میں گذشتہ چند روز اپنی وجوہ کے سبب یہاں عالمی اخبار (بلاگ) پر غیر حاضر رہا۔ اس دوران نگہت بہن سے بات بھی ہوئی اور ان سے فقیر نے وعدہ کیا تھا کہ جلد ہی واپسی کروں گا۔ تاہم آج جا کر کچھ فرصت ملی تو اس طرف آیا۔ یہاں آکر دیکھا کہ اس خاک بسر کو آپ احباب نے کس محبت اور کمال مہربانی سے یاد رکھا۔ میں خاص طور پر ممنون ہوں محترمہ ڈاکٹر پنہاں صاحبہ اور مکرمی منظور قاضی صاحب کا کہ اس بلاگ کی دنیا میں جہاں اپنی آواز سنائی نہیں دیتی، وہاں انہوں نے اس طوطی بجانے والے کو یاد رکھا۔
اسی دوران محترمہ ثناء شاہ صاحبہ کی دادی جان کا انتقال پُر ملال بھی ہوا، سو ان سے بھی حرف تعزیت کہنا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار انبیاء، اوصیاء، صالحین و صادقین (ع) میں جگہ اور انکی شفاعت عطا فرمائے۔ محترم حنیف اخگر صاحب کی وفات بھی اہل ادب کے لئے حسرت آیات سانحہ تھی۔ اللہ کریم ان کی بھی مغفرت فرمائے اور ہمیں ان کی فکر زندہ رکھنے کی توفیق بخشے۔ آمین۔
بیٹی کی ولادت پر مبارکباد کے حوالہ سے تمام احباب کا مشکور ہوں، خاص طور محترمہ ماریہ علی صاحبہ اور جناب خاور چوہدری صاحب کا۔ دعا فضہ حسین میری تیسری اولاد ہے۔ جن احباب ذیقدر کا نام لے کر شکریہ ادا نہیں کر سکا، ان کا بھی تہ دل سے مشکور ہوں۔ انشاء اللہ کو شش کروں گا تعمیری کاموں میں آپ دوستوں کے ہمراہ چل سکوں۔
بابا صفدر ہمدانی اور نگہت بہن کا شکریہ ادا اس لئے نہیں کرنا کہ کبھی اپنے بڑوں کا بھی کوئی شکریہ ادا کر پاتا ہے بھلا؟ سو جو کام ہو نہ سکے اس کو چھیڑنا ہی کیا! ان سے ہمیشہ کی طرح اب بھی ہمت افزائی اور راہنمائی کا طلبگار ہوں۔ گو کہ میں نے چاہا تھا کہ کسی بھی بہانے سے یہاں سے رخصت لے لوں، لیکن صفدر ہمدانی کے نام کا شجر سایہ دار نہ صرف سائیبان کی مانند ہمیں زمانے کی حدتوں سے بچاتا رہتا ہے، بلکہ سو جائیں تو سورج کی کرنیں چھان چھان کر گراتا ہے کہ ہم جاگ چکیں، کہیں ڈگمگائیں یا گرنے لگیں تو اپنی شاخیں بڑھا کر تھام لیتا ہے اور افلاس علم کے اس عہد میں مسلسل ثمر دار رہتا ہے اور سیر و سیراب علم کرتا رہتا ہے۔ اس ہمہ ہنگی شجر سایہ دار کا تنا لنڈن میں ہے تو محبت آمیز شاخیں سڈنی میں اپنی نکہت و رعنائی پھیلا رہی ہیں اور ہم انہیں شاخوں کے سائے میں اپنا چمن بسائے بیٹھے ہیں۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ ان کا حامی و ناصر ہو اور ہم ان سے ھل من مزید کہ کر کچھ نہ کچھ گہر ہائے علم و ادب پاتے رہیں۔
آنلائن صوتی خبر نامہ ایک معرکہ آراء قدم ہے جس پر تمام تکنیکی اور عملی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ احسنتم صد احسنتم۔ ان شاء اللہ اس سلسلے میں مثبت حصہ ڈالنے کی سعی کروں گا۔
سب احباب سے شکریہ کے ساتھ، کہ آپکی محبتوں کا بہر حال مقروض ہوں اور ایک لفظ شکریئے کا یا تعزیت کا حق محبت کہاں ادا کر پائے گا۔
نا چیز
مصباح۔
