تم بہت سال رہ لیئے اپنے

دور حاضر کے مشہور نوجوان شاعر اور ممتاز ڈرامہ نگار”وصی شاہ“۔ سید وصی شاہ کی پہلی دو کتابیں ’ “آنکھیں بھیگ جاتی ہی” اور”مجھے صندل کر دو” اور اب تیسری نئی کتاب “میرے ہو کے رہو” آئی ھے۔ وصی شاہ رومانوی شاعری کی دنیا میں اپنا ایک الگ مقام رکھتے ہیں جو نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں اور جن کی شاعری دل کو چھو جانے والی ہوتی ہے۔ انہی کے کچھ خوبصورت اشعار :-

اک یہی آس ہی کافی ہے مرے جینے میں
دل نہیں آپ دھڑکتے ہیں مرے سینے میں
تجھ سے گھاؤ ملے دل سے لگا لیتے ہیں
کتنی لذت ہے تری ذات کے غم پینے میں
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
اب مگر کچھ بھی نہیں کچھ بھی نہیں ہو سکتا
اپنے جذبوں سے یہ رنگین شرارت نہ کرو
کتنی معصوم ہو نازک ہو حماقت نہ کرو
بار ہا تم سے کہا تھا کہ محبت نہ کرو
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
تیرا میرا رشتہ کچھ ایسا الجھا ہے
اس کو سلجھاتے سلجھاتے
اپنے دل کی پوریں زخمی کر بیٹھا ہوں
رشتہ شائد سلجھ نہ پاۓ
لیکن اس کو سلجھانے کی دھن میں جاناں
سارے خواب بھلا بیٹھا ہوں
اپنا آپ گنوا بیٹھا ہوں
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

97 thoughts on “تم بہت سال رہ لیئے اپنے”

  1. وصی شاہ کی یہ غزل میری پسندیدہ ترین ہے۔۔۔۔۔۔۔۔

    تم مری آنکھ کے تیور نہ بھلا پاؤ گے
    ان کہی بات کو سمجھو گے تو یاد آؤں گا

    ہم نے خوشیوں کی طرح دکھ بھی اکٹھے دیکھے
    صفحہء زیست کو پلٹو گے تو یاد آؤں گا

    میری خوشبو تمہیں کھولے گی گلابوں کی طرح
    تم اگر خود سے نا بولو گے تو یاد آؤں گا

    آج تو محفل یاراں پہ ہو مغرور بہت
    جب کبھی ٹوٹ کے بکھرو گے تو یاد آوں گا

    شال پہنائے گا اب کون دسمبر میں تمہیں
    بارشوں میں‌کبھی بھیگو گے تو یاد آوں گا

    حادثے آیئں گے جیون میں تو تم ہو کے نڈھال
    کسی دیوار کو تھامو گے تو یاد آؤں گا

    اس میں شامل ہے میرے بخت کی تاریکی بھی
    تم سیاہ رنگ جو پہنو گے تو یاد آؤں گا

  2. اب مگر کچھ بھی نہیں کچھ بھی نہیں ہو سکتا
    اپنے جزبوں سے یہ رنگین شرارت نہ کرؤ
    کتنی معصوم ہو نازک ہو حماقت نہ کرؤ
    بار ہا تم سے کہا تھا محبت نہ کرؤ
    وصی شاہ بہت خوبصوت اشعار۔

  3. سیدہ ثناء شاہ صاحبہ

    تم بہت سال رہ لیئے اپنے
    اب میرے، صرف میرے ہو کر رہو

    دوسرے مصرع میں ٹائپنگ یا وزن کا مسئلہ ہے۔ میرا خیال ہے کہ دوسرا مصرع یوں بہتر رہیگا۔

    اب مرے پاس ہو کے میرے رہو

    وصی شاہ کا جدید اندار دل کو چھوتا ہے۔

  4. آپ نے بالکل بجا کہا وصی شاہ کے بارے میں، لیکن مجید امجد کی روح اور ماہرینِ فن وصی شاہ کو مجید امجد کی شاہکار نظم ‘کاش میں‌ تیرے بُنِ گوش میں بندا ہوتا’ کی چوری بلکہ سینہ زوری پر کبھی معاف نہیں کریں‌ گے!

  5. کیاہی اچھا ہوتا اگر محمد وارث صاحب ، مجید امجد اور وصی شاہ کی نظمیں ( جن کا وہ ذکر کررہے ہیں ) اس بلاگ میں ساتھ ساتھ پیش کردیتے۔

    ہ مجھے یہ نہیں معلوم کہ وصی شاہ کہاں رہتے ہیں اور کیا کرتے ہیں اور کیا وہ عالمی اخبار کے بلاگو ں کو پڑھتے ہیں یا نہیں اور کیا وہ عالمی اخبار کے بلاگوں میں حصہ لیے سکتے ہیں یا نہیں۔

    اگر وہ یونی کوڈ کی اردو فانٹ میں کچھ لکھ سکتے ہیں تو ان بلاگو ں کو اپنے تبصروں سے سرفراز کر سکتے ہیں۔

  6. معزرت کے ساتھ !!!
    وصی شاہ کا ایک شعر مجھے ابھی تک یاد ہے جس کو ایک دفعہ پڑھ کر میں آج تک نہیں بھولی اور جب جب یاد کرتی ہوں میرے چہرے پر بے ساختہ مسکراہٹ آ جاتی ہے 🙂
    اور اس مسکراہٹ کا بلکل یہ مقصد نہیں کے اس شعر سے میری کوئی یاد وابستہ ہو بس شعر ہی کچھ اس طرح کا ہے جس کو پڑھکر پتہ نہیں کیوں مسکرانے کو دل چاہتا ہے ۔۔۔۔ وہ شعر یہاں لکھ دیتی ہوں اور اپنا تبصرہ ختم کر دیتی ہوں 🙂

    دو کے بجائے چائے بنائی تھی ایک کپ
    افسوس آج ھم بھی فراموش ہو گئے

    ماریہ علی‌:)

  7. سمندر میں اترتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں
    تیری آنکھوں کو پڑھتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں

    تمھارا نام لکھنے کی اجازت چھن گئی جب سے
    کوئی بھی لفظ لکھتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں

    تیری یادوں کی خوشبو کھڑکیوں میں رقص کرتی ھے
    تیرے غم میں سلگھتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں

    نہ جانےھو گیا ھوں اس قدر حساس میں کب سے
    کسی سے بات کرتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ہیں

    وہ سب گزرے ھوئے لمحات مجھکو یاد آتے ھیں
    تمھارے خط جو پڑھتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں

    میں سارا دن بہت مصروف رھتا ھوں مگر جونہی
    قدم چوکھٹ پررکھتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں

    ھر ایک مفلس کے ماتھے پر الم کی داستانیں ھیں
    کوئی چہرہ بھی پڑھتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں

    بڑے لوگوں کے اونچے بدنما اور سرد محلوں کو
    غریب آنکھوں سے تکتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں

    تیرے کوچے سے میرا تعلق واجبی سا ھے
    مگر جب بھی گزرتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں

    ہزاروں موسموں کی حکمرانی ھے میرے دل پر
    وصی میں جب بھی ہنستا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ھیں
    (وصی شاہ)

  8. منظور قاضی صاحب کے بعد میرا بھی یہی اصرار ہے کہ وارث صاحب مجید امجد کی غزل ثبوت کے طور پر پیش کردیں تو اچھا ہے۔ اس قسم کی حرکتیں متشاعر عرصہء دراز سے کر رہے ہیں۔ لیکن ملزم کو مجرم منوانے کیلئے ثبوت کا ہونا ضروری ہے۔
    برِ صغیر کے باہر یہ چیز بردرجہ اتم موجود ہے۔ اکثر متشاعر ردیف بدل کر دوسروں کا کلام اپنے نام سے پیش کر رہے ہیں۔ لیکن اس سے بدنامی اور رسوائ کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔

  9. ھمممممم
    میرے خیال میں 24 گھنتٹے میں 1440 منٹ 86400 سیکنڈ وصی شاہ کی آنکھیں بھیگی ہی رہتی ہیں۔۔ کوئی اور کام بھی کرتے ہیں حضرت یا بس آنکھیں صاف ھی کرتے رہتے ھیں؟
    اگر میں سانس لیتا ہوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ہیں ۔۔ اگر میں کھانا کھاتا ھوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ہیں ۔۔ میں جب بھی گانا گاتا ہوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ہیں۔۔۔میں جب نہانے جاتا ہوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سوری سوری پھر تو صرف آنکھیں نہیں انسان پورا بھیگ جاتا ہے نا؟؟؟؟؟؛)

  10. وصی شاہ صاحب قبلہ کمال کے شاعر ہیں ہر ہر نکتے پر شعر ایسے لکھتے ہیں کے جیسے الہام ہوتا ہے انکو

    شاندار الہامی اشعار لکھتے ہیں
    میرا سلام ہے ان پر
    اب وہ کسی کو کاپی کرتے ہیں چوری کرتے ہیں ؟کیا کرتے ہیں واللہ عالم بلثواب

  11. محمد وارث بھائی آپ مجید امجد کی نظم ‘کاش میں‌ تیرے بُنِ گوش میں بندا ہوتا’ پر جو وصی شاہ نے کاپی کیا ہے ۔۔۔ کاش میں تیرے حسیں ہاتھ کا کنگن ہوتا ۔۔۔ اسکی بات تو نہیں کر رہے بھائی؟

  12. السلام علیکم، عموماً شعرا اس قسم کی باتوں سے اجتناب کرتے ہیں، اور کوئی ایک شعر کہتے ہوئے بھی اس بات سے خائف رہتے ہیں کہ مبادا توارد نہ ہو جائے اور سرقہ کا الزام لگ جائے لیکن کچھ لوگوں‌ کی دیدہ دلیری حد سے بڑھی ہوتی ہے۔

    پہلے مجید امجد کی نظم ‘بُندا’ جو کم و بیش چالیس سال پہلے کہی گئی تھی:

    کاش میں تیرے بن گوش کا بندا ہوتا
    رات کو بے خبری میں جو مچل جاتامیں
    تو ترے کان سے چپ چاپ نکل جاتا میں
    صبح کو گرتے تری زلفوں سے جب باسی پھول
    میرے کھو جانے پہ ہوتا ترا دل کتنا ملول
    تو مجھے ڈھونڈتی کس شوق سے گھبراہٹ میں
    اپنے مہکے ہوئے بستر کی ہر اک سلوٹ میں
    جونہی کرتیں تری نرم انگلیاں محسوس مجھے
    ملتا اس گوش کا پھر گوشہ مانوس مجھے
    کان سے تو مجھے ہر گز نہ اتارا کرتی
    تو کبھی میری جدائی نہ گوارا کرتی
    یوں تری قربت رنگیں کے نشے میں مدہوش
    عمر بھر رہتا مری جاں میں ترا حلقہ بگوش
    کاش میں تیرے بن گوش کا بندا ہوتا

    اور اب وصی شاہ کی نظم “کنگن’ جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور ہر طرف وہ اس سرقے اور چربے کے کنگن کی وجہ سے جانے جاتے ہیں:

    کاش میں تیرے حسیں ہاتھ کا کنگن ہوتا
    تو بڑے پیار سے چاؤ سے بڑے مان کے ساتھ
    اپنی نازک سی کلائی میں چڑھاتی مجھ کو
    اور بے تابی سے فرصت کے خزاں لمحوں میں
    تو کسی سوچ میں ڈوبی جو گھماتی مجھ کو
    میں تیرے ہاتھ کی خوشبو سے مہک سا جاتا
    جب کبھی موڈ میں آ کر مجھے چوما کرتی
    تیرے ہونٹوں کی میں حدت سے دہک سا جاتا
    رات کو جب بھی نیندوں کے سفر پر جاتی
    مرمریں ہاتھ کا اِک تکیہ بنایا کرتی
    میں تیرے کان سے لگ کر کئی باتیں کرتا
    تیری زُلفوں کو تیرے گال کو چوما کرتا
    جب بھی تو بندِ قبا کھولنے لگتی جاناں
    اپنی آنکھوں کو تیرے حسن سے خیرہ کرتا
    مجھ کو بے تاب سا رکھتا تیری چاہت کا نشہ
    میں تیری روح کے گلشن میں مہکتا رہتا
    میں تیرے جسم کے آنگن میں کھنکتا رہتا
    کچھ نہیں تو یہی بے نام سا بندھن ہوتا
    کاش میں تیرے حسیں ہاتھ کا کنگن ہوتا

    اور انکے ایک ڈرامے کے بارے میں بھی اس ربط پر انکے ایک جاننے والے کا تبصرہ پڑھا جا سکتا ہے۔
    http://www.urduweb.org/mehfil/showthread.php?t=1149

  13. بہت شکریہ جناب ،
    وصی کی نظم کے حوالے سے کیا کہا جائے ، کہ بندا اور کنگن میں‌کیا تفریق ہے۔بہر کیف اگر یہی رویہ اپنا لیا جائے تو کام ہوگیا ، کہ شہر میں بس ایک ہی رونا رہ گیا کہ ادب روبہ زوال ہے اب کیوں روبہ زوال ہے اسے بتانے کی ضرورت نہیں ، ہم تو اتنا ہی کہیں گے کہ : جو زرہ جس جگہ ہے وہیں آفتاب ہے۔ بہر کیف میں وارث صاحب کی بات سے مکمل اتفاق کرتا ہوں کہ یہ رویہ کوئی مثبت نہیں۔

    شکریہ
    والسلام
    م۔م۔مغل
    میرا بلاگ ناطقہ
    http://naatiqa.blogspot.com/

  14. وارث صاحب ۔ میری نطر میں تو وصی شاہ کے چربے بھی پورے وزن میں نہیں ہیں۔
    خیال کی حالت یہ ہے کہ انکے یہاں دل کی پوریں بھی ہوتی ہیں۔ میرے خیال میں ہم کو پہلے پرانے بزرگ شاعرؤن کا کلام پڑھنا چاہئے تا کہ اپنا معیار ادب بلند ہوسکے۔ آپ کی بات بات سے متفق ہوں۔

  15. اسلام علیکم !
    چوری پھر بھی قابل قبول ہے جب تک اس پر سینہ زوری نہ کی جائے کہ اس کی معافی کا پھر کوئی امکان نہیں رہتا۔
    اگر کسی شاعر کے کہے گئے کلام کی طرز پر کچھ سوجھتا ہے اور آدمی سمجھے کہ اس طرز کو اپنا کر اور استعمال کر کے مزید نکھار پیدا کر سکتا ہے تو کوشش کرنے میں کیا ہرج ہے، ہاں مگر حوالہ ساتھ دینا انتہائی ضروری ہونا چاہیئے کہ کس شاعر کی موجودہ طرز پر کچھ کہنے یا کچھ اچھا بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

  16. ماشا اللہ بہت ساری نئئ نئی باتیں پڑھنے میں آرہی ہیں۔ افسوس کہ برسوں اردو کی دنیا سے دور رہنے کی وجہ سے میں سب سے بہت پیچھے رہ گیا ۔

    مجھے تو گنے چنے چند شعرا کے نام اور انکے کلام سے تھوڑی بہت واقفیت تھی مگر اب وصی شاہ کی شاعری ، سیدہ ثنا ء شاہ نقو ی صاحبہ کے اس بلاگ میں پڑھنے میں آرہی ہے تو میں بے حد دلچسپی سے اس کو پڑھ رہا ہوں ۔

    محمد وارث صاحب نے مجید امجد کی نظم بھی لکھدی اور اس کے علاوہ وصی شاہ کی نظم بھی یہ کہکر پیش کردی کہ وصی شاہ نے مجید امجد کی نظم کی نہ صرف ” چوری کی ہے بلکہ “سینا زوری ” بھی کی ہے ۔

    ناطقہ والے صاحب ام ام مغل نے بھی محمد وارث صاحب کے دعوے کی پر زور تائید بھی کردی۔

    اب اگر وصی شاہ صاحب بھی اس بلاگ میں تشریف لاکر اپنی صفائی میں کچھ کہ دیں تو ہم سب کے علم میں اضافہ ہوگا ۔

    پتہ نہیں وصی شاہ صاحب کہاں رہتے ہیں اور وہ زندہ ہیں یا نہیں ۔ اگر وہ زندہ ہیں تو کیا وہ اردو فانٹ میں یونی کوڈ میں اس بلاگ میں کچھ لکھ سکتے ہیں؟

    میں نہ وصی شاہ صاحب کو جانتا ہوں اور نہ انکی شاعری اور انکے ڈرامہ نگاری سے واقف ہوں ۔ شاید گوگل میں یا ویکی پیڈیا میں انکی سوانح عمری اور انکا تعارف پڑھنا مل جاےگا ۔ انہوں نے تین کتابیں تصنیف کی ہیں تو پھر ان کتا بوں کو پڑھنا بھی پڑے گا۔

    ایک بات میں ضرور کہتا چلو ں کہ مجید امجد کی نظم کان کی بالی یا بندا ( بن گوش کا بندا ) پر ہے اور بہت خوب ہے ۔

    اگر اس کا دیکھا دیکھی کسی شاعر کا دل چاہے کہ وہ اپنی محبوب کے ہاتھ کے کنگن پر بھی اپنے تاثرات کا اظہا رکرے تو وہ کیا خیالات کی چوری کے
    مترادف سمجھا جاےگا ؟

    یا پھر کوئی شاعر محبوب کے پاوں کے گھنگرو یا اسکی ناک کے نتھ یا اس کے ماتھے کی بندیا یا اسکے گلے کےہار پر اسی قسم کی نظم لکھے تو وہ سب کیا مجید امجد کی نظم کی چوری کے مترادف نظمیں سمجھی جا یں گی ؟ ۔

    میرے خیال میں اگر الفاظ کا توارد ہو یا سرقہ ہو یا پھر خیال کا سرقہ ہوتو وہ قابل عبرت بات ہے مگر یہاں پر تو سیب کا مقابلہ سنگترے سے یا بندے کا مقابلہ کنگن سے کیا جارہا ہے ۔

    دونوں نظمیں اپنی اپنی جگہ پڑھنے کے قابل ہیں اس لیے کہ ایک نظم میں شاعر نے اپنے محبوب کے کان کی بالی کی تعریف کی ہے تو دوسری نظم کے شاعر نے اپنی محبوب کے ہاتھ کے کنگن کی بات کی ہے۔ ( اس میں سرقے ورقے والی بات بالکل نہیں ہے )

    مجھے یہ خوف محسوس ہورہا ہے کہ وصی شاہ کی شہرت سے حسد کرنے والوں نے اس کی تذلیل اور تحقیر اور تنقیص کرنے پر کمر باندھ لی ہے۔

    شاید وصی شاہ (اگر وہ زندہ ہے ) تو اپنی صفائی میں یہاں کوئی تبصرہ کردے ۔

    اسکی غیر موجودگی میں اسکی غیبت کر نا اور اس پر چوری کا الزام لگانا غلط ہے۔
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    آخر میں میں اس بلاگ کے عنوان کے شعر کے پہلے مصرعہ پر یہ لکھنا چاہتا ہوں کہ میرے خیال میں یہ اس شعر کا پہلا مصرعہ کمپوزنگ کی غلطی کے باعث وزن سے گر گیا ہے:
    سماعتوں کو تا عمر کوستا وصی
    وہ کچھ نہ کہتے مگر ہونٹ تو ہلا دیتے

    اس شعر کا پہلا مصرعہ دوسرے مصرعہ کے وزن میں نہیں ہے اس کے علاوہ سماعتوں کا لفظ جمع ہے مگر شاعر صرف اپنی سماعت پر قابو رکھتا ہے دوسروں کی سماعتوں پر قابو نہیں رکھتا اس لیے اسکا ساری دنیا کی سماعتوں کو کوسنا بے جا ہے ۔ ( ممکن ہے محمد وارث صاحب اس شعر کی تقطیع کرکے ہماری معلومات میں اضافہ کردیں )
    بہر حال :
    فقط:
    علم کا طالب:
    منظور قاضی از جرمنی

    نوٹ : محمد وارث صاحب اور ام ام مغل ناطقہ صاحب اپنی اپنی ویب سایٹوں کو اردو کی خدمت کےلیے جس محنت اور خوش اسلوبی سے چلا رہے ہیں ا س پر دلی مبارکباد ۔ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔ اگر وہ اسی طرح اپنے اپنے مثبت اور تعمیری تبصروں سے ان بلاگوں کو بھی فیض پہنچایں تو خوب رہے گا ( یہ میری اپنی ذاتی رائے ہے ) ۔

  17. قاضی صاحب آپ نے ‘کمر باندھ لی ہے’ کا محاورہ استعمال کر کے ساری بحث کی کمر ہی توڑ دی وگرنہ میں‌ آپ سے ضرور پوچھتا کہ کسی کے خیال اور الفاظ کو ہو بہو اپنے تصرف میں لے آنا چربہ سازی و سرقہ نہیں کہلواتا تو کیا اسے ‘فن کی خدمت’ کہیں گے، اور وصی صاحب جب مرزا غالب کی تخلص تبدیل کرنے سے پہلے والی تمام غزلیات میں اسد کی جگہ وصی ڈال کر، جو اسد کا ہم وزن ہے، غزلیں‌ اپنے نام لگوائیں گے تو دنیا کی آنکھیں‌ تب کھلیں گی۔ اور مبتدی شعراء اساتذہ کی زمین استعمال کرتے ہوئے اسکی وضاحت کیوں‌ کرتے ہیں اور کیوں‌ فیض سا شاعر سودا کی زمین استعمال کرتے ہوئے اپنی غزل کو ‘نذرِ سودا’ کر دیتا ہے اور کیوں‌ اقبال سا شاعر بھرتری ہری کے فقط خیال کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مشہور و معروف شعر ‘پھول کی پتی سے کٹ سکتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔’ کو اپنی کتاب میں‌ بھرتری ہری کا شعر لکھتا ہے حالانکہ بھرتری ہری کو اردو فارسی سے دور کا بھی واسطہ نہیں‌۔ اور یہ بھی کہ ‘اخلاقیات’ کس چڑیا کا نام ہے اور ‘ادبی روایات’ کس کو کہتے ہیں!

    عنوان کے شعر کے متعلق آپ نے بالکل بجا کہا کہ ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے پہلا مصرع بے وزن ہو رہا ہے، دوسرا مصرع بحر مجتث میں ہے (مکمل نام بحر مجتث مثمن مخبون محذوف مقطوع ہے)۔ اور اس بحر میں یہ چار اوزان اکھٹے ہو سکتے ہیں۔

    مفاعِلن فَعِلاتن مفاعلن فعلن
    مفاعلن فعلاتن مفاعلن فعلان
    مفاعلن فعلاتن مفاعلن فَعِلن
    مفاعلن فعلاتن مفاعلن فَعِلان

    دوسرا مصرع ان میں سے پہلے وزن پر ہے

    وُ کچ نَ کہہ – مفاعلن
    تِ مگر ہو – فعلاتن
    ٹ تو ہلا – مفاعلن
    دے تے – فعلن

    پہلا مصرع اس طرح وزن میں آ سکتا ہے

    تمام عمر سماعت کو کوستا میں وصی

    لیکن میں نہیں جانتا کہ شاعر نے اس کسطرح باندھا اور نہ میرے پاس وصی کی کوئی کتاب ہے کہ دیکھ سکوں کہ آپ کی طرح میں نے بھی نہ کبھی ان کی تصویر دیکھی نہ کوئی کتاب پڑھی اور نہ کوئی ڈرامہ دیکھا سوائے ‘کنگن’ والے ڈرامے کے!

    والسلام مع الاحترام

  18. وارث صاحب جزاک اللہ

    توارد کچھ حد سے بڑھتا جارہا ہے۔

  19. اگر سیدہ ثناء شاہ صاحبہ کے پاس وصی شاہ کی کتا بیں موجود ہیں تو ان میں وصی شاہ صاحب کے ای میل کا پتہ ہوگا ۔ یا کسی طرح ان سے رابطہ قایم کرنے کا طریقہ بھی لکھا ہوگا۔ اگر وہ اس بلاگ کی کاپی انکو بذریعہ ای میل بھجوادیں تو شاید وہ اس بلاگ میں تشریف لا کر اپنے کلام سے ہم سب کو نوازیں۔

    اوپر کی ایک غزل میں وصی شاہ کی غزل کے مطلع کا پہلا مصرعہ : سمندر میں اترتا ہوں تو آنکھیںبھیگ جاتی ہیں ۔ کچھ عجیب سا معلوم ہوتا ہے اس لیے کہ سمندر میں اترنے سے تو آنکھیں بھیگیں گی ہی ۔۔۔ ،

    ممکن ہے وہ تری آنکھوں کو پڑھتا ہون تو آنکھیں بھیک جاتی ہیں ،میں، آنکھو ں کے پڑھنے کو سمندر میں اترنے کے برابر سمجھتے ہیں۔

    میرا خیال ہے کہ اگر وہ یہ کہتے کہ : ترے دل میں اترتا ہوں تو آنکھیں بھیگ جاتی ہی ۔ تری آنکھوں کو پڑھتا ہوں تو آنکھیںبھیگ جاتی ہیں ۔ تو بہتر تھا مگر یہ انکی اپنی تصنیف ہے اور اس پر انکو پورا پورا حق ہے۔

    اس غزل کے اور مصرعہ میں شاید کمپوزنگ کی وجہ سے لفظ ” تو ” لکھا نہیں گیا :
    ” رات کو جب بھی نیندوں کے سفر پر جاتی ” کو شاید “رات کو جب بھی ” تو ” نیندو ں کے سفر پر جاتی ” ہونا تھا۔

    اس کے علاوہ ” نیندوں ” کے سفر کے بجائے ” خوابوں کے سفر ” سے زیادہ بات بنتی اس لیے کہ سفر نیند میں نہیں خواب میں ہوتا ہے ۔
    ۔۔۔
    انکی اس غزل میں ایک شعر میں تو اور تیری اور دوسرے اشعار میں تم اور تمھاری سے اپنے محبوب کو مخاطب کیا گیا ہے۔ ( غزل میں یہ جائز ہے مگر ایک تسلسل برقرار رہے تو پڑھتے وقت یہ نہیں‌محسوس ہوگا کہ شاعر اپنے محبوب کو صحیح طور پر مخاطب کرنے کا طریقہ نہیں جانتا ۔ )
    ۔۔۔۔۔
    وصی شاہ کی نظم کنگن بھی بے حد اچھی ہے مگر اس میں بھی کچھ لفظی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں ۔ صرف ایک مثال دیتا ہوں:
    انکھو ں کو خیرہ کرنا عام طور پر آنکھوں کے چندھیا جانے یا آنکھوں کے چکا چوند ہونے کو کہتے ہیں، ممکن ہے اس لحاظ سے یہ لفظ اس شعر میں درست ہو پھر بھی ” چوما ” کی منا سبت سے ” پوجا ” کا قافیہ استعمال ہوتاتو شعر زیادہ بہتر ہوجاتا ۔
    مثال کی طور پر :
    اپنے آنکھوں کو ترے حسن سے خیرہ کرتا ؛ کی بجاے
    یہ مصرعہ یوں بھی لکھا جاسکتا تھا :
    اپنی آنکھوںسے ترے حسن کی پوجا کرتا
    ۔۔۔
    اس کے علاوہ : اور بے تابی سے فرصت کے” خزاں” لمحوں میں
    کی بجائے : اور بے تابی سے فرصت کے” حزیں ” لمحوں میں
    کہا جاسکتا تھا ۔
    ۔۔۔۔
    کاش کہ مجھے انکے ای میل کا پتہ معلوم ہوجاتا تو انکو انکی شہرت اور انکے تخیلقی کاموں کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ ان سے کچھ سیکھتا ۔
    بہر حال :
    لفظ ” کاش ” کو بہت سارے شعر ا نے اپنے اشعار میں استعما ل کیا ہے جیسا کہ مجید امجد اور وصی شاہ نے کیا۔

    میرا ایک تازہ شعر اسی کاش کے موضوع پر میرے بھی ذہن میں آرہا ہے (جس کا خیال شاید بہت سارے شعرا نے اپنے اپنے اشعار میں اپنےاپنے رنگ میں پیش کیا ہوگا ) :
    تیری پاپوش کو ہر وقت میں چوما کرتا
    کاش کہ میں تری دہلییز کا پتھر ہوتا
    ۔۔۔
    فقط :
    علم کا طالب :
    منظور قاضی از جرمنی

  20. ابھی میں اپنا اوپر کا تبصر ہ کمپوز کرہی رہا تھا کہ محمد وارث صاحب نے اپنا تبصرہ اوپر چسپاں کرنے میں مجھ سے بازی لے گئے : جزا ک اللہ

    میں محمد وارث صاحب کو علم عروض کے فن پر مہار ت پر داد دیتا ہوں ۔ یہ بھی ایک فن ہے جس کو سیکھنے سے نقصان تو نہیں مگر فایدہ ہی فایدہ ہے۔
    کاش کہ میں اپنی زندگی کے ابتدائی حصہ میں اس فن کو سیکھ جاتا ۔

    بہر حال: انہوں نے میرے اس خیال کی تائید کردی کہ بلاگ کے عنوان کے شعر کا پہلا مصرعہ وزن سے گرگیا ہے اور اس میں” میں ” کےلفظ کے شامل کرنے سے وزن قایم رہ سکتا ہے ۔ ( شاید ثنا ء شاہ صاحبہ اس کی تصدیق یا تردید کردیں ) ۔
    ۔۔۔۔
    ویسے میں یہ معلوم کرکے حیرت میں ہوں کہ محمد وارث صاحب نے مثال دیے بغیر یہ کہد یا کہ : ” کسی کے خیال کو ہو بہو اپنے تصرف میں لے آنا چربہ سازی اور سرقہ نہیں کلہواتا تو کیا اس فن کی خدمت کہیں گے” ۔
    کاش کہ محمد وارث صاحب اپنے اوپر کے دعوے کے ثبوت میں وصی شاہ کے وہ اشعا ر پیش کرتے کہ جن میںا س نے مجید امجد کے خیال کو اپنے تصرف میں لے آیا ”
    ایسے بے ثبوت اور بے بنیاد الزامات پر ” کمر باندھنے ” کا جملہ صادق آتا ہے ۔

    ہا ں میں یہ مانتا ہوں کہ وصی شاہ صاحب نے اس کا اعلان نہیں کیا کہ اس نے اپنی نظم ” کنگن ” مجید امجد کی نظم ” بندا ا ” سے متاثر ہوکر لکھی ہے ۔ مگر وصی شاہ پر اسکی کوئی پابندی بھی نہیں کہ وہ اس بات کا اعلان کرتا پھرے ۔
    بہت سار ے مشہور شعرا نے غالب کی زمین میں اور اساتذہ کے اشعار کی زمین میں اپنے اشعار لکھے ہیں مگر انہوں نے اس کا اعلان ضروری نہیں سمجھا اس لیے کہ تما م دانشور اس بات کی بخوبی جانتے ہی‌ہیں تو انکو دہرانے کی کیا ضرورت ؟ ۔ ( میرے پاس اردو کی لایبریری نہیں ہے مگر محمد وارث صاحب تو شاید کتابو ں کا ذخیرہ رکھتے ہیں وہ اپنےپاس کی کتابوں میں میری اس بات کا ثبوت پا سکتے ہیں )

    وصی شاہ کی نظم ” کنگن ” سے متعلق ہے اور اس کے اشعار میں اسکا اپنا رنگ ہے اور مجید امجد کی نظم ” بندا ” میں اسکا اپنا رنگ ہے ۔ ان دونوں رنگوں کا تاثر اپنی اپنی جگہ ہے ۔

    کیا محمد وارث صاحب وصی شاہ کے ان اشعار کو اس بلاگ میں لکھ سکتے ہیں جن میں اس نے غالب کے ” اسد ” تخلص والے اشعار کو اپنے تخلص ” وصی ” کے ساتھ پیش کیا ۔ اگر وہ پیش کردیں تو ہم ضرور وصی شاہ پر سرقے کا الزام لگا دینگے ۔ مگر محمد وارث صاحب نے تو یہ اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ‘ وصی شاہ کی کوئی کتا ب نہیں پڑھی ” تو وہ کیسے اس نتیجے پر پہنچ گئے کہ وصی شاہ نے غالب کے ‘ اسد ” کے تخلص کے اشعار کو وصی کے نام سے پیش کیا۔
    ۔۔۔
    بحث برائے بحث سے کیا فایدہ ؟ نہ میں وصی شاہ کا وکیل ہوں نہ میں اس کا رشتہ دار ہوں او ر نہ مجھے اس بحث و تکرار سے دلچسپی ہے ۔ اگر محمد وارث صاحب بالکل غیر جانبداری سے کوئی مثال پیش کردیں تو بات بھی آگے بڑھے ۔ فی الوقت صرف ” کنگن ” والی نظم کو ” بند ا ” والی نظم کی چوری کہنا عقلمندی اور انصاف کے خلاف معلوم ہوتا ہے ۔
    ۔۔۔
    فقط:
    تعمیری تبصروں کا دلدادہ :
    منظور قاضی از جرمنی

  21. السلام و علیکم سب کو ماشااللہ ! بلاگ پڑھ کہ اچھا لگا کہ اتنے سارے تبصرے ! اور واہ بلاگ کہاں سے کہاں چلا گیا !
    یہ سب باتیں تو میں نے کبھی نہ سنی نا پڑھیں تھی کافی معلومات میں اضافہ ھوا، بس وصی شاہ کی شاعری پسند تھی سو سوچا بلاگ لکھ دوں پر یہ سب اب پتا چلا اور وہ مجید امجد کی شاعری سے بھی واقفیت ھوئی باقی وصی شاہ کراچی کے شاعر ہیں غالبا اور آجکل کافی مشہور ہیں اور ان کی شاعری internet پے کافی sites پے مل سکتی ھے ۔ اور اس سے زیادہ معلومات نہیں رکھتی !

  22. وصی شاہ نوجوان شاعر ہیں، کنگن نظم سے مشہور ہوئے جو ان کے ایک ڈرامے میں ہیرو (یہ کردار انہوں نے خود کیا تھا( نے اپنی ہیروئین کے لئے کہی تھی! جہاں سے مشہور ہوئی اور اس کے بعد ان کی پہلی شاعری کی کتاب منظر عام پر آئی! ہم اُس وقت میٹرک میں تھے! اُن کی اُس کتاب کو لڑکیوں نے بہت خریدا، تب لوگوں نے یہ تو نہیں کہا کہ وہ نوجوان خواےین کے شاعر ہیں البتہ نوجوانوں کا شاعر کہنا شروع کر دیا!
    سرگودھا سے ہیں! شاید!آج کل پی ٹی وی پر “رات گئے” کے نام سے ہفتہ و اتوار کو پروگرام کرتے ہیں!

  23. تم بہت سال رہ لئے اپنے
    اب صرف میرے ہوکے رہو

    وصی شاہ

  24. قاضی صاحب فقط ایک وضاحت محترم اور وہ یہ کہ میں نے یہ نہیں کہا کہ وصی صاحب نے غالب کے اشعار میں اپنا تخلص ڈالا ہے بلکہ یہ عرض کرنے کی کوشش کی تھی کہ اگر کوئی شاعر اس حد تک چلا جائے تو کیا پھر اس کو کہیں گے کہ اس نے سرقہ کیا ہے۔ باقی مثال والی بات اوپر ہی ہے دونوں شاعروں‌ کا کلام سامنے ہے!

  25. اقبال کا ایک شعر میرے ذہن میں ہمیشہ رہتاہے:
    آئین جوانمرداں حق گوئی و بے باکی
    اللہ کے شیروں کو آتی نہیں روباہی
    ۔۔۔
    اور میرا یہ شعر بھی ذہن میں رہتا ہے ( جسے میں نے مصحفی کی غزل کی زمین میں کہا ہوں)
    غلط باتیں اگر سونچوں تو فوراً ٹو ک دیتی ہے
    الہیٰ شکریہ تیرا کہ دی ایسی زبا ں مجھ کو
    ۔۔۔۔۔۔۔۔
    محمد وارث صاحب سے عرض ہے کہ وہ اپنی تحریریں فرض کرو کہ ایسا ہو تو آپ کیا کہینگے اور ایسا ہو تو آپ کیا کہینگے ، کی بنیاد پر نہ کہیں اس لیے کہ اس میں بغض اور حسد اور فتنہ اور فساد کا اندیشہ پیدا ہوتا ہے۔

    ہم سب اس ویب سایٹ عالمی اخبار کے مہمان ہیں اور ہمیں اپنے میزبان کی میزبانی کا احترام کرنا ضروری ہے۔ اس ویب سایٹ میں حق گوئی و بےباکی کو ذہن میں رکھکر بات کی جاتی ہے۔

    آپ سب حضرات ان دانشوروں میں سے ہیں جن کی اپنی خود ویب سایٹیں ہیں جن میں آپ سب دوسروں کی دل کھول کر تنقید اور تنقیص اور غیبت اور تعریف اور برائی کر سکتے ہیں ۔ مگر جب اس ویب سایٹ میں آئیں تو براہ کرم اپنے میزبان کی میزبانی کا احترام کرتے ہوے صرف اور صرف حق اور انصاف کی باتین کریں۔ اور تعمیری تبصروں کو پیش کریں اور اپنے علم و فن سے ہم سب کو سرفراز کریں۔

    وصی شاہ کی کنگن والی نظم کو مجید امجد کے بندا والی نظم میں صرف ایک مماثلت ہے کہ وہ دونوں ایک زمین میں کہی گئی ہیں ، مگر وہ دونون ایک دوسرے سے مختلف ہیں اور اس لیے وہ ” چوری اور سینہ زوری ” کے الزامات سے بری نظر آتی ہیں۔
    یہ میرے تاثرات ہیں چاہے آپ سب دانشور اس سے اتفاق کریں یا نہ کریں یہ آپ کی مرضی ۔
    فقط:
    علم کا طالب
    منظور قاضی از جرمنی

  26. میں وارث بھائی کے ھم خیال ھوں اور ان کے تبصرے کے اس اقتباس کو اپنے جیسے تمام طالب علموں کے لیئے ایک ھمیشہ یاد رکھنےوالا سبق سمجھتی ھوں ۔ وارث بھائی نے بہت سادگی سے لکھا” مبتدی شعراء اساتذہ کی زمین استعمال کرتے ہوئے اسکی وضاحت کیوں‌ کرتے ہیں اور کیوں‌ فیض سا شاعر سودا کی زمین استعمال کرتے ہوئے اپنی غزل کو ‘نذرِ سودا’ کر دیتا ہے اور کیوں‌ اقبال سا شاعر بھرتری ہری کے فقط خیال کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مشہور و معروف شعر ‘پھول کی پتی سے کٹ سکتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔’ کو اپنی کتاب میں‌ بھرتری ہری کا شعر لکھتا ہے حالانکہ بھرتری ہری کو اردو فارسی سے دور کا بھی واسطہ نہیں‌ ”
    ھم سب لکھنے والوں کو اپنے استاتذہ کی طرح ایماندار ھوناچاھیئے ، اور لکھتے وقت انکساری اور احسانمندی کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاھیئے ۔

  27. بہت اچھے وارث بھائی، زبردست، کسی شاعر کی زمین میں لکھنا تو کوئی حرج نہیں ہے (ویسے بھی زمین کی خاصی کمی ہے) لیکن کسی کا شعر صرف نام کی تبدیلی کے ساتھ اپنا لینا ظلم ہے، بقول کسےٌ چوری کے بھی آداب ہوا کرتے ہیں، آپکا شعر تو غالب کے بھی دیوان میں ہے.
    اور ایسے لوگوں کو نظام عدل والوں کے حوالے کر دینا چاہیئے اور آج تو ویسے بھی پارلیمنٹ نے پاس کر دیا ہے اور رات گئے پروگرام سے اس کو پکڑنا خاصا آسان ہوگا.

  28. وارث صاحب

    آپ جو کام کر رہے ہیں وہ شاعروں پر احسان ہے اور متشاعروں پر ظلم ہے۔

    زمین، تشبیہات، استعاروں وغیرہ میں ارتقائ عمل انیس اور غالب کے بعد رک گیا ہے جسکی وجہ سے شاعری بالخصوص غزل اس طرح نہیں بڑھی جیسے فا ر سی میں بڑھی ہے۔ یہ ایک لمحہء فکریہ ہے۔

  29. میرے خیال میں عالمی اخبار کی انتظامیہ کے ” وارث بھائی ” اپنے ضمیر سے پوچھ گچھ کررہے ہونگے کہ کیا وصی شاہ کو صرف اس لیے ” چوری اور سینہ زوری ” کا الزام لگا کر انکے خلاف اپنی بے بنیاد مہم جاری رکھیں یا یہ کہیں کہ وصی شاہ نے اپنی نظم اپنی محبوب کے ” کنگن ” پر صرف اپنے اچھوتے انداز میں اور اپنے الفاظ میں کہی ہے ، اور اسکا تعلق مجید امجد کی نظم “بندا ” سے صرف اتنا ہے کہ ان دونوں کی زمین ایک ہے۔
    ۔۔۔۔۔
    اب وصی شاہ نے” اعلان ” کیوں نہیں کیا کہ اس نے اپنی نظم کو مجید امجد کی زمین میں کہی ہے تو یہ کوئ قابل اعتراض بات نہیں (میر ے خیال میں ) میں کچھ مثالیں دے کر اس بحث کو ختم کرنا چاہتا ہوں :
    ۔۔۔۔
    حسرت موہانی اور اقبال نے ان اشعار والی غزلوں کو یہ” اعلان ” کرکے نہیں کہا کہ وہ ایک دوسرے کی زمینوں میں غزلیں کہ رہے ہیں:
    اقبال: کشادہ دست کرم جب وہ بے نیا ز کرے ۔۔ نیاز مند نہ کیوں عاجزی پہ ناز کرے
    حسرت موہانی: خرد کا نام جنوں رکھدیا جنوں کا خرد ۔۔۔ جو چاہے آپ کا حسن کرشمہ ساز کرے
    ۔۔۔۔۔
    کیا دل شاہجہاں پوری نے یہ ” اعلان ” کیا تھا کہ انکی یہ غزل انشا کی غزل کی زمین میں ہے:؟
    دل: نہ وہ آرام جاں آیا نہ موت آئی شب وعدہ ۔ اسی دھن میں ہم اٹھ اٹھ کر ہزاروں بار بیٹھے ہیں
    انشا: نہ چھیڑ اے نکہت باد بہاری راہ لگ اپنی ۔۔ تجھے اٹکھیلیاں سوجھی ہیں ہم بیزار بیٹھے ہیں
    ۔۔۔۔
    کیا فرا ز نے اپنی اس غزل کو اپنی کتاب درد آشوب میں یہ ” اعلان ” کرکے لکھا کہ یہ غزل غالب کی غزل کی ردیف میں ہے ؟
    فراز : اچھا تھا اگر زخم نہ بھرتے کوئی دن اور ۔۔ اس کوئی ملامت میں گذ رتے کوئی دن اور
    غالب : لازم تھا کہ دیکھو مرا رستہ کوئی دن اور ۔۔۔ تنہا گئے کیوں اب رہو تنہا کوئی دن اور
    ۔۔۔۔۔۔
    کیا سلیم کوثر کی اس غزل کو ” یہ چراغ ہے تو جلا رہے ” کتا ب میں یہ ” اعلان ” کرکے لکھا گیا کہ یہ فراز کی غزل کی ردیف میں ہے؟
    سلیم کوثر: میں خیال ہوں کسی اور کا مجھے سوچتا کوئی اور ہے ۔۔سر آئینہ مرا عکس ہے پس آئینہ کوئی اور ہے
    فراز : میرے جسم و جاں میں ترے سوا نہیں اور کوئ بھی دوسرا ۔۔مجھے پھر بھی لگتا ہے اس طرح کہ کہیں کہیں کوئی اور ہے
    ۔۔۔۔
    فراز نے غالب کی ردیف ” دیکھتے ہیں ” پر تو اپنی دو مشہور و معروف غزلیں لکھ ڈالیں مگر اسکی کتا ب ” خواب گل پریشاں ہے ” میں اس بات کا اعلان نہیں کیا گیا کہ فراز کی غزلیں غالب کی غزل کی ردیف میں ہیں!!
    ۔۔۔۔
    کیا استاد قمر جلالوی کی تصنیف ” تجلیات قمر ” میں استاد قمر کی اس غزل کو اس اعلان کے ساتھ پیش کیا گیا ہے کہ وہ میر کی زمین میں ہے؟
    قمر : عالم تجھ کو دیکھ رہا ہے کوئی کب پہچانے ہے ۔۔ ذرے تک میں تو ہی تو ہے خاک زمانہ چھانے ہے
    میر : پتہ پتہ بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے ۔ جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سار ا جانے ہے
    ۔۔۔۔
    ” وارث بھائی ” کے پاس تو سینکڑوں کتا بیں ہونگی جن میں وہ اوپر کی مثالوں کی طرح بے شما ر مثالیں حاصل کرسکتےہیں۔
    ۔۔۔
    سوال : کیا یہ سب شعرا ” چوری اور سینہ زوری ” کے مرتکب اور مجرم ہیں ؟
    بہر حال :
    میں یہ ضرور کہونگا کہ اب تک وصی شاہ کا جو کلام اس بلاگ میں پیش کیا گیا ہے اس میں کسی نے یہ مثال نہیں دی کہ وصی شاہ نے مجید امجد یا غالب یا اسد کے اشعار کی چوری کی یا انکے خیال کی چوری کی یا انکے الفاظ کی چوری کی ۔
    ۔
    بہر حال :
    بقول اقبال :
    اپنے بھی خفا مجھ سے ہیں بے گانے بھی ناخوش
    میں زہر ہلا ہل کو کبھی کہ نہ سکا قند
    چپ رہ نہ سکا حضرت یزداں میں بھی اقبال
    کرتا کوئی اس بندہ گستاخ کا منہ بند
    ۔۔۔
    ۔
    فقط:
    علم کا طالب
    منظور قاضی از جرمنی

  30. یہ قاضی صاحب کی اعلیٰ ظرفی ہے کہ وہ چھوٹے سے چھوٹے شاعر کی بھی حوصلہ افزائ کرتے ہیں۔ لیکن متشاعر حضرات اتنی تیزی سے بڑھ رہے ہیں کہ اگر وارث صاحپ جیسے نقاد اس پر چپ رھے تو پھر بقول رئیس امروہوی یہی کہنا پڑیگا

    ٰٰاُردو کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلےٰٰ ٰٰ

    میرا متشاعر حضرات سے متعلق ایک مشاہدہ یہ بھی ہے کہ یہ حضرات جن شعراء پر نکتہ چینی کرتے ہیں انہی کے کلام کا سرقہ اور چربا بھی کرتے ہیں۔ ظاہر ہے یہ سب کچھ اپنی چوری پر پردہ ڈا لنے کیلئے کیا جاتا ہے۔

  31. صداقت چھپ نہیں سکتی بناوٹ کے اُصولوں سے

    کہ خوشبو آ نہیں سکتی کبھی کاغذ کے پھولوں سے

    آجکل کاغذ کے پھولوں میں بھی خوشبو بھر دی جاتی ہے۔

  32. ظفر جعفری صاحب آپ اپنے مشاہدہ کو چند مثالوں کے ساتھ پیش کریں تو دنیا کو معلوم ہو جاے گا کہ وہ ” متشاعر ” کون ہیں اور انہوں نے کن کن کا کلام چرایا ہے۔
    مجھے یاد ہے کہ کسی صاحب نے بشیر بدر پر سرقے کا الزام لگایا تھا مگر اس کے لیے انہون نے ناقا بل تردید مثال بھی پیش کردی تھی ۔ مگر وصی شاہ کے بارے میں ابھی تک کسی نے ناقابل تردید مثال نہیں پیش کی ۔

    رہی بات نقادوں کی تو تعمیری تنقید کو آپ اور ہم سب ہی مانتے ہیں اور وسیع القلبی کے ساتھ قبول بھی کر لیتے ہیں ۔

    مگر جب کوی فرد چاہے وہ کتنا ہی بڑا عالم ہو بغیر کسی ثبوت اور بغیر کسی مثال کے ، کسی شاعر کو ” چور ارو سینہ زور ” کہنا شروع کردے تو کیا ظفر جعفری صاحب اس کو قبول کرلینگے ؟ افسوس کہ یہ ہی حربہ ظفر جعفری صاحب کے خلاف بھی استعمال کیا جاسکتا ہے اور کوئی نام نہاد نقاد انکو بھی ” متشاعر ” کہ سکتا ہے ۔

    محمد وارث صاحب کی قابلیت اور انکی علم عروض پر مہارت قابل تسلیم ہے مگر انہوں نے بغیر کسی ثبوت کے ایک شاعر ( وصی شاہ ) پر بہتان لگا یا ہے جس کو وہ ابھی تک ثابت نہ کرسکے۔ جیسے ہی وہ ناقابل تردید ثبوت پیش کردیں تو میں ان کی قابلیت کی داد دونگا اور وصی شاہ کا پتہ لگا کر اس تک محمد وارث صاحب کا تبصرہ پہنچا دونگا ۔
    ۔۔۔

  33. دیار غیر میں ‌کیسے تجھے سزا دیتے
    تو مل بھی جاتا تو آخر تجھے گنوا دیتے

    تجھے بھلانا ہی اول تو دسترس میں‌ نہیں
    جو اختیار بھی ہوتا تو کیا بھلا دیتے

    ہمیں ‌زعم رہا کہ اب وہ پکاریں گے
    انہیں‌ یہ ضد تھی کہ ہر بار ہم صدا دیتے

    تم ہی نے ہم کو سنایا نہ اپنا دکھ ورنہ
    دعا وہ کرتے کہ ہم آسماں‌ ہلا دیتے

    سماعتوں کو میں تاعمر کوستا سید
    وہ کچھ نہ کہتے مگر ہونٹ تو ہلا دیتے
    ( وصی شاہ )

  34. جب رات کی ناگن ڈستی ہے
    نس نس میں زہر اترتا ہے
    جب چاند کی کرنیں تیزی سے
    اس دل کو چیر کے آتی ہیں
    جب آنکھ کے اندر ہی آنسو
    زنجیروں میں بندھ جاتے ہیں
    سب جذبوں پر چھا جاتے ہیں

    تب یاد بہت تم آتے ہو

    جب درد کی جھانجر بجتی ہے
    جب رقص غموں کا ہوتا ہے
    خوابوں کی تال پہ سارے دکھ
    وحشت کے ساز بجاتے ہیں
    گاتے ہہں خواہش کی لے میں
    مستی میں جھومتے جاتے ہیں
    سب جذبوں پر چھا جاتے ہیں

    تب یاد بہت تم آتے ہو
    تب یاد بہت تم آتے ہو
    ( وصی شاہ )

  35. ثناء شاہ صاحبہ نے وصی شاہ کی دو اور غزلیں اوپر شایع کردیا : شکریہ
    ایک شعر جس کی محمد وارث نے تقطیع کی تھی اس کو اوپر کی غزل میں ” سید ” کے تخلص کے ساتھ مقطع میں یوں پیش کیا گیا ہے:
    سماعتوں کو میں تا عمر کوستا سید
    وہ کچھ نہ کہتے مگر ہونٹ تو ہلا دیتے
    ۔۔۔
    ثنا ء شاہ صاحبہ نے وصی کے تخلص کے ساتھ لکھا ہو ا یہی شعر پہلے اس بلاگ کے عنوان کے ساتھ تحریر کیا تھا جو یوں تھاِ( مگر اب وہ حذف ہوگیا ہے )

    سماعتوں کو تاعمر کوستا وصی
    وہ کچھ نہ کہتے مگر ہونٹ تو ہلا دیتے
    ۔۔
    میرے خیال میں یہ تازہ مقطع وزن میں ہے مگر اس میں وصی شاہ نے ” سید ” کا تخلص استعمال کیا ہے جس کا اسکو اختیار ہے ( ممکن ہے وہ کبھی سید اور کبھی وصی کے تخلص کو استعما ل کیا کرتا ہے۔ اس کی مرضی پر کسی کو اختیار نہیں۔)
    ۔۔
    بہر حال: سید ہ ثنا ء شاہ صاحبہ اس طرح وصی شاہ کی نظمیں اور غزلیں پیش کرتی رہیں تو ہم سب اس کے کلام پر تبصرے لکھ سکینگے۔

  36. قاضی صاحب محترم، آپ بھی نہ جانے کیا کو کیا سمجھتے ہیں، اور معذرت کے ساتھ لکھ رہا ہوں‌کہ آپ کے تبصروں میں ‘حبِ علی’ کم اور ‘بغضِ معاویہ’ زیادہ ہوتا ہے۔ میں‌ جس نقطے کی طرف توجہ دلانا چاہ رہا تھا وہ یہ ہے کہ بیٹے کا قد باپ سے ضرور اونچا ہوتا ہے مگر اس وقت جب وہ باپ کے کندھوں پر سوار ہو، ہاں وہ اگر اسی باپ کے کندھوں پر بیٹھ کر اس کو باپ تسلیم کرنے سے انکار کر دے تو سب اسے ناہنجار و ناخلف و نابکار ضرور کہیں گے، اور کچھ اس سے آگے بڑھ کر بھی کچھ کہیں گے۔

    آپ دو باتوں کو ‘کنفیوز’ کر رہے ہیں، کسی شاعر کی زمین استعمال کرنا، اور یہ قطعاً کوئی معیوب کام نہیں‌ ہے بشرطیکہ اس میں دوسرے شاعر کے خیال اپنے ہوں، جیسے آپ نے اوپر مثالوں کے “ڈھیر” لگا دیئے۔ لیکن اگر زمین بھی وہی ہے اور خیال بھی ہو بہو وہی ہے اور ‘بندے’ کو بقول آپ کے ‘کنگن’ یا ‘نتھ’ یا ‘پازیب’ سے بدل کر کوئی شاعر، صاحبِ کلام کہلوائے تو حاشا و کلا وہ کسی شاعری میں نہیں آتا، سراسر ظلم ہے، تحریف ہے، چربہ ہے، سرقہ ہے! جیسے اوپر وصی شاہ نے میجد امجد کی نظم میں ‘بندے’ کو ‘کنگن’ سے تبدیل کر کے کیا ہے۔

    اور معذرت کے ساتھ پھر کہوں‌ گا کہ دونوں نظموں کو ‘بغور’ اور تعصب کی عینک ہٹا کر پڑھیں، آپ کو صرف زمین ہی ایک نظر نہیں آئے گی بلکہ نظم کا پورا اسٹرکچر، مکمل خیال، الفاظ کی بنت، ان کی نشست و برخاست، مصرعوں کا تسلسل، سبھی کچھ ایک ہی پیٹرن پر چلتا نظر آئے گا۔

  37. محمد وارث صاحب آپ بھی نجانے کس بحث میں اور وہ بھی کس کے ساتھ الجھ گئے ہین۔ جب بات کسئ کو ناں ماننی ہو تو وہ نہیں مانتا۔ معاذرت کے ساتھ یہی حالت ہے۔ وصئ شاہ کا لکھا جن کو تھیک نطر آتاہے، ان کو ٹھیک ہئ ہے۔

  38. محمد وارث صاحب عروض کے فن میں ماہر ہیں مگر وہ اپنے تبصروں میں بار بار ” معذرت کے ساتھ ” دوسروں کو گا لیا ں دینےمیں بھی مہارت رکھتے ہیں۔

    اب وہ عالمی اخبار کی انتظامیہ اور اس کے پڑھنے والوں کے جذبات کو میرے خلاف مشتعل کرنے کے لیے ” حب علی (ص) کی کمی ” اور ” بغض معاویہ ” کی زیادتی کا حربہ بھی انتہاٰئی مہارت ( مکاری اور روباہی ) سے استعما ل کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

    پڑھنے والے جانتے ہیں کہ محمد وارث صاحب نے اپنے خود کے بلاگوں میں کس کس طرح عالمی اخبار کی انتظامیہ کی غیبت کی اور مجھ کو عالمی اخبار کی انتظامیہ سے لڑوانے کے لیے اوچھے اخبار استعمال کیے ( یہ سب باتیں عالمی اخبار کے ذخیرے میں اور محمد وارث صاحب کی ویب سایٹ میں محفوظ ہیں ) ۔ اب وہ اس قسم کی منحوس حرکت کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ایسے موقعوں پر اللہ سے دعا مانگی جاتی ہے کہ وہ شیطان کے شر سے ہم سب کو محفو ظ رکھے۔

    محمد وارث صاحب اپنے معتقدین کے ساتھ سیدہ ثناء شاہ کے اس بلاگ کی فضا مکدر کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے ” معذرت کے ساتھ ” مجھے تو گالیا ں دے دیں مگر اس کے ساتھ ساتھ وصی شاہ کو اپنے حسد اور بغض کی آگ میں جلا دینے کے لیے یہ کہا کہ وہ ایسے ” ناہنجار ” ، ” نا خلف ” اور ” نابکا ر ” بیٹے کی طرح ہے جو اپنے باپ ( مجید امجد ) کا مشکور نہیں ۔

    کیا محمد وارث صاحب جو اپنا تخلص ” اسد ” رکھتے ہیں یہ تسلیم کرلینگے اگر محمد وارث صاحب نام کا کوئی ” نقاد” کہے کہ انہوں نے “ہم نے مجنوں پہ لڑکپن میں اسد ۔ سنگ اٹھا یا تو سر یاد آیا ” شعر کو اپنا شعر کہا ہے ؟

    وہ وصی شاہ کو اپنے ” بغض ” کی عینک سے دیکھکر اسے ہر طرح کی گالی سے نواز رہیے ہیں ۔ ( اور ادھر ثناء شاہ صاحبہ اپنے تبصروں می وصی شاہ کا کلام اس خیال سے پیش کررہی ہیں کہ اس کو سب پڑھنے والے پسند کرتےہونگے ۔

    قارئین کنگن اور بندا دونوں نظموں کے فرق کو بخوبی جانتے ہیں :

    بندا نظم میں مجید امجد نے بندا کے گر کر کھو جانے کی اور اس پر اپنے محبوب کے تاثرات اور رد عمل کا خاکہ بہت ہی اچھی طرح پیش کیا ہے ۔

    اس کے برخلاف وصی شاہ نے کنگن میں اپنے کنگن کو مختلف زا ویوں سے پیش کیا اور کنگن سے محبوب کے رشتہ او تعلق کی بہت اچھی عکاسی کی ہے ۔ اس میں صرف کنگن کے گر کر کھوجانے کے مضمون کو نہیں پیش کیا بلکہ ہر شعر کو مختلف انداز اور الفاظ میں پیش کیا ۔

    وصی شاہ کی نظم کنگن کا “پورا اسٹرکچر ” ( ساخت ) اور ” الفاظ کی بنت ” ( بندش ) اور ” نشت و برخا ست ” اور “مصرعوں کا تسلسل اور پیٹرن ( سانچہ) ، مجید امجد کی نظم بندا سے اس لیے جدا ہے کہ کنگن میں وصی شاہ کا اپنا خصوصی انداز موجود ہے ۔

    دونوں نظمیں اپنی اپنی جگہ اچھی طرح سے اپنے اپنے موضوعات کی عکاسی کرتی ہیں

    ایسی ہٹ دھرمی اورر بضض و حسد کی آگ سے انسان کے سونچنے اور سمجھنے کی قوت جل جاتی ہے ۔
    ۔۔۔
    اسی لیے میں اپنا شعر دہراتا رہتا ہوں ( جو میں نے مصحفی کی غزل کی زمین میں لکھا ہو ں ) ؛

    غلط باتیں اگر سونچوں تو فوراً ٹو ک دیتی ہے
    الہی شکریہ تیرا کہ دی ایسی زباں مجھ کو
    ۔۔
    اللہ غلط کہنے والوں کو بھی ایسی زبان دے ۔ آمین
    ۔۔۔
    علم کا طالب اور محمد وارث صاحب کے علم عروض پر مہارت کا قائل
    منظور قاضی از جرمنی

  39. اوپر کے تبصرے میں ” اوچھے اخبار ” کی بجاے ” اوچھے ہتیا ر ” پڑھیے:
    آخری جملے میں ” ایسی ہٹ دھرمی ” سے پہلے ” افسوس کہ ، ہٹ دھرمی ” پڑھا جائے۔
    شکریہ

  40. محترم و مکرم برادر بزرگ منظور قاضی صاحب۔ آپکی دعائے خاص سے میں آج ہی لاہور سے واپس لندن آ گیا ہوں ۔ لاہور میں قیام کے دوران انٹرنیٹ تک رسائی بہت محدود رہی اور اسکی وجہ وطن عزیز میں ہر ایک گھنٹے کے بعد بجلی کا غائب ہو جانا اور اس پر طُرح انٹر نیٹ کی کچھوے کی سپیڈ ہے جو وہاں کے لوگوں کے لیئے کوئی ایسی غیر معمولی بات نہیں اس لیئے وہ مجھ جیسوں کی اس بات کو غیر ضروری تنقید سے تعبیر کرتے ہیں۔ اسکے باوجود ڈاکٹر نگہت نسیم صاحبہ کا بے حد شکریہ کہ جو سڈنی سے لندن میری بیٹی کے ولیمے میں شرکت کے لیئے آئی ہیں لیکن اسکے باوجود یہاں قیام کے دوران انہوں نے مستقل طور پر عالمی اخبار کو بھی اپڈیٹ کیا اور بلاگ میں ہونے والے مباحث سے بھی ٹیلی فون کے ذریعے مجھے آگاہ کیا۔ اس بلاگ میں جو سیدہ ثنا زہرا نے تحریر کیا ہے اور جس پر بہت سے احباب نے اپنی اپنی رائے زنی کی ہے مجھے ہر ایک فرد کی ذاتی رائے کا احترام ہے اور 35 سالہ تخلیقی اور نشریاتی زندگی میں اس بات کا قائل رہا ہوں کہ اپنے نکتہ نظر کی وضاحت خوب کھل کر کی جائے اور دوسرے کو اسکے نکتہ نظر کی وضاحت کی مکمل آزادی دی جائے اور اسی فلسفے کو ہم نے آپ جیسے دوستوں کے ساتھ مل کرعالمی اخبار اور اسکے بلاگ کے شعبے میں بھی نافذ کیا ہوا ہے۔ مجھے بحث مباحثے کے اسی عنصر سے ہمیشہ اختلاف رہا ہے کہ ایک فرد اپنی رائے دینے کے ساتھ دوسرے کو اس پر بھی مجبور کرے کہ وہ اسکی رائے سے اتفاق بھی کرے۔ ہمارے ہاں بہت سے احباب ایسے ہیں جنکا یہی رویہ ہے۔عالمی اخبار کا بلاگ کا شعبہ چونکہ اس روزنامے کا ایک مختصر حصہ ہے اس لیئے اسے دوسرے نوے فیصد ایک ایک صفحے کے بلاگ کے صفحات کی طرح نہیں سمجھنا چاہیئے۔ ایک رویہ یہ بھی ہے اکثر احباب کا کہ وہ بہت جلد ذاتیات پر اتر آتے ہیں اور اسکا مظاہرہ گزشتہ دنوں بھی ہم دیکھ چکے ہیں کہ کچھ احباب نے مجھ جیسے غریب شہر کو بھی نام لیکر مختلف جگہ پر بلاگ کے صفحات میں خوب برا بھلا بھی کہا،گالیاں بھی دیں اور میرے خاندان کو بھی نہیں بخشا لیکن میرے دوست اور ساتھی گواہ ہیں کہ ہم نے علمی اور ادبی بحث سے ہٹ کر ذاتی طور پر ایک لفظ بھی نہیں لکھا ۔لیکن تو اپنا اپنا رویہ ہے۔ رہی بات بھائی منظور صدیقی آپ سے عالمی اخبار کی انتظامیہ کو لڑوانے کی کوشش تو نوے فیصد سے زائد احباب کو علم ہی نہیں کہ ہم لوگ محبتیں اور دوستیاں مفادات کے زور پر نہیں کرتے اور منظور صدیقی عالمی اخبار کے ایسے بانیوں میں سے ہیں جنکا کا احترام مجھ سمیت انتظامیہ کا ایک ایک فرد کرتا ہے۔دراصل صوفی غلام مصطفیٰ تبسم مرحوم کے بقول علم حاصل کرنا آسان ہے لیکن اسکو ہضم کرنا بہت مشکل ہے۔ یہ بات صوفی صاحب نے لاہور ٹی وی کے ایک سلسلے وار پروگرام”اقبال کے ایک شعر کی تشریح” میں مرحوم سراج منیر سے کہی تھی۔1974 کے اوئل میں براہ راست نشر ہونے والے اس پروگرام میں صوفی صاحب علامہ اقبال کے ایک شعر کی تشریح فرماتے تھے اور مجھ جیسے طالب علم سمیت سراج منیر اور ڈاکٹر سید جاوید ان سے سوالات کیا کرتے تھے۔رہی نوجوان اور باصلاحیت شاعر وصی شاہ کی شاعری پر الزامات کی بات تو میں سمجھتا ہوں کہ الزام لگانا آسان اور اسکو ثابت کرنا ذرا مشکل ہوتا ہے۔ یہ صرف اس زمانے کی بات نہیں بلکہ اساتذہ کے دور میں بھی ایسی نزاعی صورتیں پیدا ہوتی رہی ہیں۔میں خود اس بات کا قائل ہوں کہ کسی کی زمین میں لکھنا اور کسی کی زمین پر قبضہ کرنا دو الگ باتیں ہیں۔ اگر میں خود اپنی ذاتی مثالیں دینے لگوں تو آپ میں سے نوے فیصد لوگ حیران رہ جائیں کہ کیسے بڑے بڑے نام ہیں جنہوں مجھ جیسے گم نام آدمی کی اسوقت چیزیں چوری کی تھیں جب ابھی ہمارا 72 اور 73 کا شاعری کا دور تھا۔ اور یہ غزلیں بھی ایسی کہ انکو مختلف گلوکاروں نے گایا اور سیپ جیسے مختلف ادبی جریدوں میں شائع ہوئی ہوئیں۔ کچھ واقعات تو ایسے بھی ہیں کہ میری سات شعر کی مکمل غزل کو ایک اور شاعر نے صرف مقطع میں اپنا نام تبدیل کر کے اپنے مجموعے میں شامل کر لیا اور استفسار پر یہ کہہ کر معذرت کر لی کہ ” ممکن ہے کہ 70 کے عشرے میں آپ سے یہ غزل سنی ہو ذہن میں رہ گئی ہو” واہ واہ کمال ہے نا حافظے کا۔ دیکھیں ادبی دنیا میں ”توارد” کوئی ایسی غیر معمولی بات نہیں لیکن سرقے کی اصطلاح ادب چوروں اور ادب پر ڈاکہ ڈالنے والوں نے اپنے لیئے ”باعزت اصطلاح” کے طور پر خود ہی ایجاد کی ہے۔ ادبی چوروں اور ڈاکوؤں کا محاسبہ ضروری تو ہے ہی لیکن ہمارے معاشرے میں اس لیئے ذرا مشکل ہے کہ پورا معاشرہ کسی نہ کسی قسم کی چوری اور ڈاکے میں مبتلا ہے۔ میں نے اپنے تازہ ترین سفر پاکستان میں اپنے معاشرے کی اقدار کی جو شکست وریخت دیکھی ہے اسے جلد ہی جب لکھوں گا تو آپ سوچیں گے کہ ہم کس قعر مذلت ہیں۔ بس اپنے ساتھیوں،دوستوں اور تخلیق کاروں سے ایک تجربے کی بات یہ عرض کرنی ہے کہ خدا کے لیئے اپنا کوئی غیر مطبوعہ کلام انٹرنیٹ پر شائع نہ کریں کیونکہ ایسے ادبی قزاق مردہ خود گدھوں کی طرح منہہ کھولے بیٹھے ہیں اور اگر کسی نے آپکا غیر مطبوعہ کلام اپنے نام سے شائع کروا لیا تو آپ خالی ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

  41. صفدر ھمدانی صاحب : اے آمدنت باعث آبادی ما : ( اس شعر میں اے آمدن شما باعث آبادی ما کہنا چاہیے ) :
    آپ کو اپنی بیٹی زہرہ کی شادی کی دلی مبارکباد اور دلہا د لہن کو بے شمار دعائیں عر ض ہیں۔ اللہ ان دونو ں کو ہمیشہ خوش اور خوشحال رکھے اور انکی زندگی انکے اور سب کے لیے خوشی اور مسرت کا پیغا م لائے : آمین
    آپ کے تفصیلی تبصرہ پر کچھ کہنے کے لیے میرے پاس مناسب الفاظ نہیں صرف خوشی ہورہی ہے کہ آپ کی روشن ضمیری نے میرے موقف کو محسوس کیا اور اپنے مثبت تبصرے سے نوازا ۔
    ازل سے صرف شاعری اور ادب ہی نہیں بلکہ دنیا کی ہر ذاتی تخلیق اور ملکیت ، سرقہ کا شکار ہوتی رہی ہے ۔ اسی لیے تو مفتش اور محاسب اور نقاد کی ضرورت دنیا میں پیش آتی ہے۔

    دنیا کا اصول ہے کہ ہر فرد کو معصوم قرار دیا جاتاہے جب تک کہ اس کو جرم کا مرتکب ثابت نہ کیا جائے ۔
    مگر جب ہر فرد کو مجرم اور خطا کار کہکر اس سے یہ کہا جائے کہ وہ اب اپنی صفائی‌ پیش کرکے ، لگائے ہوئے تمام الزامات کو غلط ثابت کرے ۔ تو یہ تو کوئی انصاف نہیں ہوا۔ یہ تو ” وہی روباہی ” اور مکاری کی پالیسی ہے جس سے باز رہنے کی سب نے اور خاص طور پر اقبال نے تاکید کی ہے۔

    یقینی طور پر ہر شاعر کو اپنی تخیلق کی نگہبانی کرنی چاہیے مگر مشکل یہ ہے کہ “جملہ حقوق محفو ظ ” ہونےکے باوجود ، چور چوری سے باز نہیں آتے۔
    اگر وصی شاہ نے چوری کی ہے تو ابھی تک کسی نے اس کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ اور اگر ثبوت مل جائے تو میں کوشش کرکے وصی شاہ سے کہونگا کہ وہ جواب دے۔ (ممکن ہے ا س کے پاس اسکا ای میل ایڈریس ہوگا )

    بشیر بدر کا معاملہ صاف تھا کہ اس نے ” زندگی کی شام ہوجائے ” والے شعر میں کسی اچھے شاعر ( نام ذہن میں نہیں آرہا ہے ) کے شعر کا سرقہ بڑی ہی دیدہ دلیری سے کیا۔
    اسی طرح کسی شاعر کا وہ شعر کہ ۔۔۔۔۔۔۔دیوار کیا گری مرے خستہ مکان کی ۔ لوگوں نے میرے صحن میں رستے بنا لیے بھی کسی نے چرا کر اپنے نام سے پیش کیا ( شعرا کے نام یاد نہیں‌آرہے ہیں )
    ۔۔
    بہر حال : آپ کو آپ کے گھر آنا مبارک ہو ۔
    آپ کی حق گوئی اور بے باکی کا قائل اور آپ کے عالمی اخبار کی میزبانی کا مشکور و ممنون :
    منطور قاضی از جرمنی

  42. قاضی صاحب اللہ آپ کو خوش رکھے !

    صفدر ہمٰدانی صاحب قبلہ کا نقطۂ نظر جان کر بہت خوشی ہوئی اور یقیناً ایسا نقطہ نظر ایک تخلیق کار کا ہی ہو سکتا ہے، شاعری میں یہ بات نئی نہیں‌ بلکہ صدیوں سے ہے، شیخ‌ علی ہجویری علیہ الرحمہ نے بھی کشف المحجوب میں اپنے فارسی دیوان کے ‘چوری’ ہونے کا ذکر کیا ہے۔ اصل بات تو یہ ہے کہ سارق کو سارق بھی نہ کہا جائے کیا؟

  43. قاضی صا حب! میں تو آپ کو ڈھوند رہا تھا کہ آجکل آپ کہا ں تشریف رکھتے ہیں۔ آ خر کا ر تلاش ِ بسیار کے بعد آپ کو یہاں پا ہی لیا؟ میں اکثر اپنے کالم بھی کسی قصے پر شروع یا ختم کر تا ہوں ، اس لیئے حسب ِ عادت ایک واقعہ پیش ِ خدمت ہے۔ ایک بزرگ تھے جوقریشی صا حب کے نام سے مشہور تھے۔ جو اب یقینی طور پر اس دنیا میں نہیں ہو نگے اور اگر ہونگے بھی تو اس قابل نہیں کہ کچھ کہہ سن یا سمجھ سکیں۔
    ان کی قابلیت ادبی حلقوں میں اس وقت مسلمہ تھی ۔ ایک نو زائیدہ شاعر ان کے سامنے یہ ہی سرقہ اور توارد کا مسئلہ لے بیٹھے اور جا پہونچے اساتذ ہ تک ۔ پہلے تو وہ سنتے رہے ۔ پھر کہنے لگے میاں صاحبزادے !اگر پرانے شاعر نہ ہو تے تو تم کہاں سے شاعر بنتے ؟ چونکہ وہ آدمی سمجھدار تھے اور اس دور میں غلطیوں پر شرمندہ ہونے کا رواج بھی تھا ! لہذا وہ پانی پانی ہو گئے؟
    جو لوگ بھی اردو میں غزل پر طبع آزمائی کر نا چا ہتے ہیں ،تو ان کی اطلا ع کے لیئے عرض ہےچو نکہ اسا تذہ نے ان کے لیئے کچھ کہنے کے لیئے چھوڑا ہی نہیں ہے؟ لہذا لوگوں نے اس توارد کو مہمل کر نے کے لیئے ۔ہر ایسی کو شش کو اسا تذہ کی زمین مان کر اس میں ہل چلا نا شروع کر دیا اور ان کی زمین میں طبع آزما ئی کو جا ئز قرار دیدیا۔ بس یہاں بھی یہ ہی سمجھ لیں کہ وصی شاہ صاحب نے امجد صا حب کو کسی اور سے پہلے اسا تذہ میں شامل کر لیا ہے۔ چونکہ یہ بھی ایمانداری کی مروجہ قسم ہے لہذا انہیں قارئین معاف فر مادیں تو بہتر ہے۔ اس لیئے کہ انہوں نے تو اردو ادب کو ایک مشہور غزل دیدی؟ ورنہ لوگ تو ساری زندگی میں کچھ بھی نہیں دے پاتے ۔ شمس جیلانی

  44. محمد وارث صا حب اللہ آپ کو نیک ہدایت دے اور محاوروں کے صحیح طور پر استعما ل کرنے کا سلیقہ عطا کرے۔ اور خاص طور پر حب علی ( ص) اور بغض معاویہ کی تلمیحات کو استعمال کرنے سے پہلے اپنے دل اور دماغ کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت عطا کرے ۔

    اب جب کہ آپ ( محمد وارث صاحب ) نے حب علی ( ص ) اور بغض معاویہ کی مثال کو اپنی خر دماغی میں استعما ل کر ہی دیا تو براہ کرم اس کی تشریح بھی فرمادیجیے کہ اس تلمیح کا کیا مطلب ہے اور اس کو اس بلاگ کی بحث میں لانے کی کیا وجہ تھی ؟ آپ ( محمد وارث صاحب ) تو دیڑ ھ شانہ پن کرکے اپنے علم کا رعب ڈال تو رہے ہیں مگر اب اس کی تشریح بھی کردیجیے یا اگر آپ میں اخلاقی جرا ءت ہے تو سب کے سامنے اس تلمیح کو غلط استعمال کرنے پر شرمندگی اور معافی کا اظہار بھی کردیجئے۔ : بسم اللہ ، جزاک اللہ

    جیسا کہ میں اوپر کہیں لکھ چکا ہوں سارق کو سارق ہی کہو مگر کسی معصوم فرد کو بغیر کسی ثبوت کے سارق کہنا بھی نہ صرف اخلاقی اوو قانونی جرم ہے بلکہ مذ ہبی لحاظ سے ایسا گنا ہ جس کو اللہ کبھی نہیں بخشے گا ۔

    حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رح نے ضرور کہا ہے کہ ” مجھے یہ تلخ تجربہ دو بار ہو ا۔ ایک بار کسی نے میرے اشعار کا دیوان عاریتن لیا ۔ اور چونکہ صرف وہی ایک نسخہ میرے پاس تھا اس لنےمیرے تما م دیوان میں میرے نام کی جگہ اپنا تخلص لگا کر شایع کردیا اور میری محنت ضا یع کردی ۔ اللہ تعالی اس کی خطا کو معاف کرے ۔دوسری بار ایسا اتفاق ہو ا کہ میں نے ایک کتاب فن تصوف مین تالیف کرکے اس کا نام منہاج الدین رکھا ۔ ایک متصوف نے اسے لے کر اپنے نام پر شایع کردیا ۔خدا کرے وہ گمنام ہو ۔ اس نے عوام میں اس کتاب کو اپنی تالیف طاہر کرکے شایع کیا حالانکہ جاننے والے اس کی اس حرکت پر استہزا کرتے تھے ۔۔۔”

    جب ” ناقصاں را پیر کامل ، کاملاں را رہنما ” ( بقول خواجہ معین الدین چشتی رح ) کے ساتھ ایسی حرکت کی جاتی ہے تو عام شعرا کس شمار میں ہیں؟ مگر جراغ مصطفوی سے شرار بو لہبی تو ازل سے ستیزہ کا ر ہے اور یہی ابلیس کا کام بھی ہے۔

    مگر ایسی مثالیں دینے سے کیا وصی شاہ کی مجید امجد کے کلام کی چوری ثابت ہوتی ہے ؟ کیا اس نے مجید امجد کی نظم بندا کو کنگن کا نام دے کر اپنے نام سے شایع کردی ہے؟ یا مجید امجد کے خیالات اور الفا ظ کی چوری کی ؟
    اپنی ہٹ دھرمی کو منوانے کے لیے ہزارون پیترے بدلنا اور چالیں چلنا ، مکاری اور روباہی اور دوغلا پن کے زمرے میں آتا ہے ۔

    آج کے جنگ اخبار میں ڈاکٹر قدیر خان نے اخلا قیات پر جو مضمون لکھا ہے اسے ضرور پڑھو اس لیے کہ اس میں ڈاکٹر قدیر خاں نے ایسے گناہوں کی فہرست دی ہے جسے اللہ کبھی بھی معاف نہیں کرے گا ان میں ” غیبت ” بھی شامل ہے۔
    بہر حال :
    میرا شعر پھر سے دہرانا ضروری ہے:
    غلط باتین اگر سونچو ں تو فوراً ٹوک دیتی ہے
    الہی شکریہ تیرا کی دی ایسی زباں مجھ کو
    ۔ فقط :
    محترم محمد وارث صاحب کے جواب کا اور انکی معافی کی درخواست کا منتظر :
    منظور قاضی از جرمنی

  45. میرے اوپر کے تبصرےمیں ” الہی شکریہ تیرا کہ دی ایسی زباں مجھ کو ” : پڑھا جائے : شکریہ ۔

  46. شمس جیلانی صاحب: خدا آپ کو خضر کی عمر عطا کرے اور آپ کو ہم جیسے مقدر کے سکندروں کی رہنمائی کرنے کی فرصت اور مہلت عطا کر ے ۔
    آمین ؛ یقین مانیے کہ آپ کے ان بلاگوں میں آنے سے ” میلا سا لگ جاتاہے۔ اوربقول فیض :
    جیسے صحراوں میں ہولے سےچلے باد نسیم اور جیسے ویرانے میں چپکے سےبہا ر آجاے کا منظر پید ا ہوجاتا ہے۔
    میں انہی بلاگو ں کی بھول بھلیاں میں گم تھا کہ آپ نے آکر مجھے پھر سے “رِٹ اور رَٹ ” اور ” ہر ہر گنگا ، میں نے لےلیا پنگا ” والی آپ کی باتیں یاد دلادیں ۔
    آپ کے تبصرے کے آخری جملے نہایت ہی عمدہ ہدایات پر ختم ہوتے ہیں ۔ اور خاص طور پر یہ جملہ کہ وصی شاہ نے ” اردو ادب کو ایک مشہور غزل دے دی ورنہ لوگ تو ساری زندگی میں کچھ بھی نہیں دے پاتے ” ۔
    شمس جیلانی صاحب آپ اپنے اتنے اچھے اچھے بلاگ لکھتے جائیے مگر کبھی کبھی دوسرے بلاگو ں پر ہی سطحی نظر ڈالا کیجیے اس لیے کہ ہم جیسے علم کے طالب ( افغا نستا ن کے کے طالبا ن نہیں ) آپ کے علم سے مستفید ہونے کو اپنی خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔

    فقط :
    آپ کی تحریر کا دلدادہ
    منظور قاضی از جرمنی
    ۔

  47. عاصم نسیم صاحب کا بلا گ میں تشریف لانے کا اور اپنا مثبت تبصرہ شامل کرنے کا شکریہ۔
    ۔۔۔۔

  48. نسیم فیملی تو واقعی باد نسیم کی طرح عالمی اخبار کے بلاگ میں وارد ہوئی ہے جو دراصل لندن میں ڈاکٹر نگہت نسیم کی آمد کا معجزہ ہے۔ ڈاکٹر صاحبہ حقیقی معنوں میں عالمی اخبار کی سفیر ہیں۔ شکریہ ڈاکٹر صاحبہ

  49. بابا بہت شکریہ ! پر مجھے یوں لگتا ھے جیسے جو بھی عالمی اخبار میں لکھتا ھے وہ عالمی اخبار کا سفیر ھے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *