میرے مالک، ایک نظر ادھر، میرے پاپی من پر بھی!

کچھ دن پہلے رومانیہ میں رہنے والی باون سالہ میری دوست دوئنا سے باتیں کرتے اچانک مغربی موسیقی میں اپنے نام کی طرح پہیلی جیسا موسیقائی بینڈ "انیگما" کے خالق کریٹو کی بات نکل پڑی! اسے اس بات پر بڑا فخر رہتا ہے کہ یہ کریٹو رومانیہ کا ایک موالی تھا، جو کہ پھر مشرقی اور مغربی موسیقائی آلات کا امتزاج دیکر ابھرا اور صوفیانہ طرز کی دھنیں بنا کر مغربی سر پھروں میں پچھلی صدی کے اواخری دہائی میں بھونچال بپا کردیا۔ ذاتی طور پر انیگما کا میں خود بھی شیدائی ہوں۔
مجھے یاد پڑتا ہے کہ جب پہلے پہل انیس سو چورانوے میں میں نے "انیگما" کی البم "عقیدے کی وادیاں" خرید کر واپس گھر کی طرف جا رہا تھا تو مجھے تبلیغی جماعت والوں نے حسب عادت اور معمول روک کر نپے تلے جملے (یعنی جو کہ رٹے لگے ہوتے ہیں) سنا کر پڑوس کی مسجد میں درس کے لیے دعوت دی۔ بڑی مشکلوں سے میں ان سے جان چھڑاکر اپنا راستہ لیا۔ (چلتے چلتے بات یاد آگئی، اس مسجد کا نام داؤدی مسجد ہے جس پر اس واقعے کے ٹھیک تین مہینے بعد پولیس نے چھاپہ مار کر ستائیس کلو چرس برآمد کی تھی۔ وہ سیٹھ داؤد پٹھان نے مسجد بنائی تھی جو سنا ہے کہ آجکل دبئی میں سکونت پذیر ہے)

خیر، سو اس رات میں نے چار بار اپنی ڈیک پر وہ البم سنا اور نقطہ عروج یہ بنا کہ بے وقت نماز کے لیے جھک گیا، رو پڑا، پتہ نہیں میرے اندر وہ کیا کیفیت طاری ہوگئی تھی۔
سو دوئنا کو میں نے کہا کہ ایک لنک ای میل کرونگا اسے ضرور سن لیجیے گا۔ اور اسی گھنٹے میں نے یہ علی ظفر اور طفیل سنجرانی کا "کوک اسٹوڈیو" میں رکارڈ کیا ہؤا لنک اللہ ہو روانہ کردیا۔ اس رات پونے تین بجے رومانیہ سے دوئنا نے فون کال کی۔ وہ رو رہی تھی۔ اور مجھ سے پوچھا کہ یہ کیا ہے؟ اس رقت سے اللہ کو بلایا جائے اور اللہ نہ سنے یہ کیسے ممکن ہے؟ اور میں نے اس دھن میں خود کو بہا کر دیکھا تو پتہ چلا جیسے میں اللہ کی درگاہ میں موجود ہوں۔ پلیز مجھے بتائیں یہی اسلام ہے نا؟ جس میں اتنی محبت ہے اور سکون ہے؟
نیند ہرن ہوگئی میری اور میں اس کو ٹیلیفون پر جیسے بہلا پھسلا رہا تھا! وہ زاروقطار روئے جا رہی تھی۔ اب میں اسے کیا کہتا!
اس نے مجھے ابھی پھر فون کیا ہے کہ "میں آرہی ہوں، پاکستان، مجھے دکھاؤ، سلطان باہو کی درگاہ، مجھے بھٹائی کی زیارت کراؤ، میں اسلام میں آنا چاہتی ہوں۔"
ٹیلیفون کٹ گیا، اور میں اپنی سوچ کی وادی میں گم ہوتا جا رہا ہوں! علی ظفر؟ طفیل سنجرانی؟ یا حضرت سلطان باہو؟
اسلام یا ملا؟ انسان کو معرفت کہاں کہاں سے ملتی ہے، اے خدا! یہ کیا ہے؟ میرے مالک، ایک نظر ادھر، میرے پاپی من پر بھی!

13 thoughts on “میرے مالک، ایک نظر ادھر، میرے پاپی من پر بھی!”

  1. ایک خصوصی گذارش انتظامیہ سے:

    اگر مناسب سمجھیں تو از راہٍ کرم یہ علی ظفر اور طفیل سنجرانی کا ویڈیو یوٹیوب ڈاٹ کام سے “امبییڈ“ کرکے اوپر لگادیں تو بہت آسانی ہوگی۔ ذرا انہیں بھی دیکھیں کہ اگر کوئی لاؤنچنگ پیڈ ملے تو ہمارے پاس کیا کیا نہیں!
    ملتمس
    امر فیاض

  2. بھائی فیاض امر صاحب !

    آپ بے شک ہمارے مشورے قبول نہ کریں لیکن باز آنے والے ہم بھی نہیں ہیں،

    مشورہ یہ ہے کہ ان محترمہ کو قران کا ترجمہ اور نہج البلاغہ باترجمہ ارسال کیجیے، اگر اُن کے نصیب میں ہدایت لکھی ہے (جس کا انحصار خود انسان ہی پر ہے، اور اس کی پہلی شرط باطنی پاکیزگی ہے) تو انشاء اللہ استفادہ کریں گی، وطن آ گئیں تو وہاں کا نام نہاد اسلام دیکھ کر کہیں واپس نہ پلٹ جائیں، میری نظر سے ایسی چند مثالیں گزری ہیں –

    اجرکم من اللہ

  3. فیاض بھائی بہت دنوں بعد آج اچھی چیز سننے کو ملی۔ ماشاء اللہ۔ اچھا انتخاب اور اچھی تحریر جس کے لفظ خود ہی ناطق ہیں۔ آپکی تحریر پسند آئی۔

  4. بھائی بہت ہی عمدہ ۔۔ اللہ خیر کرے نیت اچھی ہو تو راستے آسان ہو جاتے ہیں ۔۔

  5. انسان کو معرفت کہاں کہاں سے ملتی ہے، اے خدا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بےشک خوبصورت بلاگ اور ایک بہت ھی دقیق مسیلے کی طرف نشاندہی
    امر جی آپ کا من سچ میں بہت خوبصورت ھے آپ کی سوچ کی طرح ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    آپ کو اس بلاگ پے 10سے 10 ملتے ہیں جیو سدا ۔ ۔ ۔ 🙂

  6. اس ودیڈیو لنک میں سائیں ظہور ، علی ظفر اور طفیل احمد کے نغمات سننے کے قابل ہیں ۔
    روح خوش ہوگئی ۔
    خوش رہو فیاض امر صاحب مگر عبدالمنا ف غلزئی صاحب کے مشورہ کو ذہن میں رکھو۔

  7. سب سے پہلے تو السلام علیکم و تھٍہ یاعلی مدد، میرے تمام دوست۔
    جنہوں نے میرے بلاگ کو پسند کیا! دوسری بات میرے بہت ہی پیارے بھیا عبد المناف سائیں! ہاں میں آپ کا گناہگار ہوں۔ مجھ سے ہر لمحہ گناہ سرزد ہورہے ہیں۔ سچ تو یہ ہے کہ اکثر خود کو ایک گورکھ بندہ ہی سمجھتا ہوں، جو دل میں آئے بکتا جاتا ہوں۔
    کیاں کروں، صبر ایوبی میرے جین میں شاید ہے ہی نہیں، اب یہ مینوفیکچرنگ گالٹ کیسے دور ہو! کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔ بس چلی جا رہی ہے خدا کے سہارے۔
    دوسری بات کہ آجکل واقعی میں ایک مشکل دور سے بھی گذر رہا ہوں۔ دعا کریں کہ کہیں گذر سفر (دانے پانی) کا مسئلہ حل ہوجائے۔
    باقی دوئنا کو میں نے ذکرڈاٹ کام پر قرآن مجید بمع تراجم کے لنکس روانہ کردیے تھے شروع شروع میں ہی۔ اب اگر وہ پاکستان آنا چاہتی ہے، تو کم از کم میں اسے یہ نہیں کہ سکتا کہ “بیبی پلیز مت آئیں“۔ ہاں اگر اسکو ہدایت ملنی ہے اور اس کے لیے عطا کا جہان نصیب ہے تو بھیا کوئی نہیں اسے روک سکتا،
    باقی آپ کا حکم میرے لیے عطائے غیب ہے۔ آپ میرے لیے دعاگو ہیں، اور میرے پاس دعا اور آنسؤ کے اور کچھ نہیں دینے کو۔
    میرے دوست سائیں سید مصباح حسین، لاکھ لاکھ احسان آپکے۔ اس کے ساتھ میری لاڈلی بہن ڈاکٹر نگہت، ثناء جی،
    بس کہ چند حروف ہیں
    جو دل میں میرے گونجتے ہیں،
    کہ سدا مسکراتی رہیں،
    پھول بکھیرتی رہیں
    اور اس طرح میرے من کے پاپی پنکھ پر
    کچھ اڑان کی آرزو بڑھتی رہے
    بس یہی دعا ہے میری
    آپکا بہت اپنا
    امر فیاض

  8. محترم سائیں منظور قاضی صاحب،
    مولیٰ لجپال آپکو سدا آسانیاں عطا کرے۔ آمین،
    خدارا معاف کیجیے گا، کیونکہ میں اپنا تبصرہ لکھ رہا تھا کہ آپکا تبصرہ شایع ہوگیا۔
    حاضر میرے محسن سائیں، جیسا حکم آپکا۔
    میں تابعدار
    امرفیاض

  9. امر فیاض صاحب اللّھ آپ کی تو فیقا ت میں اضا فہ فر ما ے آمین اورعبدالمناف صاحب کی تجو یز پر ضر ور عمل کجیے گا

  10. علی ظفر اور طفیل احمد نے اس ویڈیو پروگرام میں کیا خوب کہا ہے کہ :
    “ جو نہ جانے حق کی طاقت
    رب نے دیوے اس کو ہمت“
    ۔۔۔۔
    فارسی کا مقولہ بھی یہی ہے کہ:
    ایں سعادت بزورِ بازو نیست
    تا نہ بخشد خدائے بخشندہ

  11. محترم بھائ امر فیاض ۔بہت خوب۔ بہت اچھا لگا پڑھہ کر۔۔۔ دراصل صوفیانہ کلام کا کمال ھی تو ھوتاھے کہ روح ایک الوھی نغمے کی لے پر رقص کرتی ھے۔۔ھم لوگوں کو بھی اللہ ھو اللہ ھو تکرار وجد کی کیفیت سے آشنا کرتی ھے۔۔ ھم گناھ گاروں کو عاصی اور سیاہ کاروں کو ایسے راستوں کی تلاش ھے۔ جو سچے سایئں تک پہچا دے۔۔ ۔۔۔ آپ دوئنا کو ضررو پاکستان آنے کی دعوت دیں۔اسے بتایئں کہ یہاں درگاھیں ھیں ۔مقدس اماکن ھیں اور بہت بے ضرر اور۔۔بہت اچھے لوگ ھیں بھی ھیں جنکی بدولت کاروان ھستی رواں دواں ھے ۔ پاکیزہ باطن والے لوگ ھی اس طرف متوجہ ھوتے ھیں۔۔ھم کو ایسے روحانی علاج کی ضرورت ھے۔جو ھماری بیزاری مایوسی اور مسلما نوں کا ۔خدا سے دوری جیسے مہلک امراض کا علاج کر سکے۔۔۔ اللہ پاک ھم کو نیکی اور سچائ کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرماۓ۔۔اجتماعی دعایئن عرش کو ھلا دیتی ھیں۔۔۔۔۔آیئے ھم سب مل کر دعا کریں مسلمانوں کے عروج کی۔

    پاکستان کی سلامتی کے لیے۔۔۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *