وہ ایک ڈچ انجنیئر تھا. انگریزی ہم سے بھی شکستہ بول کر ٹیلیوژن پر ایک لاہوری معلم جو کہ جدید پاپ گانے بھی گاتا ہے اس کے گانے پر جھوم کر مجھ سے پوچھا کہ کیا گا رہا ہے. میں نے بتایا کہ وہ اپنی محبوبہ کے گھر کی بات کر رہا ہے کہ جس جس کو بھی چلنا ہے آئے اور ٹکٹ کٹا کر قطار بنائے اور چلے.
بتانے کے لیے تو میں نے بتادیا ، لیکن بعد میں مجھے شرم آگئی. شرم مجھے کیا آنی تھی، اس گورے نے بھی جھومنا چھوڑ کر مجھ سے پوچھ بیٹھا کہ: “یہ محبت میں کمیونزم کب سے آئی یہاں!!؟”
اور میں چپ ہوگیا.
محبت میں کمیونزم یا شاعری کا ستیا ناس!
کافی دن مجھے یہ بات دل میں کھٹکتی رہی. اور ایک دن میں نے داستانٍ سرائے (ماڈل ٹاؤن لاہور) میں مرحوم اشفاق احمد صاحب کے حضور یہ بات رکھی. اس غیر رسمی بیٹھک میں لاہور کے دو بلند پائے کے ادیب بھی تشریف فرما تھے. بات کو گول مول کرکے دوسرے موضوع کو چھیڑدیا گیا. اچانک بابا اشفاق صاحب نے میاں محمد بخش کا ذکر کھول دیا.
“اک گناھ میرا پیو ویکھے تے لاکھیں چھتراں مارے،
سؤ گناھ میرا مرشد ویکھے فیر وی گلے لگائے.”
“ایسی ثقافت کے ہوتے ہوئے اگر کوئی کنیں کنیں جانا بلو دے گھر کا گانا گائے تو حیرت تو ہوتی ہے…” اشفاق صاحب نے کہا.
بس یہی بات ہوئی اور ایسے لگا کہ تمام دوستوں کے اوپر جیسے سانپ گھوم گیا. اور محفل تھوڑی ہی چل کر پر امن طور پر منتشر ہوگئی.
اس بات کو گذرے آج اچھا خاصا عرصہ بیت گیا ہے.
میڈیا نے اس پورے عرصہ میں وقت کی رفتار سے بھی تیز ترقی کی ہے. اب “بلو کے گھر” سے پروموشن لے کر سرمائیدار نے “نچ پنجابن نچ” کی حدوں میں اڑان بھری ہے. یا آج میلہ ویکھن آئیاں کڑیاں لاہور دیاں کے مدھر سنگیت پر شالیمار باغ میں نوخیز کڑیاں اپنی بانہیں اونچی کرکے ایک مخصوص ردھم میں ہاتھ ہلا رہی ہیں.
یہ ہے ہماری جدید ثقافت جسے ہم اپنی آباء اجداد کی ثقافت کے اوپر ملمع کاری کرکے دکھا رہے ہیں.
جب باغبان پورہ کا ایک دکاندار، یہ بتانے سے قاصر ہو کہ “شاہ حسین” کی درگاہ کا راستہ کونسا ہے تب دل خون کے آنسؤ ضرور روئے گا!
پنجاب، جو کہ پانچ دریاؤں کا ملک تھا، کہ جس کے ہرے بھرے کھیت اور لا ابالے قہقہے جیسے گیہوں کے کھیت میں پانی ڈالتے تھے، کہ جس کی ثقافت سے کچی مٹی پر بارش کے پاکیزہ قطروں کے وصال کی مہک آتی تھی، کہ جو بابا بلہے شاہ اور فرید کی کافیوں سے روحانیت کا علمبردار کہلواتا تھا، کہ جس میں وارث شاہ کی ہیر کو جب گایا جاتا تھا تو پورے ہال میں تمام آنکھیں نم ہوجاتی تھی، اس پنجاب کے زندہ دلوں نے اپنی ثقافت کا کیا حشر کیا ہے، ذرا ادھر تو دیکھیں:
شام ہوتے ہی لاہور کے تھیٹر کی تمام گلیوں اور شاہراہوں پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہونا شروع ہوجاتی ہے. لوگ بمع خاندان اور بچوں کے بلیک پر بھی ٹکٹ خرید کر اسٹیج ڈرامے دیکھتے ہیں. اور اندر تیٹھر میں کیا بیہودہ جملے کسے جاتے ہیں کہ عزت والا انسان سن کر ہی اپنی انگلی ناک سے رگڑنا شروع کردے.
پنجابی زبان کہ جس کی مٹھاس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب فقیر شاھ حسین یا سرکار باہو کا کلام سماعتوں تک پہنچے تو ایسے لگتا ہے جیسے اپنا اندر بھی آنسؤوں کے ساتھ باہر نکل آیا ہو. اور آج اسی پنجابی زبان کو واہیات مجروں اور تھیٹر کی گالیوں کے بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے. اور لوگ ہنس رہے ہیں. (لاہور زندہ دلاں دا شہر)
یہ اس خوبصورت ثقافت پر ڈاکہ ہم اپنے وطن والوں نے ہی ڈالا ہے.
جب مرحومہ ملکہ ترنم نے “میں الہڑ پنجاب دی ماہیا، گبھرو پاکستان دا” گایا تھا، تب ہم نے اس پر زندہ دلی کی لاج بچانے کے لیے رقص کیا تھا. کسی نے بھی اس فلم کے ڈئریکٹر، پروڈیوسر، اور شاعر کا گلہ پکڑ کر یہ نہیں کہا تھا کہ میاں ثقافت ایک حسین اور لطیف ترین احساس ہے، اسے بے حیائی کے کوٹھے پر نہ نچائو! اگر ایسا کل کوئی کرتا تو آج اس معلم گانے والے کو یہ “نچ پنجابن نچ” گانے کی ہمت ہوتی!
اور ہم دھن دولت کے نشے میں اپنے آباؤ اجداد کی زبان کوٹھے والوں کی نذر کرکے دکانداری میں جٹ گئے. مڈل کلاسی پنجابی بھائی نے اپنے گھر اردو اور انگریزی کو “ویلکم” کہ کر اپنی مادری زبان کو ایسے پھینک دیا جیسے ایک نودولتیہ سرمائیدار، پلنگ گھر میں لاکر چارپائیاں گھر کے پچھواڑے میں پھینک دیتا ہو.
پہنچے ہوئے طبقے کی تو کوئی بات ہی نہیں ہے اور نہ ان کا دکھ! وہ نہ زبان کے لٹنے پر غیرت کھاتے ہیں اور نہ ثقافت کی بات ہی سمجھتے ہیں.
سچ تو یہ ہے کہ پاکستان بننے کے بعد شیروانی نے ہمارے کرتے کو قتل کردیا، ذرا پی ٹی وی کے ڈرامے تو دیکھیے اس زمانے کے جب اس کی اجارہ داری تھی.
جب بھی ایک سمگلر کو دکھایا جانا مقصود ہوتا تھا، تب ایک پختون دکھایا جاتا تھا.
پنجابی لنگی پہنے کھیتوں میں ایک اوباش ہی دکھایا جاتا تھا.
سندھی ایک جاہل اور ڈاکو ہی نظر آتا تھا،
بلوچ تو کسی زمرے میں بھی نہ آتے تھے. (یہ سلسہ آج بھی جاری ہے، بلکہ زورو شور سے جاری ہے)
ہاں البتہ ایک مہذب انسان اگر دکھایا اور بتایا جاتا تھا تو وہ، ایک شہری ہی ہوتا. ہمیں اس بات سے گلہ نہیں کہ صرف شرافت انہیں کے گھر کی لونڈی ہے، بلکہ ہم تو یہ کہتے ہیں کہ ان لوگوں نے کیا قصور کیا ہے جو دیہاتی ہیں، جو سادہ دل ہیں، ان کی زبان اور ثقافت کو ایسے توڑ موڑ کر پیش کیا جانا، آخرکار کس بات کا اشارہ ہے؟
اور آج… ہماری زبان سسک رہی ہے، بزاری کوٹھوں پر، یا میڈیا کے پھہلائے ہوئے واہیات گانوں میں، ثقافت کچلی جارہی ہے معاشرے کے ایک ناسور گروہ کے ہاتھوں!
جب بھارت میں، اک پنجابن، کڑی پنجابن دل چراکے لے گئی والے گانے پر فلمی مجرہ بالی ووڈ لگاتا ہے … تب وارث شاھ یا بلھا شاھ کی روح کے ساتھ کیا گذرتی ہوگی! یہ تو اللہ ہی بہتر جانتا ہے.
ہاں ایک چیز کا ادراک ضرور ہوتا ہے، کہ اپنے بچے جب اپنی ماں کی زبان سے نا آشنا ہوں تب خدا بخشے داغستانی شاعر رسول حمزاتوف کو، جس نے میرا داغستان کتاب میں لکھا ہے کہ ایک کوسنے والی نے اسے کہا کہ اس سے بڑا کوسنا کیا ہوسکتا ہے کہیں کہ: “اللہ کرے تمہارے بچے تمہاری ماں کی زبان بھول جائیں….”

جناب فیاض امر صاحب
۔
آپ کی یہ تحریر بھی آپ کی دوسری تحریروں کی طرح اک خاص اہمیت کی حامل ھے۔
۔
آپ کے لہجے میں سندھ زبان کی جو سوندھی سوندھی خوشبو تھی ( جس کی مین نے تعریف بھی کی تھی )وہ کم ھوتے ھوتے بہت کم ھوگئی ھے۔( جو اک اضافی خوبی تھی)کیا آپ نے خود اس خوشبو سے گریز کیا ھے۔ وہ تو آپ کے لہجے کی انفرادیت تھی۔لیکن یہ میرا ذاتی نظریہ ھے ضروری نہیں کہ آپ میری اس بات سے متفق ھوں۔
۔
پنہاںؔ
۔۔۔۔۔ثقافت ایک حسین اور لطیف ترین احساس ہے، اسے بے حیائی کے کوٹھے پر نہ نچاؤ
۔۔۔۔۔مڈل کلاسی پنجابی بھائی نے اپنے گھر اردو اور انگریزی کو “ویلکم” کہ کر اپنی مادری زبان کو ایسے پھینک دیا جیسے ایک نودولتیہ سرمائیدار، پلنگ گھر میں لاکر چارپائیاں گھر کے پچھواڑے میں پھینک دیتا ہو.
۔۔۔۔۔پاکستان بننے کے بعد شیروانی نے ہمارے کرتے کو قتل کردیا
۔۔۔۔۔ہماری زبان سسک رہی ہے، بزاری کوٹھوں پر، یا میڈیا کے پھہلائے ہوئے واہیات گانوں میں، ثقافت کچلی جارہی ہے معاشرے کے ایک ناسور گروہ کے ہاتھوں!
۔۔۔۔۔اس سے بڑا کوسنا کیا ہوسکتا ہے کہیں کہ: “اللہ کرے تمہارے بچے تمہاری ماں کی زبان بھول جائیں….”
فیاض امر۔تمہاری تیروں کی بوری میں سے ان پانچ تیروں نے شدید زخمی کیا ہے۔ تم نے سچ کہا کہ ثقافت کو بے حیائی بنا دیا گیا ہے اور اب ہماری ثقافت بسنت کے موقع پر لاہور میں میاں صلو کی حویلی تک یا پھر پانچ ستارہ ہوٹل کی چھت تک محدود ہو گئی ہے جہاں چُست لباس پہنے ہوئے عزت دار گھروں کی عزت دار بہو بیٹیاں ”دل ہوا بو کاٹا” کی دھن پر وہ ناچ دکھا رہی ہوتی ہیں کہ تگنی کا ناچ بھول جائیں۔
رہی بات زبان کی تو اسکا نوحہ نہیں مرثیہ لکھنا چاہیئے۔ پنجابی نے ہمیشہ یا تو اردو بولنے میں فخر سمجھا یا پھر اب انگریزی بولنے میں۔اسی عمل میں پنجابی زبان کا بولی کے طور پر تو نقصان ہوا ہی لیکن سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ اس کا رسم الخط ہی نہیں بن سکا۔ سرحد پار پنجابی گورمکھی میں مقید ہے تو اس طرف پنجابی فارسی رسم الخط میں لکھی جاتی ہے۔ آج بھی پنجابیوں کے گھروں میں انگریزی اردو کا راج ہے اور اپنی پنجابی ٹورنٹو اور ساؤتھ آل میں بھاگتے بھاگتے دم توڑ رہی ہے جہاں کانوں میں پڑنے والی یہ آواز سینہ پھاڑ دیتی ہے کہ ”ممی آئی کانٹ فائینڈ مائی جُتی”۔سچ کہا کہ اس سے بڑی بد دعا کای ہو گی کہ ”جا تیرے بچے تیری ماں کی زبان بھول جائیں”۔ یوں لگتا ہے کہ جس کسی نے بھی بد دعا دی اس نے ملک میں بدامنی اور زبان فراموشی کی بددعا ایک ہی سانس میں دی تھی۔
محترم جناب فیاض امر صاحب !
ھمیشہ کی طرح یہ بھی بہت منفرد اور خوب بلاگ لگایا ھے اور اس خوبصورتی سے اتنی ساری باتیں کہہ ڈالیں ماشااللہ!!
اتنے جامع اور مفید بلاگ اور تبصروں کے بعد صرف یہی کہوں گی کہ تہذیب و ثقافت یعنی ہمارا ایمان و عقیدہ ھے اور غلبہ اسی قوم کو حاصل ہوتا ھے جس کی ثقافت غالب رہتی ھے ۔
بہت خو بصورت بات چھیڑی ہے ۔دیکھا جائے تو ؔج کا سب سے بڑا المیہ ۔ہم وہ نسل ہیں جن کے پاس کچھ بھی نہیں نہ زبان ، نہ لباس اور نہ ہی اپنی ثقافت ۔ہر چیز تننزلی کا شکار اس لئے ہے کہ ہم اپنی چیزوں پر شرمندہ ہیں ۔ اپی زبان ، لباس اور رہن سہن کے طریقوں پر شرمندہ ہیں ۔پنجابی کو جاہلوں کی زبان سمجھتے سمجھتے ہم نے اسے جاہلوں کے حوالے ہی کر دیا ہے ۔سٹیج ڈراموں کی ؔپ نے خوب بات کہی ۔ایک شریف انسان یا ذیادہ شریف نہ بھی ہو ایک نارمل ہلکی سی سمجھ بوجھ والا انسان ایک یا دو منٹ بیٹھ کر ان ڈراموں کی زبان نہیں سن سکتا ۔ پڑھے لکھوں نے جب انگریزی کو گلے لگا لیا تو پنجابی تو بے گھر اسی دن ہو گئی ۔ اور پھر گھر سے نکالی گئی لڑکی کا جو حال غنڈے کرتے ہیں وہی حال اس کا ہوا ۔۔تعجب کیسا ؟ جب گھر والوں نے ہی قبول نہ کیا ، دھکے دے کر نکال دیا تو پھر رضیہ غنڈوں میں گھرے گی ۔
صفدر صاحب نے بہت اچھا لکھا ہے ۔۔جزاک اللہ۔
السلام علیکم
فیاض صاحب
اس میں کوئی شک نہیں کہ مشرقی معاشرے انحطاط کا شکار ہیں۔ مشرقی اقدار رو بہ تنزل ہیں
مگر یہ صرف پاکستان یا پنجاب کا نہیں عالمگیر مسلہ ہے
اس تنزلی کی وجوہات میں ایک بڑی وجہ دُنیا کا سکڑنا ہے
یا ذرائع مواصلات کی ترقی ہے
چین ، جاپان ہندوستان ایران عرب دُنیا کا کوئی خطہ ایسا نہیں جہاں اس نام نہاد آزادی کا اثر نہیں ہے
آپ کا مراسلہ پڑھ کر یہ تاثر اُبھرا کہ پنجاب کی ثقافت کو ٹی وی ، ریڈیو یا کیبل کی نظر سے دیکھ رہے ہیں
ریڈیو ٹی وی یا کیبل کسی حد تک ہی معاشرے کے عکاس ہوتے ہیں
یہ متوسط طبقے کی عکاسی نہیں کرتے جبکہ متوسط طبقہ ہی روایات اور ثقافت کا امین ہوتا ہے
اسٹیج ڈرامے ہوں یا مخربِ اخلاق گانے معاشرے کا پڑھا لکھا حصہ ان کے خلاف جہاد کر رہا ہے
تمام مخربِ اخلاق پنجابی گانوں پرلاہور ہائی کورٹ نے پابندی لگا دی ہے
تھٹر میں کچھ اداکاراؤں پر بھی پابندی عائد کی جاچکی ہے
پنجاب آرٹس کونسلنے پچھلے ایک سال سے معیاری اسٹیج ڈراموں کو بلامعاوضہ عوام کو دکھانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے
ابرار احمد کے اکثر گانوں کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دی جاتی رہی ہیں
اور یہ کام پنجاب کے شہری ہی کرتے ہیں دیہاتی نہیں
پی ٹی وی کے ڈراموں کےبارے میں آپ مغا لطہ آمیز بیان دے رہے ہیں۔ ڈراموں میں جہاں اوباش ، سمگلر یا جاہل دکھائے جاتے ہیں وہیں مثبت اور معصوم کردار بھی دکھائے جاتے ہیں۔ پی ٹی وی کا کوئٹہ سنٹر بلوچی معاشرے کی عکاسی کرتا رہا ہے۔
ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان کے نجی چینلز بھی اب سنبھل رہے ہیں
کئی چینلز نے ادبی کہانیوں کی ڈرامائی تشکیل کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے
تصویر کے دو رُخ ہوتے ہیں ضروری نہیں کہ ہر بار ہر تصویر کا منفی رُخ ہی پیش کیا جائے
تخلیقی صلاحیتوں کو زندگی اور معاشرے کے روشن پہلو اُجاگر کرنے کے لیے بھی استعمال کرنا چاہیئے
والسلام
زرقا
وعلیکم السلام
زرقا صاحبہ ۔ شکریہ مشورہ دینے کا۔
آپ کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ مغربی ممالک، شمالی ایشیا یا مشرقی ایشیا والے ممالک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ٹھیک ان کی ثقافت کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کوئی ثقافت اپنے اوپر پلاسٹک سرجری کی طرح رضاکارانہ طور پر قبول نہیں کی۔ مسئلہ ہمارا ہے۔ مسئلہ ہماری اصل زبانوں کا ہے، جو خطرے کی حدود میں داخل ہوچکی ہیں۔ دیکھیں یونیسکو کی فروری 2009 والی زبانوں کی رپورٹ، اور دیکھیں کہ ہماری مادری زبانوں کا کیا مستقبل ہے۔
خدا کے واسطے ناراض مت ہوئیے گا، لیکن آپ کے تمام تبصرے میں سرکاری بیان “سب ٹھیک ہے” کی اچھی جھلک موجود ہے.
باقی میرا کام تھا ایک اہم مسئلے کی طرف دھیان کرانا۔
میری تخلیقی صلاحیتیں یہی ہیں، کہ تصویر کا وہ رخ پیش کروں جو ہمیں نظر تو آتا ہے لیکن ہم اس سے اپنی آنکھیں چراتے رہتے ہیں۔
والسلام
دعاگو
فیاض امر
اگرچہ کہ یہ الزام ہمیشہ سے کراچی والوں کے حصے میں آیا کہ وہ متعصب ہوتے ہیں۔ لیکن آپ کی اس تحریر نے تو میرے جیسے لوگوں کو اس اھساس ندامت سے باہر کر دیا۔ میں سنتی تحی کہ بھٹو نے شلوار قمیض مردوں کے لباس کے طور پر متعارف کرائ۔ یہ لباس پنجبی مرد پہنا کرتے تھے۔ انڈیا سے آنیوالے پجامہ پہنتے تھے۔ مجھے یاد ہے میرا خاصہ بچپن تھا جب ہم انڈیا گئے۔ وہاں جب میرے بھائ یا ابا شلوار قمیض پہنتے تھے تو بڑا سب لوگ ریکارڈ لگتے تھے۔
اب آپ آجائیں اردو کی طرف اس زبان کے اندر اس وقت جتنی خرابیاں ہیں وہ پنجاب کے زیر اثر آئ ہیں۔ اور ھالت یہ ہے کہ خود کراچی میں اس وقت وہی غلط اردو بولی جارہی ہے۔ ایک بالکل عام سی مثال ہے۔ می نے جانا ہے۔ یہ جملہ اردو گرامرکی رو سے بالکل غلط ہے۔ یہ چیز میں نے چھٹی یا ساتویں جماعت میں پڑھی تھی۔ صھیھ جملہ ہوتا ہے۔ مجھے جانا ہے۔ اسے آناہے۔ کسے بتانا ہےئ وغیرہ وغیرہ۔ مگر بڑے بڑے سیاستدان، اردو ادب سے تعلق رکھنے والے ، اردو سے مھبت ظاہر کرنے والے اسی طرح بولتے ہیں۔ ہم نے تو نہیں کہا کہ اس زبان کا حشر کر دیا گیا ہے۔ اسکے علاوہ بھی بہت ساری چیزیں ہیں جو میں اس وقت بیان نہیں کرنا چاہتی۔ اصل بات جو شاید آپ کے علم میں نہیں کہ دنیا کی بیشتر زبانوں کے ساتھ یہی حادثہ ہونے جا رہا ہے۔ اس میں دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانےوالی زبان انگریزی بھی شامل ہے۔ اس پہ بڑی ریسرچ ہو رہی ہے۔ کبھی موقع ملے تو ضرور چیک کیجئے گا۔
خود اردو زبان اسی طرح وجود میں آئ کہ مختلف زبانیں مل کر یہ ایک زبان بن گئ۔ آج دنیا میں بہت ساری زبانیں ایسی ہیں جن کا وجود نہیں رہا۔ انگریزوں کی آمد سے پہلے اس خطے کے لوگ فارسی بولا کرتے تھے۔ میری اماں کی والدہ فارسی میں لکھا پڑھا کرتی تھیں اور مجھے یہ زبان نہ آنے کے برابر آتی ہے۔ اسی کو ارتقاء کہتے ہیں۔
یہی بات ثقافت کے لئے کہی جا سکتی ہے۔ میری والدہ اپنے ہر رشتے دار کے نام کے ساتھ جان لگاتی تھی جیسے ماموں جان، خالہ جان۔ میں صرف خالہ کہتی ہوں۔ اور اپنی ماں کو امی، امی جان نہیں۔ یہ اثر یہاں کا ہے۔
اسی سارے اثر کو آپ کھانے پینے ، پہننے غرض جکہ ہر چیز میں دیکھ سکتے ہیں۔ تو جہاں مختلف ثقافت کے لوگ اکٹھا ہوں وہاں یہی ہوتا ہے۔ ابھی ہمیں اکٹھا ہوئے صرف ساٹھ سال ہوئے ہیں قوموں کی زندگی میں یہ کوئ ایسا لمبا عرصہ نہیں کپ ایک مشترکہ ثقافت ظہور پذیر ہوجائے۔ خاص طور پہ ہم جیسے لوگ جو ثقافتی سطح پر ایکدوسرے سے بہت مختلف ہیں۔ کیمسٹری کی زبان میں اسے ٹرانزیٹری پیریڈ کہتے ہیں۔ جب یہ گذر جاءے گا تو پتہ چلے گا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔
جناب فیاض امر صاحب السلام علیکم
یوں تو پوری تحریر ہی لاجواب ہے لیکن”اللہ کرے تمہارے بچے تمہاری زبان بھول جائیں” سب سے زیادہ کاٹ دار اور جھنجھوڑنے والا جملہ ہے ، میرے جیسا کم علم شخص اس خوبصورت تحریر کیا تبصرہ کرسکتا ہے ہاں اتنی عرض ضرور ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے صاف دکھائی دے رہا ہے کہ ہمارا معاشرہ مجموعی طور پر ذہنی بغاوت کی راہ پر گامزن ہے اور ہمارا معاشرہ اس راہ پر لگے ہوئے تہذیبی ،دینی،قومی،سیاسی،اخلاقی اور معاشرتی سنگ میل بڑی بے دردی سے روندتے ہوئے برابر آگے بڑھ رہے ہیں اور یوں معلوم ہوتا ہے کہ یہ ذہنی بغاوت جلد ہی کسی اندھی گہری گھائی میں گر کر خود کشی کرنے والی ہے ،اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ گاوں دیہات جنہیں کل تک روایات کا مین سمجھا جاتا تھا اب جہنم کا نقشہ ہیش کررہے ہیں ایسے افعال قبیح دیہی تمدن کا تعارف بن گئے ،رہے شہر جو تعلیم ،تہذیب ،شائستگی اور ترقی کا گہوارہ جانے جاتے تھے اب ان کے دامن میں بھی اخلاق باختگی اور شہدہ بن کے جراثیم پرورش پارہے ہیں ،جوانی کے لبادے میں درندگی پل رہی ہے ،خوف اور دہشت کا بھوت گھروں اور بازاروں کے منڈیر پر برابر محو رقص ہے ،راتوں کو روشن ہونے والے چراغ اب دن کو جلانے کی ضرورت محسوس ہورہی ہے کیوں کہ آدمی کو آدمی سجائی نہیں دے رہااور انسانوں کے انبوہ میں آدمی تنہا ہوکر رہ گیا ہے،کیا عجب منظر ہے کہ اگر درندوں کا غول انسانی بستی پر حملہ کردے تو تشویش سب کو ہوتی ہے مگر تعجب کسی کو بھی نہیں کہ یہ عین ممکن اور متوقع ہوتا ہے مگر جب انسان انسانوں کی بستی پر جبڑے تیز کرکے چڑھ دوڑے تو ہر امکان اور توقع کے برعکس ہوتا ہے جب یہ انہونی ہونی بنتی نظر آئے تو قیامت برپا ہونے میں کتنی دیر رہ جاتی ہے،کچھ ایسا ہی نقشہ ہمارے معاشرے میں ترتیب پارہا ہے اس نقشے میں بھرے جانے والے رنگ سے کوئی کھال مست خوف محسوس نہ کرے تو اس کی مرضی ورنہ ہر وہ شخص جس کے ہاں تصور عصمت ہے،جس کے گھر کا تقدس ہے ،جس میں ابھی جوہر آدمیت زندہ ہے،جس کو اپنے گھر اپنے آشیانے سے پیار ہے ،جوزندگی کو بیکار نہیں مقدس سمجھتا ہے،جس کی آنکھوں پر چربی نہیں چڑھی،جس کے دل پر غلاف نہیں پڑا ،جس کے کانوں میں کاک نہیں اور جس کی ہر سانس پر ابھی ہوس غالب نہیں آئی وہ جناب ”فیاض امر” کی طرح سب کچھ لٹتا اور خاک میں ملتا ہوا دیکھ کر آٹھ آٹھ آنسو بہاتا ہے ،وہ سمجھتا ہے کہ جہان سنگ و خشت سے آباد نہیں ہوتے بلکہ احساسات اور جذبات کی گرمی ہی نبض جہاں کو رواں رکھتی ہے ،اگر یہ احساس و جذبہ ہی سڑ کر کوئلہ اور بے رمق ہوکر پتھر بن جائے تو شہر اور بن میں کچھ فرق نہیں رہ جاتا دونوں جگہ ایک ہی مخلوق کا راج ہوتا ہے جسے ہم درندے کہتے ہیں۔
جس معاشرے کی مسجد اور بازار میں ایک ہی زبان استعمال ہوتی ہو ،جس کی منڈی میں ملنے والی ہر چیز ملاوٹ زدہ ہو ،جس سوسائٹی میں قانون کانا اور ایک آنکھ بند رکھتا ہو ،جو دور اپنے دامن سے شریفوں کو جھٹک کر رذیلوں کو سینے سے لگاتا ہو،جس عہد میں انسان خون کی اور نالی کے پانی میں تمیز نہ کرسکیں ،جہاں ہر نظر دوسرے کیلئے تیر کی انی بن جائے ایسے معاشرے کو رستا ہو ناسور نہیں تو اور کیا کہیں گے۔
آج امت مسلمہ کے ہمہ گیر زوال میں سب سے خطرناک مسئلہ یہ ہے کہ اسلامی معاشروں سے دینی اقدار اور مسلم ثقافت کی گرفت بتدریج ختم جبکہ غیر اسلامی اقدار اور مضربی تہذیب و ثقافت کی چھاپ گہری ہوتی جارہی ہے ،آج ہمارا طرز معاشرت ،انداز رفتار و گفتار ،پہنے اوڑھنے اور کھانے پینے کے رنگ ڈھنگ الغرض پیدائش سے لے کر موت تک ہر مرحلہ اور ہر قدم ترقی یافتہ مغربی ممالک کی نقالی کی جھلک پیش کرتا ہے ،میں یہ نہیں کہتا کہ دوسری قوموں کے اچھے اطوار اپنانا جرم ہے اور نہ اسلام میں اس کی ممانیت ہے بلکہ حدیث بنوی ہے کہ حکمت مومن کی گمشدہ میراث ہے اس جہاں پائے حاصل کرلے،اچھی عادت و خصائل جس تہذیب میں ہوں ان پر عمل کرلینا انہیں اپنالینا ہی حکمت ہے ہاں یہ ضروری ہے کہ اچھائی اور برائی کا معیار مقرر کرتے ہوئے مسلمہ اور بنیادی اصول و ضوابط ضرور پیش نظر رکھا جائے۔
اچھی تحریر ہے۔
بھائی آج کل تو یار لوگوں کی ثقافت تو یہاں تک ہی کہ کہ چست لباس میں لہک لہک کر قوم کی بیٹیاں نیم برہنہ لباس میں اسٹیچ پر گا رہی ہوتی ہیں۔
“ہم مائیں، ہم بیٹیاں۔۔۔۔ قوموں کی عزت ہم سے ہے”
امر بھائی ! آپکی ساری باتون مین درد و احساس ھے سچائی اور اخلاص کا، محبت ھےملک کی ثقافت سے ھمین بھی ھے، نفرت ھے عریانیت سے ، ھمین بھی نفرت ھے عریانیت سے،لکن اس مین اردو کاکیا قصور ھے، ویسے تو ھمین آپکی ساری باتون سے اتفاق ھے،
ہم بیرونِ ملک پاکستانیوں کی رسائ اے آر وائ بی ٹی وی انڈس اور جیو تک ہے۔ کیا پاکستان میں علاقائ زبانوں کی چینلز ہیں۔ نہیں ہیں تو ہونی چاہئیں۔ پاکستان کے تعلیم یافتہ عناصر یقیناً دوسری علاقائ زبانیں اور خصوصاً پنجابی سیکھنے میں بیحد دلچسپی رکھتے ہیں۔ کیا وہ شخص پاکستان میں زیادہ کامیاب رہیگا جسے اردو اور انگریزی کے ساتھ ساتھ پنجابی۔ سندھی۔ گجراتی۔پشتو اور بلوچی بھی آتی ہے یا وہ شخص زیادہ کامیاب رہے گا جسے اردو اور انگریزی کے ساتھ ساتھ تین چار مغربی زبانیں آتی ہیں۔ میرے والد ڈاکٹر تھے۔ اُنہیں اردو اور انگریزی کے ساتھ ساتھ پنجابی۔ سندھی اور گجراتی بھی آتی تھی جو انکے اور انکے مریضوں کیلئے بیحد اچھی بات تھی۔ جبکہ اُنکی مادری زبان اُردو تھی۔
ڈیئر فیاض!
میں انتہائی خوش ہوں کہ آ پ نے پنجاب کو وہ چہرہ دکھایا ہے جس کو جدید پنجابی اپنا کہنے لگے ہیں حالانکہ وہ ان کا انکا چہرہ نہیں ہے ۔ میں سمجھتا ہوں وہ لوگ خوش قسمت ہیں جن کو ایسے لکھاری ملتے ہیں جو ایسا ننگا سچ بولیں جو عوام کو سیدھی سیدھی بات کہے جیسے آپ نے پنجابی کلچر پہ لکھا ہے۔ میں نےکچھ سال پہلے محمد حنیف رامے کی کتاب ” پنجاب کا مقدمہ ” پڑھی تھی، اس میں ایک چیپٹر تھا “میرا پنجاب” میں نے جب وہ چیپٹر پڑہا تو کئی عرصہ میں یہ ڈونڈھتا رہا کہ کیا کسی سندھی نے بھی سندھ پر ایسا چیپٹر لکھا ہے!؟ کیا لکھا ہے رامے نے ، الفاظ نہیں بیان کرنے کو یہ بات اور ہے کہ اس کتاب سے کئ اختلاف ہیں کیونکہ وہ کتاب پنجابی قومپرستی میں ٹن ہو کے لکھی تھی رامے نے ، مگر جو اس نے پانچ دریاؤں والے کلچر پہ جو لکھا تھا اس کی نعم البدل نہیں، اس کتاب کو ہر پنجابی کو پڑہنا چاہیے۔ مگر جو آج فیاض نے لکھا ہے وہ کسی سانپ کے ڈسنے سے کم نہیں ، میں سمجھتا رہا کہ فیاض عالمی اخبار میں سندھ کے دردوں کی داستانیں رقم کرے گا اس طرح سے ہماری سندھ کے اشوز کو باہر رہنے والے حضرات بھی پڑہیں گے، مگر میں نے جب یہ آرٹیکل پڑھا تو میں خوش ہو گیا کہ ہمارے ہاں دوسری قوموں نے آکے ہمارے کلچر سے چھیڑ خانی کی ہے مگر پنجاب میں تو خود پنجابی اپنے کلچر سے چھیڑ خانی کر رہے ہیں۔ اس لئے فیاض کو پاکستان کے دیگر علائقوں انکے کلچر پہ بھی لکھنا چاہیے، بہت اچھا لکھا ہے ، رسول ہمزہ توف تو میرا ہم خیال شاعر ہے، اس کی مثال دیکر تو فیاض آ پ نے انڈر ٹیکر کی طرح آخری داؤ لگا دیا ۔
میں آخر میں رسول کا شاعری کا ایک چھوٹا سا ترجمہ دیکر یہ کہوں گا کہ اے پنجابیو اپنے کلچر کولوٹ آؤ :
Drink your fill of fragrant foam
But don’t forget the way back home!
_Rasul Gamzatov
حق ھمیشہ سے دو انسانوں کا محتاج رھا ھے ۔۔ ایک وہ جو حق کا اظہار کرے اور دوسرا وہ جو اسے سمجھے ۔۔ مجھے یوں لگ رہا ھے جیسے ھمارے پاس وہ دونوں ھی موجود ھوں ۔۔
آپ سب کا بہت بہت شکریہ۔۔۔ کوشش کرونگا کہ اٹھے ہوئے نئے سوالوں یا باتوں کا جواب بھی رکھا جائے۔
بے پناہ شکریہ دل کی گہرائیوں سے میری تحریر پسند کرنے کا۔۔۔
آپ سب کا اپنا
فیاض امر
جناب ایم اے ترازی صاحب نے سچ تو یہ ہے کہ جس کرب سے اپنا تبصرہ لکھا ہے وہ لائقٍ تحسین ہے۔ خدا پاک ہمارے خوابوں کو شرمندہٍ تعبیر کرے۔
بہت بہت احسان آپ کے سرکار۔
یہاں مناسب سمجھتا ہوں کہ محترمہ عنیقہ ناز صاحبہ کا بھی شکریہ بجا لاؤں۔ خدا آپ کے علم میں دن دوگنی رات چوگنی ترقی کرائے۔ آمین۔
یہ بہتر لگتا ہے کہ میں آپ کے اٹھائے ہوئے چند خدشات کی اپنی دانست میں وضاحت کروں۔ گر آپ کو مناسب لگے تو! ویسے بھی یہ علمی محفل ہے۔ اس میں ہم اپنے اپنے خیالات سامنے رکھیں۔ شاید ہماری اصلاح ہوجائے۔ آمین
تو آپ نے فرمایا کہ: “اردو زبان کے اندر اس وقت جتنی خرابیاں ہیں وہ پنجاب کے زیر اثر آئ ہیں۔”
معاف کیجیے گا۔ مجھے نہیں لگتا کہ ایسا واقعی ہے۔ پنجاب نے اردو کی ترویج کے لیے اپنا رسم الخط تک چھوڑدیا۔ آپ کیسے کہ سکتی ہیں یہ کہ پنجابیوں نے اردو کو خراب کیا ہے؟ دوسری بات یہ آپ کیوں بھول رہی ہیں کہ اردو ایک نظریہ ضرورت کے تحت بننے والی زبان ہے۔ جس کی تاریخ مغلیہ دور سے پیچھے نہیں جا رہی، جبکہ پنجابی زبان صدیوں پر محیط “سندھو تہذیب” کی عکاس ہے۔ فطری زبان ہے۔ اردو کو پاکستان میں رائج کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر یہاں بسنے والوں نے محنت کی، جبکہ کوئی ان پر زور نہ تھا۔ اگر آپ سمجھتی ہیں کہ اردو بگڑ رہی ہے تو بسم اللہ کریں کوشش ، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ لیکن اس کا مطلب یہ تو نہیں کہ ہم اپنی مادری زبانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں!
پاکستان بننے کے بعد یہ بھی سچ ہے کہ کافی قدم غیر فطری اٹھائے گئے۔ اردو کو رابطے کی زبان مانا جاتا اور قومی زباں کے ساتھ اگر یہاں کی مقامی زبانیں بھی قومی کرائی جاتی تو نوبت یہاں نہ آتی۔ حد یہ ہے کہ میزبانوں نے اپنا رہن سہن ترک کرکے مہمانوں کی طرح ہونے لگے۔ مہما نوں نے شہر آباد کیے۔ صد بسم اللہ۔ ہمیں خوشی ہوئی۔ لیکن اس کا مطلب یہ کیوں لیا گیا کہ بس انہیں کو طرزٍ زندگی آتی ہے، باقی یہاں تو گدھے چلانے والے رہتے تھے! (بیان لیاقت علی خان، جب سندھ یونیورسٹی کراچی سے جامشورو منتقل ہو رہی تھی)
آپ نے فرمایا کہ انگریزوں سے پہلے اس خطے میں فارسی بولی جاتی تھی۔
کہاں سے پتہ چلا آپ کو یہ؟ کس نے کہا؟ محترمہ چونکہ مغلیہ دور یا اس سے پہلے ادوار میں یہاں ایرانیوں نے یلغاریں کی تھی اور حسبٍ معمول فارسی جبری نافذ بھی کی تھی تو کہاں اس کی پذیرائی ہوئی تھی؟
کس جگہ لوگوں نے اپنے گھروں میں فارسی کا استعمال کیا تھا؟ میں جواب دیتا ہوں: کہیں نہیں! ہاں ایک موقعہ پرست اور کرسی کی لالچ میں آئے ہوئے چند خاندانوں نے بالکل کی۔ لیکن ہم یہاں عوام الناس کی بات کر رہے ہیں، نہ کہ ان کی جو اپنے وقت میں سامراج کی پشت پناہی کر رہے تھے۔
آپ نے لکہا کہ: “آج دنیا میں بہت ساری زبانیں ایسی ہیں جن کا وجود نہیں رہا۔”۔۔۔
سرکار،اسی بات کے لیے تو میں نے یہاں یہ بلاگ لکھا ہے، کہ کہیں ہماری مادری زبانیں بھی اس قطار میں نہ آجائیں۔ وہ زبانیں اس لیے ختم کی ہوگئی کیوں کہ ان بولنے والوں میں قومی غیرت ختم ہوتی گئی، باقی دلیلیں ثانوی حیثیت کی ہیں۔
آخر میں آپ نے بڑی پیاری بات کی ہے، کہ : “ابھی ہمیں اکٹھا ہوئے صرف ساٹھ سال ہوئے ہیں قوموں کی زندگی میں یہ کوئ ایسا لمبا عرصہ نہیں۔۔۔” میرا خیال ہے کہ یہ اتنا چھوٹا عرصہ بھی نہیں ہے۔ اس عرصہ میں دو نسل آجاتے ہیں، پوچھنا چاہتا ہوں کہ کتنی تبدیلی آئی ہے اس عرصہ میں اردو بولنے والوں میں؟
کراچی جائیں اور دیکھیں کہ ہمارے بھائیوں کو کتنی سندھی اور پنجابی آتی ہے؟ حد یہ ہے کہ پچھلی دہائی میں لفظ “مہاجر” سے صرف نعرے میں جان چھڑائی گئی ہے، جبکہ وہ اپنے جوہر میں آج بھی وہ ہی ہیں۔ کیا یہ عرصہ اس عبوری دور کے لیے کافی نہیں، کم از کم کوشش کرنے کے لیے ہی سہی؟
کیا اب بھی بقول آپکے کیمسٹری کی اصظلاح (جبکہ سماجی سائنس کی اصطلاح ہے یہ) ٹرانزیٹری پیریڈ چل رہا ہے؟
محترمہ ایسی بھی بات نہیں۔
یہاں پاکستانی کی اصل ثقافتیں خطرے میں ہیں، اردو کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اپنے دلیل دے کر ہم حقیقتوں کو جھٹلا نہیں سکتے۔
اس لیے آئیں اور ادارے بنائیں۔۔۔ یہ ہماری غیرت کا مسئلہ ہے۔
خدارا۔۔۔
دعاگو
فیاض امر
فیاض صاحب السلام علیکم
آپ نے لکھا کہ میں سرکار کی زبان میں سب اچھا ہے بیان کر رہی ہوں
اس لحاظ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے کہہ سکتے ہیں کہ آپ اندرونِ سندھ کے کسی شہر قصبے یا گاؤں میں بیٹھ کر پنجاب کی ثقافت پر مٹی اچھال رہے ہیں۔ پنجاب میں رہنے والے اپنی ثقافت سے بہت محبت رکھتے ہیںاور اسے زندہ رکھنا جانتے ہیں
کسی بھی خطے کی ثقافت صرف زبان تک محدود نہیں ہوتی۔
افسوس ہے کہ اکثر خطوط میں لکھا گیا کہ پنجاب کی بہنیں بیٹیاں فضول گانوں پر جھومنے کو ثقافت کا حصہ سمجھتی ہیں
میں پنجاب کے دل میں رہتے ہوئے ایسی لڑکیوں سے ناواقف ہوں۔ میں تو یہ دیکھ رہی ہوں دن بدن حجاب لینے والی لڑکیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے
پنجاب کے دارلحکومت میں رہتے ہوٕٕئے ایک یا دو بار سے زیادہ میں نے کسی ہوٹل ریستوران مارکیٹ مال دفتریا یونیورسٹی میں کسی لڑکی کو ایسے کپڑے پہنے نہیں دیکھا جو ڈراموں میں یا ٹی وی کے میوزک شوز میں پہنائے جاتے ہیں
مجھے علم نہیں کہ آپ کی تائید کرنے والے کتنے لوگوں کا تعلق پنجاب سے ہے
تاہم میں جانتی ہوں کہ محترم ہمدانی صاحب کے بہت سے عزیز لاہور میں رہا ئش پذیر ہیں اور اپنی روایات کے پاسدار ہیں
نگہت نسیم صاحبہ کی ہمشیرہ دلشاد نسیم لاہور میں رہتی ہیں اور وہ معاشرے کے مختلف طبقوں کو کیسے دیکھتی ہیں جیو ٹی وی کے سیریل میں دیکھ سکتے ہیں
پاکستانیوں کی اکثریت اپنی عزت اور غیرت کی حفاظت کرنا جانتی ہے
ضرورت اس بات کی ہے بھارت کے ٹی وی چینلز کی مسابقت میں ہمارے ٹی وی چینلز اپنے معاشرے کو مادر پدر آزاد دکھانا بند کریں
ہاں ایک ایسا طبقہ ہر صوبے میں موجود ہو گا جسے ہم لوگ
never mind group
کہتے ہیں
ان کی ثقافت صرف پیسہ اور مغرب کی اندھی تقلید ہے
ایسے لوگ پنجاب کے علاوہ پاکستان کے دیگر بڑے شہروں میں بھی پائے جاتے ہیں
پنجاب میں رہنے والے پاکستان کو اپنا گھر اور اردو کو قومی زبان سمجھتے ہیں
زبانیں اور ثقافت منجمد نہیں ہوتیں
ہمیشہ ارتقاء پذیر رہتی ہیں
ہم پاکستانیوں کو اس وقت قومی یکجہتی کی ضرورت ہے نہ کہ الگ الگ زبانوںکی
پنجاب میں رہنے والے پاکستان کی یکجہتی کو قائم رکھنا چاہتے ہیں اس لیے ایک قومی زبان کی ترویج میں پیش پیش ہیں
سندھ سے تعلق رکھنے والے بتائیں کہ سکول کے نصاب میں سندھی شامل کرنے کے باوجود کراچی اور حیدر آباد کے کتنے فیصد بچے سندھی لکھنا پڑھنا جانتے ہیں۔
والسلام
زرقا
طفر جعفری صاحب
السلام علیکم
پاکستان میں ہر علاقائی زبان کا چینل موجود ہے
اس کی تفصیل آپ وکی پیڈیا پر دیکھ سکتے ہیں
عنیقہ جی
السلام علیکم
میرا خیال ہے پنجاب نے اُردو کی آبیاری کی ہے اسے بگاڑا نہیں ہے
برا مت مانیے گا لیکن ابھی شاید آپ کو کمپیوٹر پر اُردو لکھنے میں دشواری پیش آ رہی ہے کیونکہ آپ کے خطوط میں املا کی بہت غلطیاں ہیں
والسلام
زرقا
وعلیکم السلام زرقا صاحبہ ؛ بہت اچھے خیلات ہیں آپ کے۔
کیا اب میں یہاں باقی صاحبوں کو گذارش کر سکتا ہوں کہ وہ آئیں اور آپ کے دیے گئے دلیلوں کی وضاحت کریں؟
حالانکہ آپ نے خود ہی اپنی بات کی نفی کر دی ہے؛ مثال؛
۔۔ “میں کسی لڑکی کو ایسے کپڑے پہنے نہیں دیکھا جو ڈراموں میں یا ٹی وی کے میوزک شوز میں پہنائے جاتے ہیں۔”
۔۔ “ضرورت اس بات کی ہے بھارت کے ٹی وی چینلز کی مسابقت میں ہمارے ٹی وی چینلز اپنے معاشرے کو مادر پدر آزاد دکھانا بند کریں۔”
۔۔ “ان کی ثقافت صرف پیسہ اور مغرب کی اندھی تقلید ہے۔”
—————————
والسلام
دعاگو
فیاض امر
زرقا مفتی صاحبہ کی باتوں میں جو تواز ن ہے اور انکی دلیلوں میں جو وزن ہے اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہی ایک ایسی ہیں جو کبھی بھی زہر ہلاہل کو قند نہیں کہ سکتیں۔
خدا کا شکر ہے کہ زرقا مفتی صاحبہ جیسی قابل اور غیر جانبدار اور غیر متعصب ہستی عالمی اخبار کے بلاگوں کو بھٹکنے اور گرنے سے بچالیتی ہے ۔