برادران و خواہران ِ محترم! سلام” علیکم و رحمت اللہ
درخواست ہے کہ ذیل میں درج Link پر موجود Video ضرور ملاحظہ فرمائیے اور اس پر اپنی آراء و تبصرے عنایت فرمائیے
http://www.shiatv.net/view_video.php?viewkey=282097ead26fb94f6d11
یقیناً آپ اس موضوع اور اس پر کہی باتوں کو پسند فرمائیں گے، ہر بات کے ساتھ سب کا متفق ہونا ضروری نہیں لیکن ذاتی رائے سے مختلف بات بھی دوسری خصوصیات کی بنا پر پسند آسکتی ہے، اسی لیے برائے تبصرہ آپ کے پیشِ خدمت ہے۔ آپ سب کی دُعاؤن کا محتاج ہوں
عبدالمناف

سلام مسنون۔
حالات حاظرہ کے تناظر میں ایک بہت پُر معنی خطاب ہے۔ بُرے وقت کی تیاری تو عقل کی بنیادی ضرورت ہے۔ اس حوالہ سے قوم کو خبردار کرنا اور وہ بھی ایک نہایت مؤثر طریقے سے، نہایت ہی اہم کام ہے، اس لحاظ سے یہ خطاب وقت کی ضرورت ہے۔ تاہم تواریخ کی تخصیص اور قنوطیت کا ہمارے یہاں گزر نہیں ہے۔ لا تقنطوا من الرحمت اللہ۔۔۔۔
مزید برآں مغربی استحصالی نظام کو جب ہم اس سب کارن کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں تو ہمیں اسکے بدل میں ایک جامع نظام بھی متعارف کرانا چاہئے۔ کیونکہ روٹی اور غلے کے حصول کی کوشش کی ترغیب کی بجائے مسئلے کی جڑ کا حل پیش ہونا چاہئے۔ اسلام نے خواہشات کو محدود کرنے کا حکم اسی لئے دے رکھا ہے تا کہ ہم بلا ضرورت خواہشات پوری نہ کریں، یا اپنے وسائل سے بڑھ کر اپنی ضرورت کو حل نہ کریں۔ قڑض اور سود کی لعنت کا نتیجہ بہر کیف یہی ہونا تھا۔
میرے خیال سے تا حال ہمارے اکابرین کلیتا بلا سود معاشی نظام متعارف نہیں کراسکے، اور ایسے میں ہمیں مغرب کی بیساکھیوں کا سہارہ ہی لینا ہوگا۔ یہ امر قدرتی ہے جب مغرب کی بیساکھیاں ٹوٹیں گی، تو ہمارا گرنا یقینی ہوگا۔ ۔۔۔۔خطاب کا دورانیہ بہر کیف طویل ہے۔
نا چیز
بہت اچھا خطاب ہے اور پر مغز بھی، اب بلا سود بینکاری کا نظام اگر باقر الصدر کی کتاب اقتصادُنا کی دوسری جلد پڑہی جائے تو انہوں نے بہت جامع نظام بتایا ہے، جو کہ امریکہ و یورپ کی یونیورسٹیز میں پڑہائی جاتی رہی ہیں لیکن جب خود انکے معاشی سائنسدان خود اس سے متاثر ہونا شروع ہو گئے تو بند کر دی گئی. اب بات یہ ہے کہ ہر مسئلے کا حل قانون کی حد تک تو موجود ہے لیکن مسئلہ اس کے نفاذ کا ہوتا ہے، بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے.
السلام علیکم!
مناف بھائی بہت ہی اعلیٰ خطاب ہے- ایک معاشرہ میں معاشی نظام کی غیر موجودگی اس چیز کو ظاہر کرتی ہے کہ معاشرہ میں رائج نظام نا مکمل ہی نہیں بلکہ کوئی نظام ہے ہی نہیں۔ اس خطاب میں اس اہم نقطہ پر گفتگو کی گئی ہے جس سے ثابت کیا گیا کہ اسلام کا اپنا ایک واضع اور قابلٍ عمل سیاسی و معاشی نظام موجود ہے۔ میں برادرم چودھری صاحب کے ساتھ اتفاق کرتا ہوں کہ بلی کے گلے میں گھنٹی کون باندھے-
پاکستان کو مثال کے طور پر پیش کرنا بہت ہی غلط ہے کیونکہ پاکستان میں ابھی تک کوئی سسٹم رائج نہیں-
صرف چند تعزیرات کو ڈنڈے کے زور پہ نافذ کرنے سے کوئی نظام رائج نہیں ہوتا-
سلام” علیکم ،
الحمد للہ کہ آپ حضرات کو یہ تقریر پسند آئی، مصباح شاہ صاحب نے اس میں ایک اہم نکتہ کی جانب توجہ دِلائی، چوہدری عمران صاحب نے بھی عمدہ بات کہی اور آپ کی تجویز کردہ کتاب حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی، اور رہی بات بلی کے گلے میں گھنٹی باندھنے کی، تو میرے خیال میں اس کام کی ابتداء تو چوتھائ صدی قبل آقائ خمینی رحمت اللہ علیہ کے ہاتھوں ہو ہی چکی ہے، اب کام کو آگے بڑھانے کے مراحل ہیں۔ فلم “سفیرِ حسین” میں قیس بن مساہر نے قیدخانہ میں جب دیگر قیدیوں سے ظالم کے خلاف اُٹھنے کو کہا تو ان کا جواب تھا کہ ” ہمیں ایک راہبر چاہیے جس کے پیچھے ہم چلیں، جس کی ہم پیروی کریں” تو قیس نے جواباً کہا کہ ” تم میں سے ہر ایک خود کو وہ راہنما سمجھے اس کام کے لیے کسی کا انتظار کرنے کی بجائے اُٹھو اور خود اس کام کا آغاز کر ڈالو “۔
محترم سائیں رحمت نے جو فرمایا ہے کہ ” صرف چند تعزیرات کو ڈنڈے کے زور پہ نافذ کیا گیا ہے ” تو عرض ہے کہ یہ تعزیرات انیسویں صدی کا بوسیدہ انگریزی آئین ہے جس کا ٹیکہ روزِ اول ہی سے ہمارے اسلامی جمہوریہ کی رگوں میں لگا دیا گیا تھا۔ اس میں بقول الحاج ملک الشہباز معروف بہ Malcolm X کے وہ دوائی بھی شامل کی گئی جس سے ملتی جلتی دوائ ٹیکہ دانتوں کا ڈاکٹر دانت کا علاج کرنے سے پہلے لگاتا ہے، پھر وہ آپ کے دانت میں برمے کے ساتھ سوراخ کرے یا آپ کا دانت اُکھاڑ نکالے آپ کو محسوس نہیں ہوگا، استعمار نے اپنی نوآبادیاں چھوڑنے سے پہلے جو دوائ دی اس کی شیشی پر ثقافت، تمدن، ترقی، تہذیب اور خدا جانے کیا کیا لکھ ڈالا، ہمارا پہلا فرض اس ٹیکے کے اثر سے بیدار ہونا اور کرنا ہے۔
مع السلام
احقر عبدالمناف
ماشااللہ بہت زبردست خطاب ھے جناب علی زیدی کا ! جزاک اللہ
اور بہت خوب حوالہ دیا فلم “سفیرِ حسین” میں قیس بن مساہر نے قیدخانہ میں جب دیگر قیدیوں سے ظالم کے خلاف اُٹھنے کو کہا کہ ” تم میں سے ہر ایک خود کو وہ راہنما سمجھے اس کام کے لیے کسی کا انتظار کرنے کی بجائے اُٹھو اور خود اس کام کا آغاز کر ڈالو “
جیسا کہ مدر ٹریسا نے کہا کہ Do not wait for leaders; Do it alone, Person to person ”
برادرم مناف۔ لاہور سے آج واپسی پر آپ کا فکر انگیز بلاگ پڑھا اور علی زیدی کا فکر انگیز خطاب سماعت کیا۔ سچ پوچھیں تو اسکے بعد کچھ لکھنے کی گنجائش نہیں کہ ۔۔۔۔قیس نے جواباً کہا کہ ” تم میں سے ہر ایک خود کوراہنما سمجھے اس کام کے لیے کسی کا انتظار کرنے کی بجائے اُٹھو اور خود اس کام کا آغاز کر ڈالو “۔۔۔۔۔
یہی وہ فکری پیغام ہے جو مجھ جیسا فقیر شہر بھی ملک ملک جا کر خلق خدا کو دے رہا ہے کہ بے عمل اور زرپرست معاشروں میں کسی مسیحا کا انتظار وقت کی بربادی ہے اسی لیئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنے اپنے طور پر پہلے اپنی اور پھر مجموعی قیادت کرنی ہے اور یہی انقلاب کا جوہر ہے۔
اس خطاب کے حوالہ سے سب سے پہلے میں ایک اہم بات کی طرف اشارہ کرتا چلوں کہ یہ خطاب ایک مکمل غیر فروعی بیان ہے جس میں مسلکی اختلافات کا ذکر تک نہیں ہے۔ اس لحاظ سے اس خظاب مستطاب کی افادیت کہیں بڑھ جاتی ہے۔
عمران بھائی آ پ نے بالکل درست کہا کہ شہید باقر الصدر نے اس موضوع پر ایک نہایت فکر انگیز اور جامع کتاب اقتصادنا کے نام سے چھوڑی ہے، اور یہ اس ضمن میں ایک کلیدی کتاب ہے۔ لیکن بایں ہمہ مسلم ممالک بشمول ایران تا ہنوز سود سے فارغ نہیں ہو سکے۔ اسی سبب سے میں نے کہا کہ ہمارے بڑے کلیتا بلا سود بینکاری کا نظام متعارف نہیں کراسکے۔ آج بھی انقلاب اسلامی کے اتنے سال بعد، بانک ملی ایران کی ویب سائیٹ پر سود کا کیلکولیٹر، حساب کتاب کی آسانی کے لئے موجود ہے۔
اصل مسئلہ تو آج تک رباء کی تشریح اور وضاحت پر رکا ہے۔ جیسے اکثریت علماء اس بات پر متفق ہیں کہ اگر گیہوں قرض دے کراس کے بدلے مہنگی کپاس لی یا دی جائے تو اسکو سود نہیں کہا جائے گا، فقہ کی اصطلاح میں اسے لین دین میں تبدلیء جنس کہا جاتا ہے۔ ۔ یعنی جنس کی تبدیلی سے رباء کا مسئلہ نہیں رہتا۔( اجناس کی حقیقت کا تعین پھر ایک مسئلہ ہے کہ جیسے گندم اور جو ہم جنس ہیں، لیکن آم اورمالٹا و کھجور وغیرہ کا تاحل تعین نہیں ہوسکا کہ آیا تمام پھل ہم جنس گنے جائیں گے یا نہیں)۔ اسی طرح اب سوچنے کی بات یہ ہے کہ بینک تو ہمیں نقدی دیتے ہی نہیں، بلکہ وہ تو گھر یا گاڑی لے کر دے رہے ہیں۔ اس مسئلے میں براہ راست رقم کا لین دین تو شامل ہے ہی نہیں۔۔۔؟ پھر سود غیر مسلموں سے لینے کے لئے آزادی کے احکمات ہیں اور ادا کرنے کی ممانعت ہے۔ اسی طرح باپ بیٹے اور شوہر و زوجہ کا مابین سود کی صورتحال قطعا مختلف ہے۔ مزید برآں علمائے نجف کے مابین اس بات پر اتفاق ہے کہ سود ناپ تول والی اشیاء پر صادق ہے نہ کہ گنتی والی اشیاء پر۔ ا
ب یہاں مسئلہ پھر یہی کھڑا ہوتا ہے کہ روپیہ پیسی تو تلتا ہے ہی نہیں، بلکہ گنا جاتا ہے۔ پھر آج کا نوٹ خود زرمبادلہ ہے، نہ کہ اصل زر۔ اس پر مستزاد کہ بینکوں کی طرف سے خود اعلان کردہ منافع جات کو بھی رباء سے پاک کہا گیا ہے۔ ۔۔۔۔ابھی تک زکوٰٰت کی اہل اشیاء پر مسلمان متفق نہیں ہیں۔ تا اقتصادی منصوبہ بندی کے پہلو پر بالکل اس نقطہء ابتدا سے پیچھے کھڑے ہیں جہاں رسول پاک (ص) اس امت مرحومہ کو چھوڑ گئے تھے۔
ایسی صورت میں علماء کرام اور معیشت دانوں کے مابین وسیع ترین ڈائیلاگ کی ضرورت ہے کہ حتمی صورت حال آسانی سے طے کی جا سکے۔
سید مصباح حسین خالق لوح و قلم آپ کے علم و دانش اور قوت اظہار میں مزید نکھار پیدا کرے۔ عالمی اخبار کے سفر میں آپ جیسے دوستوں کی شمولیت ہم سب کے لیئے سرمایہ افتخار ہے۔ آپکی مدلل گفتگو سے مجھ جیسے بھی سیکھتے ہیں۔ بلاگ دراصل ہے ہی تقسیم علم کا ذریعہ۔ماشااللہ
سلام” علیکم،
ہمدانی شاہ صاحب اپنے تمام معاملات بخیر و خوبی مکمل کرکے ماشاء اللہ واپس تشریف لے آئے، الحمد للہ۔ مصباح شاہ صاحب نے کافی تفصیل سے سود اور اس سے اجتناب کے سلسلے میں چند مسائل و پیچیدگیوں کی نشاندہی فرمائی، آپ نے بہت معلوماتی باتیں لکھیں ہیں، بہن سیدہ ثنا صاحبہ نے بھی اچھا حوالہ دیا مدر تریسا کے قول کا، بہت شکریہ۔
مزید چند نکات پیش کرنا چاہوں گا
1۔ جناب سید مرتضٰی زیدی صاحب کا یہ خطاب صرف ایک اشارہ ہے اصل موضوع کی طرف، اس سلسلے میں زیدی صاحب کے اور بھی بہت سے خطبات موجود ہیں اور دیگر علماء و ماہرین کے بھی۔
2۔ اللہ کے رسول(ص) نے قیامت کی جو نشانیاں بیان فرمائی ہیں ان میں اس بات پر سب متفق ہیں کہ جیسے جیسے وقت قریب آتا جائے گا، اسلام ناپید ہوتا جائے گا اور کفر بڑھتا چلاجائے گا، مطلب یہ ہے کہ ہمیں چاہیے کہ کوشش اور جدوجہد جاری رکھیں یہ ہمارا فرض ہے لیکن نتائج کی ذمہ داری جس کی ہے وہ جب چاہے گا اور جیسا چاہے گا کرے گا۔ ہم سے نتائج کی باز پُرس نہ ہوگی بلکہ پوچھا یہ جائے گا کہ ہم نے عطا کیے گئے وسائل کو کہاں اور کتنا استعمال کیا، حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت میں کوشش کتنی کی۔ میں نہ تو عالمِ دین ہوں اور نہ ہی کسی ملک کا سربراہ، تو مجھے اُن عہدوں کا جواب بھی نہیں دینا، لیکن جو ہوں وہاں رہ کر میں کیا کرتا رہا؟ سوائے پنچگانہ نمازوں کی ادائیگی، حصولِ رزق کی کوششوں یا روزمرہ کے دیگر کام کاج وغیرہ وغیرہ کے؟؟؟
3۔ اور شاید یہی ابتدائی مرحلہ اہم ترین ہے یعنی اپنے فرائض کی شناخت، ترقی کے اس دور میں، مواصلات و دیگر ذرائع ابلاغ کی سہولتوں کے ہوتے ہوئے، اسلام اور مسلمانوں پر سختی اور مشکلات کے زمانہ میں، ان مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں میرا بھی تو کوئی فرض ہوگا، کچھ نہ کچھ تو میری بھی ذمہ داری ہوگی، وغیرہ۔
4۔ ابتداء ہمیشہ گھر ہی سے کی جاتی ہے، پہلے ہم اپنے وطن ہی کی طرف توجہ دیں گے، لیکن نظر عالمی سطح کے مسائل پر ہونی چاہیے، کیوں کہ یہ مسائل بھی عالمی ہیں اور ان کے منابع بھی، اپنے وطن کے مسائل کا ذمہ دار صرف اپنی قوم ہی کو ٹھہرانا درست نہ ہوگا۔ ہماری غفلت اور اس سلسلہ میں جدوجہد میں کوتاہی بے شک ہمارا قصور ہے، لیکن خرابی کا منبع مافوق العوام طبقہ اور اس کے غیر ملکی آقا ہی ہیں۔
مناف صاحب بہت معلوماتی اور عالمانہ خطاب ہے میری رائے ہے کہ ہر ایک کو ضرور پڑھنا چا ہیئے اور آئندہ بھی آپ ایسے خطاباط بھیجتے رہیئے ۔ اور آپ نے جو نظر یاتی اختلافات کا زکر کیا ہے تو عرض کہ کچھ نہین زیادہ تر اسلامی تعلیمات متفقہ علیہ ہیں۔ میں پڑھنے والوں سے یہ عرض کر ونگا کہ وہ یہ دیکھیں کہ کیا کہا، یہ نہیں کہ کس نے کہا ہے! شمس جیلانی
السلام و علیکم
ماشااللہ علی زیدی صاحب کا خطاب ایسا ہے کے اس پر کچھ کہنے کی ضرورت باقی ہی نہیں رہتی
صفدر ھمدانی صاحب نے جو فرمایا بلکل درست ہے کے بے عمل اور زرپرست معاشروں میں کسی مسیحا کا انتظار وقت کی بربادی ہے اسی لیئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنے اپنے طور پر پہلے اپنی اور پھر مجموعی قیادت کرنی ہے اور یہی انقلاب کا جوہر ہے۔
میرے خیال میں مجھ جیسی کم علم اس پر کیا تبصرہ کرے جب آپ سب لوگ موجود ہیں
قبلہ ہمدانی صاحب۔
تسلیمات۔ آپ تو شرمندہ کئے دیتے ہیں، ورنہ میری کیا بساط کہ آپ سے سر مو آگے بڑھ جاؤں۔ آپ ہی جیسے لوگوں کے الفاظ دہرا دہرا کر ہم بھی اپنا بھرم قائم کئے پھرتے ہیں۔ یقین جانیں یہ انجمن ستائش باہمی نہیں، بلکہ سچ یہی ہے کہ ہم نے یہ بھی آپ ہی سے سیکھا ہے کہ ہمت بندھانا اور عزت افزائی کیسے کی جاتی ہے۔
عبد المناف صاحب نے جن نکات کی تشریح کی ہے، مرحبا و ماشاء اللہ۔ یہی صاحبان علم کا خاصہ ہیں۔
صرف اپنی تشفی کے لئے ایک بات کہنا چاہتا ہوں کہ یہ درست ہے کہ جناب قیس ابن مسہر الاسدی نے قیدیوں کو اس کام کے لئے خود کو ایک راہبر ماننے کی ترغیب دی۔۔۔۔لیکن حقیقت میں اس وقت بھی قیس انکا راہبر تھا جو انکو اپنی قیادت جتلائے بناء راہ نجات دکھا رہا تھا۔ مھدی و مسیحائے زمان (ع عج) کا انتظار تو بہر کیف ایک امر مسلمہ ہے لیکن انکے انتظار کا عملی ثبوت یہی ہے کہ ہماری زندگیاں عبس گزرنے کی بجائے انکی آمد کا راہ ہموار کریں، جس میں فی سبیل اللہ دشواریاں اٹھانااور صبر استقامت اولیں اقدام ہیں۔
آزمائیش کے بناء تو چھٹکارہ ممکن نہیں۔ جیسا کہ سورہ العنکبوت( آیت 2) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ لوگوں نے یہ سمجھ لیا کہ وہ کہ دیں کہ ہم ایمان لائے تو پھر وہ بناء فتنہ میں ڈالے (امتحان) کے چھوڑ دئے جائیں گے؟ پھر البقرہ( آیت 155) میں یہ بھی بتادیا کہ متحان کن کن چیزوں سے مقصود ہے جن میں خوف، بھوک (قحط)، مال و متاع، جان اور ثمرات (اولاد بھی ثمرات ہیں اور کھیتی بھی) شامل ہیں۔ سو ہر ایک کو با ہمت اوست کم از کم ایک صورت امتحان سے تو گزرنا ہے۔
در اصل اللہ تعالیٰ کسی بھی قوم کو بناء راہبر کے نہیں رکھتا، لیکن یہ کام اس قوم پر چھوڑ دیتا ہے کہ وہ اللہ کے بنائے ہوئے راہبر کو ڈھونڈتی ہے یا یہ کام اپنے ہاتھوں میں لے لیتی ہے۔جب راہبری اقوام کے اپنے ہاتھوں میں کھلونا بنتی ہے تو اسکا نتیجہ ہمارے سامنے ہے۔ اور اگر راہبر اللہ کا مقرر کردہ ہو تو آل فرعون کے باشندے بھی موسیٰ کے پیچھے نیل عبور کر لیتے ہیں، اور اگر راہبر کے نقش قدم سے پاؤں ہٹ جائیں تو بنی اسرائیل کے لوگ موسیٰ (ع) کو مان کر بھی فرعون کے پیچھے غرقاب ہو جاتے ہیں۔
یوم ندعا کل اناس باماھم( الاسریٰ آیت 71) کے مصداق ہمیں آج بھی اسی امام کے پیچھے چلنا ہوگا، جس کے پیچھے ہم روز حساب بارگاہ ایزدی میں کھڑا ہونا چاہیں گے۔
والسلام
سلام،
محترم مصباح شاہ صاحب! ماشاء اللہ، جیسا کہ آپ نے فرمایا کہ یہ انجمن ستائش باہمی نہیں، بے شک ہونی بھی نہیں چاہیے لیکن کہے بغیر نہیں رہ سکتا کہ آپ ماشاءاللہ موضوع کے اہم ترین نکات پر بات کرتے ہیں اور جو بھی فرماتے ہیں اس سے معاملہ مزید واضح ہو جاتا ہے، مثلاً یہ کہ ” ہر شخص خود کو راہبر سمجھے” یہ جملہ آپ کی وضاحت کے بغیر نامکمل تھا، آپ نے جو باتیں کہیں، یہی وہ پہلو تھے جن پر بات ضروری تھی، اور شاید بلاگنگ کا ایک مقصد یہ بھی ہے۔
آپ کی وضاحت سے کئی ممکنہ غلط فہمیاں قبل از وقت معدوم ہو گئیں۔ جناب ہمدانی صاحب نے فرمایا کہ ” کسی مسیحا کے انتظار میں وقت برباد کرنے کی بجائے ہم میں سے ہر ایک کو اپنے اپنے طور پر پہلے اپنی اور پھر مجموعی قیادت کرنی ہے اور یہی انقلاب کا جوہر ہے”۔ اس جملے میں بھی اہم ترین پیغام پنہاں ہیں اول کہ “صرف انتظار وقت کی بربادی کے مترادف ہے” یعنی
تھے تو وہ آبا تمہارے ہی مگر تم کیا ہو
ہاتھ پہ ہاتھ دھرے منتظرِ فردا ہو ۔ ۔ ۔ اقبال
امام(ع) کا انتظار واجب ہے لیکن صرف ہاتھ پہ ہاتھ دھرے انتظار کرنا، منتظرِفرداہونا مناسب نہیں، دوئم ہمدانی صاحب کے الفاظ کہ “پہلے اپنی اور پھر مجموعی قیادت” سے واضح ہو جاتا ہے کہ یہاں بات اس قیادت کی نہیں ہو رہی جو امام(ع) کا منصب اور ذمہ داری ہے بلکہ جیسا مصباح شاہ صاحب نے فرمایا کہ “انکے انتظار کا عملی ثبوت یہی ہے کہ ہم زندگیاں عبس گزارنے کی بجائے انکی آمد کے لیے راہ ہموار کریں، جس میں فی سبیل اللہ دشواریاں اٹھانااور صبر استقامت اولیں اقدام ہیں۔” ماشاء للہ بہت اچھی تشریح کردی آپ حضرات نے۔
مصباح شاہ صاحب آپ سے میری براہء راست ملاقات تو نہیں لیکن اتنا جانتا ہوں کہ جس شخص کی صفدر ہمدانی صاحب تعریف کریں وہ واقعی اس قابل ہوتا ہے، مجھے یقین ہے کہ اس محفل میں بے جا واہ واہ نہ تو ہوتی ہے اور نہ ہی پسند کی جاتی ہے، لیکن جس طرح بزرگوں کی طرف سے ہمت افزائی ضروری ہوتی ہے اسی طرح مجھ جیسے کم مایہ کو کسی صاحبِ علم کی قدردانی بھی ضرور ظاہر کردینی چاہیے۔
میں شمس جیلانی صاحب کے اس خوبصورت جملے کو بھی ضرور دُھرانا چاہتا ہوں کہ “زیادہ تر اسلامی تعلیمات متفقہ علیہ ہیں۔ میں پڑھنے والوں سے یہ عرض کر ونگا کہ وہ یہ دیکھیں کہ کیا کہا، یہ نہیں کہ کس نے کہا ہے”۔
جزاک اللہ۔