ہماری قوم کے بڑوں نے راستی کو بھلا دیا اور جھگڑے کو اس کی حدوں سے بڑھا دیا۔
ہمارے خواب اور ہماری خواہشیں ، اقتدار کے سموں سے روندی گئیں اور ہماری خوشیاں حب جاہ کی چکی میں باریک پیسی گئیں۔
ہمارے ایوانوں میں دانائی ترک ہوئی اور فراست پسپا۔
الزام کی دلدل نے ہمیں نگلا اور بہتان کی پچھل پائی نے اپنوں کے خلاف زہر اگلا۔
قوموں کےدرمیان ہم پراگندہ ہوئے اور ہمسایوں کی ملامت نے ہمارا پیچھا کیا۔
چاروں طرف سے ہم پر دشنام کے تیر برستے ہیں اور ہم دل جوئی کے چند بولوں کو ترستے ہیں۔
ہم مصیبت کے ٹاٹ پر بیٹھے اور پشیمانی کی خاک ہم نےاپنے سروں پر ڈالی۔
اپنے بڑوں کی طرف ہم نےدیکھا اور چاہا کہ وہ اپنی پر نخوت انا کے زرہ بکتر اتاریں اور عجز و انکساری کا لبادہ پہنیں۔
ہم نے چاہا کہ وہ حاکمیت کے چوک میں کھڑے ہوں تو ان کے ہاتھوں میں انسان پرستی اورخرد دوستی کا نصاب ہو اور آنکھوں میں عدل و انصاف کے خواب۔
وائے ہو ان پر جنہوں نے ہماری خواہشوں کو ببول کےکانٹوں پر بچھایا اور ہمارے خوابوں کو خزاں کے سپرد کیا۔
وائے ہو ان پر جنہوں نے بردباری کا ذخیرہ دریا برد کیا اور تحمل کے کھلیان کو آگ لگائی۔
ایسا کیوں ہوا لوگو! کہ تم ہر وہ مسلط کئے گئے جو مسلط کئے گئے ؟
یاد کرو لوگو! کہ تاریخ محکوموں کے اعمال کے مطابق ہی ان کے حاکم منتخب کرتی ہے ، سو محض اپنے سر دھروں کو برا مت کہو، اپنے کئے ہوئے کو اپنے ایمان کی میزان پر تولو۔
اے لوگو ! زمانہ ان ہی سے منہ پھیرتا ہے جو خود سے منہ پھیریں۔
تاریخ۔۔۔۔۔۔۔۔۔قوموں اور گروہوں کو ان کے حق سے کم کرتی ہے اور نہ زیادہ۔
جغرافیہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ان ہی سے روٹھتا ہے جو اپنے دریاؤں ، پہاڑوں، سمندروں، کھیتوں، کھلیانوں بستیوں اور بنوں، باغوں اور باغیچوں کی نگہداری نہیں کرتے۔
ہم نے جھوٹ کی بیساکھیوں سے دنیا میں اپنا قامت بڑھانے کی کوشش کی اور منہ کے بل گرے۔
ہم نے اپنے جغرافیے کو مال غنیمت جانا اور اس سے محض سمیٹنے کو اپنا حق سمجھا۔
آج ہم اپنے حال پر زاروقطار روتے ہیں اور اپنی بد بختیوں کی ذمے داری کبھی تاریخ، کبھی جغرافیہ، کبھی دوستوں اور کبھی دشمنوں کے کھاتے میں ڈالتے ہیں۔
حقاءق کا آءینہ ہمارے سامنے ہے لیکن ہم اس سے روبرو نہیں ہوتے کبھی ہم اس کے سامنے تو ہوں ، اس میں اپنی صورت تو دیکھیں۔
ہم کبھی اپنی تاریخ میں قریب اور بعید کی غلطیوں پر نظر تو کریں، کبھی اپنے جغرافیے سے پوچھیں تو سہی کہ اس نے ہمارے ہاتھوں کتنے زخم اٹھائے ہیں۔
ہم ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جنہیں دوسروں سے حساب فہمی کا عارضہ ہے، ہم کبھی اپنا حساب بھی دیں، اپنے نامہ اعمال پر ایک نظر تو ڈالیں۔
تب ہی ہم اس کے اہل ٹھہریں گے کہ اپنے نادان اور ناعاقبت اندیش بڑوں سے کہہ سکیں کہ انہوں نے راستی کو بھلا دیا اور جھگڑے کو اس کی حدوں بڑھا دیا۔
لیکن عزیزوں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پھر اس کی نوبت ہی کیوں آئے گی ؟
تم حیران و سرگرداں ہو، میرے اس جملے پر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ !
شاید تمہیں یاد نہیں رہا ، ابھی چند ساعتوں پہلے میں نے تم سے کہا تھا کہ تاریخ محکوموں کے اعمال کے مطابق ہی انکے حاکم منتخب کرتی ہے!
کیا واقعی ، تم اب بھی نہیں سمجھے کہ میں تمہیں کیا سمجھا رہا ہوں ؟

ہم سمجھ تو گئے کہ آپ کیا سمجھا رہے ہیں مگر آپ یہ بھی تو بتائیے کہ کیا یہ “ جون ایلیا “ ( جانِ اولیا ) کی تقریر کا اقتباس ہے؟
اگر یہ اس کے الفا ظ ہیں یا کسی اور کے تو وہ سب بالکل درست ہیں ۔
پاکستان کی تاریخ بھی “ محکوموں کے اعمال کے مطابق ہی ان کے حاکم منتخب کرتی ہے“
پاکستان کی تاریخ میں بار بار اس ہی اصول کا مظاہرہ ہوا ہے ۔ آج کل کی حکومت بھی ‘ محکوموں کے اعمال کے مطابق ہی ہے “
۔۔۔۔۔
زرقا مفتی صاحبہ کی تحریر کی سب باتیں غور و فکر کی دعوت دیتی ہیں۔
قاضی صاحب
یہ جون ایلیا صاحب کا تحریر کردہ انشائیہ ہے
حسبِ حال لگا تو یہاں پیش کر دیا
والسلام
زرقا
عزیز بہن زرقا مفتی سلامت رھو۔ کیا واقعی تم اب بھی نیہن سمجھے ۔۔۔جون ایلیا فلاسفر۔۔ زمن شناس جون ایلیا کا انشایئہ وہ گزشتہ زمانوں کا اسیر تھا۔۔ تاریخ وجغرافیہ پر بڑی گہری دسترس تھی وہ ٹھیک ھی تو کہتا تھا ۔۔۔۔۔۔جو
نخل تمنا کی آبیاری نہ کرنا جانتے ھوں۔کسی مقدس صحفیے میں مکتوب واقعات و حالات سے نظریں چرانا چاھتے ھون۔۔جو کوئ بات ھی سمجھنا نہ چاھتے ھوں ۔۔۔لیکن۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔جو لوگ لوح محفوظ پر لکھی تحریر نیہں پڑھ سکتےشا ید ۔لا۔شعوری طور پر نادم رھتے ھیں۔۔
۔بہت فکر انگیز بلاگ ھے۔۔ان لفظوں سے نظریں بچا کر گزرنا پڑا۔۔جغرافیہ ۔۔۔بھی انھی لوگوں سے روٹھتا ھے جو اپنے دریاوں،پہاڑوں،
سمندروں،بستیوں،بنوں،باغوں،اور باغیچوں کی نگہداری نیں کرتےکیا ھمارا شمار بھی انھی لوگوں میں ھوتاھے
شاعر جون ایلیا کو بچھڑے سات برس بیت گئے
تاریخ وفات۔8 نومبر 2002
اردو ادب کے ممتاز شاعر ادیب اور دانشور جون ایلیا کو ہم سے بچھڑے سات برس بیت گئے۔ جون ایلیا چودہ دسمبر انیس سو اکتیس کو بھارتی ریاست اتردپردیش کے علاقے امروہہ میں ایک پڑھے لکھے اور وضع دار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد سید شفیق حسن ایلیا شاعر ادیب، فلاسفر، معلم اور دانشور تھے۔ جون ایلیا کی ابتدائی تربیت انہوں نے ہی کی۔ جون ایلیا شروع سے ہی انقلابی اور باغی ذہن کے حامل تھے۔ آٹھ سال کی عمر میں انہوں نے پہلا شعر کہا۔ اور یہ سلسلہ ان کی آخری سانس تک جاری چلتا رہا۔ انیس سو ستاون میں جون ایلیا ہجرت کرکے پاکستان آگئے اور کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی۔ وہ اردو کے معروف شاعر، ادیب اور دانشور رئیس امروہوی کے چھوٹے بھائی تھے۔ انہوں نے معروف افسانہ نگار زاہدہ حنا سے شادی کی جو پائیدار ثابت نہ ہوسکی۔ اور انیس سو اسی میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی جس کا جون کو عمر بھر افسوس رہا۔ زاہدہ حنا سے ان کا ایک بیٹا اور دو بیٹیاں حیات ہیں۔
جون ایلیا کو اردو کے ساتھ فارسی، عربی، ہندی، انگریزی اور عبرانی سمیت متعدد زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ جبکہ فلسفہ، تاریخ، منطق، صوفی ازم، اسماعیلیت، مشرقی اور مغربی ادب کا بہت وقیع مطالعہ تھا۔ انہوں نے شاعری کے ساتھ، تراجم، انشایئہ اور نثر نگاری میں بھی کمال ہنر مندی کا مظاہرہ کیا۔ اپنے پہلے شعری مجموعے کی اشاعت سے قبل ہی جون ایلیا کو دنیا بھر میں ایک مستند اور اہم شاعر تسلیم کیا جاچکا تھا۔ ساٹھ سال کی عمر میں ان کا پہلا مجموعہ شاید کے نام سے شائع ہوا۔ جو آج بھی عمدہ شاعری کا ذوق رکھنے والوں کی پسندیدہ کتاب ہے۔ ان کے انتقال کے بعد ان کے مزید چار شعری مجموعے ‘یعنی’ ‘گمان’ ‘لیکن’ اور ‘گویا’ شائع ہوئے۔ جون ایلیا طویل علالت کے بعد آٹھ نومبر دو ہزار دو کو کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔
شاہین جی
السلام علیکم
ہم سب اسی لیے بے حسی کے خول میں بند ہیں کیونکہ خود سے نظریں ملانے کے قابل بھی نہیں رہے
والسلام
زرقا