ایک اور دھماکہ ہوا ۔۔ ایک فوری تاثر

اکثر ہی سوچتی ہوں
دور دیس میں رہنے والوں کی کیا صبح و شام ہے
ایک ایک لمحہ جیسے ڈائری پر لکھا ہوا
آج کی صبح کوئی جدا سی تو نہ تھی
تیار ہو کر ناشتہ ہاتھ میں لئے ٹی وی کے سامنے بیٹھ جانا
ہر روز اپنے دیس کی خبرویں دیکھتے دیکھتے وہی پہنچ جانا
اور پھر اس کا حصہ ہو جانا
آج بھی یہی سوچا تھا
اچانک ہی اناؤسر نے بجھے لہجے میں خبر دی
پاکستان دہشت گردی کے زد میں
پشاور میں ایک اور دھماکہ ہوا
میں نے گھبرا کر ادھر ادھر ایسے دیکھا
جیسے یہ سب پہلی بار ہوا تھا
لیکن مجھے جیسے کچھ اور سنائی نہیں دے رہا تھا
میں دوڑتی چلی گئی ۔۔ مجید مجید پکارتی چلی گئی
ارے آپ یہاں ۔۔ میرے گھر میں ۔۔ مجید حیران تھا
مسیحا خود سوالی بن گیا تھا
سنو جب تم عراق میں تھے ۔۔ اور روز دھماکے ہوتے تھے
تمہیں کیا لگتا تھا ۔۔ جب ۔۔ ۔ جب سب کچھ مٹی میں مل جاتا تھا
اس کی آنکھوں میں نمی اتر آئی تھی ۔۔ اس کے ہاتھ دروازے پر جمے بھی لرز رہے تھے
وہ ایک دم ساٹھ سال سے اسی سال کا باریش ہو گیا تھا
سنو مجید پاکستان میں ایک اور دھماکہ ہوا ہے
میں کیا سوچوں ۔۔ کیا کروں ۔۔ بتاؤ ناں
کیا کہوں اے میری مسیحا
میرے دل و جسم پر زخم کس نے کیوں سجائیں ہیں
یوں سمجھو کچھ زخم دشمنوں نے لگائے تھے
اور کچھ میں نے خود غم سے سجا لئے ہیں
میرے لہو رنگ آنسو تو پانی سے کم تر
سنو میری مسیحا سب اچھا ہے ۔۔ کہہ کر تم بھی گھر کو لوٹ جاؤ
اور سو جاؤ
میں دعا کروں گا کہ تم بھی دو چہروں کے ساتھ جینا سیکھ جاؤ
دھماکوں کی آوازوں سے مانوس ہوجاؤ
لاشوں کو سمیٹنے کا ہنر سیکھ جاؤ
بھوک افلاس اور بے بسی کو اپنی قسمت جانو
نہیں مجید میں ایسا نہیں کر سکوں گی
اس نے سرخ آنکھوں میں حیرت بھر کر مجھے دیکھا
جاؤ پھر کہہ دو اپنے لوگوں سے کہ اپنے جرم کا اقرار کر لیں
ان کا جرم ۔۔ مجید ۔۔؟
ان کا جرم ان کی خاموشی ہے ۔۔
مجرمانہ خاموشی اور مجرمانہ بے حسی
دروازہ بند ہو چکا تھا
میں تھکے تھکے قدموں سے لو ٹ آئی
اب
اناؤسر کچھ اور کہ رہی تھی ۔۔
اور
ہر طرف بازاروں میں وہی رونق تھی

4 thoughts on “ایک اور دھماکہ ہوا ۔۔ ایک فوری تاثر”

  1. ان کا جرم ان کی خاموشی ہے ۔۔
    مجرمانہ خاموشی اور مجرمانہ بے حسی
    دروازہ بند ہو چکا تھا
    میں تھکے تھکے قدموں سے لو ٹ آئی
    اب
    اناؤسر کچھ اور کہ رہی تھی ۔۔
    اور
    ہر طرف بازاروں میں وہی رونق تھی

    خیالات، انداز اور انتخاب الفاظ کے اعتبار سے موجودہ حالات اور ہماری بے حسی کی بہترین تصویر پیش کی گئی ہے. کچھ لوگ ہیں جو قحط الرجال کے اس دور میں بھی حساس اور دردمند دل رکھتے ہیں، جو ان گنت واقعات کے بعد بھی ہر واقعے پر بالکل ایسے ہی رد عمل اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں جیسے یہ واقعہ تاریخ میں پہلی بار رونما ہوا ہو.

    اس تخلیق کی ایک خوبی جو مجھے پسند آئی وہ یہ کہ صرف شعری ذوق کی تسکین اور تخلیقات کی فہرست ایک اور اضافہ کرنے کے بجائے صورتحال اور پھر اس کے اسباب بتا کر دعوت فکر دی گئی کہ مجرمانہ خاموشی اور بے حسی سے جب تک چھٹکارا حاصل نہیں کرتے تبدیلی مشکل ہے .

    اللہ کرے زور قلم اور زیادہ

  2. نگہت جی
    سمجھ نہیں آتی کہ ہم کیا کریں۔ چیخیں چلائیں دعائیں کریں یا صبر

    ان کا جرم ان کی خاموشی ہے ۔۔
    مجرمانہ خاموشی اور مجرمانہ بے حسی

    بالکل بجا کہا آپ نے
    لیکن
    اب آوازیں اُٹھنے لگیں ہیں
    مگر ان آوازوں کو ایک طاقت بننے میں وقت لگے گا
    والسلام
    زرقا

  3. ایک اور دھماکہ اور فوری تاثر — کیا واقعی ھمارا شمار ان قومیں میں ھونے لگا ھے جن کے اذھان دھماکوں کی آواز مانوس ھوں جو لاشوں کو سمیٹنے کا ھنر سکیھہ جایئں۔بھوک افلاس اور بےبسی کو اپنی قسمت سمجیھہ لیں،مسیحا اتنی پر آثر نظم ھے نوحہ وقت ھے۔میں بھی بھیگی آنکھوں سے دعا مانگ رھی ھوں،رحم اے غفورالرحیم، ھم پر رحم کر۔۔ھماری قوم پر۔ھمارے پاکستان پر
    مسیحا – بم دھماکے ۔خودکش حملوں مین اضافے ھو رھے ھیں ھمارے حکمراں ھردھماکے کے بعد مرنےوالوںپرافسوس اور زخمیوں سے ھمدردی جتاکر پھر کسی دھماکہ کا انتظار کرتے ھیں۔پاکستان اس وقت دھشت گردی کی لپیٹ مین ھے معصوم بے گناہ شہریوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ،،ھر آنکھہ اشکبار ھے۔سجی ھے پھر سے کربلا۔۔یہ محتسب کو دو خبر ،،کہ شر ھے اب شکتہ پر ۔۔ھے صبح نو قریب پر،سلام ان ستاروں پر ،،،سفر مین روشنی کے جو بجھہ گۓ تو آج کیا،بنے گی ان کے نام سے کل اس زمیں پے کہکشاں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *