آؤ انکھ مچولی کھیلیں اور ایک دوسرے کو تلاش کریں !
دیکھو !
اگر تم میرے دل میں چھپے ہو تو میرے لیئے تمہیں ڈھونڈ لینا دشوار نہیں ۔۔
لیکن اگر تم اپنی دیوار ہستی کے پیچھے چھپ گئے ہو تو لوگوں کا تم تک پہنچنا ایک سعی لاحاصل ہو گا ۔۔!
(خلیل جبران)
آؤ انکھ مچولی کھیلیں اور ایک دوسرے کو تلاش کریں !
دیکھو !
اگر تم میرے دل میں چھپے ہو تو میرے لیئے تمہیں ڈھونڈ لینا دشوار نہیں ۔۔
لیکن اگر تم اپنی دیوار ہستی کے پیچھے چھپ گئے ہو تو لوگوں کا تم تک پہنچنا ایک سعی لاحاصل ہو گا ۔۔!
(خلیل جبران)
دل اور دیوار ہستی میں یوں تو صدیوں کا فاصلہ ہے لیکن سچ پوچھیں تو یہ دونوں ایک ہی محلے کے دیوار با دیوار مکین ہیں۔ہو سکتا ہے کہ خلیل جبران کے نزدیک یہ بات درست ہو لیکن میرا اپنا تجربہ یہ ہے کہ دل میں چھپے ہوئے کو بھی بعض اوقات تلاش کرنے میں عشرے گزر جاتے ہیں۔رہی بات دیوار ہستی کی تو انسان کی ہستی خود ایک ایسی دیوار ہے جس کے پار سے اگر وہ چاہے تو اسے خود اپنی ہی صدا سنائی نہیں دیتی۔
موضوع خشک سہی لیکن ہے توجہ طلب۔
دیکھتے ہیں کیا کوئی تین چار افراد بھی اس پر خامہ فرسائی کرنے کو تیار ہیئں؟
آو آنکھہ مچولی کھلیں اور ایک دوسرے کو تلاش کریں۔ھم میں سے بہت سارے لوگ ایک چھت کے نیچے رھنے کے باوجود ایک دوسرے سے صدیوں کے فاصلے پر ھوتے۔۔ ھیں نہ روح کی کھڑکی کھولتے ھیں نہ محبت کی خوشبو کو محسوس کرتے ھیں۔۔
جبران خلیل جبران 6جنوری 1813 سے 10 اپریل 1931
لبنانی نثراد امریکی شاعر یوسف جبران المارونی کا پوتا جبران خلیل جبران بین الاقوامی ادب کا ایک بڑا نام ۔فلاسفر شاعر۔ادیب،مححق۔مصور فوٹو گرافی کا جنون کی حد تک شوقین۔۔محبت سچائ اور محبت کا پیروکار انگریزی عربی میں اس نے مقالات۔مضامین۔ افسانے اور دل مین آتر جانے والی شاعری سے اپنے قاری پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ وہ مایوسی اور غم میں بھی
روشنی خوشی اور امید کے خواب دیکھتا۔۔اور اس کا کرشمہ یہ تھا کہ یہہی خواب پڑھنے والوں کی چشم حیرت میں نظر آتا۔ اسکی تخلیقات کا ترجمہ دنیا کی ساری بڑی زبانوں میں ھوچکا ھے۔ میری پسندیدہ کتابوں میں ٹوٹے ھوۓ پر۔۔ایک آنسو ایک مسکراھٹ اور اسکی شاعری ۔۔۔تو واقعی لمحہ حاضر کی بات لگتی ھے دس سال کی عمر میں اس کے دایئں کاندھے کی ھڈی ایک پہاڑ سے آترتے ھوۓ ٹوٹ گئی تھی۔۔وہ درد ساری زندگی اسکے ساتھہ رھا۔۔15اپریل 1912 میں ٹائٹینک میں 85 لبنانی بھی شامل تھے۔اس دکھہ پر وہ کئی دن تک نیہں سو سکا تھا۔۔۔ دنیاۓ ادب کا یہ بادشاہ ٹی بی جیسے مرض کے باعث نیویارک میں موت کی آغوش میں چلا گیا۔۔
مگر ایسے لوگ تو کتابوں میں صدیوں تک زندہ رھتے ھین
نگہت بہن اسلام علیکم
آپ کا یہ بلاگ دو تبصروں پر ہی رک گیا میں نے محترمہ شاہین رضوی صاحبہ کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے خلیل جبران کے بارے میں کچھ لکھنے کا ارادہ کیا ہے تفصیل تو طویل ہے جو گوگل پر پڑھی جاسکتی ہے جس میں جبران کی تحریروں پر بننے والی فلمیں… موسیقی.. اعزازات وغیرہ کی تفصیل موجود ہے میں نے جہاں بہت سے اہلِ قلم پر ریڈیو پروگرام کئے ہیں تو میں نے خلیل جبران پر بھی پروگرام کیا تھا اورخیال کیا کہ عالمی اخبار کے قارئین تک کچھ معلومات پہنچائی جائیں . ظاہر ہے گوگل پر یا انسائیکلوپیڈیا پر تو تمام معلومات مل ہی جاتی ہیں لیکن یہ اپنا پلیٹ فارم ہے تو اس پر بھی کچھ لکھ رہا ہوں کافی اختصار سے کام لینے پر بھی کئی صفحے ہوجائیں گے آپ لوگ چاہیں تو اسے الگ سے کہیں لگا سکتے ہیں مگر میری کوئی چار گھنٹے کی تحریر کو ذبح نہ کردیجئے گا گوکہ الحمد لللہ اب تک میری کسی تحریر کو مایوسی نہیں ہوئی. عنایت .کرم .شکریہ . مہربانی
1880 میں لبنان ملک شام کا ایک حصہ تھا ( کیا اتفاق ہے کہ 1980 میں میرا تین ہفتے بہ زمانہء جنگ بیروت میں قیام رہا) اس زمانے میں کوہِ لبنان کی مقدس وادی ” قالسیہ ” میں ایک پہاڑی کے چھوٹے سے ہموار قطعے پر آباد ایک بستی “بشاری” میں ایک میرونی عیسائی مذہبی خاندان کی بیٹی کاملہ رحمت سینٹ سائمن کے گرجا میں ننن تھی. پھر کاملہ رحمت کی شادی اسکے چچا زاد بھائی حنّا رحمت سے ہو گئی کاملہ رحمت ایک بیٹے بطروس کی ولادت کے کچھ عرصے بعد ہی بیوہ ہوگئی
پھر کاملہ رحمت کی شادی خلیل جبران نامی ایک آدمی سے ہو گئی جو بشاری میں محصولات جمع کرنے پر ملازم تھا. اور اسکا اخروٹ کا ایک باغ تھا لیکن شادی کے بعد معلوم ہوا کہ وہ قمار بازی اور کثرتِ شراب نوشی کا عادی ہے. اپنی بری عادتوں کے سبب وہ جلد ہی تنگ دستی کا شکار ہو گیا اور کاملہ رحمت پریشان حال زندگی گذارنے پر مجبور ہوئی.
6 جنوری 1883 کو کاملہ رحمت جب ایک بیٹے کی ماں بنی تو شوہر کے نام پر اس کا نام جبران خلیل جبران رکھا. کاملہ کا پچھلے شوہر سے چھ سےایک کا بیٹا بطروس بھی ساتھ ہی رہتا تھا. جبران خلیل جبران کے بعد کاملہ رحمت کی دو بیٹیاں سلطانہ اور ماریانہ بھی پیدا ہوئیں.
اس زمانے میں لبنان میں قتل و غارت گری کا دور دورہ تھا. اس سے بچنے کے لئے ہزاروں عیسائی نقلِ مکانی پر مجبور ہوئے کچھ مصر چلے گئے اور کوئی تیس لاکھ عیسائی بہتر مستقبل کی تلاش میں نقل مکانی کرکے امریکہ چلے گئے جو اس زمانے میں نئی دنیا کہلا تا تھا. کاملہ رحمت کا شوہر سرکاری رقم خرد برد کرنے کے جرم میں جیل چلاگیا اور اس کا مکان اور دیگر املاک بحقِ سرکار ضبط کرلئے گئے اس بے سروسامانی کی حالت میں کاملہ رحمت نے اپنے چاروں بچوں کو پروں میں سمیٹا اور پانچ ہزار میل کے بحری سفر پر ایک بادبانی جہاز میں سوار ہوگئی.
ایک انتہائی تھکا دینے والے سفر کے بعد 1895 میں یہ خاندان امریکہ پہنچا اور پھر نیو یارک سے کسی طرح بوسٹن پہنچا جہاں کاملہ رحمت کے کچھ رشتے دار پہلے سے نقلِ مکانی کرکے پہنچ چکے تھے اس زمانے میں نہ ہوائی جہاز تھا نہ کاریں اور بسیں . غرض گھوڑے گدھے کی سواری سے کسی طرح بوسٹن کی ایک انتہائی مفلوک الحال گنجان اور بدنامِ زمانہ بستی South End پہنچے یہاں کاملہ رحمت کے رشتہ داروں کے علاوہ بشاری سے آئے ہوئے بہت سے لوگ پہلے ہی سے آباد تھے تنگ گلیوں اور اینٹوں سے بنے ہوئے راستوں سے گزرنے کے بعد یہ خاندان اس عمارت میں پہنچا جس کے ڈربے نما کمروں میں کئی کئی خاندان ایک ساتھ رہ رہے تھے جہاں گندگی غلاظت اور بیماری کا گھر تھا کاملہ رحمت اور اس کے بیٹے بطروس اور جبران خلیل جبران نے پھیری لگا کر گھریلو سامان فروخت کرکے دو وقت کی روٹی کا انتظام کیا.
کچھ عرصے بعد کاملہ رحمت جبران کو کوئنسی اسکول برائے طلباء میں داخل کرانے کے لئے لے گئی . کاملہ نے بچے کا نام خلیل جبران خلیل لکھوایا لیکن لکھنے والے نے اس نام کو طویل سمجھتے ہوئے اسے مختصر کرکے خلیل جبران لکھا اور پھر وہ ہمیشہ کے لئے خلیل جبران بن گیا
تیرہ سال کی عمر میں خلیل جبران کو انگریزی سے ناواقف تارکینِ وطن بچوں کی جماعت میں بٹھایا گیا جہاں تعصب. نسل پرستی اور مقامی لڑکوں کے احساسِ تفاخر والا ماحول ملا جس نے جبران کو تعلیم کی طرف متوجہ نہیں ہونے دیا.
جبران کو بچپن ہی سے مصوری کا شوق تھا وہ اس وقت سے جب اسے بولنا بھی نہیں آیا تھا آڑھی ترچھی لکیریں کھیچنے لگا تھا جب ذرا بڑا ہوا تو بشاری کی ایک قدیم اور غیر آباد خانقاہ مارکسس کی خلوت میں بیٹھ کر مدتوں مصوری کی مشق کی تھی( جاری ہے)
اس کی ایک استاد نے اس کی تعلیم سے بے توجہی دیکھی اور مصوری سے بے حد دلچسپی اور صلاحیت کو دیکھ کر ایک فلاحی ادارے کی مدد سے ایک پبلشر، ادیب،اور مصور فریڈ ہالینڈ ڈے Fred Hollanad Day سے ملوادیا. اس نے جبران کے خوبصورت نقوش کو دیکھ کر ماڈل بناتے ہوئے اس کی خوبصورت تصویریں کھینچیں جس میں عربوں کا خوبصورت لباس پہنے ہوئے کہیں کسی قبیلے کا سردار. کہیں شہزادہ، کہیں ترکی لباس میں ترک زادہ، کہیں افلاس زدہ علاقے کا مکیں، کہیں رئیس زادہ. پھر فریڈ ہالینڈ ڈے نے اپنے اسٹوڈیو میں ان تصاویر کی نمائش کی اور جبران کو مستقلاً اپنے ساتھ لگالیا مسٹر فریڈ کا انگریزی ادب پر بھی گہرا مطالعہ تھا انہیں بہت جلد یہ ادراک ہو گیا کہ جبران صرف ماڈل ہی نہیں ہے اس کی علمی لگن نے انہیں مسحور کردیا بہت جلد ان پر یہ راز آشکار ہو گیا کہ جبران اپنے وطن کی محبت میں گرفتار ہے اس کا ذہن بار بار اسے ماضی کی طرف کھینچ رہا ہے امریکہ میں وہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہا ہے لیکن اس کی روح بشاری کے مرغزاروں کی طرف رخ کئے ہوئے ہے وہ مادّی آسائشوں کے بجائے فطری آزادی کا طلب گار ہے. پھول، پرندے، آبشار، اور ندیاں اس کا سرمایہ ہیں. مسٹر فریڈ ہالینڈ ڈے نے اسے ایسا لٹریچر پڑھوایا جسے پڑھ کر اس کے جذبہء حسن پرستی کو تسکین بھی ملے اور اس میں اضافہ بھی ہو. کیٹس. شیلے اور بلیک کی نظمیں اس کی طبیعت سے مناسبت رکھتی تھیں مسٹر ڈے نے اسے ان شعراء سے متعارف کرایا ان کی صحبت میں جبران کی انگریزی زبان پر گرفت بڑھی ان عظیم انگریز شاعروں کا کلام پڑھ کر وہ بےحد متاثر ہوا اس کے ذہن میں چراغ سے جل اٹھے یہ سب گویا اسکے قبیلے کے ہی افراد تھے کیٹس کی شاعری پڑھ کر وہ کہہ اٹھا ” وہ حقیقی حسن کے پجاریوں میں سے ایک ہے وہ حسن جو واحد صداقت ہے. ناقابلِ پیمائش آسمان میں رقص کرتا ہوا ایک شعلہ.” شیلے کو پڑھا تو ا س پر یہ عقدہ کھلا کہ اس کی روح کسی جلاوطن دیوتا کی روح ہے جو غمزدہ تھکا ہوا اور وطن کی یاد میں بیقرار ہو کر دوسرے سیّاروں کی یادوں
کو گنگناتے ہوئے اپنا وقت گذار گیا.
مسٹر ڈے کے اسٹوڈیو میں جبران ہر وقت خاکہ کشی اور نئی تصاویر کو جنم دینے میں مصروف رہتا. مسٹر ڈے اسے بوسٹن کی پلے اسکوائر لائبریری کی تصاور کی نمائش میں باقاعدہ لے جانے لگے اور اس طرح جبران کا تخلیقی جوہر چنگاری سے شعلہ بنتا چلاگیا
ساؤتھ اینڈ کے غلیظ علاقے میں رہنے والا یہ لڑکا ملک کی اعلیٰ ترین سوسائٹی میں پہچانا جانے لگا. ایک ممتاز مصنف نارتھ ہسکل ڈول نے جبران کی ایک تصویر کو خیام کی رباعیات کے مجموعے کے سرِ ورق کے طور پر انتخاب کرکے بوسٹن کے ادبی حلقوں کو حیرت میں ڈال دیا اتنی کم عمری میں حاصل ہونے والے اس اعزاز نے اسکی شہرت کو ہوا کے پروں پر سوار کردیا . اب فنّی حلقوں میں اسکے فن پر بحثوں کا آغاز ہو گیا.
کاملہ رحمت اس کی مقبولیت سے خوش تھی لیکن خوفزدہ بھی. اس لئے کہ امریکی عورتوں سے اس کا میل جول ان کا جبران کی طرف کھنچاؤ اسے پریشان کر رہا تھا وہ اسے بوسٹن سے دور بھیجنا چاہتی تھی اسے جبران کی تعلیم کی بھی فکر تھی عربی زبان اور اس کے ادب سے آگاہی کے لئے اس نے جبران کو لبنان بھیجنے کا فیصلہ کیا جو جبران کی دلی خواہش تھی اور اگست 1898 کو جبران لبنان روانہ ہو گیا جہاں جبران نے چار سال تعلیم حاصل کی یہ اس کی ذہنی صلاحیتیں تھیں جنہوں نے جبران کو ان چار سالوں میں دس بارہ سال حاصل ہونے والے علم کے قابل بنادیا.
چار سال بعد جب جبران واپس امریکہ آیا تو معلوم ہوا کہ تعفن زدہ علاقے ساؤتھ اینڈ میں پھیلی ہوئی ہیضے اور تپ دق کی وبا اس کی بہن سلطانہ کی موت کا سبب بن چکی ہے اس واقع کے صرف چھ ماہ بعد اس کا بڑا بھائی بطروس پچیس سال کی عمر میں تپ دق سے انقال کرگیا. اور چھ ماہ بعد کاملہ رحمت بھی کینسر کا شکار ہو کر جبران اور مارینہ کو چھوڑ کر موت کی وادی میں جابسی اس طرح ایک سال میں جبران کی زندگی کی تین اہم شخصیات کے انتقال نے جبران کو توڑ کر رکھ دیا کاملہ رحمت کی بنائی ہوئی پرچون کی دکان اب ماریانہ چلا رہی تھی جبکہ جبران انتہائی پریشانی کے دور سے گزر رہا تھا اس موقع پر ایک پرانی واقف کار شاعرہ اور ویلزے کالج میں انگریزی ادب کی معلمہ “جوزفین” جبران کا سہارا بنی اور جبران کو ایک بار پھر محفلوں، کانسرٹ اور تصاویر کی نمائشوں میں لے جاکر اعلیٰ سوسائٹی سے متعارف کرانے لگی اس کی صحبت میں جبران شاعری کی جانب مائل ہوا اب اس کی تصاویر میں ایک ایک شاعر کی سوچ اور ایک مصور کے موئے قلم کی تخلیق کے امتزاج نے جبران کو ایک بار پھر مصوروں کی دنیا میں مصروف کردیا. (جاری ہے)
جبران کی قاب لداد ذہانت مسٹر ڈے کا اس کو شیلے کیٹس اور بلیک کے مطالعے سے متعارف کرانا اور جوزمین کی صحبت نے جبران کی فلسفیانہ گفتگو میں حیرت انگیز اضافہ کیا. اس کی پینٹنگز بک بھی رہی تھیں لیکن معاشی حالات بے حد خراب تھے کہ ایک دن تارکین وطن
کے ایک اخبار ” المہاجر ” کے مدیر سے اس کی ملاقات ہوئی جو جبران کی عالمانہ گفتگو سے بے حد متاثر ہوا اور اس نے جبران کو اپنے
اخبار کے لئے کالم لکھنے کی پیش کش کی جس کا معاوضہ دو ڈالر فی ہفتہ طے ہوا اس طرح جبران قلم کی دنیا میں داخل ہوا
جبرا ن کا پہلا مضمون “وژن” تھا اس مضمون میں اس نے پنجرے میں بند ایک پرندے کا احوال بیان کیا جو دانہ اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے مر گیا تھا ایک شاعر ہونے کی حیثیت سے اس نے پنجرے کو ڈھانچا بن جانے والے انسان سے اور پرندے کو دل سے تشبیہ دی تھی. یہ اس کی دائمی افسردگی کا دل دوز اظہار تھا. میں انسانی قلب ہوں جو لوگوں کی باتوں کی تاریکی میں مقید اور اوہام کی زنجیروں سے بندھا ہوا ہے یہاں تک کہ میں لبِ مرگ پہنچ چکا ہوں تہذیب اور ان کی ترغیبات میں مجھے بھلایا جا چکاہے انسانیت کی زبان بند ہے اور اس کی آنکھیں خشک ہیں اور وہ مسکرا رہی ہے.
اس اخبار کے چند ہی مضامین شائع ہوئے تھے کہ اس کے سادہ عربی اسلوب نے تارکینِ وطن کے دل موہ لئے اس نے شاعری کی زبان کو نثر میں داخل کرکے ایک ایسا نیا اسلوب وضع کیا جو بالکل نیا تھا.عربی لٹریچر اس قسم کی نثر سے خالی تھا اس کی نثر میں حقیقت بھی تھی خواب بھی تھے زندگی کا ماورائی تصور جسے وہ پیش کررہا تھا وہ کیٹس، شیلے اور بلیک کے وہ تصورات تھے جن سے جبران متاثر ہوا تھا ان انگریزی شعراء کے تصورات کو وہ عربی نثر میں پیش کررہا تھا جو ایک نئی چیز تھا.
اُداسی کے ان دنوں میں جبران اپنا تمامتر وقت لکھنے لکھانے میں گذارنے لگا اس کا کالم عربی ادیبوں میں بے حد مقبول ہو رہا تھا اس کا رومانی طرزِ تحریر اور فطرت سے اس کی دلچسپی عربی ادیبوں کے لئے متاثرکن تھی اس نے اپنے کالموں سے جن موضوعات کو اٹھایا وہ بھی انقلاب آفرین اور جدید تھے وہ اپنے کالموں میں چرچ اور ریاست کے جبر و استبداد کی مذمت بلا خوف وخطر کررہا تھا اور مشرقی وسطیٰ میں عورتوں کی مجبوریوں کی تصویر کشی کر رہا تھا جو عرب لٹریچر میں اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی. (جاری)
اس اثناء میں جبران کی ملاقات ‘ میری ہیکل ‘ سے ہوئی جو کافی صاحبِ حیثیت خاتون تھی جس نے ایک طویل عرصے تک جبران کو مالی تعاون فراہم کیا میری ہیکل ایک ایسی خاتون تھی جو جبران کی زندگی میں ایک بہترین دوست اور معاون کی حیثیت سے رہی اس سے جبران کی شادی بھی طے ہو گئی تھی جو نہیں ہوسکی یہ جبران سے آٹھ سال بڑی تھی میری کا جبران کی زندگی میں ایسا مخصوص دخل رہا کہ جبران نے اپنی کئی کتابوں کے انتساب میری ہیکل کے نام لکھے میری کی کوشش اور مالی تعاون کی وجہ سے مصوری کی اعلیٰ تعلیم کے لئے جبران پیرس بھی گیا
بیسویں صدی کے پہلے عشرے میں پیرس اعلیٰ جمالیات پسندی کا مرکز تھا. بونارڈ. ڈیگاس، گاگین. کیلے. اور پکاسو جیسے عظیم مصوروں نے اسکول آف پیرس کو اعتبار بخشا تھا یہاں کے مرد و زن فنِ مصوری میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کرنے میں دنیا بھر میں مشہور ہو رہے تھے جبران کا خیال تھا کہ اس کے نام کے ساتھ پیرس کا اسکول آف آرٹس جبران کی تصاویر کی قیمت میں اضافے کا سبب بنے گا .
پیرس روانہ ہونے کے بعد ‘ المہاجر ‘ نے اس کی چار کہانیوں پر مشتمل کتاب باغی روحیں شائع کی. یہ چاروں کہانیاں پہلے المہاجر میں شائع ہو چکی تھیں یہ کہانیاں بھی اس کی پہلی کہانیوں کی طرح لبنان میں سماجی جبر کے موضوع پر لکھی گئی تھیں دوسری کہانی قبروں کی پُکار میں جبران نے لبنان کے بدعنوان اور استحصالی عدالتی نظام کی ناانصافیوں کو موضوع بنایا تھا قبروں کی پُکار میں جابر امیر غریبوں کی عدالت لگاتا ہے اور بغیر مقدمہ چلائے ملزموں کا مجرم قرار دیتا ہے.
باغٰی روحیں کی دیگر دو کہانیاں ” وردہ الہانی ” اور ” دلہن کا بستر ” میں مشرقِ وسطیٰ میں عورتوں کے حقوق. متعصبانہ. جابرانہ اور جاگیردارانہ نظام کو موضوع بنایا گیا تھا. ایسی باغیانہ کہانیوں نے اس روایت پسند عہد کوہلا کر رکھ دیا مصر اور شام میں اس کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا شام کی حکومت نے اس کتاب پر پابندی لگادی ہنگامہ اتنا بڑھا کہ بیروت کے ایک بازار میں مشتعل ہجوم نے اس کی کتابوں کو نظر آتش کیا پیرس میں ایک ترک نوجوان نے جبران پر گولی چلادی جس سے وہ بچ گیا.
بیروت سے میرونی چرچ کے ود نمائندے اسے باز رکھنے کے لئے پیرس پہنچے جنہیں جبران نے یہ کہہ کر رخصت کر دیا کہ ابھی تو آپ لوگ میری کتاب ‘ ٹوٹے ہوئے پر’ کا انتظار کیجئے جس کا مطالع آپ لوگوں کے لئے ضروری ہے
اکتوبر 1910 میں جبران پیرس سے بوسٹن واپس آگیا جہاں وہ بھر پور طور پر مصوری اور ساتھ ساتھ تصنیفی کاموں میں مشغول رہا اور پھر اپنی تصاریر کی بہتر قیمت پانے کے لئے نیو یارک منتقلی کا فیصلہ کیا اور اپریل 1911 میں وہ نیو یارک منتقل ہو گیا جہا ں وہ اپنی دونوں دلچسپیوں میں منہمک رہا یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس دور میں وہ ایک فعال مصور تھا یا مصروف مصنف. اسکی تصاویر کی نمائشیں بھی جاری تھیں اور 1912 میں اس کی کتاب ‘ ٹوٹے ہوئے پر’ بھی شائع ہقئی.
اس ناول کے ذریعے جبران نے جہاں مذہبی پیشواؤں کی بد عنوانیوں کی نقاب کشائی کی وہیں وہ مشرقِ وسطیٰ میں عورتوں کے حقوق کا اولین محافظ بھی بن گیا. اس ناول میں سچی محبت ایک ایسے معاشرے میں ناکام ہوتی ہے جو عورت کو جنسِ فروخت سمجھتا ہے اس ناول میں ا س نے دولت و اقتدار کے جبر تلے دبی ہوئی عورت سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے. اس نے لکھا.
‘ انسان کی آنکھیں شمعوں کی مانند روشنی کی عادی ہوچکی ہیں
اور وہ سورج کی روشنی دیکھنے سے قاصر ہیں روحانی بیماری
ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل ہوتی ہے یہاں تک کہ وہ انکی
زندگی کاجُز بن جاتی ہے جسے وہ بیماری نہیں بلکہ نعمت سمجھتے
ہیں اگر ایسا کوئی شخص ملے جو اس بیماری سے پاک ہو تواسے
تحقیر کی نظر سے دیکھتے ہیں ‘ (جاری ہے)
اس ناول کی سب سے خوبی یہ تھی کہ اس ناول کا ہیرو جبران خود تھا جوبڑی بہادری سے سیاسی اور مذہبی نمائندوں کو چیلنج کر رہا تھا اس ناول کے شائع ہوتے ہی عربی ادب کی دنیا میں اس کی دھوم مچ گئی. جبران کا شگفتہ اسلوب، شاعرانہ نثر،تفکر آمیز فقرے. جدید موضوع نقادوں کے لئے توجہ کا مرکز بن گئے . اس کے اسلوب پر مضامین لکھے جانے لگے اس کے جملے ضرب المثال بن کر گفتگو میں شامل ہونے لگے اب وہ مختلف موضوعات پر قلمکاری کر رہا تھا اس نے مسلمان فلسفیوں پر مضامین لکھے. پہلا مضمون اس نے ابنِ سینا پر لکھا پھر ابن الفرید پر پھر امام غزالی پر. اس کے نزدیک یہ مضامین مغرب سے پوشیدہ عظیم عرب فکری خزانہ کو سامنے لانے کے لئے لکھے گئے ان مشاہیر کو پڑھتے ہوئے وہ خود ان سے اتنا متثر ہوا کہ ان فلسفیانہ خیالات کو نظم کرنے کا خیال آیا اس نے نثری نظمیں لکھنا شروع کیں یہ نظمیں اس نے ‘المہاجر’ اور ‘مراۃ المغرب’ میں شائع کرائیں پھر اس نے ان کا مجموعہ چھاپا جس کا نام ‘ ایک آنسوایک مسکراہٹ’ رکھا.
اب وہ آرٹ کی طرف سے غافل ہو چکا تھا شاعری کی دیوی اس پر مہربان تھی وہ فلسفے، تصوف، وطن سے دوری، فطرت پرستی اور سیاست کے موضوع پر نظمیں تخلیق کر رہا تھا جسے وہ اپنے نئے مجموعے ‘ پاگل ‘ میں شامل کرنا چاہتا تھا. وہ یہ ثابت کرنے کے لئے لکھ رہا تھا کہ جنہیں دنیا پاگل کہتی ہے دراصل وہی ہوشمند ہیں یہ ایک عجیب موضوع ہے بالکل میری طرح.
یہاں سے وہ پھر مصوری کی دنیا کی طرف پلٹ گیا دن رات نئی تصویریں تخلیق پانے لگیں نمائشوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا دراصل معاشی مسائل اسے یکسوئی سے ایک کام نہیں کرنے دیتے تھے کئی نمائشیں .کئی کتابیں.. اور پھر باالآخرجبران کی زندگی ایک نئے انقلاب سے دو چار ہوئی ستمبر 1923 کو ایک چھوٹی سی سیاہ جلد کا لباس پہنے ہوئے جبران کے فلسفیانہ مضامین کا مجموعہ جبران کی پہلی انگریزی زبان میں چھپنے والی ایک مختصر سی لیکن اس دور کے انگریزی ادب کا عظیم سرمایہ تخلیق ” پیغمر” نیو یارک کے کتب فروشوں کو نہال کرتی ہوئی اورقاری کی نگاہوں کو چکاچوند کرتی ہوئی رونما ہوئی اور اس بہت چھوٹی سی کتاب نے جبران کو بڑا آدمی بنا دیا
اس کتاب کے چھپنے کے ایک ماہ بعد Colorado Collage کے صدر نے جبران کو خط لکھا جس میں اس نے کالج کے گرجا گھر کے گھنٹے پر پیغمبر کا ایک مصرع نقش کرنے کی اجازت طلب کی تھی اور وہ مصرع تھا ” گذرا ہوا کل آج کا حافظہ ہے اور آنے والا کل آج کا خؤاب ” (جاری ہے)
آئرش ادیب جارج رسل نے پیغمبر کا مطالعہ کرنے کے بعد بے اختیار کہا ” رابندر ناتھ ٹیگور کی گیتا انجلی کے بعد مشرق نے کبھی اتنی خوبصورت آواز میں کلام نہیں کیا اس نے مزید لکھا میں نے برسوں سے ایسی خوبصورت کتاب نہیں دیکھی اور اسے پڑھ کر مجھے سقراط کے خیال کے حسن والے نظریے کا مفہوم سمجھ میں آیا میں اس کے ہرصفحے سے اقتباس دے سکتا ہوں آزادی کے متوالوں پر جبران کا یہ طنزکتنا گہرا ہے کہ آزادی ان کے لئے طوق اور ہتھکڑی بن چکی ہے.
ثروت اوکاشا نے جو مصر کا سابق وزیرِ ثقافت تھا پیغمبر کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ” یہ کتاب لہو میں بھیگی ہوئی ہے یہ کتاب زخمی دل سے نکلی ہوئی ایک چیخ ہے. بے پناہ درد اپنے َشکاروں کو کچل دیتا ہے تاہم جبران جیسی روح سے سامنا ہونے پر یہ ایک زر خیز اور تخلیقی قوّت بن جاتا ہے.” غرض جبران نے اہل علم و ادب کو پیغمبر کے ذریعے حیران کردیا.. ؛( جبران = حیران)
پیغمبر میں مشرق و مغرب کا ایک ایسا صوفیانہ ملاپ ہواتھا جس کی نظیر جبران کے علاوہ اور کہیں نہیں ملتی اس کتاب پر اس سے کہیں زیادہ کہا اور لکھا جاسکتا ہے اس کی انجیلی زبان کے اقتباس سنائے جاسکتے ہیں. اس کے بعد جبران نے “ریت اور جھاگ”
لکھی. بارہ نومبر 1926 کو اس نے اپنی زندگی کی سب سے جذباتی کتاب “یسوع انسان کا بیٹا” لکھنے کا آغاز کیا غرض جبران کی تصانیف کی فہرست طویل ہے. ‘ٹوٹے ہوئے پر’ آنسو اور مسکراہٹ’ ‘طوفان’ پیغمبر’ پیش رو’ ‘پاگل’ ارضی دیوتا’ ‘ آوارہ گرد’ ‘یسوع انسان کا بیٹا’ ریت اور جھاگ..
28 اکتوبر 1928 کو شائع ہونے والی کتاب یسوع انسان کا بیٹا جبران کی آخری کتاب ثابت ہوئی اس کی صحت خراب ہورہی تھی
چالیس سال کی عمر تک وہ بے حد تمباکو نوشی اور بے حد کافی پینے کا عادی ہو چکا تھا آخری آٹھ سالوں میں شراب نوشی نے اسے پی لیا
1929 کا سورج طلوع ہوا تو دوستوں نے اس کی سالگرہ کا پروگرام بنایا جو چھ جنوری کو تھی نیویارک کے ادیبوں اور شاعروں
نے ایک شاندار محفل کا اہتمام کیا جس میں جبران کو پیش رو اور پاگل سے چند اقتباسات سنانے تھے وہ بے حد کمزور ہو چکا تھا مجبوراَ کچھ پڑھنے کھڑا ہوا لیکن چند جملوں کے بعد اس کی آواز بھرّا گئی وہ خاموش ہو گیا پھر اسٹیج سے اتر کر ایک کمرے میں چلا
گیا دوستوں نے دیکھا وہ بے حد رو رہا تھا اس نے کہا میں نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہہے میری صلاحیتوں کے سوتے خشک ہو چکے ہیں میرا چراغ گُل ہوا چاہتا ہے. اس محفل کے بعد جبران نے کافی حد تک گوشہ نشینی اختیار کرلی دس اپریل 1931کی صبح ملازمہ جب اسے ناشتہ دینے آئی تو وہ گنگنا رہا تھا
ہم دھندلکوں میں چلے جائیں گے
شاید ایک دوسری دنیا کی صبح میں جاگنے کے لئے
تاہم محبت موجود رہے گی
اور اس کی انگلیوں کے نشان مٹائے نہیں جا سکیں گے
ہمارے لئے بہتر یہی ہے
کہ ہم الوہیت میں راحت تلاش کریں
اور انسانوں اور کمزوروں سے محبت کریں
مستقبل پر راج کریں
پھر ملازمہ نے دیکھا کہ اس کی آواز ڈوب رہی ہے اس نے جبران کے دوستوں کو بلایا . ہسپتال لے جایا گیا . میری ہیکل اور ماریانہ کو بوسٹن تار دیا گیا وہ بہادر آدمی دن بھر موت سے لڑتا رہا لیکن 31 اپریل 1931 کو رات ساڑھے دس بجے صرف اڑتالیس سال کی عمر میں اس نے اپنی شکست تسلیم کرلی. (جاری ہے)
یہ ایسٹر کے بعد کا پہلا جمعہ تھا تابوت نیویارک سے بوسٹن لایا گیا بوسٹن کی سڑکوں پر لوگ قطار بنائے کھڑے تھے جب جنازہ بوسٹن کی گلیوں سے گزرا اور ٹریفک پولیس نے سلامی دی تو قطاروں میں کھڑے ہوئے لوگ احتراماً گھٹنوں کے بل جھک گئے جنازے کو امانتاً ًBenedcut کے قبرستان میں دفن کردیا گیا
تین مہینے بعد 23 جولائی 1931 کو اس کی وصیت کے مطابق اس کا تابوت بحری جہاز میں رکھا گیا بینڈ کی ماتمی دھنوں نے اس جہاز کو جس پر اس کا جسدِ خاکی رکھا گیا تھاانتہائی پُروقار انداز میں رخصت کیا اور اس طرح اس کی لبنان واپسی کی خواہش پوری ہوگئی چار ہفتے بعد جب یہ جہاز لبنان پہنچا تو سرکاری وفد اس کا تابوت وصول کرنے کے لئے کھڑا تھا تابوت کو کھولا گیا اور لبنان کے وزیر تعلیم نے جبران کے سینے پر فنونِ لطیفہ کا تمغہ لگایا (دنیا کی شاید واحد مثال) سرکاری افسران جنازے کے ساتھ روانہ ہوئے تمام راستوں پر وہاں کی رسموں کے مطابق مرد تلواروں کا رقص کررہے تھے اور عورتیں نوحے پڑھ رہی تھیں سینٹ جارج کیتھڈرل میں ایک بڑے مجمع نے عظیم شاعر. مصور دانشور فخرِ لبنان کے لئے دعائے مغفرت کی. شام کو صدر جمہوریہء لبنان نے ایک سرکاری تقریب منعقد کی جسِ میں جبران کے بچپن کے دوست امین ریحانی نے نہایت جذباتی تقریر کے ذریعے اپنے دوست کو خراجِ تحسین پیش کیا اب اس کا جنازہ بشاری کی اسی خانقاہ مارکسس لے جایا گیا تمام راستے کی بستیوں کے قریب وہاں کے مقامی لیڈر ماتمی تقریریں کررہے تھے عورتیں سینہ کوبی کر رہی تھیں اور مرد نوحے پڑھ رہے تھے
اس کی روح ہمیشہ بے چین رہتی تھی. لبنان جانے کے لئے . بشاری پہنچنے کے لئے… اور بالآخر اس نے اپنی زندگی دے کر ماکسس کی بچپن کی یادگار خانقاہ خرید لی……اور اس کی روح کو قرار آگیا
اس مضمون کے لئے کئی جگہ سے استفادہ کیا گیا اس میں کچھ الفاظ میرے تھے لیکن اتنا لکھنے کے بعد ارادہ کیا ہے کہ اپنا ایک مختصر افسانہ عید کے تحفے کے طور پر پیش کروں ÷÷جو کل ہے.دیکھئے شام تک لکھ سکوں گا یہ نہیں معلوم کہاں؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟
امید ہے محترمہ شاہین رضوی صاحبہ اس تحریر کو پڑھ کر خوش ہوں گی جس کی ابتداء انہوں نے کی اور میرا چھ جنوری 2009 کا ریڈیو پروگرام صوتی شکل سے تحریری شکل میں آیا.. کیا اچھا ہوتا اگر آپ لوگ اسے سن سکتے کہ اس کے آخری حصے کو میں نے اپنی آواز کے زیر و بم سے ماتمی مناظر کی اسی انداز کی ادائیگی کی کوشش کی تھی یہ چند سطورمحض اس لئے لکھیں کہ محترمہ شاہین رضوی کو یہ بتادوں کہ اس تحریر کا سہرا ان کے سر ہے بات شروع انہوں نے کی ختم میں نے.. مجھے دعاؤں میں یاد رکھئے
مضمون کا آخری حصہ جس میں خلہل جبران کی میت کی روانگی اور تدفین کا اہم ذکر تھا نہ جانے کہاں غائب ہو گیا اگر دو چار گھنٹے تک دوبارہ نظر نہ آیا تو پھر لکھنا پڑے گا انتاطامیہ ڈھونڈے وہ کہاں گیا شکریہ…. نظر ثانی کے منتظر تک تو صفحے پر تھا
خلیل جبران پر اتنا معلوماتی مضمون ( جو امین ترمذ ی صاحب نے لکھا ہے ) میں پہلی بار پڑھ رہا ہوں اور اس عظیم انسان سے متعارف ہو رہا ہوں۔
امین ترمذی صاحب اس سلسلہ میں ہم سب کی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
خلیل جبران کے منتخبہ اشعار اردو ترجمہ کے ساتھ اس بلا گ میں شایع ہرجائیں تو اس بلا گ کی افادیت اور بھی بڑھ جائےگی ۔
محترم امین ترمذی صاحب ۔۔ سلامت رھیں جبران خلیل جبران پر اس قدر تفصیلی اور خوب صورت مضمون لکہہ کرآپ نے واقعی کمال کیا۔۔ اللہ پاک آپ کے علم مین مزیذ آضافہ فرماۓ اور ھم کو اّ پ کے قلم سے ایسی ھی یادگار تحریريں پڑھنے کو ملتی رھین۔۔ انتہا ئ محنت توجہ اور بہت ھوم ورک کے بعد ھی ایسی پراثر تحریریں کوئ لکھہ سکتا ھے میرے محترم بھائ آپ ھمیشہ میری دعاوں میں شامل رھنگۓ ۔۔۔۔آپکے مضون نے تشنگی دور کردی اور میں بھی محترم منظور قاضی صاحب کی اس بات کو دھراونگی کہ امین پرمذی صاحب آپ اس سلسلے مین ھم سب کی مبارک باد کے مستحق ھیں میں واقعی جبران خلیل جبران پر اس قدر محنت اور محبت سے لکھے گے مضون کو پڑھ کر بہت خوش ھوئ ھوں ۔۔اور باقی باتیں آپکے مضون کے آخری حصے کی اشا عت کے بعد
بھئی واہ امین بھائی آپ نے تو کمال کر دیا ۔۔ خلیل جبران میرے انتہائی پسندیدہ رائیٹر ہیں ۔ انہیں میں نے آٹھویں جماعت سے پڑھنا شروع کیا تھا اور آج تک پڑھتی ہوں ۔۔ مجھے ان کے لکھے ہوئے خط بہت پسند ہیں ۔۔ اس قدر محبت اور خلوص سے لکھے گئے خط آج کل بہت ہی نایاب ہیں ۔۔آپ اس پر بھی ضرور روشنی ڈالئے ۔۔۔
محترمہ شاہین رضوی صاحبہ اور بہن نگہت نسیم صاحبہ کے ان توصیفی کلمات کے بعد تو جی چاہ رہا ہے کہ ابھی فیض صاحب والا بلاگ بھی چل رہا ہے اپنے ریڈیو پروگرام کا فیض صاحب والا پروگرام بھی لکھ ڈالوں جو یقیناً اور انشا اللہ اسی معیار کا ہو گا بلکہ میں نے اس مضمون کے بارے میں کہا تھا کہ اس میں کچھ معلومات تو ایسی ہیں جو شاید منیزہ اور سلیمہ فیض کے علم میں بھی شاید نہ ہوں اور مجھے اپنی تحقیق و تحریر پر فخر ہے الحمدُ لللہ.اللہ میری بات کا مان رکھے اور مجھے سُرخرُو کرے آمین ثم آمین….. آپ سب کی محبتوں کا امین
امین بھائی اب مجھے شدت سے فیض کے بارے میں آپ کی تحریر کا انتظار ہے ۔۔ بس جلدی سے لکھ ڈالئے ۔۔ میں جب تک خلیل جبران پر آپ کی تحقیق جمع کر کے خصوصی رپورٹ کے لیئے لگاتی ہوں ۔۔آپ نے اگر مزید خلیل جبران کے بارے میں لکھنا ہو توبتا دیجئے ۔۔یا پھر اسی کو لگا دوں ۔ ۔۔اس ضمن میں آپ کی رائے کا انتظار رہے گا ۔۔
جبران کی تحریر مکمل ہو گئی ہے آپ کا شکریہ کہ آپ نے نہ صرف پسند کیا بلکہ فیض صاحب والے پروگرام کی خواہش بھی کی شکریہ انشااللہ کل کا یہی کام ہے ویسے میرا ایک افسانہ بھی قلم سے نکلنے کو بے چین ہے جس کا آپ بلاگ شروع کیجئے گا اس لئے کہ اس افسانے کے دو حصے ہیں پہلے حصے کو لکھنے کے بعد قارئین اس کے دوسرے حصے کے بارے میں اپنے اپنے خیال کا اظہار کریں گے اور امید ہے انشااللہ وہ دلچسپ ہو گا کل اس کا صوتی ٹکڑ ا آپ کو برقی ڈاک سے بھیجتا ہوں
عزیزی برادر امین ترمذی اللہ پاک آپ کو سلامت رکھے۔۔۔میرا خیال ھے جبران خلیل جبران پر ارود مین ابھی اتنا مکمل خوبصورت اور جامع مضمون نیہں لکھا گیا۔۔ااور فیض احمد فیص پر بھی براۓ کرم اپنے ریڈیو پروگرام والا حصہ لگا کر اس عظیم الشان انسان کوعالمی اخبار کے پلیٹ فارم سے خراج تحیسن پیش کرتے ھیں میرادل کرتاھے کہ نجیب محفوظ پر بھی اور ام کثوم پربھی اسی طرح کےمعیاری تحقیقاتی مصامین ارود زبان مین شایع کیے جایئں۔۔۔ یہ بھی تو بہت بڑی ادبی خدمات ھوگی۔۔
پاکستان کے ایک محبو ب شاعر قتیل شفائی پر ایک بلاگ ابھی تک ان سب دانشوروں کی توجہ کا منتظر ہے جو دوسرے ممالک کے ادیبون اور شعرا کی فنی اور نظریاتی خوبیوں پر بجا طور پر اپنے تبصرے لکھ رہے ہیں ۔
شائد ایسے ہی مواقع پر یہ ضرب المثل کہی جاتی ہے کہ “ گھر کی مرغی دال برابر۔ “
۔۔۔۔۔۔۔
فیض پر جو بلا گ اس وقت عالمی اخبار میں موجود ہے اس میں تو فیض صاحب پر اچھی خاصی تنقید بھی ہوگئی ہے کہ وہ انسانیت کا علمبردار ہوتے ہوئے بھی سوویٹ یونین کی انسانیت سوز حرکات اور مہمات کے خلاف کچھ نہیں لکھ سکے۔ ۔
۔۔۔۔۔۔۔
ام کلثوم تو عربی ممالک کی لتا یا نورجہاں سے بھی بڑھکر تھی ۔ اس پر بلا گ لکھنے والوں کو اسکی موسیقی کے ویڈیو لنک پیش کرنا پڑینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔
نجیب محفوظ پر بلاگ لکھنے کے لیے گوگل اور ویک پیڈیا سے مدد لینے کی ضرورت پڑے گی ۔ سنا گیا ہے کہ اسکی عربی تحاریر کے بہت سے شیدائی بھی اور بہت سے دشمن بھی۔ ( واللہ عالم بالصواب )
میرا مقصد یہ تھا کہ اپنےان بے مثال تخلیق کاروں کے ساتھہ عربی اور فارسی کے مشہورو معروف ادیبوں کے بارے میں بھی ھم کو ادبی آگاھی ھوسکے۔۔میں نے اپنے مصر کے 6 سالہ قیام کے دوران یہ دیکھا تھا کہ انکا ادیب اپنی زندگی میں ھی ستایئش پا لیتا ھے
ادب کا نوبل انعام پانے والےنجیب محفوظ کے گھر کے ایک حصے کو کافی شاپ میں تیدیل کردیا ھے۔۔۔جہاں دنیا بھر سے لوگ آتے ھیں۔۔ھمارے ھاں تو ادبی بیٹھکوں کو بھی ختم کیا جا رھا ھے۔۔۔ کاش ھم اپنے ان عظیم الشان تخلیق کاروں کی یادگاریں بنا سکیں۔۔