(یہ وہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں جو میرے مرشد سرکار رحمۃ اللہ علیہ کی کچہریوں (بیٹھکوں) کے دوراں میں اپنی ڈائری پر نوٹ کرتا جاتا تھا! تو چلیں آپ بھی مستفید ہوں، اچھی لگیں تو دو قل شریف کی التماس عرض رکھونگا. مہربانی)
مہذب انسان بنیادی طور پر مذہبی ہی ہوتا ہے، چاہے وہ اس سے انکار بھی کرے،
اور غیر مہذب آدمی مذہب کو بھی مذحکہ آمیز بنا دیتا ہے، چاہے وہ تسبیح تھامے ہوئے ہو!
——
ملا کیا مذہب کو بچائے گا؟ پہلے وہ اپنی عزت تو بچائیں جو ساری دنیا میں طوائف ہو کر رہ گئی ہے!
——
جمہوریت، پوری دنیا میں بیسوا بنادی گئی ہے. جسے جو چاہے ایک مخصوص مدت کے لیے خرید کر اپنا بنا سکتا ہے.
——
جھوٹ ایک خوبصورت طوائف کے رخسار پر تل کی مانند ہوتاہے، جو لگتا تو اچھا ہے، لیکن بربادی ہی اس کی منزل ہے.
——-
جوانی نے بڑھاپے سے پوچھا: “کہاں جارہے ہو؟”
بڑھاپے نے جواب دیا: “جا کہاں رہا؟ میں تو تمہارے پاس آرہا ہوں!”
——-
مشورہ اتنا بیکار ہوکر رہ گیا ہے کہ، سب سے زیادہ دیا جاتا ہے، اور سب سے کم لیا جاتا ہے.
——-
رات کو ٹوٹتا ہؤا تارا تمہیں کہتا ہے کہ “تم مجھے آج دیکھ رہے ہو؟ میں تو کب کا ٹوٹ چکا تھا”.
(ہمارے سورج کی روشنی زمین تک پہنچتے تقریباً پونے نو منٹ لیتی ہے، ستارے تو اربوں کھربوں میلوں دور ہیں اس سے بھی.)
——
تم کیا سمجھتے ہو کہ اس نوبیاہتہ لڑکی نے شادی کے بعد اپنے پہلے بچے کو جنم دیا؟
ذرا عقل سے سوچو! کیا اس بچے نے بھی ایک “ماں” کو جنم نہیں دیا؟
——-
اسٹیج پر جب بولو تب صرف یہ محسوس کرو کہ آج سے چودہ سؤ برس پہلے اس کو منبر کہتے تھے، جس پر آقائے دو جہاں صلعم خطبے دیا کرتے تھے. حدٍ ادب! یقیں کرو وہ سرکار صلعم کی ذات آج بھی موجود ہے اور تمیں سن رہی ہے!
——-
کتابوں سے تعلیم تو مل سکتی ہے، جو تمہارے اندر عطا کیے ہوئے علم کو جلا بخشتی ہے.
——
اللہ تمہیں کیوں لاٹھی دکھائے؟ بس کہ تمہاری سمجھ کو تالا لگادیگا!
—–
اپنی اچھائی کا ثبوت عوام کی تالیوں سے نہ دو! تالی عالم نہیں کھسرے بجاتے ہیں.
—–
نمرود نے آگ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کے لیے نہیں بلکہ خود اپنے آپ کے لیے جلائی تھی.
—–
جس نے مٹی سے غداری کی، اس نے “خمٍ غدیر” سے غداری کی.
(ابوتراب یعنی مٹی کا باپ)
—–
پردیس میں آدمی کو گدھے کی آواز میں بھی اپنائیت کی خوشبو آتی ہے.
—–
شک وہ وائرس ہے جس کا تریاق (ویکسین) صرف خدا کے پاس ہی ہے.
—–
اپنے دشمن کو بد دعا نہ دو! کیونکہ وہ ہی تو تمہیں جگاتا رہتا ہے.
——
جس نے پئسہ اور دولت باہر دیکھی، وہ چور ہے، دولت تمہارے دماغ میں ہے، حاصل کرنی ہے تو وہاں سے نکالو!
——
مشکلات سے منہ نہ پھیرو، کیونکہ یہ مشکلات تمہارے آنے والے کل کی تیاری ہے.
——
یکطرفہ محبت، عشق کی پیوندکاری ہوتی ہے، جسے سائنس میں “کلوننگ” کا نام دیا جاتا ہے.
——
محبت میں اتنی ملاوٹ ہوگئی ہے، کہ اب وہ بلکل آلودہ ہو چکی ہے. محبت اعلیٰ اخلاق کی معراجی منزل ہے، جسے ہم لوگوں نے نام نہاد اور مردہ اخلاق کی نظر کرکے تباہ کردیا ہے.
—–
محبت کے کھیت میں پانی کی جگہ اپنا خون دینا پڑتا ہے.
—–
یہ درگاہٍ محبت ہے، اس لیے جہاں اپنا جوتا چھوڑ کر آئے ہو، اپنا دماغ بھی چھوڑ آؤ. محبت میں دماغ کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی.
—–
ساری گڑ بڑ اسی میں ہے، جب تم لسی میں پیپسی ملا کر پیتے ہو.
————————————————————–
میرے پاس اور بھی بہت یہ گوہرٍ تابندہ لکھے ہوئے ہیں، اگر آپ سب کو پسند آئیں گے تو رقم کرتا جاؤنگا.

سب سے پہلے آپ کے مرشد سرکار رحمۃ اللہ علیہ جو بھی ہیں ان کے لیئے اور تمام مرحومین کے لئے فاتحہ اور قل شریف پڑھ لوں۔ صداق اللہ
ماشااللہ بہت خوب باتیں ہیں، اور یر بات میں ایک سبق سیکھنے کو ملا ۔اور یہ قول تو پڑھ کر ایک نیا جذبہ نیا حوصلہ آ گیا ھے۔۔۔ اب انشااللہ آیندہ اسی بات پر عمل کروں گی 🙂
‘‘ اسٹیج پر جب بولو تب صرف یہ محسوس کرو کہ آج سے چودہ سؤ برس پہلے اس کو منبر کہتے تھے، جس پر آقائے دو جہاں صلعم خطبے دیا کرتے تھے. حدٍ ادب! یقیں کرو وہ سرکار صلعم کی ذات آج بھی موجود ہے اور تمیں سن رہی ہے! ’’
اور آخر میں جو لکھا کہ ‘‘ساری گڑ بڑ اسی میں ہے، جب تم لسی میں پیپسی ملا کر پیتے ہو. ’’ یہ کافی مزیدار لگ ریا ھے اب تجربہ کرنا پڑے گا !
جی بھائی آپ اور بھی ایسے گوہر تاپندہ سے ھمیں مستفید کریں شکریہ و اجرکمن اللہ
اسلام و عیکم ، سب پہلے آپ کے مرشدسرکار اورتمام مرحو مین کے لے دعا ِخاص اللہ تعالی انکو ابنی رحمتوں رکھے ،آمین، آپ کے سرکار کی ساری باتیں سبق آموز ہیں ایک ایک قول میں سچائی اورگہرائی ہے،خاص طورپر”مشورہ اتنا ییکارہوگیا ہے کہ،سب سے زیادہ دیا جاتا ہے اور سب سے کم لیا جاتا ہے ” اس قول میں تو سچائی ڈبوئی ھوئی ہے آجکل سب ہی سامنے والے کو اس طریقے اپنے مفید مشوروں سے نواز رہے ہوتیے ہیں کہ کیا کہنا اور جب مشورہ لینے کی ضرورت پیش آتی ہے تو مشورہ خانم جیسے القابات سے پکا رہ جاتا ہے اب سا ری دنیا میں کچہ ایسا ہی ہو رہا ہے ، اور انھوں نے تالیوں کی بہت احسن طر یقے سے تشریح کی کہ اپنی اچھائیوں کو عوام کی تا لیوں سے مت تولو کیو نکہ ُان کو خود نہی معلوم کہ وہ خود “کیا” ہیں اگر معلوم ہوتا تو تالی نہی بجا تا ،آپ لوگ کو معلوم ہی ہے کہ صاحبِ علم کبھی تالی نہی بجا ئگا ھمیشہ داد ،مکرر ارشاد کہے گا کیو نکہ تا لی تو،،،،،، بچاتے ہیں ۔ کیا میں صیحح سمجہ سکی ہوں ! پلیز ضرور باتیے گا ، اللہ حافظ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بھائی فیاض امر ! ماشاء اللہ ، بہت خوب
بہت خوب صورت باتیں ہیں،
جتنی اقساط لکھیں گے اتنی ہی دفعہ آپ کے مرشد کے لیے فاتحہ و قل شریف پڑھنے کا وعدہ ہے
اس دفعہ آپ نے 24 اقوال لکھے، اب ہر قسط کم از کم اتنے ہی اقوال پر مشتمل ہونی چاہیے
سبحان اللہ ایک ایک لفظ امر ھے ۔۔ فیاض بھائی کچھ اور بھی عطا ھو ۔۔ اللہ ھم سب پر اپنی رحمت رکھے اور سیکھنے والوں میں اٹھائے ۔آمین
پیاری ثناء شاہ ، محترمہ نزھت نسیم صاحبہ، میری محترم شخصیت عبدالمناف بھیا، اور میری اپنی بہنا نگہت،
آداب۔۔۔۔ اور لاکھ لاکھ احسان آپ کے کہ آپ آئیں اور یہ چھوٹی چھوٹی بحر کے (اور اپنی ہیت میں بحرٍ اوقیانوس سے بڑا سبق پنہاں کیے) باتیں پڑھیں اور پسند کی۔
حاضر لکھتا جاؤنگا۔ حکم ہو میری بہنا کا اور فیاض منہ موڑے؟
اتنا کم ظرف فیاض نہیں، ہاں اگر کتبہ لگ جائے تب ۔۔۔۔۔۔
اور ہاں میری بہن نزھت نسیم صاحبہ…( مجھے تو لگتا ہے کہ آپ بھی اسی نورٍ سادات کے خاندان سے ہیں جن میں میری لاڈلی بہنا نگہت بھی آسٹریلیا میں روشنٍ افروز ہیں! کیا میں صحیح سمجھا ہوں؟)۔۔۔۔۔ خیر میں ٹھیک سمجھا یا نہیں، البتہ آپ بلکل ٹھیک سمجھی۔ تالی عالم نہیں بجاتا۔
یہاں ایسے ہی ہے۔ کہ اکثریت بیوقوفوں کی ہے، اور اگر اکثریت کسی کو اچھا کہے تو اس کا مقصد یہ بھی نہیں کہ بس سب سے اچھا وہ ہی ہے۔۔۔۔
تالی بجانا عالم کا کام نہیں، اس لیے عالم کے چہرے پر اگر شفیق سی مسکان بھی آجائے تو سمجھیں آپ کو سند مل گئی۔۔۔
اور ہاں ثنا۔۔۔۔۔
ایک بڑا بھائی ہونے کے ناتے کہ رہا ہوں کہ لسی پیپسی کے ساتھ نہ ملا کر پینا۔۔۔۔۔
گڑ بڑ ہوجائے گی۔۔۔ 🙂
دعاگو
فیاض
سالک لوگ صرف زمانہٍ حال کو مانتے ہیں، جس پل میں وہ رہتے ہیں،
ماضی کو حال کا قبرستان اور مستقبل کو اس کی کوکھ سمجھتے ہیں.
——
“ادب برائے زندگی ہے یا زندگی برائے ادب؟”
جب تک تمہیں اس کا جواب ملے، مجھے تو یہ سانس لینے دو!
—–
نہیں کہوگے تب ہی تمہیں “ہاں” کا جوہر ملے گا! جس نے خالی “ہاں” کی، اسکو “نفی” برباد کر کے چھوڑیگی!
(کلمہ نفی سے شروع ہوتا ہے، اور اثبات اس کی منزل ہوتی ہے)
—–
پردیس میں آدمی کو گدھے کی آواز میں بھی اپنائیت کی خوشبو آتی ہے.
ارے واہ
اس فقیر مرحوم کے کچھ اقوال میں نے بھی کہیں پڑھے تھے اللہ تعالٰی مرحوم رحمۃ اللہ علیہ کے درجات بلند فرمائے، یہ قول پڑہ کر تو مجھے مرحوم وتایو فقیر یاد آگیا۔
اسلام وعیکم،جی فیاض بھائی، جی آپ نے درست فرمایا! مین اپنی بہت ہی پیاری بہن نگہت نسیم کی ایک چھو ٹی سی بہن ہوں،جنھوں ہمشہ مجھکو اپنی بیٹی کہا اورزندگی کے ہر راہ پر میرے ساتھ ھوتی ہیں،یہ اُن کی اورہماری امّی جی کی خوائش کے میں بھی کچھ کوشش کروں،اسلیے کچھ لکھنے کی جسارت کی کوئی غلطی ہوتو معافی کی طلب گار ہوں ،میں نے پہلی مرتبہ آپ کے بلاگ میں میں کوشش کی جس کو آپ نے سراہا ،بہت بہت شکریہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اللہ حافظ
میری پیاری سی بہنا نگہت نسیم کی چھوٹی سی بہن نزھت نسیم صاحبہ!
مولا لجپال آپ کو زندگی کی تمام تر گرم دھوپ سے ایسے بچائے جیسے خالقٍ کائنات نے غارٍ ثور کے باہر معجزے فرمائے تھے۔۔۔۔۔ آمین۔
اب کیا کیا جائے، بڑی بہنیں ہوتی ہی ایسی ہیں نا! ماں کی کاربن کاپی۔۔۔۔ وہ تو ہے ہی نہ ایسی۔۔۔۔ محبتوں سے ایسے لبریز کہ عالمٍ محبت میں نگہت بہنا کے مثالیں “مشروبٍ مشرق، روح افزا” کی طرح دی جاتی ہونگی۔۔۔۔ خدا اسے سوائے غمٍ حسین علیہ السلام کے کوئی اور غم نہ دے۔ آمین
پتہ ہے، بہن کیا ہوتی ہے؟
آپ کو کیا بتانا۔۔۔۔ ہاں بس اتنا کہ بہن اپنی چھوٹی بہنوں کی اور تمام بھائیوں کی واحد دعاگو ہوتی ہے، جن کے عیوض نہ تو انہوں نے کچھ مانگا ہوتا ہے، اور نہ غرض ہوتی ہے! تبھی تو ان کی دعائیں سیدھی ‘کوانٹم اسپیڈ” سے بھی اربہا کھربہا تیز اس حاجت روائی کی دربار میں پہنچ جاتی ہیں!
بہن جو ہے۔۔۔۔
بہن کے ہاتھ جب دعا کے لیے اٹھیں تو اللہ اللہ۔۔۔۔۔
بہن جب کہے کہ بھیا! فکر مت کرنا۔۔۔۔ میں ہوں نا!
بہن جب کہے کہ نانا! عزم بچانا ہے نا؟ تو کیا ہؤا۔۔۔۔ چادر نہ رہے، کیا فرق پڑتا ہے۔۔۔۔
بہن جب کہے کہ بابا! آپ نے مجھے کہاں دیکھا! دیکھیں میں سر ننگے دربار بھی آؤنگی پر کوئی غاصب مجھے دیکھ بھی نہ سکے گا!
بہن جب کہے کہ ماں! آپ کا انتقام ایسا لونگی کہ رہتی کائنات باطل کو باطل ہی کہے گی۔۔۔۔
بہن جب کہے کہ اے خدا! تیرا دین بچانا ہے نا؟ تو ہاتھ بھلے پشت پر بندھے بھی تو کیا۔۔۔۔ تیرا کتاب تمام دنیا کے کتب سے اونچا ہی رہے گا!
بہن جب کہے کہ سنو اے دنیا والو! میرے نانا کے دین کو کچھ مت کہنا! اس کی افزائش میں ہمارا خون ہے، ہمارے اس معصوم بچے کہ منہ میں وہ دودھ کا آخری قطرہ بھی جس کو ایک تیر نے پینے بھی نہ دیا تھا!
بہن، بہن، نہن۔۔۔۔۔
بس مجھ سے لکھا نہیں جا رہا
ملاؤں کا زوال در حقیقت اس دن سے شروع ہؤا، جس دن سے انہوں نے مسجد کو اپنا ذاتی گھر بنایا.
—–
او مؤزنوں! ذرا دھیرے، بچہ ابھی ابھی بیماری میں سویا ہے.
—-
ایسی کوئی آیت ہے، جس میں خدا نے ملائکوں کو آدم کے سجدے سے اٹھایا ہو؟
—
تم داد کیوں طلب کرتے ہو؟ تم پیدا بھی نہیں ہوئے کہ خدا نے تمہیں “اشرف” کہ دیا! اب بن کے دکھاؤ!
—
یقین بھی عطا ہوتا ہے، دلایا نہیں جاتا!
—
عطا اہم ہے یا جستجو؟
ارے مورکھ! جستجو ہی تو عطا ہے!
—
تمہارے اندر دو چیزیں ایسی ہیں جو ہیں تو تمہاری، پر دینے کے بعد ہی ملتی ہیں!
عزت اور علم! اسے دوسروں کو دو!
اگر نہیں تو دنیا میں بیعزت اور خبیص کہلوائوگے!
—-
وقت ایسا کھلونا ہے، جسے چاہو تو تم کھیلو،
نہیں تو وہ تم سے کھیلے گا!
—-
غنا اور سماع میں بہت فرق ہے، اسے بس سمجھو!
—-
تم اسلام کی تقلید کر رہے ہو یا عربوں کی؟
—-
“ضمیر” انسان کے اندر خدا کا سفیر ہوتا ہے.
—-
محبت میں “میں” کہنا کفر کے مترادف ہے.
—-
منہ، دل اور دماغ کے بلکل درمیاں میں واقع ہے، لہٰذا ان دونوں سے بولو.
(مطلب دل اور دماغ یکسان رکھیں اور سوچ سمجھ کر بولیں)
—-
عشق، تو دور کی بات ہے، پہلے تو “ع” سمجھو!
—-
عشق، علم، عین، عجائب، اور ایسے ننانوے نام مل کر علی علیہ السلام عیاں کرتے ہیں، اولیاء ابھی دس “عین” تک بھی نہیں پہنچے!
(یہ بات میری سمجھ سے کروڑہا مرتبہ اونچی ہے…. خدایا… خدایا)
—-
شاعری کا الہام بڑا عذاب ہے! اس ماں سے پوچھو، جس کا بچہ الٹا پیدا ہو رہا ہو!
—-
تم شاعری کرتے ہو یا تم سے ہوجاتی ہے؟
کرتے ہو تو دکان دیکھو، ہوتی ہے تو دکانیں تمہیں دیکھتی ہیں!
—
ماں، خدا کا ثبوت ہوتی ہے، ادب میں رہو!
—-
قینچی اور سوئی کی لڑائی میں جیت ہمیشہ سوئی کی ہی ہوتی ہے، کیوں؟
قینچی کاٹتی ہے، سوئی جوڑتی ہے!
فیاض امر۔ تم امر ہو اور یہ فیاضی تو تمہاری روح میں ہے۔
میرے پیارے شاعری جسے شاعری کہتے ہیں وہ تو اولاد کی پیدائش سے بھی زیادہ تکلیف دہ کام ہے۔ ہاں جان برادر شاعری کرنا اور شعر کہنا دو الگ الگ باتیں ہیں۔ مگر ان نام نہاد شعر گو لوگوں کو کون بتائے۔ بابا یہ شاعری تو خون نچوڑ لیتی ہے لین نیا خون پیدا بھی تو کرتی ہے۔ شاعر تو نوے فیصد وحی کا حامل ہوتا ہے نا جی۔ یہی وہ وحی ہے جس کا سلسلہ ختم نہیں ہوا۔
صفدر مری رگوں میں لہو کربلا کا ہے
بیعت یزید وقت کی کرنا محال ہے۔
۔۔۔۔۔۔
یوں چل جیسے نبضوں کی رفتار چلے
یا پھر سانس کی ڈوری پر تلوار چلے
اب یہ شہر بھی شہرِ کوفہ لگتا ہے
قافلہ کوئی شام کے جو بازار چلے
کئی سال پہلے جب یہ شعر نہیں کہے تھے بلکہ یہ شاعری کی تھی تو کتنے ہی دن سانس بحال نہیں ہو سکی تھی۔ بابا شاعری تو بے دم کر دیتی ہے
اسلام وعیکم،فیاض بھائی آپ نے اتنی خوبصورت دعا دی دل جھوم سا گیا،اللہ پاک اس دعا کو قبول فرمائے ، آمین،
یہ آپ نے خوب فرما یا، با جی کی محفل ایسی ہی ہوتی ہے ،وہ ہر محفل کی شمع محفل ، روح محفل اُن بغیر ہربات ادھوری ہے۔ہماری ہر فکر کو وقت سے پہلے
پہچان جاتی ہیں ،اور بہت پیارسے اُس کا حل بھی تلاش کرتی ہیں،
بہت جان نثاربہن ییں۔
اللہ پاک سب کو ایسی ہی ہہن عطا فرمائے چس کی دعاؤں کا سائبان ہر وقت تنا رہتا ہے آمین،،،،،،،،،،،،،،، اللہ حافظ
قبلہ صفدر ھمٰدانی صاحب! آداب،
نا بابا! اتنی ذرہ نوازی کہ آنکھ بس آنسو ہوجائے، سراپا۔۔۔۔۔
نہ میرے جانٍ عزیز۔۔۔۔ میں ایک عام سا، اور علم کی عجائبات میں ایک مجنوں کی طرح فقیر ہوں! مجھے اس پر، اس ذاتٍ احد کے لیے عمریں چاہییں! ایک دیوقامت درخت کی ایک کومل پتی جتنی حیاتی، اور اس کی عبادت! اللہ اللہ۔۔۔۔۔
ایک قول لکھا ہؤا ہے، بہت بھاری، اب وحی کا موضوع آپ نے چھیڑا ہے تو وہ بھی سن لیجیے:
“یہ وحی ہے، جب نبیوں کے پاس آتا ہے، تو آیات ہوجاتی ہیں،
اور جب ہم جیسے انسان پر آتا ہے تو شاعری ہو جاتی ہے!”
میں آپ کا اپنا
دعاؤں کا خاص طلبگار
فیاض امر
وعلیکم السلام میری پیاری بہن نزھت!
دعا ہمارے دل کی اذاں ہوتی ہے۔ ہم خدا کو پکار کر اس کی بارگاہ میں اپنے گناھگار ہاتھ اٹھائے اس سے کچھ مانگتے ہیں!
اپنے لیے، اپنوں کے لیے۔۔۔
میں نے دیکھا ہے کہ دعا جب دوسروں کے لیے دل کی گہرائیوں سے نکلے تب اثر کرتی ہے۔۔۔
خود کے لیے کیا دعا مانگنا!۔۔۔۔
بہت خوشی ہوئی۔
آباد رہیں!
اور میرے فقیر کے لیے قل شریف کا کہا تھا؟
بھول گئی؟
دعاگو
فیاض امر
ؔؔؔؔؔؔؔؔ
جب چارسو بہرے ہوں، تب بولنا خود پر ظلم کے برابر ہے۔
ؔؔؔؔؔؔؔؔ
دل کے بہرے انسان کے آگے سچ کہنا ایسا ہی ہے جیسے، آٹے کو باڑ پر پھینکنا!
ؔؔؔؔؔؔ
اور واضح طور پر پیغام پہنچا دینے کے سوا ہم پر کچھ لازم نہیں ہے،
(سورہ یٰس۔۔ آیہ 17 )
تم نے میرے بندھے ہوئے ہاتھ ضرور دیکھے ہیں! لیکن ان کی انگلیوں کا رخ کہاں ہے، ان کو تو دیکھا ہی نہیں! میں تو اپنی دسوں کی دس انگلیاں اٹھا کر خدا کے حمد گا ر ہا ہوں!
ہاں میری چھوٹی انگلی کا رخ اگر تھوڑا سا بھی تمہاری طرف ہؤا ہے اور اس تھوڑی سی بھی عزت کا وزن تم نہیں اٹھا سکتے ہو!”
(کہتے ہیں کہ ہاتھ باندھنا شرک ہے)