سلام ہو آپ پراے ابا الفضل عباس(ع) فرزند امیر المومنین ( ع ) ۔۔از؛ ڈاکٹر نگہت نسیم

آج سات محرم الحرام کو حضرت عباس علیہ السلام کی یاد میں ان کی زیارت پڑھ رہی تھی کہ خواہش ہوئی کہ اسے منظوم کر لوں ۔ پھر سوچا کہ کیسے کروں ۔۔ اسی شش و پنج میں تھی کہ جی میں آیا کہ اللہ کریم سے اجازت لے لوں اور توفیق مانگ لوں شاید ۔۔۔۔ پر دل میں یقین تھا کہ مالک جہاں میری تمنا ضرور پوری کرے گا ۔۔ دو نفل حاجت کے بعد لکھنے بیٹھی تو وقت کہاں گیا پتہ ہی نہ چلا ۔ سر اٹھایا تو سڈنی میں رات کے ڈھائی بجنے والے ہیں ۔۔ میں عطائے ربی پر اشکبار و شکرگزار ہوں ۔۔ بس اسے کوئی فن پارہ سمجھ کر نہیں بلکہ اظہارٍ عشق اہل بیت کی تخلیقی خواہش سمجھ کر پڑھیں۔
التماس دعا

سب سے پہلے مولا عباس علیہ السلام کی حیات مبارکہ کا ایک جائزہ ۔۔

حضرت عباس علیہ السلام

عباس بن علی تاریخ ولادت 4 شعبان، 26 ہجری

لقب افضل الشہدا ء،باب الحوائج،قمرِ بنی ھاشم،شہنشاہِ وفا،،علمدار،غازی،سقائے سکینہ

کنیت ابوالفضل

والد علی ابن ابی طالب

والدہ فاطمہ کلابیہ علیہا السلام بنت ام البنین

تاریخ وفات 10 محرم، 61 ہجری

حضرت عباس علیہ السلام چار شعبان المعظم 26ھ کو پیدا ہوئے۔ انھوں نے اس وقت تک آنکھ نہیں کھولی جب تک ان کے بھائی امام حسین علیہ السلام نے انھیں اپنے ہاتھوں میں نہیں لیا۔ بچپن ہی سے انھیں امام حسین علیہ السلام کے ساتھ بہت محبت تھی۔ حضرت علی علیہ السلام نے اس عظیم الشان بچے کا نام عباس رکھا۔ روایت ہے کہ حضرت عباس علیہ السلام کی پیدائش کا مقصد ہی امام حسین علیہ السلام کی مدد اور نصرت تھا اور اھلِ بیت علیہم السلام کو شروع سے واقعہ کربلا اور اس میں حضرت عباس علیہ السلام کے کردار کا علم تھا۔

حضرت علی علیہ السلام نے ان کی تربیت و پرورش کی تھی۔ حضرت علی علیہ السلام سے انھوں نے فن سپہ گری، جنگی علوم، معنوی کمالات، مروجہ اسلامی علوم و معارف خصوصا´ علم فقہ حاصل کئے۔ 14 سال کی معمولی عمر تک وہ ثانی حیدر کہلانے لگے۔ حضرت عباس علیہ السلام بچوں کی سرپرستی، کمزوروں اور لاچاروں کی خبر گيری، تلوار بازی اور و مناجات و عبادت سے خاص شغف رکھتے تھے۔

واقعہ کربلا اور حضرت عباس علیہ السلام

واقعہ کربلا کے وقت حضرت عباس علیہ السلام کی عمر تقریباً 33 سال کی تھی۔ امام حسین علیہ السلام نے آپ کو لشکر حق کا علمبردار قراردیا۔ امام حسین علیہ السلام کے ساتھیوں کی تعداد 72 یازیادہ سے زیادہ سو افراد پر مشتمل تھی اور لشکر یزیدی کی تعداد تیس ہزارسے ذیادہ تھی مگر حضرت عباس علیہ السلام کی ہیبت و دہشت لشکر ابن زياد پر چھائی ہوئی تھی ۔ کربلامیں کئی ایسے مواقع آئے جب عباس علیہ السلام جنگ کا رخ بدل سکتے تھے لیکن امام وقت نے انھیں لڑنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ اس جنگ کا مقصد دنیاوی لحاظ سے جیتنا نہیں تھا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام حضرت ابوالفضل العباس کی عظمت و جلالت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کرتے تھے : ”چچا عباس کامل بصیرت کے حامل تھے وہ بڑے ہی مدبر و دور اندیش تھے انہوں نے حق کی راہ میں بھائی کا ساتھ دیا اور جہاد میں مشغول رہے یہاں تک کہ درجۂ شہادت پرفائز ہوگئے آپ نےبڑ اہی کامیاب امتحان دیا اور بہترین عنوان سے اپناحق ادا کر گئے“

شہادت

10محرم کو امام حسین علیہ السلام نےان کو پیاسے بچوں خصوصاً اپنی چار سالہ بیٹی سکینہ بنت الحسین کے لئے پانی لانے کا حکم دیا مگر ان کو صرف نیزہ اور علم ساتھ رکھنے کا حکم دیا۔ اس کوشش میں انھوں نے اپنے دونوں ھاتھ کٹوا دیئے اور شہادت پائی۔ اس دوران ان کو پانی پینے کا بھی موقع ملا مگر تین دن کے بھوکے پیاسے شیر نے گوارا نہیں کیا کہ وہ تو پانی پی لیں اور خاندا نِ رسالت پیاسا رہے۔ شہادت کے بعد جیسے باقی شہداء کے ساتھ سلوک ھوا ویسے ہی حضرت ابوالفضل العباس کے ساتھ ہوا۔ ان کا سر کاٹ کر نیزہ پر لگایا گیا اور جسمِ مبارک کو گھوڑوں کے سموں سے پامال کیا گیا۔ ان کا روضہ اقدس عراق کے شہر کربلا میں ہے جہاں پہلے ان کا جسم دفن کیا گیا اور بعد میں شام سے واپس لا کر ان کا سر دفنایا گیا۔ دریائے فرات جو ان کے روضے سے کچھ فاصلے پر تھا اب ان کی قبر مبارک کے اردگرد چکر لگاتا ہے۔

آیئے اب زیارت عباس (ع) منظوم نظم کی صورت میں پڑھتے ہیں ۔۔ اللہ کریم اپنے حبیب اور آل پاک کے صدقے اس کاوش کو قبول فرمائے ۔۔اور انہیں کے صدقے ہم سب کو دین و دنیا میں بامراد و کامیاب فرمائے ۔۔ آمین ثمہ آمین

اے رب ! اے معبود
میں تیری پناہ میں آتی ہوں شیطان مردود سے
اور شروع کرتی ہوں تیرے ہی نام سے
تو
جو سب جہانوں کا مالک ہے
سب سے زیادہ رحم فرمانے والا ہے
اور بڑا ہی بخشش کرنے والا ہے
سلام ہو آپ پر اے اللہ کے نیک اور صالح بندے
سلام ہو آپ پراے اللہ کے اطاعت گزار بندے
سلام ہو آپ پر رسول خدا محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
امیرالمومنین اور امام حسن و امام حسین کے اطاعت گزار
سلام ہو آپ پر
خدائے پاک کے مقرب فرشتوں کا
اس کے بھیجے ہوئے نبیوں کا
اس کے نیک بندوں کا
اور
سلام ہو آپ پر تمام شہیدوں اور صدیقوں کا
اے امیرالمومنین (ع)
ہر صبح اور ہرشام آپ پر بہترین رحمتیں نازل ہو
آپ کے جسم اطہر پر بے پناہ برکات اور بخشش ہو
آپ کی روح اقدس پر خدا کی مہر و خوشنودی ہو
میں خدا کو گواہ کر کے گواہی دیتی ہوں
کہ
آپ نے وہی کیا جو اہل بدر نے کیا تھا
اہل بدر راہ خدا میں جہاد کرنے والے تھے
اور
حالت جہاد میں بھی دشمنوں سے اخلاص برتنے والے
نصرت کے لئے بلیغ کوشش کرنے والے
اولیاء اور دوستوں کو دشمنوں سے دور کرنے والے تھے
خدا پاک آپ کو جزا دے
آپ کو بہترین جزا دے
زیادہ سے زیادہ جزا دے
اور
کامل ترین جزا
اس مستحق شخص کی طرح
جس نے اپنی بیعت سے وفا کی ہو
جس نے دعوت خدا کوقبول کیا ہو
جس نے خدا کے والیان امر کی اطاعت کی ہو
میں گواہی دیتی ہوں
یقیننا
آپ نے اخلاص پیش کرنے میں بہت کوشش کیں
اور انتہائی کوششوں کو صرف کیا
خدا آپ کو شہدا میں محشور کرے
آپ کو خوش بخت ارواح کے ساتھ قرار دے
اور
خدا آپ کو اپنی جنتوں میں سے وسیع تر جنت کو منزل کرے
خدا آپ کے بہتر اور با اعتبار مقام کواور زیادہ بلند و بالاکرے
خدا آپ کو میدان حشر میں نبیوں صدیقوں شہیدوں اور نیکوکار کے ساتھ رکھے
اور یہ اللہ کے صالح بندے کتنے اچھے رفیق ہیں
میں گواہی دیتی ہوں
بے شک
آپ نے نہ سستی کی اور نہ ہی پیچھے ہٹے
اور اپنے ہر کام میں بصیرت اختیار کی
ہمیشہ ہر کام میں صالحیین کی اقتدا کی
اور اپنے ہر کام میں نبیوں کی اتباع کی
پس خدا
اہل حق کی منزلوں میں
ہمیں آپ کے ساتھ
اپنے رسول(ص) اپنے ولیوں کے ساتھ جمع کرے
کہ
وہ سب رحم کرنے والوں سے زیادہ رحم والا ہے
سلام ہو آپ پراے ابا الفضل عباس(ع) فرزند امیر المومنین (ع)
سلام ہو آپ پر اے فرزند سردار اوصیاء
سلام ہو آپ پر اے فرزند اس بزرگ ہستی کے
جو تمام مخلوق سے سب سے پہلے اسلام لائے
جو ایمان میں سب سے زیادہ محترم و مقدم ہیں
جو سب سے زیادہ خدا کے دین پر قائم ہیں
جو سب سے زیادہ اسلام کے محافظ ہیں
میں گواہی دیتی ہوں
آپ نے خدا کے بارے بےحد نصیحت کی
آپ نے خدا کے رسول کے بارے نصیحت کی
آپ نے اپنے بھائی کے متعلق نصیحت کی
اے ابا الفضل عباس(ع) فرزند امیر المومنین (ع)
آپ کتنے اچھے بھائی ہیں جواپنے بھائی سے مواسات کی
پس
خدا کی لعنت ہو
اس گروہ پر جس نے آپ کو قتل کیا
اس گروہ پر جس نے آپ پر ظلم کیا
اس گروہ پر جس نے آپ کی حرمتوں کو ضائع کیا
اور
خدا کی لعنت ہو
اس گروہ پر جس نے آپ کو قتل کر کے حرمت اسلام کو پامال کیا
اے ابا الفضل عباس(ع) فرزند امیر المومنین (ع)
آپ کیسے اچھے صابر ہیں
جہاد کرنے والے ہیں
مدد گار ہیں
اور ایسے بھائی ہیں
جو اپنے بھائی سے ضرر کو دور کرنے والے ہیں
آپ اپنے رب کے ایسے اطاعت گزار ہیں
کہ جن کاموں کو دوسروں نے ترک کیا
یعنی ثواب کثیر اور ثنائے جمیل کو چھوڑ دیا
اسی کی طرف رغبت سے رجوع کرنے والے ہیں
پس
خدا جنات نعیم میں آپ کے درجات کو
آپ کے بزرگوں کے ساتھ ایک کر دے
اے میرے خدا
میں متوجہ ہوں
تیرے اولیاء کی زیارت کی طرف
میں تیرے ثواب کی خواہش میں ہوں
تیری بخشش کی امید میں ہوں
تیرے احسان کامل کی آرزو میں ہوں
تجھ سے التجا کرتی ہوں
اے میرے معبود!
رحمت ہو نبی پاک محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر
رحمت ہو نبی پاک کی آل پاک و پاکیزہ پر
اور ان کے طفیل و سبب
اب میرا کوئی گناہ نہ رہنے دے جسے تونے بخش نہ دیا ہو
کوئی اندیشہ نہ رہنے دے جسے تو نے دورنہ کر دیا ہو
کوئی بیماری نہ رہنے دے جسے تو نے اچھا نہ کر دیا ہو
کوئی عیب نہ رہنے دے جسے تو نے ڈھانپ نہ لیا ہو
اے میرے معبود !
کوئی رزق نہ ہو جسے تو نے بڑھا نہ دیا ہو
کوئی خوف نہ ہو جس سے تو نے امن نہ دیا ہو
کوئی پریشانی نہ ہو جسے تو نے مٹانہ دیا ہو
دنیا و آخرت کی حاجتوں میں کوئی حاجت نہ ہو
جس میں تیری خوشنودی اور میرے لیے مفید نہ ہو
اے میرے معبود !
نبی پاک کی آل پاک و پاکیزہ کے صدقے
میری زیارت کو قبول فرما
میری زندگی کو پاکیزہ فرما
مجھے ان کے راستے پر چلا
اور
مجھے ان بامراد لوگوں میں شامل کر لیجئے
جو
گناہوں کی بخشش
عیبوں کی پردہ پوشی
غموں سے نجات کے مستحق ہو کر
تیرے اولیاء کے مشہدوں سے کامیاب لوٹتے ہیں
بے شک میرے معبود
تو ہی اس کا اہل ہے
کہ
سب سے زیادہ خوف تجھ سے کیا جائے
یہ تیرا ہی حق ہے
کہ
تو لوگوں کے گناہ بخش دے
بے شک میرے معبود
تو بچانے والا اور بخشنے والا ہے
آمین ثمہ آمین
ڈاکٹر نگہت نسیم ۔سڈنی

36 thoughts on “سلام ہو آپ پراے ابا الفضل عباس(ع) فرزند امیر المومنین ( ع ) ۔۔از؛ ڈاکٹر نگہت نسیم”

  1. اللہ جزائے خیر دے،، ایسے عشق پر محسن نقوی شہید کا شعر یاد آرہا ہے کہ
    یا علی کہہ کہ جو کاغذ پہ قلم رکھا ہے
    ایسا لگتا ہے کہ جنت میں قدم رکھا ہے
    تو آپ کا یہ کلام اور ترجمہ پڑھ کر ایسا ہی لگا ہے جیسے آپ نے قلم کے سہارے قرطاسِ جنت میں قدم رکھ دیا ہو.
    مولا عباس علمدار علیہ السلام نے سن 38 ہجری میں پہلی جنگ لڑی، صفین، جس میں آپ کا سن گیارہ سال آٹھ ماہ تھا، جس میں آپ کو قمر بنی ہاشم کا لقب ملا،
    یہ کہہ کہ بوسے شہہ دیں نے با وفا کے لیے
    کھلا ہے پھول مدینے میں کربلا کے لیے
    ایک مصائب مولا عباس علمدار کا لکھ دوں، اہل ایمان و مودت کے لیے،،
    جن لوگوں نے مولا عباس کی قبر مبارک دیکھی ہے وہ اچھی طرح جانتے ہیں، جنہوں نے نہیں دیکھی انہیں میں بتا دیتا ہوں کہ مولا عباس علمدار کی قبر بمشکل ڈھائی سے تین فیٹ لمبی ہے، پروردگار آپ تمام صاحبان ایمان کو مولا عباس کی اصل قبر کی زیارت نصیب کرے،، جن لوگوں نے دیکھی ہے وہ میرے بات کی تصدیق کریں گے، کسی نے امام جعفر صادق علیہ السلام سے دریافت کیا کہ ہم نے سنا ہے کہ آپ کے جد حضرت عباس جب گھوڑے پر بیٹھتے تھے تو ان کے پاوں زمین کو چھوتے تھے، کیا وجہ ہے کہ جناب کی قبر اتنی چھوتی ہے جیسے ڈھائی تین سال کے بچے کی، امام ِ صادق نے گریہ کرتے ہوئے بس اتنا کہا کہ قد تو اتنا ہی تھا لیکن کیا کہوں، بس اتنا سمجھ لے کہ سید سجاد کو چچا جتنا ملا انہوں نے اتنا دفنا دیا، ہائے عباس ہائے عباس

  2. سبحان اللہ. خدا آپکو جزائے خیر عطا فرمائے. یہ سب نصیب کی باتیں ہیں اور یہ پیشکش ثابت کررہی ہے کہ آپکے نصیب یاور ہیں.
    ہمیں بھی اپنی دعاؤں میں حصہ عنایت فرمائیے،

  3. اسلام علیکم بہن نگہت
    اللہ آپ کو اس محبت اور چاہت کا صلہ عطا فرمائے
    ہم کم علموں کے علم میں اضافہ کرنے پر جزاک اللہ خیر
    اللہ آپ کی تمام پریشانیاں دور کر دے آمین
    عالم آرا

  4. اب میرا کوئی گناہ نہ رہنے دے جسے تونے بخش نہ دیا ہو
    کوئی اندیشہ نہ رہنے دے جسے تو نے دورنہ کر دیا ہو
    کوئی بیماری نہ رہنے دے جسے تو نے اچھا نہ کر دیا ہو
    کوئی عیب نہ رہنے دے جسے تو نے ڈھانپ نہ لیا ہو
    اے میرے معبود !
    کوئی رزق نہ ہو جسے تو نے بڑھا نہ دیا ہو
    کوئی خوف نہ ہو جس سے تو نے امن نہ دیا ہو
    کوئی پریشانی نہ ہو جسے تو نے مٹانہ دیا ہو
    دنیا و آخرت کی حاجتوں میں کوئی حاجت نہ ہو
    جس میں تیری خوشنودی اور میرے لیے مفید نہ ہو
    اے میرے معبود !
    نبی پاک کی آل پاک و پاکیزہ کے صدقے
    میری زیارت کو قبول فرما
    ……………………………
    جزاک اللہ.ویسے جو بات محمد رضا نے لکھ دی اسمیں اضافہ مخمل میں ٹاٹ کا پیوند ہو گا لیکن کار ثواب کی خاطر یہ عرض کرؤں کہ یہ میرا فلسفہ کیسا سچ ثابت ہو رہا ہے کہ عشق اہلبیت کسی مسلک کی جاگیر نہیں.اس کا سوتا دل سے پھوٹتا ہے اور اشکوں کی برسات سے پروان چڑھتا ہے. وہ نفوس قدسیہ جنکا نام وضو کے بغیر نہیں لیا جاسکتا.جن پر سلام کہنے کے لیئے انکی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے انکی کسی ذاتی چیز کو بھلا انکی اجازت کے بغیر کیسے ترجمہ کیا جاسکتا ہے. عربی زبان کا ترجمہ تو عام حالات میں دل کا خون کشید کر لیتا ہے اور کہاں اس رخ سے عربی ترجمہ؟ بس اسی منزل کو کہتے ہیں…تا نہ بخشد خدائے بخشندہ. میرا مولا آپکی یہ قلمی،قلبی اور تخلیقی کاوش قبول کریں.آمین

  5. رضا بھائی السلام و علیکم

    آپ کی دعاؤں اور تحسین کے لئے ممنون احسان ہوں .. خدا پاک اس کوشش کو پنجتن پاک کے صدقے قبول فرمائے .اور میرے لئے نجات کا سبب ہو جائے .. .آمین .
    دعائے ربی ہے کہ مجھے ایک بار تو اس مقدس سرزمین کربلا کی خاک کو چھونے کا شرف عطا کر دے … انشاللہ و آمین

  6. قمر تم نے اچھی بات کی .. بہنوں کی دعاؤں میں ہمیشہ ہی بھائی سے جڑی دعا خود بخود آ جاتی ہے … انشاللہ اور بھی دھیان رکھونگی .. تم بھی ہم سب کے لئے جب یاد آجائے دعا کرنا .. بھلا دعا سے اچھا اور قیمتی تحفہ اور ہو بھی کیا سکتا ہے ..

  7. میری پیاری آپا سلامت رہیں … دعاؤں کے لئے بے حد شکرگزار ہوں ..

  8. محترم المقام جناب صفدر ہمدانی صاحب ( مجھے دلاری کی طرف سے تاکید ہے کہ میں آپ کو یہی کہوں اور بابا نہ کہوں ورنہ اسے بھی کہنا پڑے گا ) .. آپ تو جاتے ہیں کہ دلاری کی بات میں نہیں ٹال سکتی .. آپ کی احسانمند ہوں کہ ہر قدم پر میری راہنمائی کرتے ہیں .. کبھی مشورے کی صورت تو کبھی ان خوبصورت لفظوں کے ساتھ .. قلم پکڑنا آپ سے ہی سیکھا ہے .. آپ کے پیچھے چلنے والوں کی ایک لمبی قظار ہے اور سب سے پیچھے میں ہی ہوں .. پر منزل کو یہی ایک سہارا ہے کہ آپ کے پیچھے چل رہے ہیں .. اللہ اللہ ..

  9. میری دوا میرا قرار میری بہت پیاری بہن اور بہت عزيز دوست ڈاکٹر نگہت نسیم سلامت رھو۔ بارگآہ خاتون جنت میں تمھاری ھر قلمی قلبی و ادبی کاوش کو شرف قبولیت حاصل ھو، تم پنجتنی حصار میں رھو، کوئ دکھہ تمھارے پاس نہ آۓ آمین ثمہ آمین
    تم اتنی پیاری ھوکہ کویت میں مومنین کی کثیر تعداد نے تمھارے اور تھمارے خانوادے کے لیے دعاۓ خصوصی کی ، اللہ تعالی ان تمام دعاوں کو قبول فرماۓ ، جو کوي بھی انسان دوسرے انسان کے لیے خلوص نیت اور خلوص دل سے کرتا ھے،

    بلاگ میں بھا‏ئ محمد رضا کی آمد اچھی اور بابرکت لگی ، اللہ پاک اسکی سعی کو فبول فرماۓ ، مصائب عباس علمدار پڑھ کر بے اختیار کائنات کے سب سے باآختیار آنسان کی پیکر مہر و وفا کی بےبسی پر رونا آیا ، یا عباس باوفا ، یا غازی یا کل کے مدد گار ، برادر ثانی زھرا ہ و شبیر و شبر ،

  10. حضرت عباس علیہ السلام امام علی علیہ السلام کے بیٹے تھے۔ آپ کی والدہ کا نام ام البنین تھا جن کا تعلق عرب کے ایک بہادر قبیلے سے تھا۔ حضرت عباس اپنی بہادری اور شیر دلی کی وجہ سے بہت مشہور ہوئے۔ اپنے بھائی امام حسین علیہ السلام کے ساتھ ان کی وفاداری واقعہ کربلا کے بعد ایک ضرب المثل بن گئی۔ وہ شہنشاہِ وفا کے طور پر مشہور ہیں۔

    حضرت عباس علیہ السلام چار شعبان المعظم 26ھ کو پیدا ہوئے۔ انھوں نے اس وقت تک آنکھ نہیں کھولی جب تک ان کے بھائی امام حسین علیہ السلام نے انھیں اپنے ہاتھوں میں نہیں لیا۔ بچپن ہی سے انھیں امام حسین علیہ السلام کے ساتھ بہت محبت تھی۔ حضرت علی علیہ السلام نے اس عظیم الشان بچے کا نام عباس رکھا۔ روایت ہے کہ حضرت عباس علیہ السلام کی پیدائش کا مقصد ہی امام حسین علیہ السلام کی مدد اور نصرت تھا اور اھلِ بیت علیہم السلام کو شروع سے واقعہ کربلا اور اس میں حضرت عباس علیہ السلام کے کردار کا علم تھاحضرت علی ابن ابی طالب (ع) نے اپنے بھائی عقیل ابن ابی طالب کے مشورے سے جوانساب کے ماہر تھے ایک متقی اور بہادر قبیلے کی خاتون فاطمۂ کلابیہ سے عقد کیا اور اپنے پروردگار سے دعا کی کہ پروردگار! مجھے ایک ایسا بیٹا عطا کرے جو اسلام کی بقاء کے لئے کربلا کے خونیں معرکہ میں امام حسین (ع) کی نصرت و مدد کرے چنانچہ اللہ نے فاطمۂ کلابیہ کے بطن سے کہ جنہیں حضرت علی علیہ السلام نے ام البنین کا خطاب عطا کیا تھا ، چار بیٹے امام علی کو عطا کردئے اور ان سب کی شجاعت و دلیری زباں زد خاص و عام تھی اور سبھی نے میدان کربلا میں نصرت اسلام کا حق ادا کیااور شہید ہوئے لیکن عباس (ع) ان سب میں ممتاز اور نمایاں تھے کیونکہ خود حضرت علی علیہ السلام نے ان کی ایک خاص نہج پر پرورش کی تھی ۔

    حضرت علی علیہ السلام نے ان کی تربیت و پرورش کی تھی۔ حضرت علی علیہ السلام سے انھوں نے فن سپہ گری، جنگی علوم، معنوی کمالات، مروجہ اسلامی علوم و معارف خصوصا´ علم فقہ حاصل کئے۔ 14 سال کی معمولی عمر تک وہ ثانی حیدر کہلانے لگے۔ حضرت عباس علیہ السلام بچوں کی سرپرستی، کمزوروں اور لاچاروں کی خبر گيری، تلوار بازی اور و مناجات و عبادت سے خاص شغف رکھتے تھے۔ ان کی تعلیم و تربیت خصو صاً کربلا کے لئے ہوئی تھی۔ لوگوں کی خبر گیری اور فلاح و بہبود کے لئے خاص طور پر مشہور تھے۔ اسی وجہ سے آپ کو باب الحوائج کا لقب حاصل ہوا۔ حضرت عباس کی نمایان ترین خصوصیت ”ایثار و وفاداری“ ہے جو ان کے روحانی کمال کی بہترین دلیل ہے۔ وہ اپنے بھائی امام حسین علیہ السلام کے عاشق و گرویدہ تھے اورسخت ترین حالات میں بھی ان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ لفظ وفا ان کے نام کے ساتھ وابستہ ہوگیا ہے اور اسی لئے ان کا ایک لقب شہنشاہِ وفا ہے ۔

    جنگ صفین حضرت علی علیہ السلام اور شام کے گورنر معاویہ بن ابی سفیان کے درمیان مئی۔جولائی 657 ء میں ہوئی۔ اس جنگ میں حضرت عباس علیہ السلام نے حضرت علی علیہ السلام کا لباس پہنا اور بالکل اپنے والد علی علیہ السلام کے طرح زبردست جنگ کی حتیٰ کہ لوگوں نے ان کو علی ہی سمجھا۔ جب علی علیہ السلام بھی میدان میں داخل ہوئے تو لوگ ششدر رہ گئے ۔ اس موقع پر علی علیہ السلام نے اپنے بیٹے عباس کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ عباس ھیں اور یہ بنو ھاشم کے چاند ھیں۔ اسی وجہ سے حضرت عباس علیہ السلام کو قمرِ بنی ھاشم کہا جاتا ھے۔

    واقعہ کربلا کے وقت حضرت عباس علیہ السلام کی عمر تقریباً 33 سال کی تھی۔ امام حسین علیہ السلام نے آپ کو لشکر حق کا علمبردار قراردیا۔ امام حسین علیہ السلام کے ساتھیوں کی تعداد 72 یازیادہ سے زیادہ سو افراد پر مشتمل تھی اور لشکر یزیدی کی تعداد تیس ہزارسے ذیادہ تھی مگر حضرت عباس علیہ السلام کی ہیبت و دہشت لشکر ابن زياد پر چھائی ہوئی تھی ۔ کربلامیں کئی ایسے مواقع آئے جب عباس علیہ السلام جنگ کا رخ بدل سکتے تھے لیکن امام وقت نے انھیں لڑنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ اس جنگ کا مقصد دنیاوی لحاظ سے جیتنا نہیں تھا۔ امام جعفر صادق علیہ السلام حضرت ابوالفضل العباس کی عظمت و جلالت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کرتے تھے : ”چچا عباس کامل بصیرت کے حامل تھے وہ بڑے ہی مدبر و دور اندیش تھے انہوں نے حق کی راہ میں بھائی کا ساتھ دیا اور جہاد میں مشغول رہے یہاں تک کہ درجۂ شہادت پرفائز ہوگئے آپ نےبڑ اہی کامیاب امتحان دیا اور بہترین عنوان سے اپناحق ادا کر گئے“ ۔

    10 محرم کو امام حسین علیہ السلام نےان کو پیاسے بچوں خصوصاً اپنی چار سالہ بیٹی سکینہ بنت الحسین کے لئے پانی لانے کا حکم دیا مگر ان کو صرف نیزہ اور علم ساتھ رکھنے کا حکم دیا۔ اس کوشش میں انھوں نے اپنے دونوں ھاتھ کٹوا دیئے اور شہادت پائی۔ اس دوران ان کو پانی پینے کا بھی موقع ملا مگر تین دن کے بھوکے پیاسے شیر نے گوارا نہیں کیا کہ وہ تو پانی پی لیں اور خاندا نِ رسالت پیاسا رہے۔ شہادت کے بعد جیسے باقی شہداء کے ساتھ سلوک ھوا ویسے ہی حضرت ابوالفضل العباس کے ساتھ ہوا۔ ان کا سر کاٹ کر نیزہ پر لگایا گیا اور جسمِ مبارک کو گھوڑوں کے سموں سے پامال کیا گیا۔ [1] ان کا روضہ اقدس عراق کے شہر کربلا میں ہے جہاں پہلے ان کا جسم دفن کیا گیا اور بعد میں شام سے واپس لا کر ان کا سر دفنایا گیا۔ دریائے فرات جو ان کے روضے سے کچھ فاصلے پر تھا اب ان کی قبر مبارک کے اردگرد چکر لگاتا ہے۔

    ضو وہ شیشے میں کہاں جو الماس ميں ہے

    سارے عالم کی وفا حضرت عباس ميں ہے۔

    گوگل سرچ سے استفادہ کیا

  11. ڈاکٹر نگہت صاحبہ آپ احسان مندی میں بھی غلو کر جاتی ہیں. قلم پکڑنا میں نے نہیں انہوں نے سکھایا ہے جنکی امانت یہ قلم ہے.میں تو خود ابھی قلم پکڑنا سیکھ رہا ہوں. رہی پیچھے چلنے کی بات تو ہم سب کسی نہ کسی کے پیچھے چل رہیں لیکن ہم سب اللہ کے حبیب پاک اور انکی اہلبیت اور باوفا صحابہ کی اقتدا میں ہیں. کاش کوئی ایک عمل تو ایسا ہو جس پر فخر ہو اور اسے محشر میں سند سفارش کا درجہ حاصل ہو ماسوائے ذکر محمد اور آل محمد کے.

  12. بارگا ہ رب العزت میں دعاگو ھوں کہ یارب روز محشر ھم کو چادر آل عبا ء کی چھاوں ملے ، اللہ تعالی ھم سب کو مودت اھل بیت کے راستے پر گامزن کردے ، تاکہ ھم کو دینا اور آخرت میں نجات ملے ، آمین ثمہ آمین

  13. غازی نے بڑھ کے نہر پہ قبضہ جما لیا
    پانی نے انکے قدموں پہ خود کو گرا لیا
    مشکِ سکینہ دوش پہ عباس کے تھی یوں
    جیسے علی نے ہاتھ میں خیبر اٹھا لیا
    صفدر ھمٰدانی

  14. آٹھویں محرم کا دن کربلا کے ماہ کامل اور بنی ھاشم کا فخر و افتخار
    دعاۓ سعیدہ کا ثمر ، بی بی زنیب کی ھمت
    دلبر زھرا کا شیدائ مولا عباس
    عزم وچہد کی یاد گار عباس
    کربلا کے دشت میں

    مقیم عارضی مکینوں کی آس
    حضرت عباس
    علمدار
    سیدانیوں کے پردے کا محافظ
    جرات و بہادری کا ناخدا
    عباس یا وفا
    کریلا میں پیکر مہر ووفا عباس
    جو براۓ کربلا پالا گیا وہ جری دلیر شیر بی بی ام البنین کا فرزند

    جو دختر بنی کی دعا کا اعجاز تھا وہ عباس ّ ابن علی حیدر کرار

    سقاۓ سکینہ عباس باوفا
    بطل نہر العلقمہ
    باب حوا‏ئج
    عمید و علمدار لشکر حسین اعلی مقام
    حمل اللواء
    الطیار
    ابو الفرج
    عرب کے بہادر ترین انسانوں میں آپکا شمار ھوتا تھا ، آپ وارث ذوالفقعار حیدری ،
    قمر بنی ھاشم العباس

  15. ‎غازی، جری، شیر ،پیکر ایثار قمر بنی ھاشم سیدہ زھرہ کی دعا حسین علیہ اسلام کی ھمت ، بہن کے پردے کا محافظ ۔ام البنین کا شیر دل فرزند۔ وہ پیکر مہر و وفا جو خود کو فخر سے غلام حسین کہتا ارو سمجھتا تھا ،جوانان بنی ھاشم کا سردار ۔عباس بن امیر المومنین۔ باوفا، سقہ سکینہ ۔ حسین علیہ اسلام کی ھمت ۔ لشکر حسینی کا علمبردار،بچوں کی آس ۔ زینب علیہ اسلام کا فخر، شہزادی کونین کی دعا۔ ام البنین کا لخت جگر۔ سقاۓ حرم۔ قمر بنی ھاشم ، ابو قریہ ، عباس علمدار علیہ اسلام
    ‎نے 26ھجری میں آغوش امام المتقین علی ابن ابو طالب میں انکھیں کھولیں
    ‎امام و معصوم باپ کے زیر تربیت بچپن کی منزلیں طے کیں سید الشباب الجنتہ سید المظلوم، علی و بتول کے لعل ، ابن جری و غیر فرار ، حق وصداقت کے علمبردار ۔ نوک نیزہ پر قرآن کی تلاوت کرنے والے ،رشید ۔ ذکی طیب ، سید الشہداء امام حسین علیہ اسلام کے ساتھہ پروان چڑھے اور اسی تربیت کا اثر تھا کہ آپ کمسنی میں ھی معرفت کی اعلی منزلوں تک پہنچ گیۓ
    ‎آپکی والدہ محترمہ ام البنین تھیں وہ ایک بہت بہادر قبیلے سے تعلق رکھتی تھیں
    ‎ایک عجب جوش و جذبے سے سقاۓ حرم کی پرورش ھوئ آپ جنگ صفین میں بھی موجود تھے، مگر آپ کو جنگ کی اجازت نیہں ملی تھی ۔ آپکی فوجی تربیت کربلا کے لیے کی گئی تھی ۔آپ معرکہ کربلا کی امانت تھے۔

    ‎حضرت ابوالفضل عباس کا نام ومقام نصرت و حمایت امام میں چند خصوصیات کی وجہ سے نمایآں تھا آپ اپنے حسن وجمال اور طویل القامتی کی وجہ سے القمر بنی ھاشم کہلاتے تھے۔ ھمت جرات دلیری کی وجہ سے آپ علمدار حسینی تھے۔ تاریخ میں سقاۓ سکینہ سے قبل بہت سارے علمدار تھے جھنوں نے علم اٹھایا ۔ حضرت جعفر علیہ اسلام ، حضرت علی نے بھی علمدار تھے ۔ مگر اللہ جانے کربلا کے دشت میں عالم غربت میں ۔شدید پیاس کے عالم میں جانے کس ادا سے علم اٹھایا کہ علم کا نام سنتے ھی بے ساختہ غازی عباس علیہ اسلا م کا نام گرامی ذھن میں اتا ھے
    ‎شايد اس کہ غازی سے قبل جس جری نے علم اٹھایا ۔ سب کے ھاتھہ سلامت تھے کوئ تین دن کا پیاسہ نہ تھا۔ کسی کے سا منے تین دن کی بھوک وپیاس سے تڑپتے معصوم بچے نہ تھے ھاتھہ سلامت تھے۔ علی کے شیر نے تو علم بریدہ ھاتھوں سے اٹھایا تھا ۔
    ‎امام حسین علیہ اسلام نے غازی کو بلا کر فرمایا۔ اب بچوں کی تشنہ لبی نیہں دیکھی جاتی ۔ غازی نے کنواں کھودا مگر ھاۓ غربتاء پانی نہ نکلا پیاس کی شدت، آفتاب کی تیزی، دشت نینوا کی گرمی
    ‎یہ غازی عباس کی ھمت تھی کہ ایسے حالات میں صبر وتحمل کا دامن تھامے ھوۓ تھے۔
    ‎اپنے کو امام حسین علیہ اسلام کا غلام کہتے تھے ، ھمیشہ امام مظلوم سے بات کرتے ھوۓ نظریں جھکاۓ رکھتے تھے
    ‎تاریخ شاھد ھے کہ صبح عاشور امام نے میمنّہ لشکر پر زھیر اور مسیرہ پر حبیب بن مظاھر کو مقرر کرکے اپنے
    ‎بھائ عباس کو علم دیکر علم بردار بنایا اور پھر جناب زھیر علم فوج لیکر غازی کے پاس آۓ
    ‎اور کہا ۔۔۔۔۔۔۔

    ‎اے عباس آپکے پدربزرگوار حضرت علی نے حب بعد وفات شہزادی کونیین الطاھرہ بی بی فاطمہ زھرا کے بعد
    ‎شادی کرنی چاھی تو حضرت عقیل سے جو عربی نسب کے ماھر تھے کہا تھا کہ میں ایسی عورت سے شادی کرنا چاھتا ھوں جو شریف النسل اور کریم النسب خاندان کی خاتون ھواور اس سے ایک ایسا فرزند پیدا ھو جو زمین کربلا پر ھمارے فرزند حسین کی بڑی بہادری سے مدد کر سکے ۔
    ‎حضرت عباس یہ کلام سن کر جوش شجاعت سے بولے ، آج ایسی شجاعت دکھاونگا جو آپ نے کبھی نہ دیکھی ھوگی ۔ اپنے بہادر اور جانثار بھایئوں کے بعد حضرت عباس میدان جنگ میں جانے کے لیے تشریف لاۓ اس وقت امام مظلوم کے چہرے پر افسردگی چھا گی اور آپ نے فرمایا بھائ ،، تم ھمارے لشکر کے علم بردار ھو، اور تم بھی ھم کو چھوڑے جارھے ھو۔ غازی نے ایک طرف گرم ریت پر پائمال لاشوں کی طرف اشارہ کیا مولا جس لشکر کا میں علمبردار تھا وہ تو زمیں کربلا کی گرم ریت پر پائمال ھوگیا ھے مجھہ سے سکینہ اور چھوٹے بچوں کی پیاس نیہن دیکھی جاتی ۔ معصوم سکینہ اپنی چھوٹی سی خشک مشکیزہ آٹھا کر لائ اور چچا کے گلے میں ڈال دی ۔بی بی سکینہ نے سارے پیاسوں بچوں کو جمع کیا اور کہا اپنے اپنے کوزے لے آو میرے عمو اب پانی لینے جاتے ھیں ۔ تین دن کے بھوکے پیاسے بچے اپنے اپنے کوزے اٹھا کر در خیمہ پر بیھٹہ گۓ ۔
    ‎ادھر علم لیکر لشکر حسینی کا علمبردار چلا ۔ امام نے حکم دیا تھا ،عباس جنگ نیہں کرنی ۔ حکم امام نے غازی کے پاوں میں بیڑیاں ڈال دیں صرف ایک تلوار لی ، حضرت عباس کو دیکھتے ھی لشکر یذید میں ھیبت پھیل گی
    ‎حضرت عباس باوفا نے اپنی تلوار کی طاقت سےdیزیدی فوجوں میں انتشار پیدا کیا اور فرات کی جانب پیش قدمی کی ایک طرف ۔ھزاروں کی تعداد میں تازہ دم لشکر ایک طرف تین دن کا بھوکا پیاسہ 32 برس کا جوان جس کو امام نے جنگ کی اجازت نیہن دی ھے۔ عباس باوفا نے اسد اللہی طاقت کا مظاھرہ کیا فوج بھاگ گی

    ‎غازی نے فرات پر قبضہ کیا مشکیزہ بھرا ، ایک نظر خیام حسینی کی طرف کی سکینہ کی علی اصغر کی پیاس یاد آئی پانی چلو میں لیا اور پھر پھینک دیا ۔ مشک بھر کر کے گھوڑے پر سوار ھوۓ آگے بڑھنے لگے ۔ لشکر یذيذ کو شکت کا یقین ھوگیا ،چنانچہ کمیں گاہ سے تیروں کی بارش ھونے لگی پہلے دایاں ھاتھہ قلم
    ‎کیا گیا پھر بایاں ھاتھہ آپنے دانتوں سے مشک پکڑ لی آپ ّپھر بھی بہادری سے مشک کی حفاظت کرتے ھوے تیروں کی بوچھار میں آگے بڑھتے گے یہاں تک کے ایک تیر مشک سکینہ پر لگا اور سارا پانی بہہ گیا
    ‎غازی کی آس ٹوٹ گی اسی اثناء میں پیغمبر اسلام اور علی مرتضی کے دشمنوں نے سر پر گزر کا وار کیا ۔

    ‎ھاۓ غازی ھاۓ عباس
    ‎بیکس پیاسے بچے تڑپ کر رہ گے اما م مظلوم کی کمر جھک گی ۔ زینب کے پردے کا محافطہ شہید ھوا
    ‎زمیں کربلا میں ایک کہرام بپا ھوا ایک سیاہ پوش بی بی بالوں پر خاک کربلا ڈالے واہ عباسا کہتی ھوئ آگے بڑھی

    ‎اے میرے حسین کی ھمت میں تجھے زمین پر نیہں گرنے دونگی

    ‎ایک طرف سے حیسن کمر پکڑے ھوۓ چلے۔ غازی کے جسم میں اس قدر تیر ونیزے تھے کہ اب گھوڑے پر ٹکنا مشکل ھوگیا تھا۔ کوئی بھی سوار جب گھوڑے سے زین سے زمین پر آتا ھے تو اپنے دونوں ھاتھوں کا سہارا لیتا ھے ھاۓ میں غازی کی اس مصبیت کو کیسے بیان کروں حسین کا شیر زمین پر کیسے آیا ۔ آنکھوں میں تیر اور لہو دونوں ھاتھہ بریدہ سر پر گزر گراں اور سکینہ سے شرمندگی
    ‎امام سے کہا مولا میری لاش خمیہ میں مت لے جایئگا میں سکینہ سے شرمندہ ھوں امام سے فرمایا کہ آقا میں نے آنکھیں کھول کر سب سے پہلے آپکی زیارت کی تھی اب دنیا سے جاتے ھوے بھی آپکی زیارت کرنا چاھتاھوں
    ‎ھاۓ بے بسی کہ ایک آنکھہ میں خون بھرا ھے اور دوسری میں تیر پیوست ھے۔
    ‎امام اعلی مقام نے فرمایا ، اے میرے باوفا بھائی ساری زندگی ھم کو اقا کہہ کر پکارا ھے ایک بار بھائی کہہ دو۔

    سیرت ِ حیدر ،محمد کی زباں عباس ھیں
    داستاں در داستاں در داستاں عباس ھیں

    پڑھ چکے ناد علی اپنے پروں پر جبرئیل
    اُس جگہ جانے سے پہلے جس جگہ عباس ھیں

    ھے وہ منزل آشنا وہ واقف راہ علوم
    جس کے راھبر ،جس کے میرکارواں عباس ھیں

    ھیں حسین ابن علی مہر منور بالیقین
    عرش پر رہ کر یہاں بھی کہکشاں عباس ھیں

    زیست ،عزت ،کربلا ،حق، نہر مشکیزہ علم
    کشتی دینِ نبی کے پاسباں عباس ھیں

    باپ کے عزم و عمل کا ھیں نمونہ دھر میں
    عظمت و ھمت کا بحر بے کراں عباس ھیں

    ھیں حسین ابن علی فخر بنی فخر رسل
    اختتام ِعزو شانِ مرسلاں عباس ھیں

    اوج دنیا کا سمائے کیا نگاھوں میں میری
    کعبہ دل میں تو شاھیں کے نہاں عباس ھیں

  16. اللهم صلِ على محمد وآل محمد وعجل فرجهم الشريف

    اللهم صلِ على محمد وآل محمد وعجل فرجهم الشريف

    اللهم صلِ على محمد وآل محمد وعجل فرجهم الشريف

    اللهم صلِ على محمد وآل محمد وعجل فرجهم الشريف

    اللهم صلِ على محمد وآل محمد وعجل فرجهم الشريف

    بارالہی واسطہ خون مظلوم امام اعلی مقام کا دنیا بھر میں سارے مومنین و مومنات کو شعیان حیدر کرار کو اپنے حفظ وامان میں رکھے آمین ثمہ آمین

  17. سبحان اللہ، پروردگارِ پنجتن پاک آپ تمام کو کوئی غم نا دے سوائے غمِ مظلومِ کربلا کے، کیونکہ یہی غم اصلِ حیات ہے، فرشِ مجلس پر فرقِ من و تو ختم ہو جاتا ہے، فرشِ مجلس عابد و معبود کے درمیان مضبوط ربط ہے، سر تن سے جدا ہو کر بھی تلاوت کرے یہ عشق کی معراج ہے،، یہی وجہ ہے کہ فرشِ عزاء پر عرشِ الٰہی کا گمان ہوتا ہے،، جہاں معبود کے عطا کردہ لفظوں کی صورت میں غمِ حسین کی آیتیں اترتی ہیں،، شہادتِ مولا عباس کوئی کیا بیان کرے، دل پھٹنے لگتا ہے،، نجانے کس دل سے اُس بھائی (حسین علیہ السلام) نے دیکھا ہوگا،،
    لکھنوء سے تعلق رکھنے والے مولانا بلال کاظمی کے مسدس کا ایک بند لکھ رہا ہوں، اگر سمجھیں تو یہی فضائل ہے اور سمجھیں تو یہی مصائب ہے،، مولانا کہتے ہیں..

    لسانِ رب کی صداؤں نے تجھ کو ڈھونڈا ہے
    نمازِ شب کی دعاؤں نے تجھ کو ڈھونڈا ہے
    پیمبروں کی وفاؤں نے تجھ کو ڈھونڈا ہے
    کئی سروں کی رداؤں نے تجھ کو ڈھونڈا ہے

    جو تُو نہیں تو تمنا کا باب کوئی نہیں
    علی کے گھر میں بھی تیرا جواب کوئی نہیں

  18. بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
    اللہم صل علی محمد و آل محمد و عجل فرجہم

    فلعن اللہ امۃ قتلۃ الحسین (علیہ السلام) و اصحابہ و لعن اللہ امۃ سعمعت بذالک فرضیت بہ
    امام حسین (علیہ السلام) اور ان کے اصحاب کو قتل کرنے والوں پر اللہ کی لعنت ہو اور ان پر بھی جنہوں نے اس سانحہ کو سنا اور خوش ہوئے

  19. روائت ہئے کہ جنگ صفّین میں ایک جوان نقابدار لشکر جرّار حیدار کرّار سے برآمد ہوا ،سوار کی شخصیت سے ہی دشمن پر ہیبت طاری ہوئ سوار نے جنگ لڑنے کے لئے لشکر کو للکارا ،

    امیر لشکر دشنان اہلبیت نے اپنی فوج سے ایک بہا در ابو شعشاء کو حکم دیا کہ وہ سوار کے مقابل آ کر جنگ کرے ابو شعشاء نے کہا ،شام کے لوگ مجھے ہزار سواروں کے برابر جانتے ہیں اس لئے میر ے بجائے میرے بیٹے ہی اس سوار کا کام تمام کرنے لئے کافی ہیں
    ابو شعشاء نے اپنے سات بیٹوں میں سے ایک کو جنگ کرنے نقاب دار سوار کے مقابل بھیجا جس کو نقابدار نے ایک ہی وار میں جہنّم واصل کیا ،ابو شعشاء نے یکے بعد یگرے اپنے ساتوں بیٹے بھیجے جو سب کے سب سوار کے ہاتھوں واصل جہنّم ہوئے

    سوار کی ہیبت ناک جنگ دیکھ کر دشمن کے لشکر میں کسی کی ہمّت نہیں ہوئ کہ وہ آگے بڑھ کر سوار کے مدمقابل آئے چناچہ ابو شعشاء خود مقابلے پر آیا اور بہت جلد سوار کے ہاتھوں جہنّم واصل ہوا

    سوارنے دشمن کی فوجوں کا کام تمام کر کے جب لشکر امیر المومنین میں واپس آکر اپنی نقاب چہرے سے اٹھائ تو پس نقاب چہرہء غازی عبّاس علمدار تھا
    ،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،
    میں خود بھی ابھی تک زیا رات کی سعادت سے محروم ہوں لیکن میں نے سنا ہئے کہ

    ہارون کربلا،شہنشاہ وفاء عبّاس علمدار کے مزار مبارک کے نیچے صدیوں سے پانی ان کی قبر کا حصار کئے ہوئے ہئے ،اس پانی کی خصوصیت بتائ جاتی ہئے کہ یہ کبھی خراب نہیں ہوتا ہئےاس پا نی میں ایک ہی قسم کے پھول کھلتے ہیں جن کو گل عبّاس کہتے ہیں

    ائے ساقئ حرم امام، دشت نینوا
    بر سر ریگ بلا شانے بریدہ

    ائے شنشاہ وفا کشتہء جوروجفا

    پیاسا جا کے بھی نا پانی کو پیا

    تجھ کو سلام ہئے میرا ،

    تجھ کو سلام ہئے میرا

    ائے پیکر مہرو فا ،شانے بریدہ

    بر سر ریگ بلا ،بر سر ریگ بلا

    زائرہ کا یہ نوحہ ہئے صدا

    میری آنکھیں دیکھ لیں اب کربلا

    زائرہ بجّو

    ایڈ منٹن کینیڈا

  20. میری مسیحا بیٹی اس عشق حقیقی کے سرنامے کو تحریر کرنے کے عوض اللہ کریم و رحیم تم کو زیارات کربلا و شام کی سعادت عطا کرے آمین
    اور سوائے غم حسین کے کسی غم سے آشنا نا کرے ،

    دعاگو

    زائرہ بجّو

  21. محمّد رضا بیٹے میں بھی تمھاری ہر دعاء پر آمین ثمۃ آمین کہ رہی ہوں ،

    پرور دگار عالم تمھارا حال اور مستقبل روشن کرے اور تمھارے وجود سے تمھارے اہل خانہ کے دک ٹھنڈے رکھّے آمین ثمّہ آمین

    وہ نور جس کو شہ مشرقین کہتے ہیں

    اسی کو نور خدا ،نور عین کہتے ہیں

    بکھر گیا تو وہی نور کا ئنا ت بنا

    سمٹ گیا تو اسی کو حسین کہتے ہیں

  22. تصحیح ،
    دوسری لائن میں تمھارے اہل خانہ کے دل ٹھنڈے رکھّے آمین

  23. مجھے یہاں آکر احساس ہوا کہ اہل ایمان کہ یہاں ایمان کی قدر ہوتی ہے، یقین کریں جب سے عالمی اخبار پر لکھنا شروع کیا اتنی دعائیں ملیں کہ میرا دامن تنگ پڑ گیا، سب سے پہلے صفدر بھائی کی شفقت، پیار اور دعا، پھر میری بہن نگہت کی دعائیں اور پیار، پھر زائرہ بجو، اور دیگر تمام لوگ، مجھے دکھ صرف یہ ہے کہ میں بہت دیر سے اس فیملی میں آیا،، اتنی پرخلوص دعائیں کوئی کسی اپنے کو ہی دے سکتا ہے، آپ تمام نے جس طرح مجھے یہاں جگہ دی، دعائیں دیں، پیار دیا اس پر خداوندِ حسین علیہ السلام کا اور آپ سب کا بہت مشکور ہوں،
    یا حسین علیہ السلام
    تُو نے تراش کر مجھے ہیرا بنا دیا
    ورنہ میرا وجود انہی پتھروں میں تھا

    ذکر حسین علیہ السلام نے مجھے ہمیشہ عزتیں دی ہیں، اور ایک شاعر نے ایک بار کہا تھا کہ..

    مجھ میں اور انبیاء میں اک بات مشترک ہے
    ان کی طرح سے میں بھی ذاکر حسین کا ہوں

    اس کے جواب میں میں نے ان شاعر کو فورا کہا تھا کہ..

    مجھ میں میرے خدا میں اک بات مشترک ہے
    اُس کی طرح سے میں بھی عاشق حسین کا ہوں

    دل کی گہرائیوں سے آپ سب کے لیے اتنی دعائیں نکل رہیں ہیں کہ لفظوں میں بیان بھی نہیں کر سکتا، ربِ حسین علیہ السلام آپ سب کو کوئی دکھ کوئی غم نا دے سوائے غمِ مظلومِ کربلا کے.

  24. میں حادثاتی زائرِ کربلا ہوں، انتہائی غربت میں سن دوہزار چار میں جبکہ میں بیروزگار بھی تھا دل میں بہت ارمان تھا کہ کربلا جا سکوں، ایک دوست نے کہا کہ قافلہ جا رہا ہے ایران اگر کہو تو میں تمہارے پیسے دے دیتا ہوں تم ایران کی زیارت تو کر ہی آؤ، میں نے حامی بھر لی، جب ہمارا قافلہ قم مقدس پہنچا تو وہاں پتا چلا کہ عراق کا بارڈر صبح کے وقت ایک گھنٹے کے لیے کھلتا ہے تاکہ جو لوگ اپنی جان بچانے کے لیے عراق سے نکلنا چاہیں وہ نکل جائیں اور داخل ہونے والوں کو نہیں روکا جاتا، میں نے وہاں سے اپنا قافلہ ترک کیا اپنے کچھ کپڑے اور سامان قم کے بازار میں بیچا جس میں موبائل فون اور گھڑی اور انگوٹھیاں تھیں اور اکیلا ہی عراق کے سفر پر نکل گیا، یہ وہی زمانہ تھا جب سترہ ملکوں کی فوجیں عراق میں موجود تھیں، قتل عام اور بم دھماکے معمول تھے، میں ایسے وقت میں بغیر ویزہ عراق میں داخل ہوا، مہران بارڈر سے کربلا تک میں نے سو سے زیادہ افراد کو قتل ہوتے دیکھا لیکن مجھے یقین تھا کہ میں جہاں جا رہا ہوں وہاں پہنچ جاؤں گا، دس دن کربلا میں رہا، دو اگست کو نجف اشرف جانے لگا تو نجف اشرف کے بارڈر پر مجھے گرفتار کر لیا گیا کیونکہ میرے پاس صرف پاسپورٹ تھا ویزہ نہیں تھا، میں نے کہا کہ میں صرف زیارت کرنا چاہتا ہوں لیکن نیٹو کے فوجی نہیں مانے اور دو گھنٹے ہتھکڑی لگا کر مجھے زندان میں ڈالے رکھا اور پھر یہ کہہ کر چھوڑ دیا کہ واپس کربلا جاؤ اور اگر اب نجف کے آس پاس بھی نظر آئے تو گولی مار دیں گے، میں نے ان کی منت کی کہ جو ہتھکڑی مجھے لگائی تھی وہ دے دو، یہ میری خوش نصیبی ہے کہ مجھے بے جرم و خطا اہلیبیت اطہار کی زیارت کے شوق میں ہتھکڑی لگی، یہ میرے لیے بہت مقدس ہے، میرے ملک کے لوگ اسے چومیں گے، وہ نا مانے اور بولے کہ جان بخشی کر رہے ہیں اس کو غنیمت جانو اور چلے جاؤ، اگلے روز تین اگست کو نجف پر نیٹو نے فضائی حملہ کرنا تھا مقتدیٰ الصدر کو قتل کرنے کے لیے، میں واپس آیا اور کربلا میں چار گھنٹے رکنے کے بعد دوبارہ آدھی رات کو نجف روانہ ہو گیا، مجھے زیارت کرنی تھی، چاہے جان دے کر بھی، میں صبح چھ بجے اپنے مولا علی کے روضے میں تھا، چار بجے، مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ تین اگست دوہزار چار کو ٹھیک چار بجے نیٹو فوج نے نجف پر بمباری شروع کر دی، جس ٹیکسی والے کے ساتھ میں گیا تھا اُس نے کہا کہ نکلو فورا. میں نے کہا کہ رک جاؤ، کچھ نہیں ہوگا، میں چھ بجے تک وہاں رہا، میں نے جسموں کے ٹکڑے فضا میں اڑتے دیکھے، لاشوں کے انبار دیکھے، زندگی اور موت کا فلسفہ مجھے اُس وقت سمجھ آیا، جو علی علیہ السلام اور ان کی اولاد کی محبت دل میں رکھے اُس کے لیے موت ہی زندگی ہے ورنہ زندگی موت سے بھی بدتر ہے، شکر خدا کہ میں زندگی کو سمجھ پایا، اہلیبیت سے محبت سر کا سودا ہے، اور میں نے عملی طور پر یہ سودا کیا تھا،، جو کچھ لکھ چکا ہوں وہ اُس سے بہت کم ہے جو لکھنا چاہتا تھا، لیکن یہ لکھنے کا مقصد صرف اتنا ہے کہ جذبہ اور دعا سے نہیں جاتا انسان، چل پڑے تو پہنچ جاتا ہے، میں دوبارہ کربلا نہیں جا سکا لیکن وہاں سے آنے والے کتنے ہی لوگوں نے مجھے کہا کہ انہوں نے مجھے وہاں دیکھا ہے، مجھ سے ملے ہیں، مجھے سمجھ نہیں آیا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ میں نا جاؤں اور ان لوگوں کو جو مجھے اچھی طرح جانتے ہیں وہاں ملوں، پھر میں نے خود ہی سمجھ لیا کہ میری روح وہیں رہ گئی، جسم واپس آگیا، آپ سب سے التجا ہے کہ میرے لیے دعا کریں کہ میں دوبارہ وہاں جاؤں، اور خاکِ کربلا میں مل جاؤں، تاکہ وہاں آنے والا ہر زائر مجھ پر قدم رکھے بغیر میرے مولا کی زیارت نا کر سکے، میں دعا کرتا ہوں کہ جس نے کربلا نہیں دیکھی میرا حسین اُسے کربلا دکھائے، دنیا کی اکلوتی سرزمین ہے کربلا جہاں آپ کو مدینے والے بھی ملیں گے، نجف والا بھی ملے گا، کاظمین والے بھی ملیں گے سامرہ والے بھی ملیں گے مشہد والا بھی ملے گا، اور یقینا خدا بھی وہیں ملے گا، جس کو یقین نا ہو وہ میرے ساتھ چلے، میں اپنی آنکھوں سے سب کی زیارت کرواؤنگا..
    مجھے دعا کی ضرورت اس لیے نہیں کیوں کہ میں جانتا ہوں کو جاؤنگا، اور ضرور جاؤنگا، میں کربلا چھوڑتے وقت کہہ کر آیا تھا کہ آپ نہیں بھی بلائیں گے تب بھی آؤں گا، میرے اسباب میرا جنون پیدا کرے گا اور میں دوبارہ جاؤں گا اپنی روح سے ملنے جو ہر لمحہ قبرِ حسین کا طواف کر رہی ہے..

  25. رضا بھائی افسوس تو ہمیں ہے کہ آپ تاخیر سے ملے اور آپکے تحریری انمول موتیوں سے طویل مدت کے لیئے استفادہ نہ کر پائے۔ وارثان قلم آپکو اپنے سائے میں رکھیں۔آمین۔بحق معصومین

  26. رضا بھائی اب ایک فرمائش اور درخٰواست میری بنام مولا مان لیجئے۔ از راہ کرم اس زائری سفر مقدس کا حال کم ازکم پانچ اقساط میں لکھ دیجئے فوری طور پر۔ سوچنے کی بات نہیں۔انکا حکم ہے جنکا کام ہے اور جنہوں نے آپکا کام کیا۔ کیجئے بسم اللہ۔قلم پر ناد علی پڑھئے اور پہلی قسط روانہ کیجئے۔ انتظار میں ہوں

  27. محترم صفدر بھائی نے اتنی محبت سے اتنا بڑا واسطہ دے دیا کہ میں چاہ کر بھی انکار نہیں کر سکتا، مکمل سب کچھ اس لیے نہیں لکھا تھا کہ کہیں خود نمائی کا پہلو نا نکل آئے ورنہ میرا بہت دل تھا کہ اپنی دیوانگی کی داستان سناؤں، بہت سے احباب تو بار بار سن چکے ہیں لیکن انہیں میرا بتانا اچھا لگتا ہے، اب تعمیلِ حکم میں شروع کرتا ہوں وارثان قلم سے لفظوں کی بھیک مانگ کر،

  28. اللہ سلامت رکھے محمد رضا بھائ آپکو ، آپکی تحریر کا کرشمہ تھا کہ اپکے نجف اشرف جانے کا احوال پڑھ کر آنکھوں کا جو حال ھوا ، آج ھفتہ ھے میرے دفتر میں میرے علاوہ کوئ نیہن سطر سطر پڑھ کر دل آنکھيں اور جگر بھی اشک بہانے لگا تھا ، لفظ لفظ میں الفت آل کی روح پرور خوشبو بسی ھوئ تھی ،یہ اتفاق ھی تو ھے کہ ، کل بروز جمعہ میرے عزيز تر چھوٹے بھائ سید صفدر رضا رضوی نےفون پر کہا کہ اربعین شام و نجف میں ھوگا ، میں نے کہا کہ بھائ میرے بغیر کیسے جاوگے ،کہنے لگا آپ اپنی تیاری کریں انشا اللہ حضرت امام حسین اعلی مقام کا چہلم کربلا میں کرینگے ۔ میں اس سفر میں ھم سب کی بہت عزيز بہن اور بہت پیاری دوست ڈاکٹر نگہت نسیم کے ساتھہ جانا چاھتی ھوں ، مجھے خوب علم ھے کہ جتنی شدت سے آل محبت کی مودت و الفت کی شمع انکے دل میں فروزاں ھیں نگہت کا دامن پکڑ کر مجھے بھی اذن زیارت عطا ھوگا ،

  29. رضا بھائ آپ بھی مولا سے سفارش کریں کہ مجھے چہلم امام مظلوم نجف میں کرنے کی سغادت مل جاۓ ۔ 15 ستمبر 1990کو میں بھی بذریعہ کار کویت سے عراق گي مگر پوری گاڑي بمعہ اسباب سفر کے چوری ھوگی اور میں عراق میں 5 دن ٹہرنے کے باوجود نجف و کربلا نہ جاسکی ، میں اج تک سوچتی ھوں میری تڑپ میں کوئ کمی رہ گی ھوگی جھبی میں شرف زیارت ضریح مبارکہ سے محروم رہ گی ۔ گذشتہ برس والدہ عاشورے والے دن نچف میں تھیں ،وہ بھاگ بھری ھیں جب ارادہ کرتیں ھیں زیارتوں پر نکل جاتیں ھیں ، بھائ مولا عباس کا سب سے بڑا علم لیکر شام و کربلا گيے تھے ، آاپنی دعاوں میں مجھے یاد رکھیے گا ، اللہ پاک آپ صرف کربلا ھی نیہن اس سال ساری زیارتوں سے شرف یاب ھوں ۔محترم المقام جناب صفدر ھمدانی صاحب، آپ سے بھی دست بدستہ دعاکی المتاس کرتی ھوں ، دعا کریں کہ اربیعن نجف و کربلا وشام میں کروں کیہں میں جاونگی کیہں میری روح ، اور پھر واپس آنا نصیب نہ ھو، آمین ثمہ امین

  30. السلام علیکم،
    میری محترم بہن کربلا کوئی دور نہیں، امام حسین علیہ السلام کی قبر مطہر تو ہر مومن کے دل میں ہے، اک ذرا نظر جھکانے کی دیر ہے، اس کے ساتھ ہی جسمانی معراج بھی ضروری ہے، کیونکہ ہماری روحیں کربلا میں حرمِ امام حسین علیہ السلام کا طواف کر رہی ہیں، اپنی لگن کو ٹھنڈا نا ہونے دیجیے گا، آپ ضرور پہنچیں گی کربلا و نجف، جب ہمارے وارث ظہور عجل اللہ تعالیٰ فرجہ کریں گے اُس وقت بھی ایک صدا آئے گی انا الحق کی، اور جو بھی ان سے ملنے، ان کا ساتھ دینے کا ارادہ کر کے ان کی سمت چلے گا تو پہلا قدم اپنی مرضی سے اپنی سرزمین پر رکھے گا، دوسرا قدم امام عجل اللہ تعالیٰ کے حکم سے وہاں ہوگا جہاں امام عجل اللہ تعالیٰ ہونگے، میری دعا ہے پروردگار حسین علیہ السلام سے کہ جو بھی کربلا جانے کی خواہش رکھتا ہے ایک بار اُسے وہاں ضرور پہنچائے، زمینِ کرب و بلا، جہاں آج بھی نا نیند آتی ہے، نا بھوک لگتی ہے، بس بے چینی سی رہتی ہے، اُس زمین کو دیکھنے مت جائیے گا، محسوس کرنے جائیے گا، دیکھنے میں تو وہ شہر ہے، لیکن حقیقت میں آج بھی جنگل ہے، ایسا جنگل جسے امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب و انصار نے اپنے خون سے سیراب کر کے جنت بنا دیا.. جہاں انسانی تاریخ میں پہلی بار ایک باپ نے اپنے ششماہے کی قبر اپنی تلوار سے کھودی اور ماں پہلو میں کھڑی حسرت سے دیکھتی رہی، علی اصغر کربلا کا اکلوتا شہید ہے جو ایک بار نہیں دو بار نہیں تین بار ذبح ہوا، تیر سے، پھر نیزے کی انی سے، اور پھر تلوار سے.. اُسی کے صدقے میں شہزادی امِ رباب کی نذر دلائیں اور کربلا و نجف کی زیارت مانگ لیں..

  31. کربل کی ہوا خاک اڑا کردے اندھیرا
    عباس کی مقتل سے گزرتی ہے سکینہ
    دیکھے نہ علمدار کہیں زخمی یہ چہرہ
    عباس کے مقتل سے گزرتی ہے سکینہ

    عباس تڑپ جائے گا گر حال یہ دیکھے
    بعد اس کے لگے کس طرح بچی کو طمانچے
    رخسار پہ ہاتھون کو رکھے روتی ہے دکھیا
    عباس کے مقتل سے گزرتی ھے سکینہ

    اب مجھ کو نہیں پیاس کا احساس کہاں ھو
    کہتی ھے وہ رو کر چچا عباس کہاں ھو
    اے خاک تو غازی کے کٹے بازو چھپانا
    عباس کے مقتل سے گزرتی ہے سکینہ

  32. کربل کی ہوا خاک اڑا کر دے اندھیرا
    عباس کے مقتل سے گزرتی ہے سکینہ

    دیکھے نہ علمدار کہیں زخمی یہ چہرہ
    عباس کے مقتل سے گزرتی ہے سکینہ

    عباس ٹرپ جائے گا گر حال یہ دیکھے
    بعد اس کے لگے کس طرح بچی پہ طمانچے
    رخسار پہ ہاتھون کو رکھے روتی ہے دکھیا
    عباس کے مقتل سے گزرتی ہے سکینہ

    اب مجھ کو نہیں پیاس کا احساس، کہاں ھو؟
    کہتی ھے وہ روکر چچا عباس ، کہاں ھو؟
    اے خاک تو غازی کے کٹے بازو چھپانا
    عباس کے مقتل سے گزرتی ہے سکینہ

    کلام عارف سحاب بلتستانی

  33. سلام یا قمر بنی ہاشم

    جب قلم لکھنے لگا حضرتِ عباس کا نام
    پھول بن بن کے کھلا حضرتِ عباس کا نام

    جب بھی آلودہ فضاﺅں میں کھلے اُن کا علم
    پاک کرتا ہے فضا حضرتِ عباس کا نام

    یوں لگا گھر میں میرے چاند اُتر آیا ہے
    میں جو دُہراتا رہا حضرتِ عباس کا نام

    تھی کڑی دھوپ مجھ پہ گھنا سایا تھا
    بس میرے ذہین میں تھا حضرتِ عباس کا نام

    مشکلیں آ کے میرے پاس پڑی مشکل میں
    اُن کوبھی لینا پڑا حضرتِ عباس کا نام

    نام عباس کا عباس نہیں ہو تا اگر
    بلقین ہوتا وفا حضرتِ عباس کا نام

    مجھ کو ریحان میری ماں نے سکھائی ہے یہ بات
    بس وضیفہ ہو تیرا حضرتِ عباس کا نام

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *