تلخ فیصلہ۔لیکن ناگزیر

گزشتہ چند ہفتوں سے ہم سب کو ”عالمی بلاگ” کے نام سے جس قسم کی سوقیانہ،سطحی اور اخلاق باختہ تحریریں مل رہی تھیں اسکے تناظر میں عالمی اخبار کے ترجمان نے سائبر ٹیکنالوجی کی مدد سے اس چیتھڑے نما بلاگ کے بارے میں تمام معلومات حاصل کی ہیں جو انتظامیہ کے پاس موجود ہیں اور ہمیں اس بات کا اعلان کرنا پڑ رہا ہے کہ اس ”عالمی بلاگ” کو بنانے والے اور چلانے والے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ہمارے آپکے عالمی اخبار کے بلاگ پر بھی لکھتے رہے ہیں اور اپنی تحریروں میں زیادہ تر مقامی مناقشوں کو ہوا دیتے رہے ہیں۔
انتظامیہ فی الحال ایسے گھناؤنے کام میں ملوث تین چار افراد کے نام بتانے سے گریزاں ہے لیکن اگر ضروری ہوا تو سائبر کرائمز کے برطانیہ اور امریکہ میں ادارے میں باقاعدہ رپورٹ کے بعد ان افراد کے نام بھی شائع کیئے جا سکتے ہیں۔
کوئی فرد عالمی اخبار کے ادارے کی عزت سے بڑھ کر نہیں ہے اور کوئی نام نہاد قلم کار ناگزیر نہیں۔ اس لیئے ادارتی بورڈ نے فوری فیصلے کے طور پر تین افراد پر یہ پابندی لگا دی ہے کہ انکی کوئی تحریر نہ ہی عالمی اخبار کے بلاگ میں اور نہ ہی کسی اور شعبے میں شامل ہو گی۔ دو افراد پر انتظامیہ برابر نگاہ رکھے گی اور اگر انہیں مستقبل میں ایسے غیر اخلاقی اور اردو دشمن کام میں ملوث پایا گیا تو ان پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔
عالمی اخبار ایک انٹرنیشنل خبری ادارہ ہے اور ہم کسی طرح بھی اس کے کسی شعبے میں فساد اور بے راہ روی پھیلانے والوں کو برداشت نہیں کریں گے اور ایسے فیصلے کی زد میں بلااستثنا ہر فتنہ پرور آئے گا۔
عالمی اخبار نے اپنے قیام کے بعد سے متعدد سازشوں کا سامنا کر کے انہیں نیست و نابود کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اس سازش کو بھی ناکام بنا دیا جائے گا۔ انشااللہ ہمارے مخلص قلم کار اس ضمن میں ہماری معاونت کریں گے۔