میں اس وقت ٹارچر اینڈ ٹراما ری ھیبلیٹیشن سینٹر کے کمرے میں اپنی میرون گھومنے والی کرسی پر بیٹھی ھوں ۔۔ سامنے مہاگنی میز پر جدید لیپ ٹاپ ،کتابیں ،کئی سرکاری خطوں کے علاوہ فائلوں کے ساتھ میری نیلی ڈائری بھی پڑی ھے جس میں پورے دن کا شیڈول لکھا ھوتا ھے ۔۔ آج شیڈول کے بغیر ایک مریض ایمرجنسی میں آیا تھا ۔۔ جس کی کہانی عراق کی خوبصورت گلی محلوں سے ھوتی ھوئی سڑکوں پر رلتی بکھرتی لاشوں میں اپنے بھائی کو ڈھونڈنے پر ختم ھو گئی ۔۔ اس کے بعد اس کے پا س کچھ اور کہنے کا حوصلہ نہ تھا اور میرے پاس وقت کی کمی ھمیشہ کی طرح ساتھ تھی ۔۔ جاتے وقت اس نے مجھے کئی سوالوں کے ھمراہ کر دیا ۔۔ وہ مجھ سے پوچھ رھا تھا کہ “خوشی کیا ھے ” ۔۔۔ میں نے حیرت سے اسے دیکھا ۔۔۔ اس نے ایک حسرت سے کہا کہ اس کی خوشی ” امن ” سے وابسطہ ھے ۔۔ اور میں نے کہا ۔۔۔۔ پرمیں نے کچھ نہیں کہا ۔۔۔ کیونکہ میرے پاس کوئی جواب نہیں تھا ۔۔۔۔ سب کچھ گڈ مڈ ھو رھا ھے ۔۔۔
آخر خوشی کیا ھے ؟ میری مدد کرو دوستو مجھے سولہ جون کو اسے بتانا ھے کہ ۔۔ خوشی کیا ھے ۔۔۔؟

محترمہ بہن صاحبہ!
سلام” علیکم
نہایت اہم موضوع ہے جسے آپ نے شروع کیا ہے، کاش یہی بات ہی ہماری سمجھ میں آجائے
بہر حال میری ناقص سمجھ کے مطابق اس سوال کا جواب بھی کربلا ہی میں ملے گا اور بقول جناب اقبال حیدر صاحب
کربلا درد و مصیبت کی دوا آج بھی ہے
کربلا درس گہِ اہلِ وفا آج بھی ہے
ایک چھوٹے بچے کے لیے خوشی ۔ ۔ ۔ مٹھائی کے ایک ٹکڑے کا مل جانا ہے
صحرا کے پیاسے کے لیے خوشی ۔ ۔ ۔ ایک گھونٹ پانی ہے
ایک ارب پتی کے لیے خوشی ۔ ۔ ۔ مزید ایک ارب جمع کرنا ہے وغیرہ وغیرہ
اورعرفاء و صلحاء کے لیے خوشی ۔ ۔ ۔ رب کی رضا ہے
پھر وہی بات جوکسی گزشتہ بلاگ میں بھی کہی گئی کہ
قبل از شہادت امام حسین (ع) کا اس آیت کریمہ کی تلاوت کرنا جس کا مطلب تقریباً یہ ہے کہ “اے نفسِ مطمئنہ ! اپنے رب کی طرف پلـٹ آ،تو اس سے راضی اور وہ تجھ سے راضی ( الفجر 27 ) اس بات کا ثبوت ہے کہ
1۔ امام حسین (ع) اس جہان سے جاتے وقت مطمئن تھے، ( کیا اطمنان، سکون، خوشی، رضامندی وغیرہ مترادفات نہیں؟ )
2۔ کیا اپنے ننھے ننھے بچوں کے ساتھ تین دن کی بھوک پیاس کے بعد اپنی جانیں حق پر نثار کردینی، ایک عظیم ترین مقصد ہی کے حصول کے لیے نہ تھی؟
3۔ کیا خوشی ایسے ہی مقاصد کے حصول کا نام نہیں؟
4۔ رضاء الٰہی سے بڑھ کر خوشی اور کیا ہو سکتی ہے؟؟؟؟؟
ایک شخص سر پر پٹی باندھے بیٹھا تھا۔
امام جعفر صادق(ع) کاگزر ہوا ، اس سے پوچھا کہ یہ سر پر پٹی کیوں باندھی ہے؟
اس شخص نے جواب دیا کہ میرے سر میں درد ہے ، اس لیے۔
آپ(ع) نے پوچھا کہ تیری عمر کیا ہے؟
اس نو جواب دیا کہ تیس سال۔
آپ(ع) نے پوچھا کہ گزشتہ تیس سالوں میں جب تو تندرست ہوتا تھا ، تیرے سر میں یہ درد نہ تھی کیا تو نے کبھی خدا کا شکر بھی کیا ؟ کہ آج اگر درد ہوئی تو اتنا بڑا اشتہار لگا لیا؟
” خوشی ” اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کو مدِ نظر رکھنا اور ان کا شکر ادا کرنا ہے
خوشی کسی مصیبت زدہ (مثلاً عراقی امرجینسی مریض) کی بات سننی اور اس کی مدد کی کم از کم خواہش ہی کرنی ہے (بشرطکہ اس سے زیادہ مدد ممکن نہ ہو)
میں نے سنا:
“تین چہرے! جن کی کرب سے مجھے چین کی نیند نہیں آتی، جو سدا میری آنکھوں کی چادریں چیر کر داخل ہوجاتے ہیں اور میں اپنی آنکھیں کھلی رکھتا ہوں! بوجھل بوجھل سی، اب تو لگتا ہے کہ اگر میں اپنے وقت سے پہلے مر بھی گیا تو ان چہروں کی تکلیف کی وجہ سے مرونگا! آپ سننا چاہتی ہیں کہ وہ کون ہیں؟ تو سنو!
پہلا چہرہ: اس معصوم بچے کا، جو اپنے باپ کی انگلی تھامے بزار میں آیا تھا. اس کا باپ خریداری کر رہا تھا لیکن بچے کی آنکھیں اس رنگ برنگی غبارے پر ٹکی ہوئی تھی جسے بیچنے والا بار بار اس کی طرف اشارہ کر رہا تھا. بچہ رو رو کر اس کو مانگنے لگا. باپ کے پاس اب صرف لوٹنے کے لیے کرائے کے ہی پئسے بچے تھے. پھر باپ کو ترس آگیا! کرائے کے لیے بچے پئسوں سے غبارہ خرید کر اس نے اپنے بیٹے کے ہاتھ میں دیا، اور بچے کو اپنے شانوں پر اٹھالیا. چند سیکنڈ بھی نہ گذرے کہ ایک “ٹھاہ” کی آواز آئی، غبارہ پھٹ چکا تھا، اور بچہ! اپنے اندر اس پھٹنے کی آواز سے بھی ہزاروں گنا زیادہ بڑے دھماکے سے پھٹ چکا تھا! آنکھیں… ایک لا متناہی اداسی… چپ لیکن، اندر کی چیخیں! وہ چہرہ…
دوسرا چہرہ: اس نوجوان برہن لڑکی کا، جو چاندنی رات میں، اپنے آنگن میں چارپائی ڈال کہ لیٹی ہوئی تھی، جس کا شوہر اندر کمرے میں اپنی دوسری بیوی کے ساتھ ہنس رہا تھا، پیار جتا رہا تھا، اور وہ سب سن رہی تھی! وہ چہرہ….
تیسرا چہرہ: اس بیواہ ماں کا، جو بنفشے کے پھول اٹھائے ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر کھڑی ھر آنے والی گاڑی کے مسافروں کو ایک عجیب نظروں سے دیکھ رہی تھی، جس کو کسی نے جھوٹی خبر سنائی تھی کہ اس کا بیٹا محاذٍ جنگ سے زندہ سلامت لوٹ کے آرہا ہے. جو مر چکا تھا… اس ماں کا چہرہ….”
نگہت بہنا! اداس ہوگئی، میری کہانی سے؟ اسے کہتے ہیں دکھ.! ایک ایسا دکھ جو دیمک کی طرح انساں کے اندر میں نفسیاتی “ایڈز” کے جرثومے ڈال جاتا ہے.
اور پھر وہ آھستہ آھستہ ‘ڈسپرین” کی گولی کی طرح گھلتا جاتا ہے.
اب نگہت بہنا! اس کہانی کو الٹا کریں!
جیسے ہی آپ اس بات کی تہ تک پہنچ جائینگی، آپ کو پتہ چل جائے گا کہ “خوشی” پانے کی کیفیت کا نام ہے. پالینا! کچھ بھی جو مطلوب ہو، جیسے ہی مل جائے پھر ہمارے وجود کی جو کیفیت ہوتی ہے اسے ہی تو خوشی کہتے ہیں!
یہاں یہ بات اہم ہے. کہیں بھول چوک نہ ہوجائے. میں نے عرض کیا کہ “پالینے” کے احساس کا رد عمل در اصل “خوشی” ہے!
اب کیا پاتے ہیں، یا کیا کھوتے ہیں، یہ اس آدمی کی “اولیت” پر منحصر ہے.
اس کے احساس پر دارومدار ہے.
لوگ لاٹری نکلنے پر خوش ہوتے ہیں، کیونکہ انہوں نے پایا!
گوتم نے سب کچھ چھوڑا (ہمارے نقطہٍ نظر سے) لیکن وہ خوش ہوگیا! اس کی تمنا ہی، تقاضا ہی نروان پانے کی تھی!
ایک ملزم پھانسی سے بچ گیا، اس نے زندگی پا لی، تو خوش ہوگیا!
حسین بن منصور کے ہاتھ کٹ گئے، اسے پھانسی دی جا رہی تھی اور وہ قہقہہ لگا رہا تھا! کہ اس نے اپنی منزل پالی!
لگے سر، ذرا حضرت مخدوم بلاول کا بھی سن لیجیئے، اسے امن امان میں خلل ڈالنے اور تصوف جیسے جرم کی بنیاد پر، قاضیوں نے تیل نکالنی والی چکی میں زندہ پسنے کی سزا سنائی. اور اپنی وصیت کیا سنا رہا تھا: “کہ مجھے جب چکی میں ڈالو تو پہلے میرے جسم کا نچلہ دھڑ ڈالنا، تاکہ اپنی ہڈیوں کے ٹوٹنے کی آوازیں سن کر مجھے خوشی ملے، کہ میں شہید ہو رہا ہوں” اسے شہادت کی تمنا تھی، جیسے وہ تمنا پالی، وہ خوش ہوگیا!
حرفٍ آخر: خوشی، پالینے کی کیفیت کا اظہار ہے.
اب ئی آپ پر منحصر ہے کہ آپ کیا پانا چاہتے ہیں! آپ دائمی خوش ہونا چاہتے ہیں تو کوئی دائمی سی چیز (یا ناچیز) پانے کی جستجو کریں!
عارضی چیز کا پانا عارضی خوشی دیتا ہے.
اور دائمی چیز کا پانا دائمی خوشی کا سبب بنتا ہے!
آپ سب عالم فاضل اور پڑھے لکھے لوگ ہیں اور مجھ جیسے کو بھی پڑھا لکھا کہہ جاتے ہو حالانکہ میں تو ابھی پڑھنے لکھنے کا سلیقہ سیکھ رہاہوں ۔جب یہ سیکھ لوں گا تو پڑھنا لکھنا شروع کرؤں گا۔ بابا یہ سوالات کہ خوشی کیا ہے،محبت کیا ہے،شکر کیا ہے،صبر کیا ہے یہ سب کائنات کے سوال ہیں۔ اتنے آسان نہیں ان کے جواب ۔ سب سے پہلے یہ غور کریں کہ ”میں کیا ہوں کون ہوں اور کیوں ہوں” خوشی تو ایک معروضی شے ہے۔ ایک ظالم ایسا بھی تو ہے جسے سروں کے مینار دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ایک ایسا کہ اسے مصبیت میں پھنسی اپنی قوم کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے،ایک ایسا کہ اسے دوسرے کو دھوکہ دیکر خوشی ہوتی ہے۔ لیکن ایسے بھی تو کتنے ہیں جنہیں کسی کو خوش دیکھ کر ہی خوشی ہوتی ہے۔ گھر کے لان میں ایک نئے پھول کے نکلنے پر خوشی ہوتی ہے،کسی کی مدد کر کے خوشی ہوتی ہے۔ تو صاحبو یہ خوشی کی وضاحت ایسی آسان بات نہیں۔ لیکن اسکا یہ مطلب بھی نہیں کہ اس کی کھوج نہ لگائی جائے۔لیکن اس حد تک کہ آپ خوشی کی کھوج میں گم نہ ہو جائیں۔ بس اپنے بارے میں بتا دوں کہ مجھے میرے مالک نے زندگی میں ہر وہ شے دی جس کی میں نے تمنا بھی نہیں کی۔ لیکن اب 59 سال کی عمر کا احاطہ کرنے بیٹھتا ہوں اور خوشیوں کے لمحے تلا ش کرتا ہوں تو فکر کی سوئی ایک ہی مقام پر اٹک جاتی ہے۔ بائیس سال کی عمر کا صفدر ھمٰدانی۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کا نیا کیمپس، شعبہ صحافت۔ گرمیوں کی ایک دوپہر یونیورسٹی سے سائیکل پر نکل کر گلبرگ جاتے ہوئے نہر کے کنارے ایک درخت کے نیچے چڑیا کے گھونسلے سے گرا ہوا اُسکا بے بال وپر کامعصوم بچہ ۔ درخت کی شاخ سے جھولتی اور فریاد کرتی چڑیا اور اسکی فریاد نہ سمجھنے والے لوگ ۔ میں کوئی صوفی ولی نہیں ۔لیکن پالنے والا جب کسی بات کی توفیق دیتا ہے تو عوامل بھی ایسے ہی پیدا کر دیتا ہے۔ مجھے یوں لگا جیسا چڑیا میرا نام لیکر مدد کے لیئے کہہ رہی ہے۔ میں نے اردا گرد نظر دوڑائی تو خلاق کائنات نے میری نظر کا رخ چڑیا کے بچے کی طرف موڑ دیا۔ میں نے سائیکل کو درخت کے تنے کے ساتھ لگایا بچے کو اپنی لیکچرز کی فائل میں رکھا اور سائیکل پر چڑھ کر چڑیا کے بچے کو جس قدر بلندی پر رکھ سکتا تھا رکھ دیا۔ ابھی یہ بچہ اپنے گھونسلے تک نہیں پہنچا تھا لیکن چڑیا شانت ہو چکی تھی۔ مجھے نہیں معلوم کہ چڑیا نے اپنے بچے کو وہاں سے گھونسلے تک کیسے پہنچایا۔ ابھی اپریل میں جب میں اپنی بیٹی کی شادی پر لاہور گیا تو کیمپس کی اسی نہر سے گزرتے ہوئے چڑیوں کا غول میری گاڑی کے اوپر دور تک اڑتا رہا تو یہ سارا واقعہ میرے ذہن میں فلم کی طرح چل گیا اور میں سوچنے لگا کہ کہیں یہ چڑیاں اسی نسل سے تو نہیں جن کی ایک چڑیا کو میں نے 72 میں زمین سے اٹھایا تھا۔ سچ پوچھیں تو خوشی اور غمی کے مالک اللہ نے زندگی میں کیا نہیں دیا لیکن اس چڑیا کے بچے کو زمین سے اٹھانے کی خوشی میرے لمس لمس میں میرے لہو کی طرح زندہ اور تازہ ہے۔ اس خوشی کو کیا نام دیں گے فقیہانِ شہر۔
خوشی کیا ہے ۔۔۔۔۔۔ !
ایک احساس ہے 🙂
میرا یہ ماننا ہے کہ آپ کو حقیقی خوشی صرف اس بات سے محسوس ہوتی ہے جس میں آپ کے اندر کا انسان مطمئن ہوتا ہے اور اس سے ضمیر مطمئن ہوتا ہے تو پھر خوشی ایک حقیقی بات ہے۔
ایک جگہ پڑھا کہ “ اگر تم چیزوں کے پیچھے بھاگو گے تو وہ تم سے دور جائیں گی۔ تم ان کو تمہارا پیچھا کرنےدو۔ سمندر کبھی دریاوں کو مدعو نہیں کرتا یہی وجہ ہے کہ وہ سمندر کی طرف بھاگتے ہیں۔ سمندر قناعت پسند ہے اسے دریا سے کچھ نہیں چاہیے اور یہ زندگی کا راز ہے“۔
ایک چائنیز فلاسفر نے یہی خیال اسطرح پیش کیا ہے۔ “ خوشی کو تلاش نا کرنا، خوشی کی باعث ہے۔
مجھےخوشی حاصل ہوتی ہے کسی کا ساتھ دے کے، کسی کی مدد کر کے، کسی کے آنسو زدہ چہرے کو اپنا کندہ دے کے، کسی کے کام آ کے، اور سب سے بڑھ کے کسی سے بغیر کسی شرط یا بنا کسی بدلے کے محبت کر کے ۔
ایسا سب کرنے میں، مجھے خوشی کی تلاش میں نہیں جانا پڑتا ہے اور میں خود خوشی بن جاتی ہوں دوسروں کے لیے 🙂
واقعی بڑ ادردناک منظرہے ۔ایسے میں کسی خوشی کی تلاش بے سود لگتی ہے۔ لیکن اصل خوشی اسی میں ہے کہ ہر حال میں خدا کا شکر ادا کیا جائے اور ہر حال میں رضائے الٰہی طلب کرنے کی کوشش کی جائے ، اسی میں اصل خوشی ہے ۔نبی کریم صلی اللہ الیہ وسلم نے بھی اسی کی ترغیب دی ہے۔
خوشی بھی غم کی طرح اپنی اپنی قوت برداشت اور اپنے اپنے ظرف پر منحصر ہوتی ہے۔
ہر ظرف کا انحصا ر اس کے پیمانہ پر ہوتا ہے ۔ جس کا جتنا پیمانہ ہوتا ہے اسی قدر وہ خوش اور مغموم رہتا ہے۔
کوئی کسی بات پر خوش اور کوئی اسی بات پر ناخوش ۔
یہ ہی فرق فرشتوں اور انسانوں میں ہے
مگر بقول حالی
فرشتوں سے بڑھکر ہے انسان بننا
مگر اس میں لگتی ہے محننت زیادہ
رہے نام اللہ کا ِ
فقط :
ہر حال میں خوش
منظور قاضی از جرمنی
غم و خوشی کا توازن کسی کو کیا معلوم
ہزار اشک نکلتے ہیں اک خوشی کے لئے
السلام علیکم ۔
جرمن قوم کا مقولہ ہے ۔ نفرت اور محبت کا منبہ ایک ہی ہے یعنی دل۔
شیشے میں دراڑ پڑ جائے تو وہ دوبارہ کبھی بھی اصل حالت میں نہیں سکتا ۔
یہ ہی حال دل کا ہے ۔
خوشی کیا ہے یہ سوال صرف ایک عراقی ہی کا کیوں ؟
دنیا میں ۔ ہمارے ارد گرد ۔ پاکستان میں ۔سوات ۔بلوچستان۔سرحد۔ کشمیر۔ ایسے لاکھوں لوگ ہیں ۔جن پر ایسے ایسے ظلم ہوئے اور ہورہے ہیں ۔
غربت سے ناانصافی سے ۔خود غرضیوں سے ۔حسد اور لالچ میں ۔اور سینکڑوں وجوہات ؟
خوشی کا منبہ۔۔۔۔۔۔ دل ۔۔۔۔۔۔۔ دل کا شیشہ چکنا چور ہوجائے تو خوشی کہاں سے نکلے گے ۔
جس پر گزرتی ہے ان سے پوچھو۔۔؟۔یہ تقدیر الہی کے وہ قانون ہیں جن کو ہم نہیں بدل سکتے۔
ہم تو ایسے درد مندوں کے لئے صرف دعا ہی کر سکتے ہیں ۔ اللہ ہر مظلوم کو صبر جمیل دے ۔
وسلام۔
آویز ۔ برمنگھم
سب نے یہاں جمع ھو کر اپنی اپنی خوشیوں کا شکر جتنی محبت سے کیا یقین جانیئے مجھے میری خوشی مل گئی ۔۔ اللہ آپ سب کو سلامت رکھے ، دنیا کے ھر گرم سرد سے بچائے اور خوش و خوشحال رکھے ۔۔آمین
یہ ایسا دقیق موضوع ہے کہ دو دن سوچنے کی مشق کے باوجود کچھ کہنے کی سکت نہیں رکھتا۔ کیونکہ ہماری خوشی، غم کے بر عکس ایک انتہائی معروضی اور کم عمر محسوسات کا حصہ ہے۔ جیسا کہ قرآن بھی انسان کو ان الانسان لربہ لکنود کہتا ہے، کہ ہم لوگ چاہے جتنی بڑی خوشی مل جائے، اسکے ثمرات کو بھول بہت جلد جاتے ہیں اور شکایات کا انبار اپنے دل میں جمع رکھتے ہیں۔۔۔۔ اور ایک خوشی کے بعد اس سے متصل کئی اور خوشیاں تلاش کرتے ہیں، جیسے اولاد کا حصول، پھر اس اولاد کے لئے سامان پرورش، پھر انکے لئے سامانی روزگار۔۔۔حتیکہ ایک نہ رکنے والا سلسلہ۔ ۔۔۔یا ایک عراقی کے لئے صدام کے لئے بد دعا کرنا، پھر امریکا کا نجات دہندہ ماننا، پھر آج امریکی روئیے کو ظلم کہنا اور اس پر جہاد کرنا، اور بیگناہ شہریوں کو خودکش طریقے سے مار کر مر جانا اور مرنے سے پہلے اپنے کارنامے پر خوش رہنا۔ کون جانتا ہے کہ مار اور مر کر بھی کوئی روح خوش رہی یا پکڑی گئی؟
بطور ماہر نفسیات ڈاکٹر صاحبہ بہتر طور پر بتا سکتی ہیں کہ ہر معاشرے کی اقدار اور ذہنی کیفیات کے مطابق غم و خوشی کی صورت مختلف ہوتی ہے۔ مثلا چند روز پہلے ایک اطالوی خاتون نے ہمیں بیٹی کا تعارف یہ کہ کرایا کہ یہ نہایت خوش قسمت ہے کہ ہر ہفتے اس کے پیچھے نیا بوائے فرینڈ ہوتا، یہ جو چاہتی وہی پاتی ہے۔۔۔۔حالاں ہمارے معاشرے کی ماں اس تصور سے ہی گھٹ کر مر جائے۔ یزید بن معاویہ کو جب باپ کی موت کی خبر ملتی ہے تو جشن تاجپوشی کا اہتمام کرتا ہے۔۔۔۔
علی بن الحسین زین العابدین (عیلھما السلام) شام غریباں کو سجدہ شکر اس لئے کرتے ہیں کہ اللہ نے ان کے خانوادہ کو اپنے دین کی خاطر قربانی کے لئے چنا اور ان کے پدر نامدار نے اس عظیم قربانی کو انجام دے دیا۔ یہاں سجدہ شکر ایسے حالات میں کیا جارہا ہے کہ دل غم و اندوہ سے پھٹا جا رہا تھا، لیکن زبان پر اللہ کی بارگاہ میں شکایت کے بر عکس شکر جاری تھا۔ اب یہاں سے ہماری مشکل جنم لیتی ہے کہ کیا خوشی یا مسرت اظہار نشاط کا نام ہے یا حالت تشکر کا نام ہے۔ نشاط اور جشن کے سماں میں جہاں اللہ کی بغاوت ہوتی ہے وہاں اس سے شکایت بھی رہتی ہے، جبکہ تشکر میں دل کا غم و اندوہ سے پاک ہونا ضروری نہیں ہے۔ قرآن میں میرے خیال میں خوشی کا کہیں ذکر نہیں ہے، البتہ رضا اور تسلیم کا بارہا ذکر ہے اور خوب ہے۔ جیسے رسول دوسرا (ص) کے اصحاب با صفا کی شان میں کہا کہ رضی اللہ عنھم و رضوا عنہ کہ اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے۔ امام علی (ع) نے فرمایا کہ ہم اللہ کی اس تقسیم پر راضی ہیں کہ ہمارے لئے علم کی دولت اور جہلاء کے دنیا کی دولت رکھ چھوڑی ہے۔ اب ان جملوں میں اگر راضی کو ترجمہ خوش کریں تو یہ تشکر کے معنی میں آتا ہے نہ کہ حالت نشاط و سرور (مسرت) کے معنی میں۔
عباسی خلیفہ اپنی خاطر نیا شہر اور محل بنا کر اسکا نام سرمن راہ رکھتا ہے جسکا معنی ہے کہ جو اسے دیکھے گا مسرور ہوگا، اور امام وقت اسے سامن راہ (سامرہ) کا نام دیتے ہیں کہ جو اسے دیکھے گا، اسکی آہ نکل جائے گی۔ اور وقت نے دیکھا کہ عباسی حکمران ہوں، امام وقت ہوں یا آج کا مسلمان، سبھی سامرہ میں دکھ اٹھاتے رہے اور آہ نکلتی رہی اور اسکا نام مستقل ہی سامرہ پڑگیا۔ بہر کیف یہ الگ بحث ہے، یہاں مدعا تو خوشی کی تلاش تھا جو محل بنا کر بھی سرمن راہ والوں کو نہ ملی۔!!! گویا اگر اپنا مدعا مل جائے دل شاد اور ہم خوش اور اگر نہ ملا تو ہم نا شاد۔ جیسا کہ امام علی زین العابدین نے جب جانا کہ ان کے خانوادے کی قربانی سے امت کی فلاح کا عظیم مدعا پورا ہوگیا ہے تو انکا دل اس پر مشکور تھا۔ یزیدِ پلید اس بات پر خوش تھا کہ نواسہ رسول کو قتل کر کے اپنے کفار اجداد کا بدلہ لے چکا۔ لیکن اس ملعون کے یہاں تشکر و رضا کا گزر بھی نہ تھا۔
ہماری رائے میں خوشی کی کم از کم در اصل دو اقسام ہیں۔ ایک دنیاوی جس میں تشکر و شکایت دونوں شامل ہیں، اور ایک اخروی جس میں تشکر بھی شامل ہے اور اس خوشی میں دل مغموم بھی ہو سکتا ہے اور مسرور بھی ہو سکتا ہے اور اس میں راضی با رضائے الٰہی ہونا بینادی جوہر ہے۔ جیسے مکہ سے ہجرت کے وقت رسو ل اللہ کا دل اپنے باپ دادا کے شہر اور اللہ کے گھر کے فراق میں مغموم تھا، لیکن ایک جائے امان پانے سے خوش بھی اور اللہ کا شاکر و راضی بھی۔
سچ یہی ہے کہ مجھے نہیں معلوم کہ خوشی کیا ہے؟ شاید ہمیں خوشی کی بجائے رضا و تشکر کی تلاش کرنا ہوگی۔ سبھی احباب نے کم و بیش انہی خیلات کا اظہار اپنے اپنے انداز میں کیا ہے، اور ہم نے صرف سبق دہرا دیا۔
میں نہیں جانتی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خوشی کیا ھے ؟
میں نہیں جانتی
اور ھنستی ھوں اس بات پر کہ خوشی کیا ھے ، میں نھیں جانتی
پوچھتی ھوں پھر اپنی ھنسی سے کہ خوشی کیا ھے
مگر وہ بھی نہیں جانتی کہ خوشی کیا ھے
اب شاید مجھے رونا چاھئے
مگر کس کس بات پر روئوں یا ھنسوں، پہلے یہ تو سوچ لوں
میں نے محبت کی ھے، روح کی گہرائیوں سے
مگر کوئی پوچھے کہ محبت کیا ھے
تو سب سے اچھا اور سچا جواب یھی کہ مجھے نہیں معلوم
سچ کی جستجو مین رھتی ھوں، ھر شے میں حسن ڈھوندتی ھوں
اور شاعری کرتی ھوں
مگر سچ، حسن، اور شاعری کی ھر تعریف ناقص بیان کرتی ھوں
میں زندہ ھوں، ( اور وہ بھی صرف یوں کہ سوچتی ھوں، جیسے رینے ڈیکارٹ سوچتا ھے )
مگر زندگی سے ناواقف
میرا خمیر اسی دنیا کی مٹی سے اٹھا ھے اور میری خاک اسی کائنات میں بکھر جائے گی
مگر میں کائنات سے لاعلم ھوں
حتٰی کہ میں خود کیا ھوں
میں کیا جانوں
مگر سقراط نے جب سے کہا ھے know thyself
میں خود کو جاننے کی کوشش میں لگ گئی ھوں
اور سنا ھے جو خود کو پہچان لے وہ خدا کو پہچان لے
مجھے بھی یقین ھے
میں خود کو جان لوں گی تو خدا کو جان لوں گی
اور جب میں خدا کو جان لوں گی تو یہ جان لوں گی کہ خدا تو خود علم ھے
اور جب میری رسائی علم تک ھو جائے گی
تب کچھ بھی میری نظروں سے پنہاں نہیں رہ جائے گا
اور تب میں جان لوں گی
زندگی کیا ھے
محبت کیا ھے
حسن کیا ھے
سچ کیا ھے
شاعری کیا ھے
اور
خوشی کیا ھے
ابھی میں کچھ نہیں جانتی
اور یہ بھی نہیں جانتی کہ اس صورتِ حال پر مچھے ھنسنا چاھئے کہ رونا چاھئے
۔
پنہاںؔ
سلام علیکم
محترمہ پنہان آپ کو اس نظم پر بہت بہت مبارکباد بہت خوب
عظمی
پنہاں آپا ایک خوبصورت نظم کے ساتھ آپ کی آمد نے اس بلاگ کو خوشیوں سے بھر دیا ۔۔بہت بہت نوازش ۔۔ اللہ پاک ھم سب کو خوش و خوشحال رکھے ۔۔آمین ۔
پیاری پیاری عظمٰی محمود صاحبہ اور ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ
۔
نظم کی پسندیدگی پر بہت بہت شکریہ۔ اور بہت دعائیں۔
۔
پنہاںؔ
خوشی ایک ذہنی کیفیت کانام ہے اس لئے کہ جب بندہ اچھا محسوس کرتا ہے تو اس کا اظہار کرتا ہے یہی خوشی ہے