ہر ماں کو اسکے ہر بیٹے اور بیٹی کا سلام

ہم تو روز مدرز ڈے مناتے ہیں ۔۔

کیا ماں بھی کوئی ایسی ہستی ہے جسے سال میں ایک بار یاد کیا جائے؟ کیا ماں کو یاد کرنے کے لیئے کسی مدرز ڈے کی ضرورت ہے؟ کیا مادیت پرست دنیا نے اس دن کو بھی کمرشل بنا کر ”ماں” کے لفظ کا استحصال نہیں کیا؟ سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہم ”بھیڑ چال” کے عادی ہو چکے ہیں اور مغرب کی زہر بھی قند محسوس ہوتی ہے.

میں تو اپنی جنت مکانی ماں کو روز یاد کرتا.ہر سانس کے ساتھ اسکا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنی سانسیں دیکر میری سانسوں کو سلامت رکھا. خود آدھی روٹی کھائی اور ہمیں گھی سے چُپڑی ہوئی کھلائی. جب ہم سب کھانا کھا چکے تو اُس نے کھایا. وہ ہم سب کو سُلا کر سوئی اور ہمارے جاگنے سے پہلے جاگی.

ماں تو آیتِ محبت ہے،ماں تو حدیث قدسی کا سرنامہ ہے،ماں تو خُدا کی محبت کی آخری حد ہے اسی لیئے تو وہ 70 ماؤں کی محبت کا امین ہے،ماں تو شدید دھوپ میں محبت کا سائبان ہے.

یہ ضروری تو نہیں کہ ماں کی یاد اس کے جانے کے بعد ہی آئے.ضروری تو یہ ہے کہ اسے اسکی زندگی میں ہی ہر سانس کے ساتھ خراج محبت و عقیدت پیش کیا جائے. اسے اس فخر کا روزانہ احساس دلوایا جائے کہ وہ ماں ہے. ماں جو خدا کے بعد دوسرا سب سے بڑا اور سب سے باعزت لفظ ہے.وہ لفظ جو دنیا بھر میں ہر بچہ اپنی زبان سے سب سے پہلے ادا کرتا ہے کہ زبان پاک ہو جائے
.
میری جنت مکانی ماں کسی یونیورسٹی یا کالج کی ڈگری ہولڈر نہیں تھی لیکن کسی کم وکاست کے بغیر کہہ سکتا ہوں کہ اسکی ذہنی وسعت اور علمی استعداد وصلاحیت کسی ڈبل پی ایچ ڈی سے کم نہیں تھی. فارسی کی موٹی موٹی کتابیں اور دین و فلسفے کی کتابیں وہ رات کے اُس پہر میں پڑھا کرتی تھیں جب سارے بچوں کو سلوا لیتی تھیں.صبح ہم سب بچوں کے اٹھنے سے پہلے فجر کی نماز کے بعد جب وہ اپنی مترنم اور شیریں آواز میں یہ مناجات پڑھتی تھیں تو گھر کے سامنے لگے درخت کے پرندے بھی خاموشی سے سنتے تھے.

”ساماں شتاب کر دے مرے دل کے چین کا
.پروردگار واسطہ خونِ حسین کا.

میری لکھی ہوئی ایک نعت کے ایک شعر کو دنیا بھر میں بڑی مقبولیت ملی ہے اور اسکی وجہ بھی ماں ہی ہے.

یا نبی کہتی تھی ماں فجر میں جب پڑھ کے درود
شکمِ مادر میں بھی تب میں نے محمد لکھا !!

سچ پوچھیں تو زمین پر خدا کی محبت کا چلتا پھرتا روپ ماں ہی تو ہے.

کرہء ارض پر بسنے والی اور عالمِ ارواح میں خدائے بزرگ و برتر کی قربت میں رہنے والی ہر ماں کو اسکے ہر بیٹے اور بیٹی کا سلام ۔

11 thoughts on “ہر ماں کو اسکے ہر بیٹے اور بیٹی کا سلام”

  1. کافی عرصے کے بعد حاضر ہورہی ہوں ۔ بحثیت ایک ماں کے بچوں کی اچھی تربیت کے لے آپ کو میری یہ غیر حاضری قبول کر نی ہوگی ۔۔
    لیکن آج کے دن کے مناسبت سے میں خاموش نہ رہ سکی اور لکھنے بیٹھ گئی کہ آج کا دن ماں کے نام سے مخصوس کر دیا گیا کے ۔ ہمارے ہاں یعنی لندن میں چودہ مارچ ہے اور اس دن سب اپنی ماں کی عظمت کو سلام کرتے ہیں ۔

    میں اکثر سوچتی ہوں کہ ایک ماں کتنی محبّت سے بچے کو جنم دیتی ہے اور پھر اسے ہر دھوپ اور بارش سے بےفکر ہو کر اس کی اچھی پروش کے کی راہ پی چل پڑتی ہے جس پر چل کر اس کا بچہ ساری دنیا کے سامنے اپنا اور اپنی ماں کا سر فخر سے بلند کرتا ہے تاکہ اس کی ماں کی عظمت کو سب سلام کر سکیں ۔

    ہاں یہ بھی دیکھا گیا ہے ایک عورت بچے کو جنم تو دے دیتی ہے پر اچھی پرورش کی کمی کے وجہ سے ماں ہونے کی زمہ داری سے دور ہوجاتی ہے ..اسی لے کہتے ہیں ایک عورت ماں تو بن جاتی ہے لیکن اچھی ماں بننا اس کے لئے مشکل تو کبھی ایک مسلہ بن جاتا ہے ۔

    آخر میں اپنی بہن نگہت نسیم کی نظم “ماں “ سے کچھ نہ لکھا تو موضوع ادھورا لگے گا ۔۔
    ماں
    وہ تیرا میرے ساتھ دن رات کا جاگنا
    مجھے ہر آفت سے محفوظ رہنے کی دعا دینا
    میری دوستوں کی لمبی فہرستیں ۔۔ اور تیرا مسکرا دینا
    وہ میری لغزشیں
    وہ میری نافرمانیاں
    وہ میری نادانیاں
    سب کچھ اپنے آنچل میں چھپا کر سب سے چھپا لینا
    میری آنکھوں میں تیری یادیں دعاؤں کی صورت نم ہیں
    میری اچھی ماں ۔۔ سنو ۔۔
    میری بیٹی اب بڑی ہو گئی ہے
    میری عقل اور سمجھ سے بھی بڑی ۔۔
    مجھے معاف کر دو ماں ۔۔۔ بس ایک شکوہ ہے میراتجھ سے
    میں تجھ جیسی ہوتی ۔۔ یہ دعا کیوں نہیں کی تھی ۔۔۔

    بابا جان کی طرح میری طرف سے بھی کرہء ارض پر بسنے والی اور عالمِ ارواح میں خدائے بزرگ و برتر کی قربت میں رہنے والی ہر ماں کو اسکے ہر بیٹے اور بیٹی کا سلام ۔

  2. معراج ساری ماؤں کی بنتِ رسول ہے ۔۔۔ بابا کے لکھے ہوئے مرثیے کے چند بند پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہی ہوں ۔۔ اللہ پاک اسے جناب سیدہ فاطمہ الزہرہ سلام اللہ علیہ سے محبت کے صدقے قبول فرمائے ۔۔آمین

    ’’ماں‘‘ مرثیے کا موضوع ہے یہ دھیان میں رہے
    مصرعہ ہر اک شعور کی میزان میں رہے
    رتبہ نبی کی ماں کا بھی پہچان میں رہے
    حق پر نظر تو دل مرا قرآن میں رہے
    اے بابِ علم اذنِ سخن چاہیئے مجھے
    عزمِ حسین و حلمِ حسن چاہیئے مجھے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    پروردگار ماں کی محبت کی ہے دلیل
    اور ماں ہے خود خلوص کی ایثار کی فصیل
    سینے پہ کائنات کے احساس کی ہے جھیل
    عادل خدا کی ذات تو یہ ماں بھی ہے عدیل
    اس ماں سے بڑھ کے کون ہے بالا بتایئے
    اس ماں سے بڑھ کے چاہنے والا بتایئے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    الفت ہے ماں کی الفتِ خالق کی جستجو
    اسکا مزاج صرف محبت کی گفتگو
    انسانیت کی نسل کی ماں قوتِ نمو
    اولاد صرف ماں کی دعا سے ہے سرخرو
    موضوع ملا ہے مادرِ حسنین سے مجھے
    عزت ملی ہے خالقِ کونین سے مجھے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    خلاقِ دو جہان ہو احسانِ معرفت
    ہر بیت مرثیے کی ہو بس شانِ معرفت
    ہر ایک بند جیسے دبستانِ معرفت
    خود مرثیے کا لکھنا ہے عرفانِ معرفت
    اس ماں کے صدقے اپنی دعائیں قبول ہیں
    یہ چاند تارے ماں کے ہی قدموں کی دھول ہیں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ماں سوچیئے تو زینت ہستی کا ناز ہے
    تفسیرِ عشقِ حق ہے محبت کا راز ہے
    اولاد کے لیئے دلِ مادر گداز ہے
    سچ پوچھیئے تو صبحِ ازل کی نماز ہے
    صحرا کی دھوپ میں یہی چھاؤں کا نام ہے
    اللہ کے نبی کی دعاؤں کا نام ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ماں پر ہر ایک عہدِ محبت تمام ہے
    قدموں پہ ماں کے دنیا کی عزت تمام ہے
    آغوشِ ماں میں لزتِ راحت تمام ہے
    پاؤں کے نیچے اس کے ہی جنت تمام ہے
    ماں آیتِ وفا ہے تو تفسیرِ صبر ہے
    برسے دکھوں کی دھوپ میں جو ایسا ابر ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    اللہ کی رحمتوں کا یہ ماں اختصار ہے
    سچ تو یہ ہے کہ محورِ صبروقرار ہے
    جس پر خزاں نہ آئے یہ ایسی بہار ہے
    جنت تو ماں کے قدموں کا اک افتخار ہے
    رشتہ بھی ماں سے ارفع و اعلیٰ نہیں کوئی
    اس کی نظر سے بڑھ کے اُجالا نہیں کوئی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ماں کا مقام پوچھیئے پروردگار سے
    پیار اسکا منسلک ہوا اللہ کے پیار سے
    انسان معتبر ہے اسی اعتبار سے
    اولاد کو بچاتی ہے ہر انتشار سے
    بے نور آنکھ کو بھی یہ ماں روشنائی دے
    سجدے میں ہو جو ماں تو مُصلہ دکھائی دے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ساری محبتوں کی ہوئی ماں سے ابتدا
    بے شک ہے ماں خدا کی محبت کا سلسلہ
    معراج ماں کی ذہنِ بشر سے ہے ماورا
    یہ مرثیہ ہے مادرِ حسنین کی عطا
    یہ ماں فلک مقام،محبت نشان ہے
    یہ سورئہ نسا بھی تو ماں ہی کی شان ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ہر ایک کامیابی کا ساماں ہے ماں کا نام
    انوارِ عرش و فرش میںتاباں ہے ماں کا نام
    آلِ نبی کے عشق میں میزاں ہے ماں کا نام
    ناموں کی انجمن میں نمایاں ہے ماں کا نام
    ماں کے حضور عرش بھی سر خم کیئے ہوئے
    اک دل میں کتنے بحرِ محبت لیئے ہوئے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    از سر تا پا یہ ماں ہے محبت میں فیضِ عام
    قندیلِ حُسنِ ذوق ہے ایثار کی امام
    تکمیلِ نسلِ آدمیت ہے اسی کا نام
    قائم اسی کے خُلق سے اخلاق کا نظام
    مرکز عقیدتوں کا عقیدت شناس ہے
    دنیا میں بیٹیوں کی فقط ماں پہ آس ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    پوشیدہ ماں کے لفظ میں ہے ساری کائنات
    اولاد پر ہے سایہ کُناں صرف ماں کی ذات
    شرمندہ اس کے سامنے ہے لُطفِ شش جہات
    ماں جوہرِ حیات ہے ماں گوہرِ حیات
    اللہ کی بارگاہ میں اس کی دُعا قبول
    طالب رہے ہیں ماں کی دُعاؤں کے سب رسول
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    پہلی کریم ذات خدائے علیم ہے
    پھر اُس کے بعد سب سے بڑی ماں کریم ہے
    یہ ماں دکھوں کی دھوپ میں بادِ نسیم ہے
    ماں میں بھی دیکھو حرفِ محبت کا میم ہے
    انساں کی شخصیت کو نکھارے ہے ماں کی ذات
    بچوں پہ اپنے سُکھ سبھی وارے ہے ماں کی ذات
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    غم کا پہاڑ موت ہے ماں کی خدا گواہ
    یہ جو نہیں تو دن بھی ہیں جیسے شبِ سیاہ
    دامن میں اس کے ملتی ہے آفات سے پناہ
    خواہش کو ہم بہشت کی کہتے ہیں ماں کی چاہ
    اولادگر ہو دُکھ میں تو جل جائے ماں کا دل
    بچوں کے غم میں اشکوں میں ڈھل جائے ماں کا دل
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ہر بچہ لفظ پہلا جو کہتا ہے وہ ہے ماں
    پھر عمر بھر کو ملتی ہے اس لفظ میں اماں
    کتنی کڑی ہو دھوپ مگر ماں ہے سائباں
    بچے کا پیار ماں کی محبت کا امتحاں
    پیار اس کا ایک لمحے کا صدیوں کا پیار ہے
    لاریب ماں ہی رحمتِ پروردگار ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ماں درس گاہِ فکر بنائے شعور ہے
    ماں کی کنیز جنتِ ماویٰ کی حور ہے
    ہر جزبۂ خلوص کا ماں میں ظہور ہے
    یہ نورِ حُسن بھی ہے یہی حُسنِ نور ہے
    اپنی مثال آپ ہے یہ شش جہات میں
    ماں کی کوئی مثیل نہیں کائنات میں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    رحمت خدا کی عظمتِ نسواں ہے ماں کا نام
    افسانۂ حیات کا عنواں ہے ماں کا نام
    دولت وفا کی عزتِ انساں ہے ماں کا نام
    بے شک خدائے پاک کا احساں ہے ماں کا نام
    لفظوں سے جس کے آتی ہے خوشبو وہ پھول ہے
    معراج ساری ماؤں کی بنتِ رسول ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    بے مثل ایک تحفۂ ربِ رحیم ہے
    جیسے خدا عظیم ہے ماں بھی عظیم ہے
    احساں خدائے پاک کا لطفِ عمیم ہے
    شدت کی لُو میں ماں ہی تو بادِ نسیم ہے
    کی ہے تلاش ہم نے جہاں میں کہاں کہاں
    ہے فاطمہ سی دوسری دنیا میں ماں کہاں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    دریائے علم اجرِ رسالت ہیں فاطمہ
    قرآن اختصار، فصاحت ہیں فاطمہ
    محرومِ عدل، روحِ عدالت ہیں فاطمہ
    اللہ کے نبی کی محبت ہیں فاطمہ
    رازِ حیات بنتِ نبی کی حیات میں
    ماں ایسی ہم نے دیکھی نہیں کائنات میں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    بے شک امامِ صبر و قناعت ہیں فاطمہ
    ہاں معدنِ متاعِ امامت ہیں فاطمہ
    صلیٰ علیٰ نبی کی مودت ہیں فاطمہ
    اطہر مزاج، شانِ طہارت ہیں فاطمہ
    اس در سے بھیک مانگی ہے خیر جمال نے
    پائی ہے پر ورش یاں محمد کی آل نے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    مریم سے جو سوا ہے فضیلت انہی کی ہے
    کھائی قسم خُدا نے جو عصمت انہی کی ہے
    یہ کربلا میں ساری ریاضت انہی کی ہے
    اور روزِ حشر سچ ہے شفاعت انہی کی ہے
    حق کا وہی شعار جو ان کا شعار ہے
    ان کی رضا مشیعتِ پروردگار ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    پارے ہیں جس کے بارہ وہ قرآں ہیں فاطمہ
    ہر آیۂ یقین کا عنواں ہیں فاطمہ
    بحرِ حیا و قلزمِ عرفاں ہیں فاطمہ
    شانِ نبی کی نظموں کا دیواں ہیں فاطمہ
    یہ رحمتِ خُدا کی مدلل دلیل ہیں
    یہ افتخار و نازشِ ربِ جلیل ہیں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ان کے نفس نفس میں طہارت بسی ہوئی
    گھر میں ہے ان کے پھیلی نبوت کی روشنی
    کہتے ہیں اِن کی فکر کو آئینِ سرمدی
    قرآن کی طرح سے ہے معصوم زندگی
    رُتبے میں ساری ماؤں سے یہ سربلند ہیں
    اولاد ارجمند ہے خود ارجمند ہیں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    دنیا کی ساری ماؤں کی یہ ترجمان ہیں
    جانِ حسن حسین ہیں زینب کی جان ہیں
    قرآن کی طرح سے ہدایت نشان ہیں
    خود اپنی ذات میں یہ امامت کی شان ہیں
    ایمان جس کا ان پہ نہیں بد سرشت ہے
    سچ پوچھیئے تو ان کی وِلا میں بہشت ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    چکی کا پیسنا بھی عبادت بتول کی
    قرآں کی آیتوں میں صداقت بتول کی
    ہے طاعتِ رسول اطاعت بتول کی
    کام آئی کربلا میں ریاضت بتول کی
    چوکھٹ پہ ان کی سجدے کوجھکتا ہے آسماں
    رُک جائیں گر یہ چلتے میں رُکتا ہے آسماں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    جاگیر ان کی خُلد ہے اور مِلک ہے اِرم
    یہ ہیں زمانے بھر کی خواتیں میں محترم
    رحمت خُدا کی خاص محمد کا ہے کرم
    حشمت کا وہ مقام کہ ہے ہیچ ہر حشم
    باتوں کے پھول جیسے نگینے جڑے ہوئے
    جن کے لیئے رسول بھی خود اُٹھ کھڑے ہوئے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ہے کربلا دلیلِ بقائے حُسینیت
    اُٹھی ہے اس زمیں سے صدائے حُسینیت
    اب تک ہے سر بُلند نوائے حُسینیت
    زینب کے سر سے اُتری ردائے حُسینیت
    اک اور ماں ہے فخر زمانے کی ماؤں کا
    یہ بھی صلہ ہے شب میں نبی کی دعاؤں کا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    زینب ہے کربلا کے شہیدوں کی یادگار
    بنتِ علی کے سر کی ردا دیں کاافتخار
    دیکھا فلک نے قید میں بھی ان کا اختیار
    خطبہ علی کی بیٹی کا جوں موجِ ذوالفقار
    زینب خدا کے دین کا بھی زیب و زین ہے
    بعد از حسین اصل میں زینب حسین ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    زینب وہ ماں کہ جس سے امامت ہے سرخرو
    زینب ہے ایک سلسلئہ حق کی جستجو
    زینب سے کربلا میں شہادت کی آبرو
    قرآن کا مزاج تھی زینب کی گفتگو
    ان کی رگوں میں خونِ رسالتمآب ہے
    زینب بھی ایک علمِ رسالت کا باب ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    زینب ہے ساری ماؤں کی ممتا کا افتخار
    کچھ ایسے اختیار کو لائیں بروئے کار
    بچوں کو ہنس کے کر دیا شبیر پر نثار
    لکھے جبینِ وقت پہ معنیء اقتدار
    یہ سلسلئہ عصمتِ زہرا کا نام ہے
    یہ ماں بھی اک تسلسلِ فکرِ امام ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    چادر علی کی بیٹی کی نسوانیت کی لاج
    اس گھر کے ہی طفیل میں پردے کا ہے رواج
    ہر فرد اس گھرانے کا انسانیت کا تاج
    رکھی ہے قید ہو کے بھی مظلومیت کی لاج
    اللہ کے نبی کا یہ گھر انتخاب ہے
    زہرا کے بعد چادرِ زینب حجاب ہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    پردے کو اہلبیت سے عظمت عطا ہوئی
    اس گھر کو ہر قدم پہ شہادت عطا ہوئی
    عصمت عطا ہوئی ہے طہارت عطا ہوئی
    اس در پہ چاند تاروں کو عزت عطا ہوئی
    احسان ہے حجاب یہ زہرا کی آل کا
    چادر بھی کام دیتی ہے اِک رُخ سے ڈھال کا
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    یہ کربلا ہے دنیا کی ماؤں کا انتخاب
    اس کربلا کی شان ہے اک ماں کا انقلاب
    عاشور میں زمین پر اُترا جو آفتاب
    کُملا کے جیسے رہ گئے فردوس کے گلاب
    چہرے کو شیر خوار کے دیکھا رباب نے
    ڈالی نگہ فلک پہ وہاں آں جناب نے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    ممتا کا ماں کی سچ ہے یہ رُخ بھی ہے جاوداں
    ان ماؤں نے اٹھائے مصائب کے امتحاں
    گریہ کُناں ہیں ان کے مصائب پہ انس و جاں
    عظمت پہ ان کی آیا سلامِ شہِ زماں
    دنیا میں دوسری نہیں ملتی کہیں رباب
    یہ ماں بھی اہلِ بیت کے گھر کا ہے آفتاب
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    یہ کربلا کی مائیں ہیں توقیرِ انقلاب
    تاریکیوں میں ان سے ہے تنویر انقلاب
    ہاں ان کی بے ردائی ہے تشہیرِ انقلاب
    ہیں خواب ان کی آنکھوں کے تعبیرِ انقلاب
    ان کے عمل سے دیدہ و دل جگمگاتے ہیں
    اب ہاتھ مِل کے سارے دُعا کو اٹھاتے ہیں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    خلاقِ دو جہاں تجھے حسنین کی قسم
    ہیں وقت کے یزید کے نرغے میں آج ہم
    طالب کرم کی بھیک کے اے اکرم الکرم
    اے کاش ڈگمگائیں نہ محشر میں بھی قدم
    چاروں طرف فضا ہے جو اک شورو شین کی
    دنیا کو آج پھر ہے ضرورت حُسین کی
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    اولاد سے جو مائیں ہیں محروم آج تک
    اصغر کے صدقے آنکھوں میں انکی بھی دے چمک
    دیکھیں نجف میں روضۂ مولا کی اک جھلک
    ہو مہرباں زمین تو راضی رہے فَلَک
    بے بال و پر ہیں طاقتِ پرواز دے ہمیں
    اس موت کے سکوت میں آواز دے ہمیں
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    صفدرخدا کو دو علی اصغر کا واسطہ
    جکڑے رسن میں ہاتھ کھُلے سر کا واسطہ
    عباسِ باوفا، علی اکبر کا واسطہ
    جو کربلا میں لُٹ گیا اُس گھر کا واسطہ
    تاحشر ماں کی ممتا کاسایہ بنا رہے
    سر پر یہ شامیانہ فلک کا تنا رہے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    صفدر دو رب کو ماں کی محبت کا واسطہ
    بنتِ نبی کی عفت وعصمت کا واسطہ
    اُن کے کرم کا رحمت و عظمت کا واسطہ
    اصغر سے شیر خوار کی تُربت کا واسطہ
    یہ مرثیہ بھی بنتِ نبی کو قبول ہو
    ہر ماں کی قبر پر تری رحمت نزول ہو
    (صفدر ہمدانی)

  3. بھئی دن منانا تو ان اہل مغرب پر ختم ہے۔۔۔کبھی محبت کا دن، کبھی ماؤں کا دن اور کبھی ابو کا دن۔ ایک بات تو درست ہے کہ ہمارے دین نے ہمیں جو نعمتیں عطا کی ہیں، ان کے فیوضات کے سبب ہمیں اپنے ماں باپ کے دن منانے کی ضرورت تو ہر گز نہیں ہے۔ لیکن یہ مغرب والوں کی مصیبت الگ ہے۔ سال بھر نرسنگ ہوم میں پڑے بے آسرا والدین کو اپنے جنم دن پر اولادیں یاد کرتی ہیں اور نہ کسی اور تہوار پر۔ اس دن کی تاریخ گو جنگ میں مارے گئے جوانوں کی ماؤں کی دلجوئی سے متعلق ہے لیکن بعدازاں وقت نے اسکا رخ بدل دیا۔ اب سب مائیں ہی دلجوئی کی مستحق ہو چکیں کہ انکی اولادیں جوان ہو کر نہ ہونے کے برابر ٹھہرتی ہیں۔ سن ١٩١٤ میں امیریکا بہادر کے صدر وؤد رو ولسن کی اچھا سے اس دن کا سرکاری سطح پر آغاز کیا گیا کہ نیک اور صالح اولادیں آج ملک بھر میں ماؤں کو ایک پھول، کارڈ اور لولی پاپ کا تھیلا پہنچا کر ان کے دل جیت لیں اور حقوق کی ادائیگی بطریق احسن فرما لیں۔ ترقی کا بھلا ہو، کہ اب یہ ایک آدھ گھنٹے کی تکلیف بھی اکثر گھروں سے اٹھ چکی ہے کہ جہاں دس پندرہ ڈالر میں پنکھواڑی و کارڈ مل جاتے ہیں، وہیں ڈاک کا ہرکارہ یہ خدمت چند سکوں کے عوض انجام دے دیتا ہے۔ یوں ماؤں کا دن تحفے تحائف کی رم جھم میں خوشیوں کی برسات میں گزر جاتا ہے۔۔۔۔۔
    انگلستان والوں کا قبلہ نجانے الگ سے کیوں ہو گیا کہ وہ یہ دن اپنے عیسائی کیلنڈر کے حساب سے لینٹ نامی دن کے چوتھے اتوار منانے لگے، حالانکہ چچا سام کے یہاں اس دن کی نسبت مئی میں ہے اور اپنا قبلہ تو ادھر ہی ہے۔ اس لئے ہم آسٹریلیا کے باشندے آج بھی اپنی ماؤں سے بے اعتناء کار حیات میں مصروف ہیں اور انشاء اللہ مئی میں جا کر یہ خوشیاں تقسیم فرمائیں گے۔
    ۔۔۔۔۔لیکن اصل میں دنیا کی ہر تحریک، ہر دن اور ہر کام کے پیچھے ایک مخصوص گروہ کار فرما ہوتا ہے، جسے کارپوریٹ ورلڈ کہا جاتا ہے۔ یہ صاحبان فکر و نظر، ہر ملک و ملت کے قبلہ کا تعین کرتے ہیں کہ چھپائی کے کارخانوں سے لیکر خوشبو کی شیشی اور پھولوں کی نامور دکانیں، سبھی ان کی مِلک ہیں۔ اسی لئے تو صرف ماؤں کا دن ہی نہیں، بلکہ ابوں، عاشقوں، اور بے غیرتوں وغیرہ سبھی طبقہ ہائے حیات کا ایک دن یہاں منایا جاتا ہے۔ بس خوبی یہ ہے کہ یہاں یہ دن لوگوں کو اپنی زندگی میں دیکھنے کو مل جاتا ہے، ورنہ بقول مرحوم ضمیر جعفری ہمارے یہاں پہلے یہ شرط ہے کہ ترا انتقال ہو۔
    ہم زندگی بھر کسی کا دن منانے کے روادار ہیں ہی نہیں۔لیکن ہر مقتول و مرحوم کے ساتھ اتنے مہربان کہ پہلے اسے شہادت کی سند عطا کرتے ہیں۔ پھر کسی سڑک، کسی بازاراور کسی جامعہ کا نام اسکے نام سے منسوب کر دیتے ہیں۔ اکبر اعظم نے اسی روئیے کے خلاف مجبور ہر کر حکم دیا تھا کی جس کا کوئی چالیسواں کرنا چاہے، اسکی زندگی میں کرے تاکہ اسے بھی پتہ چلے کہ آپ اس سے کتنی محبت کرتے ہیں۔ جی تو سب کا ہی چاہا ہوگا کہ خود اکبر کا سوگ اسکی زندگی میں منا لیں، لیکن ظل الٰہی کے سامنے یہ گستاخی کون کرتا۔۔۔۔آنجہانی سے شہید تک سبھی رتبوں پر فائز صدام حسین کو معلوم تھا کہ اس قوم کا کوئی پتہ نہیں کہ بعد از موت کیا کرے، اسی لئے تو تمام عرب راہنماؤں کی طرح اپنے نام کی یادگاریں اپنی زندگی ہی میں بنوا ڈالیں۔ یا اس بات کا اعتراف تھا کہ اپنی قوم کے لئے ہم ایک فرد مردہ سے زیادہ کچھ نہیں۔
    بات کہیں اور نکل گئی، بہر کیف زمانے بھر کی نسیان گزیدہ ماؤں کا آج کا دن مبارک ہو کہ آج ان کے جگر گوشے بذریعہ ڈاک انکو پیغام محبت بھجوا رہے ہیں۔
    بحیثیت قوم ہم تو ماں کی قدر کے اتنے آشنا ہیں کہ مادر ملت کے نام سے ایک ہستی کو سرکاری طور پر مخصوص کر رکھا ہے۔ سب سے پہلا خراج عقیدت صدر ایوب خان مرحوم و مغفور و آنجہانی غیرہ نے پیش کیا تھا۔ مجال ہے ہم میں سے کسی نے ماں جانی کو بھلایا ہو۔ ہاں یہ الگ بات ہے کہ فاتحہ خوانی کی منزل پر ہمیں وہ یاد نہیں رہتیں۔ بطور مسلمان امت محمدیہ (ص) کو امہات المؤمین جیسی با برکت مائیں بھی نصیب ہیں، لیکن یہ الگ بات کہ ہمیں سب کے نام بھی یاد نہ ہوں۔

  4. ہمیشہ کی طرح بہت خوب۔ عزیزم مصباح یہ تبصرہ تو بذات خود ایک مکمل فکری کالم ہے۔ سلامت باشد۔ اسمیں ایک دو نہیں درجنوں سوالات ہیں۔ کاش کوئی غور وفکر کرے؟

  5. السلام علیکم
    مائیں اور یوم مخصوص ، یہ تو یوں ہے جیسے کسی کو کہا جائے کہ وہ دن کے کسی مخصوص وقت مین ہی سانس لے سکتا ہے ، کیا یہ ممکن ہے ؟ اگر نہین تو پھر سچے جزبوں اور خصوصا ماؤں کی محبت کے ساتھ بھی شکر گزاری کا کوئی دن مخصوص نہیں ہو سکتا ، عمر کا ہر ہر پل ماں کی محبتوں کی شکر گزاری کے لیے کم ہے ۔
    مگر ہائے یہ چاکلیٹی محبتیں ، میرے اکثر دوست میری اِس بات پر خفا ہوجاتے ہیں کہ میں اِن مخصوص ایام کو چاکلیٹی محبتوں کے دن کیوں کہتا ہوں ، جناب سید مصباح حسین صاحب کی بات بلکل درست ہے یہ سب محض ملتی نیشنل کمپنیوں کی بازاری چالاکیاں ہیں ۔
    آصف احمد بھٹی

  6. صفدر ھمٰدانی صا حب میں 21 دن کے بعد چھٹی پر گھر گئی تو ابلے ہوے انڈے اور الو کا سا لن پکا ہوا تھا میری بہن سعدیہ نے مجھ سے کہا یہ سالن دیکھ کر کچھ یاد ایا میں نے حیرت سے کہا نہیں تو کہنے لگی جب اج سے 21 دن پہلے اپ لاہور جارہی تھیں تو امی نے یہی سالن پکا رکھا تھا لیکن اپ جلدی میںتھیں اور کھا نہ سکیںلیکن گیٹ سے نکلتے ہو ئے اپ نے امی کو شرارت میں کہا تھا کہ ہاں ہاں اب میں جارہی ہوں تو میرے پیچھے انڈوں والا سالن کھا ئیں گے ۔۔۔۔
    بس کیا تھا اس دن سے امی بے چین تھیں اج اپ کا سنا کہ اپ ا رہی ہیں تو امی نے اج پھر سے وہی سالن پکایا ہے جو پچھلی مرتبہ اپ نہ کھا سکی تھیں
    کاش کہ میں اپنے جذبات کا اظہار کر پاتی۔۔۔۔۔۔۔ ماں کس خوبصورت رشتے کا نام ہے

  7. السلام علیکم
    آج مدر ڈے منا رہے ہیں) ۔ یہ حقیقت ہے کے یہ رشتے کسی دن کسی وقت کے محتاج نہیں ان رشتوں کے لئیے دن کی نہیں احساس کی ضرورت ہے۔اور وہ احساس ہی کیا جو سال کے کسی ایک مخصوص دن کیا جائے ؟
    میرے لئیے تو کم از کم روز ہی مدر ڈے ہے ) پوری دنیا میں لوگ مدر ڈے پر اپنی ماں کو گفٹ دیتے ہیں مگر میں روز سونے سے پہلے انکو گفٹ دیتی ہوں اور وہ گفٹ ہے سورہ فاتحہ ۔
    میری عمر تیرہ سال تھی جب میری والدہ کا انتقال ہوا۔ ماں کی کمی کیا ہوتی ہے یہ میں بہت اچھی طرح جانتی ہوں چاہے میرے والد نے مجھے کبھی انکی کمی محسوس نہیں ہونے دی مگر دنیا کی کوئی بھی چیز یا کوئی بھی دوسرا رشتہ ایسا نہیں ہوتا جو ماں کی کمی کو پورا کر سکے ۔بس میں دل سے یہی دعا کرتی ہوں کے پروردگار ماں اور باپ دونوں کا سایہ انکے بچوں پر صدا قائم رکھے آمین۔
    میری یہاں آپ سب سے ایک گزارش ہے پلیز اگر برا نا مانیں آپ لوگ تو میری والدہ کے لئیے یہاں اگر ایک سورہ فاتحہ پڑھ دیں تو بہت مہربانی ہوگی؟
    آپ سب کی دعاؤں کی محتاج

  8. ماں کے بارے میں آ پ سب کے خیا لا ت پڑ ھ کر ٰانکھ میں آ نسوٰگےخاص طو ر پر صفدرھمدانی صاحب نے جب یھ لکھا ساما ں شتاب کردے…… …بچپن میں دادی ماںسے سنابڑٰے ھوکرامی جان سے. .. سوچتی ھوں، کو ی ایسا میرا دن نھیں گزرتا جب مین نے ماں کو یاد نھ
    کیا ھو. جو کئچھ آ پ سب نے لکھا ،، محسوس ھوا،دنیا کی ساری ماؤں کی عادا ت ایک جیسی ھیں.

  9. ماں تجھےسلام
    آئی لو یو امی جی۔۔
    لو یو ویری مچ
    بس اور کچھ نہیں ۔۔۔

  10. ماریہ علی صاحبہ
    آپ کی والدہ ماجدہ کیلئے سورہ فاتحہ ایصال ثواب کردی اللہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔۔۔
    دیگر احباب بھی لگےہاتھوں فاتحہ پڑھ لیں ، جزاک اللہ

  11. محترم صفدررضا ھمدانی صاحب۔ اسلام علیکم ۔۔ہر ماں کو اسکے ہر بیٹے اور بیٹی کا سلام اور دل کی گہرایئوں سے ایک ھی دعا کہ اللہ پاک ماوں کو عمرخضر عطا فرما۔۔
    ماں کے عنوان سے لکھے محترم صفدر رضا ھمدانی کے مرثیے نےاشکبار کر دیا ۔۔
    پیاری بہن ڈاکٹر نگہت نسیم بہت خوب انتخاب ھے سلامت رھو
    پروردگار ماں کی محبت کی ہے دلیل
    اور ماں ہے خود خلوص کی ایثار کی فصیل
    سینے پہ کائنات کے احساس کی ہے جھیل
    عادل خدا کی ذات تو یہ ماں بھی ہے عدیل
    اس ماں سے بڑھ کے کون ہے بالا بتایئے
    اس ماں سے بڑھ کے چاہنے والا بتایئے
    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    الفت ہے ماں کی الفتِ خالق کی جستجو
    اسکا مزاج صرف محبت کی گفتگو
    انسانیت کی نسل کی ماں قوتِ نمو
    اولاد صرف ماں کی دعا سے ہے سرخرو
    موضوع ملا ہے مادرِ حسنین سے مجھے
    عزت ملی ہے خالقِ کونین سے مجھے

    ڈیئر ماریہ تمھاری والدہ کے لیے مغفرت کی دعایئں اللہ پاک ان کو اپنے جوار خاص ميں جگہ عطا فرماۓ آمیں

    پیاری نادیہ بخاری اللہ پاک تمھاری والدہ کو صحت تندرستی اور عمر خضر عطا فرماۓ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *