ایک حکایت

ایک حکایت پیش خدمت ہے۔ ممکن ہے آپ احباب نے سُن رکھّی ہو، مگر تفنن طبع کے لئے مکرر کہنے سننے میں جاتا ہی کیا ہے!
کہتے ہیں کہ ایک بادشاہ کے وزیر موصوف آمرانہ احکامات پر عملدرامد کرانے میں اس خوف سے تآمل برتتے تھے کہ انکی نظر میں عوام کسی ناروا حکم پر بغاوت کر سکتی تھی۔ جبکہ بادشاہ کو یقین تھا کہ عوام بے حس ہیں اور کسی بھی رد عمل سے عاری ہیں۔ اسی موضوع پر بحث کے نتیجے میں دونوں کے درمیان طے پایا کہ اگلے دن سے شہرمیں صبح اور شام کے وقت سے آتے جاتے ہر شہری کو دس دس دُرے لگائے جائیں گے۔
یہ عمل دو دن جاری رہا اور عوام نے کوئی رد عمل نہ کیا تو بادشاہ نے وزیر سے کہا کہ دیکھو ہم نہ کہتے کہ یہ عوام کبھی کچھ نہیں کریں گے، لیکن وزیر کا استدلال تھا کہ یہ محب وطن ہیں اور اسے ملک کی سیاسی ضروت سمجھ کر برداشت کر گئے ہیں، لیکن یہ کام زیادہ عرصہ نہیں چل سکتا۔ اپنے نقطہ نظر کی صداقت کے ثبوت کے لئے بادشاہ نے دُرّوں کی تعداد اور ایام بڑھا دئیے کہ عوامی رد عمل دیکھا جا سکے۔ حتّٰی کہ اگلے ہفتہ سے یہ سزا سو کوڑوں تک بڑھ گئی۔
لیکن کیا ہوا کہ دوسرے ہی دن بادشاہ کے محل کے سامنے عوام کا انبوہ انتہائی غم و غصے میں حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہا تھا اور یوں لگ رہا تھا کہ ذرا سی مزید بر انگیختگی سے یہ ہجوم شاہی محل کی اینٹ سے اینٹ بجا دے گا۔ وزیر موصوف بھاگے بھاگے بادشاہ کے پاس حاضر ہوئے اور کہا کہ ہم نہ کہتے تھے کہ یہ ظلمِ نا روا زیادہ عرصہ نہیں چلے گا۔ اب اس عوامی غیض و غضب کا جواب کیا دیں۔ آپ کے تجربے نے آپ ہی کی حکومتی مشینری کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ لیکن۔۔۔۔
بادشاہ بدستور پُر امن اور پہلے سے زیادہ حالت تفاخُر میں تھا۔ جب وزیر اپنے خوف کا اظہار کر چکا تو باد شاہ نے کہا کہ گھبراؤ نہیں، اور صرف اتنا کرو کہ ذرا لوگوں کا مطالبہ تو معلوم کرو اور انہیں کہو کہ ہم فوری حل کے لئے حاضر ہیں۔ وزیر موصوف ڈرتے ڈراتے لوگوں تک پہونچے اور ان میں سے سرکردہ افراد سے ان کا مطالبہ معلوم کیا۔
لوگوں نے حکومت وقت سے زوردار شکایت کی کہ چونکہ صبح اور شام زیادہ مصروفیت کے اوقات ہوتے ہیں اور سڑکیں پُر ہجوم رہتی ہیں اور انہیں دفتروں سے دیری کا سامنا رہتا ہے۔ ایسے میں سو سو کوڑے کھانے کے لئے قطاروں میں کافی وقت لگ جاتا ہے، جبکہ سرکار نے اس کام پر صرف دو آدمی مقرر کر رکھے ہیں۔ ہمارا پُر زور مطالبہ ہے کہ اس جوتا بردار ٹیم کی تعداد بڑھائی جائے تا کہ لمبی قطاروں میں وقت برباد نہ ہو اور ہم جلد فارغ ہو سکیں۔

دیکھا آپ نے ہمارا حال، کہ اس حکایت کو محض تفنن طبع کے لئے رکھ چھوڑا ہے۔ دیکھیں آپ کیا کہتے ہیں؟

13 thoughts on “ایک حکایت”

  1. سر سید نے کہا تھا جیسے عوام ھوتے ھیں ویسی ھی حکومت ھوتی ھے ۔ انہوں نے اسکو دلیلوں اور مثالوں سے ثابت کیا ھے ۔
    ۔
    ھر اک کے لئے ھر ایک حکومت پر اعتراز کرنا بہت آسان ھوتا ھے مگرحکومت کرنا اور کسی ملک کو بہتر یا کم از کم مناسب طریقے سے چلانا آسان نہیں ھونا۔ خصوصا”جہاں 99۔99 فیصد بے ضمیر بستے ھوں۔ جہاں کوئی بھی اپنا کوئی بھی کام ایمانداری سے نہیں کرتا۔ سوائے ھمارے جیالے فوجیوں کے، جنکے خون کی قیمت پر ہمیں آج تک دیوار اور چھت میسر ھے۔اس
    99۔99 فیصد میں موچی، کسان،گدھاگاڑی والا،بوجھ ڈھونے والا،ردی بھوسی ٹکرے والا شامل نہیں کہ یہ اور ان جیسے تو بہت معصوم اور مظلوم ھیں۔اور ان پر تو کوئی ذمہ داری عائد ھوتی بھی نہیں سوائے یہ کہ اپنے بچوں کے پیٹ میں روٹی ڈالتے رہنے کی کوشش میں جٹے رہیں ۔کاش کبھی انہیں بھی انسانون کی طرح جینا نصیب ھو جاتا۔ مگر جیسے ھی ان سے اوپر نظر اٹھتی ھے ایسے انسانوں پر ، جہاں سے فرائض اور انسانیت اور حق اور انصاف نیز دیگر ایسے معاملات کا سوال پیدا ھوتا ھے۔ اندھیرا ھی اندھیرا نظر آتا ھے۔اور اس حوالے سے سپ سے زیادہ لعنتیں میں جس طبقے پر بھیجتی ھوں وہ میرا اپنا شعبہ ھے۔، وہ ھے معلموں کا طبقہ، میں اس شعبے میں گھر کی بھیدی بھی ھوں اور یوں بھی کہ اپنی گلی صاف رکھنے کی توقع اس سے نہین کی جا سکتی جسے اپنے گھر کے اندر ھی موجود غلاظت نظر نہ آرھی ھو۔
    گزشتہ 60 سال سے اگر عالموں ، ٹیچروں ، استادوں ، پروفیسروں،اور تعلیمی شعبوں کے اکابرین یعنی department of Education نے اپنے فرائضِ منصبی کو ایمانداری سے ادا کیا ھوتا یعنی انسانوں کو صحیح انسان بنایا ھوتا تو آج انسانی بستیوں میں جانوروں کے جنگل نہ اگے ھوئے ھوتے۔ آج ھمارے ملک کے ھر شعبے میں انسان ھوتے ۔اور یوں روشن ضمیروں، ایمانداروں ، منصفون اور فرض شناصوں کا قحط نہ ھوتا ۔ اور جو یوں ھو تا تو ھمارے پاس قابل فخر سیاست داں اور حکمراں بھی ھوتے۔اور باھر والوں کو بھی ھمارے معاملات میں دخل دینے کی نہ ضروتر ھوتی نہ ھمت۔اور ھم اپنی جنت میں ھوتے۔
    ڈاکٹر پنہاںؔ

  2. بقول اقبال:
    جب عشق سکھاتا ہے آدابِ خود آگاہی
    کھلتے ہیں غلاموں پر اسرارِ شہنشہا ہی !
    ۔۔۔۔
    ان غلاموں کو آداب خود آگا ہی کا پتہ ہی نہیں جب ہی تو وہ ” جوتا ( کوڑا ) بردار ٹیم کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ بجائے اس کے کہ وہ ایسے آمر اور ظالم حاکم سے نجا ت پانےکی کوشش کریں۔

    سید مصباح حسین صاحب یہ حکایت پاکستان کے غلامانہ ذہنیت کے عوام اور بے پروا ہ حکومت پر بھی صادق ہوسکتی ہے۔
    ۔۔۔
    شکریہ کہ آپ نے دنیا کی اس خشک فضا میں ہنسنے ہنسانے والا بلاگ شروع کیا
    جزاک اللہ

  3. السلام علیکم
    ویسے تو یہ بلاگ ایسا ہے کے اس پر بلکل فرصت میں فریش ذہن کے ساتھ ایک بھرپور بلاگ لکھا جا سکتا ہے مگر یہ حقیقت ہے کے کمال کر دیا مصباح بھائی آپ نے یہ حکایت لکھ کر ۔یہ حکایت ہمارے پاکستان پر 99 فیصد درست بیٹھتی ہے مگر اس حکایت میں اگر کوئی چیزر مختلف ہے تو وہ یہ کے بادشاہ نے عوام پر کوڑے لگانے کے لئیے صرف دو لوگ لگائے تھے جس پر عوام نے احتجاج کیا ۔مگر ہماری حکومت نے تو عوام پر کوڑے مارنے والوں کی لائن لگا رکھی ہے ۔ بے انتہا وزیر مشیر کس لئیے ہیں ِ؟ درپردہ وہ عوام پر کوڑے ہی برسا رہے ہیں ۔ مگر بادشاہ کی ریاست کی عوام اتنی تو بیدار تھی ۔ مگر افسوس ہماری پاکستانی عوام تو اس سے بھی ذیادہ بے حسی کا شکار ہے ۔

  4. میں آج تک یہ بات نہیں سمجھ پایا کہ ہم جو خود کو مسلمان کہلواتے ہیں مغربی ممالک کی نسبت جنہیں کافر کہا جاتا ہے
    بے ایمان، خود غرض، غیر منظم، علم و تعلیم سے دور، رشوت خور، ظالم، اپنے فرائض سے غافل، دوسروں کے حقوق سے بے خبر، حب الوطنی کے ھجّوں تک سے نابلد وغیرہ وغیرہ وغرہ کیوں ہیں ؟؟؟

    یا تو ہمارے یہاں کی مٹی کی تاثیر کچھ ایسی ہے، یا پھر اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے ہماری قوموں کو تخلیق فرماتے وقت یہ فرق رکھ دیا کہ آج یورپی امریکی ہر کام، ہر شعبے، ہر جہت میں ہم سے بہتر ہیں، اور ہم ۔ ۔ ۔

  5. برادر عزیز مصباح۔ کیا خوب حکایت ہے۔ یہ بھی تو طے ہے نا کہ حکایات کوئی افسانہ یا کہانی نہیں ہوتی بلکہ مبنی بر حقیقت ہوتی ہیں۔ اسی حکایت سے ایک واقعہ یاد آیا جسے یار لوگوں نے ”لطیفے” کا نام دے رکھا ہے اور یہ بات ہے ان دنوں کی جب پاکستان کی موجودہ حکومت نئی نئی آئی تھی اور آٹا مہنگا ہی نہیں نایاب بھی تھا۔
    دروغ پر گردن راوی کہ اسلام آباد کی ایک مارکیٹ میں آٹے کے سرکاری سٹور کے سامنے ایک طویل قطار لگی ہوئی تھی اور اس قطار سے اچانک ایک شخص چلاتا ہوا نکلا اور نہایت سخت سست سناتا ہوا کہنے لگا کہ ” آج نہیں چھوڑوں گا اور ایوان صدر میں بیٹھنے والے کو جان سے مار دوں گا” یہ کہہ کر اس نے شاہراہ آئین کی طرف دوڑ لگا دی ۔
    اب لوگ حیران تھے اور پریشان بھی کہ نہ جانے یہ شخص کیا کر بیٹھے۔اس فکر اور تردد کے باوجود کوئی قطار سے نکلنے کو تیار نہیں تھا۔
    کوئی بیس منٹ کے بعد لوگوں نے دیکھا کہ وہی شخص ہانپتا کانپتا واپس آیا اور خاموشی سے آٹا لینے والوں کی قطار کے آخر میں کھڑا ہو گیا۔
    قطار میں کھڑے ایک نوجوان نے پوچھا”بھائی صاحب آپ تو ایوان صدر گئے تھے وہاں بیٹھنے والے کوجان سے مارنے کے لیئے”
    اس آدمی نےغصے سے اس نوجوان کو دیکھا اور کہنے لگا”بھائی جی وہاں تو اس سے بھی زیادہ لمبی لائن لگی ہوئی ہے”۔

  6. تمام احباب کی توجہ پر مشکور ہوں۔ ڈاکٹر صاحبہ نے ماشاء اللہ اچھا خاصا تجزیہ پیش کر ڈالا۔ سر سید کے کہے کی صداقت اس بات سے بھی عیاں ہے کہ یہ پہلے امام علی ”ع” نے فرمایا تھا اور پھر آپ نے یہ بھی کہا کہ اے اللہ اس قوم پر انہی جیسا حاکم مسلط کر دے۔ کاش آپ کی فکر عام ہو جائے۔
    جی قبلہ ہمدانی صاحب۔ آپ نے درست فرمایا کی حکایات کے پردے میں کچھ نہ کچھ جگ بیتی ضرور ہوتی ہے۔ لیکن جو حکایت آپ نے لکھی، اس کو ہم حقایت کہیں تو بہتر ہوگا، کہ اس کے سچ ہونے میں کوئی شک نہیں۔ یہ لطیفے بھی ہیں اور زندگی کے سنگین مذاق بھی۔
    اگر اس کہانی کو پڑھ کر، سوچ کے ساتھ ساتھ کسی کے بھی ہونٹوں پر ہلکا سے تبسم آگیا تو میری محنت رائیگاں نہیں گئی۔
    امید ہے ڈاکٹر ماریہ علی صاحبہ کو یہ ہلکی پھلکی گفتگو پسند آئی ہوگی، کہ انہی کیچند روز پہلے کی فرمائیش پر ہم نے ایسا موضوع چنا کہ اگر پھر سے پاکستان کی سیاست کی گمبھیرتا میں اٹکنا چاہیں تو وہ بھی میسر رہے اور اگر مدعا صرف ہنس کر ٹال دینا ہو تو وہ بھی ممکن ہو۔
    قبلہ منظور صاحب، آپ میرا مدعا پا گئے، بڑی نوازش۔
    مکرمی عبد المناف صاحب، آپ نے بڑا درست فرمایا کہ کہیں یہ نقص ہماری مٹی میں تو نہیں؟ حدیث رسول ’ص‘ ہے کہ الحب الوطن من الایمان کہ حب الوطنی بھی ایمان کا حصہ ہے۔ ۔۔ سچ یہی ہے کہ یہ ہماری مٹی میں تو نہیں ہے، لیکن کہیں نہ کہیں کوئی خامی ضرور ہے۔ شاید اس لئے کہ ہم نے لفظ مؤدت اور وفا کو اسکی اصلی توقیر نہ دی۔ بات سنجیدگی کی طرف جا رہی ہے، اس لئے بات کو یہیں چھوڑتا ہوں، کہ آج مدعا ہنسنا ہنسانا بھی ہے۔

  7. السلام علیکم
    مصباح بھائی حقیقت میں آپ کا یہ بلاگ دونوں کام آتا ہے ۔ ہنسنے والے ہنستے بھی ہیں اورسمجھتے بھی ہیں ۔
    ایسے ہی ایک قصہ مجھے بھی یاد آتا ہے جو کے جب پاکستان میں آٹا ڈھونڈے سے نہیں ملتا تھا تو علی نے سنایا تھا
    پاکستانی وزیر خوراک کے بارے میں اخبار ات میں بہت کچھ لکھا جا رہا تھا ایک دن اتفاق سے وذیر خوراک اپنے گھر ولوں کے ساتھ کہیں جا رہے تھے تو انکے گھر کے باہر کچھ لوگوں نے انکی گاڑی روک کے بھرپور مظاہرہ کیا ۔بڑی مشکل سے وزیر خوراک اپنی سیکیورٹی کی بنا پر وہاں سے آزاد ہو کر آگے کی طرف چلے تو انکی بیٹی نے ان سے دریافت کیا پا پا یہ سب لوگ ایسا کیوں کر رہے ہیں ؟ تو وذیر خوراک صاحب نے اپنی بیٹی کو جواب دیا بیٹا پاکستان میں آٹا نہیں مل رہا اور آپ کے پا پا وذیر خوراک ہیں تو اس پر انکی بیٹی نے بہت ہی معصومیت سے جواب دیا ۔ پاپا اس میں‌ایسا کرنے کی کیا ضرورت ہے ؟اگر ان لوگوں کو آٹا نہیں مل رہا تو یہ لوگ بریڈ یا برگر کیوں نہیں کھاتے ؟ 🙂

  8. السلام علیکم
    میں یہ بلاگ اس بلاگ کے عنوان سے بلکل ہٹ کر لکھ رہی ہوں ۔ مگر میرا یہ بلاگ عالمی اخبار کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنے کے لئیے ہے کے انہوں نے شعیب صفدر صاحب کا ایک ایسا بلاگ حزف کیا جو کے آکے جا کر شاید بہت سی پیچیدگیاں پیدا کرتا اور یہاں بلاگز کا ماحول خراب کر سکتا تھا۔
    عالمی اخبار کی انتظامیہ کے ایسے بروقت اقدامات سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کے یہاں کی انتظامیہ ایک ایک نقطہ پر نظر رکھی ہوئی ہے جو کے قابل تعریف ہے ۔
    ساتھ ہی ساتھ میں یہاں ایک گزارش کرنا چاہتی ہوں کے ہر ایک کی پسند نا پسند اپنی مرضی کی ہوتی ہے مگر بہت سے ایسے مقامات ۔ایسے اقدامات ہوتے ہیں جو کے درست ہوں یا غلط انکا فیصلہ ایک الگ بات ہے مگر ان سے ماحول خراب ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے ۔میں کم از کم اس بات کی قائل ہوں کے تنقید برائے تعمیر ہی اچھی لگتی ہے تنقید برائے تنقید اور تنقید برائے دل آزاری ایک ایسا اقدام ہے جس سے تعمیر تو بہت دور کی بات دلوں میں نفرتیں اور کدووتیں بڑھتی ہیں ۔
    ہم سب یہاں پر اگر پاکستان پر کسی قسم کی تنقید کرتے ہیں تو ہمارا یہ مقصد بلکل نہیں ہوتا کے ہم پاکستان کی توہین کر رہے ہیں ۔ پاکستان مجھ سمیت ہم سب کی پہچان ہے ۔پاکستان فقط ایک نام نہیں پاکستان ہم سب سب کے وجود کا ایک اہم حصہ ہے ۔اگر ہم پاکستان سے باہر رہتے ہیں یا ہم لوگوں کے پاس کسی اور ملک کے پاسپورٹ ہیں اور ہم کہیں اور کے نیشنل ہیں تو اسکا مطلب یہ نہیں کے ہمارا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ۔ اگر ہم یہاں پہچانے بھی جاتے ہیں تو پاکستانی ہی کہلاتے ہیں ۔
    اگر ہم آج کے دور میں موجودہ سیاست دانوں ۔ حکمرانوں پر تنقید کریں تو یہ جائز حق ہے وہ بھی اس لیئے کے شاید ہماری کہی ہوئی بات کسی طرح اگر ان تک پہنچے تو انکو انکی غلطیوں کا احساس ہو سکے اور وہ پاکستان کے لئیے کوئی تعمیری کام کر سکیں ۔اور اگر ہم جو آج ہم میں موجود نہیں جیسے کے علامہ اقبال و قائد اعظم محمد علی جناح صاحب سمیت محترمہ بینظیر بھٹو صاحبہ تک جو بھی پاکستان کے لیڈران گزرے ہیں اگر ہم ان سب کی ذات ۔ان سب کے ذاتی عمل پر بات کریں تو میرا نہیں خیال کے ان سب میں کوئی ایک بھی ایسا ہوگا جو کے 100ٍفیصد ایک مکمل انسان ہوگا ۔ ہر ایک میں کوئی خامی ہوگی ہر ایک میں کوئی برائی ہوگی ۔ ہم لوگوں کو کسی کی ذات سے کیا لینا ؟ہمارا مقصد تو موجودہ سیاست دانوں کو اپنا نقطہ نظر پیش کر کے چاہے وہ تنقید کے ذریعہ ہو یا پھر کسی اور طریقہ سے ۔ہم سب کا مقصد پاکستان کے حق میں بہتری تلاش کرنا ہے نا کے کسی کی ذات کو نشانہ بنانا ۔
    میں عالمی اخبار کی پالیسی سے 100فیصد متفق ہوں اور عالمی اخبار کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کے وہ یہاں پر ہم جیسے نئے آنے والوں کو تعمیری تنقید کا موقع فراہم کرتے ہیں اور ہر ایک کے لکھے پر یہ نظر بھی رکھتے ہیں کے کہیں کچھ ایسا تو نہیں کے جس سے یہاں کا ماحول خراب ہو جائے
    آخر میں ۔اگر آپ سب کو میری کوئی بات بری لگی ہو تو معزرت ۔جو کچھ میں نے سوچا اور وہ لکھے بغیر رہ نا سکی تو وہ سب یہاں لکھ دیا
    ساتھ ہی ساتھ میں عالمی اخبار کی انتظامیہ کو یہ بھی کہنا چاہونگی اگر انکو میرے اس بلاگ میں کہیں کچھ ایسا دیکائی دے جو کے یہاں شائع نہیں ہونا چائیے تو وہ میرا یہ بلاگ حزف کر سکتے ہیں
    آپ سب کی دعاوں کی محتاج
    ماریہ علی

  9. مصباح بھائی۔ میں پہلےآپ کو اپنا تجربہ سناتا ہو ں۔ میں یہاں کچھ سال پہلے جیل خانہ جات ، جنہیں یہاں احترام سے کریکشن سینٹر کہتے ہیں۔ کے ایڈوائزری بورڈ کارکن تھا۔ میں نے ایک جیل کا دورہ کیا تو دیکھا کہ وہاں بہت سے قر آنی اقوال دیواروں پر لگے ہو ئے ہیں ۔اور آخر میں بریکٹ میں لکھا ہوا ہے کہ (آتھر ان نون ) میں نے جیلر پوچھا کہ یہ تو قر آنی آیات کا ترجمے ہیں ؟ گوکہ وہ گورا تھا۔ اس نے اقرار کیا، اور کہا کہ “جہاں سےاچھی بات ملے لیلو ! یہ ہمارا اصول ہے ” میں نےاس سےپوچھا کہ آپ نے قر آن کا حوالہ کیوں نہیں دیا ؟ تو اس کاجواب تھاکٹر قسم کےلوگ پھر اس کو نہیں پڑھتے اور اچھی باتیں پہو نچنے سے رہ جاتیں۔ اس کے جواب نے میری آنکھیں کھولدیں ۔مجھے یہ طریقہ بہت اچھا لگا کہ بات تو پہونچ رہی ہے۔ کیسے ہی سہی؟ میں نے اسے تحسین کی نظروں سے دیکھا اور کہا کہ آپ یہ اپنا اچھا عمل جاری رکھئے۔
    میرے کہنے کامقصد یہ ہے کہ آج ہم بہت سے اقوال ان کی اس اچھی عادت وجہ سے کہ اچھی چیز جہاں سے ملے لیلو؟ مشرقی مشاہیر کے حوالے سے بہت کچھ پڑھتے اور دہراتے ہیں۔اس کی اصل سے مسلمان ہو تے ہو ئے بھی بہت سے نا بلد ہیں اور انکا مخزن قرآن ہے۔ در اصل اس کی وجہ ہماری قرآن سے دوری ہے ۔
    آپ نے صحیح نشاندھی فر مائی کہ یہ حضرت علی (ع) کہ یہ قول حضرت علی (ع) منسوب ہے۔ جو اپنے دور کے سب بڑے قر آن کو جاننے والے تھے اور اس کے ثبوت میں خود انکا (ع) قول موجود ہے کہ ” لوگو! مجھ سے قر آن سیکھ لو اس دور میں مجھ سے زیادہ قر آن کو جاننے والا کوئی نہیں ہے” (تفسیر ِ ابن ِ کثیر(رح)
    لہذا یہ بات کہ ” جیسے تم ہوگے ویسے ہی تم پر حاکم مسلط کر دیئے جا ئں گے ” پہلے اللہ سبحانہ تعالیٰ نے قر آن میں فر مائی ، پھر وہیں سے احادیث میں آئی اورقران سے ہی لے کر حضرت علی کرم اللہ وجہ نے ہم تک پہو نچائی اور مجھے یقین ہے وہیں سے سر سید (رح) نے بھی لی ہو گی؟

  10. ماریہ صاحبہ۔ بہت شکریہ آپکی حوصلہ افزائی اور تعاون کا۔ دراصل ہم آزادی اظہار اور ازادی رائے کے بہت سختی سے قائل ہیں لیکن ہر آزادی کی ایک حد ہوتی ہے اور اس آزادی کی قمیت بھی چکانی پڑتی ہے۔ کاش ہمارے لکھنے والے موضوع کے انتخاب میں ذرا سا سوچ لیا کریں۔ مجھے یقین ہے کہ آپ جیسے لوگ جب تک اس آزاد فکر قافلے میں شامل ہیں ہمیں تقویت ملتی رہے گی۔
    دوسری بات آپ کی تحریر کے ضمن میں یہ کہنی ہے کہ ہمارے ہاں لوگ بہت زیادہ تعداد میں چھوٹے دل کے ہیں اور خاص طور پر حکومت میں آ کر تو محدود فکر،محدود ذہن اور محدود دل ہونے کی بھی حد ہو جاتی ہے۔ یہ لوگ اس بات میں فرق ہی نہیں کر پاتے کہ حکومت پر تنقید اور مملکت پر تنقید دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ ننانوے فیصد وطن عزیز میں حکومت پر تنقید کو مملکت پر تنقید سمجھا جاتا ہے اور تنقید کرنے والے کو بڑی آسانی سے ”تمغہ غدار” سے نواز دیا جاتا ہے۔
    اب ان عقل کے اندھوں کو کون اور کیسے سمجھائے؟

  11. سلام علیکم
    آپ حضرات قابل توقیر ہیں کہ مجھے اس عمر میں بھی حیرتناک جانورں کےامکانات سے حیران فرمارھے ھیں
    مگر بقول کسی شاعر
    ‘ پھروں بے خو ف حیوا نوں کے آگے
    مگر ڈرتا ھوں انسا نوں کے آگے
    یعنی د نیا میں اب بھی سب سے خطرناک جاندار ، انسان ہی ھوتاھے جس کا ڈسا جاں بر نہٰن ہوسکتا’ جسکے وار سے بستیاں کی بستیاں تہس نہس ہوجاتی ہیں
    اللہ محفوظ رکھے
    خیر اندیش
    شاہ نور قادری

  12. مصباح بھائی واہ کیا نقشہ کھینچا ھے آپ نے ایک حکومت کا ۔۔۔ مجھے سب سے زیادہ ملک کے بادشاہ کا اطمینان اور فخر اور اپنی عوام پر اعتبار پسند آیا اور یہ سوچنا کہ جو بھی ھو گا انہیں ھر حال میں قبول ھوگا ۔۔ سچ بادشاہ اپنی سمجھ اور عقل پر جتنا ناز کرے کم ھے ۔اس میں عوام چاھے غلامانہ ذہینت والی ھو پر بادشاہ کا یقین انتہا کو تھا ۔۔ مجھے ایسے ھی ایک بات یاد آئی ۔۔ کوئی صاحب تھےجو کوئی یچاس برس سے ایک ھی مکان میں رہ رھے تھے ۔ ایک روز اچانک وہ برابر والے خالی مکان میں شفٹ ھو گئے ۔۔ لوگ یاروں نے پوچھا کہ کیا ھوا بھئی ۔۔کیوں شفٹ ھوگئے ۔۔ تو ان صاحب نے ایک ٹھنڈی سانس بھری اور کہا کہ ” میرا خیال ھے کہ مجھ میں کوئی خانہ بدوش کی روح ھے جو مجھے چین سے بیٹھنے نہیں دیتی ” ۔۔ تو دوستو ۔۔ دیکھئے شائد پاکستانی عوام میں کبھی خانہ بدوشی روح آ ھی جائے ۔۔

  13. السلام علیکم
    بہت بہت شکریہ ہمدانی صاحب آپ کا کے آپ نے میری بات کو سمجھا اور اس پر آپ نے اور عالمی اخبار کی انتظامیہ نے ایکشن لیا ۔
    پھر بھی اگر کہیں آپ سب کو مجھ میں یا پھر میرے لکھے ہوئے میں کہیں بھی کوئی بھی غلطی دکھائی دے تو بلا جھجک آپ سب مجھے بلکل کھل کے بلاگز میں اور میری ای میل پر بتا بھی سکتے ہیں اور ٹوک بھی سکتے ہیں ۔مجھے خوشی ہوگی کے آپ سب مجھے اپنا سمجھ کر ٹوکتے بھی ھیں اور سمجھاتے بھی ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *