بھائیو اور بہنوں !میں ایک گھنٹہ پہلے جب بلاگ کی طرف آیا تو دیکھا کہ کئی لوگ بہن نگہت کی گمشدگی کی وجہ سے پریشان ہیں ۔ میں نے بجائے بلاگ میں ڈھوننے کے مناسب سمجھا کہ میں خودآسٹریلیا چلا جاؤں اور ہواؤں کے دوش پر اڑتا ہوا وہاں پہونچ گیا۔الحمد للہ وہ بخیریت ہیں اور غیرحاضری کی وجہ یہ تھی کہ وہ مصروف تھیں۔ اب میں ایک مشورہ دینے لگا ہوں اس سیکشن کے سلسلہ میں۔
لیکن آپ میں سے جونووارد ہیں وہ مجھ سے واقف نہیں ہوں گے؟ لہذا میں ملا نصیر الدین والا مشورہ دونگا کہ آپ میرے بارے میں ان سے پوچھ لیں جو واقف ہیں۔ اور وہ انہیں بتا دیں جو مجھ سے نا واقف ہیں ۔ جب عالمی اخبار شروع کیا تھا تو ہم چند ہی لوگ تھے میں بھی روزانہ بلاگ لکھا کرتا تھا، اب ماشا اللہ کنبہ بڑھ گیاہےتو میں ادھر آتا تو روز ہوں ، مگر ونڈو شاپنگ کر کے گزر جاتا ہوں۔ کچھ عرصہ پہلے تک اس لیلہاتے ہوئے باغ دیکھ کر طبیعت خوش ہوتی تھی۔ مگر آجکل ہر ایک کی پگڑی اچھلتے دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ دنیا میں تنقید کرنا تو بہت ہی آسان ہے مگر ہمت افزائی کر نا مشکل ہے؟ جو تعریف کی شکل میں ہوتی ہے۔اگر بچے کو اس کی غلطیوں پر پہلےدن سے ہی ٹوکنا شروع کر دیں تو یقین جانیئے کہ وہ خود اعتمادی کھو بیٹھے گا اور بات کرتے ہوئے ہکلانے لگے۔ اگر میرا یقین نہ ہو تو بہن نگہت سے پوچھ لیں کہ وہ ماہرِنفسیات ہیں۔ اس کے بر عکس تعریف سے خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے۔ کوئی بھی شاعر یا ادیب پیدا ہوتے ہی میر یا غالب نہیں بن جاتا،ا مشق ہی ہر ایک کو ماہر بناتی ہے اور اس کے لیئے وقت در کار ہوتا ہےا ۔ لہذا میرے خیال میں اردو کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ ہر نو آموز کو خوش آمدید کہا جائے ،اور تنقید نہ کی جائے ۔ خاص طور سے اس سیکشن میں کہ یہاں پر لوگ پہلے مشق کرتے ہیں ۔لہذا تمام ان اسا تذہ کرام سے میری معدبانہ گزارش ہے کہ نئے آنے والوں پر تنقید نہیں، انکی تعریف کریں۔پھر جو عروض سیکھنا چاہے گا وہ آپ سے مشورہ لے لیا کریگا۔ورنہ خود ہی ہم سب کی طرح مشق کرتے کرتے سیکھ جا ئے گا۔ میں صفدر بھائی سے بھی گزارش کرونگا کہ وہ تنقید کے لیئے کوئی الگ صفحہ فر مادیں جہاں نقاد اپنے فن کو جلا دےلیا کریں۔اور یہاں تنقید کو شجرِ ممنوع قرارر دیدیں

جزاک اللہ شمس جیلانی صاحب: آپ کی بروقت رہنمائی نے اس عالمی اخبار کو صحیح راستے پر لگا دیا۔
اب اس قافلہ کو منزلِ مقصور ( اردو کی ترویج اور اردو کے سخنوروں کی ہمت افزائی ) پر پہنچانے کے لیے آپ کی موجودگی ضروری رہے گی۔
آپ سے یہ ہی التجا ہے کہ آپ عالمی اخبار کے بلاگوں کی ونڈو شاپینگ کرکے گزر جانا ختم کردیں ۔
آپ کے قلم سے لکھا ہوا ایک جملہ بھی سب کے لیے گنجینہ معنی کا درجہ رکھتا ہے ۔
آپ اپنی موجودگی سے سب پڑھنے والوں کو سرفراز کرتے رہیے ۔
آپ نے “اساتذہ کرام سے مودبانہ گذارش “ تو کی ہے مگر آپ کو تو علم ہے کہ عالمی اخبار میں اب تک تو کوئی ( سوائے آپ کے اور ڈاکٹرپنہاں کے) کوئی “ اساتذہ “ قسم کا دانشور یا سخنور آیا ہی نہیں ۔ افسوس کہ آپ کی گذارش صدا بہ صحرا ہی ثابت ہوگی ۔
پھر بھی میں آپ کی تجویز کی دل سے تائید کرتا ہوں ۔
جو کچھ بھی دہقانی قسم کے افراد عالمی اخبار میں آجاتےہیں وہ شاعر دہقانی کے ان اشعار کے مطابق آتے ہیں:
بڑھی حد سے زیادہ دل کی ویرانی چلا آیا
میں ویرانوں کی جب دیکھا پیشمانی چلا آیا
وہاں رکھا ہی کیا ہے کس لیے جاتا ہے دیوانے؟
میں ویرانوں کی لے کے ساری ویرانی چلا آیا
سناہے آ ج وہ دامن مرا پھولوں سے بھر دینگے
دیکھانے کے لیے میں چاک دامانی چلا آیا
ادیبوں ، شاعروں ، دانشوروں کی ایسی محفل میں
نہیں معلوم یہ کیوں آج دہقانی چلا آیا
میرے پسندیدہ ادیب اور سخنور اور دانشور ڈاکٹر شمس جیلانی صاحب زندہ باد:
فقط:
خیر اندیش :
منظور قاضی
جرمنی کے ایک چھوٹے سے گاوں سے
بزرگوارم شمس جیلانی صاحب۔ بہت دیر کی مہرباں آتے آتے۔ ابتدا میں ہی یہ عرض کردوں کہ بزرگورام شمس جیلانی ہماری عالمی اخبار کی ٹیم کے سب سے بزرگ نوجوان ہیں۔ ذہنی طور پر بھی،فکری طور پر بھی اور میں انکو وینکور میں اپنی آنکھوں سے دیکھ کر آیا ہوں کہ جسمانی طور پر بھی۔ یہ ہمارے ان ساتھیوں میں سے ہیں جو کبھی بھی اپنی گٹھری خدا حافظ کہنے کے لیئے باندھ کر نہیں رکھتے اور جب خود مناسب سمجھتے ہیں مشورہ دیتے ہیں اور مشورے پر عمل کے لیئے مجبور بھی نہیں کرتے۔
لیکن اسکے باوجود میں انکی اس تحریر کے بارے میں قدرے اختلاف کرتا ہوں لیکن اپنی عادت کے مطابق اختلاف سے پہلے متفقہ نکات عرض کردوں۔
نئے لکھنے والوں کے حوالے سے جو کچھ آپ نے تحریر کیا یہی شور مچا مچا کر میرا گلا بیٹھ گیا ہے اور یہی لکھ لکھ کر انگلیاں فگار ہوئی ہیں۔ میری سمجھ شاید بہت سے دوستوں سے کم ہے اور ہو سکتا ہے کہ میری عقل بھی کم ہو۔ علم کی کمی کا مجھے خود احساس ہے۔ میری سمجھ میں یہ بات نہیں آتی کہ ننانوے فیصد سینئر لوگ اور اچھا کہنے والے نئے آنے والے کو اپنے معیار پر کیوں پرکھنا چاہتے ہیں اور خود کو اس تصویر میں کیوں نہیں دیکھتے کہ جب انہوں نے نوآموز کے طور لکھنا شروع کیا تھا تو وہ کیسے تھے۔ میں آپکی ہی طرح ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ شاعری ہو یا نثر نگاری،اسمیں مہارت کا ایک ہی طریقہ ہے۔مشق اور مطالعہ۔
اس انٹر نیٹ کی دنیا نے اکثر احباب کو مشق سخن سے بیگانہ کر دیا ہے اور مطالعے کی عادت پہلے ہی ہماری قوم اور امت میں نہیں تھی جو اب باقاعدہ دفن ہو چکی ہے۔ میں انٹرنیٹ پر اردو ادب کے نام پر بننے والی ویب سائٹوں پر ایسی ایسی شاعری دیکھتا ہوں کہ الامان۔ جہاں شاعر کو غزل اور نظم کا فرق معلوم نہ ہو وہاں کیا سکھانا اور کیا تنقید۔ ایسے میں اگر کوئی تنقید کرتا ہے تو اپنی رسوائی کا سامان پیدا ہوتا ہے۔
مجھے شمس جیلانی صاحب کی اس بات سے بصد احترام اختلاف ہے کہ بقول انکے۔۔۔۔۔۔مگر آجکل ہر ایک کی پگڑی اچھلتے دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔۔ میں نہیں سمجھتا کہ عالمی بلاگ کے اس مہذب خاندان میں کوئی بھی کسی کی پگڑی اچھالتا ہے۔ کیونکہ پگڑی اچھالنا انتہائی درجے کی غیر مہذب اور جاہلانہ حرکت ہے۔ ہاں اس سے انکار نہیں کہ کسی بھی تخلیق پر تنقید اکثر اوقات ذاتی مناقشے کا شکار ہو جاتی ہے اور نفس مضمون پس پشت رہ جاتا ہے۔
تو اس میں قصور کس کا ہے۔ بلاگ کا، انتظامیہ کا،یا بلاگ فیملی کا۔ دراصل ہر آدمی کا اپناظرف اور اپنی اہلیت ہوتی ہے اور وہ اسی کی بنیاد پر بات سنتا ،بات لکھتا اور بات کا جواب دیتا ہے۔ ہمارے ہاں ننانوے فیصد ایسے احباب ہے جو ایک دوسرے سے بالمشافہ کبھی نہیں ملے اور وہ انکے پس منظرسے بھی کسی طرح آگاہ نہیں۔ ایسے میں یہ سارا تعلق فقط تحریر کا ہے اور لکھے ہوئے لفظ جب تک بولے نہ جائیں بے جان ہوتے ہیں۔ یہاں بلاگ پت اختلاف رائے ہے اور میرے حساب سے بعض اوقات شدید بھی ہے لیکن شاید پگڑی اچھالنے والی بات نہیں۔ اب دیکھیں کہ قاضی صاحب کا اپنا رنگ ہے تنقیدکا حق گوئی و بے باکی کے ستھ، امین ترمزی لغت کے بغیر بات نہیں کرتے جبکہ اب اردو لغات شائع ہونا ہی بند ہو گئی ہیں۔ ڈاکٹر نگہت انتہائی صاف گوئی سے کام لیتی ہیں لیکن اکثر ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیئے اپنے مزاج کے خلاف اتحاد اور اتفاق کے نعرے لگاتی ہیں کہ انتظامیہ کے فرد کے طور پر یہ انکی ذمیداری بھی ہے۔یہی حال میرا اپنا ہے۔ وحید اختر نوجوان ہیں اس لیئے جلدی بددل ہو جاتے ہیں۔ آصف بھٹی مدلل بات کرتے ہیں اپنے علم کے مطابق، نادیہ اور ناصر زیدی نوجوان ہیں لیکن مہذب اور سیکھنے کے دھنی۔اس لیئے اس مختلف الخیال خاندان میں باتیں بھی مختلف ہوں گی۔ اصل مسلہ یہ ہے کہ ہم میں سے اکثر احباب یہ چاہتے ہیں کہ جو وہ کہہ رہے ہیں اسی کو سو فیصد درست مانا جائے اور اس پر عمل بھی کیا جائے اور یہی جہالت ہے۔
جیسے شعر کے معاملے میں میرے شعر کو اگر کوئی اپنی طرز میں لکھتا ہے اور مجھ سے بہتر لکھتا ہے تو یہ اسکا شعر ہے میرا نہیں۔ اب اگر وہ مجھے مجبور کرے کہ میں اسی کو حتمی سمھوں تو؟
کسی بھی حوالے سے تربیت کرنا سب سے مشکل کام ہے اور شنس بھائی ”تنقید” اور ”تنقیص” کا یہی وہ فرق ہے جو بتانے پر مجھے خود بعض حلقوں کی طرف سے مطعون ہونا پڑتا ہے لیکن اسکا مجھے کوئی رنج نہیں۔
میرے نزدیک تو ”تنقید” کسی بھی تخلیق کے لیئے آکسیجن ہے جس کے بغیر شعر یا نثر پارہ موجود تو ہوتا ہے لیکن بے جان۔
مجے تو یہ بھی احساس ہے کہ نوجوانوں کی تربیت اور رہنمائی اپنی جگہ اور مجھے تو پتھر کھانے کی عادت ہے اس لیئے کہہ رہا ہوں کہ ابھی تو ہمیں سینئر اور نام نہاد بڑے لکھنے والوں کی تربیت اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ میں خود کئی حوالوں سے رہنمائی کا طالب ہوں اور کامل ذات اللہ پاک کی اور کامل انسان صرف اللہ کے حبیب خاتم النیبین ہیں۔
میں دست بستہ عرض کرؤں کہ میں آکسیجن کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا اسی لیئے تنقید کو شجر ممنوعہ قرار نہیں دے سکتا اور نہ ہی میرے پاس مالی یا تکنیکی گنجائش ہے کہ کوئی الگ صفحہ تنقید کے لیئے مختص کر سکوں۔
تنقید فقط خامیاں نکالنے کا نام نہیں بلکہ خامیوں سے پہلے خوبیاں بیان کرنا ہے اور یہ سب سے بڑی لعنت اور بیماری قلم کاروں کی نسل میں ہے کہ وہ ننانوے فیصد کسی کی تعریف کرتے ہوئے جیسے مر جاتے ہیں۔ کون ہے شاعروں میں جو خود کو غالب و میر سے بڑا شاعر نہیں سمجھتا اور نثر نگار خود کو عبدالحلیم شرر کا استاد سمجھتا ہے،
اللہ کے لیئے بھائیو تنقید کامطلب سمجھو۔ یہ اسی طرح ہے جیسے ہم کیا بڑے بڑے ملا،مولوی اور منبر نشین دین کو برابر مذہب کتے رہتے ہیں۔
شمس بھائی میں آپ کی ہمیشہ کی طرح ممنون ہوں کہ آپ نے مجھے میری طبعیت کا پوچھنے کے لیئے فون کیا .. آپ نے بہت عرصے کے بعد کوئی بلاگ لکھا اور خوب لکھا ..
مجھے اس ضمن میں پنہاں آپا کی بات شدت سے یاد آرہی ہے کہ ” تعریف سب کے سامنے اور تنقید تخلیئے میں ” .. اور اسے میں نے اپنے پلے سے باندھ لی ہے ..
میں اتنا جانتی ہوں کہ بلاگ کا صفحہ کسی کا علمی قد متعین نہیں کر سکتا ..ہاں اگر راہنمائی حاصل رہے تو اس کا قد بڑھ ضرور سکتا ہے .. اس ضمن میں .میں بابا کی ہم خیال ہوں کہ ” تنقید فقط خامیاں نکالنے کا نام نہیں بلکہ خامیوں سے پہلے خوبیاں بیان کرنا ہے ” ا سلیئے اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب تنقید کا مطلب سمجھیں .. اس کے لیئے میں آپ ہی سے درخواست کرتی ہوں کہ آپ ہم سب کو تنقید کا مطلب سمجھائیں .. بلکہ بلاگ کے سب احباب لکھیں کہ وہ تنقید سے کیا مطلب لیتے ہیں ..؟
اوپر کہی باتیں بہت قیمتی ہیں مثلاً
شمس جیلانی صاحب نے فرمایا :
— دنیا میں تنقید کرنا تو بہت ہی آسان ہے مگر ہمت افزائی کر نا مشکل ہے؟
— اگر بچے کو اس کی غلطیوں پر پہلےدن سے ہی ٹوکنا شروع کر دیں تو یقین جانیئے کہ وہ خود اعتمادی کھو بیٹھے گا اور بات کرتے ہوئے ہکلانے لگے
— اردو کی سب سے بڑی خدمت یہ ہے کہ ہر نو آموز کو خوش آمدید کہا جائے
منظور قاضی صاحب نے فرمایا :
— شمس جیلانی صاحب سے التجا ہے کہ آپ عالمی اخبار کے بلاگوں کی ونڈو شاپینگ کرکے گزر جانا ختم کردیں –
صفدر ہمدانی صاحب نے فرمایا :
— شاعری ہو یا نثر نگاری،اسمیں مہارت کا ایک ہی طریقہ ہے۔مشق اور مطالعہ
— اکثر احباب یہ چاہتے ہیں کہ جو وہ کہہ رہے ہیں اسی کو سو فیصد درست مانا جائے اور اس پر عمل بھی کیا جائے –
— ”تنقید” اور ”تنقیص” کا فرق مدِ نظر رہنا چاہیے
— ”تنقید” کسی بھی تخلیق کے لیئے آکسیجن ہے
بہن نگہت نسیم صاحبہ نے فرمایا:
— تعریف سب کے سامنے اور تنقید تخلیئے میں
اب سنئیے “چھوٹا منہ بڑی بات” یا “سورج کو چراغ دکھانا” وغیرہ
— ایک ہی گزارش ہے اور وہ یہ کہ بات کہنے(لکھنے) کے انداز اور الفاظ کے انتخاب پر ہی انحصار ہے اس بات کا کہ میرا کہا کسی پر پتھر کی طرح برستا ہے (خواہ درست بات ہی کہی گئی ہو) یا سننے والا پڑھنے والا اسے ایک انمول اور قیمتی اضافہ سمجھ کر اپنے ذہن کے خزانوں میں محفوظ کرلیتا ہے (خواہ تنقید کا وہ حصہ ہی ہو جس میں کسی کی تخلیق کے کمزور پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی ہو)
شمس جیلانی صاحب، میں آپ سے واقف تو نہیں مگر آپ کا بلاگ بڑھ کر دل شاد ہو گیا. صرف ایک چیز کا اضافہ کرنا چاہوں گا، جو میں ذاتی طور پر بسند بھی کرتا ہوں اور وہ یہ کہ جب کوئی کسی کی خامی نکالے اور اس کے ساتھ دلیل نہ دے تو اصلاح کا عمل نامکمل رہ جاتاہے.
مثال کے طور پر میرے ایک شعر کا مصرع ہے.
اگرچہ یہ اچھوتا حادثہ ہے.
میرے ایک بڑے اچھے دوست ہیں، نصیر احمد صاحب، عروض وغیرہ پر سند ہیں، کہنے لگے کہ اچھوتا کو بدل دو.
میں نے کہا کہ اسے انوکھا بھی کیا جا سکتا ہے، مگر وجہ تو بتائیں.
تو وہ بولے، اچھوتا لفظ چھو سے نکلا ہے یعنی جسے چھوا نہ جا سکے. اب حادثہ اچھوتا نہیں ہو سکتا.
بات میری سمجھ میں آ گئی، سو میں نے بدل دیا.
مگر اس کی بجائے اگر وہ یہ کہتے کہ بس یہ ٹھیک نہیں لگ رہا مجھے، تم بدل دو. تو میں کیا کہتا؟ کیا مجھے بدلنا جاہئے تھا؟؟؟ کیا میں نے کچھ سیکھا؟؟؟
مگر جس طرح انہوں نے جواب دیا تو میں آئندہ بھی یہ لفظ استعمال کرتے ہوئے ذہن میں رکھوں گا.
واحد صاحب کی بات بہت اچھی ہے اور ان کی پیش کردہ مثال بھی اچھوتی ہے (میں یہ بات کمپیوٹر کی سکرین کو چھونے کے بعد لکھ رہا ہوں)
واحد صاحب کے طرزِ تحریر سے نہ صرف ان میں حصولِ علم کی طلب عیاں ہوتی ہے بلکہ ادب و آداب، عزت و احترام ان کی ذات کا ایک حصہ معلوم ہوتے ہیں .
قابلِ احترام اور عزیز ترین بھائی صفدر ھمدانی صاحب، پیاری بہن نگہت صاحبہ ، بھائی منظور قاضی صاحب اورعبد المناف صاحب اسلام علیکم ورحمہ۔ پہلے تو میں آپ سب حضرات کا شکر گزار ہوں کہ آپ سب نے میری باتوں کو درخورِ اعتناء سمجھا! رہا بعض نکتوں پر اختلاف، وہ تو ہر ایک کا حق ہے ۔ علم پر اگر بحث نہ ہو تو اس کو زنگ لگ جاتا ہے؟۔ میں صفدر بھائی سے اتفاق کر تا ہوں کہ نظم اور نثر میں جب تک نکھار نہیں آتا جب تک کہ اس پر ہمدردانہ تنقید نہ ہو۔ اور چونکہ ہر ایک کا علمی اور ادبی معیار مختلف ہو تا ہے۔ پہلےیہ کام اہلِ ادب کے اجتما عات سے پورا ہو جاتا تھا ۔ جہاں حلقہ احباب، ہر ایک تلخلیق پر ھمدردانہ تنقید کرتا تھا ۔ اس کے لیئے چھوٹی چھوٹی محافل منعقد ہو تی رہتی تھیں۔ انسان مصروف ہو گیا اس کے بعد اس کی جگہ کا فی ہا ؤس یا ہوٹلوں نے لے لی۔ جہاں ایسی محافل روزانہ منعقد ہو تی رہتی تھیں ۔ جیسے کہ لا ہور میں لاہور ہوٹل کا کافی ہا ؤس۔ اب جب کہ اہلِ ادب ٹکڑیوں میں بٹ گئے ہیں اور پوری دنیا میں اردو کے جزیرے بن گئے ہیں لہذا اکثر جگہوں پر اہلِ ادب تنہا ہیں ۔ تو اب یہ سہولت بھی باقی نہیں رہی۔ دوسرے شفیق اسا تذہ کی وہ نسل بھی معدوم ہو گئی، جو نئے ادیب اور شاعر تیار کرتی تھی۔ اب بجا ئے تنقید نگاروں کہ صرف تنقیص نگار رہ گئے ہیں کیونکہ اسی سے ان کے احساس َ کمتری کی تسکین ہوتی ہے۔ واہ واہ کا معیار یہ ہے کہ میں تیری تعریف کروں اور تو میری ؟ جبکہ احساسَِ کمتری اسقدر بڑھا کہ بقول صفدر بھائی، ہر ایک خود کو میر اور غالب اور شرر سمجھتا ہے۔ اور اس کے لیئے وہ ہر ایک میں نقص نکالتا ہے؟ چاہے وہ کسی معیار کا بھی شاعر ہو اور کتنا پرانا ہو اور شعر کتنا ہی اچھا ہو۔ جبکہ نثر میں تو یہ بات چل جاتی ہے کہ وہ کھلی کتاب کی طرح ہے۔ مگر نظم میں یہ بات یوں نہیں چلتی کہ ہم سب عام طور پر غلط بولتے ہیں۔ اور غلط العام فصیح ھم کے تحت بات نثر میں چل جاتی ہے ۔ مگر نظم میں یہ سہولت نہیں ہے کہ اس میں اگر غلط باندھا جا ئے تو شعر وزن سے گر جاتا ہے۔ پہلے تو نئے شاعروں کو میرا مشورہ یہ ہے کہ وہ اپنا تلفظ درست کرلیں تاکہ نہ غلط بولیں گے نہ غلط باندھیں گے۔ دوسرے جنہیں اپنی تخلیق کی اصلاح کروانا مقصود ہو وہ اپنا ای میل ایڈریس دیدیا کریں۔جیسا کہ ڈاکٹر پنہاں صاحبہ کا قول بہن نگہت نےتحریر کیا ہے کہ تنقید اکیلے میں ہی اچھی ۔ دراصل یہ میرے آقا محمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کا ارشاد ِ گرامی ہے اور اس میں انہوں نے حکمت یہ بتا ئی ہے کہ اس سے ضد پیدا ہوتی ہے؟چونکہ نادانستہ طور پر آپ اس کی عزتِ نفس کو مجروح کردیتے ہیں ۔ لہذا اس کا کوئی فا ئدہ نہیں ہوتا؟ ان صٍفحات پر جو اپنا ای میل دیں تو سمجھا جائے کہ وہ تنقید کو دعوت دے رہے ہیں اور بذریعہ ای میل ان کی اصلاح کردی جائے۔دوسرے نوآموز شاعروں کو میرا مشورہ، صفدر بھائی کی طرح یہ ہی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مطالعہ، پرانے شعرا ئے کرام کے کلام کا کریں اور دیکھیں کہ وہ اشعار کیسے مرتب کرتے تھے۔ مگر انٹر نیٹ پر نہیں ؟ اس لیئے کہ وہاں پر کوئی معیار نہیں ہے۔ ا صحیح اشعار بھی ہوسکتے ہیں اور غلط بھی ۔ کیونکہ انٹر نیٹ کا معیار یہ ہے کہ جو کسی بھی اچھے اخبار سے ناخوش ہوا اس نے اپنا بہ زعم ِ خود انٹر نیٹ پر دنیا کا سب سے بڑا اردو اخبار نکال لیا۔
اب رہیں بعض لوگوں سے طرف اخبار چھوڑ نے کی دھمکیاں ؟ میرا انکو مشورہ یہ ہے کہ پہلے دھمکی دیں نہ اور اگر دیں تو پھر واپس نہ آئیِں۔ میں نے آپ لوگوں کو بہت بور کر لی، اب ایک چٹکلا سنا کر بات ختم کر تا ہوں۔
ایک چرواہا تھا اس کی بیوی روز کہا کر تی تھی کہ میں گھر نہیں جا ؤنگی ۔ ایک روز چرواہےنے سوچا کہ آج اسے بھی آزمالیا جا ئے کہ یہ اپنی دھمکی کو عملی جامہ پہناتی ہے یا نہیں؟ اس نے حسب معمول دھمکی دی تو اس نے خلاف معمول نظر انداز کر دی۔ وہ بجائے منانے کے اپنا ریوڑھ ہانکتا ہوا چلدیا اور پلٹ کر بھی نہیں دیکھا ۔ یہ تکتی رہی جب اس نے دیکھا ایک تھکی ہو ئی بھیڑ رہ گئی جو ریوڑھ کا ساتھ نہ دے سکی ۔ لہذا ڈوبتے کو تنکے سہارا، اس نے اس کی دم پکڑلی یہ کہتے ہو ئے کہ مجھے چھوڑتی کیوں نہیں میں گھر نہیں جا ؤنگی ؟ اور یہ ہی کہتی ہو ئی گھر میں دا خل ہوگئی ۔
شمس جیلانی صاحب نے بڑے ہی دلچسپ انداز میں تنقید کے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے سخنوروں کو اور ان سب کو جو تنقید کے میدان میں پیش پیش ہیں ، ان سب کو مفید مشورے دیے ، وہ قابلِ مطالعہ ہیں۔ ان مشوروں پر عمل کرنے سے سب کا بھلا ہی ہوگا ، نقصان نہیں۔
مگر جاتےجاتے شمس جیلانی صاحب نے یہ مشورہ ان لوگوں کو جو اخبار چھوڑنے کی دھمکیا ں دیتے بھی ہیں اور پھر عذرِ لنگ ( کھسیانہ قسم کے بہانے) کے سہارے پھر عالمی اخبار میں واپس آجاتے ہیں ، ان الفاظ میں دیا ہے :
“ اب رہیں بعض لوگوں سے طرف اخبار چھوڑ نے کی دھمکیاں ؟ میرا انکو مشورہ یہ ہے کہ پہلے دھمکی دیں نہ اور اگر دیں تو پھر واپس نہ آئیِں۔ میں نے آپ لوگوں کو بہت بور کر لی، اب ایک چٹکلا سنا کر بات ختم کر تا ہوں۔“
میرے خیال میں یہ مشورہ ، شمس جیلانی صاحب کی انتہائی مشفقانہ اورانتہائی وسعتِ قلبی کی عکاسی نہیں کرتا اور میرا یہ یقین ہے کہ یہ مشورہ عالمی اخبار کی انتظامیہ کی پالیسی کی بھی عکاسی نہیں کرتا ۔ ( یہ بات میں اپنے ایک سالہ مشاہدہ کے بنیاد پر کہ رہا ہوں ) ۔
شمس جیلانی صاحب نے ایسے لوگوں کے اخبار میں واپس آنے کے طریقے کو اس جھٹ خفا قسم کی بیوی کے واپس گھر میں بھیڑ کی دم کو پکڑنے اور بھیڑ کو اپنے گھر میں واپس جانے پر مجبور کرنے کے طریقہ کی مثال بنا کر ،اس انداز سے تحریر فرما یا : :
“لہذا ڈوبتے کو تنکے سہارا، اس نے اس کی دم پکڑلی یہ کہتے ہو ئے کہ مجھے چھوڑتی کیوں نہیں میں گھر نہیں جا ؤنگی ؟ اور یہ ہی کہتی ہو ئی گھر میں دا خل ہوگئی ۔“
میں شمس جیلانی صاحب کے حسِ مزاح کے کمال کی داد ہمیشہ سے دیتا رہا ہوں اور اس بار بھی دونگا مگر اس قسم کا تادیبی مشورہ کچھ عجیب سا معلوم ہوتا ہے۔
میرا مشاہدہ یہی ہے کہ عالمی اخبار کا دروازہ ہمیشہ ہر فرد کے لیے کھلا رہتا ہے جو بار بار اپنی خفگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس گھر سے چلے جانے کی نہ صرف دھمکی دیتا ہے بلکہ چلا بھی جاتا ہے ۔
میرا یہ بھی مشاہدہ ہے کہ عالمی اخبار کے اربابِ اختیار نے ان افراد کو ہمیشہ کے لیے اپنی محفل سے باہر نکال دیا جن سے عالمی اخبار میں بد امنی کا خطرہ تھا۔
بہر کیف:
شمس جیلا نی صاحب سے درخواست ہے کہ وہ “ جانا ہے تو جاو ، مگر واپس آنے کے لیے ا لٹے سیدسے بہانے مت ڈھونڈو “ والی نصیحت کو واپس لے لیں ۔ خاص طور پر ان افراد کے لیے جو علم و فن کا سرچشمہ ہیں اور حق گوئی و بےباکی پر عمل پیرا ہیں۔ اگر انہوں نے اپنے اعلی معیار پر کسی بات کو یا کسی کے حرکت کو اترتا ہوا نہ دیکھکر جانے کی دھمکی دی تو ان کو ہمیشہ کے لیے چلے جانے اور پھر واپس نہ آنے کا مشورہ دینےکی بجائے ، منا کر واپس بلا نے کی کوشش کریں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شمس جیلانی صاحب کی تحریر پڑھکر مجھے نصیبو لال کا وہ پنجابی گیت یاد آگیا کہ : “ تو بچھڑن بچھڑن کہندااے ، جب بچھڑنگا تو پتہ چل جایینگا “ ( کمپوزنگ کی غلطی کی معافی چاہتا ہوں : پنچابی میری مادری زبان نہیں مگر مجھے اس زبان سے بھی دلی لگاو ہے )
فقط:
منظور قاضی
جرمنی سے
محترم قاضی صاحب۔ اس سے قبل کہ اس بات کا رخ بلاوجہ کسی اور جانب مڑے یا موڑ دیا جائے میں واشگاف الفاظ میں اخبار کی پالیسی کے تحت یہ عرض کر دوں کہ محترم شمس جیلانی ہمارے بزرگ ترین رکن ہیں اور آپ ہی کی طرح اس اخبار کے آغاز سے قبل سے اس قافلے میں شامل ہیں۔ لیکن وہ ایک آزاد فرد بھی ہیں اور انہوں نے یہ بات اخبار کی پالیسی کے طور پر نہیں بلکہ اپنی ذاتی رائے کے طور پر کہی ہے بالکل اسی طرح جیسے آپ نے انکی رائے سےاختلاف کیا ہے۔
عالمی اخبار کی پالیسی اس ضمن نہایت واضع ہے کہ جو احباب اور دوست ہمارے ساتھ اس قافلے میں شامل ہیں ان میں ایسے دو تین ایسے بھی لوگ ہیں جو اپنا وقت اور صلاحیت ہمیں بلا مفاد اور کسی معاوضے کے بغیر عطا کرتے ہیں۔ کچھ ہفتہ وار کالم کی صورت میں اور کچھ پہلے روز سے ہی خاموش تماشائی ہیں لیکن انکی ہمارے ساتھ موجودگی بھی ہمارے لیئے باعث عزت ہے۔ ہم نے ایسے ایک لفظ نہ لکھنے والوں کو بھی کبھی جانے کو نہیں کہا تا آنکہ وہ خود کبھی اس بات کو محسوس کریں اور خود جانا چاہیں۔
ماضی میں کچھ احباب یہ سوچ کر اخبار چھوڑ گئے تھے کہ شاید انکے بغیر اخبار فوری بند ہو جائے گا۔سچ تو یہ ہے کہ خودانہوں نے جو اخبار نما چیزیں نکالیں وہ آج بند ہو چکی ہیں اور کچھ بند کرنے کی فکر میں ہیں۔
عالمی اخبار اپنے کسی ساتھی کو الگ کرنے کا کھونے کا متحمل نہیں اور دوسرے اگر کوئی ایسی صورت پیدا بھی ہو تو یہ گھر کے اندر کا معاملہ ہے بلاگ کے چوراہے کا نہیں۔
لوگ آتے جاتے رہتے ہیں اصل چیز تحریک،نظریہ اور ھدف ہوتا ہے
عالمی اخبار کسی اشتہار اور کسی کی بھی مالی اعانت کے بغیر چل رہا ہے تو پہلے اللہ کا کرم ہے اور باب العلم کا احسان اور آپ جیسے سب دوستوں کی محبت ہے۔ ہم اس اخبار سے نہ ایک نیا پیسہ کماتے ہیں اور نہ کسی کو ایک نیا پیسہ دیتے نہیں۔ یہ ایک قلبی سودا ہے اورطویل کمٹمنٹ ہے۔ ایسا جاں گسل سفر ہے کہ کچھ احباب شاید جلد تھک جاتے ہیں اور کچھ ہماری طرح کے ڈھیٹ ہڈی کے بنے ہیں۔
میں ہمیشہ یہ کہتا ہوں کہ بلاگ اس اخبار کا 2٪ بھی نہیں ہے۔ پہلے اخبار کے 22 شعبے تھے اور اب 16 شعبے ہیں اور ان سولہ شعبوں کو دن میں تین سے پانچ بار اپڈیٹ کیا جاتا ہے جو تن تنہا میں اور ڈاکٹر نگہت صاحبہ کرتی ہیں جبکہ ادبی صفحے کی زمیداری روز اول سے زرقا مفتی صاحبہ کے پاس اور تکنیکی امور سے امجد شیخ نمٹتے ہیں۔
بس کل یہ ورک فورس ہے ہماری۔ ایسے میں بلاگ لکھنا اور اس بلاگ پر تبصرہ لکھنا اس اخبار کا 2٪ بھی نہیں ہے لیکن اسکے باوجود میں، ڈاکٹر نگہت صاحبہ اور زرقا صاحبہ باقاعدگی سے بلاگ میں بھی شرکت کرتے ہیں تا کہ آپ کو ہماری عدم موجودگی کااحساس نہ ہو۔
یہ چندباتیں شاید پہلی بار میں نے اس لیئے لکھی ہیں کہ دوستوں کو احساس ہو کہ تنقید کرنا کس قدر آسان کام ہے۔
میری استدعا ہے کہ محترم شمس جیلانی صاحب کی ذاتی رائے کو اخبار کی پالیسی نہ قرار دیا جائے اور نہ ہی سمجھا جائے
سچ تو یہ ہے کہ اگر اپنے کام اور مشن سے لگن ہو تو ہر گرم سرد برداشت کرنے کاحوصلہ پیدا ہو جاتا ہے ۔۔ لیکن یہ گرم سرد اس وقت بہت زیادہ تکلیف دیتے ہیں جب ساتھی کسی مثبت بات کو منفی رویئے کے ساتھ لکھنے لگتے ہیں یا مخالف سمت میں چل پڑتے ہیں ۔۔۔۔اور اس وقت دکھ اور بڑھ جاتا ہے جب ہم فاصلے سمیٹنے لگتے ہیں اسی وقت ہمارے ساتھیوں میں سے کوئی اسے مزید بڑھانے لگتا ہے ۔۔
کتنی بار میں نے واضح کیا ہے کہ جانا اور کسی کو جانے کا کہہ دینا بہت آسان ہوتا ہے لیکن ان کے ساتھ خود کوجوڑے رکھنا ۔۔مصالحت کی ہر ممکن کوشش کرنا بہت مشکل کام ہوتا ہے ۔۔ایسے ہی جیسے نیکی کرنا بہت آسان ہوتا ہے لیکن نیکی کرتے ہی جانا اور نبھائے رکھنا سب سے مشکل ۔۔۔
آپ سب جانتے ہیں ہمارے کتنے ہی ساتھی گئے اور کئی ساتھی نئے شامل ہوئے ۔۔ جانے والوں سے پوچھیئے کہ کس کو انتظامیہ کی طرف سے پہلے کہا گیا کہ وہ یہاں سے چلے جائیں ۔۔ ہاں جب انہوں نے اپنی خواہش کااظہار کیاتوپہلے ہم نے ان سے ہر ممکن کوشش کی کہ رک جائیں لیکن جب انہوں نے فیصلہ کر لیا تو چلے گئے ۔۔۔ مجھے یا بابا کو کبھی کسی کے جانے سے کوئی خوشی کبھی نہیں ہوئی ۔۔اور مجھے ہمیشہ ہی شمس بھائی سے اپنی آرزدگی پر ڈانٹ کھانی پڑتی ہے کہ جو جاتا ہے اسے جانے دو ۔۔ جب اس کا دل کرے گا واپس لوٹ آئے گا ۔۔ آپ کیوں مناتی رہتی ہیں ۔۔۔ ؟ اور میں ہربار یہی سوچتی ہوں کہ یہ اخبار صرف بابا اور میرا نہیں ہے بلکہ ہم سب کا ہے ۔۔ اگر جانے والے کو اس کی پرواہ نہیں ہے تو اخبار کو بھی نہیں ہونی چاھیئے ۔۔ لیکن اخبار کو میں ایک خاندان سمجھتی ہوں ۔۔ اور کسی ایک فرد کے بھی جانے سے تکلیف ہوتی ہے ۔۔
منظور بھائی لوگ دنیا میں ماں باپ چھوڑ جاتے ہیں ۔۔ کوئی کاروبار حیات نہیں رکتا ۔۔ نہ جانے والوں کا اور اور نہ پیچھے رہ جانے والوں کا ۔۔ دنیا بہت ہی ظالم ہے ۔۔ آنکھ اوجھل پہاڑ اوجھل کے مصداق چلتی ہے ۔۔ ادبی اور معیار ی زندگی کے معیار لوگوں کے بیچ میں رہ کر سکھائے جاتے ہیں یا متعین کئے جاتے ہیں ۔۔ اس دنیا میں کوئی بھی کسی کے معیار پر پورانہیں اترتا ۔۔ کوئی کسی کے برابر نہیں ہو سکتا تو اس کا مطلب ہے کہ ہم سب لوگوں کو الگ ہو جانا چاھیئے ۔۔ کسے خبر کہ کون کسے برداشت کر رہا ہے ۔۔ اس لیئے یہ بلکل بچگانہ رویہ ہے ۔۔ ہاں ہمیں اپنے اخلاقی اور ادبی معیار کو بلند کرنے کی کوشش کبھی نہیں چھوڑنی چاھیئے اور اس کا طریقہ بابا اور شمس بھائی نے بتا ہی دیا ہے ۔۔ اور اس میں مزید اضافہ یوں کروں کہ ادب میں نام رکھنے والوں اورصاحبان مطالعہ کو چاھیئے کہ وہ کم علم اور اپنے سے کم معیار والے کا ہاتھ پکڑ لے اور اسے بھی اپنے برابر کھڑ اہونے کا موقع دے ۔۔۔
میں ایک بار پھر یہی کہوں گی کہ عالمی اخبار کی اعلی معیار کی پالیسی ضرور ہے لیکن اعلی معیار کسی فرد سے منسوب نہیں ہے ۔ اس سے مراد اجتماعی معیار ہے جس کو برقرار رکھنا ہم سب کا فرض ہے ۔
السلام علیکم
بظاہر تو اِس بلاگ میں میر دخل اندازی کوئی خاص اہمیت نہیں رکھتی کہ یہ چھوٹا منہ اور بڑی بات ہے مگر میں آپ سب کی اعلی ظرفی کو سامنے رکھتے ہوئے جسارت کر رہا ہوں ۔
جب ادب کی بات کی جاتی ہے اور وہ بھی معیاری ادب کی تو دماغ میں بے ساختہ یہ سوال اُبھر آتا ہے کہ ادب کے معیار کو ناپنے کا پیمانہ کیا ہے ؟
آصف احمد بھٹی
برادرم آصف بھٹی۔ معیار صرف ادب میں ہی ضروری نہیں۔ زندگی کا ہر شعبہ معیار کا متقاضی ہے۔ ہاں یہ بات درست ہے کہ ہر آدمی کا معیار اسکے ظرف،اہلیت،صلاحیت اور کشادہ قلبی کے ساتھ ساتھ مطالعے اور نظریات سے وابستگی پر منحصر ہوتا ہے۔ ہمارے نزدیک چونکہ ادب ان تمام عوامل کا ایک حسین مجموعہ ہے اس لیئے اختصار کے طور پر ہم ادب کا حوالہ ہی دیتے ہیں۔
ادب کا معیار گز اور فٹ میں نہیں ناپا جاتا۔ لیکن ہر جعلی یا نبمر دو نہیں بلکہ حقیقی تخلیق کار کے اندر ایک آواز ہوتی ہے،ایک مسطر ہوتا ہے،ایک پیمانہ ہوتا ہے جو اسے یہ بتا دیتا ہے کہ یہ اس نے جو لکھا ہے وہ کس بھاؤ بکے گا اور بکے گا بھی یا نہیں۔ دوسرا معیار قاری ہے کہ وہ بڑا بے رحم ہوتا ہے۔ اسے اس سے غرض نہیں کہ یہ فن پارہ صفدر ھمدانی کا ہے یا آصف بھٹی کا۔ وہ خود اسکا معیار مقرر کر دیتا ہے چاہے صفدر ھمدانی اور آصف بھٹی کو اچھا لگے یا نہ لگے۔ اور ان بلاگ میں ہم روزانہ ان مقامات سے گزرتے ہیں۔
کئی کئی عشرے گزر جانے کے باوجود بھی جو شعر اور نثر پارے آج بھی زندہ اور تازہ ہیں ،بس یہی معیاری ہیں کہ معیار کا دوسرا نام بقا اور دوام ہے
السلام علیکم
محترم صفدر ہمدانی صاحب ، بات تو خوب ہے مگر شاید اِس سے دلچسپ بحث کا آغاز ہونے جارہا ہے کہ بہت ممکن ہے کہ ہم جن ادب پاروں کو قصہ پارینہ سمجھ بیٹھے ہوں وہ کسی اور مکتبہ فکر کے لوگوں کے ہاں آج بھی زندہ اور تازہ ہوں ۔ آپ اِس پر کیا فرماتے ہیں ؟
آصف احمد بھٹی
برادرم آصف. اگر ہم سب اس میں دلچسپی لیں تو بحث خود بخود ہی خوبصورت ہو جائے گی ورنہ دولوں کے سر پھوڑنے کا شاید کوئی بہت زیادہ فائدہ نہ ہو.
اہک یہ کہنا کہ …..ہت ممکن ہے کہ ہم جن ادب پاروں کو قصہ پارینہ سمجھ بیٹھے ہوں وہ کسی اور مکتبہ فکر کے لوگوں کے ہاں آج بھی زندہ اور تازہ ہوں…… اگر کسی ایک مثال سے واضع کریں تو بات کو آگے بڑھائیں.
بھائی منظور قاضی صا حب ۔ آپ کا مشورہ سر آنکھوں پر ؟ صفدر بھائی نے بھی بات صاف کردی اور میں بھی اس کی مزید وضا حت کر دیتا ہوں کہ میں جو کچھ کہتا ہوں اور جو کچھ لکھتا ہوں وہ اسلام کی پالیسی کی تحت ہو تا ہے اور جو کہتا ہوں یا لکھتا ہوں اس پر عمل کرتا ہوں جوکہ ہر مسلمان کا فرض ہے۔ وہ ایک طرف تو جانے والوں یا با الفاط دیگر کہنے والوں کو یہ کہتا ہے کہ “ مسلمانوں ایسی بات کہتے کیوں ہو جو کرتے نہیں ہو؟ اس آیت کو پڑھنے کے لیئے دور جانے کی ضرورت بھی نہیں، عالمی اخبا ر کے سرورق پر ملاحظہ فر مالیں۔اس کے علاوہ دوسری آیات میں تمام لغو باتوں سے منع کرتا ہے ۔ اور پھر عہد کی پاسداری کا حکمدیتا ہے۔ تو آدمی ایسی بات منہ سے نکالے کیوں جس پر عمل کرنے کا حتمی ارادہ نہ ہو ۔ ساتھ ہی اس کا دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ وہ رشتہ توڑنے والوں سے رشتہ جوڑ نے کا حکم دیتا ہے اور ان کی تعریف کرتے ہو ئے کہتا ہے کہ یہ وصف اعلیٰ ظرفی پر دلالت کرتا ہے۔ اور مجھے فخر ہے کہ ہمارے صفدر بھائی اس پر پورے اترتے ہیں ۔
ڈاکٹر شمس جیلانی صاحب کی انتہائی مخلصانہ تحریر پڑھکر دل مطمئن ہوگیا کہ وہ صاف صاف بات کہتے ہیں اور ایک منصف مزاج انسان ہونے کی حیثیت سے بالکل صحیح فیصلہ سناتے ہیں۔ انکا یہ کہنا بھی اسی فیصلہ کا ایک حصہ ہے :
“ آدمی ایسی بات منہ سے نکالے کیوں جس پر عمل کرنے کا حتمی ارادہ نہ ہو “
اگر ہر باپ یا ہر بزرگ اگر اپنے بچوں کے ساتھ یہ ہی برتاو رکھے تو پھر وہ بچے شائد گھر سے ہمیشہ کے لیے بھاگ جائنگے اور کبھی واپس نہ آئیں گے ۔ ( اسی قسم کی باتیں میاں بیوی درمیان ہوں تو ازدواجی زندگی دوزخ بن جاے گی ) ۔
اللہ جبار ہی نہیں ستار اور رحیم اور رحمٰن بھی ہے۔
کسی کا شعر ہے :
مرے گنا ہ زیادہ ہیں یا کرم تیرا
کریم تو ہی بتا دے حساب کرکے مجھے
میرے خیال میں اگر کوئی غصہ کی حالت میں ( خواہ وہ غصہ بے وجہ ہی کیوں نہ ہو ) رشتہ توڑنے کی دھمکی دے تو اس سے یہ کہنا کہ جانا ہے تو جاو مگر اپنی ندامت سے تائب ہوکر واپس آنے کے لیے کوئی بہانے مت بناو ، کہا ں تک درست ہے ؟
میرے خیال میں شمس جیلانی صاحب اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرسکتے ہیں۔
السلام علیکم
محترم صفدر ہمدانی صاحب ، عرض ہے کہ ابھی تو میں خود سیکھنے کی منزلوں پر ہوں ، مین کوئی مثال کیا دے پاؤنگا ، اور پچھلے تبصرے میں بھی جب میں نے یہ لکھا تھا کہ !
کہ بہت ممکن ہے کہ ہم جن ادب پاروں کو قصہ پارینہ سمجھ بیٹھے ہوں وہ کسی اور مکتبہ فکر کے لوگوں کے ہاں آج بھی زندہ اور تازہ ہوں ۔
تو یہ محض ایک خیال تھا اور اِسی لیے مین نے لفظ ممکن کا استعمال کیا تھا ، التبہ ایک بات میں ضرور کہونگا کہ ماضی قریب تک فارسی ادب پارے اور ہمارے ادب کا ایک حصہ تھے مگر پھر رفتہ رفتہ قصہ پارینہ بنتے گئے ، اب تو یہ عالم ہے کہ خال خال ہی اور کچھ بزرگ ہی فارسی سمجھ بول اور پڑھ سکتے ہیں اور ایسے مین جب وہ کوئی جملہ ( فارسی میں ) کہتے ہیں تو بے ساختہ محرومی کا احساس ہوتا ہے ، حافظ شیرازی کو شاید پھر بھی کچھ احباب جانتے ہوں مگر عرفی ، کا نام یقینا بہت سے لوگوں کو نیا نیا سا لگے گا ، اور ایک بہترین مثال مغل بادشاہ ظہیر الدین بابر کی تزک بابری ہے جسے ہم لوگ تو قصہ پارینہ کر بیٹھے ہیں مگر ( میری معلومات کے مطابق ) ازبکستان اور تاجکستان کی یونیورسٹیوں میں وہ آج بھی پڑھا ئی جاتی ہے ۔ اور اگر تحقیق کی جائے تو خالص اردو ادب میں بھی بہت سے نام سامنے آسکتے ہیں ۔
آصف احمد بھٹی
اگر فردوس بر روئے زمیں است
ہممیں است و ہمیں است و ہمین است
قبلہ قاضی صاحب میں پھر وہی عرض کرونگا کہ آپ کی بات سر آنکوں پر مگر ذاتی حد تک جس سے کوئی ادارہ یا دوسرا انسان متاثر نہ ہوتا ہو ؟ ورنہ ہر مسلمان مکلف ہے کہ جہاں احکاماتِ خدا وندی درمیان میں آجا ئیں ۔ تو چپ چاپ سر جھکا دے ،اسی کا نام اسلام ہے۔ انتہا یہ ہے کہ حدود نافذ کرتے ہو ئے ہر صاحبِ اختیار کو کسی قسم کے ترحم کو دل میں روا رکھنے سے بھی منع فرمادیا گیا ہے۔
رہا اس رحیم اور غفور سے انسان کا موازنہ وہ قطعی بے محل ہے اس لیئے کہ وہ مالک اور مختار ہے جو چاہے وہ کرے ۔جبکہ انسان اس کے قانون کا پابند اور لا چار ہے۔ اور شاید آپ نے توجہ نہیں فرمائی کہ میں نے پہلے ہی عرض کیا تھا کہ وہ رحم اور عفو کو پسند فرماتا ہے اور اس سلسلہ میں ،میں نے ھمدانی صاحب کی تعریف کی تھی کہ وہ اس جزبہ سے مالا مال ہیں؟
اب رہا سوال اسکا کہ طلاق غصے میں دی جا ئے تو واقع ہو تی ہے یا نہیں؟ طلاق ہمیشہ غصہ میں دی جاتی ہے محبت میں نہیں ۔ اس پر قر آن نے پورا طریقہ کار دیا ہوا ہے۔ جس میں تین کے بعد کوئی گنجا ئش نہیں ہے۔ لہذا یہ لفظ غصہ میں بھی تین مرتبہ سے زیادہ استعمال نہیں ہوسکتا؟ شوہر بھی یہ لفظ روز غصے میں استعمال کر نے لگے تو طلاق واقع ہو جائے گی؟ گوکہ فقہی طریقہ کار پرکچھ اختلافات ہیں۔ جبکہ طریقہ کار پر خود قر آن رہنما ہے۔ کیونکہ یہ بہت ہی اہم ہے کہ اس پر ایک خاندان کی بقا کا دارومدار ہے۔
جبکہ دوسری آیات میں جیسے کہ میں پہلے عرض کر چکا ہوں کہ سختی سے منع فر مایا گیا ہے کہ ایسے لغو الفاظ استعمال ہی نہ کیئے جا ئیں جن پر بعد میں پشیمانی ہو۔ اس سلسلہ میں وہ آیت پڑھ لیجئے جس میں ایک شخص اپنی بیوی کو ماں کہہ بیٹھا، زمانہ جہالیت میں یہ طلاق کے مترادف تھا۔اس کو قرآن نے سختی سے منع فر مایا کہ ایسے بیہودہ لفظ زبان سے مت نکالا کرو؟
رہا بچے گھر چھوڑ کر چلے جا ئیں گے ؟ اس کے لیئے اللہ نے والدین کو بھی حقوق عطا فر ما ئیں ہیں اور بچوں کو بھی اور دونوں کو عدل ، احسان اور صبر کر نے کو فر مایا ہے۔
لہذا نہ طلاق لفظ بلیک ملینگ کے لیئے استعمال ہو سکتی ہے نہ گھر چھوڑ نے کا لفظ اس مقصد کے لیئے اولاد کی طرف سے استعمال ہو سکتا ہے اور نہ باپ کو روا ہے کہ وہ اولاد کو کہے کہ میں تمہیں گھر سے نکالدونگا یا عاق کردونگا؟ انتہائی معذرت کے ساتھ ان الفاظ پر میں اس بحث ختم کر تا ہو ں۔
ڈاکٹر شمس جیلانی صاحب نے تو انتہائی معذرت کے ساتھ اس بحث کو ہی ختم کردیا ۔ حالانکہ یہ بحث نہیں تھی صرف التجا تھی۔
اب جبکہ یہ “ بحث “ ختم ہوچکی ہے تو صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے اپنے کسی تبصرے میں طلاق اور عاق جیسے الفاظ نہیں استعما ل کیے۔
کسی شاعر نے شائد یوں کہا ہے :
بدلنا ہے تو مت الفاظ ڈھونڈو
ہمارے واسطے لہجہ بہت ہے
۔۔۔
بہرحال :
شمس جیلانی صاحب کو شکریہ کے ساتھ
منظور قاضی
جرمنی سے