کی عمر میں حضرت علیہ السّلام کی شہادت ہوئی بعد شہادت آپ کی نعش کے ساتھ بھی کوئی اعزازی صورت اختیار نہیں کی گئی بلکہ حیرتناک طریقے پر توہین آمیز الفاظ کے ساتھ اعلان کرتے ہوئے آپ کی لاش کو قبرستان کی طرف روانہ کیا گیا- مگر اب ذرا عوام میں احساس پیدا ہو گیا تھا اس لئے کچھ اشخاص نے امام علیہ السّلام کے جنازے کو لے لیا اور پھر عزت و احترام کے ساتھ مشایعت کر کے بغداد سے باہر اس مقام پر جواب کاظمین کے نام سے مشہور ہے دفن کیا-
images1زمرہ جات: ائمۂ اثنا عشریہ | تاریخ اسلام | بنو ہاشم
—————————————
مضمون کی تیاری میں وکیپیڈیا سے مدد لی گئی ۔

21 thoughts on “شہادتِ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام 25 رجب 183 ھ”

  1. ھمارے لاکھوں درود و سلام اس مظلوم امام پر کے جن کو اسیر رکھنے کے باوجود زہر دے کر شہید کیا گیا اور ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    اور ان کے جنازے کو مزدوروں سے اٹھوایا گیا
    اور سلام ہو اس مظلوم و بے بس امام (ع) پر کہ جن کو حالتِ نماز میں اسیر کیا گیا اور مدینے سے ایسے لے جایا گیا کے آپ اپنے ایلِ خانہ سے مل بھی نہ سکے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    الصلوۃ والسلام علیک یا غریب الغرابأ یا باب الحوائج یا موسیٰ ابنِ جعفر الکاظم ۃ

  2. اس پردرد موقع پر امام عصر (عج) اور تمام مؤمنین کی خدمت میں تعزیت پیش ہے۔

    جعفر صاحب اس کاوش کو خدا اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور آپکی توفیقات میں اضافہ فرمائے۔ آمین۔

  3. قیدی چار دہ سالہ ہیں جناب کاظمّ
    طوق کے چان کا ہالہ ہیں جناب کاظمّ
    حریت کا جو قبلہ ہیں جناب کاظمّ
    قید میں بھی شہہ والا ہیں جناب کاظمّ
    غم نہیں پاوں سے پبڑی جو ہے مربوط کڑی
    خود یہ زنجیر امامت کی ہیں مسبوط کڑی

    وارث علم ہیں یہ اہل ولا کے والی
    گلشن شرع روسلع دوسرا کے مالی
    نسب پاک بھی اعلیٰ ہے حسب بھی عالی
    ماں حمیدہ سی ہیں اوصاف حمیدہ والی
    قولِ صادقّ سے سند جن کی صداقت کے لئے
    کفوَ جعفر ہیں یہ کافی ہے شرافت کے لئے

    کثرت غم سے نہ ان کو ہے کبھی بھی وسواس
    نہ مصائب سے اُنہیں خوف نہ ہے ان کو ہراس
    ایک ہی خو ہے روش ایک مشانہ نو باس
    ایک ہی شجرے کے دو پھول ہیں یہ اور عباسّ
    خون دونوں میں علیّ کا ہے پیمبرّ کی قسم
    دونوں ہیں “باب الحوائج“ درِحیدرّ کی قسم

    السلام السلام یا باب الحوج امام موسی کاظمّ علیہ السلام

  4. جعفر بھائی،قمر بھائی اور عزیزی اکمل سید.جزاک اللہ.
    امام علیہ السلام مختلف زندانوں میں

    حضرت امام موسی كاظم كو بغداد لایا گیا یھاں پر فضل بن ربیع مشھور دروغہ تھا۔ امام (ع) كو اس كے سپرد كر دیا گیا۔ اس پر تمام خلفاء اعتماد كرتے تھے۔
    ھارون نے اس سے خاص تاكید كی تھی كہ امام علیہ السلام كے ساتھ كسی قسم كی نرمی نہ برتے بلكہ جتنا ھوسكے ان پر سختی كی جائے لیكن فضل امام كے معصومانہ كردار كو دیكھ كر پسیج گیا اور آپ كا عقیدت مند بن گیا۔ سختی كی بجائے نرمی سے پیش آنے لگا۔ زندان كے كمرے كو ٹھیك كیا اور امام علیہ السلام كو قدرے سھولتیں فراھم كیں۔ جاسوس نے ھارون كو خبر دی كہ امام موسی كاظم فضل بن ربیع كے زندان میں آرام و سكون كے ساتھ زندگی بسر كررھے ھیں۔ یوں محسوس ھورھا ھے كہ زندان نھیں ھے بلكہ مھمان سرا ھے۔ ھارون نے امام علیہ السلام كو اس سے لے كر فضل بن یحییٰ برمكی كی نگرانی میں دے دیا۔ فضل بن یحییٰ بھی كچھ عرصہ كے بعد امام (ع) سے محبت كرنے لگا۔ ھارون كو جب اس كے رویے كی تبدیلی كی خبر ملی تو سخت غضبناك ھوا اور اپنے جاسوس كو بھیجا كہ جاكر معاملہ كی تحقیق كریں۔ جب جاسوس آئے تو معاملہ ویسا ھی تھا جیسا كہ ھارون كو بتیا گیا تھا۔ھارون فضل برم، كی پر سخت ناراض ھوا اس كا باپ وزیر تھا، یہ ایرانی النسل تھا۔ بہت ھی ملعون شخص تھا۔ اس كو ڈر لاحق ھوا كہ كھیں اس كا بیٹا خلیفہ كی نظروں میں گر نہ جائے، یہ فوری طور پر ھارون كے پاس آیا اور كھا كہ وہ اس كے بیٹے كی غلطی كو معاف كر دے۔ اس كی جگہ پر میں معافی مانگتا ھوں۔ اور میرا بیٹا بھی اپنے كیے پر شرمندہ ھے۔ پھر وہ بغداد آیا امام (ع) كو اپنے بیٹے كی نگرانی سے لے كر سندی بن شاھك كی نگرانی میں دیا۔ یہ انتھائی ظالم اور سفاك آدمی میں تھا اور مسلمان بھی نہ تھا، اس لیے امام علیہ السلام كے بارے میں اس كے دل ذرا بھر رحم نہ تھا۔ پھر كیا ھوا؟ امام علیہ السلام پر سختی كی جانے لگی اس كے بعد میرے آقا نے كسی لحاظ سے سكون نھیں دیكھا ۔

  5. قمر بھائی آپ کی تشریف آوری کا شکریہ بندہ ناچیز ہر وقت دعاؤں کا طالب رہتا ہے بس دعا دیتے رہا کریں

  6. اکمل سید بھائی
    بہت عمدہ ، اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ

  7. استادِ محترم جناب صفدر ھمدانی صاحب اسلام علیکم
    آپ نے درست فرمایا امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی زندگی کا زیادہ وقت اسیری میں گزرا اور ہارون رشید جس قدر چاہتا تھا کہ امام کو ظالم ترین شخص کی نگرانی میں قید کیا جائے اور وہ امام (ع) پر ظلم کی انتہا کردے اسی قدر امام (ع) کی معصومانہ اقدار اور شفقت اور محبت سے متاثر ہو کر ظالم سے ظالم انسان کا دل بھی پسیج جاتا تھا اور وہ امام (ع) کا گرویدہ ہو جاتا تھا۔
    اللھم صلیِ الا محمد و آلہ محمد

  8. سلسلہ معصومین علیہ السّلام میں امام حسن علیہ السّلام کے بعد بجائے ان کی اولاد کے امام حسین علیہ السّلام کاامام ہونا اور اولاد امام جعفر صادق علیہ السّلام میں بجائے فرزند اکبر کے امام موسیٰ کاظم علیہ السّلام کی طرف امامت کامنتقل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ معیار امامت میں نسبتی وراثت کو مدِنظر نہیں رکھا گیا ہے .اس سے زیادہ کیا حق پیش ہو کہ نسبتی وراثت کا معیار کیا ہونا چاہئے …

    ساتویں امام میں تحمل وبرداشت اورغصہ کوضبط کرنے کی صفت اتنی نمایاں تھی کہ آپ کالقب “کاظم ” قرار پایا جس کے معنی ہیں غصے کو پینے والا . آپ کو کبھی کسی نے تر شروئی اور سختی کے ساتھ بات کرتے نہیں دیکھا اور انتہائی ناگوار حالات میں بھی مسکراتے ہوئے نظر آئے … سبحان اللہ

    امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کثرت عبادت اور شب زندہ داری کی وجہ سے” عبد صالح” کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا

    الصلوۃ والسلام علیک یا غریب الغرابأ یا باب الحوائج یا موسیٰ ابنِ جعفر الکاظم
    جزاک اللہ جعفر بھائی .. سلامت رہیں

  9. امام علیہ السلام کا قیدخانہ میں امتحان اورعلم غیب کا مظاہرہ
    امام موسی کاظم علیہ السلام

    علامہ شبلنجی لکھتے ہیں کہ جس زمانہ میں آپ ہارون رشید کے قیدخانہ کی سختیاں برداشت فرمارہے تھے امام ،ابو حنیفہ کے شاگرد رشیدابو یوسف اور محمد بن حسن ایک شب قیدخانہ میں اس لیے گئے کہ آپ کے بحرعلم کی تھاہ معلوم کریں اور دیکھیں کہ آپ علم کے کتنے پانی میں ہیں وہاں پہنچ کر ان لوگوں نے سلام کیا، امام علیہ السلام نے جواب سلام عنایت فرمایا، ابھی یہ حضرات کچھ پوچھنے نہ پائے تھے کہ ایک ملازم ڈیوٹی ختم کرکے گھرجاتے ہوئے آپ کی خدمت میں عرض پرداز ہوا کہ میں کل واپس آؤں گا اگر کچھ منگانا ہو تو مجھ سے فرما دیجیے میں لیتا آؤں گا آپ نے ارشاد فرمایا مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں، جب وہ چلاگیا تو آپ نے ابو یوسف و غیرہ سے کہا کہ یہ بیچارہ مجھ سے کہتاہے کہ میں اس سے اپنی حاجت بیان کروں تا کہ یہ کل اس کی تکمیل و تعمیل کردے لیکن اسے خبر نہیں، کہ یہ آج رات کو وفات پاجائے گا، ان حضرات نے جو یہ سنا تو سوال و جواب کئے بغیر ہی واپس چلے آئے اور آپس میں کہنے لگے کہ ہم ان سے حلال و حرام، واجب و سنت کے متعلق سوالات کرنا چاہتا تھے ”فاخذیتکلم معناعلم الغیب“ مگر یہ تو ہم سے علم غیب کی باتیں کر رہے تھے اس کے بعد ان دونوں حضرات نے اس ملازم کے حالات کا پتہ لگایا، تو معلوم ہوا کہ وہ ناگہانی طور پر رات ہی میں وفات کرگیا یہ معلوم کرکے یہ حضرات سخت متعجب ہوئے

    (نورالابصار ص ۱۴۶) ۔

    علامہ اربلی لکھتے ہیں کہ اس واقعہ کے بعد یہ حضرات پھر امام علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض پرداز ہوئے کہ ہمیں معلوم تھا کہ آپ کو صرف علم حلال و حرام ہی میں مہارت حاصل ہے لیکن قیدخانہ کے ملازم نے واضح کردیا، کہ آپ علم المنایا اور علم غیب بھی جانتے ہیں آپ نے ارشاد فرمایا کہ یہ علم ہمارے لیے مخصوص ہے اس کی تعلیم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے امام علی علیہ السلام کو دی تھی ،اوران سے یہ علم ہم تک پہنچاہے۔

  10. علامہ مجلسی تحریرفرماتے ہیں :
    کہ ایک دن حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام مکان میں تشریف فرماتھے اتنے میں آپکے نورنظرامام موسی کاظم علیہ السلام کہیں باہر سے واپس آئے امام جعفرصادق علیہ السلام نے فرمایا بیٹے! ذرا اس مصرعہ پرمصرعہ لگاؤ”تنح عن القبیح ولامزتودہ“ آپ نے فورامصرعہ لگایا ”ومن اولیتہ حسنا فزدہ“
    ترجمہ
    بری باتوں سے دوررہو اوران کاارادہ بھی نہ کرو
    ۲ ۔ جس کے ساتھ بھلائی کرو،بھرپورکرو“

    پھرفرمایا! اس پرمصرعہ لگاؤ ”ستلقی من عدوک کل کید“ آپ نے مصرعہ لگایا ”اذاکاوالعدوفلاتکدہ“
    (ترجمہ) ۱ ۔ تمہارادشمن ہرقسم کامکروفریب کرے گا
    2۔ جب دشمن مکروفریب کرے تب بھی اسے برائی کے قریب نہیں جانا چاہئے

    (بحارالانوار جلد ۱۱ ص ۳۶۶) ۔

  11. علامہ مجلسی لکھتے ہیں کہ امام ابوحنیفہ ایک دن حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام سے مسائل دینیہ دریافت کرنے کے لیے حسب دستورحاضرہوئے اتفاقا آپ آرام فرما رہے تھے موصوف اس انتظارمیں بیٹھ گئے کہ آپ بیدار ہوں توعرض مدعا کروں ،اتنے امام موسی کاظم جن کی عمراس وقت پانچ سال کی تھی برآمد ہوئے امام ابوحنیفہ نے انہیں سلام کرکے کہا: اے صاحبزادے یہ بتاؤکہ انسان فاعل مختار ہے یا ان کے فعل کا خدا فاعل ہے .

    یہ سن کرآپ زمین پردو زانو بیٹھ گئے اور فرمانے لگے سنو! بندوں کے افعال تین حالتوں سے خالی نہیں ،یاان کے افعال کا فاعل صرف خدا ہے یاصرف بندہ ہے یا دونوں کی شرکت سے افعال واقع ہوتے ہیں اگرپہلی صورت ہے تو خدا کو بندہ پرعذاب کا حق نہیں ہے،اگرتیسری صورت ہے توبھی یہ انصاف کے خلاف ہے کہ بندہ کوسزا دے اوراپنے کوبچا لے کیونکہ ارتکاب دونوں کی شرکت سے ہوا ہے اب لامحالہ دوسری صورت ہوگی،وہ یہ کہ بندہ خودفاعل ہے اورارتکاب قبیح پرخدا اسے سزادے ۔
    بحارالانوارجلد ۱۱ ص ۱۸۵) ۔

  12. امام ابوحنیفہ کہتے ہیں کہ میں نے اس صاحبزادے کواس طرح نمازپڑھتے ہوئے دیکھ کران کے سامنے سے لوگ برابرگزر رہے تھے امام جعفرصادق علیہ السلام سے عرض کیا کہ آپ کے صاحبزادے موسی کاظم نمازپڑھ رہے تھے اورلوگ ان کے سامنے سے گزر رہے تھے، حضرت نے امام موسی کاظم کوآواز دی وہ حاضرہوئے، آپ نے فرمایا بیٹا! ابوحنیفہ کیا کہتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ تم نمازپڑھ رہے تھے اورلوگ تمہارے سامنے سے گزر رہے تھے امام کاظم نے عرض کی باباجان لوگوں کے گزرنے سے نمازپرکیا اثرپڑتا ہے، وہ ہمارے اورخدا کے درمیان حائل تونہیں ہوئے تھے کیونکہ وہ تو”اقرب من حبل الورید“ رگ جاں سے بھی زیادہ قریب ہے ،یہ سن کرآپ نے انھیں گلے سے لگالیا اورفرمایااس بچہ کواسرارشریعت عطاہوچکے ہیں

    (مناقب جلد ۵ ص ۶۹) ۔

  13. ایک دن عبداللہ ابن مسلم اور ابوحنیفہ دونوں وارد مدینہ ہوئے، عبداللہ نے کہا، چلو امام صادق علیہ السلام سے ملاقات کریں اوران سے کچھ استفادہ کریں، یہ دونوں حضرت کے در دولت پر حاضر ہوئے یہاں پہنچ کر دیکھا کہ حضرت کے ماننے والوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے ، اتنے امام صادق علیہ السلام کے بجائے امام موسی کاظم برآمد ہوئے لوگوں نے سر و قد تعظیم کی، اگرچہ آپ اس وقت بہت ہی کمسن تھے لیکن آپ نے علوم کے دریا بہانے شروع کیے .

    عبداللہ و غیرہ نے جو قدرے آپ سے دور تھے آپ کے قریب جاتے ہوئے آپ کی عزت و منزلت کا آپس میں تذکرہ کیا، آخر میں دونوں حاضر خدمت ہوئے، امام ابوحنیفہ نے امام موسی کاظم سے پوچھا صاحبزادے، یہ بتاؤ کہ اگر تمہارے شہر میں کوئی مسافر آ جائے اوراسے قضا حاجت کرنی ہو تو کیا کرے اور اس کے لیے کونسی جگہ مناسب ہوگی حضرت نے برجستہ جواب فرمایا:
    ”مسافرکوچاہئے کہ مکانوں کی دیواروں کے پیچھے چھپے، ہمسایوں کی نگاہوں سے بچے نہروں کے کناروں سے پرہیزکرے جن مقامات پردرختوں کے پھل گرتے ہوں ان سے حذرکرے۔

    مکان کے صحن سے علیحدہ، شاہراہوں اورراستوں سے الگ مسجدوں کوچھوڑکر،نہ قبلہ کی طرف منہ کرے نہ پیٹھ ، پھر اپنے کپڑوں کو بچا کرجہاں چاہے رفع حاجت کرے یہ سن کر امام ابوحنیفہ حیران رہ گیے ، اور عبداللہ کہنے لگے کہ میں نہ کہتا تھا کہ یہ فرزند رسول ہیں انہیں بچپن ہی میں ہرقسم کاعلم ہواکرتاہے.

    (بحار،مناقب واحتجاج)۔

  14. جب حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کی عمرتین سال کی تھی ،ایک شخص جس کانام صفوان جمال تھا حضرت امام جعفرصادق علیہ السلام کی خدمت میں حاضرہوکرمستفسرہوا کہ مولا،آپ کے بعد امامت کے فرائض کون ادا کرے گا، آپ نے ارشاد فرمایا ائے صفوان!تم اسی جگہ بیٹھواوردیکھتے جاؤجوایسا بچہ میرے گھرسے نکلے جس کی ہربات معرفت خداوندی سے پر ہو،اورعام بچوں کی طرح لہوولعب نہ کرتا ہو،سمجھ لینا کہ عنان امامت اسی کے لیے سزاوار ہے اتنے میں امام موسی کاظم علیہ السلام بکری کا ایک بچہ لیے ہوئے برآمد ہوئے اورباہرآ کراس سے کہنے لگے ”اسجدی ربک“ اپنے خدا کا سجدہ کر .. یہ دیکھ کر امام جعفرصادق نے اسے سینہ سے لگا لیا-

    (تذکرةالمعصومین ص ۱۹۲) ۔

  15. ہشام بن احمر کی روایت ہے کہ اہلِ مغرب کا ایک تاجر آیا اس کے پاس فروخت کے لیے کنیزیں تھیں اس نے حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام سے سامنے فروخت کے لیے پیش کیا لیکن آپ نے ان میں سے ایک کو بھی پسند نہ کیا اور فرمایا کوئی اور دکھاؤ، اس نے کہا کہ میرے پاس ایک اور ہے مگر وہ بیمار ہے آپ نے فرمایا ” تمہیں دکھانے میں کیا عذر ہے؟“ اس نے دکھانے سے انکار کر دیا تو آپ وآپس تشریف لے گئے اور دوسرے روز مجھھے بھیجا اور اور فرمایا کہ اس بیمار کنیز کی قیمت دریافت کرو: میں نے جاکر قیمت معلوم کی ، اس نے جو قیمت بتائی میں نے اسی قیمت میں کنیز کو خرید لیا ، اس نے پوچھا کہ کس کے لیے خرید رہے ہو ؟
    میں نے کہا کہ ایک مردِ ہاشمی کے لیے۔
    اس نے پوچھا کے بنی ہاشم میں سے وہ کس سلسلئہ نسب کا ہے ؟
    میں نے اسے تمام ماجرہ بتایا اس پر اس نے کہا کہ سنو! اب میں اس کنیز کی روداد سناتا ہوں
    جب میں نے اس کنیز کو مغرب کے اس دور دراز مقام سے خریدا تو اہلِ کتاب کی ایک عورت مچھ سے ملی اور پوچھا
    یہ کنیز تیرے ساتھ کیسے ہے ؟ میں نے کہا کہ میں نے اس کو اپنی ہی ذات کے لیے خریدا ہے
    اس نے کہا کہ تو اس قابل نہیں کہ اس جیسی کنیز کو اپنے تصرف میں لائے ۔
    یہ کنیز تو ایسی ہے کہ روئے زمین پر سب سے بہتر شخص کے پاس رہے اس کے بطن سے ایک ایسا بچہ پیدا ہوگا کہ جس کا
    مثل و نظیر مشرق و مغرب میں کوئی نہ ہو گا، تمام اہلِ مشرق و مغرب اس کے فرمانبردار ہو نگے
    بہر حال اس کے بطن سے حضرت امام علی رضا علیہ السلام تولد ہوئے۔
    * بحارالانوار جلد 7 صفحہ نمبر 51، 52 ( علامہ باقر مجلسی)

  16. سلیمان بن عبداللہ بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں حضرت ابوالحسن امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی خدمت میں بیٹھا ہوا تھاکہ کچھ لوگ ایک عورت کو لائے جس کا منھہ پیچھے کی طرف مڑا ہوا تھا ۔ آپ نے اپنا دایاں ہاتھ اس کی پیشانی پر رکھا اور بایاں ہاتھ اس کے سر کے پیچھے رکھا اور یہ سورۃ الرعد کی آیت نمبر ۱۱ کی تلاوت فرمائی تو اس عورت کا چہرہ پیچھے کی طرف سے آگے کی طرف پھر آیا،
    آپ نے اس سے فرمایا دیکھ جیسا تو نے کیا تھا اب پھر ویسا کام نہ کرنا۔ لوگوں نے پوچھا فرزندِ رسول (ص) اس نے کیا کیا تھا ؟
    آپ نے فرمایا اس بات کو پردے میں ہی رہے گی جب تک کہ یہ خود نہ بتانا چاہے ، چنانچہ لوگوں نے اس عورت سے پوچھا کہ تو نے ایسا کام کیا تھا کہ جس سے تیرا یہ حال ہوا؟
    اس نے کہا کہ بات یہ تھی کہ میری ایک سوت ہے ایک دن میں جب نماز کے لیے کھڑی ہوئی تھی تو اسی اثنأ میں مجھے خیال آیا کہ شائد میرا شوہر میری سوت کے ساتھ بیٹھا ہوا ہے میں نے پیچھے مڑکر دیکھا تو میری سوت تنہا بیٹھی ہوئی تھی ، میرا شوہر اس کے ساتھ نہ تھا بس اسی وقت سے میرا منھہ ویسا ہی مڑا کا مڑا رہ گیا
    ——————————
    بحارالانوار ، جلد 7 صفحہ نمبر ۵۸

  17. اسلام علیکم
    بہت خوب جزاک اللہ خیر
    میرے علم میں اس قدر اضافہ کرنے کا بہت بہت شکریہ ،
    سب لکھنے والوں کو میری نیک تمنائیں ،
    دعا کی طالب
    عالم آرا

  18. جزاک اللہ
    بحق معصومین ع ، اسی طرح کدمت کرتے رہیں ۔
    جزاک اللہ ۔
    رئیس نقوی

  19. جزاک اللہ
    بحق معصومین ع ، اسی طرح خدمت ۔ آل۔رسول ص کرتے رہیں ۔
    جزاک اللہ ۔
    رئیس نقوی

  20. جزاک اللہ خواھران و برادران ،
    بحق معصومین ع ، خوش رہیں ، اسی طرح خدمت ۔ آل۔رسول ص کرتے رہیں ۔
    جزاک اللہ ۔
    رئیس نقوی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *