۔۔::ہم اپنا زہر کہاں رکھتے ہیں::۔۔

کیا کبھی آپ نے کسی آدمی پر تھرڈ ڈگری ٹارچر ہوتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے؟ بھلے وہ معاشرے کا ایک ناسور انسان ہی کیوں نہ ہو، دس بارہ انسانوں کا قاتل ہی کیوں نہ ہو!
ہالی یا بالی ووڈ کی فلموں میں تو اکثر دیکھا ہوگا…!
اب تک یہی دیکھا گیا ہے کہ ایک معتبر مجرم اپنے ساتھی مجرم پر پردہ ڈالتے ہوئے سب ٹارچر برداشت کرتا ہے لیکن اس کا نام تک نہیں لیتا.
شاید آپ کو پتہ ہو کہ جب پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین گولیوں کا ڈائلاگ ہوتا ہے تب اگر کوئی ڈاکو کسی گولی کا شکار ہو جا تا ہے تو فوری طور پر دوسرے ڈاکو اس زخمی ساتھی کو اٹھا کر دور کہیں لے جاتے ہیں، اسے تحفظ دیتے ہیں! یہی زیرٍزمیں ہونے والی دنیا کا رواجی قانوں اور اخلاق ہوتا ہے.
ان میں آپس کی جنگ بھلی کتنی بھی بھیانک کیوں نہ ہوجائے، لیکن ان کی اخلاقیات انہیں اپنے اندر سازشیں کرنے سے روکتی ہیں، روکنا کیا، وہ سوچتے بھی نہیں ہیں ایک دوسرے کے لیے ایسا!
یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ جب ایک جؤاری اپنا سب کچھ ہار جاتا ہے تب دوسرے جؤاری اس کو عارضی طور پر مدد دیتے ہیں، کہ وہ جب یہاں سے اٹھے تو وہ بلکل کنگال بھی نہ ہو، کہ وہ دوسرے دن یہاں آئے ہی نہیں!
یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ “آکڑے” کا دھندا کرنے والا اپنے دھندے کے ساتھ کتنا مخلص ہوتا ہے. وہ کتنا اپنے وعدے کا پکا ہوتا ہے. چاہے وہ اپنی پرچی سے لاکھوں کا گھاٹا ایک ہی دن دیکھے، بھگتے، لیکن وہ سچا ہی رہتا ہے. وہ اپنے بے ایمانی والے دھندے میں کتنا ایماندار ہوتا ہے، کہ ایمان والا صرف سوچ ہی سکتا ہے…
میرا چچا جو کہ گاؤں کے چھوٹے موٹے فیصلے کیا کرتا ہے، ایک دن بھری بیٹھک میں ایک جملہ کہ گیا کہ : “غیرتمند چور، کبھی بھی دوسرے ساتھی کی عزت نہیں اچھالے گا، ہاں عزت ان کی اچھالی جاتی ہے جو در حقیقت اپنے اندر عزت برائے نام ہی رکھتے ہیں!”
میں نے دیکھا ہے کہ یہاں نام نہاد معزز انسان ہی دوسروں کو بے عزت کرنے کے لیے دن رات ایسی ایسی سازشیں بناتے رہتے ہیں کہ اگر ان سازشوں کا انکشاف ان زیرٍ زمیں مجرموں کے سامنے ہو تو وہ تمام سفید پوش انسانوں پر اس طرح طنزیہ مسکرا اٹھیں کہ انسانیت شرم کے مارے اپنا کاندھا جھکا دے!
میں نے دیکھا ہے کہ اگر ہم لوگ جتنی توانائی سے ایک دوسروں کے لیے تخریب سوچتے ہیں اگر اتنی توانائی سے اپنی تعمیر کے لیے سوچیں تو ہم ایک مظبوط بنیاد والی دنیا کی پہلی اینٹ رکھنے میں کامیاب ہوجائیں گے. جس سے تمام انسانذات مستفید ہوسکتی ہے.
لیکن سچ تو یہ ہے کہ ہم ایسا نہیں سوچتے، بلکہ ہم تو مشتاق احمد یوسفی کے اس جملے کی مکمل تائید کرتے خود اس کا نمونہ ہوتے دکھائی دے رہے ہیں کہ:
“سانپ کا زہر کچلی میں اور بچھو کا دم میں ہوتا ہے. بھڑ کا زہر ڈنک میں رہتا ہے اور پاگل کتے کا زبان میں. انسان واحد حیوان ہے جو اپنا زہر دل میں رکھتا ہے . ”
لکھتے لکھتے یوں ہی خیال آیا کہ ہم بچھو ہوتے تو کس کس کو کاٹتے؟ اپنے ناپسندیدہ اشخاص کی فہرست کو دیکھتے ہوئے کہنا پڑتا ہے کہ ایک زندگی تو اس مشن کے لیے بالکل ناکافی ہوتی۔ لیکن یہاں تک نوبت ہی نہ آتی، اس لیے کہ معتوبین کی فہرست میں سب سے پہلا نام تو ہمارا ہی ہے۔

19 thoughts on “۔۔::ہم اپنا زہر کہاں رکھتے ہیں::۔۔”

  1. فیاض امر۔ ہمیشہ امر رہو۔ جب بھی آتے ہی ایک اچھوتا موضوع لے کر آتے ہو، لیکن میں شرمندہ ہوں کہ ہمارے اکثر ساتھی نیرو کی بانسری کی طرح ہیں جو راگ ملہار ہی چھیڑتی ہے۔یہ ساتھی شعروں کی دنیا میں الجھے رہتے ہیں اور ایسے سنجیدہ موضوعات کی طرف کم ہی آتے ہیں۔خیر ۔جان برادر تم نے یہ جو لکھا ہے ہے نا کہ ”معتوبین کی فہرست میں سب سے پہلا نام تو ہمارا ہی ہے” تو مرثیے کے بند کے بعد دو مصرعوں کی بیت کی طرح سارا زور اسی فقرے میں ہے۔ مسلہ یہ ہے کہ وہ لوگ جو سوچ اور فکر کی دنیا میں رہتے ہیں معتوب اور مطعون بھی وہی ہوتے ہیں۔ اپنے آپ سے شرمندہ بھی وہی ہوتے ہیں۔گھر،باہر اور معاشرے میں انہیں کو پاگل،سنکی،دیوانے اور نہ جانے کیا کیا کہا جاتا ہے
    ۔
    اب رہی بچھو کی بات تو فیاضِ دوراں میں تو خود عقرب یعنی بچھو ہوں اپنی تاریخ پیدائش 17 نومبر کی مناسبت سے۔لیکن جہاں تک یاد پڑتا ہے اس بچھو نے کسی دوسرے کو عمدا َ‌َ ڈنک نہیں مارا ہے اور ”نیش عقرب” کی طرح خود کُشی ہی کرتا رہتا ہے۔نہ جانے کون بد بخت لوگ ہیں جنہوں دل کے کعبے کو زہر گھر بنا رکھا ہے۔مگر تم بھی درست کہتے ہو جب اپنے ارد گرد نظر ڈالتے ہیں تو انسانوں کی اکثریت ایسی ہے جن کے زہر سے سانپ پناہ مانگتا ہے۔ستر کے عشرے کے اوائل میں پاکستان کی سیاسی تاریخ کے پہلے فوجی آمر جنرل ایوب خان جسے میں ”جنرل معیوب خان” کہتا ہوں، کے خلاف جب ذوالفقار علی بھٹو نے 60 کے عشرے کے اواخر میں تحریک شروع کی تو ہم لوگ لاہور کے ایف سی کالج میں تھے جس کی پوری تاریخ میں کبھی وہاں کے طلبا نے کسی قسم کے مظاہرے میں حصہ نہیں لیا تھا کیونکہ اس کالج کے طلبا کی اکثریت امیروں،وزیروں،وڈیروں اور افسر شاہی کے اعلیٰ ترین افسران کی اولادیں تھیں اور ان کے درمیان ہم جیسے سفید پوش ٹاٹ میں پیوند کی طرح تھے ۔

    آج کل ٹی وی پر غلط انگریزی میں سیاست پر بحث کرنے والے جہانگیر بدر ہیلی کالج آف کامرس میں تھے۔دیگر دوستوں میں راجہ اعجاز،جمیل راٹھور،ثمر خان،اعجاز سیفی،خالد برقی،افتخار فتنہ اور کئی دوسرے شامل تھے۔ اسوقت کے ہم نوجوانوں نے جب جنرل شیر علی کی فوج کی پرواہ نہ کرتے ہوئے جب گلبرگ سے مال روڈ تک جلوس نکالا اور گرفتار ہو کے لاہور کی کیمپ جیل میں گئے تو وہاں ”تھرڈ ڈگری ٹارچر” کے کچھ مناظر دیکھے جن میں سے کچھ تو ایسے ہیں کہ انکو لکھا بھی نہیں جا سکتا کہ یہ اخلاقی انحطاط کے زمرے میں آتے ہیں۔لیکن فیاض امر سنو۔ اس سے ذرا ہٹ کر یہ بھی تو دیکھو کہ آج کی وطن عزیز کی حکومت سمیت ہر ظالم اور جابر حکومت اپنے عوام پر جو ٹارچر کرتی ہے کیا وہ تھرڈ ڈگری سے بھی کہیں زیادہ نہیں۔ یہ ٹارچر بجلی،گیس اور پانی کے
    بلوں کی صورت میں بھی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے میں نے اپنے ایک کالم میں لکھا تھا کہ”پاکستان میں بجلی کے بل کو ہاتھ لگانے سے کہیں آسان اور کم تکلیف دہ سانپ کی بل میں ہاتھ ڈالنا ہے”۔

  2. محترم سرکار صفدر ھمٰدانی صاحب۔۔
    السلام علیکم۔ بہت بہت شکریہ کہ آپ آئے. اور بجا فرمایا آپ نے۔ پاکستان میں آج کل یہ جو عدم سہولیاتی ٹارچر چل رہا ہے وہ قابلٍ دید اور شرم بھی ہے۔
    لیکن یہاں میری رائے تھوڑی سی اگر مختلف ہو تو ازراٍھ کم علمی اور عمری مجھے ضرور معاف کر دیجیے گا آپ۔
    ہمارے گاؤں میں بجلی کے 46 میٹر ہیں۔ اور بل بھرتے ہیں صرف سات میٹر بردار۔ آئے دن بجلی کی لائین کاٹ دی جاتی ہے، اور بھر جب منتیں کرنے “حیسکو” سابقہ واپڈا کے کسی بالا افسر کے پاس جاتے ہیں تو وہ ایک کاغذ دکھاتا ہے جسے وہ “وصولی سمری” بتاتا ہے۔
    کہتا ہے کہ ہمارے فیڈر پر ساڑھے بتیس لاکھ روپے رہتے ہیں، اب یہ پئسا کہاں سے ڈالیں؟
    مانا آپ بل بھرتے ہیں، لیکن ہمیں بھی تو افسروں کو منہ دکھانا ہے نا؟
    اب لوگوں کو کہتے ہیں کہ خدارا بل بھریں تو کہتے ہیں: “سرکاری مال ہے، کیا فرق پڑتا ہے، اگر ہم بجلی مفت جلائیں، یا کنڈے لگائیں!”
    اب بتائیں۔۔۔۔۔
    ہم تو سرکار دو پاٹوں کے بیچ میں ہیں۔۔۔اب کہاں جائیں؟
    خیر اس موضوع پر ضرور لکھیں گے۔ فی الحال تو ہم پڑھے لکھے لوگوں کے دل میں جو زہر ہے ان پر بات کرتے ہیں۔۔۔

  3. فیاض مجھے آپ سے یہی گلہ ھے کہ آپ جب آتے ھیں ایک آیئنہ اپنے ہاتھوں میں تھامے چلے آتے ھیں ۔ جس میں ھم میں سے کوئی بھی اپنی صورت کو مکروہ ھوتا دیکھنا نہیں چاھتے ۔۔کیونکہ آپ کو اخلاقی طور پر سنورنے کی بیماری لاحق ھے بھائی ۔۔ پر ھمیں نہیں ھے ۔۔ ھمیں آپ کیوں جگانے چلے آتے ھیں ۔۔ سونے دیئجئے ۔۔ جانے دیجیئے یہ ھمارے بس کا کام نہیں ۔۔ ورنہ ھم بھی اپنے بڑوں کی طرح یہی دعا کرتے کہ “میرے معبود اس سے پہلے کہ خرگوش میرا شکار کرے مجھے شیر کا شکار بنا دے “

    پر بھائی سچی سے یہ جیداری ھم سے نہیں ھوتی ۔۔ ھم ریت میں اپنی گردن دبائے خود کو شیر سمجھنا چاھتے ھیں ۔۔ ھم اشرف المخلوقات ھیں لیکن اپنی ھم جنس کو اشرف ھونے میں نہ تو مدد کرتے ھیں اور نہ ھی انہیں اشرف ھوتا دیکھ سکتے ھیں ۔۔ انسانی رویوں کی اتنی گھناؤنی اور مکروہ شکل ھے کہ کبھی کبھی تو اپنے زندہ رہ جانے پر حیرت ھوتی ھے ۔۔ شائد اس لیئے اس آیئنہ میں زیادہ دیر خود کو نہ دیکھ پاؤنگی ۔۔

    آج میرے بیٹے منیب نے مجھ سے ایسا ھی سوال پوچھا تھا ۔۔ ھم سب بیٹھے چین کے حالیہ ھنگاموں پر ڈاکومینٹری اور تازہ رپورٹ دیکھ رھے تھے ۔۔ منیب نے مجھ سے پوچھا “اماں کیا آپ نے انسان سے زیادہ کسی کو زہریلا پایا ھے ۔۔ سانپ اور بچھو سے بھی زیادہ ۔۔ بھوکے جانور سے بھی زیادہ وحشی اور درندہ ۔۔( اس وقت تک آپ کا بلاگ میں نے نہیں پڑھا تھا ) ۔۔ میں نے حیرت سے اپنے بیٹے کو دیکھا جو ابھی نیا نیا بڑا ھو رھا ھے ۔۔ لیکن اتنا بڑا ھو گیا ھے کہ زندگی کی ساری سچایئاں اتنی جلد جان لے گا یہ نہیں جانتی تھی ۔۔ وہ کہہ رھا تھا اماں انسان کی حفاظت اور اس کا سکون اسی میں ھے کہ وہ چپ رھے اور خود کو دوسروں کی نظروں میں احمق بنائے رکھے تاکہ کوئی اسے نقصان نہ پہنچا سکے “ ۔۔ اپنے بیٹے کے شفاف زہن کا یہ “مسلے کاحل “ مجھے دکھی کر گیا ھے ۔۔ میری جیسی بہت ساری ماؤں کے لیئے لمحہ فکریہ ھے “ ایک قابل اور زہین زہنوں کی خاموشی میں تحفظ پانا “ ۔۔ سچائی کی جنگ کون لڑے گا ؟ ۔۔

    سچ یہ ھے کہ میں جب بھی اپنے ارد گرد دیکھتی ھوں تو مجھے انسانی رویوں کی اتنی گھناؤنی اور مکروہ شکلیں ملتی ھیں کہ کبھی کبھی تو جینے کو دل نہیں کرتا ۔۔ بس ایسے ھی لگتا ھے جیسے کبھی جبران کولگا کرتا ھو گا ۔۔ اس نے بڑی دردمندی سے لکھا ھے “ جب تک میرا آدھا گلاس بھرا رھا میں برابر اعتراض کرتا رھا لیکن جب وہ خالی ھو گیا تو مجھے بھی اطمینان ھو گیا “ ۔۔ حقیقت بھی تق کچھ ایسی ھی ھے نا کہ ھم اپنے اطمینان کی خاطر دوسروں کو شرمندگی دیتے ھیں ۔۔ انہیں نیچا دیکھانے کے لیئے انہیں کافر تک کہنے سے نہیں چوکتے ۔۔ سربازار ان کی سات نسلوں کی خبر لے لیتے ھیں ۔۔ انہیں خالی گلاس کی طرح خالی کر دیتے ھیں .. کاش ھم سمجھ سکتے کہ انسانیت کیا ھے ؟

    انسانیت تو ایک اخلاص ھے جو ایک نور کی طرح ھے ۔۔جو ازل کی وادیوں سے نکل کر ابد کی راہوں میں بہتا ھے ۔۔ بس اس انسانیت کو سمجھنے کے لیئے میرا تو ایک ھی کلیہ ھے جو میں بچپن سے جانتی ھوں کہ ھمارے آخری نبی آقائے دو جہاں فرماتے ھیں کہ جو اپنے لیئے پسند کرو وہی اپنے دوست کے لیئے پسند کرو ۔۔ یہی ھی انسانیت کی ابتدا اور انتہا ۔۔ پر افسوس ھم اپنے لیئے ھر چیز بہتر چننے کی خاطر ۔۔ اپنی انا کی تسکن کے لیئے اپنے دوستو کے گلے کاٹتے ھیں ۔۔ ان کی عزت چوراہوں پر نیلام کرتے ھیں ۔۔ گرے ھو ئے کو لاتوں اور گھونسوں سے پرے پھینک دیتے ھیں ۔۔ اور ۔۔ سانپ اور بچھو سے زیادہ زہریلے ھو جاتے ھیں ۔۔

    جبران نے ایک دفعہ کہا تھا کہ میں اپنے “ایمان“ کو زندگی کے انصاف پر کیسے ضائع کر دوں جبکہ میں جانتا ھوں کہ نرم و گداز بستروں پر سونے والوں کے خواب زمین پر سونے والوں کے خوابوں سے زیادہ حسین نہیں ھوتے “ ۔۔

  4. یہ تحریریں ھیں کہ خون کے آنسو ھیں۔کہیں یہ بھی قربِ قیامت کی نشانیوں میں سے ایک تو نہیں کہ قلم یوں خون کے آنسو رونے لگیں کہ کلیجہ منہ کو آنے لگے۔ قیامت کی نشانی یا خود اک قیامت کہ صاحبانِ علم و ادب ، جن کا فطری منصب انسان کی قصیدہ خوانی ھے، وہ انسان کی ھجو لکھنے پر مجبور ھو جائیں ۔ کیا ھے مرے مالک یہ سب کیا ھے؟ میرے عالموں، ادیبوں، شاعروں کے قلم میں روشنائی کی جگہ یہ سیاہ خون کیسے بھر گیا ھے؟ مالک ان کے قلم کی روشنائی انہیں واپس کردے تاکہ یہ تیرے انسان کی راھوں میں روشنی کے پھول بچھائیں ۔ خوشبو کے نغمے لکھیں۔اور محبت کی سوغاتیں اپنوں پرایوں سب میں تقسیم کرتے رھیں۔ یہ تو محبتوں کے سوداگر ھیں مالک! انہیں ان کے اس کاروبار میں برکت دے،اتنی برکت کے ان کے قلم کی سیاھی سے تیرے چاند سورج کی کرنیں بھی شرمائیں۔مالک تجھے تیرے پیاروں کا واستہ۔ تجھے تیری اپنی محبتوں کا واستہ۔
    ۔
    مالک تیری پنہاںؔ

  5. اسلام و علیکم

    فیاض امر صاحب کے بیان پر آج نظر پڑی اور جنابِ ہمدانی صاحب اور نگہت جی کے تبصروں کو پڑھنے کا موقعہ ملا۔
    جہاں تک میرا خیال ھے۔۔۔

    فیاض امر۔ صاحب نے با لکل درست فرمایا ھے۔ اور آئینے سے نظر چرا لینے سے حقیقت بدل نہیں جاتی۔ آپ سب کے خیالات پڑھ کر بہت اچھا لگا ۔۔۔ کہ سب ایک سے نہیں ھیں کچھ لوگ ابھی بھی اچھا سوچتے ھیں۔ گو کہ پہت کچھ بدل نہیں سکتے لیکن دل میں درد محسوس ضرور کرتے ھیں۔

    مومن کی بہت سی خوبیوں میں سے ایک خوبی یہ بھی ھے کہ اگر وہ کُچھ بھی نہ کر سکے تو اپنی قوم کی نسبت دل میں دکھی ھو اور ان کے لیئے دعاء خیر کرے۔
    تو ھم یہ سب سوچ گر اپنے لوگوں اور قوم کی بھلائی کے لیئے دعا ضرور کر سکتے ھیں۔

    شکریہ

    کنول خان۔ کینڈا۔

  6. آپ سب کے لیے میرے الفاظ کا نذرانہ محبت۔۔۔

    “اے خدا!
    شکر کہ تونے دیواروں کو زبان نہ عطا کی
    اور صرف کانوں تک ہی محدود رکھا،
    ورنہ لوگوں کے تو کیا! تیرے خود کے راز بھی افشا ہوجاتے…

    دعاگو
    فیاض امر

  7. محترم فیاض امر جی !
    ماشااللہ سے کافی فکر انگیز بلاگ لگایا ھے۔ آپ کے بلاگ ھمیشہ ایک نئی سوچ اور نئی فکر و جستجو دیتے ہیں، ھر بلاگ ایک نیا باب ھوتا ھے، جس سے ھم سب بہت سیکھتے ہیں ۔جزاک اللہ سدا جیئے آپ حق کے ساتھ۔

    آخری تبصرے میں خوب کہا آپ نے کہ” اے خدا ! شکر کہ تونے دیواروں کو زبان نہ عطا کی ۔ ۔ ۔ !
    ویسے پوری بات پڑھ کے مزہ آیا پر یہ دیواروں کے کان تو سنا تھا پر یہ زبان والی اچھوتی بات کر دی آپ نے۔
    اس کی کچھ صحیح سے سمجھ نہیں آ پائی کہ اشارہ کس طرف ھے دیواروں کی زبان سے ؟
    آخری بات سمجھ آتی ھے وہ تصوف کی ، پر خدا کے خود کے راز افشا ھو جاتے۔ ھمممم وہ کیسے اور کیا ؟
    معزرت اتنے سوال کرنے کے پر سمجھ نہیں آئی سو پوچھ لیا ۔ بہت شکریہ اور سدا سلامت رہیں صحت و تندرستی کے ساتھ ۔ امین
    محتاج دعا

  8. امر سائیں اھو چھا ھی سھٹا ؟ نہ روار – مونکی پھریان ہی تپ تھیو آ – پینسلین کائی کائی آنڈرا باھر اچی ویا ھن-
    ہمارے دل سے مت کھیلو کھلونا ٹوٹ جائے گا

  9. ثناء جی!
    بالکل بجا فرمایا۔ میں نے تصوف کے ہی حوالے سے یہ بات کہی ہے۔
    ہم آئے دن سنتے رہتے ہیں کہ آہستہ بولو، دیواروں کے بھی کان ہوتے ہیں۔ میں نے عرض کیا کہ شکر ہے صرف کان ہی ہوتے ہیں۔۔۔ زبان نہیں، ورنہ یہاں بہت سوں کے تو گھنڈ بج اٹھتے۔ خیر ماشاء اللہ آپ بہت تیز اور فہمیدہ ہیں۔ مولا لجپال سے یہی دعا ہے کہ آپ حقیقتوں کو ان نظروں سے دیکھیں اور محسوس کریں جیسی کہ وہ ہیں، نہ کہ معاشرے کے دیئے ہوئے تشریحوں سے، کو کہ اب اپنی میعاد ختم کر چکی ہیں۔

    ۔۔۔۔۔۔۔
    سائیں سائیں، السلام علیکم۔
    چھا تھیو آ طبیعت کھے مٹھا سائیں؟
    دشمنن کھے بخار اچی ویو آھے چھا؟
    مولا در دعاگو آھیان تہ سبھ ٹھیک تھی ویندو۔ آمین۔
    بیو تہ سائیں پاٹ کتھے تھا کھیڈئوں دلین سان؟
    نہ بابا نہ۔۔۔ اھے محبوبانہ کم پاٹ کھان نہ تھیندا۔ ھاھاھاھاھا

  10. جناب فیاض امر صاحب،
    کمال کے لیکھک ھیں آپ کتنی صفائی کے ساتھ آپ نے سچ کو زھر کا نام دیا ھے اور یہ بھی پوچھ لیا کہ کہاں ھے وہ زھر،
    معزرت کی ساتھ ایک جملہ لکھ رھا ھوں،
    جیسے کہ کچھ دن پہلے میں نے آپ کے کے ایک بلاگ میں اپنے ایک دوست کے لئے اپنی زبان سے اپنی انگلیوں کی معرفت اگل دیا تھا جسے ایک معتبر مجرم نے اپنے ساتھی مجرم پر پردہ ڈالتے ہوئے ایڈٹ کر دیا تھا،
    حضرت سچل سر مست نے کہا تھا،
    ً سچ بولوں تو کافر کہلاوں، اور چپ رھوں تو من بولے منکر ً
    وسلام

  11. جناب جناب سرکار امتیاز صاحب، السلام علیکم۔
    آپ نے لکھا کہ : “ایک معتبر مجرم نے اپنے ساتھی مجرم پر پردہ ڈالتے ہوئے ایڈٹ کر دیا تھا”۔۔۔ لیں جی۔ میری گردن حاضر ہے۔ جو بھی سزا تجویز کریں، کیونکہ وہ مجرم میں ہی تھا۔ جسے ابھی تک آپ نے معاف نہیں کیا۔۔
    تو حاضر ہوں سرکار۔۔۔۔۔! پھانسی یا کوڑے۔۔۔۔ جو مناسب سمجھیں۔۔۔
    میں کوئی آپ کی بات کا جواب نہیں دے رہا، بس کہ ایک چھوٹا سا عرض ہے کہ قبلہ سرکار، سچ کو تو ہم جہتی دیکھا جائے نا؟
    ہم کیوں اپنے پلے کے سچ کو ازلی سمجھیں؟ کبھی کبھی ہمارا نقطہ نظر بھی آدھا سچ ثابت ہوتا ہے۔ اور اس آدھے سچ کی وجہ سے ہماری رفتار اتنی تو گر جاتی ہے کہ مت پوچھیں۔۔۔منزل تک پہنچنے میں دیر کیوں ہو؟ تمام راستہ صرف اپنا سچ ہی ثابت کرنے میں لگ جائے، اور وقت کہیں نکل نہ جائے۔ بس مسئلہ یہی ہے۔
    بجائے اس کے کہ ہم اپنا وقت ان چھوٹے موٹے مسائل میں گنوادیں، اس سے اچھا نہیں کہ محبتوں سے سب کو مناتے اور مانتے چلیں؟ اس لیے میں نے گستاخی کی سائیں!
    بہرحال آپ جو سزا دیں، بندہ آپ کے گھر آکر آپ سے معافی مانگے گا، جیسے آپ راضی۔
    طبیعت کا سنائیں؟ کیسے ہیں؟ سنا ہے ماشاء اللہ سے بہت ہی پیارا جشن منا لیا، ہمیں خبر بھی نہ کی!
    اجی ایسا بھی کیا!

    دعاگو
    فیاض امر

  12. قبلہ فیاض امر صاحب،
    مولا آپ کو بڑی زندگی عطا کرے، آپ نے جو لکھا اچھا لگا کیوں کہ میں سچ بولنے، سنّے اور سھنے کا عادی ھوں، آپ سے متاثر بھی اسی لئیے ھوں،
    سرمد کو وقت کے حکمراں نے سولی پر کیوں چڑھایا، جب سرمد سے پوچھا گیا کہ ہم نے سنا ھے تم کلمہ نہں پڑھتے، سرمد نے کہا کہ جناب میں تو کلم ھر وقت پڑھتا ھوں میرا تو ورد ہی یہی ھے، حاکم نے کہا پڑھ کر سناؤ، سرمد نے صرف پڑھا لاِلاَ،
    حکم نے کہا آگے پڑھو، سرمد نے جواب میں کہا سرکار میں ابھی انکار کی حدوں سے نہں نکل سکا تو آگے کیسے پڑھوں،
    سو سرکار ھم ابھی تک انکار کی حدوں سے نہں نکل سکے ھیں
    قبلہ ھم خود گنہگار ھیں اور ہمیشہ سے معافی طلب کے گار ھیں،
    جناب وہ جملہ مثال کے طور پر چنا گیا تھا کہ مثال بھی ھے اور تیکھا بھی ھے ۔
    جسن مولا کا تھا اور ہمشہ کی طرح خوب سے خوب رھا آپ کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی۔
    گر جناب کوئی گستاخی ھوئی ھو تو معافی چہاتا ھوں،
    باقی یہ سر مولا کی راہ میں کٹے گا۔
    وسلام

  13. سلام امر سائیں اور دیگر اہل بلاگ!
    فیاض سائیں آپ کو پھانسی کی سزا نہیں دی جا سکتی کیوںکہ آپ کے گلے میں پھندہ پڑا ہوا ہے- کوڑے کی سزا اس لئے نہیں دی جا سکتی کیونکہ پہلے جو کوڑے پڑے ہیں ان سے آپ کی کمر مظبوط ہو چکی ہیے مطلب کہ کوڑا آپ کا کچھ بگاڑے گا نہیں- سب سے مناسب سزا یہی ہے کہ آپ ہماری آنکھوں کے سامنے رہیں اور اگر ادھر ادھر ہونے کی کوشش کی تو ہمارے ہاتھ بہت لمبے ہیں- بقول ماستر چندر
    رٹھا ای رھن پر ھجن حیاتی
    بھلی پیا وڑھن سھٹا بھلی پیا وڑھن
    پر ھجن حیاتی
    میں انشاء صاحب کی اردو کی آخری کتاب پڑھ رہا تھا جس میں اشفاق مرحوم صاحب نے پیش لفظ لکھے- مرحوم لکھتے ہیں‌ کہ ہنسنا آسان ہوتا ہے مگر کسی پہ ہنسنا بہت ہی آسان ہوتا ہے لیکں کسی کو اپنے آپ پہ ہنسانا بہت ہی مشکل ہوتا ہے- اس کے لئے انشاء کا دل چاہئے- اسی طرح سچ لکھنا اور پڑھنا آسان ہوتا ہے مگر سچ اور حق لکھنا اس سے مشکل ہوتا ہے مگر سچ سننا بہت ہی مشکل ہوتا ہے- امر سائیں محبت بھی سچ اور حق ہے-
    کہیں ایسا تو نہیں کہ لوگوں کا سچ اور حق سے ایمان اٹھتا جا رہا ہے؟ کیا موجودہ مسائل کی اصل وجہ یہی نہین؟
    آپکے تبصرہ کا انتظار رہے گا-
    سائیں میں تو جشن میں گیا ضرور تھا مگر بیماری کی حالت میں اسی وجہ سے اس دفعہ کچھ پڑھ بھی نہیں سکا- اب حالت کچھ بہتر ہے- دعا کریں کی اگلا جشن آپ کے ساتھ ہو-
    آپکی دعاوؤں کا محتاج

  14. فیاض امر۔ کئی دن سے سوچ رہا تھا کہ تمہاری مخمل کی سوچ میں اپنا ٹاٹ کا پیوند لگا کر دیکھوں شاید کوئی سندِ یقین مل جائے۔ لکھنا تو پہلے تبصرے میں بھی چاہتا تھا لیکن طوالت نے ہاتھ روک دیئے۔

    برادر عزیز بات یہ ہے کہ عام آدمی تو”اپنا زہر” جہاں جی چاہے رکھے مجھے کوئی اعتراض نہیں لیکن میرا مسلہ تو وہ ادیب،شاعر،لکھاری اور صاحبِ قلم ہے جس کا زہر اسکے ذہن سے شروع ہوتا ہے اور زبان کے راستے قلم سے خارج ہو جاتا ہے اور اپنے پیچھے ایسے زہریلے نشان چھوڑ جاتا ہے کہ اگر ان نشانات پر سے غلطی سے سانپ بھی گزر جائے تو پانی نہ مانگے۔

    مجھے علم نہیں کہ کیا صرف یہ میرا ہی تجربہ ہے یا ہم سب حساس لوگ اسی عمل سے گزرتے ہیں کہ اپنے ہی درمیان خود کو قلم کار،صاحبِ فکر،شعر گو اور نہ جانے کیا کیا کہنے والوں کے کسی دوسرے ساتھی یا جاننے والے کے لیئے قلم سے نکلے ہوئے الفاظ پڑھتے ہیں تو جیسے خود سے شرمندگی ہونے لگتی ہے۔

    بڑے بڑے وعظ،اقوال اور نصیحتیں لکھنے والے اپنے ہی احباب کے بارے میں جب نہایت عامیانہ زبان استعمال کرتے ہیں تو روح جیسے زخمی ہو جاتی ہے۔ ہم میں سے بہت سے دوست جو دوسروں کو دن رات فکر کا راستہ دکھاتے نہین تھکتے اور شعر کی زبان میں دوسروں کو ہمہ وقت راستہ دکھاتے رہتے ہیں جب ”معاملات” کی بات آتی ہے تو بڑے بڑے دراز قد کوتاہ قد اور بونے نظر آتے ہیں۔

    ہم دوستوں نے بہت سوچ سمجھ کر”عالمی اخبار” کی پیشانی پر کلامِ لاریب کی سورہءالصحف کی یہ آیت لگائی ہے کہ ” اے ایمان والو تم وہ باتیں کیوں کہتے ہو جو تم کرتے نہیں ہو”۔

    میں نے اپنے کئی کالموں میں اور بیرون ملک لیکچروں میں بہت یقین کے ساتھ یہ بات کھل کر بیان کی ہے کہ اگر امت مسلمہ میں صرف اسکے اہلِ قلم اور مواعظین ہی میں یہ خوبی پیدا ہو جائے کہ جو بات یہ کہتے اور لکھتے ہیں خود اس پر عمل بھی کریں تو سارے عالم اسلام کی حالت بدل جائے۔ قول و فعل کا تضاد ہی تو ہے جو اشرف المخلوقات انسان کو رزیل بنا دیتا ہے۔

    میں اپنے اردگرد نظر ڈالتا ہوں تو کانپ جاتا ہوں کہ اہل قلم کی ایک بہت بڑی تعداد اپنی تحریروں میں،اپنی شاعری میں اور اپنے فکری مضامین میں جو باتیں کہتے ہیں اسکا ایک فیصد بھی اپنی ذات میں نافذ نہیں کرتے۔ اپنے ہی دوست کی تضحیک کا کوئی لمحہ بھی ضائع نہیں کرتے اور اپنے سے بہتر کسی کو گرداننا گناہ سمجھتے ہیں۔ ہر کسی کی تحریر اور شعر میں خوبی کی بجائے سقم تلاش کرتے ہیں۔ ستار العیوب کی قسم کھاتے ہیں اور اپنے ہی دوست کے عیوب کا ڈھنڈ ورا پیٹتے رہتے ہیں۔

    یہ ہی حال ملاں، مولوی اور واعظ کا ہے۔وہ جس بات کی تبلیغ کرتا ہے خود اس پر عمل نہیں کرتا۔اور بے عملی کی یہی دیمک ہمیں اندر ہی اندر کھائے جارہی ہے تا آنکہ ہم کسی روز دھڑام سے نہچے آ گریں گے۔لکھاریوں کی اکثریت اُتھلی اور سطحی باتوں میں وقت برباد کرتی ہے۔کسی فکری اور شعوری گفتگو میں شرکت نہایت ہی واجبی ہوتی ہے۔ مطالعے سے دوری کو ایسے لوگ اپنے لیئے اعزاز سمجھتے ہیں اور اس پر مان بھی کرتے ہیں۔

    ایسے احباب کے قلم سے رستے ہوئے زہر نہ جانے سانس کے راستے خود انکے اندر کیوں سرایت نہیں کر جاتے یا پھر دوسری صورت میں ہو سکتا ہے کہ انکی بے عملی کی یہ صور تحال اسی زہر کی وجہ سے ہو جو انکے خون میں رچ بس گیا ہے۔ مجھے سوچنے دو کہ ایسے لوگوں کو کیا حق حاصل ہے کہ وہ اللہ پاک کے خلق کردہ قلم کو اپنی عزت و شہرت کی بیساکھی بنائیں اور اپنے کردار سے اسی قلم کو رسوا کریں۔

  15. بہت خوب ۔ اس بلاگ کو دیر تک اور دور تک چلتے رھنا چاھئے۔ پنہاںؔ

  16. قبلہ محترم صفدر ھمٰدانی صاحب،
    آپ کا تبصرہ اچھا کیا بہت ھی اچھا لگا، ایک دفعہ ایک سانپ اور مینڈک میں بعث چھڑ گئی، سانپ بولا میں تم سے زیادا زھریلہ ھوں مینڈک کسی طرح سے ماننے کو تیار نہ تھا، آخر یہ تہے پایا کے سامنے سے دو کسان آرھے ھیں پہلے کو سانپ ڈنک مارے گا اور چھپ جائے گا اور مینڈک سامنے آکر یہ تصور دے گا کہ مینڈک نے کاٹا ھے، جب دوسرا آئے گا تو اسے مینڈک کاٹے گا اور چھپ جائے گا سانپ سامنے آ کر یہ تصور دے گا کہ سانپ نے کاٹا ھے، پتا چلا کے سانپ کا ڈسا بچ گیا اور مینڈک کا کاٹا تڑپ کر مر گیا،
    فیاض امر صاحب نے دیوار کو زباں والی بات جو کہی بڑی وزن دار ھے، فرض کر لیں میں وہ دیوار ھوں اور میرے کاریگر نے مجھ پر عجیب نقش بنا دیئے ھیں جن کو جدید زباں میں تجریدی آرٹ کہتے ھیں، غور کریں وھی میری زبان ھے، لیکن میرے ان نقش کو جو میرے حروف ھیں ھر آنے والے نے اپنے انداز میں پڑھا، کسی نے کہا چمن ھے، کسی نے کہا سہرا ھے، کسی نے کہا دریاہ ھے جس میں ایک ناؤ ھے اور خالی ھے جس میں کوئی نا خدا نہں۔
    وسلام۔

  17. جناب جناب سرکار ھمٰدانی صاحب، السلام علیکم۔
    بہت سوچا تھا کہ جواب نہ دوں آپ کے تبصرے کا۔ پتہ نہیں کیوں، حالانکہ اس کی وجہ بھی نہیں بن رہی تھی۔ پھر بھی۔۔۔۔ آج طیّ کرلیا کہ تھوڑا ہم کلام ہوتے ہیں۔
    سرکار یہ بلاگ میں نے لکھا ہی اسی سلسے میں تھا۔ کہ جب :
    ادیب بے ادب ہوجائیں،
    تو زبان، ثقافت تہذیب کا کیا ہوگا؟
    جب راھبر راہزنی کریں تو قوم کا کیا ہوگا؟
    ہم یہاں کوئی دو روپے کی اخبار پڑھنے والے بیٹھے ہیں یا کچھ سوچ لوچ والے ہیں!
    اگر ہمارا ہی یہی حال ہوگا تو ہم آنے والی نسلوں کو کیا منہ دکھائیں گے؟
    مصیبت تو یہ ہے اب کہ یہاں انسان انسان کو کاٹ رہا ہے۔ اسی لیے تو یہاں جمع ہوئے ہیں کہ کچھ کیا جائے۔ پھر بجائے اس کے کہ کچھ کیا جائے ہم خود ایسے بن جائیں کہ ہم پر کچھ کیا جانا چاہیے!
    آخر میں یہاں پچھلی صدی کے ایک ملامتی صوفی کا ایک تراشہ لکھ رہا ہوں۔ بات بڑے پتے کی کر رہا ہے کہ:
    “کچھ دن پہلے ایک ہسپتال کے باہر سائن بورڈ پر لکھا پایا کہ:
    یہاں ایک آدمی کو لایا گیا جسے بچھو نے کاٹا تھا۔ ایک دن میں اس کا زہر نکال لیا گیا اور اسے ٹیکہ لگا کر فارغ کردیا گیا۔
    یہاں ایک سانپ کے ڈسے ہوئے مریض کو لایا گیا تھا۔ تین دن علاج چلا، اور وہ آدمی بالکل ٹھیک فارغ کردیا گیا۔
    یہاں ایک آدمی کو داخل کرایا گیا ہے جسے ایک پاگل کتے نے کاٹا ہے۔ آج ساتواں دن ہے۔ زخم کافی بھر گیا ہے۔ بہت جلد اسے بھی فارغ کیا جائے گا۔
    یہاں ایک آدمی کو پچھلے مہینے داخل کرایا گیا، جسے ایک اور آدمی نے کاٹا تھا۔ مریض مسلسل بیہوشی کی حالت میں ہے۔ ڈاکٹر کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، لیکن حالت بہت خراب تر بتائی جا رہی ہے۔ بہت ممکن ہے کہ شاید نہ بچے۔”
    اب آپ لوگ خود فیصلہ کریں کہ اس کہانی میں کیسا چھپا ہؤا سچ پڑا ہے۔ اور ہم وہ اپنے ہی بھائیوں کے ڈسے ہوئے ہیں۔
    مولا لجپال سب کو خیر عافیت میں رکھے۔ آمین۔
    دعاگو
    فیاض امر

  18. فیّاض بھائی۔
    آپکی تحریر اور سب تبصرے بارہا پڑھے۔ ۔۔۔سوچ سوچ کر یہی بہتر جانا کہ آپ سے یہ پوچھ لوں کہ ہم اپنا زہر کہاں نہیں رکھتے؟ درندے اور وحوش الارض اپنا زہر حواس خمسہ میں سے کسی جا پر رکھتے ہیں، لیکن ہم تو دل، دماغ، جگر، آنکھ، کان، زبان، ہاتھ، قلم، کاغذ، پاؤں، پھر سوچ، ایمان، تاریخ، مستقبل اور حکمت عملی ، ہر جا زہر ہی زہر رکھتے ہیں۔ کوئی گوشہ خالی ہو تو پتہ چلے؟
    جب خالق نے کہا کہ ثم رددناہ اسفل سافلین تو ہماری بڑی جماعت نے تو بلا دیکھے اس مجندھار میں چھلانگ دی کہ کہیں احسن تقیم والی اقلیت کے ساتھ رہ کر کمزور نہ ہوجائیں۔ آخر ہمیں وقت کے ساتھ چلنا ہے، چاہے اسفل سافلین سے بھی کہیں پستی میں لے جائے۔۔۔۔
    االلہ آپ کا قلم جاری رکھے اور اسکا جہاد ذہنوں کو بصیرتیں عطا فرماتا رہے۔
    نا چیز

  19. جناب فیاض امر صاحب
    ۔
    کیا خوب کہانی اور معانی۔ کیا کہنے۔ جزاک اللہ۔
    ۔
    پنہاںؔ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *