قبلہ جناب مرحوم میر حسین بخش ٹالپور انتقال کر گئے تب ہم سب کو ایسے لگا جیسے گھر کے آنگن سے کوئی آباءاجداد کے دور کا لگا ہوا تناور درخت کٹ جاتا ہے اور آنگن سونا سونا سا لگتا ہو، جیسے اپنا گھر بھی پرایا پرایا سا لگتا ہو. جب وہ تھا تب ہم اس سے مذاقیں ایسے کرتے تھے کہ جیسے ہماری طرح وہ بھی بچہ ہی تھا. عمر اتنی تھی کہ ابا حضور کو سندھی فائنل انہوں نے کروایا تھا. تب وہ ایک استاد تھا، رٹائرمینٹ جب لی تو حضرت اٹھارویں گریڈ میں تھا، اور ہر وقت پرانے زمانے کی تعلیم اور طریقہٍ درس و تدریس کے پکے راگ آلاپتا رہتا. ایک دن مجھے فرمایا:
“امر میاں! بڑے بد قسمت ہو کہ تم میری شاگردی میں نہ آئے..” اور میرا جواب ہوتا: “سرکار، ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ آپ بڑے خوشقسمت ہوں کہ میرے جیسا پھوہڑ شاگرد آپ کے فیضٍ تدریس میں نہ آیا، ورنہ…..”
تب مرحوم ایسے قہقہہ لگاتا جیسے کراچی میں کوسٹر چلانے والا پٹھان ڈرائیور کسی کار کو اوور ٹیک کرتے ہوئے لگاتا ہے.
میر صاحب خود کو کہلواتا تو فقیر طبیعت کا مائل تھا لیکن، “شانٍ میری” اس کے خون میں ایسے سرایت کر گئی تھی، جیسے پاکستان ٹیلیوژن میں دورٍ حاضر کے حکومت کی قصیدہ گوئی! بات بات پر (یعنی ہر جملے میں کسی صاحبٍ ولایت کا قول ضرور ملاتا، جیسے صاحب کو پکا یقین ہوتا کہ اس کی بات کو کوئی نہیں مانے گا.
ایسے ہی ایک دن تھا جب حضرت میر صاحب کی بیٹھک زوروں پر تھی. محفل میں میر صاحب کا بہنوئی میر گلو صاحب بھی اپنی مخصوص طرزٍ تشریف میں بیٹھا تھا. (بیٹھنا کیا، بقول ابا حضور کے میر گلو جب بیٹھتا ہے تب اردو کا حرف “ح” بن جاتا ہے.) اور میاں حسین بخش کے اقوالٍ زرین اپنی انگلیوں پر گن رہا تھا جو کہ پچھلے دس منٹ میں اکتالیس تک ہوگئے تھے. گنتے گنتے اچانک میر گلو کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا. چاغی کے پہاڑ کی طرح پھٹ کر اپنے سالے صاحب سے پوچھ بیٹھا: ” میر سائیں! اب آپ کی عمر مبارک کتنی ہوگئی ہے، حکیم نورالدین کی اضافی ادویات کی مدد سے؟”
میر صاحب پہلے تو سٹپٹا گیا، پھر سنبھل کر بولا: “پانچ برس ہوگئے ہیں رٹائرمینٹ کو! مطلب، چھیاسٹھ برس، کیوں؟”
“ایسے ہی!” میر گلو نے طنزیہ جواب دیا، : اصل میں اب آپ فرمائو نہ کہ کیا ہے زندگی؟ چھیاسٹھ برس کیا خاک چھانی ہے تم نے؟ اب اپنے مشاہدات بتائو نہ! یہ قول جن کے تھے، بس ان کے ہی تھے، اب تم اپنے اقوال سنائو…. ”
اتنا بھاری طنز میر حسین بخش صاحب نے کیسے برداشت کیا! یہ صرف خدا ہی جانتا ہے، ہاں البتہ اس دن کے بعد میر صاحب کچھ ایسے چپ ہوگیا جیسے اس نے گاندھی برت رکھ لیا ہو.
اور وہ جب اپنا برت توڑ رہا تھا تب اس کی آنکھیں آنسوءں سے بھری ہوئی تھی، موت کا فرشتہ اس کے کاندھے پر سوار ہوچکا تھا، اور اس نے آہستہ آہستہ اپنے ہونٹ کھول کر بولنے کی کوشش کی،
اس کا بھائی، اور چھوٹا بیٹا جو اس وقت ساتھ بیٹھے تھے، انہوں نے اپنے کان سیدھے کیے، جانے والا ٹوٹے الفاظ سے بول رہا تھا.. “میں نے تم لوگوں کو کچھ نہ دیا، بس بکواس کے علاوہ!”
اور میر صاحب کی آنکھیں بند ہوگئی!
میں سمجھ گیا، اور یقین ہوگیا، کہ مرحوم نے اپنی زندگی کا ثمر دے دیا. کہ اپنے تجربے دوسروں پر تھاپ کر نہ گیا! یہی اس کا بڑا پن تھا.

برادرم محترم یہ میر صاحب کہاں کے رہنے والے تھے؟
ظہور بھیا!
مرحوم میر حسین بخش ٹالپور، حسین آباد گائوں کا رہنے والا تھا. جو کہ ہمارے ہی گائوں کے ساتھ ملا ہوا ہے. ضلع خیرپور میرس، تحصیل کوٹڈجی. اس کے بہنوئی میر گلو صاحب کی رہائش جھڈو ، تھرپارکر میں ہے. خدا دونوں کو جنت الفردوس میں جگہ دے. میں چاہتا ہوں کہ ان کی باتیں یہاں گاہے بگاہے بلاگ کی صورت میں لائوں. سچ تو یہ ہے کہ بڑی فصیح تھے دونوں.
” میں نے تم لوگوں کو کچھ نہیں دیا ، بس بکواس کے علاوہ ”
افسوس کہ یہ ہی جملہ آج کل ہر فرد دوسرے فرد سے کہ رہا ہے۔ ہر ایک قاید اپنی قوم سے کہ رہا ہے اور ہر ایک بزرگ اپنے اہل و عیال سے کہ رہا ہے۔
یہ حقیقت کا اعتراف ہے ۔
فیاض جی بڑے لوگ صدر،وزیر اعظم اور اسی نسل کے لوگ نہیں ہوتے بلکہ بڑے لوگ تو ایسے ہوتے ہیں۔ اور ایسےبڑے لوگوں کا ذکر ہوتے رہنا چاہیئے۔
آداب صفدر ھمٰدانی بھیا!
انشاءاللہ ان کی سبق آموز باتیں لکھتا رہونگا۔
آپ کے ساتھ کا مطلوب!
فیاض
فیاض امر صاحب،
اللہ آپ کو صلامت رکھے کبی ریاست خیرپور کی تاریخ کا ذکر بھی ضرور لکھیی،
نوازش ھوگی۔
کوئی دس برس پرانی بات ہے. اوپر ذکر کیے دونوں میر صاحبان، زیاراتٍ مقدسہ کے لیئے ایران گئے.
مولا حضرت علی رضا علیہ السلام کے صحن میں دونوں حضرات نیچے سر کیے دعائوں میں مشغول تھے. کہ اچانک میر حسین بخش صاحب نے میر گلو کے دعائیہ الفاظ سن لیے: دعا کیا مانگ رہا تھا کہ:
“اے دینٍ اسلام کی لاج رکھنے والے مولا! مجھے پئسے دے. بہت غریب ہوگیا ہوں….”
تو میر صاحب نے معمولی سا غصہ کرکے اپنے بہنوئی میر گلو کو ڈانٹا: “یہ کوئی دعا ہے؟ ایمان مانگ، عاقبت مانگ، روزٍ حشر کی مغفرت مانگ!”
تب میر گلو نے مسکرا کے جواب دیا: “بھائی جی! آدمی مانگے وہ، جو اس کے پاس نہیں! تم ایمان اس لیے مانگ رہے ہو کیونکہ وہ تیرے پاس نہیں، اور میرے پاس ایمان بہت! پئسہ نہیں ہے، تبھی تو پئسہ مانگ رہا ہوں!”
(میر گلو ایک فقیر صفت آدمی تھا! جب فوت ہوا تب مرنے سے پہلے اپنے رشتیداروں کو کہنے لگا کہ: “مجھے مالک بلا رہا ہے! بلکل ایسے جیسے اماں کی کوکھ سے باہر آنے کے لیے امی بلا رہی تھی. مجھے تو اس عارضی زندگی میں امی نے پالا، لیکن اب میں خوش ہوں کہ مجھے پالنے لیے بڑا دروازا بلا رہا ہے!” میں نے آج تک کسی بھی میت کا چہرہ ایسا مسکراتا نہیں دیکھا ہے جیسے مرحوم میر گلو کا دیکھا تھا!)
سلام امتیاز حُسین بھائی!
مہربانی۔ پسند کرنے کی۔
اور زندگی رہی تو حاضر سرکار۔۔
مولا لجپال آپ کو سدا سلامت رکھے۔ آمین
میرا خیال ہے کہ اتنا کافی ہی ہے کہ خیرپور میرس کبھی فرنگیوں کی غلام نہ رھی ہے۔ شاید یہی سبب ہے کہ یہاں بزدل کم اور سچے آدمی بہت پیدا ہوئے ہیں۔ سچل سرمست آپ کے سامنے ہے۔ اس پر مولا کا خاص کرم ہے۔
والیکم اسلام امر بھائی،
آپ نیں فقیر میر گلو اور میر حُسین بخش کی جنابِ علی علیہ سلام کے دربار میں حاضری والا واقعہ بیاں کر کے بال کھڑے کر دیے، اللہ آپ کو سدا سلامت رکھے ایمان تازا ھوگیا۔